" اس رشتے اور جاب سے چھٹکارا پانا۔" اس کے بے لچک انداز پہ لحظہ بھر کو اس کے چہرے کے تاثرات متغیر ہوئے لیکن اگلے ہی لمحے وہ کھل کے قہقہہ لگاتا کمر کرسی کی پشت سے ٹکاتا اسے محظوظ کن انداز سے دیکھنے لگا۔
"کمبخت ہنستے ہوئے کتنا پیارا لگتا ہے۔" اس کے مسکراتے چہرے سے بمشکل نگاہیں ہٹاتی وہ دل ہی دل میں بڑبڑائی۔
"اور اگر تمہیں اس جاب اور رشتے دونوں سے چھٹکارا مل جائے تو؟" اس کے اگلے سوال پہ نجانے کیوں مگر اس کے دل کو ایک دھچکا سا لگا لیکن پھر اس شخص سمیت اس کے کہے ہر لفظ پہ لعنت بھیجتی وہ اپنے مخصوص انداز میں گویا ہوئی۔
"چونکہ آپ ایک بزنس مین ہیں اور بنا کسی مطلب کہ تو کوئی کام کیا بات بھی نہیں کریں گے اس لیے مجھے بتائیے کہ مجھے بدلے میں کیا کرنا ہو گا؟"
سنجیدگی سے اس کی آنکھوں میں دیکھتی وہ مضبوط لہجے میں گویا ہوئی تو اس نے ستائشی انداز میں اسے دیکھا۔
"گڈ! مجھے سمجھنے کی اس کوشش میں تو کم از کم تم کامیاب ٹھہری ہو۔"کھل کے اسے سراہتے ہوئے وہ ٹیک چھوڑتا آگے ہوا اور دونوں بازو میز پہ رکھتا آگے کی جانب جھکا۔
"جس دن تمہارا انٹرویو تھا اس دن تم نے کہا تھا کہ تم' احمد اینڈ سنز کمپنیز 'میں کام کر چکی ہو، رائیٹ؟"
اب کہ وہ بنا تاثر کہ اس کے چہرے کے اتار چڑھاو کا بغور جائزہ لیتا سنجیدگی سے بول رہا تھا۔
"جی ایسا ہی ہے۔"وہ ذہن میں اس کے اس سوال کا پس ِ منظر سمجھنے کی سعی کرنے لگی۔
"تمہیں واپس ان کے پاس ایک مہینہ جاب کرنا ہو گی۔" اس کے اگلے الفاظ پہ اس نے الجھ کے اسے دیکھا جو بہت گہری نگاہوں سے اسی کی جانب ہی متوجہ تھا۔
"لیکن میں کیسے وہاں دوبارہ جا سکتی ہوں جبکہ وہاں سے میں اپنی مرضی کے ساتھ ریزائن دے کے آئی تھی اور سب سے بڑی بات کہ پورا شہر جانتا ہے کہ میں۔۔۔"وہ بات کرتے کرتے رکی، آنکھوں کے سامنے وہ پیپر لہرایا جو اسے اس شخص سے منسلک کر گیا تھا۔
"کہ میں اس کمپنی میں کام کرتی ہوں۔"وہ لفظوں کے ہیر پھیر سے بات مکمل کرتی اس کے اگلے کسی دھماکے کی منتظر تھی کیونکہ وہ جانتی تھی کہ اسے ایک چھوٹی سی بات کے باعث اپنا نام سونپنے والا شخص اتنی آسانی اور بنا مطلب کہ تو یہ نام اس کے نام سے الگ کر نہیں سکتا تھا۔
"جس طرح سے ڈوبنے والے شخص کو اپنی جان بچانے کے لیے خود ہی ہاتھ پاوں چلانے پڑتے ہیں، اسی طرح اس رشتے سے چھٹکارا کیسے پانا ہے یہ تمہیں خود سوچنا پڑے گا۔"بہت شاطر انداز میں اپنی بات اس کے سامنے رکھتے ہوئے وہ اس کی مدد کرنے سے بے نیازی دکھا گیا۔
