"بیگم صاحبہ آپ سے اور افراہیم صاحب سے ملنے کوئی آیا ہے"
نازنین کے کمرے میں نوری آتی ہوئی نازنین سے بولی
"ٹھیک ہے میں آرہی ہو تم افی کو بلاؤ"
نازنین نوری سے بولتی ہوئی سٹنگ روم میں چلی آئی جہاں ایک نوجوان پہلے سے اس کا منتظر تھا
ازلان آج نازنین اور افراہیم کے سامنے بیلا اور اپنے نکاح کے بارے میں بتانے کا ارادہ کر کے یہاں آیا تھا۔۔۔ نازنین کے کمرے میں آنے پر وہ صوفے سے اٹھ کر کھڑا ہوگیا دس سال بعد آج وہ نازنین کو اپنے سامنے دیکھ رہا تھا نازنین خود بھی ازلان کو دیکھ کر اسے پہچاننے کی کوشش کرنے لگی
"شاید آپ مجھے پہچان نہیں پارہی ہیں میں ازلان ہوں مسسز عباد"
ازلان نازنین کی مشکل کو دور کرنے کی غرض سے اپنا تعارف کروانے لگا۔۔۔ جس پر نازنین حیرت سے ازلان کو دیکھنے لگی
"میں اور عباد تمہیں اس وقت بھی صحیح سے پہچان نہیں پائے تھے مجھے معاف کردو ہم نے تمہیں غلط سمجھا۔۔۔ عباد کو دنیا چھوڑ کر جاتے وقت اس بات کا دکھ رہا کہ وہ تم سے اور قیوم سے معافی نہیں مانگ سکے"
نازنین اپنے سامنے کھڑے ازلان کو دیکھ کر افسردگی سے بولی
"بیلا نے مجھے بتایا تھا کہ مسٹر عباد حقیقت جاننے کے بعد کافی پچھتا رہے تھے لیکن وقت ان کو زیادہ مہلت نہیں دے سکا"
ازلان کے بولنے پر نازنین حیرت زدہ ہوکر ازلان کو دیکھنے لگی
"کیا مطلب بیلا اور تمہاری بات چیت ہے "
نازنین کی بات پر ازلان ایک پل کے لئے خاموش ہوا پھر آہستگی سے بولا
"بیلا سے میں نے بچپن میں وعدہ کیا تھا اس کا ساتھ کبھی نہ چھوڑنے کا، بیلا سے میری صرف بات چیت یا دوستی نہیں ہے بلکہ میرے اور بیلا کے درمیان ایک مضبوط بندھن بھی قائم ہے اور اسی رشتہ کو لے کر آج میں یہاں آپ سے اور افراہیم سے بات کرنے آیا ہوں"
نازنین ازلان کی بات سن کر حیرت میں ڈوبی ازلان کو دیکھ رہی تھی تبھی کمرے میں افراہیم داخل ہوا
"تم یہاں میرے گھر پر کیا کررہے ہو"
افراہیم جس کا غصہ تھوڑی دیر پہلے کچھ کم ہوا تھا ازلان کو دیکھ کر ایک دم غصے میں اس سے پوچھنے لگا اس سے پہلے ازلان کچھ بولتا نازنین بول اٹھی
"افی میں تمہیں پوری اور مکمل حقیقت بتاتی ہیں، ازلان بیٹا آپ یہاں بیٹھے ہم لوگ بیٹھ کر تحمل سے بات کرتے ہیں"
یہ بات ازلان کو بیلا پہلے ہی بتا چکی تھی کہ افراہیم کو اصل حقیقت کا ادراک نہیں ہے جس کی وجہ سے ازلان اس سے کچھ ایسے ہی رویہ کی توقع کررہا تھا
"آپ بیچ میں مت بولیں مما اور تمہیں یہاں بیٹھنے کی ضرورت نہیں ہے فورا نکلو میرے گھر سے"
