Chapter 5: سرونٹ کوارٹر کا لڑکا

لان میں موجود جھولے پر ٹیڈی بیئر کو گود میں لیے بیٹھی بیلا کی نظریں مین گیٹ سے اندر آتے ہوئے ازلان پر گئی جو پورے ایک ہفتے بعد اس کو اپنے گھر میں آتا ہوا دکھائی دیا تھا بیلا گود میں بیٹھے ٹیڈی کو جھولے پر بٹھا کر دوڑتی ہوئی ازلان کے پاس چلی آئی

"رکو، ارے سنو۔۔۔ میں تم سے بول رہی ہوں ازلان"

اپنی پشت سے آتی بیلا کی آواز کو نظر انداز کر کے وہ گھر کے اندر نثار کے بلانے پر آیا تھا مگر جب بیلا نے اس کو نام سے پکارا تو ازلان کو رکنا پڑا

"کوئی کام تھا کیا تمہیں مجھ سے"

ازلان کے رکنے پر بھاگ کر اس کے پاس آتے ہوئی بیلا کا سانس پھول چکا تھا وہ رک کر ازلان کو دیکھنے لگی تو ازلان بیلا سے پوچھنے لگا

"اتنے دنوں سے تم کہاں غائب تھے چکر کیوں نہیں لگایا تم نے ہماری طرف"

بیلا ازلان کو دیکھتی ہوئی اس سے پوچھنے لگی

"میں یہاں مسسز عباد کے کام سے آتا ہوں، ویسے تو مسسز عباد کا یا پھر اس بنگلے میں رہنے والے کسی بھی فرد کا کام کرنا میری ڈیوٹی میں شامل نہیں ہے لیکن چچا جان میرے بڑے ہیں انہیں میں کسی کام کا بھی ٹال نہیں سکتا تو مروتا مجھے وہ کام کرنا پڑتا ہے، تمہیں اگر مجھ سے کوئی کام ہو تو مجھے مخاطب کیا کرو"

ازلان عباد کی باتیں یاد کرتا ہوا روکھے لہجے میں بیلا سے بول کر وہاں سے جانے لگا

"تو تم نے اس دن والی بات پر میری سوری ابھی تک ایکسپٹ نہیں کی جبکہ اس دن تمہارے کپڑے میں نے جان بوجھ کر خراب نہیں کیے تھے"

بیلا ازلان کو جاتا ہوا دیکھ کر معصومیت سے بولی جس پر ازلان کو رکنا پڑا

"تم جیسے بڑے لوگ تو ہمارے کپڑے دس بار خراب کر کے بھی سوری نہ بولو تو ہم تمہارا کیا بگاڑ سکتے ہیں تم ایک سوری کے لئے پریشان ہو رہی ہو"

ازلان مسکرا کر سر جھٹکتا ہوا بولا

"یہ ہم دونوں کی دوستی کے بیچ میں چھوٹے بڑے لوگ کیسے آگئے ازلان"

بیلا حیرت سے ازلان کو دیکھتی ہوئی پوچھنے لگی

"تم سے میری دوستی کب ہوئی ایسا تو مجھے کچھ یاد نہیں پڑتا"

ازلان غور سے بیلا کا اترا ہوا چہرہ دیکھ کر پوچھنے لگا

"تو اس کا مطلب ہے تم نے اس دن میری دوستی کو ایکسپٹ نہیں کیا تھا"

بیلا افسوس کرتی ہوئی ازلان سے پوچھنے لگی تو ازلان کو بیلا کے بولے ہوئے جملے یاد آئے جب وہ نازنین کو بتا رہی تھی کہ ازلان اس کی سوری بھی ایکسپٹ کرچکا ہے اور اس کا دوست بھی بن چکا ہے

"تمہیں کم ازکم دوست بنانے سے پہلے اپنے فادر سے پرمیشن لینا چاہیے شاید انہیں تمہارا مجھ سے دوستی کرنا پسند نہیں آئے گا"

ازلان اس سنہری بالوں والی سفید گڑیا کا دل نہیں توڑنا چاہتا تھا اس لیے اس کو سمجھاتا ہوا بولا دوسرا وہ ہفتے بھر پہلے عباد کے خیالات بھی جان چکا تھا

"میں نے شروع سے ہی بہت کم دوست بنائے ہیں اور میرے کسی بھی فرینڈ سے میرے بابا کو کوئی پرابلم نہیں ہوئی ہے وہ تم کو بھی پسند کریں گے جب میں ان کو بتاؤں گی کہ تم میرے فرینڈ ہو"

بیلا اعتماد سے ازلان کو دیکھ کر بولی

"مگر تم مجھ سے دوستی کرنے پر بضد کیوں ہو جب کہ میں تم سے اچھا خاصا بڑا ہو"

