روحیل کو جب ہوش آیا تو اس نے اپنے آپ کو ایک خالی کمرے میں موجود پایا جہاں میز کے سامنے خالی کرسی موجود تھی جبکہ دوسری کرسی پر وہ خود بیٹھا ہوا تھا اور اس کے دونوں ہاتھوں کو رسی سے مضبوطی سے باندھا گیا تھا اسے یاد پڑتا تھا کہ وہ آج صبح ائیرپورٹ جانے کے لیے اپنی گاڑی میں گھر سے باہر نکلا تھا۔۔۔ مگر گاڑی راستے میں خراب ہونے کی وجہ سے اسے ٹیکسی کرنا پڑی اور اچانک بیچ راستے میں ٹیکسی رکی اور ایک اجنبی شخص اس ٹیکسی میں بیٹھا اس سے پہلے روحیل اس شخص سے کوئی بات کرتا اس شخص نے روحیل کی گردن میں ایک انجکشن گھونپ دیا جس کے بعد روحیل کو اب ہوش آیا تھا
"کک۔۔۔ کون ہو تم مجھے یہاں کیوں لائے ہو"
روحیل ہوش میں آنے کے بعد ستائیس اٹھائیس سالہ اس شخص سے پوچھنے لگا جو ابھی کمرے میں داخل ہوا تھا۔۔۔وہ شخص چلتا ہوا روحیل کے پاس آیا اور اس کی کرسی کا رخ اپنی سمت کرتا ہوا اپنی پاکٹ سے موبائل نکالنے لگا
"یہ لڑکی اس وقت کہاں موجود ہے"
وہ شخص اپنے موبائل کی اسکرین روحیل کے سامنے کرتا ہوا اس سے پوچھنے لگا۔۔۔روحیل اس لڑکی کو پہچان چکا تھا جو چند دن پہلے روبی نے اس کے فلیٹ پر بھیجی تھی، مگر وہ انجان بنتا ہوا اس شخص سے بولا
"کون ہے یہ لڑکی مجھے کیا معلوم میں اسے پہلی بار دیکھ رہا ہوں"
روحیل کی بات سن کر اس شخص نے موبائل ٹیبل پر رکھا اور اچانک ہی روحیل کے منہ پر زور دار تھپڑ مارا۔۔۔۔ منہ پر پڑنے والے تھپڑ کی شدت سے نہ صرف روحیل بلبلا اٹھا بلکہ اس کی کرسی کا بھی توازن برقرار نہیں رہ سکا کرسی سے ہاتھ باندھے ہونے کی وجہ سے روحیل کرسی سمیت زمین پر گر گیا
"تمہارا جواب آپ بھی یہی ہے کیا تم واقعی اس لڑکی کو نہیں جانتے"
وہ شخص جھک کر روحیل کے بالوں کو پکڑتا ہوا اس کا چہرہ اوپر کر کے ایک بار پھر پوچھنے لگا
"مم، میں سچ بول رہا ہوں میں واقعی اس لڑکی کو نہیں جانتا"
روحیل کا جواب سن کر اس شخص نے روحیل کے بالوں کو یونہی اپنے ہاتھ کی مٹھی میں جکڑ کر، بالوں کے زور سے کرسی کو اٹھایا اور واپس اسی جگہ پر کھڑا کیا جس سے روحیل کے منہ سے دردناک چیخیں نکل پڑی
"میری معلومات کے مطابق تم نے اس لڑکی کو ایک رات کے لیے ہائیر کیا تھا اس کے بعد سے یہ لڑکی کہیں بھی نہیں دیکھی گئی ہے، اس لڑکی کو تم نے جہاں کہیں بھی چھپایا ہوا ہے اگر تم نے مجھے نہیں بتایا تو روحیل میں تمہارے ساتھ کیا کرسکتا ہوں اگر تمہیں معلوم ہوجائے تو تم اس اذیت کو سہنے سے بہتر مرنا پسند کرو گے جواب دو کہاں ہے یہ لڑکی اس وقت"
وہ شخص غصے میں روحیل کو دیکھتا ہوا ایک بار پھر پوچھنے لگا، اسے سمجھ میں نہیں آرہا تھا وہ کہا جائے، کیا کرے، کیسے اس کو کہیں سے ڈھونڈ نکالے، اس وقت اس کی بےبسی آسمانوں کو چھو رہی تھی۔۔۔۔ روحیل کے خاموش رہنے پر اس شخص نے ایک بار پھر روحیل کے منہ پر پوری طاقت سے طمانچہ مارا، روحیل ایک بار پھر کرسی سمیت زمین پر جاگرا
"پلیز مجھے چھوڑ دو، میں واقعی اس لڑکی کو نہیں جانتا"
