" کیا مطلب ہے آپ کا؟" اس نے ناسمجھی سے اس کی جانب دیکھا جو اپنے رف ٹ سے حلی میں اپنی سحر انگیز پرسنالٹی کے ساتھ مضبوط قدموں سے چلتا ہوا اپنے آفس میں داخل ہوا تو پوری بلڈنگ پہ چھائی خاموشی محسوس کر کے اس کا دل چاہا کہ وہ کہیں بھاگ جائے لیکن وہ اپنے اس خیال پہ لعنت بھیجتی دل گردے مضبوط کرتی اس کے پیچھے پیچھے آفس میں داخل ہوئی تو نیم تاریکی نے اس کا استقبال کیا۔
"آپ کے آفس میں لائٹ نہیں ہے؟"نیم تاریکی محسوس کر کے وہ بولی تو اس نے سکون سے پلٹ کے اس کی جانب دیکھا۔
"میں تمہیں اندھیروں میں رہنے کا عادی بنا رہا ہوں۔"سفاک اور بے لچک لہجہ گونجا تو وہ جھرجھری سی لے کے رہ گئی۔
لیکن اس بار بولنے سے بمشکل خود کو باز رکھا کہ اس کے بولنے پہ اس کے جواباً کہے گئے الفاظ اسے فیروز اللغات سے بھی زیادہ مشکل لگتے تھے۔
"کل میرا ڈرائیور تمہارے ہاسٹل گیا تھا۔" اس کی خاموشی محسوس کر کے وہ بائیں دیوار کی جانب پڑے صوفے کی جانب بڑھتا ہوا بولا تو اس نے گردن گھما کے اس شخص کو دیکھا جو قسطوں میں نجانے کیوں بات کرتا تھا۔
"ہاں اسے نجانے کیا دورہ پڑا تھا۔"دل ہی دل میں کہتے ہوئے اس نے بظاہر خاموش رہتے ہوئے اس کی جانب دیکھا کہ اب آگے بولو لیکن وہ بولنے کی بجائے اب سگار کیس سے سگا نکالتے ہوئے اسے سلگانے میں مصروف ہو چکا تھا۔
"سر! اگر باقی سب ورکرز کے آنے میں ٹائم ہے تو میں ناشتہ کر آوں؟" اس کی خاموشی پہ اپنی بھوک سے لڑتے ہوئے وہ بالآخر بول اٹھی تو اس نے سرد کٹیلی نگاہوں سے اس کا بے پرواہ وجود دیکھا۔
" کیا تمہیں اندازہ نہیں ہو پا رہا کہ تم اپنی زندگی کی آخری بے فکر نیند اور آخری من پسند کھانا کل رات کو کھا چکی ہو؟"خشونت بھرا لہجہ اس بار اس کے دل میں خطرے کی گھنٹی بجا گیا۔
" کیا مطلب؟" اس نے اب کے سنجیدگی سے استفسار کیا۔
"مطلب بہت واضح ہے مسز ٹو بی، آج کے بعد میرے کسی حکم کو ٹالنے کی جرات مت کرنا، آج کچھ لمحوں کی نیند قربان کرنی پڑی ہے نیکسٹ ٹائم سزا طویل بھی ہو سکتی ہے۔"سرد لہجے میں کہتے ہوئے وہ اپنی جگہ سے اٹھ کھڑا ہوا تو وہ الجھی۔
"لیکن میں آدھی رات کو آپ کے ڈرائیور کے ساتھ کیسے آ سکتی ہوں جب کمپنی کی ٹائمنگ ساڑھے آٹھ سے چھ تک ہے۔"دکھتی ٹانگوں کے سہارے بمشکل کھڑی وہ اسی انداز میں بولی تو اس نے گہرا کش ہوا میں بکھیرتے ہوئے اس کی جانب دیکھا جو دھوئیں کی وجہ سے ہاتھ بے ساختہ چہرے پہ رکھ گئی۔
