مطلب ان کا بیٹا کنعان منافق تھا آپ کے سامنے خود کو مومن ظاہر کرتا جب کہ مومن نہیں تھا اگر وہ آپ کے سامنے اپنا کفر ظاہر کر دیتا تو آپ اس کی نجات کی دعا نہ کرتے ...
آیت نمبر 46
عرض کی اے میرے رب میں تیری پناہ چاہتا ہوں کہ تجھ سے وہ چیز مانگوں جس کا مجھے علم نہیں اور اگر تو مجھے نہ بخشے اور رحم نہ کرے تو میں زیاں کار ہو جاؤں ..
آیت نمبر 47
فرمایا گیا اے نوح کشتی سے اتر ہماری طرف سے سلام اور برکتوں کیساتھ جو تجھ پر ہیں اور تیرے ساتھ کے کچھ گروہوں پر اور کچھ گروہ ہیں جنہیں ہم دنیا برتنے دیں گے پھر انہیں ہماری طرف سے دردناک عذاب پہنچے گا..
آیت نمبر 48
یہ غیب کی خبریں ہم تمہاری طرف وحی کرتے ہیں انہیں نہ تم جانتے تھے نہ تمہاری قوم اس سے پہلے تو صبر کرو بیشک بھلا انجام پرہیزگاروں کا..
ٹھیک ہے باقی کل... آہل قرآن بند کرتا ہوا بولا ..
ہممم, آہل قرآن کتنا دلچسپ ہے نہ میرا مطلب آج جو تم نے سنایا ایسا معلوم ہو رہا تھا میں کوئی سٹوری سن رہی ہوں... وہ ابھی تک لفظوں کے سحر میں تھی ...
ہاں لیکن یہ سب سچ ہے ...
میں جانتی ہوں مام بھی کہتی تھیں قرآن سب سچ کہتا ہے حقیقت سے آشنا کرتا ہے شاید اب مام مجھ سے ناراض نہ ہوں ...
لیکن تم نے ابھی تک کلمہ نہیں پڑھا... آہل قرآن رکھ کر اسے دیکھنے لگا ...
ہاں کیونکہ میں ڈرتی ہوں ...
کس بات سے... آہل الجھ کر اسے دیکھنے لگا ..
کہ میں اسلام کے مطابق چل سکوں گی یا نہیں آہل میں ڈرتی ہوں اگر میں ٹھیک سے اللہ کے احکام پر عمل نہ کر سکی پھر ...
آہل لاجواب ہو گیا,, وہ غیر مسلم ہو کر اس بارے میں سو رہی تھی کہ اگر وہ اللہ کے احکام نہیں بجا لائے گی تو کیا ہو گا اس کے دل میں اللہ کا خوف تھا اور ہم مسلمان ہو کر یہ سوچنے کی زحمت نہیں کرتے کہ ہم اللہ کے احکامات کی نافرمانی کر رہے ہیں ایک حساب سے جھٹلا رہے ہیں قول سے نہیں لیکن فعل سے جس کام سے منع کیا گیا اسی کام کو کرتے ہیں آج کا مسلمان دیکھا جائے تو کیسا معلوم ہوتا ہے کام کے لیے نماز چھوڑ دیتا ہے قرآن پڑھنے کے لیے وقت نہیں لیکن کوئی نئی مووی آ جائے تو سب سے پہلے دیکھے گا,, نعت سننے میں قباحت محسوس ہوتی ہے اور گانے فخر سے سنتے ہیں کوئی نعت پڑھتا ہے تو اس کی حوصلہ افزائی نہیں کریں گے اسے پسند نہیں کریں گے اور اگر کوئی گانے گاتا ہے تو اس کی واہ واہ کریں گے اس کے دیوانے ہو جائیں گے بڑے بڑے شاپنگ مال میں جا کر ہزاروں روپے لٹا دیں گے لیکن کسی غریب کو دیتے ہوئے ہماری جان نکل جاتی ہے,, بیماری میں ڈاکٹر کھانے سے منع کرے گا تو کر لیں گے لیکن روزہ رکھنے کی توفیق نہیں ہو گی دنیا کے لیے اپنی آخرت برباد کر لیں گے اور جو ہمارا گھر ہے اس کے لیے سوچنے کی زحمت بھی نہیں کریں گے ہم جیسے لوگ محفل میں بیٹھ کر بڑی بڑی باتیں کرتے ہیں کسی کا مال کھانا غلط ہے سود کھانا حرام ہے لیکن اسی دولت کی خاطر خود ہر غلط کام کریں گے یہ سوچے بنا کہ پیسہ تو ایک دن ختم ہو جائے گا لیکن جس طریقے سے کمایا وہ کبھی نہیں مٹے گا,, آہل نے شرمندگی سے سر جھکا لیا,, ہم جیسے لوگوں کے دلوں میں اللہ کا خوف نہیں ہے ...
آنا جب تم اسلام کے دائرے میں آ جاؤ گی تو اللہ تمہیں تمام فرض کی ادائیگی کی توفیق بھی دے گا... آہل کافی دیر بعد بولا ..
جانتی ہوں لیکن پہلے میں خود کو تیار کرنا چاہتی ہوں پھر دائرہ اسلام میں قدم رکھنا چاہتی ہوں.. آنا دھیرے سے مسکرا دی ..
لیکن آہل مسکرا نہ سکا وہ انجانے میں آہل کو آئینہ دکھا رہی تھی ...
وہ آپ کے کپڑے پریس کرنے تھے ...
