Chapter 61: سخت رویہ

"آج یونیورسٹی سے کافی دیر سے آنا ہوا کہاں پر موجود تھی تم یونیورسٹی کے بعد"

رات کے کھانے میں ٹیبل پر افراہیم بیلا کو دیکھ کر اس سے پوچھنے لگا تو بیلا پلیٹ سے سر اٹھا کر افراہیم کو دیکھنے لگی نازنین کھانا شروع کرچکی تھی جبکہ نوف میٹھے سے بھرا ہوا باؤل ٹیبل پر رکھ رہی تھی

"بھائی مجھے اپنی یونیورسٹی کی دوست سے فزکس کے نوٹس لینے تھے اسی وجہ سے ڈرائیور کے ساتھ اس کی طرف چلی گئی تھی"

بیلا تھوڑا سا جھجھک کر افراہیم کو بتانے لگی کیونکہ افراہیم کے پوچھنے کا انداز بالکل سنجیدہ تھا بلکہ آج صبح ناشتے کی ٹیبل پر بھی وہ بیلا کو اس طرح سنجیدہ لگا تھا اور تھوڑا ڈسٹرب بھی

"یہ کونسی نئی دوست بن گئی ہے تمہاری جس کے گھر تمہارا اچانک آنا جانا شروع ہوگیا ہے کیا اس کے پیرنٹس پرمیشن نہیں دیتے اسے یہاں تمہارے پاس آنے کی"

افراہیم بیلا کو دیکھتا ہوا ابھی بھی سنجیدگی سے سوال کررہا تھا اس کے انداز پر بیلا کے ساتھ ساتھ نازنین بھی افراہیم کو دیکھنے لگی جبکہ نوف فریج سے سیلڈ نکال رہی تھی

"ایسی بات نہیں ہے بھائی اس نے کہا ہے کہ وہ ایک دو دن میں یہاں پر چکر لگائے گی"

اب کی بار بولتے ہوئے بیلا کو گھبراہٹ ہوئی اور اس نے فورا سے پلیٹ میں سر جھکالیا تاکہ افراہیم اس سے مزید کوئی دوسرا سوال نہ کرے

"بیٹا تم کیوں نہیں بیٹھ رہی ہو سب کھانا شروع کرچکے ہیں تم بھی بیٹھ کر سب کے ساتھ کھانا کھاؤ ناں"

نازنین نوف کو دیکھتی ہوئی اس کی طرف متوجہ ہوکر بولی تو افراہیم بھی اسی کو دیکھنے لگا جو ٹیبل پر چیزیں رکھنے میں کافی دیر سے مگن تھی

"آنٹی میں تھوڑی دیر بعد کھانا کھالوں گی"

نوف آہستہ آواز میں جیسے ہی بولی ویسے ہی افراہیم نوف سے بولا

"جب مما تمہیں کھانا کھانے کے لیے بیٹھنے کا بول رہی ہے تو نخرے دکھانے کی ضرورت نہیں ہے بیٹھ جاؤ فورا اور ڈنر کرو"

افراہیم کے بولنے پر نوف نے نظریں اٹھاکر افراہیم کی آنکھوں میں دیکھا جہاں اس کے لیے حکم تھا وہ نظر جھکاکر بنا کچھ بولے خاموشی سے افراہیم کے برابر میں بیٹھ گئی

"افی اگر اس کا کھانے کا موڈ نہیں ہورہا تو اس میں نخرے دکھانے والی کیا بات ہے سب بیٹھے ہوئے تھے تو میں نے اس خیال سے بولا تھا، اسے بھوک لگے گی تو وہ بعد میں کھانا کھالے گی"

نازنین کو افراہیم کے بات کرنے کا انداز عجیب سا لگا تھا تبھی وہ افراہیم سے بولی جبکہ بیلا ایک نظر دوبارہ افراہیم پر ڈال کر دوبارہ اپنے پلیٹ کی طرف جھک گئی اس سے پہلے افراہیم کچھ بولتا نوف جلدی سے نازنین سے بولی

