Chapter 60: گل نامہ

وہ تمام کلاسس اٹینڈ کرکے ابھی فری ہوئی تھی تو ازلان کے نمبر پر کال ملانے لگی مگر وہ ہمیشہ کی طرح اس وقت بھی اس کی کال رسیو نہیں کررہا تھا جبکہ بیلا خود بھی اچھی طرح جانتی تھی اس وقت وہ فری نہیں ہوتا اور نہ ہی گھر میں موجود ہوتا ہے پھر بھی اسے ازلان پر افسوس ہونے لگا کیونکہ ازلان نے کل رات اس کو موبائل پر کال نہیں کی تھی بیلا اس کی کال کا بہت دیر تک انتظار کرتی رہی تھی۔۔۔ اچانک ہی دوسری طرف سے اچانک اس کی کال ریسیو کرلی گئی تو بیلا ایک دم سیدھی ہوکر لان میں بنی ہوئی بینچ پر بیٹھی

"ہیلو"

مگر ازلان کی بجائے گل کی آواز ازلان کے موبائل پر سن کر اسے تعجب ہوا، یعنی ازلان اس وقت اپنے فلیٹ پر موجود تھا

"ازلان کو موبائل دو" بیلا گل سے کوئی بھی فالتو بات کئے بغیر بولی

"وہ اس وقت کسی سے بات نہیں کرسکتا بزی ہے وہ"

گل کا جواب بھی اسے سیدھا سیدھا موصول ہوا جس پر بیلا کو غصہ آیا مگر وہ اپنا غصہ ضبط کرگئی بیلا کو حیرت اس بات پر ہورہی تھی کبھی اس نے ازلان کا موبائل اس طرح نہیں اٹھایا تھا جس طرح گل اس سے ازلان کے موبائل پر بات کررہی تھی

"اسے میرا میسج دے دینا کہ میں یونیورسٹی میں اس کو ویٹ کررہی ہو وہ یونیورسٹی سے آکر مجھے فوری طور پر پک کرلے"

بیلا نے پوری کوشش کی تھی کہ وہ گل کو باور کروائے کہ ازلان پر صرف اسی کا حق ہے

"وہ تمہیں لینے نہیں آسکتا کیونکہ تھوڑی دیر بعد اسے مجھے شاپنگ کروانے کے لئے لے کر جانا ہے اور یہ کام تمہارے یہاں آنے سے زیادہ ضروری ہے"

گل کی بات پر بیلا کو اچھے خاصے پتنگے لگ چکے تھے اس نے بنا کچھ بولے رابطہ منقطع کردیا جبکہ دوسری طرف گل طنزیہ مسکراتی ہوئی اذلان کا موبائل دوبارہ اسی جگہ پر رکھ چکی تھی جہاں سے اس نے موبائل اٹھایا تھا یہ بھی شکر تھا کہ اس وقت ازلان کا موبائل سائلنٹ موڈ پر تھا اور گل نے اس کا موبائل بلنگ کرتا ہوا دیکھ لیا تھا۔۔۔ گل خاموشی سے دوسرے کمرے میں جانے لگی کیونکہ اب واش روم سے پانی گرنے کی آواز نہیں آرہی تھی لازمی ازلان شاور لے چکا تھا اور اب اپنے کمرے میں آنے والا ہوگا

***

بیلا چند منٹ اپنا موبائل پکڑے یونیورسٹی کی بینچ پر بیٹھی رہی پھر کچھ سوچ کر ایک دم سے اٹھی، پارکنگ ایریا میں آکر وہ اپنی گاڑی میں بیٹھ گئی اس وقت وہ گھر جانے کی بجائے ازلان کے اپارٹمنٹ جانا چاہتی تھی تاکہ جان سکے کہ گل کی باتوں میں کتنی سچائی ہے

وہاں پہنچ کر ازلان کا خالی فلیٹ اس کو منہ چڑا رہا تھا یعنی ازلان اور گل دونوں ہی اس وقت گھر باہر نکلے ہوئے تھے

"آج تو تم نے بری طرح تھکا دیا ہے مجھے بلکہ اچھا خاصا خوار بھی کیا ہے ہر شاپ پر جانے کے بعد تم وہاں سے واپس باہر آنے کا نام ہی نہیں لیتی ہو حد ہوتی ہے گل"

اس وقت بیلا ازلان کے بیڈ روم میں موجود تھی جب اسے لاؤنج سے ازلان کی آواز آئی یعنی وہ اور گل واپس گھر آچکے تھے پورے تین گھنٹے گزارنے کے بعد