افراہیم غصے اور تیز لہجے میں بولا اس سے پہلے ازلان اس کو کچھ بولتا کمرے میں اب کی بار آنے والی شخصیت کو دیکھ کر نہ صرف ایک پل کے لیے ازلان کو سانپ سونگھ گیا بلکہ افراہیم بھی لب بھینچ کر ضبط کرتا ہوا نوف کو دیکھنے لگا جو بے یقینی سے پوری آنکھیں کھولے ازلان کو دیکھ رہی تھی
***
"نوف"
ازلان نے حیرت سے باہر نکل کر نوف کو پکارا تو وہ دوڑتی ہوئی ازلان کے پاس آئی اور روتی ہوئی ازلان کے گلے سے لگ گئی
"کیوں اتنی دیر کردی آپ نے مجھے تلاش کرنے میں، آپ کو نہیں معلوم اس ڈھیر ماہ کے عرصے میں میں نے کیسا کیسا وقت دیکھا ہے، ایک ایک دن میں نے آپ کے ملنے کی دعا مانگی،، اب تو مجھے یقین ہونے لگا تھا کہ میں آپ کو زندگی میں کبھی نہیں دیکھ پاؤگی لیکن شاید اللہ کو آج مجھ پر ترس آگیا"
نوف ازلان کے گلے لگی ہوئی مسلسل روتے ہوئے بولے جارہی تھی جبکہ نازنین دوبارہ حیرت سے ان دونوں بہن بھائی کو دیکھ رہی تھی افراہیم اپنا غصہ برداشت کیے بالکل خاموش کھڑا ضبط سے کام لے رہا تھا تب شور کی آواز سن کر بیلا بھی کمرے میں داخل ہوئی وہ بھی نازنین کی طرح ازلان اور نوف کو گلے لگے ہوئے حیرت سے دیکھ رہی تھی
"میں نے کبھی یہ امید نہیں چھوڑی تھی کہ میری بہن مجھے نہیں مل سکتی، بہت ڈھونڈا تمہیں ہر جگہ تلاش کیا رابطہ کیو نہیں کیا تم نے مجھ سے"
ازلان وہاں پر موجود ہر فرد کو فراموش کیے نوف کی آنکھوں سے آنسو صاف کرتا ہوا اس سے پوچھنے لگا آج اپنی بہن کو اپنی آنکھوں کے سامنے دیکھ کر وہ خدا کا شکر کرنے کے ساتھ مکمل اطمینان محسوس کررہا تھا
"یہ تم سے رابطہ اس لیے نہیں کرسکی کیونکہ اوپر جو اللہ کی ذات موجود ہے وہ نہیں چاہتی تھی کہ تمہاری بہن تم سے مل سکے اور اب میں نہیں چاہتا کہ نوف تم سے کوئی تعلق رکھے زیادہ حیران ہونے یا تعجب کرنے کی ضرورت نہیں ہے تمہاری بہن میری بیوی ہے اور میں ہرگز برداشت نہیں کروں گا کہ میری بیوی میری بہن کے مجرم سے کوئی تعلق رکھے نوف اپنے کمرے میں جاؤ"
افراہیم کے اچانک انکشاف پر کمرے میں موجود سب نفوس حیرت زدہ ہوگئے جہاں نازنین اور بیلا یہ سن کر شاکڈ ہوئی تھی کہ یمنہ ازلان کی بہن ہے وہی ازلان افراہیم اور نوف کے رشتے کو لے کر شاکڈ ہوا تھا
"تمہاری بہن کا اصل مجرم کون ہے یہ تم پہلے اپنی بہن سے پوچھو اس کے بعد مجھ سے بات کرنا فلحال میں اپنی بہن کو یہاں سے لےکر جارہا ہوں"
ازلان افراہیم کے بگڑے ہوئے تیوروں کو دیکھ کر اس کو بولا اور نوف کو اپنے ساتھ لے جانے لگا تو افراہیم ان دونوں کے راستے میں دیوار بن کر کھڑا ہوگیا
"یہ کہیں نہیں جائے گی"
افراہیم ایک ایک لفظ پر زور دیتا ہوا ازلان سے بولا مگر اس کی نگاہیں نوف پر ٹکی ہوئی تھی جن میں نوف کے لیے تنبیہ موجود تھی جبکہ نازنین اور بیلا اس صورت حال پر خاموش تماشائی بنی ہوئی کھڑی تھی