"نہیں آنٹی میں سب کے ساتھ ہی کھانا کھالیتی ہوں"

نوف اپنی طرف پلیٹ کھسکاکر اس میں چاول نکالنے لگی کہیں بیڈ روم میں جانے کے بعد اسے نخرے دکھانے پر افراہیم باتیں ہی نہیں سنانے لگ جاتا

"پانی دو مجھے"

ابھی پہلا نوالہ نوف کے منہ میں گیا ہی تھا اسے افراہیم کی آواز سنائی دی جبکہ پانی سے بھرا ہوا جگ بیلا کے قریب رکھا ہوا تھا مگر وہ نوف کی طرف دیکھ کر بولا رہا تھا، بیلا جگ کی طرف ہاتھ بڑھانے لگی ویسے ہی افراہیم بولا

"تم اپنے کھانے پر دھیان دو بیلا"

افراہیم کی بات پر بیلا نے اپنے ہاتھ پیچھے کرلیے تو نوف کرسی سے اٹھ کر دوسری جانب آتی ہوئی افراہیم کے لئے پانی نکالنے لگی نازنین خاموشی سے افراہیم کا رویہ دیکھنے لگی

نہ جانے اس وقت نوف کی قسمت خراب تھی یا اس کے مقدر میں کیا لکھا تھا نوف کو سمجھ میں نہیں آیا کیسے افراہیم کو پانی کا گلاس تھماتے ہوئے گلاس سے پانی افراہیم کے کپڑوں پر چھلک پڑا

"یہ کیا کیا ہے تم نے دماغ کہاں غائب ہے تمہارا"

نوف کے سوری بولنے سے پہلے افراہیم نوف کو ڈانٹتا ہوا بولا نازنین اور بیلا ایک بار پھر کھانا چھوڑ کر ان دونوں کو دیکھنے لگیں

"افی یہ کون سا طریقہ ہے بیٹا بات کرنے کا جان بوجھ کر گرایا ہے کیا اس نے تمہارے اوپر پانی،، آخر ہو کیا گیا ہے آج تمہیں وہ بیوی ہے تمہاری"

نازنین نوف کا اترا ہوا چہرہ دیکھ کر افراہیم کو ٹوکتی ہوئی بولی

"بیوی ہے تو کیا کرو؟ ہر وقت بس ہنسی مذاق میں لگا رہو اس کے ساتھ، دیکھ نہیں رہی ہیں آپ پورے کپڑے گیلے کردیے ہیں اس نے میرے۔۔۔ ایک تو پہلے ہی دوسری پریشانیاں کم نہیں ہیں اوپر سے اس کو تمیز سکھاتا رہو"

افراہیم مزید بگڑتا ہوا بولا جس پر نوف کا سر شرمندگی سے مزید جھک گیا مگر اس نے اپنی آنکھوں سے آنسو باہر نہیں آنے دئیے ورنہ افراہیم سے کوئی بعید نہیں تھی وہ سب کے سامنے اس کے رونے پر اس کو مزید ڈانٹتا

"بیٹا اس کو تمیز سکھانے سے بہتر یہی ہے کہ پہلے تم خود تمیز سیکھو کے بیوی سے کیسے بات جاتی ہے اور اپنی دوسری الجھنوں کو اپنے تک ہی محدود رکھا کرو ایک ذرا سا پانی گرنے پر تم نے پورا گھر سر پر اٹھالیا ہے یہ کوئی اچھی بات نہیں۔۔۔۔ نوری یہاں آکر میرا اور یمنہ کا کھانا میرے کمرے میں لےکر آؤ"

نازنین افراہیم کو تمیز سکھانے کے ساتھ ساتھ نوری سے بھی مخاطب ہوئی اور اپنے کمرے میں چلی گئی جبکہ افراہیم کھا جانے والی نظروں سے نوف کو دیکھنے لگا

"بھابھی مما آپ کا ویٹ کررہی ہوگیں ان کے کمرے میں جاکر آپ کھانا کھالیں"

