"مجھے معاف کر دو، میں نے تمہارے ساتھ بہت غلط برتاو کیا ہے۔ پلیز مجھے میری غلطی کی معافی دے دو۔" اس کی اس گریہ و زاری پہ اس نے بوکھلاتے ہوئے سب کی جانب دیکھا لیکن وہ سب خاموشی سے کھڑے ان دونوں کو ہی دیکھ رہے تھے افگن سمیت جبکہ دوسری جانب عنبرہ کا رونا بڑھتا جا رہا تھا جو جانے کیوں اسے برا لگ رہا تھا۔
"دیکھو میں تمہاری نہیں میری بھی غلطی ہے۔ پہلے میں نے تمہارے فیانسے سے تمہیں ٹیز کرنے کو نکاح کر لیا تھا اب تم نے ان سے شادی کر لی حساب برابر۔"وہ سب جو خاموشی سے ان دونوں کو دیکھ رہے تھے ژالے کی صاف گوئی کے اس مظاہرے پہ جیسے جھٹکا کھا کے رہ گئے اور تو اور عنبرہ بھی رونا بھول کے اسے دیکھنے لگی۔
"اور جہاں تک بات ہے تمہاری غیر اخلاقی باتوں کی تو وہ میں تمہارے شوہر کا اپنی سرجری پہ خرچہ کروا کے یہ بھی حساب برابر کر گئی۔"اب کی بار کی گئی اس کی لافشانی پہ زرشالے نے بے اختیار اپنے ماتھے کو' اففف 'کے سے انداز میں چھوا۔
"واٹ ربش! یہ کیا فضول گوئی ہے؟" اس کی اس قدر فضول بکواس پہ افگن ضبط نہ کر سکا تو سرد لہجے میں فورا اسے ناگواری سے ٹوکا جبکہ اس کی سرد آواز پہ ژالے کا دل مزید برا ہوا۔
"آپ کو اپنی مسز کا یوں میرے قدموں میں بیٹھنا اس قدر برا لگ رہا ہے تو آپ انہیں منع کریں نا۔"
اسے یہی لگا کہ وہ شاید عنبرہ کو یوں رونا برداشت نہیں کر پا رہا تھا اس لیے شاکی لہجے میں کہتی وہ ہولے سے خود ہی وہیل چیئر گھسیٹتی وہاں سے ہٹنے لگی جب حماد، صائم اور ارحم کی ہنسی افگن، بدر اور عنبرہ کے چہروں کو دیکھ کے بے قابو ہو گئی۔
"ویسے ہمیں اس بات کی زیادہ خوشی ہے کہ دی گریٹ شیرافگن عالم کے سامنے بھی بولنے والا میرا مطلب والی میدان میں آ چکی ہیں۔"حماد نے محظوظ کن انداز میں کہا تو سب کے ہونٹوں پہ دبی دبی مسکان اور ان تینوں کے حیرت زدہ چہرے دیکھ کے وہ گڑبڑائی۔
"کچھ غلط کہہ دیا کیا؟ اب سر اس عنبرہ کے سامنے کوئی سزا نہ دے دیں۔" اس نے دل ہی دل میں سوچا جب وہ اجنبی فرد جو اس نے آج ہی دیکھا تھا وہ آگے بڑھا اور عنبرہ کو کندھوں سے تھام کے اپنے پہلو میں کھڑا کیا۔
"میں بدر کامران ہوں عنبرہ کا شوہر اور میں آپ سے اپنی بیوی کی طرف سے معافی مانگتا ہوں کہ انہوں نے اپنی اخلاق سوز باتوں سے آپ کی ذات کی تحقیر کی ہے اور مجھے امید ہے کہ آپ اس کی اس غلطی کو معاف کر دیں گی۔"بہت شائستہ انداز میں کہتا ہوا بدر ژالے کو ششدر کر گیا۔
"اگر آپ عنبرہ کے شوہر ہیں تو یہ ان کی شادی کس سے ہوئی تھی؟"حیران پریشان ژالے نے افگن کی جانب اشارہ کیا تو افگن کے ضبط کا پارہ چھوٹ گیا۔
