"رکو، سنو۔۔۔ ارے میں تم سے بات کر رہا ہوں بیلا"
ازلان جیسے ہی بنگلے کے اندر داخل ہوا لان میں کرسی پر بیٹھی ہوئی بیلا ازلان کو اپنی طرف آتا ہوا دیکھ کر اندر جانے لگی تبھی ازلان اس کے سامنے آتا ہوا اس کا راستہ روک کر کھڑا ہو گیا
"کوئی کام تھا کیا تمہیں مجھ سے"
بیلا ازلان کو دیکھ کر اس سے پوچھنے لگی تو بےساختہ اس کے انداز پر ازلان کو ہنسی آگئی
"مجھے کم سے کم یہ معلوم ہونا چاہیے کے تم مجھ سے خفا کس بات پر ہوں"
ازلان اپنے دونوں ہاتھ باندھے ہوئے دھوپ میں بیلا کی چمکتی ہوئی رنگت کو دیکھ کر پوچھنے لگا۔۔۔ اگر اس کے ذہن میں کیوٹ لفظ آتا تو خودبخود سنہری بالوں والی چھوٹی سی اس لڑکی کی شبیہہ سامنے آجاتی
"کون تھی وہ لڑکی جس کا سامان اٹھائے بڑے مزے سے اس سے باتیں کرتے ہوئے کل شام میں نظر آرہے تھے"
بیلا نے جس انداز میں اس سے پوچھا اب کی بار ازلان نے اس کی بات پر قہقہہ لگایا
"گل کی بات کر رہی ہوں کزن ہے وہ میری، چچا جان کی بیٹی۔۔۔ بیچاری دکان سے سودا لےکر خود ہی گھر کی طرف جارہی تھی تو میں نے اس کی مدد کر دی اس میں خفا ہونے والی کیا بات ہے"
ازلان آنکھیں سکیڑ کر بیلا کو دیکھتا ہوا اسے پوچھنے لگا لیکن اب وہ ہنس نہیں رہا تھا بلکہ امڈ آنے والی ہنسی کو روکے ہوئے تھا
"خیر بیچاری تو کہیں سے نہیں لگ رہی تھی وہ"
بیلا سر جھٹک کر بولی۔۔۔ جس طرح گل ازلان کے ساتھ چلتی ہوئی فری ہوکر اس سے بات کر رہی تھی بیلا کو وہ عجیب سی لڑکی ذرا بھی اچھی نہیں لگی تھی جس کا اظہار اس نے ازلان کے سامنے کر دیا
"اس نے کیا بگاڑ دیا ہے تمہارا جو وہ تمہیں پہلی نظر میں بری لگنے لگی، ہاں تھوڑی باتونی ٹائپ کی ہے مگر دل کی بری نہیں ہے وہ"
ازلان ابھی بھی اپنی مسکراہٹ چھپا کر بیلا سے بولنے لگا۔۔۔ بیلا کے یوں بےسبب جیلس ہونے پر ازلان کو ہنسی آرہی تھی چھوٹی عمر میں اکثر بچے اپنے پیرنٹس یا دوستوں کو اپنے علاوہ کسی دوسرے کے ساتھ انوالو دیکھ کر حساس ہو جایا کرتے تھے
"میرا کیا بگاڑ سکتی ہے تمہاری کزن مجھے اس کا یوں بےتکلف ہوکر تم سے بات کرنا بالکل بھی پسند نہیں آیا اور یہ کیا بات ہوئی کہ وہ دل کی بری نہیں ہے۔۔۔ ازلان سچ بتاؤ کیا وہ تمہیں اچھی لگتی ہے"
بیلا حیرت زدہ ہوکر اس سے پوچھنے لگی
"بیلا گل میرے چچا کی بیٹی ہے ہم آپس میں کزن ہیں تو وہ مجھ سے فری ہوکر بات کر سکتی ہے لیکن اس بات کو لےکر تم اتنا خفا کیوں ہو رہی ہو سیریسلی مجھے بالکل بھی سمجھ میں نہیں آ رہا"
ازلان اب بالکل سنجیدہ ہوکر بیلا کو دیکھتا ہوا بولا۔۔۔ اسے اس حد تک بیلا کا گل کو لے کر بحث کرنا اب واقعی سمجھ میں نہیں آرہا تھا