دانی راستہ دیتی سائیڈ پر ہو گئی ...
جلدی کرو.. دانی خفگی سے بولی ..
وہ جلدی جلدی کپڑے لے کر نکل گئی ...
دانی لاک کر کے پھر سے وہیں سے پڑھنے لگی,,
بھاری چھوڑیں میں کھڑکی سے کود رہا ہوں ..
دھیان سے.. عاقب اسے کھڑکی سے لٹکتے دیکھ کر بولا ..
فکر مت کرو آہل سپورٹس میں بہت اچھا ہے ...
جیسے ہی آہل نیچے کودا عاقب بھی کھڑکی سے باہر نکل آیا ..
آہل عاقب کا انتظار کیے بنا اندر آ گیا اور اندر کا منظر دیکھ کر آہل کا دماغ گھوم گیا اس نے دیوار کا سہارا لے لیا مبادہ گر ہی نہ جائے ..
آہل کیا ہوا ,,
سناٹا سن کر عاقب اندر آتا ہوا بولا لیکن جیسے ہی نظر عابد حیات کی لاش پر پڑی اپنی بصارت پر شبہ ہوا ...
آہل تھوک نگلتا چھوٹے چھوٹے قدم اٹھانے لگا,, آنسو منظر کو دھندلاتے جا رہے تھے ...
عابد حیات کی لاش خون سے لت پت تھی چھاتی پر گولیوں کے نشان تھے وہ خون میں رنگ چکے تھے... ماربل کے فرق پر ان کا خون بہ رہا تھا ,,
ڈیڈ,, آہل دوزانو بیٹھ کر ان کا منہ تھپتھپانے لگا..
ڈیڈ کیا ہوا آنکھیں کھولیں... وہ عابد حیات کا چہرہ تھپتھپا رہا تھا ..
چاچو دیکھیں ڈیڈ... آہل برستی آنکھوں سے چہرہ موڑ کر بولا ..
عاقب آہل کے ساتھ آ بیٹھا ...
چاچو ڈیڈ کو بولیں نہ آنکھیں کھولیں پلیز آپ نے کہا تھا صبح بات کرنا سب سے لیکن ڈیڈ تو....وہ کبھی عابد حیات کو جھنجھوڑتا تو کبھی عاقب حیات کو ...
عاقب آنسو بہاتا اپنے عزیز جان بھائی کی لاش کو دیکھ رہا تھا ..
چاچو میں کیا بکواس کر رہا ہوں.. آہل اس کے شانے پر ہاتھ رکھ کر پرے دھکیلتا ہوا بولا ,,
آہل سنبھالو خود کو.. وہ بمشکل بول پائے ..
آپ کا دماغ ٹھکانے پر ہے میں کیسے سنبھالوں خود کو ڈیڈ اس حال میں میرے سامنے پڑے ہیں... آہل کو اس کی عقل پر شبہ ہوا ...
آہل میرے بھائی سنبھال خود کو ابھی تو بہت سے زخم سہنا باقی ہیں... عاقب اسے گلے سے لگاتا ہوا بولا ..
آہل کا چہرہ آنسوؤں سے تر تھا ..
چاچو مجھے ڈیڈ سے باتیں کرنی تھیں لیکن وہ تو آنکھیں ہی نہیں کھول رہے ڈیڈ نے بولا تھا اب میں آؤں گا تو شکار پر چلیں گے بہت کچھ ڈیسائیڈ کیا تھا ہم نے چاچو یہ سب کیا ہو گیا... آہل زاروقطار رو رہا تھا ..
ڈیڈ پلیز اٹھیں آنکھیں کھولیں دیکھیں آپ کا بیٹا آپ کا غرور آہل حیات آ گیا ہے پلیز مجھ سے بات کریں ڈیڈ آپ ایسے نہیں کر سکتے.. وہ عابد حیات کو جھنجھوڑتا ہوا بولا ..
عاقب خاموش آنسو بہا رہا تھا ...
ڈیڈ میری بات سنیں پلیز ایک بات مجھ سے بات کرلیں مجھے دیکھیں گے بھی نہیں کیا پلیز آنکھیں کھولیں ڈیڈ..
آہل بلکتا ہوا ان کے سینے پر سر رکھے بولنے لگا ,,
عاقب حیات چہرہ صاف کرتا کھڑا ہوا اور اندر چلا گیا ...
ڈیڈ پلیز اٹھ جائیں نہ میں آپ کے لیے آیا ہوں اور آپ مجھ سے بات ہی نہیں کر رہے... آہل دیوانہ وار بول رہا تھا ...
آہل میری بات سنو غور سے.. عاقب اس کا سر عابد حیات کے سینے سے اٹھاتے ہوئے بولے ..
کیا.. بولتے ہی آہل کی آنکھ سے دو موتی ٹوٹ کر زمین بوس ہو گئے...
یہ کام زبیر رنداوھا کا ہے اور جیسے میں تمہیں بولوں گا تم ویسے کرو گے میری بات سمجھ رہے ہو نہ... عاقب اسے شانوں سے جھنجھوڑتے ہوئے بولے..
لیکن چاچو ,,
اب تم خاموش رہو گے بالکل خاموش,, تمہارے ڈیڈ کا قتل ہوا ہے یہ بھی کسی کو معلوم نہیں ہونا چاہیے میں نہیں چاہتا بھائی کی لاش کی بےحرمتی ہو پوسٹ مارٹم کے باعث ,,
لیکن ..
عاقب نے گھور کر اسے خاموش کروایا ..