"اوہو باگڑ بلے تھک تو تم ایسے گئے ہو جیسے ابھی تھوڑی دیر بعد ہی مرجاؤ گے، تھوڑا سانس لینے دو ابھی تمہیں اسٹرونگ سی چائے بناکر پلاتی ہوں تاکہ تمہاری ساری تھکن اتر جائے پھر شرافت سے آج رات باہر کھانا کھلانے لےکر جانا مجھے"

گل ازلان سے بولنے لگی تبھی بیڈروم سے باہر آتی ہوئی بیلا ان دونوں کو دیکھنے لگی جن کے ہاتھ میں ڈھیر سارے شاپنگ بیگز موجود تھے

"تم کب آئی مجھے انفارم تو کردیا ہوتا اپنے آنے کا"

ازلان بیلا کو دیکھ کر ہاتھ میں موجود شاپنگ بیگز صوفے پر رکھتا ہوا بیلا کے پاس آکر بولا

"میرے انفارم کرنے سے کیا ہوتا کیا تم اپنا اور اس کا بنایا ہوا پروگرام کینسل کردیتے میرے لیے۔۔۔ اور ویسے ہی تمہارے پاس وقت ہی کہا ہے مجھے کال کرنے کا یا میری کال ریسیو کرنے کا"

بیلا طنزیہ لہجہ اختیار کرتی ہوئی ازلان کو دیکھ کر بولی تو ازلان بیلا کو دیکھنے کے بعد مڑ کر گل کو دیکھنے لگا جو ابھی تک شاپنگ بیگز ہاتھ میں پکڑی ان دونوں سے انجان بنی کھڑی تھی

"آج میرا جلدی گھر آنا ہوگیا تو گل کو شاپنگ کروانے کے لیے لے گیا تھا دراصل کل شام کو گل کا۔۔۔۔

ازلان بیلا کا طنزیہ لہجہ نظر انداز کرکے اسے بتانے لگا تو بیلا اس کی بات کاٹتی ہوئی بولی

"مجھے گل نامہ سننے میں رتی برابر بھی انٹرسٹ نہیں ہے تم اپنی گل کے ساتھ باہر جاکر ڈنر انجوائے کرو"

بیلا بدتمیزی سے بولتی ہوئی وہاں سے جانے لگی تبھی ازلان نے بیلا کا ہاتھ پکڑا

"یہ کون سا طریقہ ہے بات کرنے کا"

ازلان پیشانی پر سلوٹیں لائے بیلا سے پوچھنے لگا جبکہ گل بالکل خاموش کھڑی اب ان دونوں کو دیکھ رہی تھی

"مجھے تو اس وقت تم سے بات ہی نہیں کرنی تم گل کے ہاتھ کی بنی ہوئی اسٹرونگ سی چائے پیو اور اپنی تھکن اتارو"

بیلا ازلان کا ہاتھ جھٹکتی ہوئی بولی جس پر ازلان کو غصے کے باوجود بیلا کے غصے پر ہنسی آنے لگی

"طبیعت ٹھیک ہے تمہاری"

ازلان اپنی مسکراہٹ چھپائے بیلا کو مصنوعی گھوری سے نوازتا ہوا پوچھنے لگا جو ٹکا ٹکا کر اس پر طنز کررہی تھی مگر بیلا اس کے گھورنے کی پرواہ کیے بغیر وہاں سے جانے لگی

"ارے بیلا جانے سے پہلے وہ ڈریس تو دیکھتی جاؤ جو ازلان نے مجھے اپنی پسند سے دلایا ہے"

بیلا کو جاتا ہوا دیکھ کر گل ایک دم بولی جس پر ازلان گل کو بری طرح گھورنے لگا کیونکہ گل بھی بیلا کی جیلسی دیکھ کر اپنی عادت کے مطابق اسے تپا رہی تھی جبکہ بیلا گل کی بات پر زہر بھری نظر اس پر ڈالتی ہوئی فلیٹ سے باہر نکل گئی

"صحیح نہیں کہتی میں یہ لڑکی کم فتنہ زیادہ لگتی ہے ابھی بھی میرے بارے میں سوچ لو پورا دن موجود ہے تمہارے پاس"

گل اذلان کو بیلا کے پیچھے جاتا ہوا دیکھ کر بولی

"شٹ اپ گل"