جبکہ اس کی اس قدر بے مروتی پہ اس کا دل چاہا وہ اس کی اس آفر پہ لعنت بھیجے اور جو جیسا ہے چلنے دے، وہ خود ہی کچھ عرصے کے بعد اسے چھوڑ کے عنبرہ شیرازی سے رشتہ جوڑ لے گا۔
لیکن اب بات کر کے مکرنا ژالے میر کی فطرت نہیں تھی تبھی وہ ہامی بھرتے ہوئے بولی۔
"ٹھیک ہے پھر میں اس پہ جس بھی طریقے سے عمل کروں، آپ کوئی روک ٹوک نہیں کریں گے۔"وہ سنجیدگی سے کہتی اپنی جگہ سے اٹھی اور آفس سے باہر نکل گئی جبکہ وہ پرسوچ نگاہیں دروازے پہ ٹکائے اپنے فون پہ آنے والی کال کا انتظار کرنے لگا۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۔۔۔۔
"یہ آپ کیا کہہ رہی ہیں میڈم؟"فرہاد نے اسے یوں دیکھا جیسے پاگل ہو جانے کا خدشہ ہو۔
"تم ایسا ری ایکٹ کیوں کر رہے ہو جیسے کہ میں نے کوئی انوکھی بات کر دی ہے۔"وہ نظریں چراتی مدہم لہجے میں بولی تو فرہاد نے خفگی سے اسے دیکھا۔
"یہ انوکھی بات ہی ہے میڈم کہ' آپ 'نے اپنی اسائنمنٹ مکمل نہیں کی اور اب اس کو مکمل کرنے میں آپ کو اپنے کلاس فیلو کی مدد چاہیے , کلاس فیلو بھی وہ جس سے آپ پہلے دن سے ہی بہت چڑتی ہیں۔"فرہاد نے جتانے والے انداز میں کہا تو وہ دل ہی دل میں اپنی دوستوں سے بہت خفا ہوئی کہ جن کی وجہ سے اسے یہ سب فیس کرنا پڑ رہا تھا۔
"میں اُس سے اب بھی چڑتی ہوں لیکن چونکہ اس نے بہت دفعہ مدد کی ہے تو میں نے سوچا کہ ایک دفعہ پھر سے مدد لے لیتی ہوں۔" اسے سمجھ نہ آئی کہ وہ اسے کیا توجیہہ پیش کرے، اس طرح کی آکورڈ سچویشن نے اسے بہت بری طرح سے شرمندہ کر دیا تھا۔
"اور اگر شیر سر کو خبر ہو گئی تو؟" اس کے اس سوال پہ زرشالے نے تھوک نگلتے ہوئے اسے دیکھا۔
"تم نہ بتاو تو انہیں خبر نہیں ہو گی نا۔"وہ ملتجی اور کسی قدر پر امید لہجے میں بولی تو فرہاد نے افسوس سے اسے دیکھا۔
"آپ کی معصومیت کو سات توپوں کی سلامی، بہرحال دیجیے مجھے اپنی اسائنمنٹ اور خبردار آئندہ اپنی فضول دوستوں کی وجہ سے مجھ سے بہانے بازیاں کرنے کی کوشش کی تو شیر سر کو فورا بتا دوں گا۔" اس کے ہاتھ سے اس کی فائل لیتا وہ تنبیہہ کرتے ہوئے بولا تو اس کے آخری جملے پہ بری طرح شرمندہ ہوتی زرشالے سر جھکا گئی اور دل ہی دل میں عہد کیا کہ وہ آج کے بعد بالاج مصطفیٰ کے حوالے سے اپنی دوستوں کی کوئی بھی فضول ضد نہیں مانے گی۔
لیکن وہ غلط تھی۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۔۔
اوپن کچن میں کھڑا وہ اپنے لیے بلیک کافی بناتا ہوا ساتھ دھیرے دھیرے گنگنا رہا تھا۔
جب ڈور بیل کی آواز پہ اس کے ہونٹوں پہ مسکان سی پھیل گئی جسے فورا دباتے ہوئے وہ ڈوربیل کی آواز کو نظرانداز کرتا کافی مکس کرتا رہا۔