اس ملک میں کسی کو انصاف ملا ہے ,,
نہیں,, آہل مایوسی سے بولا ..
ہمیں بھی نہیں ملے گا اس لیے ہم خود اپنا انصاف لیں گے تم سمجھ رہے ہو نہ ,,
جی چاچو لیکن ڈیڈ ,,
آہل مرد بنو وہ جا چکے ہیں اس دنیا سے ہم انہیں واپس نہیں لا سکتے لیکن ان کا بدلہ ضرور لے سکتے ہیں اور اس کے لیے تمہیں میری ہر بات ماننی پڑے گی سمجھ رہے ہو نہ.. عاقب اس کا منہ تھپتھپاتے ہوئے بولا جو کہ عابد حیات کی جانب تھا ..
جی چاچو ,
اپنا منہ بند رکھنا ہے تم نے ,,
تم کل آسڑیلیا ہے واپس آؤ گے بھائی کے پرائیوٹ جیٹ میں,, ساری دنیا کے لیے ..
ٹھیک ہے چاچو,, آہل بےجان سا دکھائی دے رہا تھا ..
باقی باتیں بعد میں,, میں رفیق کو بلواتا ہوں وہ ہمارے ساتھ کام کروائے گا اٹھو اب ..
عاقب اسے کھڑا کرتے ہوئے بولے ..
لیکن چاچو میں ڈیڈ کو دیکھنا ,,,
پاگل مت بنو آہل میں ایک بھائی کو کھو چکا ہوں اب دوسرے بھائی کو کھونے کا حوصلہ نہیں مجھ میں ...
آہل سر جھکائے ان کے ساتھ کھڑا ہو گیا ..
تم باہر نہیں نکلو گے کمرے سے ...
یہ عجیب پاگل پن ہے میرے ڈیڈ کوئی گولیاں مار کر چلا گیا اور میں کمرے میں چھپ کر بیٹھ جاؤں ..
میں نے کیا کہا تھا میری بات مانو گے تم... عاقب سختی سے بولا ..
آہل سر جھٹکتا ٹہلنے لگا ,,
آنکھوں میں لہو دوڑ رہا تھا,, دماغ میں اگر کوئی نام تھا تو صرف زبیر رنداوھا کا,,
کافی پیو گے... آنا کافی کا مگ آہل کے سامنے کرتی ہوئی بولی ,,
آہل ٹیرس پر اکیلا بیٹھا تھا جب آنا وہاں نمودار ہوئی,,
تھینک یو,, آہل کپ پکڑتا ہوا بولا ..
تمہاری شادی کب ہوئی,, آنا کافی پیتی ہوئی بولی ..
آہل خاموشی سے بھاپ اڑاتی کافی کو دیکھنے لگا ..
دانی تم سے چھوٹی ہے نہ ...
ہاں,, آہل نے مختصر سا جواب دیا ..
مجھے لگتا ہے تم کم گو ہو ,,
نہیں میں بس تنہائی پسند ہوں,, آہل سپ لیتا ہوا بولا ,,
دانی بہت لکی ہے اسے ایسا چاہنے والا ملا ہے,, آنا کی نظریں آہل کے گرد طواف کر رہیں تھیں اور آہل بخوبی واقف تھا ,,
پتہ نہیں,, آہل شانے اچکاتا ہوا بولا ,,
تم چلو گے,, آنا کھڑی ہوتی ہوئی بولی ,,
کہاں,, آہل چہرہ اٹھا کر اسے دیکھتا ہوا بولا ,,
واک پر جا رہی ہوں ساتھ میں دانی کے بارے میں بھی معلوم کروں گی ,,
نہیں تم چلی جاؤ,, آہل کی آنکھوں میں اداسی کے سائے تھے ,,
آہ,, دانی ,,آہل آہ بھرتا آسمان کو دیکھنے لگا,,
میں ہار گیا دانی ایک بار پھر سے,,تمہیں بھی کھو دیا میں نے,, شاید میرے لیے کچھ بھی نہیں ہے کچھ بھی نہیں,, آنسو اس کے رخسار پر آ گرے,, دانی خود تو گئی تھی ساتھ میں آہل کی مسکراہٹ بھی لے گئی تھی ,,,
پتہ نہیں دانی کس حال میں ہو گی زبیر جیسے انسان سے ہر قسم کی توقع کی جا سکتی ہے کاش میں دانی سے غفلت نہ برتتا,, میرے باعث وہ تکلیف میں ہے میری دانی درد میں ہے اور میں یہاں بیٹھا ہوں ,,
آسڑیلیا ہمیشہ میرے لیے برا ثابت ہوا ہے آج بھی برا ہی معلوم ہو رہا,,, پلیز اللہ تعالیٰ دانی کو کچھ مت ہونے دینا اس کی حفاظت کرنا,, دس سال بعد آہل کے دل سے دعا نکلی,,
آہل جس نے دعا مانگنا ترک کر دیا تھا کیونکہ اسے یقین نہیں رہا تھا آج دانی کی حفاظت کے لیے اس کا دل دعا گو تھا انسان کچھ بھی کر لے اللہ کے سامنے بےبس ہے کتنی ہی طاقت کا مالک کیوں نہ بن جائے لیکن اللہ اسے اپنے سامنے جھکا لیتا ہے تاکہ اسے یہ معلوم ہو جائے کہ صرف اللہ قدرت رکھتا ہے بندہ کچھ نہیں کر سکتا,, آہل بےبسی کی انتہا پر تھا ...