ازلان گل کو بولتا ہوا بیلا کے پیچھے چلا گیا

"کیا فضول قسم کی باتیں کررہی تھی بیلا تم اس کے سامنے، کسی تھرڈ پرسن کے سامنے ایسے بات کی جاتی ہے"

بیلا لفٹ کی بجائے تیزی سے سیڑھیاں اتر رہی تھی تو ازلان بیلا کے پیچھے آتا ہوا بولا

"وہ تھرڈ پرسن کہاں ہے ازلان اسے تو تم نے اپنے گھر پر جگہ دی ہوئی ہے، اسے گھمانے پھرانے، سیر سپاٹے کروانے میں تم کس قدر مصروف ہو، تھرڈ پرسن تو اب میں خود کو فیل کررہی ہوں"

بیلا بغیر رکے سیڑھیاں اترتی ہوئی اپنے پیچھے آتے ازلان سے بولی

"پورا نہیں ہوا تمہارا ابھی تک اور کتنے طنز کرنا باقی رہ گئے ہیں سارے ابھی کر ڈالو تاکہ پھر میں آرام سے تمہیں اپنی بات بتا سکوں"

ازلان بیلا کے پیچھے آتا ہوا سنجیدگی سے بولا تو وہ سیڑھیاں اترتی ہوئی بلاک سے باہر نکلنے لگی

"مجھے تم صرف یہ بتاؤ کہ کل تم کس ٹائم مما اور بھائی سے ہمارے متعلق بات کرنے آرہے ہو"

بیلا اب رک کر ازلان سے دوٹوک لہجے میں پوچھنے لگی

"کل نہیں پرسوں۔۔۔ پرسوں آؤں گا میں افراہیم اور آنٹی سے بات کرنے کے لیے کیونکہ کل گل کا میرے دوست معامون کے ساتھ نکاح ہے"

ازلان بیلا کو دیکھتا ہوا تحمل سے بتانے لگا تو وہ خاموشی سے ازلان کو دیکھنے لگی،، چہرے پر غصے کے تاثرات یک دم کہیں غائب ہوگئے اور ساتھ ہی ازلان کی بات سن کر اندر تک اسے اطمینان اترتا ہوا محسوس ہوا

"پہلے نہیں بتاسکتے تھے یہ بات"

بیلا ازلان کو دیکھ کر شکوہ کرتی ہوئی بولی

"تم بولنے کا موقع ہی کہاں دے رہی تھی بس لڑاکا بیویوں کی طرح شروع ہوگئی تھی، اور اب میرا شروع ہونے کا دل چاہ رہا ہے"

ازلان گھورتا ہوا بیلا سے بولا اور اس کا ہاتھ پکڑ کر خود اس کے قریب آیا

"کیا کر رہے ہو "

بیلا ازلان کا ری ایکشن دیکھ کر چاروں طرف دیکھتی ہوئی ازلان سے حیرت ذدہ سی بولی

"تمہیں نہیں معلوم"

ازلان بیلا کو نروس دیکھ کر تھوڑا اور اس کے قریب آتا ہوا پوچھنے لگا وہی پیچھے سے ان دونوں کے کانوں میں نسوانی آواز ٹکرائی

"یہ سب شروع شروع کی چونچلے بازی ہے چند سالوں بعد شوہر کا منہ مشرق کی طرف ہوتا ہے اور بیوی کا منہ مغرب کی طرف"

ازلان اور بیلا دونوں ہی ان خاتون کو دیکھنے لگے جو ان دونوں کو گھورتی ہوئی بولی تھی وہ دونوں ہی ان خاتون کو پہچان چکے تھے جو پرسوں اپنے کمرے کی کھڑکی سے ان دونوں کو گھور رہی تھی جب ازلان اور بیلا اپنی بالکنی میں بےحد قریب کھڑے تھے۔۔۔ بیلا فورا وہاں سے چلی گئی کیونکہ اس نے دور سے ہی اپنی گاڑی کو آتا ہوا دیکھ لیا تھا جبکہ ازلان ان محترمہ کو اپنی طرف گھورتا ہوا دیکھ کر سر کھجاتا ہوا واپس فلیٹ کی سیڑھیاں چڑھتا ہوا اپنے فلیٹ کی طرف جانے لگا

Novelzy · online novels

Stories you won’t put down

Romance, dark romance, mafia, werewolf, billionaire and more, released chapter by chapter. Start with free chapters on any device, unlock premium chapters with coins, and earn rewards as you read.