اب کی بار والا تھپڑ پہلے سے بھی زیادہ شدت کا تھا جس سے روحیل کے گال کے ساتھ اس کا کان بھی سرخ ہوگیا اور ناک سے خون بہنے لگا
"اس لڑکی کو اور ان دو بچوں کو تم جانتے ہو ناں"
وہ شخص ٹیبل سے اپنا موبائل اٹھا کر ایک بار پھر جھک کر روحیل کے چہرے کے آگے موبائل کی اسکرین کرتا ہوا اس سے پوچھنے لگا۔۔۔ روحیل نے اب کی بار اسکرین کی طرف دیکھا
"حرا"
بے ساختہ اس کے منہ سے اپنی بیوی کا نام نکلا وہ تصویر اس کی بیوی اور دونوں بچوں کی تھی
"چند دنوں پہلے روبی نے اس لڑکی کو میرے فلیٹ پر بھیجا تھا میں نے اس لڑکی کے لیے روبی کو پانچ لاکھ روپے ایک رات کے لیے دیئے تھے۔۔۔ مگر یہ لڑکی اس رات میرے فلیٹ سے فرار ہوگئی تھی روبی خود بھی اس لڑکی کی تلاش میں ہے۔۔۔ میں اپنے بچوں کی قسم کھا کر کہہ رہا ہوں میں نے اس رات اس لڑکی کے ساتھ کچھ غلط نہیں کیا تھا اور نہ ہی یہ جانتا ہو کہ یہ لڑکی اور اس وقت آپ کہاں پر ہے، میرا یقین کرو میں اب کی بار بالکل سچ بول رہا ہوں پلیز میری بیوی اور بچوں کو کچھ مت کرنا"
روحیل بولتا ہوا بےبسی سے دھاڑے مار کر زوروں سے رو پڑا تو وہ شخص کمرے سے باہر نکل کر دوسرے کمرے میں آگیا
اپنا سر دونوں ہاتھوں میں تھامے صوفے پر بیٹھا ہوا اس کا اپنا بھی دل کیا کہ وہ روحیل کی طرح دھاڑے مار کر زور زور سے روئے نجانے وہ اس وقت کہاں تھی، کس حال میں تھی۔۔۔
جب اس کو معلوم ہوا تھا کہ وہ روبی کے ہاتھ لگ گئی ہے جو سوسائٹی میں ایک نائیکہ کی حیثی رکھتی ہے تو ایک پل کے لئے اسے محسوس ہوا تھا جیسے اس کے جسم سے روح کھینچ لی گئی ہو۔۔۔ روبی کے ٹھکانے پر پہنچ کر اس نے ایک ایک لڑکی میں اس کو تلاشا مگر وہ ان لڑکیوں میں موجود نہیں تھی تب اسے روحیل کا معلوم ہوا مگر یہاں بھی اس کا پتہ نہیں چل سکا۔۔۔ وہ اس بھری دنیا میں بالکل اکیلا ہوگیا تھا ان دنوں وہ جس اذیت سے گزر رہا تھا اس کا اندازہ کوئی بھی نہیں لگا سکتا تھا مگر اسے ہمت سے کام لینا تھا اپنی آنکھوں میں آنسوؤں کو گالوں پر اترنے سے پہلے صاف کرتا ہوا وہ صوفے سے اٹھا اور کمرے سے باہر نکل گیا
***
"اے باگڑ بلے یہ جلدی جلدی میں کہاں جا رہے ہو ذرا میری کچھ مدد ہی کر دو"
ازلان اپنی دھن میں ٹیوشن پڑھانے کے بعد گھر کی طرف جا رہا تھا گل کی آواز سن کر پلٹ کر اسے دیکھنے لگا جو بہت سارے شاپرز ہاتھ میں پکڑی مشکلوں سے ہی خود کو سنبھال پا رہی تھی ازلان نے آگے بڑھ کر سارے شاپرز اس کے ہاتھ سے لے لئے
"ارے سارے شاپرز کہا سنبھالو گے دو تین مجھے بھی پکڑا دو"
غزل نے آج اس سے پورے ماہ کا راشن منگوا لیا تھا اس لئے وہ کافی دور سے پیدل اتنا وزن اٹھائے ہانپتی ہوئی آرہی تھی مگر ازلان کو سارے شاپرز پکڑتا ہوا دیکھ کر گل ایک دم سے بولی
"تم اپنا دوپٹہ اور بالوں کی اڑتی ہوئی لٹو کو سنبھال لو یہی کافی ہے تمہارے لیے۔۔۔ ویسے چچی جان یہ کام عدنان سے بھی کہہ سکتی تھیں کیا چچا جان بھی گھر پر موجود نہیں تھے"