ناظرین آپ کو آگاہ کرتے چلیں وزیر اعلیٰ آہل حیات نے الیکشن لڑنے سے انکار کر دیا ہے انہوں نے ٹکٹ لینے سے منع کر دیا ان کا کہنا ہے وہ اس بار الیکشن نہیں لڑیں گے الیکشن کے قریب آ کر ان کا یہ بیان خاصا حیران کن ہے عوام کشمکش میں مبتلا مزید بتاتے چلیں چند روز پہلے آہل حیات نے کسی ایمرجنسی کے باعث اپنا جلسہ منسوخ کر دیا تھا اور اس کے بعد سے وہ دکھائی نہیں دئیے,, ذرائع کے مطابق وہ بیرون ملک ہیں لیکن کس کام کے سلسلے میں وہ گئے ہیں اس کی تفصیل ابھی تک معلوم نہیں ہو سکی نہ ہی یہ معلوم ہو سکا کہ وہ کس ملک میں رہائش اختیار کیے ہوئے ہیں,, اس وقت ان کا یہ انکشاف بہت سی باتوں کو جنم دے رہا ہے عوام ان کے بیان پر خفا اور رنجیدہ ہے,, زبیر ٹانگ پے ٹانگ چڑھائے اس بریکنگ نیوز کو سن رہے تھے اور چہرے پر فاتحانہ مسکراہٹ تھی ,,
دانی پھٹی پھٹی آنکھوں سے ان لفظوں کو پڑھ رہی تھی ,,
ڈیڈ,, آپ نے آہل کے ڈیڈ کو مارا,, دانی منہ پر ہاتھ رکھے آواز دبانے کی کوشش کرنے لگی چہرہ آنسوؤں سے تر تھا,, آہل میں تمہیں کتنا غلط سمجھتی رہی جبکہ تم حق پر تھے,, تم سچ کہ رہے تھے عاقب حیات کے لیپ ٹاپ میں کوئی ثبوت ہو گا تبھی تم نے مجھے کہا مجھ پر بھروسہ کیا اور میں نے ڈیڈ کو بتا دیا,, ڈیڈ آپ ایک قاتل ہیں ,,
اووہ نو یہ میں نے کیا کر دیا,, آہل کو معلوم ہو گا تو کیا گزرے گی اس پر میں نے بہت غلط قدم اٹھا لیا نہیں مجھے آہل کے پاس جانا ہے,, دانی ڈائری بند کرتی ہوئی بولی ,,
تم سچے تھے آہل تم ہمیشہ سے صحیح تھے میں ہی پاگل تھی جو تمہیں سمجھ نہیں سکی آہل تمہاری مسٹری حل کر لی میں نے,, تمہاری سرد مہری کی وجہ میرے ڈیڈ ہیں تمہارے ڈیڈ کی موت,, دانی دیوار سے ٹیک لگائے چہرہ گھٹنوں پر گرائے بیٹھی تھی ,,
اف اللہ میں نے کیا کر دیا آہل مجھے معاف کر دے گا نہ,, نہیں میں اب آہل کو مزید تنگ نہیں کروں گی,,, دانی چہرہ رگڑتی کھڑی ہو گئی ,,
ڈائری کو اپنے بیگ میں رکھا اور خود کو کمپوز کرتی باہر نکل آئی,, دانی زینے اتر رہی تھی وہ تیزی سے چل رہی تھی کہ اچانک اس کا پاؤں سلپ ہوا اور دانی نیچے جا گری ,,
ڈیڈ,, دانی درد سے کراہنے لگی ...
دانی,, زبیر فکرمندی سے اٹھ کر آئے ,,
دانین دھیان سے چلنا تھا نہ دیکھو اب چوٹ لگ گئی,, دانی کی پیشانی سے خون بہ رہا تھا ,,
دانی زیادہ اونچائی سے نہیں گری تھی اس لیے زیادہ چوٹ نہیں لگی ...
ڈیڈ مجھے آہل کے پاس جانا ہے آپ پلیز اسے بلا دیں,, دانی آنسو بہاتی ہوئی بولی ,,
زبیر پھٹی پھٹی آنکھوں سے دانی کو دیکھنے لگے ...
دانین تمہارا دماغ خراب ہو گیا ہے کیا جو بہکی بہکی باتیں کر رہی ہو,, زبیر غصے سے بولے ,,
دانی ششدر سی اسے دیکھنے لگی ,,
ڈیڈ پلیز مجھے آہل سے ملنا ہے مجھے لے جائیں اس کے پاس,, دانی التجائیہ انداز میں زبیر کے ہاتھ پکڑتی ہوئی بولی ,, ہیلو,,اگر کسی ڈاکٹر کو جانتے ہو تو جلدی لے کر آؤ اور ہاں دھیان سے اعتماد والا انسان ہونا چاہیے,, زبیر دانی کی بات کو نظر انداز کرتے فون پر بات کرنے لگے ...
ڈیڈ میں کچھ کہ رہی ہوں,, دانی اسے جھنجھوڑتی ہوئی بولی ,,
دانین خاموش رہو اب اتنے قریب آ کر تم سب کچھ خراب نہیں کر سکتی جب تک الیکشن نہیں ہو جاتے تم یہیں رہو گی سمجھی اور کوئی بات نہیں ہوگی دوبارہ اس کے متعلق,, وہ درشتی سے بولتے کھڑے ہو گئے ...
اپنی غلطی کا آج دانی کو شدت سے احساس ہو رہا تھا ..
