"اتنے افسردہ کیوں بیٹھے ہو باگڑ بلے، تمہیں تو بہت خوش ہونا چاہیے کہ گل نامی کانٹا آج تمہاری زندگی سے ہمیشہ کے لئے نکل جائے گا"
ازلان اپنے کمرے میں موجود صوفے پر بیٹھا ہوا تھا تب گل اس کے پاس آتی ہوئی مسکرا کر بولی تو ازلان خاموشی سے اسے دیکھنے لگا آج کی تاریخ میں چند گھنٹے بعد شام میں اس کا نکاح معامون سے ہوجانا تھا
"افسردہ نہیں ہوں میں بلکہ تمہارے لئے فکرمند ہوں،
ازلان اپنے سامنے کھڑی گل کو دیکھتا ہوا بولا تو گل ہلکی سی مسکراہٹ چہرے پر لاکر ازلان کے سامنے اس کے پیروں کے پاس بیٹھ گئی
"تم میرے لئے فکرمند ہو۔۔۔ میرے یہاں سے رخصت ہونے سے پہلے ایسی بات نہ کرو کہ میں خوشی سے آج مر ہی جاؤں"
گل اداسی سے مسکراتی ہوئی ازلان سے بولی تو اذلان دوبارہ خاموشی سے گل کا مسکراتا ہوا چہرہ دیکھنے لگا جس کے پیچھے چھپی اداسی وہ صاف محسوس کرسکتا تھا
"اپنے احساسات اور جذبات ہمیشہ اس انسان پر عیاں کرنے چاہیے جو ان کا اصل حقدار ہو جو تمہارے جذبات کی قدر کرے۔۔۔ گل تم بہت اچھی لڑکی ہو، ایک اچھی زندگی ڈیزرو کرتی ہو، معامون بیشک پہلے سے شادی شدہ تھا ابھی ایک بیٹا بھی ہے اس کا مگر میں اس کو پرسنلی جانتا ہوں وہ دل کا بہت اچھا اور نیک سیرت انسان ہے تم اس کو اور اس کے بیٹے کو سچے دل سے اپناؤ گی تو وہ تمہاری قدر کرے گا تمہیں بہت خوش رکھے گا"
ازلان گل کو سمجھاتا ہوا بولا تو گل دوبارہ اداسی سے مسکرا دی
"میں اچھی لڑکی کیسے ہوسکتی ہو باگڑ بلے اگر گل اچھی لڑکی ہوتی تو وہ ازلان کے دل پر حکومت کرتی۔۔۔ ازلان کے دل میں پھر کبھی کسی بیلا کا خیال نہیں آتا، اچھی لڑکی تو فتنہ نکلی جسے ازلان جیسا شہزادہ مل گیا"
ازلان کے سامنے بیٹھ کر بولتے ہوئے گل کی آنکھوں سے آنسو رواں ہونے لگے تو ازلان ایک پل کے لئے کچھ نہیں بول سکا چند سیکنڈ بعد اس نے گل کو سمجھانا چاہا تو گل نے ہاتھ کے اشارے سے ازلان کو کچھ بھی کہنے سے روک دیا
"میں جانتی ہوں دل کے سودے زبردستی کے نہیں ہوتے جیسے تم مجھ سے زبردستی دل نہیں لگا سکتے ویسے میں بھی کسی کو زبردستی اپنے دل میں بسا نہیں سکتی لیکن میں کوشش کروں گی معامون سے کبھی بھی تمہیں شکایت سننے کو نہ ملے میں اچھی لڑکی بننے کی کوشش کروں گی،، اچھی بیوی اور اچھی ماں بننے کی بھی کوشش کروگی تاکہ معامون کو کبھی مجھ سے شادی کے فیصلے پر پچھتاوا نہ ہو اور نہ تمہیں اس کے سامنے شرمندگی اٹھانا پڑے، گل کبھی بھی تمہیں شرمندہ نہیں ہونے دے گی لیکن اس وقت اپنے سامنے مجھے رونے دو"
گل بولتی ہوئی ازلان کے گھٹنے پر اپنا ماتھا ٹکا کر رونے لگی تو ازلان نے بھی اس کو اس لیے رونے دیا تاکہ وہ اپنا سارا غبار اور رنج یہی نکال کر اس گھر سے رخصت ہو،، گل کے سر پر اپنا ہاتھ رکھے وہ خاموشی سے صوفے پر بیٹھا تھا تبھی اس کی نظر کمرے کے دروازے پر کھڑی بیلا پر پڑی جو عجیب نظروں سے ان دونوں کو دیکھ رہی تھی
"وہاں کیوں کھڑی ہو اندر کمرے میں آجاؤ"
ازلان گل کے سر سے ہاتھ ہٹاتا ہوا بیلا سے بولا تو وہ گل چونک کر دروازے پر کھڑی بیلا کو دیکھنے لگی وہ جلدی سے اپنی آنسوؤں کو صاف کرتی ہوئی اٹھ کر کھڑی ہوگئی