" کیا تمہیں واقعی لگتا ہے کہ تمہیں کمپنی کے کام کے لیے کمپنی والوں نے بلایا تھا؟"پراسرار لہجے میں بولتے ہوئے وہ مضبوط قدموں سے چلتا ہوا اس کے بے حد نزدیک آن ٹھہرا تو اس کی سلگتی سانسوں کی تپش چہرے پہ محسوس کرتی وہ بے ساختہ اپنی جگہ سے پیچھے کھسکنے کی کوشش کرنے لگی لیکن اگلے ہی لمحے وہ اپنی سانسیں تک روک گئی۔
اس کی نازک کمر کے گرد اپنا مضبوط بازو حائل کرتے ہوئے اس نے وہ نزدیکی برقرار رکھتے ہوئے اس کی آنکھوں میں جھانکا۔
"میں جسے اپنے اتنے نزدیک آنے کی اجازت دے دیتا ہوں پھر وہ چاہ کے بھی مجھ سے دور نہیں جا سکتا۔"گھمبیر لہجے میں بولتے ہوئے وہ اس کی گردن کی جانب جھکا تو اس نے شدتِ ضبط سے اپنی آنکھیں میچ لیں لیکن وہ اس کی گردن پہ بنا لمس چھوڑے اسے اپنی سانسوں کی حدت سے سلگانے لگا تو اسے کمرے میں آکسیجن کی کمی محسوس ہونے لگی۔
"سس۔۔سر! میں اتنی رات کو ہاسٹل سے نہیں نکل سکتی۔" اس نے اپنے تئیں اپنی صفائی پیش کرنی چاہی لیکن سامنے والے کی نظر میں اس کی کوئی اہمیت نہ تھی۔
"یہ بہانہ تم جانتی ہو کہ کارگر نہیں ہے لیکن خیر اس بحث کو یہیں ختم کرتے ہیں، ابھی جس کام کے لیے بلایا ہے وہ کرتے ہیں۔" اس کے الفاظ پہ اس کے سامنے زمین و آسمان گھومنے لگے کہ آیا کہ ایسا کون سا کام تھا جس کے لیے اسے یوں تن تنہا بلایا گیا تھا۔
" کیسا کام؟" اس نے چہرہ قدرے فاصلے پہ کرتے ہوئے استفسار کیا کہ اس کے بنا چھوئے ہی اسے اپنی گردن اس کے لمس سے سلگتی محسوس ہو رہی تھی کہ وہ ہنوز اس کی گردن پہ جھکا اس کی دھڑکنوں میں تلاطم برپا کیے ہوئے تھا۔
"برائیڈل ڈریس نہیں خریدنا؟" اس کے پرسکون انداز پہ کل کا سارا دن اس کی آنکھوں کے سامنے لہرایا تو اسے ایک دفعہ پھر سے اپنی جذباتیت یاد آئی جس کا ازالہ ایک بار پھر سے کرنے کی اس نے ٹھانی تو بے ساختہ بول اٹھی۔
"سر! میں وہ شادی نہیں کر سکتی کہ میں نے کل فقط آپ کی فیانسے سے بد۔۔۔۔آہ ہ ہ۔۔"! وہ چہرے ہلکا سا پرے کیے بمشکل بول رہی تھی جب کمر کے گرد اس کی چٹانی گرفت مزید سخت ہونے کی وجہ سے مارے تکلیف کے وہ کراہ اٹھی لیکن وہ بنا احساس کیے اسے ایک جھٹکے سے تمام فاصلے مٹاتا اپنے بے حد قریب کر چکا تھا۔
"میرے خیال میں ہمیں شاپنگ کے لیے نکلنا چاہیے۔" اس کی نم آنکھوں میں اپنی سپاٹ آنکھیں گاڑھتے ہوئے اس نے تنبیہی انداز میں اسے بہت کچھ باور کرواتے ہوئے اس کا بازو اپنے ہاتھ میں تھامتے ہوئے باہر کی جانب بڑھا تو ژالے کا دل چاہا کہ وہ ہر ایگریمنٹ کو بھاڑ میں جھونکتے ہوئے یہاں سے بھاگ نکلے لیکن وہ ایسا صرف سوچ ہی سکتی تھی کیونکہ اسے بہت سارے پیسوں کی ضرورت تھی، اتنے پیسے کہ وہ پوری دنیا کو اپنی آنکھوں سے دیکھنا چاہتی تھی۔