"سچی سچی بتاؤ وہ تم کو معلوم نہیں کیسے اسمائل دے کر دیکھ رہ تھی اور باتیں کر رہی تھی مجھے بالکل اچھا محسوس نہیں ہو رہا تھا۔۔۔۔ تم میرے دوست ہوں مجھے اچھا لگتا ہے جب میں اور تم ایک دوسرے سے فرینک ہوکر بات کرتے ہیں، کوئی دوسرا تم سے فرینک ہوکر بات کرے یا تم کسی دوسرے سے فرینک ہوکر بات کرو تو مجھے بالکل بھی اچھا نہیں لگے گا "
بیلا کی معصوم سی لاجک سن کر ازلان مسکرایا
"پاگل ہو تم بالکل، دوستی میں ایسا تھوڑی ہوتا ہے"
ازلان بیلا کے سر پر آہستہ سے چپت لگاکر لان میں آگے بڑھتا ہوا بولا تو بیلا بھی اس کے ساتھ چلتی ہوئی اس سے پوچھنے لگی
"کیوں،،، کیوں نہیں ہوسکتا ایسا دوستی میں، ہم دونوں اپنی دوستی ایسے ہی رکھیں گے میرے علاوہ تم کوئی بھی دوست مت بنانا اور نہ میں تمہارے علاوہ کوئی دوست بناؤں گی۔۔۔۔ ہم دونوں اپنی ساری باتیں ایک دوسرے کے ساتھ شیئر کیا کریں گے۔۔۔ میں تمہیں ہمیشہ اپنے ساتھ دیکھنا چاہتی ہوں ازلان"
وہ دونوں لان میں چہل قدمی کر رہے تھے تب بیلا کی آخری بات پر ازلان نے قدم روک کر غور سے اس کو دیکھا تو بیلا بھی رک گئی
"ایسے کیا دیکھ رہے ہو کیا تمہیں برا لگا میرا ایسا بولنا یہ تم مجھ سے ایسی دوستی نہیں چاہتے"
بیلا ازلان کو دیکھ کر افسوس سے پوچھنے لگی
"جیسے تم دوستی سمجھ رہی ہو وہ دوستی نہیں ہوتی۔۔۔ وہ دوستی سے بڑھ کر شاید کوئی آگے کی منزل ہوتی ہے"
ازلان سنجیدگی سے بولتا ہوا دوبارہ چہل قدمی کرنے لگا کیونکہ اس کے نزدیک ایک لڑکا اور لڑکی کے بیچ ایک حد تک دوستی قائم رہ سکتی تھی
"آگے کی منزل؟؟ اس کا کیا مطلب ہوا"
بیلا خود بھی ازلان کے ساتھ اس کے ہم قدم چلتی ہوئی ازلان سے پوچھنے لگی۔۔۔ ازلان اس کا پہلا ایسا دوست جو اس کو اچھا لگا تھا جس میں خلوص تھا، وہ دوسرے لڑکوں کے جیسا نہیں تھا اس لیے بیلا چاہتی تھی کہ اس کی اور اذلان کی دوستی ہمیشہ قائم رہ سکے
"اس کا مطلب تم ابھی نہیں سمجھو گی کیونکہ یہ بات سمجھنے کی تمہاری ابھی عمر نہیں ہے۔۔۔۔ جب تم بڑی ہوجاؤ گی تو شاید پھر تمہیں اپنی اس بچکانہ بات کو یاد کر کے خود ہنسی آجائے۔۔۔۔ ابھی تم صرف اس لئے مجھ سے بچی ہو رہی ہوں کیونکہ یہاں تمہارا کوئی دوسرا فرینڈ موجود نہیں ہے جب تم یہاں سے چلی جاؤ گی تو شاید تمہیں کوئی ازلان یاد بھی نہیں رہے"
ازلان بیلا کو دیکھ کر مسکراتا ہوا بولا تو بیلا نے ایک دم ازلان کا ہاتھ پکڑا جس پر ازلان رک کر ایک بار پھر بیلا کو دیکھنے لگا
"تم ایسا سمجھتے ہو کے میں یہاں سے جانے کے بعد تمہیں بھول جاؤ گی، میں نے تم سے دوستی کی ہے تمہیں اپنا بیسٹ فرینڈ بنایا ہے ایسا نہیں ہوسکتا کہ میں تمہیں بھول جاؤں"
بیلا اس کا ہاتھ تھامے اسے اپنی دوستی کا یقین دلانے لگی
"مگر یہ تمہارے ہاتھ کا سرد پن تو مجھے کچھ اور ہی بتا رہا ہے۔۔۔۔ رشتہ کوئی بھی ہو اس میں اعتبار اور وفا کا ہونا شرط اول ہے آگے جاکر تمہاری مجھ سے وفا کا بھی معلوم ہوجائے گا اور تم آگے زندگی میں میرا اعتبار بھی دیکھ لو گی"