"میں پوچھ سکتی ہوں کیا تماشا چل رہا ہے یہاں"
بیلا اندر کمرے میں آتی ہوئی گل پر زہر بھری نظر ڈال کر ازلان سے بولی
"ضرور پوچھ سکتی ہوں مگر اپنا لہجہ اور انداز درست کر کے اور ذرا تمیز سے"
اذلان خود بھی صوفے سے اٹھتا ہوا بیلا کو آنکھوں میں تنبیہ کرتا ہوا بولا کہ وہ اس وقت مزید بات کو نہ بڑھائے کیونکہ بیلا کل بھی عجیب طنز کرتی ہوں یہاں سے جاچکی تھی، نہ ہی اس کا گل کی یہاں آمد پر رویہ اچھا تھا آج گل یہاں سے رخصت ہوکر چلے جانا تھا جبھی ازلان چاہتا تھا بیلا جذباتی پن کی بجائے تھوڑا سا صبر سے کام لے
"وہ دراصل شام میں نکاح ہوجانا ہے نہ تو اپنے اماں اور ابا کی یاد آگئی تھی تبھی ازلان کے سامنے رونا آگیا "
گل بیلا کی طرف بڑھتی ہوئی بولی، وہ نہیں چاہتی تھی اس کی وجہ سے اذلان اور بیلا کے بیچ بات خراب ہو مگر بیلا نے اچانک غصے میں گل کے منہ پر تھپڑ مار دیا
"میں نے تم سے بات کی ہے یا کچھ پوچھا تم سے"
بیلا حقارت بھری نظروں سے گل کو دیکھتی ہوئی بولی تو تھپڑ پڑنے پر گل کے ساتھ ساتھ ازلان بھی ایک لمحے کے لئے بیلا کی حرکت پر شاکڈ ہوا مگر دوسرے ہی لمحے وہ غصے میں بیلا کی طرف بڑھا
"تھپڑ کیوں مارا تم نے اس کو"
ازلان غصے میں بیلا کا بازو پکڑ کر اس کا رخ اپنی طرف کرتا ہوا بیلا سے پوچھنے لگا
"کیونکہ یہ میرے ہاتھ کا تھپڑ ڈیزرو کرتی ہے اپنے محبوب کے قدموں میں بیٹھ کر ٹسوے بہاتے ہوئے یہ یاد اپنے ماں باپ کو کررہی ہے بیوقوف نظر آتی ہوں اس کو میں شاید"
بیلا غصے میں ازلان سے بولتی ہوئی گل کو دیکھنے لگی تو گل شرمندگی سے ازلان کو دیکھنے کے بعد کمرے سے باہر جانے لگی
"ایک منٹ گل یہی رکو"
ازلان کی آواز پر کمرے سے باہر جاتی گل کو رکنا پڑا، وہ سوالیہ نظروں سے ازلان کو دیکھنے لگی مگر ازلان اس کی بجائے بیلا کی طرف متوجہ تھا
"بیلا معافی مانگو گل سے"
ازلان بہت آرام سے بیلا سے بولا ازلان کی بات پر بیلا کے ساتھ گل بھی حیرت سے ازلان کو دیکھنے لگی
"کیا کہا تم نے میں اور اس سے معافی مانگو"
بیلا حیرت سے آنکھیں پھیلاتی ہوئی ازلان سے پوچھنے لگی جو اس وقت بالکل سنجیدہ کھڑا بیلا کو ہی دیکھ رہا تھا
"تم نے بلاجواز ہاتھ اٹھایا ہے تو تم اس سے معافی مانگو گی ورنہ آج میں تمہیں بتاؤں گا کہ تم مجھ سے کیا ڈیزرٹ کرتی ہوں، معافی مانگو گل سے"
اب کی بار ازلان سخت لہجہ اپناتا ہوا بولا تو گل بیچ میں بول اٹھی
"رہنے دو ازلان بات کو کیوں بلاوجہ بڑھا رہے ہو جو ہوگیا سو ہوگیا تمہیں باہر کام سے جانا تھا ناں، جاؤ کام نبھٹالو، میں شام کے لیے کپڑے پریس کرلیتی ہو"
گل تمام معاملے کو نبٹانے کی کوشش کرنے لگی آج وہ یہاں سے جارہی تھی اس لیے نہیں چاہتی تھی کہ ازلان اور بیلا کے درمیان کوئی بدمزگی ہو
"جب تک یہ تم سے معافی نہیں مانگے گی نہ ہی میں کہیں جارہا ہوں اور نہ ہی تم اس کمرے سے جاؤگی بیلا میں کیا بول رہا ہوں معافی مانگو گل سے"
ازلان گل سے بولنے کے بعد ایک مرتبہ پھر بیلا کو دیکھ کر بولا