اور اس کی یہی خواہش اسے ایک ایسی گہری کھائی میں گرانے والی تھی جہاں اسے اٹھانے والا بھی کوئی نہ تھا۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
"فرہاد! یہ اتنی گاڑیاں کیوں کھڑی ہیں گھر کے باہر؟"گاڑی جیسے ہی"عالم مینشن" کی پتھریلی روش پہ آئی تو سامنے نظر آتی سیاہ گاڑیوں کی قطار کو دیکھ کے اس نے گاڑی ڈرائیو کرتے فرہاد سے استفسار کیا جس کا جواب دینے کی بجائے اس نے لاعلمی سے سر ہلا دیا تو وہ بغور گاڑیوں کو دیکھتی ایک دم سے اچھلی۔
"شیر لالہ آئے ہیں کیا؟" اس نے فرطِ جذبات سے مغلوب ہوتے ہوئے فرہاد کو کندھا ہلاتے ہوئے پوچھا تو وہ بیچارہ بوکھلا گیا۔
"میڈم! مجھے اس بارے میں کوئی اطلاع نہیں ہے، ہم گھر پہنچ چکے ہیں آپ اندر جا کے دیکھ لیں۔"
اس نے گاڑی وسیع و عریض پورچ میں کھڑی کرتے ہوئے مودب انداز میں جواب دیا تو وہ اپنی گاڑی کے سامنے دکھائی دیتی سیاہ مرسڈیز کو محبت و جوش سے دیکھتی سرخوشی سے بنا فرہاد کے باہر نکلنے کا انتظار کیا گاڑی سے باہر نکل کے اندر کی جانب بھاگ کھڑی ہوئی جبکہ فرہاد گہری سانس بھرتا اس کی چیزیں اٹھا کے اس کے تعاقب میں مینشن کے اندرونی حصے کی جانب بڑھا۔
"لالہ"! اندر داخل ہوتے ہی اس کے کانوں میں اس کی سریلی آواز پڑی جو تیزی سے صوفے پہ بیٹھے"شیرو" کی جانب بڑھی جو وائٹ کلر کی شرٹ کے بازو کہنیوں تک موڑے سیاہ پینٹ اور سیاہ ویسٹ کوٹ میں ملبوس بہت خوبصورت لگ رہا تھا۔
" کیسی ہے میری گڑیا؟"محبت سے اس کی پیشانی چومتے ہوئے اس نے اسے اپنے ساتھ بٹھایا تو وہ اس کے کندھے سے سر ٹکاتی اسے اپنی روٹین بتانے لگی۔
"کالج میں کوئی کسی قسم کا مسئلہ تو نہیں؟" اس نے اپنے مخصوص لہجے میں استفسار کیا تو اس کے کندھے سے لگی زرشالے کو نجانے کیوں ایک شخص بے ساختہ یاد آیا لیکن اگلے ہی لمحے اس کی یاد کو شدت سے جھٹلاتی وہ کھل کے مسکرائی۔
"نہیں لالہ"! اس نے مختصرا جواب دیا۔
"لالہ! ایک بات پوچھوں؟"پاس آکے بیٹھی ماں کو ایک نظر دیکھ کے اس نے بھائی کی جانب دیکھا۔
"ضرور پوچھیں۔" اس نے محبت سے کہا۔
"لالہ آپ ڈاکٹر ہیں لیکن آپ کا پروٹوکول ہرگز ڈاکٹرز والا نہیں ہے اس کی کیا وجہ ہے؟" اس نے اپنے دل و دماغ میں پنپتا ہوا سوال بالآخر اس سے پوچھ ڈالا تو اس کے خوبرو چہرے کا رنگ لحظہ بھر کو تغیر کا شکار ہوا لیکن فوری طور پہ سنبھلتے ہوئے اس نے اس نے اس کے بال کان کے پیچھے اڑسے۔