اور پھر چند سیکنڈذ کے بعد اس کی حسب ِ توقع دروازے کا لاک کھلنے کی آواز آئی اور پھر مضبوط قدم کچن کی جانب بڑھتے ہوئے محسوس ہوئے۔
"مجھے پتہ تھا کہ تم آنے والے ہو اسی لیے تمہارے سواگت کے لیے دیکھو کافی بنا رہا ہوں۔"بنا مڑے وہ اطمینان سے کافی مکس کرتا بولا تو اس نے بڑے ضبط سے اس کی اولیو کلر کی شرٹ میں ملبوس پشت کو دیکھا۔
"اور مجھے آج ایک سو پچیسویں دفعہ آپ کے دروازے کو چوروں کی طرح کھولتے ہوئے یہ احساس ہوا کہ آپ اس قابل نہیں ہیں کہ آپ سے انسانوں کی طرح ایک پراپر طریقے سے بات کی جائے۔" اس نے جلے کٹے انداز میں کہتے ہوئے کچن میں پڑی چیئر گھسیٹی اور اس پہ بیٹھ گیا۔
"تعریف کا شکریہ۔"سر خم کرتے ہوئے اس نے گویا تعریفی سند وصول کی تو اس کی ڈھٹائی پہ وہ صبر کے گھونٹ بھر کے رہ گیا۔
"اپنی میڈم کا پیغام لے کے آئے ہو؟"کافی کا مگ اسے تھماتے ہوئے وہ جس انداز میں بولا فرہاد کا دل چاہا یہی مگ اس کے چہرے پہ دے مارے لیکن وہ ایسا صرف سوچ ہی سکتا تھا۔
"پیغام نہیں لایا بس یہ پوچھنے آیا ہوں کہ اسائنمنٹ بنا دیں گے آپ یا میں کسی اور سے کہہ دوں؟"تھا تو وہ بھی شیر عالم کا دست ِ راست اس لیے سنجیدگی سے بنا زرشالے کا نام لیے اسے کام کہا تو بالاج نے رسانیت سے جواب دیا۔
"اتنا ہائپر کیوں ہو رہے ہو فرہاد میاں، آپ کی میڈم سے ہمارے بھی کچھ رشتے بننے والے ہیں ان کے کام سے انکار کیسے کر سکتے ہیں؟" اس کے رسانیت بھرے لہجے میں چھپی ڈھٹائی پہ وہ افسوس سے اسے دیکھ کے رہ گیا۔
"مجھے ترس آ رہا ہے اس وقت پہ جب زرشالے میڈم کو آپ کی سچائی پتہ چلے گی۔" اس کے چہرے کا بغور جائزہ لیتے ہوئے وہ تاسف زدہ لہجے میں گویا ہوا لیکن دوسری جانب چنداں فرق نہ پڑا۔
"میری تو خیر ہے مجھ سے تو ان کی کوئی دلی وابستگی نہیں ہے فی الحال لیکن سوچو اگر انہیں پتہ چلے کہ ان کی زندگی میں بہت زیادہ اہمیت رکھنے والے دو نفوس انہیں دھوکہ دے رہے ہیں تو۔۔۔۔۔"
شاطرانہ انداز میں مسکراتے ہوئے اس نے بات ادھوری چھوڑی تو فرہاد کی گردن میں گلٹی سی ابھر کے معدوم ہوئی جسے دیکھتے ہوئے وہ بھرپور انداز میں مسکرایا۔
"ہاں تو ترس کا لیول کچھ کم ہوا فرہاد میاں"! چڑانے والے انداز میں کہتے ہوئے اس نے کافی کا گھونٹ بھرا۔
"مجھے ابھی تک سمجھ نہیں آئی کہ آپ جیسا کمینہ شخص سر کے اتنے قریب کیسے ہے؟"وہ دانت پیستے ہوئے بظاہر مسکرا کے بولا تو بالاج کا خوبصورت قہقہہ اپارٹمنٹ میں گونج اٹھا۔