بیلا افراہیم کے سخت اثرات دیکھ کر نوف سے جلدی سے بولی تاکہ وہ یہاں سے نازنین کے کمرے میں چلی جائے

***

"کون بات کررہا ہے"

رات میں افراہیم اپنے بیڈروم میں بیٹھا ہوا تھا تبھی اس کے موبائل پر کال آئی وہی نوف کے قدم بیڈروم میں داخل ہونے سے پہلے تھم گئے

"پہچانا نہیں مجھے اتنی جلدی بھول گئے میں نے تو تمہارا نمبر اپنے موبائل میں ابھی تک سیو کر رکھا ہے"

تاشفہ کی بات سن افراہیم استہزائیہ ہنسا

"یاداشت کے معاملے میں کافی کند ذہن ثابت ہوا ہوں، مگر میں تمہیں پہچان چکا ہوں کہو کیسے یاد کیا تم نے مجھے تاشفہ"

افراہیم کی بات پر کمرے سے باہر کھڑی نوف کے دل پر تاشفہ کا نام سن کر گھونسا سا پڑا

"میں ایسی چیز ہوں بھی نہیں جو مجھے آسانی سے بھلا دیا جائے مگر مجھے تم سے یہ امید نہیں تھی کہ تم مجھے پہلی بار میں میری آواز سے نہیں پہچان پاؤ گے"

تاشفہ مغرور سا انداز اپنائے افراہیم سے شکوہ کرنے لگی

"وہ اس لیے تاشفہ کیونکہ میں تمہارا نمبر اپنے موبائل کی فون بک سے ڈیلیٹ کرچکا ہوں اور ویسے بھی ہماری آخری ملاقات کے بعد تو تمہیں مجھ سے امیدیں اور اپنی ساری خوش فہمیاں ختم کرلینا چاہیے تھی لیکن تمہاری تسلی کے لیے میں تمہیں ایک بار پھر بتا دیتا ہوں جو عورت ایک بار کسی مرد کی نظروں سے گرجائے وہ کبھی اس مرد کے دل تک رسائی نہیں کرسکتی میرا کانٹیکٹ نمبر اپنے موبائل سے ڈیلیٹ کردو یہ میرا تمہیں دوستانہ مشورہ ہے"

افراہیم کے بولے گئے لفظوں سے کمرے کے باہر کھڑی نوف کو اطمینان سا ہوا مگر افراہیم کی بات پر تاشفہ برا سا منہ بناتی ہوئی بولی

"لازمی تمہارا دل کہیں اور لگ گیا ہوگا ورنہ تم تاشفہ کو نظر انداز کرنے کی ہمت نہیں کرتے"

تاشفہ کو اپنے حسن ناز تھا اس لیے وہ دل برداشتہ ہوکر افراہیم سے بولی

"ہوسکتا ہے ایسا ہی ممکن ہو مگر میں یہ بات تمہیں بتانا ضروری نہیں سمجھتا"

افراہیم نے تاشفہ کو بولنے کے بعد کال ڈسکنیکٹ کردی تو نوف دل ہی دل میں شکر ادا کرتی ہوئی کمرے میں داخل ہوئی زندگی میں پہلی بار اسے اپنے شوہر کے کسی سے سیدھے منہ بات نہ کرنے پر خوشی محسوس ہوئی تھی

"کھانا لاؤ آپ کے لئے بیلا نے بنایا کے آپ نے ڈنر صحیح سے نہیں کیا تھا "

نوف پر ایک نظر ڈالنے کے بعد وہ دوبارہ اپنے موبائل کو دیکھنے لگا تھا نوف افراہیم کے پاس آکر آہستہ آواز میں اس سے پوچھنے لگی تو افراہیم نے اپنے موبائل کی اسکرین سے نظریں اٹھاکر نوف کو دیکھا

"یہ خیال بھی مما کو آیا ہوگا تمہیں خود سے کہا توفیق ہے کہ شوہر کے کھانے کی پرواہ کرلو"