"میں اپنے بھائی کے ساتھ جانا چاہتی ہوں افراہیم"
نوف کے بولنے پر افراہیم نوف کو غصے سے دیکھنے لگا جبکہ ازلان بیلا کے پاس آکر اس سے مخاطب ہوا
"میں نے تم سے ہمیشہ وفا نبھانے کا وعدہ کیا تھا اور میں اپنے وعدے پر قائم ہوں، لیکن اب کی بار میں تم سے بھی وفا نبھانے کی امید رکھتا ہوں"
ازلان بیلا سے بولتا ہوا نوف کو اپنے ہمراہ وہاں سے لے کر چلا گیا
***
بقول ازلان کے اس نے بیلا سے وفا نبھانے کا وعدہ کیا تھا اور وہ اب بھی وہ اپنے وعدے پر قائم ہے یعنی وہ صرف اسی کا ہے اس نے دوسری شادی نہیں کی تھی۔۔۔ اور اب وہ بیلا سے وفا کی امید رکھتا ہے مطلب صاف ظاہر تھا دس سال پہلے جو کچھ ہوا اب بیلا کو افراہیم کے آگے ساری سچائی بتاکر ازلان کا امیج اپنے بھائی کے سامنے کلیئر کرنا تھا مگر ازلان اپنے جانے سے پہلے نازنین کو اپنے اور بیلا کے رشتے کے بارے میں بتا چکا تھا جبھی نازنین تھوڑی دیر پہلے اس بات کی تصدیق کرنے بیلا کے پاس آئی تھی۔۔۔ نازنین کے جانے کے بعد بیلا ہمت جمع کرتی ہوئی افراہیم کو سچ بتانے کے لئے خود کو تیار کرنے لگی
***
پہلے تو اسے نوف پر شدید غصہ تھا کہ وہ اس کے منع کرنے کے باوجود اپنے بھائی کے ساتھ یہاں سے جاچکی تھی لیکن تھوڑی دیر پہلے ہی بیلا نے آکر اسے اصل حقیقت بتائی تھی یعنی اپنے اصل مجرم کا نام جس پر افراہیم کو سانپ سونگھ گیا تھا۔۔۔ اتنی بڑی حقیقت اتنی بڑی سچائی اس کے گھر والوں نے اتنے سال تک اس سے چھپا کر رکھی تھی
اصل حقیقت جاننے کے بعد اب افراہیم کا غصہ پچھتاوے اور ندامت میں ڈھلنے لگا تھا۔۔۔ اسے اپنا نوف کے ساتھ کیا ہوا برا سلوک یاد آنے لگا،، ازلان کو اپنی بہن کا مجرم سمجھ کر اس نے نوف کے ساتھ کتنا برا سلوک کیا تھا اپنے ایک ایک عمل کو یاد کرکے اسے شرمندگی ہونے لگی اپنی باتوں اور رویے سے وہ نوف کا کتنا دل دکھا چکا تھا بلکہ دس سال پہلے وہ اس کے ساتھ بہت برا سلوک کرچکا تھا جب وہ صرف نو سال کی معصوم بچی تھی۔۔۔ افراہیم کو وہ سب سوچ کر خود سے نظریں ملانا مشکل لگ رہا تھا اس کو سمجھ نہیں آرہا تھا وہ نوف سے اپنے رویہ کی معافی مانگنے اس کا سامنا کیسے کر پائے گا
***
"میں کتنی بدنصیب ہوں بھائی امی کے آخری وقت میں ان کا چہرہ بھی نہیں دیکھ پائیں وہ کتنا تڑپ رہی ہوگیں میرے لئے"
نوف نے ایک بار پھر رخشی کو یاد کرکے آنسو بہانا شروع کردیے
"خبردار جو تم نے اپنے آپ کو بدنصیب بولا،، اور اگر اب تم دوبارہ روئی تو میں امی کی کوئی بات تم سے شیئر نہیں کرو گا۔۔۔۔ طبیعت دیکھی ہے تم نے اپنی پہلے ہی ٹھیک نہیں ہے اوپر سے تم بار بار روئے جارہی ہو، چلو اٹھ کر ڈائینگ روم میں اور کچھ لائٹ سا کھالو"