ڈیڈ پلیز ایسا نہ کریں ,,
شٹ اپ دانی تمہیں یہاں کسی چیز کی کمی نہیں پھر کیوں ضد کر رہی ہو اب خاموشی سے جتنے دن باقی ہیں گزارو کیونکہ آہل کے پاس جانے کا تو سوال ہی پیدا نہیں ہوتا,, ان کے چہرے پر بلا کی سختی تھی ,,
دانی کا چہرہ اشک بار تھا,, وہ شکوہ کناں نظروں سے زبیر کو دیکھنے لگی ,,
اور ہاں ایک بات پاکستان جا کر تم آہل سے طلاق لے لو گی تمہارا رشتہ میں نے طے کر دیا ہے ...
دانی پھٹی پھٹی آنکھوں سے زبیر کو دیکھنے لگی ..
آپ میرے ساتھ زبردستی نہیں کر سکتے سمجھے,, دانی چلاتی ہوئی زینے چڑھنے لگی ,,
زبیر ہنکار بھرتے دانی کو دیکھنے لگے ...
آہل پلیز مجھے لے جاؤ یہاں سے... دانی دروازہ کے ساتھ پشت لگاتی زمین پر بیٹھ گئی ,,
ڈیڈ آپ ایسا کیسے کر سکتے ہیں میرے ساتھ,, پہلے آہل کو دکھ دیا اور اب مجھے نہیں. میں کسی صورت آپ کی بات نہیں مانوں گی,, دانی اتنی کمزور نہیں ہے,, پیشانی کا خون جم چکا تھا,, لیکن آہل کو کیسے معلوم ہو گا میں یہاں ہوں,, دانی کو فکر ستانے لگی ,,
انہی خیالوں میں غرق دانی نیند کی وادی میں اتر گئی ..
رفیق عمیر کا خیال رکھ رہے ہو نہ ,,
جی سر میں روز معلوم کرتا ہوں اپنے اعتماد والے بندے اس کی حفاظت پر تعینات کر رکھے ہیں ,,
ہممم کیسی طبیعت ہے اب اس کی ,,
بہتر ہے پہلے سے, آپ کو یاد کرتا ہے ,,
یہ سب کچھ اتنی اچانک ہوا کہ مجھے موقع ہی نہیں ملا عمیر سے ملنے کا,, آہل افسوس سے بولا ..
جی سر اور وہ جو سمگلنگ والا کیس تھا نہ اس پر بھی میں نے کچھ لوگوں کو نظر رکھنے کا بولا ہے ,,
گڈ,, کچھ معلوم ہوا آج کل کہاں ہیں ,,
نہیں سر ان کا ٹھکانہ معلوم نہیں ہو سکا شاید انہوں نے ابھی تک جگہ تبدیل نہیں کی ...
ہاں نظر رکھنا کبھی نہ کبھی تو ہاتھ آئیں گے ..
سر ہم کب تک ایسے انتظار کریں گے ,,
رفیق کا اشارہ دانی کی جانب تھا,,
آنا گئی ہے شاید کوئی سوراخ مل جائے ,,
سر آپ نے کھانا بھی نہیں کھایا,, رفیق فکرمندی سے بولا ,,
کھا لوں گا فکر مت کرو,, آہل اس کا شانہ تھپتھپاتا چل دیا ..
رفیق دکھ سے آہل کو دیکھنے لگا ,,
آنا دروازے کے وسط میں کھڑی دستک دے رہی تھی ,,
آہل نے سر اٹھا کر دیکھا ,,
آ جاؤں,, آنا مسکرا کر بولی ..
آ جاؤ,, آہل رفیق کو اشارہ کرتا کھڑا ہو گیا ..
آج ہم کہاں جائیں گے, آہل بغور اسے دیکھ کر بولا..
آج میں سو رہی ہوں کچھ ایسے علاقوں میں جائیں جہاں زیادہ آبادی نہ ہو,,آنا سوچتی ہوئی بولی,,
آہل اثبات میں سر ہلاتا چلنے لگا...
دانی پیشانی پر ہاتھ رکھے اٹھ بیٹھی,,سر ابھی تک چکرا رہا تھا,,
حواس بحال ہوئے تو آہل کا خیال عود آیا ,,
آہل میں کیسے تمہارے پاس آؤں,, دانی کی آنکھوں میں نمی تیرنے لگی ,,
ڈیڈ تو نہیں لے جائیں گے,, دانی بولتی ہوئی بیڈ سے اتری اور بیگ لے کر بیٹھ گی ,,
پھر سے ڈائری کو دیکھنے لگی,, جس پر اے اور ڈی لکھا تھا,, اس بوسیدہ سی ڈائری میں تمام سوالوں کے جواب تھے دانی کچھ سے روشناس ہو چکی تھی کچھ سے باقی تھی ..
آہل آنکھوں پر گاگلز لگائے جیٹ سے اترا,, تیز ہوا سے اس کے بال لہلہا رہے تھے,,چہرے پر بلا کی سختی تھی البتہ آنکھوں میں کرب اور دکھ کے سائے تھے,,
عاقب حیات آگے آئے اور آہل کو گلے لگایا,,
آہل رو دینا چاہتا تھا لیکن آس پاس پارٹی کے لوگ کھڑے تھی سو خود پر بندھ باندھ لیا ,,ویسے بھی وہ ساری رات روتا رہا تھا اس لیے اب کافی حد تک مضبوط ہو چکا تھا,,,
چلیں,,آہل قدم بڑھاتا ہوا بولا,,
آگے پیچھے گارڈز کی نفری تھی آہل اور عاقب حیات ان کے وسط میں چلتے ہوئے گاڑی میں آ بیٹھے ,,
گھر پہنچتے ہی لاؤنج میں عابد حیات نظر آئے آہل وہیں ان کے سرہانے بیٹھ گیا,,گاگلز اس نے گاڑی میں ہی اتار دیں تھیں,,آنسو تھے کہ تھمنے کا نام نہیں لے رہے تھے عابد حیات کے دوست احباب اور کچھ سیاسی شخصیات وہاں موجود تھیں,,کیونکہ خاندان کے نام پر اور کوئی بھی نہیں تھا,,
آہل خاموش آنسو بہا رہا تھا باپ کا صدمہ کچھ کم ہوا تو ماں یاد آ گئی...