افراہیم نوف سے بولتا ہوا دوبارہ موبائل کی اسکرین کو دیکھنے لگا کیونکہ وہ جانتا تھا اگر نازنین کو کبھی معلوم ہوتا کہ بیلا یا افراہیم نے رات کا ڈنر نہیں کیا تو نازنین کبھی ان دونوں کو خالی پیٹ سونے نہیں دیتی تھی

"نہیں آنٹی کا خیال تھا کہ آج رات آپ کو ڈنر کیے بغیر بھوکا ہی رہنا چاہیے صبح تک آپ کی عقل مکمل طور پر ٹھکانے آجائے گی"

نوف کے معصومیت سے نازنین کے خیالات بتانے پر افراہیم کے تن بدن میں آگ لگ گئی وہ اپنا موبائل میز پر پٹخ کر ایکدم غصے میں کھڑا ہوا

"مذاق سوجھ رہا ہے تمہیں یا بہت مزہ آرہا ہے میری حالت پر۔۔۔ بتاؤ ابھی میں تمہیں اپنے آگے زبان چلانے کا انجام "

افراہیم غصے میں نوف کا منہ دبوچتا ہوا بولا تو نوف افراہیم سے ہمت کرتی ہوئی دوبارہ بولی

"نہ ہی مجھے مذاق سوجھ رہا ہے نہ ہی میں آپ کی اس حالت پر خوش ہوں، لیکن اگر میری حقیقت جاننے کے بعد آپ کو میرا اور اپنا رشتہ بوجھ لگ رہا ہے تو آپ اپنے میرے رشتے کو ختم کرکے اس سے نجات حاصل کرلیں میری طرف سے اجازت ہے آپ کو"

دل کو کافی زیادہ مضبوط کرنے کے بعد نوف نے افراہیم سے یہ بات بولی مگر نوف کی بات افراہیم کو مزید طیش دلاگئی

"مجھے کیا کرنا ہے کیا نہیں اس کی اجازت دینے والی تم کون ہوتی ہو، مجھ سے اپنا اصل چھپاکر دھوکا دیا ہے تم نے مجھے،، اس کا بدلہ میں تم سے رشتہ ختم کرکے نہیں بلکہ تمہاری اپنے ان ہاتھوں سے جان لےکر لوں گا"

افراہیم نے غصے میں بولتے ہوئے نوف کا دبوچا ہوا منہ جھٹکے سے چھوڑا تو وہ دو قدم پیچھے ہوئی مگر اگلے ہی لمحے نوف نے آگے بڑھ کر افراہیم کے دونوں ہاتھوں کو پکڑ کر اپنی گردن پر رکھے

"تو پھر لیتے کیوں نہیں ہیں میری جان، آج مار ڈالیں مجھے اپنے ان ہاتھوں سے مگر اس طرح روز روز مجھے مت ماریں پلیز افراہیم اپنا غصہ ختم کردیں اس طرح مت کریں میرے ساتھ"

نوف افراہیم کے سامنے زاروقطار روتی ہوئی بولی تو افراہیم نے اپنے ہاتھ سے نوف کی گردن پر دباؤ ڈال کر اسے پیچھے بیڈ پر دھکا دیا

"اب اگر مجھے تمہارے رونے کی آواز آئی ہے یا تم نے میرے آگے زبان چلائی تو پھر جو میں تمہارا حشر کروں گا اپنے انجام پر خود ہی پچھتاوگی تم "

افراہیم بیڈ پر گرے نوف کے سسکتے وجود کو دیکھ کر دھمکی دیتا ہوا بولا اور لائٹ بند کرکے خود بھی بیڈ کی دوسری سائیڈ پر لیٹ گیا

Novelzy · online novels

Stories you won’t put down

Romance, dark romance, mafia, werewolf, billionaire and more, released chapter by chapter. Start with free chapters on any device, unlock premium chapters with coins, and earn rewards as you read.