" کیونکہ تمہارے سر کی کمینگی کا لیول مجھ سے بھی ہائی ہے۔"انکشاف کرنے والے انداز میں کہتے ہوئے وہ اٹھا اور فریزر کی جانب بڑھ گیا جبکہ اس کے ڈرامائی انداز پہ نا چاہتے ہوئے بھی فرہاد کے ہونٹوں پہ مسکان پھیل گئی جسے فورا سمیٹتے ہوئے وہ اپنے آنے کے مقصد کی طرف متوجہ ہوا اور پھر ایک نیلی فائل اسے پکڑاتے ہوئے وہ دھیرے دھیرے اسے کچھ ہدایات دینے لگا جنہیں سنتے بالاج کے چہرے پہ خوفناک سنجیدگی پھیل گئی۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۔۔۔
"تم پاگل ہو گئی ہو؟"نتش ا نے حیرت سے اسے دیکھا جو دونوں پیر اوپر کیے بیڈ پہ چوکڑی مار کے بیٹھی چائے پی رہی تھی۔
"افگن عالم سے شادی کرنے والی لڑکی پہ تمہیں عقلمندی کا شبہہ کب سے ہونے لگا؟"وہ بات ہوا میں اڑاتی مذاق اڑانے والے لہجے میں گویا ہوئی تو منتشا نے اسے یوں دیکھا گویا وہ واقعی پاگل ہو چکی ہو۔
"ژالے پلیز بی سیریئس! تم نے ایسی ڈیل کیوں فائنل کی اس انسان سے؟"اب کے وہ کسی قدر رسانیت بھرے لہجے میں گویا ہوئی تو ژالے نے چائے کا سپ لیتے ہوئے ایک نظر اسے دیکھا۔
"تو کیا کرتی میں وہاں؟" اس نے الٹا اسی سے سوال کیا۔
"تمہیں اسے واقعی اپنی زندگی کی سب سے بڑی
خواہش بتانی چاہیے تھی۔"منتشا کے جواب پہ اس کے خوبصورت چہرے پہ ایک تاریک سا سایہ لہرایا۔
"اور تمہیں لگتا ہے کہ میری اس خواہش کو جاننے کے بعد وہ اسے پورا کرنے میں اپنی جان تک لگا
دے گا؟"وہ تمسخرانہ انداز میں گویا ہوئی تو منتشا نے دکھ سے اسے دیکھا اور کچھ کہنا چاہا لیکن وہ مزید کہہ رہی تھی۔
"جس طرح اس نے فورا میری خواہش کو کیش کیا ہے نا اس سے یہی ثابت ہوتا ہے کہ وہ چاہتا تھا کہ میں یہی سب بولوں۔" اسی انداز میں کہتے ہوئے اس نے بات مکمل کی تو منتشا جواباً فقط اتنا ہی استفسار کر سکی۔
"تو اب تم کیا کرو گی؟" اس کے چہرے پہ چھائے افسردگی کے بادل دیکھتی وہ اپنے اندر بھی وہی بادل اترتے محسوس کرنے لگی۔
"وہی کروں گی جو وہ چاہتا ہے کیونکہ میں اب خود بھی اس رشتے کو قائم نہیں رکھنا چاہتی جسے وہ شخص یوں کیش کروا رہا ہے۔"دکھ اور غصے کی ملی جلی کیفیت میں کہتی وہ منتشا کو گہرے ملال کا شکار کر گئی کیونکہ وہ جانتی تھی اب اسے کوئی بھی اس کے اس فیصلے سے ہٹا نہیں سکتا تھا۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۔۔۔۔۔۔
وہ سیاہ لبادے میں ملبوس چہرے کو سیاہ رومال سے ڈھکے ہوئے تھا جس پہ سیاہ و سفید رنگ میں ایک ایگل بنا ہوا تھا۔
اس کی دائیں کلائی میں تین چار کالے بینڈز تھے جبکہ اسی ہاتھ کی چھوٹی انگلی پہ ایک انگوٹھی پہنی ہوئی جس پہ elgae کندہ تھا۔
رات کے اندھیرے میں وہ بہت محتاط قدم اٹھاتا ہوا اس ویرانے کی طرف بڑھ رہا تھا جہاں ایک جھونپڑی سی بنی ہوئی تھی۔