"اپنا پروٹوکول انسان خود بناتا ہے بیٹا، تب تک کوئی آپ کی عزت نہیں کرے گا جب تک آپ خود اپنی عزت نہیں کریں گے، کوئی آپ کو اہمیت نہیں دے گا جب تک آپ خود کے لیے اہم نہیں ہوں گے، تو بس میرے پروٹوکول کے پیچھے بھی یہی وجوہات ہیں۔"بنا سچ بولے اور جھوٹ کی ملاوٹ کیے بغیر اس نے بہن کو جواب دیا تو وہ اس کی بات سن کے سر اثبات میں ہلانے لگی۔
"ماما! کھانا لگوا دیں، پھر مجھے نکلنا ہے۔" اس کے نکلنے کا سن کے دونوں کے چہرے بجھ سے گئے لیکن ان کی ہر ایک بات جو حرف آخر ماننے والا ان کا لاڈلہ صرف اس معاملے میں ان کی ایک نہیں سنتا تھا تبھی وہ اپنا دل مسوس کے رہ گئیں۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
"سر! مے آئی ہیلپ یو؟"مال میں داخل ہوتے ہی وہ اسے لیے سیدھا برائیڈل ڈریسز والی شاپ میں لے کے داخل ہوا تو وہ صبح ہی صبح اس مال کے کھلے ہونے پہ لعنت بھیجتی چار و ناچار اس کے ساتھ گھسیٹتی چلی جا رہی تھی۔
"جو ڈریس آرڈر کیا تھا وہ چیک کروائیں۔"اکھڑ انداز میں اپنا کارڈ کاونٹر پہ رکھتے ہوئے اس نے کہا تو سیلز گرل اس کا نام پڑھتے ہی الرٹ ہوئی اور جلدی ایک جانب بڑھی اور ریک میں پڑا ہوا بڑا سا ڈبہ اٹھا کے کاونٹر پہ رکھا تو نا چاہتے ہوئے بھی ژالے متجسس ہوئی کہ آخر کیسا ڈریس آرڈر کیا گیا تھا۔
لیکن سیلز گرل نے جیسا ہی ڈبہ کھولا مارے حیرت و صدمے کے اس کا منہ کھلا کا کھلا رہ گیا۔
"ی۔۔یہ ڈریس لینے آئے ہیں ہم شادی کے لیے؟"
گہرے سرمئی رنگ کے دیدہ زیب میکسی نما لہنگے کو دیکھ کے اس کو گہرا صدمہ لگا کہ وہ تو شوخ رنگوں سے پیار کرنے والی لڑکی تھی اور کہاں پسند تھے ایسے گہرے رنگ اور پھر اپنی شادی کے لیے۔
" کیوں کیا ہوا؟"خوبصورت و نفیس ڈوپٹہ اٹھا کے اس کے سر پہ سجاتے ہوئے اس نے لاپرواہی سے استفسار کیا تو سیلز گرل کے سامنے اس کی اس حرکت پہ وہ بے ساختہ گڑبڑائی لیکن پرے ہٹنے کی کوشش نہ کی کہ وہ اس حرکت کے بعد اس کی کسی بے باک گستاخی کی متحمل نہ تھی۔
"میں ایسے رنگ نہیں پہنتی۔"شیشے میں نظر آتے اپنے جگمگاتے عکس سے نظریں چرائے وہ سنجیدگی سے بولی تو اس کی آنکھیں میں سرد سا تاثر چھلکا۔
"اب سے پہنا کرو گی کیونکہ مجھے پسند ہیں اور میری پسند آج سے تمہارے لیے اہم ہونی چاہیے۔"
سنجیدگی سے کہتے ہوئے اس نے سیلز گرل کو ڈریس پیک کرنے کا اشارہ کیا تو وہ اسے دیکھ کے رہ گئی کہ اگر اپنی ہی مرضی کرنی تھی تو اسے کیوں صبح ہی صبح بلایا تھا۔