"تم کچھ دیر چپ ہو جاو کیونکہ تم خاموش مجھے زیادہ اچھی لگ سکتی ہو۔"سنجیدگی سے کہتا ہوا وہ اس کی وہیل چیئر گھسیٹتا آگے بڑھا اور اس ڈرامائی سی سچویشن کو تار تار کرنے میں مکمل کامیاب ہو گیا۔
"ویسے آپ اس دنیا کی واحد بیوی ہوں گی جو اپنے
شوہر کی زبردستی دوسری بیوی پیدا کرنے پہ ُت ہوئی ہیں۔"ارحم نے اسے دیکھتے ہوئے شرارت سے کہا
تو ژالے جو اب عنبرہ اور زرشالے کے بیچ و بیچ بیٹھی عنبرہ کی سنسنا خیز شادی کی خبر سن رہی تھی اس کی شرارت پہ جھینپ سی گئی۔
لیکن اس کے چہرے کی کھلی کھلی رنگت اور سکون بتا رہا تھا کہ اسے اس بات کو جان کے بہت سکون ملا تھا کہ افگن عالم پہ صرف اور صرف اسی کا حق ہے۔
"حالانکہ اس سے بہت بہتر یہ نہیں ہے کہ آپ اپنے لیے دیورانی تلاش کریں۔"حماد نے ٹکڑا لگایا تو ژالے نے فورا اس کی بات پکڑی۔
"جس دن آپ کو اپنا تعارف اچھے سے کروانا آ گیا اس دن یہ تلاش شروع کر دوں گی۔" اس کی جوابی برجستگی پہ محفل زعفران ہو گئی۔
اور پھر جب سب نے ویڈنگ کیک لاتے ہوئے اسے بتایا کہ آج اس کی آفیشل رخصتی ہے تو اسے
یاد آیا کہ منتشا اور مسز جوزف نے کیسے روتے ہوئے اسے ہاسپٹل سے بھیجا تھا اور اس کے کہنے پہ بھی اس کے ساتھ مینشن نہیں آئیں۔
جب زرشالے اور بالاج محتاط سے انداز میں کیک لاتے دکھائی دیے تو ژالے کا دل نجانے کیوں تیز دھڑکنے لگا۔
وہ اس لمحے پہلی دفعہ نوخیز لڑکیوں کی طرح ان لمحوں کی خوبصورتی محسوس کر رہی تھی اگرچہ شیرافگن نے اسے محبت و چاہت یا اعتبار کے کوئی خوشنما جگنو اس کے ہاتھ میں نہیں تھمائے تھے لیکن اس کے گھر والوں کا ساتھ ان کی محبت، شیرافگن کی موجودگی اور خود پہ لٹکتا لمحہ لمحہ مرنے کا خوف ختم ہونے کا احساس یہ سب اسے جیسے ہواوں میں اڑا رہے تھے۔
وہ جانتی تھی زندگی اور موت اللّٰہ کے ہات میں ہے اور وہ بنا کسی بیماری کے لمحے میں بھی جان لے سکتا ہے لیکن تکلیف دہ احساس کے ساتھ لمحہ لمحہ موت کا خوف اسے زیادہ کرب سے گھائل کرتا تھا۔
"آ جائیں شیر بیٹے کیک حلال کریں۔"مصطفی انکل شگفتگی سے بولے اور اسے صوفے پہ بیٹھی ژالے کے پہلو میں آنے کا اشارہ کیا تو وہ جذبے سی ہو گئی کیونکہ یوں پرشوق نگاہوں کا مرکز بننا اسے فطری حجاب میں مبتلا کر رہا تھا۔
اس کے سرخ مگر قدرے کمزور چہرے پہ نظر ڈالتا وہ آگے بڑھا اور اس کے ساتھ صوفے پہ بیٹھا تو اس نے دیکھا کہ وہ فورا سمٹتی ہوئی پرے کھسکی تھی۔