چاچو مام کہاں ہیں,,وہ نم آنکھیں,,تر چہرہ اٹھائے عاقب کو دیکھتا ہوا بولا,,
آہل شاید اس ظالم کو تمہاری ماں پر ترس آ جائے اور وہ چھوڑ دے اسے تاکہ وہ آخری بار اپنے شوہر کو دیکھ سکیں,,عاقب اس کے ساتھ بیٹھ کر سرگوشی کرنے لگا,,آہل کے تن بدن میں آگ لگ گئی,,
مجھے بات کرنی ہے آپ سے,,وہ کہتا ہوا کھڑا ہو گیا اور کمرے کی جانب قدم بڑھانے لگا,, عاقب افسردگی سے اس کے پیچھے چل دیا,,,
مام کہاں ہیں مجھے بتائیں,,آہل عاقب کا گریبان پکڑتا ہوا بولا ,
اگر معلوم ہوتا تو تمہارے ڈیڈ نہ لے آتے...
لعنت ہے آپ کی ایسی سیاست پر میری مام ایک ہفتے سے غائب ہیں اور آپ جانتے ہی نہیں ہممم,,آہل انہیں دھکا دیتا ہوا بولا,,
مار لو مجھے مار لو لیکن میں کہتا ہوں جس کا غصہ ہے اسی پر نکالنا,,عاقب ہنکار بھر کر بولا..
آہل نے بولنے کے لیے لب کھولے ہی تھے کہ دروازے پر دستک سنائی دی,,
عاقب ہاتھ سے خاموش رہنے کا اشارہ کرتے دروازے پر آئے..
سر میڈم آئیں ہیں,,ملازم سر جھکائے بولا,,
مام,,آہل کہتا ہوا باہر نکل گیا,,
آپ سب پلیز ڈرائی روم میں بیٹھ جائیں آہل اور اس کی مام کچھ وقت عابد حیات کے ساتھ اکیلے رہنا چاہتے ہیں,,عاقب سب کو دیکھتا ہوا بولا,,
ملازم سب کو لے کر ڈرائی روم میں چلا گیا...
مام,,آہل اسے دیکھ کر بولا جو اس کے سامنے ابتر حلی میں کھڑی تھی,,چہرے پر جگہ جگہ نشان پڑے تھے کچھ نیلے اور کچھ سرخ,
وہ پہلے سے لاغر دکھائی دیتی تھی تکلیف اس کے چہرے سے عیاں تھی,,
آہل اسے دیکھ کر تڑپ اٹھا,,
مام کس نے آپ کی یہ حالت,,آہل اسے سینے سے لگاتا ہوا بولا,,
آہل میرا بیٹا,, دُر عدن روتی ہوئی بولی,,
مام پلیز بس کریں,,آہل کو تکلیف ہو رہی تھی,, عدن بلک بلک کر رو رہی تھی,,
بس مام جتنا رونا تھا رو لیا اب رونے کی باری ان کی ہے جنہوں نے آپ کو رولایا آپ کے ایک ایک آنسو کا بدلہ لوں گا میں,,آہل اس کا چہرہ صاف کرتا ہوا بولا,,
عدن نفی میں سر ہلاتی روئے جا رہی تھی آج اسے دیکھ کر کوئی یہ نہیں کہ سکتا کہ یہ وہی دُر عدن ہے جس پر ایک دنیا مرتی ہے ...
چلیں اندر,,آہل اسے ساتھ لگائے چلنے لگا جو لڑکھڑا کر چل رہی تھی,, آہل ضبط کیے چل رہا تھا ,,
جیسے ہی عدن کی نظر عابد حیات کی میت سے ٹکرائی وہ اپنی جگہ پر ششدر رہ گئی,,
عدن پتھرائی نظروں سے کبھی آہل کو دیکھتی تو کبھی عابد کو,,
آہل,, وہ آہل کا بازو ہلاتی ہوئی بولی,,
آہل نم آنکھوں سے چلتا ہوا جا رہا تھا,,
آہل نے پہلے عدن کو بٹھایا پھر خود عابد کے سرہانے بیٹھ گیا,,
عابد کیا ہوا آپ کو آنکھیں کھولیں,,عدن ان کا چہرہ ہلاتی ہوئی بولی,,
آہل تمہارے ڈیڈ یہ سب..وہ بوکھلا کر آہل کو دیکھنے لگی,,
مام کل رات زبیر نے ڈیڈ پر فائرنگ کی تھی,, دو موتی ٹوٹ کر آہل کے رخسار پر آ گرے,,
عدن نفی میں سر ہلاتی آہل کو دیکھنے لگی..
آہل میں کیسے,,عدن کے الفاظ منہ میں رہ گئے کیونکہ وہ زمین بوس ہو چکی تھی,,
مام,,آہل عدن کا چہرہ بازو پر رکھے منہ تھپتھپانے لگا...