"میم ڈریس کے ساتھ جو اسیسریز آپ کو چاہیے بتا دیں۔"ڈریس پیک کرنے کے بعد سیلز گرل پروفیشنل انداز میں گویا ہوئی تو وہ اس مہربانی پہ بھڑک اٹھی۔
"وہ بھی آپ ان سر کی پسند سے ہی پیک کر دیں۔"
اس کے جواب پہ سیلز گرل کا چہرہ ایک دم سے امڈ آنے والی مسکان کو ضبط کرنے کی کوشش میں سرخ پڑنے لگا جبکہ مسکراتی نگاہیں ان دونوں پہ مرکوز تھیں۔
"مجھے پسند کرنے میں کوئی دقت نہیں ہے لیکن یوں اگر نکاح سے قبل میں نے تم سے تمہارے فگر ب کے متعلق سوالات کیے تو تم آکورڈ فیل کرو گی۔"عقب سے آتی گھمبیر سرگوشی کی آواز اور بائیں کان پہ سلگتا ہوا لمس محسوس کر کے وہ کرنٹ کھا کے پلٹی لیکن جیسے ہی اس کے الفاظ سمجھ میں آئے وہ واپس رخ موڑتی اپنی پاگل دھڑکنوں کو سنبھالنے کی کوشش کرنے لگی جبکہ اس کی اس قدر بے باکی پہ اس کا رنگ سرخ قندھاری انار کی مانند ہو گیا جبکہ ہتھیلیاں ایک دم سے پسینے میں بھیگنے لگی، اسے اس لمحے شدت سے منتشا اور مسز جوزف کی کمی محسوس ہوئی کہ زندگی کے اس اہم موقع پہ اس کے دونوں ہی عزیز رشتے اس کے ساتھ موجود نہ تھے لیکن ہمیشہ کی طرح اپنے احساسات اپنے دل میں دفن کرتی وہ خود کو سنبھالنے لگی۔
"آپ۔۔آپ اس کے ساتھ میچنگ جوتا دکھا دیں۔"
اس آکورڈ سی سچویشن سے نکلنے کے لیے اسے کچھ اور نہ سوجھا تو وہ جلدی سے بول اٹھی جبکہ اس کی حالت دیکھتے ہوئے وہ سیلز گرل کو اشارہ کرتا نجانے کیا سوچ کے سائیڈ پہ ہو گیا کہ وہ اسے اپنے نکاح پہ مکمل اپنے رنگ میں دیکھنا چاہتا تھا۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۔
آنکھیں موندے وہ اپنی بیڈ پہ لیٹی پاوں جھلاتی ہوئی دو دن قبل ہوئے واقعہ کو ہی یاد کیے جا رہی تھی جس نے تب سے اس کی نیندیں اڑا رکھی تھیں۔
"کون تھا وہ شخص اور ایسی الجھی ہوئی باتیں کیونکر کر رہا تھا؟" اس نقاب پوش کی سرد آنکھوں کو یاد کرتی وہ دل ہی دل میں بڑبڑائی تو اس نقاب پوش کی آنکھوں کے ساتھ اس کی نگاہوں کے پردے میں دو آنکھیں مزید لہرائیں تو اس نے تڑپ کے اپنی آنکھیں کھولیں۔
"ایسا کیسے ہو سکتا ہے؟"وہ بے چینی سے بڑبڑائی اور پھر کسی خیال کے تحت وہ ایک جھٹکے سے اٹھی اور لپک کے اپنی وارڈروب کی جانب بڑھی اور پھر کچھ ہی لمحوں بعد وہ ہاتھوں میں تصویروں کا ایک پلندہ اٹھائے واپس بیڈ کی جانب بڑھی۔
ان تصویروں کو ہاتھ سے ادھر ادھر کرتے ہوئے اس کی نگاہ اپنی مطلوبہ تصویر پہ رکی تو دھڑکنیں اس پل گویا تھم سی گئیں جبکہ آنکھیں بہت عرصے بعد 'اسے 'دیکھ کے نم ہو گئیں۔