اس کی اس حرکت پہ لب ے ہوئے اس نے چھڑی پکڑے بہت نامحسوس انداز میں اس کے ہاتھ کو تھام کے اپنی طرف کھینچا اور کیک پہ چھری رکھی۔
"آج تم سے سارے حساب کتاب کلیئر کرنے کی رات ہے اور آج تم یہ بھی جاننے والی ہوں کہ میں تمہاری ذات پہ جشن کیسے منا سکتا ہوں۔" کیک کاٹتے ہوئے وہ گہرے لہجے میں ذومعنویت سموئے بے باکی سے بولتا اس کے چھکے چھڑا گیا۔
اس نے فورا لرزتے ہوئے اس کے ہاتھ تلے سے ہاتھ کھینچنا چاہا لیکن وہ بہت اطمینان سے کیک کو 'حلال 'کرتا ایک پیس حدیقہ بیگم کی جانب بڑھا گیا۔
"یہ فاول ہے لالہ، بھابھی کو کھلائیں کیک۔"
زرشالے نے فورا دہائی دی تو وہ اس کی جانب متوجہ ہوا۔
"آپ بھابھی پہ فوکس کرنے کی بجائے اپنے ساتھ کھڑے اس پیس کو دیکھ لیں جو لالچی نگاہوں سے اس کیک کے ساتھ ساتھ آپ کو گھورنے کی کوشش کرتا مجھے غصہ دلانے کی کوشش کر رہا ہے۔" اس نے بہت چالاکی کے ساتھ ژالے کو کیک کھلانے والی بات گول مول کرتے ہوئے بالاج کو نشانہ بنایا تو سب کے حلق پھاڑ قہقہوں اور اس کی لافشانی پہ بالاج دانت کچکچا کے رہ گیا۔
"میں ہمیشہ کی طرح اب بھی یہی کہوں گا کہ موت آ جائے لیکن تم جیسے وائٹ کالر غنڈے کی بہن پہ دل نہ آئے۔" اس کے دانت کچکچا کے کہنے پہ سب ایک دفعہ پھر سے کھل کے ہنس دیے۔
اپنی کوشش میں کامیابی حاصل کرتا وہ موقع دیکھ کے اس کی جانب جھکا۔
" کیک میں رات کو کھاوں گا بھی اور زرشالے کی بھابھی کو بھی کھلاوں گا۔" اس کے لہجے کا بھاری پن اور خمار یل تٹ سی ژالے کی بھی دھڑکنیں بڑھا گیا تھا۔
اور آنے والے لمحوں کو سوچتی وہ اپنے ہاتھ پیروں میں سنسناہٹ سی محسوس کرنے لگی۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
"بھابھی! اپنے کمرے میں کس کے ساتھ جائیں گی؟"
کھانا کھانے کے بعد اچھی خاصی گپ شپ لگانے کے بعد جب مصطفی انکل اور ثمینہ بیگم صائم اور ارحم کے ساتھ جانے لگے تو حماد نے بڑی سنجیدگی سے ژالے کو مخاطب کیا تو وہ گڑبڑائی۔
"ماما کے ساتھ۔"وہ تیزی سے بولی تو اس کے جواب پہ جس طرح سب ہنس پڑے وہ جذبے سی ہو گئی۔
"اپنے شوہر کی شکل دیکھیں جو آپ کے جواب پہ اتر گیا ہے۔"صائم نے اپنی جگہ چھوڑتے ہوئے ٹکڑا لگایا تو افگن نے ایک زبردست گھوری سے اسے نوازا۔
"محتاط رہو بچے، ورنہ واپس مانچسٹر ٹرانسفر کروا دوں گا تینوں کو۔" اس نے ایک ساتھ تینوں کے غبارے سے ہوا نکالی تو تینوں کے چہرے بن گئے۔
ژالے کی کنڈیشن کی وجہ سے شیرافگن اور اس کے لیے نچلے پورشن پہ ہی ایک لگژری روم ڈیکور کروا