ازلان بیلا کا ہاتھ تھام کر اس کی آنکھوں میں دیکھ کر بولا
"تم یہ کیا کر رہے ہو چھوڑو میری بیٹی کا ہاتھ"
ازلان کو اپنی پشت سے آواز سنائی دی جس پر وہ مڑ کر لان میں آتے ہوئے عباد کو دیکھنے لگا بیلا بھی عباد کو دیکھ چکی تھی وہ ازلان کے ہاتھ سے اپنا ہاتھ چھڑا کر عباد کے پاس جانے لگی
"ہمت کیسے ہوئی تمہاری کے تم میری بیٹی کا ہاتھ پکڑو، چار جماعتیں پڑھنے سے تمہاری اوقات نہیں بدلے گی نہ ہی تمہیں اپنی اوقات بھولنا چاہیے۔۔۔ تمہارا باپ ڈرائیور ہے میرا،،، تمہارا چچا یہاں میرے گھر ملازم ہے تمہاری حیثیت تو ہمارے سامنے سر اٹھانے کی نہیں ہے اور تم میری چھوٹی سی بیٹی کا ہاتھ پکڑے اسے نہ جانے کونسی سبق پڑھا رہے ہو خبردار جو آئندہ تم مجھے اس بنگلے کے اندر نظر آئے"
عباد اپنے پاس آتی ہوئی بیلا کو نظرانداز کرتا ہوا ازلان کے پاس آتا ہوا حقارت سے بولا عباد کی بات سن کر ازلان کا چہرہ توہین اور شرمندگی سے سرخ ہونے لگا
"بابا کیا ہوگیا ہے آپ کو، یہ میرا فرینڈ ہے آپ اس کی اس طرح انسلٹ نہیں کرسکتے"
بیلا کو عباد کے بولے ہوئے لفظوں پر انتہائی افسوس ہوا وہ ازلان کا چہرہ دیکھنے کے بعد عباد سے ناراضگی سے بولی
"فرینڈ شپ اپنی حیثیت اور برابری کے لوگوں میں کی جاتی ہے یہ بات نہ تمہاری ماں کو سمجھ میں آئی ہے اور نہ تمہیں چلو اندر"
عباد غصے میں بیلا کو ڈانٹتا ہوا بولا اور ساتھ ہی اس کا ہاتھ پکڑ کر اسے گھر کے اندر لے گیا۔۔۔۔۔ ازلان خاموشی سے گیٹ سے نکل کر اپنے کواٹر کی طرف جانے لگا گیٹ سے اندر آتے نثار پر اس کی نظر پڑی جو اپنی دھن میں گنگناتا ہوا آرہا تھا
"ارے میرے بچے تیرا منہ کیوں اترا ہوا ہے خیریت تو ہے ناں"
نثار ازلان کا اترا ہوا چہرا دیکھتا ہوا اس سے پوچھنے لگا
"ہاں خیریت ہے مگر آپ یہاں کیا کر رہے ہیں آپ نے تو مجھ سے کہا تھا کہ آپ نوف کو اسکی دوست کے گھر سے لے کر آ جائیں گے"
ازلان اپنی تھوڑی دیر پہلے ہوئے بےعزتی کو بھول کر نثار سے پوچھنے لگا کیونکہ نثار نے دوپہر کو ازلان کو اپنے کام کے سلسلے میں باہر بھیجا ہوا تھا اور بدلے میں اسے یقین دلایا تھا کہ شام کو وہ خود نوف کو اس کی سہیلی کے گھر سے لے آئے گا
"ہاں بس نوف کو ہی تو لینے جا رہا تھا میں، تو گھر پہنچ نوف کو ابھی لے کر آتا ہوں"
نثار جلدی سے بولا تو ازلان نثار کی بات پر خاموشی سے اسے دیکھنے لگا
"ارے ایسے کیا شک بھری نظروں سے دیکھ رہا ہے میرے لال، تجھے تھوڑی ٹوپی کراؤں گا تجھ پر تو یہ نثار دل و جان سے نثار ہے۔۔۔۔ گھر پہنچ بس تھوڑی دیر میں نوف کو لےکر آتا ہوں"
ازلان نثار کی بات پر اعتبار کرتا ہوا وہاں سے چلا گیا یہ جانے بنا کے اس کا چچا دنیا میں آنے سے پہلے پیدائش کی تاریخ سے دس دن لیٹ دنیا میں آکر اپنے ہی ماں باپ کو ٹوپی کروا چکا تھا