لرزتے ہاتھوں کے ساتھ تصویر کو تھامتے ہوئے اس نے اسے اپنے سامنے کیا تو ایک آنسو پلکوں کی جھالر سے نکلتا اس تصویر پہ جا کے گرا تو اس کے آنسووں میں مزید تیزی آنے لگی اور تصویر آنسووں سے بھیگنے لگی۔
"میں جانتی ہوں کہ اب کبھی جو میں آپ کے سامنے آئی تو آپ میرا چہرہ بھی دیکھنا پسند نہیں کریں گے لیکن میں پھر بھی چاہتی ہوں کہ ایک بار، صرف ایک بار آپ مجھے مل جائیں۔"دلگیر لہجے میں بولتے ہوئے اس نے اپنے کپکپاتے ہوئے لب اس تصویر میں دکھائے دیتے اپنے عکس کے ساتھ کھڑے اس خوبصورت مرد کے چہرے پہ رکھے۔
اسی لمحے ایک عجیب سے کھٹکے کی آواز پہ اس نے گردن گھمائی تو سانس گویا سینے میں ہی اٹک کے رہ گئی۔
"آ۔۔۔آپ؟" اس کی ساکت نگاہیں اس نقاب پوش کے چہرے پہ ٹکی ہوئی تھیں جسے کچھ لمحے قبل وہ یاد کر رہی تھی اور اسی کی یاد اسے ماضی کی عمیق گہرائیوں میں لے گئی تھی۔
"اتنی حیران کیوں ہو رہی ہیں آپ؟ کیا مریضوں کو صرف ایک ہی دفعہ چیک کرتی ہیں آپ؟"نگاہیں اس کے ہاتھ میں تھامی ہوئی تصویر پہ گاڑھے وہ سکون سے بولتا ہوا اس کی جانب بڑھا تو وہ ہوش میں آئی۔
"اپنے بڑھتے قدم وہیں روک لیں کیونکہ آپ نہیں جانتے کہ آپ کس کے گھر میں گھس نے ایسی دیدہ دلیری کا مظاہرہ کر رہے ہیں۔"سخت لہجے میں بولتی وہ ہاتھ میں پکڑی تصویر کا رخ بدل گئی۔
"اب تو یہ دیدہ دلیری کر چکا ہوں اس لیے اب آپ ٹائم ضائع کیے بغیر میری پٹی بدل دیں۔"
لاپرواہی سے کہتے ہوئے وہ اس کے بیڈ سے کچھ قدموں کی دوری پہ پہنچ چکا تھا جبکہ وہ اپنے ساونڈ پروف کمرے کی بدولت کسی کو پکارنے والے خیال پہ لعنت بھیجتی اس صورتحال سے خود نپٹنے کے لیے اپنے حواس یکجا کیے اپنے خوف کو چھپانے کی کوشش کر رہی تھی کہ پچھلی دفعہ اس شخص نے اسے کوئی نقصان نہیں پہنچایا تھا اور یہی خیال اس کے ڈر کو کم کیے ہوئے تھے۔
اسے یہ بھی خیال تقویت دے رہا تھا کہ اس کے
کمرے سے نکلتے ہی اس کی ایک پکار پہ اسے پکڑ لیا جائے گا اور آئندہ وہ اس آفت سے بچی رہے گی۔
"پٹی بدلوانے کے لیے کل ہاسپٹل تشریف۔۔۔۔"
وہ اسی انداز میں بول رہی تھی جب وہ یل کل بیڈ کے نزدیک آتا اس کی جانب جھکا تو اس کا چہرہ مارے خوف کے سپید پڑنے لگا لیکن وہ اس کی جانب متوجہ ہوئے بغیر اس کے سائیڈ پہ پڑی تصویروں کے ڈھیر پر سے وہی تصویر اٹھا گیا جسے کچھ لمحے قبل وہ تھامے ہوئے تھی۔
"یہ کیا طریقہ ہے؟"وہ تصویر لینے کو اس کی جانب جھپٹی لیکن وہ دو قدم پیچھے ہوتا اس کی کوشش ناکام بناتا تصویر کو بغور دیکھنے لگا۔