دیا تھا اس لیے زرشالے اور عنبرہ اسے روم میں چھوڑنے آئیں تو کمرے میں جگہ جگہ پڑے فریش پھولوں کے بکے اس کے حواس معطل کرنے لگے اس پہ مستزاد جب عنبرہ اور زرشالے کمرے سے نکل گئیں تو اسے اپنی ساری بیوقوفیاں یاد آنے لگیں تو پریشانی مزید بڑھنے لگی۔
وہ اپنی ہی سوچوں میں مگن بیٹھی اپنی کلائی میں موجود طلائی کنگن کو ہلا رہی تھی جو اسے حدیقہ بیگم نے پہنایا تھا جب شیرافگن اس کے نزدیک بیڈ پہ آ کے بیٹھا تو وہ جیسے گہرے خواب سے چونکی تھی۔
"آپ؟" اس نے حیرت سے اسے دیکھا تو افگن نے توجہ سے اسے دیکھا جو ٹانگیں آگے پھیلائے ان پہ فڑبٹر اوڑھے بیڈ کراون کے ساتھ تکیہ لگائے بیٹھے ہوئے تھی۔
" کیوں ابھی بھی یہی گمان تھا کہ کسی اور گمنام بیوی کے پاس پہنچ گیا ہوں؟" اس کے طنزیہ انداز پہ ژالے کے دل کو کچھ ہوا۔
"یہ سب آپ کی وجہ سے ہی ہوا تھا اس لیے آپ سارا الزام مجھ پہ نہیں دھر سکتے۔" اس نے اپنے مخصوص انداز میں بات پٹخ سے اس کے منہ پہ ماری تو اس کے چہرے کی گھمبیرتا بڑھنے لگی۔
"اب وہ وجہ بھی بتا دو۔" اس کے اطمینان پہ اس کے دل میں دھواں سا بھرنے لگا جبکہ آنکھوں میں جیسے مرچیاں سی چبھنے لگیں۔
" کیا آپ نے ہی عنبرہ کے ساتھ اپنی شادی کی ڈیٹ فکس نہیں کی تھی اور پھر وہ طل۔۔طلاق کے پیپرز، مجھے لگا کہ آ۔۔۔۔۔۔۔۔" اس لمحے کی اذیت یاد کرتے کرتے اس کی ہچکیاں بندھنے لگیں تو افگن نے بڑھ کے اس کے آنسو اپنی پوروں میں چنے۔
"میں یہ بات تسلیم کرتا ہوں کہ میں غلط تھا لیکن میں نارمل نہیں ہوں ژالے، میں نے ایک ابنارمل ماحول میں پرورش پائی ہے اور پھر ماما کے ساتھ ہونے والے حادثے کی وجہ سے میرے اندر سے جیسے سارے احساسات و جذبات مر چکے تھے لیکن اس کے باوجود میں کسی لڑکی کو تکلیف میں نہیں دیکھ سکتا تھا۔ تبھی جب میں نے تمہیں پہلی دفعہ دیکھا تو تمہاری تکلیف کے باعث تمہیں دماغ سے جھٹک نہ سکا تھا۔ ایسا نہیں تھا کہ میں تم سے محبت کرنے لگا تھا لیکن مجھے تمہاری تکلیف جاننا تھی۔ پھر جب تم مجھے ملی تو اپنے پہلے تاثر کے برعکس اس دن تم بہت پراعتماد اور خوش باش دکھائی دی اس لیے میں نے اپنی زندگی کا بہت بڑا جوا کھیلا۔" اس کے چہرے کو اپنے انگوٹھوں سے سہلاتے ہوئے وہ اپنے مخصوص انداز کے خلاف بہت نرمی سے بول رہا تھا۔
"شادی میرے لیے ایک جوا ہی تھی کیونکہ میں بیشک ڈیڈ کے زیرِ سایہ رہتا تھا لیکن میری ذات پہ پاپا( نواز عالم )کی بھی ذات کا گہرا اثر تھا اور میں نہیں چاہتا تھا کہ میں کسی لڑکی کو حدیقہ عالم بناوں اس لیے میں رشتے بنانے سے متامل تھا مگر تم میرے لیے ایک بند کتاب تھی جسے مجھے پڑھنا تھا اور دوسرا تم سے شادی کا مقصد میرا ذاتی مفاد بھی تھا کیونکہ تم احمد اینڈ سنز کمپنیز میں کام کر رہی تھی۔