مام کیا ہوا آپ کو,, آہل کا اوپر کا سانس اوپر اور نیچے کا نیچے رہ گیا,,
چاچو پانی,,آہل چہرہ اوپر کر کے بولا,,
عاقب جو ابھی ابھی وہاں آیا تھا پانی لینے کو بھاگ کھڑا ہوا,,
یہ لو آہل,,,وہ گلاس تھما کر دوزانو بیٹھ گیا,,
آہل عدن کے چہرے پر چھینٹے مارنے لگا لیکن اس کے ساکن وجود میں کوئی حرکت نہ آئی,,
میں ڈاکٹر کو بلاتا ہوں,,عاقب کھڑا ہو کر نمبر ملانے لگا..
مام آپ کو کچھ نہیں ہو گا سن رہی ہیں نہ آپ ,,آپ کا آہل آپ کو کچھ نہیں ہونے دے گا ابھی تو ہم نے ڈیڈ کا بدلہ بھی لینا ہے ہیں نہ,, آپ بس جلدی سے ٹھیک ہو جائیں میں کسی کو نہیں چھوڑوں گا,,آہل اسے اپنے ساتھ لگائے دیوانہ وار بول رہا تھا,,
دس منٹ بعد ڈاکٹر آتا دکھائی دیا,,آہل عدن کو اپنے کمرے میں لے آیا اور اسے بیڈ پر لٹا دیا ,,چہرہ موڑ کر ڈاکٹر کو دیکھنے لگا,,
میری مام کو کچھ ہوا تو تمہیں بخشوں گا نہیں میں,,آہل اس کا گریبان پکڑے بول رہا تھا آنکھوں میں لہو دوڑ رہا تھا,, ڈاکٹر تھوک نگلتا ٹائی درست کرنے لگا..
آہل انہیں اپنا کام کرنے دو,,عاقب اسے اپنی جانب کھینچتے ہوئے بولے,,
چاچو مام کو کچھ نہیں ہو گا نہ,,,عاقب کو وہ اس وقت کوئی معصوم سا بچہ معلوم ہو رہا تھا,,
کچھ نہیں ہو گا بھابھی کو,,عاقب نے کمزور سی تسلی دی,,
آہل دم سادھے ڈاکٹر کو دیکھ رہا تھا جو عدن کا معائنہ کر رہا تھا,,ڈاکٹر چہرہ موڑے انہیں دیکھنے لگا آہل کے غضب کے باعث وہ بولنے سے ہچکچا رہا تھا,,
کیا ہوا بولو,,عاقب اس کا چہرہ دیکھتا ہوا بولا,,
سوری سر لیکن ان کی موت ہو چکی ہے,,وہ افسوس سے بولا..
تمہیں بولا تھا مام کو کچھ نہیں ہونا چاہیے,,آہل اس کا گریبان پکڑے دیوار کے ساتھ لگاتا ہوا بولا..
آہل,,عاقب آگے بڑھا لیکن اس سے قبل آہل اس کے منہ پر ایک عدد تھپڑ مار چکا تھا,,ڈاکٹر ہکا بکا سا اسے دیکھ رہا تھا,,
عاقب نے آہل کو الگ کیا اور ڈاکٹر کو جانے کا اشارہ کیا,,
تمہارا دماغ خراب ہو گیا ہے کیا,,عاقب آنکھوں میں نمی لئے بولے,,
آئل انہیں پرے دھکیلتا عدن کے پاس آ گیا ,,
مام پلیز اٹھیں وہ ڈاکٹر بکواس کر رہا تھا پلیز آنکھیں کھولیں,, آپ تو ایسا مت کریں مام پلیز اٹھیں ابھی تو آپ نے مجھے سب بتانا تھا ابھی ہم نے بہت کچھ کرنا تھا آپ کیسے مجھ سے منہ موڑ سکتی ہیں,, آہل عدن کو جھنجھوڑتا ہوا بول رہا تھا ,,
عدن کا گلابی چہرہ مرجھایا ہوا تھا آنکھوں کے گرد حلقے پڑے تھے اور چہرہ بگڑا ہوا تھا جو کہ تشدد کی نشاندہی کر رہا تھا ,,
مام پلیز نہ کریں میرے ساتھ ایسا میں کہاں جاؤں پہلے ڈیڈ اور اب آپ پلیز اٹھیں نہ مام کیوں میری بات نہ مان رہیں آپ,, آہل پاگلوں کی مانند چلا رہا تھا ,,
چاچو کیا مسئلہ ہے سب کے ساتھ,,عدن کی جانب سے خاموشی پا کر آہل حلق کے بل چلایا ,,
عاقب کے پاس کچھ بھی نہیں تھا بولنے کو حتی کہ دو بول ہمدردی کے بھی نہ تھے ,,
مام کیوں,, کیوں مجھے چھوڑ دیا آپ دونوں نے پاگل کر دیا ہے اب کون میرا انتظار کرے گا کون مجھے ڈانٹے گا یار یہ کیا کر دیا آپ نے... آہل اس کے ہاتھ تھامے بول رہا تھا ...
کون اب آہل کو سمجھائے گا کون مجھے نصیحت کیا کرے گا اچھا نہیں کیا آپ دونوں نے ایک ساتھ مجھے چھوڑ دیا لا وارث کر دیا ہے ناراض ہوں میں آپ دونوں سے.. آہل اس کے ہاتھ چھوڑتا کھڑا ہو گیا ,,
آہل,, عاقب اس کی جانب بڑھے..