"میں تمہاری کزن سے معافی نہیں مانگوں گی تمہیں جو بھی کرنا ہے کرلو"
اندر سے اپنی حرکت پر نادم ہونے کے باوجود بیلا خود سری سے بولی نہ جانے کیو گل سے معافی مانگتے ہوئے اس کی انا آڑے آگئی تھی
"معلوم ہے تم مجھے اچھی کیوں لگتی تھی کیونکہ مجھے محسوس ہوتا تھا کہ تم ایک غریب انسان کو بھی انسان ہی سمجھتی ہو لیکن آج تم نے اپنے رویے سے یہ ثابت کردیا کہ میں غلط تھا تم بالکل مسٹر عباد کے جیسی ہو یعنی اپنے باپ جیسی، جو اپنے سے نیچے انسان کو کیڑے مکوڑے سمجھتے تھے اور ایک مغرور لڑکی کے لیے میری زندگی میں کوئی جگہ نہیں ہے فی الحال تو تم اس وقت میرے گھر سے نکلو"
ازلان گل کے روکنے ٹوکنے کے باوجود بیلا کا ہاتھ پکڑ کر اسے اپنے فلیٹ سے باہر نکال چکا تھا
***
یہ وہ جانتا تھا گل لازمی ازلان کے پیچھے اسی شہر میں آئی ہوگی مگر یہ بھی حقیقت تھی کہ اتنے بڑے شہر میں گل یا ازلان کو ڈھونڈنا آسان نہیں تھا وہ پچھلے تین دن سے مسلسل ایک جگہ سے دوسری جگہ دھکے ہی کھا رہا تھا کیونکہ مزید کچھ کھانے کے لئے اس کے پاس موجود رقم ناکافی تھی جس سے عدنان اپنے پیٹ کی آگ بجھا سکے اس لیے جو تھوڑی بہت رقم بچی تھی عدنان نے اس رقم سے ایک چاقو خرید لیا تاکہ وہ لوگوں کو ڈرا کر ان سے رقم حاصل کرسکے اس وقت وہ ایک بڑے سے ہسپتال کے سامنے موجود تھا جہاں پر بڑے بڑے مگر مجبور اور پریشان حال لوگ علاج کے لیے آتے تھے تبھی عدنان کی نظر ایک چمکتی ہوئی بڑی سی گاڑی پر پڑی ہے مگر اس کو جھٹکا تب لگا جب گاڑی میں سے نکلنے والی اس لڑکی پر اس کی نظر پڑی جو چہرے سے کافی پریشان لگ رہی تھی اور ایک عمر دراز عورت کو گاڑی سے نیچے اتارتے ہوئے ڈرائیور کی مدد سے وہیل چیئر پر اس عورت کو بٹھا رہی تھی۔۔۔ عدنان نوف کو بڑی سی گاڑی سے نکلتے ہوئے دیکھ کر حیرت زدہ ہوگیا تھا وہ نوف کے قیمتی کپڑے، جیولری اور بدلہ ہوا حلیہ دیکھ کر اس کے ٹھاٹ بات کا اندازہ لگا چکا تھا تجسس کے ہاتھوں مجبور ہوکر وہ نوف کا پیچھا کرتا ہوا ہسپتال کے اندر پہنچ گیا
"میری رانی تو یہاں عیش کررہی ہے اپنے عدی کو چھوڑ کر اب تو میں تجھے ہرگز نہیں چھوڑوں گا "
عدنان نوف کے ہاتھوں میں چمکتی ہوئی گولڈ کی چوڑیاں اور اس کے ڈائمنڈ کے ٹاپس کو دیکھ کر للچائی ہوئی نظروں سے دور کھڑا چھپ کر نوف کو دیکھ کر بولا تبھی عدنان کو دوسرا حیرت کا جھٹکا تب لگا جب دور سے افراہیم سوٹ بوٹ میں تیزی سے چلتا ہوا نوف کے پاس آیا
"ابے یہ سالا یہاں کیا کررہا ہے، کیا چکر ہے یہ بے"
عدنان اپنی آنکھوں کے دیدے پھاڑے دل ہی دل میں افراہیم اور نوف کو ایک ساتھ کھڑا دیکھ کر بولا
افراہیم کے چہرے پر فکرمندی کے تاثرات دور سے صاف دکھ رہے تھے جبکہ نوف پریشان ہوکر افراہیم کو کمرے کی طرف اشارہ کرتی ہوئی کچھ بتارہی تھی تھوڑی دیر میں وہ دونوں ہسپتال کے اس کمرے کے اندر جاچکے تھے تب عدنان کی عقل میں آئی تھی وہ بوڑھی وہیل چئیر والی عورت افراہیم کی ماں یعنی نازنین تھی۔۔۔ افراہیم اور نوف کے اسپتال سے نکلنے سے لےکر گھر پہنچنے تک عدنان نے ان کی گاڑی کا پیچھا کیا