اور پھر وقت گزرنے کے ساتھ مجھے تم سے محبت تو نہ ہوئی تھی لیکن میں تمہارا بری طرح سے عادی ہو رہا تھا اور یہ عادت میرے لیے مہلک نشے کی مانند ثابت ہو رہی تھی۔
اور پھر جب تمہاری بیماری کا علم ہوا تو مجھ پہ یہ انکشاف ہوا کہ میری عادت محبت میں تبدیل ہو چکی تھی۔ یہ انکشاف ہونے کے باوجود میں تمہیں کوئی آس نہ دلا سکا کیونکہ میں خود کو جج کرنا چاہتا تھا کہ آیا میں اس رشتے کو لے کے چل سکتا ہوں یا اپنی ڈارک سائیڈ کے ساتھ تم سے نبھاہ کروا سکوں گا۔ اور شاید یہ میری غلطی تھی اور اسی غلطی کے باعث تم غلط فہمی کا شکار ہو کے غائب ہو گئی تھی۔ میں تمہاری بیماری کا تمہارے ساتھ تذکرہ کر کے تمہیں وقت سے قبل کمزور نہیں کرنا چاہتا تھا ت نت ش اس لیے پہلے تمہاری میڈن مکمل کی اور پھر شادی کی ڈیٹ اس لیے جلدی کی فکس کی کہ اس سے اگلے دن تمہاری سرجری تھی۔" اس نے افگن کو اتنا بولتے ہوئے کبھی نہیں سنا اور آج جب سنا تھا تو یہ ساری باتیں اس کی آنکھوں کو بار بار بھگو رہی تھیں۔
"جب آپ میرے بنا کسی وارث کے نام و نشان وجود کے ساتھ نبھاہ کرنے کو تیار ہو گئے تھے تو آپ کو یہ کیوں لگا کہ میں اس شخص کو برداشت نہیں کروں گی جو میرے لیے ہاسٹل کے گھٹن زدہ ماحول میں گھنٹوں میرا انتظار کرتا ہے، جو مجھے اپنے مفاد کے لیے دوسروں کے آفس تو بھیجتا ہے لیکن میری حفاظت کے لیے لوگ میرے اردگرد جمع رکھتا ہے۔" اس کے ہاتھوں پہ اپنے ہاتھ رکھتے ہوئے وہ محبت بھرے لہجے میں بولی تو افگن کے خوبصورت چہرے پہ نرم تاثر پھیل گیا۔
"اچھا تم نے کبھی مجھے بتایا نہیں کہ تم مجھ سے اس قدر شدید محبت کرتی ہو۔"متبسم لہجے میں کہتے ہوئے اس نے ہولے سے اس کی ناک کی نوک کو چھوا تو وہ اس کی شرارت پہ گڑبڑائی۔
"میرا وہ مطلب نہیں تھا۔"وہ فورا منکر ہوئی تو اس نے لب اس کی ٹھوڑی پہ رکھے۔
"اچھا چلو پھر یہ بتا دو کہ مجھ سے محبت کب ہوئی تمہیں؟" اس کے ٹھوڑی سے سرکتے لب رخسار پہ پہنچے تو اس کے لمس کی حدت سے سمٹتی ژالے کے لب بے ساختگی میں ہلے۔
"جب آپ نے مجھے ساری دنیا کے سامنے اپنایا۔"
اس کا جواب سن کے افگن کے دل پوری قوت سے دھڑکا۔
اسے بے ساختہ اپنے نکاح کا دن یاد آیا۔
ژالے کے اس خوبصورت انکشاف پہ وہ جھکا اور اس کے شگرفی ہونٹوں پہ اپنے پیار کے رنگ نچھاور کرنے لگا۔