بات مت کریں مجھ سے,کوئی کچھ نہیں لگتا میرا,, آہل اس کا ہاتھ جھٹکتا باہر نکل گیا ,,
آہل باہر نکلا ہے گارڈز کو اس کے ہمراہ بھیجو,, آہل کے نکلتے ہی عاقب فون کان سے لگائے بولنے لگا ...
دُر عدن پر نظر پڑیں تو آنکھیں پھر سے چھلک پڑی ,
کوئی ایک تو رک جاتا آہل کے پاس آپ دونوں بھی ایک ساتھ چل دئیے ,,
محبت کی رسمیں دنیا والے نہیں جانتے,, آج آپ دونوں نے ثابت کر دیا جتنی محبت آپ کے بیچ تھی زندہ تھے تو ساتھ میں اور جب دنیا سے منہ موڑا تو بھی ساتھ میں,, لیکن بھابھی اپنے اکلوتے جوان کا تو خیال کرتیں کچھ ہمت کر لیتیں اپنے بیٹے کی خاطر,, میں نہیں جانتا اسے کیسے سنبھالوں گا,, وہ خاصا لاابالی سا ہے,, عاقب کے چہرے پر آنسو بہ رہے تھے ,,,
لیکن اللہ کے حکم کے آگے بندہ کیا کر سکتا ہے شاید آہل کے نصیب میں یہی لکھا تھا,, وہ کرب سے بولتا باہر نکل آیا ,,
بھابھی کے غسل کا انتظام کرو,, ملازمہ کو کہ کر وہ عابد حیات کے پاس آ گے ...
نہیں مانتا میں کچھ بھی,, کوئی مجھے چھوڑ کر نہیں گیا,, آہل چلتا جا رہا تھا اور بولتا جا رہا تھا متواتر اشک اس کے رخسار کو بھگو رہے تھے ,,
مام بھی میرے ساتھ رہیں گیں اور ڈیڈ بھی میں دیکھتا ہوں کیسے مجھ سے دور جاتے ہیں,, وہ بالوں میں ہاتھ پھیرتا چل رہا تھا,, گارڈز کچھ فاصلے پر اس کا تعاقب کر رہے تھے ,,
آہل تھک کر وہیں زمین پر بیٹھ گیا ,,
سامنے جھیل تھی,, وہی جھیل جو اس کی ماں کو بے حد پسند تھی,, وہ اکثر و بیشتر اسی جھیل پر آ کر کھڑے ہو جاتے ,, آہل نم آنکھوں سے ماضی میں بہتا جا رہا تھا,, نظریں ہنوز اس نیلی جھیل پر تھیں ,,
آہل میری بات غور سے سن لو تمہاری شادی دانی سے ہو گی,, عدن خفگی سے دیکھتی اس کی ناٹ ٹائٹ کرنے لگی ..
مام وہ بچی ہے,, اور نام دیکھیں دانی بانی,, آہل منہ بناتا ہوا بولا ,,
خبردار اگر تم نے دانی کے نام کو بگاڑا تو,, عدن گھوری سے نوازتی ہوئی بولی ,,
لیکن مام وہ بدتمیز ہے پھر میرے ساتھ کھڑی چھوٹے بہن لگے گی,, آہل نے قائل کرنا چاہا ,,
میں کچھ نہیں جانتی تمہاری بیوی وہی بنے گی اور وقت کے ساتھ انسان بدل جاتا ہے تم بھی جب آسٹریلیا سے واپس آؤ گے نہ تو وہ بدل چکی ہو گی,,
ہوں بدل چکی ہو گی میں دنیا بھی فتح کر کے آجاؤں گا وہ پھر بھی ایسے ہی چڑیل رہے گی ,,,
کیا کہا تم نے,, عدن اس کا کان کھینچتی ہوئی بولی ,,
میں کیا کہ سکتا ہوں بھلا,, آہل معصومیت سے بولا ..
تمہیں آسٹریلیا بھیج رہی ہوں پڑھائی کے لئے,, اس کے علاوہ کوئی الٹا سیدھا کام کیا تو بہت برا پیش آؤں گی , اچھا جی کیا کریں گیں آپ,, آہل گریل پر ہاتھ رکھتا جھیل کو دیکھنے لگا ,
بات نہیں کروں گی تم سے,, عدن چہرہ موڑ کر کھڑی ہو گئی ..
آپ کی ایسی کی تیسی جو اگر مجھ سے بات نہ کی وہ بھی اس دانی میرا مطلب ہماری دانی کے باعث... آہل اسے عقب سے ہگ کرتا ہوا بولا ,,
عدن مسکرانے لگی تو ڈمپل نمایاں ہوا ,,
میرا پیارا بیٹا,, وہ آہل کے رخسار پر ہاتھ رکھتی ہوئی بولی ,,
اور میری پیاری مام,,آہل اس کے ڈمپل پر بوسہ دیتا ہوا بولا ,,
حال کی تلخیاں آہل کو ماضی سے باہر نکال لائیں ,,
مام آپ نے کہا تھا مجھ سے بات نہیں کریں گے,, آپ نے سچ کر دکھایا,, آپ کیسے اپنے بیٹے سے ناراض ہو سکتی ہیں,, آہل گھٹنے زمین پر رکھے چہرہ ہاتھوں میں چھپائے بلک رہا تھا ,,
کہیں وہ لوگ مام اور ڈیڈ کو لے نہ جائیں,, جونہی گھر کا خیال آیا آہل چہرہ صاف کرتا کھڑا ہو گیا ,,