دور سے دیکھنے والوں کے لیے یہ اس ویرانے میں بنی کچی جھونپڑی تھی لیکن کوئی نہیں جانتا تھا کہ یہ بظاہر کچی جھونپڑی اندر سے کن آسائشات سے بھری پڑی تھی اور وہاں کیا کچھ ہو رہا تھا۔
لیکن اس کے آگے کی جانب بڑھتے مضبوط قدم آج اس جھونپڑی اور اس میں موجود افراد کے ارادے خاک میں ملانے والے تھے۔
"ہم نے جس بلڈنگ میں اپنا مال پہنچانا ہے اس کا نقشہ اس بیگ میں موجود ہے اور مال کو کیسے اور کس طریقے سے لے جایا جائے گا اس کی بھی ساری ڈیٹیل اسی بیگ میں موجود ہے۔"چونکہ اس ویرانے میں گھاس پھونس سے ڈھکی اس کچی جھونپڑی کی طرف کسی کے بھی متوجہ ہونے کا خدشہ نہیں تھا اس لیے اس کے باہر کسی قسم کی شنک ت و رٹی نہیں تھی۔
جس کا فائدہ اٹھاتے ہوئے وہ آگے بڑھا اور اپنے اتنے دن کی محنت کے بعد اس جھونپڑی میں بنائے گئے سوراخ کی طرف بڑھا اور اس میں پھنسائے گئے تنکوں کو بہت احتیاط کے ساتھ باہر نکالنے لگا۔
جیسے ہی سوراخ تھوڑا سا خالی ہوا تو اسے اندر سے ایک فرد کی مدہم سی آواز سنائی دی جسے بغور ڈی کوڈ کرتے ہوئے اس نے ایک آنکھ سے اندر جھانکا تو ایک شخص دوسرے کو ایک براون لیدر کا چرمی بیگ تھما رہا تھا۔
اس سے پہلے کہ دوسرا شخص وہ بیگ تھامتا وہ آگے بڑھا اور جھونپڑی کے دروازہ جس کے باہر گھاس پھونس کا ڈھیر لگا تھا، کو زوردار ٹھوکر مار کے کھولتے ہوئے اندر داخل ہوا۔
سٹ اس اچانک افتاد پہ اندر بیٹھے دونوں افراد نے پسٹل سنبھالتے ہوئے اس پہ نشانہ باندھا لیکن اس کے سائیلنسر لگے پسٹل سے دو شعلے یکے بعد دیگرے نکلے اور ان کے ہاتھوں کو زخمی کرتے ہوئے خالی کر گئے۔
"جب کوئی سکون سے بات کرنے آیا ہو تو واش نہیں پھیلاتے۔"سکون سے کہتے ہوئے وہ ان کے پاس خالی رکھی کرسی پہ بیٹھ گیا اور طائرانہ نگاہ چاروں طرف گھمائی جہاں بہت سے جدید ٹیکنالوجی یٹ سے متعلق گ ج تش پڑے ہوئے تھے۔
"نائس چوائس۔" اس نے جھونپڑی میں ان کے کام کرنے کی چوائس کو سراہا تو اپنے زخمی ہاتھ تھام کے بیٹھے وہ دونوں غصے سے پھنکارے۔
"کون ہو تم؟"
"میری پہچان چھپی ہی رہنے دو کیونکہ مجھے جاننے کے بعد لوگوں کے ہوش کھو دینے کا خدشہ بہت زیادہ ہوتا ہے۔"زیرِ لب مسکراتے ہوئے وہ بولا تو آنکھوں کے سامنے چھم سے ایک خوبصورت سراپا سا لہرایا تو رگ و پے میں ایک سرور سا طاری ہو گیا۔
"لوگوں کے بے ہوش ہونے کا خدشہ ہے یا اس بات کا ڈر ہے تمہیں کہ کوئی تمہیں پہچان نہ لے۔"
ان میں بیگ دینے والا شخص تلملاتے ہوئے کروفر سٹ سے بولا تو اس نے بھنویں ُکی زب کے اسے دیکھا۔