"پلیز"! چند فسوں خیر لمحوں کے انتظار کے بعد وہ جب پرے ہوا تو اس نے فورا اس کے سینے میں چہرہ چھپاتے ہوئے جائے فرار چاہی۔
"میرا ارادہ آج تم سے سارے حساب کتاب چکتا کر کے کیک کو اپنی مرضی سے کھانے کا تھا لیکن شکر مناو تمہاری حالت تمہیں بچا گئی۔" اس کے کندھے پہ لب رکھتے ہوئے اس نے معنی خیزی سے سرگوشی کی تو وہ اس کی شرٹ کو زور سے مٹھیوں میں دبوچ گئی۔
"آپ اس قدر بے شرم کیوں ہیں؟"وہ اس کے سینے میں ہی چھپی بھنچے بھنچے لہجے میں گویا ہوئی تو اس کا زندگی سے بھرپور قہقہہ گونج اٹھا۔
"اونہوں، جو کچھ پہلے ہوا وہ ایک نکاح فائیڈ بے شرمی تھی اصل بے شرمی کے مظاہرے آپ ایک دو ماہ کے بعد دیکھیں گی۔" اس کی بے باکی پہ ژالے کی دھڑکنیں بے قابو ہوئی جا رہی تھیں۔
"لیکن اس ایک دو ماہ میں ہم ایک ادھورا کام ضرور مکمل کر سکتے ہیں۔" اس کے سکارف سے ڈھکے سر کو دیکھتے ہوئے اس نے سنجیدگی سے کہا تو وہ اس کے سینے سے چہرہ اٹھا کے استفہامیہ نگاہوں سے اسے دیکھنے لگی جو اسے یونہی بازووں میں سمیٹے تھوڑا آگے ہوا اور سائیڈ ڈرا سے کچھ نکالا۔
"یہ۔۔۔۔؟ ؟"ژالے نے بے یقینی نے اس پورٹ فولیو کو دیکھا جہاں وہ اپنی من پسند جگہ دیکھنے کے بعد اس جگہ کی تصاویر لگایا کرتی تھی۔
"ایک بارش میں بھیگتی لڑکی کی خواہشات کا خلاصہ ہے، تو کیا خیال ہے چلو گی میرے ساتھ اپنے خواب پورے کرنے کے لیے؟" اس کے سامنے اپنی کشادہ ہتھیلی پھیلائے وہ گھمبیر لہجے میں بولا تو زندگی کے اس خوبصورت سرپرائز پہ ژالے کا دل سجدہ شکر سے لبریز ہوا۔
اس نے فوراکپکپاتا ہوا ہاتھ اس کی ہتھیلی پہ رکھا تو افگن نے جججھک کے اس کے ہاتھ کی پشت پہ اپنے لب رکھے۔
"لیکن سر میرے بال۔۔۔۔"کسی خدشے کے تحت اس نے اپنے بنا بالوں کے سر پہ ہاتھ رکھا جبکہ چہرہ فورا پھیکا پڑا۔
"میں بنا بالوں کے بیوی کے ساتھ کام چلا لوں گی لیکن سر کہتی ہوئی بیوی کے ساتھ گزارا مشکل ہو جائے گا کیونکہ تم جانتی ہو کہ میں اپنی پرسنل اسسٹنٹ و پرسنل وائف کے ساتھ حساب کتاب چکتا کرنے میں اس کی صحت کا لحاظ کر کے بھی دیر نہیں لگاتا۔" اس کے ذومعنویت سے لبریز سنجیدہ مگر متبسم لہجے میں کہے گئے الفاظ پہ اس کی نگاہوں میں آفس میں کیے گئے اس کی بے شرمی کے لاتعداد مظاہرے یاد آئے تو چہرہ شرم و حیا کے احساس سے تمتما اٹھا جبکہ دل گویا کانوں میں دھڑکنے لگا تبھی وہ گڑبڑائی۔
"ن۔۔نہیں افگن ٹھیک ہے۔" اس کی بے ساختگی پہ ہنستے ہوئے وہ جھکا اور اس کے ہونٹوں کے گہرے سرخ چراتا اسے اپنی بانہوں میں سمیٹ گیا۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۔۔۔۔۔۔