"بوائے فرینڈ پیارا ہے آپ کا۔" اس کو اپنے بازو کے حصار میں لیے شخص کو دیکھتے ہوئے اس نے عجیب میں لہجے میں کہا تو اس کے الفاظ پہ اسے کمرے کی دیواریں خود کے گرد تنگ ہوتی محسوس ہونے لگیں جبکہ وجود گویا دہکتے انگاروں پہ لوٹنے لگا۔
"بوائے فرینڈ نہیں شوہر ہے میرا۔"بلند آواز میں غراتے ہوئے اس نے لپک کے اس کے ہاتھ سے تصویر چھینی اور قدم دروازے کی جانب بڑھائے۔
جبکہ دوسری جانب اس شخص پہ اس کے انکشاف کا کسی طور پہ اثر نہ ہوا بلکہ وہ یونہی پرسکون انداز میں کھڑا اسے دروازے کی جانب بڑھتا ہوا دیکھ رہا تھا۔
"جان کر اچھا لگا کہ یہ شخص تمہارا شوہر ہے لیکن اس سے زیادہ یہ جان کر اچھا لگا کہ یہ مر چکا ہے۔"
اس کی پرسکون آواز پہ وہ کرنٹ کھا کے پلٹی اور پھٹی پھٹی نگاہوں سے اس کا چہرہ دیکھتے ہوئے اس کی بات سمجھنے کی کوشش کرنے لگی اور جیسے ہی بات اس کی سمجھ میں آئی وہ انجام کی پرواہ کیے بغیر بجلی کی سی تیزی سے اس کی جانب لپکی اور اپنی پوری قوت کے ساتھ اپنا دایاں ہاتھ اس کے گال پہ چھاپ دیا۔
"چٹاخ" اس کے کانپتے ہاتھ میں نجانے اتنی طاقت کہاں سے آئی تھی کہ تھپڑ چہرے پہ پڑتے ہی اس کا چہرہ ہلکا سا دوسری جانب مڑا لیکن اس نے وہیں بس نہ کیا بلکہ بسبی شیرنی کی مانند وہ اس کا گریبان دونوں ہاتھوں میں جھکڑتی چلائی۔
" کیا بکواس کی ہے ابھی تم نے؟ تم اس کے متعلق ایسی بات سوچ بھی کیسے سکتے ہو؟"بنا کسی خوف و خطر کے اس کا گریبان جھنجھوڑتی ہوئی وہ حلق کے بل غرائی تو نجانے کیوں اس شخص کی آنکھوں کا سرد تاثر مزید گہرا ہوا۔
"آج کے بعد میرے گریبان تک آپ کے ہاتھ پہنچے تو میں یہ بھولنے میں ایک منٹ نہیں لگاوں گا کہ آپ ایک عورت ہیں۔"سرد لہجے میں اسے تنبیہہ کرتے ہوئے اس نے ایک جھٹکے سے اس کے ہاتھوں سے اپنا گریبان چھڑوایا۔
مگر دوسری جانب اس کی ایک نظر سے خوفزدہ ہو جانے والی وہ اس کی اس سنگین دھمکی کے باوجود بھی اپنی جگہ سے نہ ہلی کہ اب کی بار تو وار سیدھا دل پہ لگا تھا۔
"اور اگر آج کے بعد تم نے یوں میرے گھر یا میرے ہاسپٹل میں گھس کے میرے کسی بھی ذاتی معاملے میں کوئی بھی فضول گوئی کی تو میں اپنے ہر فرض کو فراموش کرتی تمہارا حشر بگاڑ دوں گی۔"
سرخ آنکھوں میں گہری کاٹ لیے وہ مضبوط لہجے میں بولی تو وہ ایک دم سے کھل کے مسکرا دیا۔
"امپریسو! مجھے لگتا تھا کہ ڈاکٹرز بہت نرم دل ہوتے ہیں لیکن مجھے اندازہ نہیں تھا کہ آپ جیسی ڈاکٹر کی نرم دلی ایک شخص کی ذات سے مشروط ہے۔" اس کے لہجے میں چھپے طنز نے اس پہ جیسے ٹھنڈا پانی انڈیلا ہو، وہ ایک دم جیسے ہوش میں آئی۔