"واقعی یہ بات بھی ہے۔" اسی نازک سراپے کو ذہن میں رکھتے ہوئے اس نے جیسے اس کی بات کی تائید کی تو وہ تمسخرانہ انداز میں مسکرایا۔
"جب ایسے چھوٹے چھوٹے خوف پالنے ہوں تو بڑے بڑے مگر مچھوں سے پنگا نہیں لیا کرتے۔"
اس کے تائیدی الفاظ نے اس شخص کو مزید کروفر بخشا تو اس کے"مگر مچھ"لفظ پہ اس پہ چھایا سارا سرور چھپاک سے غائب ہو گیا۔
"ایڈیٹ! ساری امیجینیشن پہ پانی پھیر دیا تمہارے اس شکتی کپور کے روپ نے۔" اس نے آگے بڑھ کے ایک جھانپڑ اس کے منہ پہ رسید کیا تو وہ الٹ کے کرسی سمیت پیچھے کو جا گرا۔
اپنے ساتھی کی یہ ہاتھ دیکھ کے دوسرا آدمی اس پہ حملہ آور ہونے کو اٹھا تو اس نے گھما کے وہی ہاتھ اس کی کنپٹی پہ دے مارا جس کے باعث وہ لڑکھڑا کے سامنے پڑی میز پہ جا گرا۔
"آج کے بعد میرے سامنے یوں ڈائیلاگ بازی نہ جھاڑنا کیونکہ یہ صرف مجھ پہ سوٹ کرتے ہیں۔"
پسٹل کو ہاتھ میں گھماتے ہوئے وہ انہیں کراہتا ہوا دیکھ کے مڑا اور میز پہ رکھا وہ چرمی بیگ اٹھایا تو وہ دونوں اپنے جبڑوں کو سہلانے چھوڑ کے اس پہ جھپٹے۔
"چھوڑ اسے۔"ایک شخص نے اس سے بیگ چھیننے کی کوشش کی جبکہ دوسرے نے ہاتھ میں ہوتی سٹ تکلیف کو نظرانداز کرتے ہوئے دور پڑی پسٹل اٹھائی ہی تھی کہ اسے اپنے ٹانگ میں لوہے کی ایک سلاخ سی دھنسی محسوس ہوئی۔
تکلیف کی شدت سے بے حال وہ وہی گرتا چلا گیا جبکہ اس سے ہاتھا پائی میں مصروف دوسرا شخص دھیان بٹنے کی وجہ سے اسے اپنی گرفت سے آزاد کر گیا۔
"چونکہ تم دونوں کی زندگی مزید مطلوب نہیں رہی اس لیے گڈ بائے۔"بیگ کندھے پہ لٹکاتا وہ انہیں سٹ پسٹل سے ایک اشارہ کرتا باہر نکل گیا۔
کچھ ہی دیر بعد اس ویرانے میں ایک دھماکے کی سی آواز آئی اور جھونپڑی میں موجود افراد اپنے مکروہ ارادوں سمیت نیست و نابود ہو گئے۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۔۔۔۔۔۔۔
رات کے اندھیرے میں سیاہ پراڈو فراٹے بھرتی اپنی منزل کی طرف گامزن تھی جب اچانک اس میں ایک نسوانی سی آواز گونجی۔
"اوہ مائی گاڈ! میں آج اس کو میڈیسن دے کے ہی نہیں آئی۔"ماتھے پہ ہاتھ مارتی وہ اپنی یاداشت کو کوستی ہوئی بولی تو ڈرائیونگ کرتے شخص نے نظریں اٹھا کہ بیک ویو مرر سے اسے دیکھا جو یکلخت بہت پریشان نظر آنے لگی۔
"کسے میڈیسن نہیں دی؟" اس نے استفسار کیا۔
"وہی نقاب پوش جو کچھ دن پہلے ہاسپٹل آیا تھا۔"
اپنے دھیان میں بولتی زرشے نے اس کے چہرے پہ چھانے والی اچانک پریشانی کی طرف توجہ نہیں دی۔
"تو اس میں اتنا پریشان ہونے والی کیا بات ہے، کوئی اور اسے دیکھ لے گا۔"نامحسوس انداز میں اپنا موبائل ہاتھ میں لیتے ہوئے اس نے نارمل سے انداز میں کہا تو زرشے نے نفی میں سر ہلایا۔