ازلان اس کے گلے میں پڑے دوپٹے اور بالوں کو ہوا میں اڑتے ہوئے دیکھ کر گل کے ساتھ چلتا ہوا اس سے عدنان اور نثار کا پوچھنے لگا
"عدی سے اس کام کے کہنے کا مطلب ہے ان پیسوں سے ہاتھ دھونا اور ابا کو تو تم بھی اچھی طرح جانتے ہو۔۔۔ ویسے آج کل تم خود کہاں ہواؤں میں اڑے اڑے پھر رہے ہو اب مجھ کو ابا کی طرح ٹوپیاں کروانے نہ بیٹھ جانا تمہارے اوپر پوری نظر رکھی ہوئی ہے میں نے"
گل اپنی چھوٹی چھوٹی سی آنکھوں کو مزید چھوٹا کرتی ہوئی مشکوک نظروں سے ازلان کو دیکھ کر پوچھنے لگی
"دماغ تو خراب نہیں ہوگیا ہے تمہارا کچھ بھی بولے جا رہی ہو تم۔۔۔۔ گل وہ چھوٹی بچی ہے نوف کے برابر، یہاں اس کا کوئی دوست نہیں ہے اس لیے وہ مجھ سے تھوڑا سا ٹائم مانگتی ہے مگر جو بات تم سوچ رہی ہو مجھے تمہاری سوچ جان کر کافی افسوس ہوا ہے"
ازلان اچھی طرح جانتا گل کا اشارہ بیلا کی طرف تھا کل جب وہ بیلا کے ساتھ قریبی پارک میں واک کر رہا تھا تب گل جس طرح سے ان دونوں کو دیکھ رہی تھی ازلان سمجھ گیا وہ پورے محلے میں بلاوجہ کی بات پھیلا کر صرف بات کا بتنگڑ بنائے گی اس وجہ سے نہ چاہتے ہوئے بھی وہ گل کو وضاحت دیتا ہوا بولا
"نوف کے برابر ہونے کی وجہ سے وہ تمہاری بہن نہیں لگی، چھوٹی ہے تو کیا ہوا نوف بھی تو عدی سے پورے نو سال چھوٹی ہے۔۔۔ مجھے تو پوری فتنہ ہی لگتی ہے وہ سنہری بالوں والی، اے باگڑ بلے بات اگر دل لگی تک ہے پھر تو ٹھیک ہے مگر اس فتنے کو دل سے لگا کر مت بیٹھ جانا ورنہ میں تمہیں اس کے لیے کبھی معاف نہیں کرو گی"
گل ازلان پر پورا حق جتاتی ہوئی بولی اس کی بات سن کر ازلان گھر کے پاس رکتا ہوا غصے میں گل کو دیکھنے لگا
"گل میں تمہیں پہلے بھی صاف لفظوں میں بول چکا ہو ہمارے بڑوں میں جو بھی بات ہمیں لے کر بچپن میں طے ہو چکی ہے، میں اس بات کو رتی برابر بھی سنجیدہ نہیں لیتا۔۔۔ نہ اپنے لیے نہ ہی اپنی بہن کے لیے اور تمہارے لئے بھی یہی بہتر ہے کہ تم بلاوجہ کا فتور اپنے دماغ میں مت پالو"
کئی دفعہ پہلے بھی بولی ہوئی بات ازلان آج ایک بار پھر گل کو بولتا ہوا سارے شاپرز اس کو پکڑا چکا تھا کیونکہ اب ان دونوں کا کوارٹر آچکا تھا جبکہ ازلان کی توجہ کوارٹر کی دیوار کے ساتھ بنے بنگلے پر تھی جہاں گیٹ پر بیلا کھڑی ہوئی خاموشی سے گل اور ازلان کو دیکھ رہی تھی۔۔۔ ازلان بیلا کو دیکھ کر اس کی طرف جانے لگا،، گل ازلان کو بیلا کی طرف متوجہ دیکھ کر اندر ہی اندر بری طرح جل گئی
"تم اپنے اور میرے رشتے کو سنجیدہ لو یا نہ لو،،، بڑوں کے آگے کونسی تمہاری چلنے والی ہے اور اپنے علاوہ میں تمہیں کسی دوسرے کا خود بھی نہیں ہونے دوں گی"
گل دل ہی دل میں ازلان سے مخاطب ہوکر سارے شاپرز لیے اپنے کوارٹر کی طرف بڑھ گئی
جبکہ دوسری طرف بیلا نے ازلان کو اپنی طرف آتا ہوا دیکھا تو وہ ناراضگی کا اظہار کیے گیٹ سے اندر چلی گئی۔۔۔۔ ازلان کو بیلا کے رویئے پر حیرت ہوئی مگر وہ اس کے پیچھے جانے کی بجائے اپنے کوارٹر کی طرف چلا گیا کیونکہ عباد کے آنے کا ٹائم ہو چکا تھا