ازلان ڈانٹتا ہوا نوف سے بولا تو نوف کو نہ چاہتے ہوئے بھی ڈائننگ ہال میں جانا پڑا،، ازلان کل نوف کو اپنے ساتھ اپنے فلیٹ میں لےکر آیا تھا کل سے ہی نوف کی طبیعت کچھ اپ سٹ تھی اس کو ہر تھوڑی دیر بعد وقفے وقفے سے وومیٹنگ کا احساس ہورہا تھا ازلان کو شروع سے ہی اپنی بہن کی حساس طبیعت کا معلوم تھا اس لیے نوف کے لاکھ منع کرنے کے باوجود ازلان نے خود اس کے لئے کھچڑی بنائی تھی
"ویسے افراہیم کا رویہ تمہارے ساتھ کیسا ہے "
نوف نے ابھی پہلا نوالا منہ میں رکھا ہی تھا تو ازلان نوف کے سامنے کرسی پر بیٹھتا ہوا اس سے پوچھنے لگا جس پر وہ چونک کر ازلان کو دیکھنے لگی
"وہ اچھے ہیں بھائی"
نوف افراہیم کے بارے میں اتنا ہی بول سکی جس پر ازلان ایک دم بڑبڑایا
"مجھے تو وہ نک چڑا نواب بالکل بھی پسند نہیں"
ازلان کی بڑبڑاہٹ ایسی نہیں تھی کہ نوف نہ سمجھ سکے شاید ازلان افراہیم کو لےکر جان بوجھ کر اپنے خیالات اس پر ظاہر کرنا چاہ رہا تھا تبھی ایسا بولا
"اب وہ ایسے بھی کوئی نک چڑے نہیں ہیں،، بس ایک دو چھوٹی موٹی خامیاں ہیں لیکن وہ تو ہر کسی میں ہوتی ہیں آپ ہی تو کہتے ہیں کوئی بھی انسان پرفیکٹ نہیں ہوتا" نوف ازلان کے سامنے افراہیم کی سائیڈ لیتی ہوئے بولی جو بھی تھا افراہیم سے اس کا گہرا اور مضبوط رشتہ جڑا ہوا تھا بےشک وہ اسکے پاس سے چلی آئی تھی مگر اسے ازلان کے سامنے افراہیم کے رویے کو لےکر کوئی تھی بات کرنا مناسب نہیں لگا تھا
"مکمل تو کوئی بھی انسان نہیں ہوتا لیکن میری پیاری اور معصوم بہن کے ساتھ ایسا انسان جچتا ہے جو اس کی قدر کرے"
جن حالات میں نوف کا افراہیم سے نکاح ہوا تھا ازلان نے جاننے کے بعد کسی ردعمل کا اظہار نہیں کیا تھا مگر اسے افراہیم کا رویہ تھوڑا محسوس ہورہا تھا جیسے نوف اس سے بہت کچھ چھپا رہی ہو
"ایسی بات نہیں ہے افراہیم کے سیل فون میں میری ان کے ساتھ بہت سی ایسی تصویریں موجود ہیں جن کو آپ دیکھ کر کہیں گے کہ میری ان کے ساتھ جوڑی بہت زیادہ جچتی ہے"
نوف بات کو مذاق کا رنگ دیتی ہوئی بولی تو ازلان اس کی بات پر مسکرا دیا
"ویسے نک چڑے نواب کی بہن کا رویہ کیسا ہے آپ کے ساتھ"
نوف کھانا کھانے کے دوران بیلا کے بارے میں ازلان سے پوچھنے لگی ازلان کل ہی نوف کو اپنے اور بیلا کے نکاح کے بارے میں بنا چکا تھا
"اگر وہ نک چڑی ہوتی تو تمہاری بھابی کبھی بھی نہیں ہوتی"
ازلان کی بات پر نوف مسکرائی اور خالی پلیٹ رکھنے کے غرض سے اٹھنے لگی مگر اس سے پہلے ہی اس کا سر بری طرح سے چکرایا
"نوف"
ازلان نوف کو پکارتا ہوا تیزی سے اٹھ کر نوف کی طرف بڑھا