"اونہوں، وہ کسی اور سے میڈیسن نہیں لیتا اور ایک ہنگامہ برپا کر دیتا ہے اور میڈیسن میں ناغہ کرنے کا مطلب اسے ہاسپٹل میں مزید پناہ دینا ہے جو ہمارے ہاسپٹل کے لیے پریشانی کا باعث بن سکتی ہے، اس لیے تم گاڑی واپس موڑو۔"تفصیلاً اسے بتاتی وہ حکم صادر کرتی سیٹ کی پشت کے ساتھ سر ٹکاتی پلکیں موند گئی۔
"لعنت ہے۔"وہ جو موبائل ہاتھ میں لیے مسلسل کسی سے رابطے کی کوشش میں تھا لیکن رابطہ نہ ہونے کی صورت میں اس نے جھنجھلا کے موبائل ڈیش بورڈ پہ رکھا اور گاڑی واپس ہاسپٹل کی جانب موڑ لی۔
"چلو دیکھتے ہیں کہ ڈائیلاگ بازی میں ماہر اب کن ڈائیلاگز سے اپنے فعل کو چ شتتف ا ئی کرتا ہے۔"زیرِ لب بڑبڑاتے ہوئے اس نے گاڑی کی سپیڈ تیز کر دی۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۔
وہ لمبے لمبے ڈگ بھرتی اس کمرے کی جانب بڑھ رہی تھی جسے اس انسان نے سپیشل اپنے لیے بک کیا ہوا تھا جب راستے میں اسے سسٹر نرگس نے دیکھا تو حیرت سے اس کے نزدیک لپکی۔
"خیریت ڈاکٹر زرشے! آپ اس وقت یہاں؟ آپ کی تو آج کی نائٹ شفٹ نہیں ہے نا؟"وہ یکے بعد دیگرے سوالات کرتی چلی گئیں جبکہ وہ انہیں دیکھ کے ہلکا سا مسکرائی۔
"سسٹرِ! ِمیں اس نقاب پوش کو میڈیسن دینا بھول گئی تھی وہی دینے آئی ہوں۔"چونکہ پورا ہاسپٹل واقف تھا کہ وہ پراسرار سا شخص صرف اسی کے ہاتھ سے میڈیسن لیتا ہے تبھی سسٹر نرگس نے مزید کوئی سوال نہ کیا اور سر اثبات میں ہلاتی سائیڈ پہ ہو گئی۔
ان کے سائیڈ پہ ہوتے ہی وہ تیزی سے چلتی اس کے کمرے میں داخل ہوئی تو سامنے پڑے خالی بیڈ کو دیکھ کے اس کے قدموں کو بریک سا لگ گیا۔
"یہ اس حالت میں کہاں چلا گیا؟"وہ بڑبڑانے کے سے انداز میں آگے بڑھی اور واشروم کی جانب دیکھا لیکن وہاں نیم وا دروازے سے جھانکتی تاریکی نے اسے بتایا کہ وہاں بھی کوئی موجود نہ تھا۔
"سسٹر"! وہ دروازے کی جانب بڑھتی زوردار آواز میں پکاری تو سسٹر نرگس بھاگتی ہوئی آئیں۔
"جی ڈاکٹر"! اس نے فورا استفسار کیا۔
"یہ پیشنٹ کدھر ہے؟" اس نے خالی بیڈ کی جانب اشارہ کرتے ہوئے سنجیدگی سے پوچھا تو خالی بیڈ اور کمرہ دیکھ کے سسٹر نرگس کی بھی وہی حالت ہوئی جو کچھ دیر قبل اس کی تھی۔
"ڈاکٹر میں آپ کے جانے سے آدھ گھنٹے پہلے راونڈ لگا کے گئی تھی تب تک وہ یہیں تھا۔" اس کے جواب پہ اس کے دل میں عجیب سی بے چینی پھیل گئی۔
"آپ جائیے اور باہر چیک کریں لیکن خیال رہے کہ بات پھیلے نہیں۔"وہ اسے ہدایت دیتی خود اپنے کندھے پہ لٹکے بیگ سے موبائل نکال کے نمبر ملانے لگی۔