ازلان کنفیوز ہوکر بیلا سے سوال کرنے لگا دوسرا اس نے پہلے کبھی کسی لڑکی سے دوستی بھی نہیں کی تھی

"اچھے خاصے بڑے تو نہیں ہو زیادہ سے زیادہ بھائی کے برابر ہوگے ناں۔۔ دوستی میں یہ بات تھوڑی نہ میٹر کرتی ہے کہ ایج زیادہ ہو یا پھر کم اور میں تمہیں اپنا دوست اس لیے بنانا چاہتی ہوں کیونکہ تم ایک اچھے لڑکے ہو"

بیلا نے جواز پیش کرنے کے ساتھ ہی ازلان کی طرف دوستی کا ہاتھ بڑھایا جسے دیکھ کر کچھ سوچتے ہوئے ازلان نے تھوڑا جھجھک کر تھام لیا کیونکہ وہ جس کلاس سے تعلق رکھتا ہے یہاں لڑکے لڑکیوں کی دوستی کو کسی اور معنی میں لیا جاتا تھا جبکہ اس کو اندازہ تھا بیلا کو ایجوکیشن میں پڑھتی ہوگی اس کے نزدیک ایک لڑکا اور لڑکی کی دوستی کا مطلب صرف دوستی ہی ہے

"تمہارے ہاتھ حد سے زیادہ ٹھنڈے ہیں کیا تم نے ایسا سنا ہے جن کے ہاتھ ٹھنڈے ہو ان کے خون میں وفا نہیں ہوتی"

بیلا ازلان کے سرد ہاتھ کی ٹھنڈک محسوس کرکے اس سے بولی

"یہ سب فضول کی باتیں ہیں موسم کا درجہ حرارت جب انسان کی باڈی پر اثر انداز ہوتا ہے تو اس کے مطابق انسان کی باڈی کا درجہ حرارت بھی تبدیل ہو جاتا ہے۔۔۔ لیکن اگر تم وفا کی بات کر رہی ہو تو آگے جاکر تمہیں اعتبار ہوجائے گا کہ دوستی میں آخری حد تک وفا کون نبھاتا ہے"

ازلان نے بولتے ہوئے بیلا کا ہاتھ چھوڑا تو وہ اسمائل دے کر ازلان کو دیکھنے لگی بیلا کو اسکی بات تو سمجھ نہیں آئی تھی مگر اسے ازلان کو دوست بنانے کی خوشی تھی جبکہ ازلان گھر کے اندر نثار کے پاس چلا گیا

***

"ارے واہ تم سب تو بہت جلدی بڑے ہوگئے ہو لگتا ہے پانی وانی ٹائم پر مل رہا تم سب کو"

نوف سرونٹ کواٹر سے باہر نکلی تو برابر میں بنگلے کا دروازہ کھلا دیکھ کر لان میں آگئی، دو ماہ سے اس نے اس جگہ کا رخ نہیں کیا تھا لیکن آج قیوم کے لگائے ہوئے پودوں کو دیکھ کر اس کا دل چاہا وہ قریب سے ان میں لگے پھولوں کو دیکھے تو انکے پاس چلی آئی۔۔۔ اس وقت وہ پودوں کے ساتھ باتیں کرنے میں مگن تھی جب اپنے کمرے کی کھڑکی سے افراہیم کی نظر ایک اجنبی لڑکی پر پڑی جو بےدھڑک اس کے گھر میں داخل ہوکر پودوں کے پاس کھڑی تھی افراہیم کمرے سے باہر نکل کر لان میں آنے لگا

"ننھی کلی تم بہت جلد ایک پیارے سے پھول کی شکل اختیار کر لوں گی، مجھے انتظار رہے گا اس دن کا"

نوف پودوں کے پاس کھڑی ہوئی ان سے باتیں کرنے میں اتنی مشغول تھی کہ اسے احساس ہی نہیں ہوا کوئی اس کے تعاقب میں اس کے پاس آ رہا ہے

"خبردار جو تم نے اس پھول کو توڑنے کی کوشش کی تو"

افراہیم اس کے پاس آتا ہوا رعب دار لہجے میں نوف سے بولا تو وہ ایک دم شاخ سے اپنا ہاتھ ہٹا کر جلدی سے مڑی جہاں افراہیم کھڑا نوف کو گھور رہا تھا

"میں اسے توڑ نہیں رہی تھی بلکہ قریب سے دیکھ رہی تھی"

نوف غصے میں بھرے اس لڑکے کو دیکھ کر آہستہ آواز میں اپنی صفائی دیتی ہوئی بولی اور اپنا سر جھکا لیا

"کیا یہ پودے تمہارے باپ نے لگائے ہیں جو تم انہیں قریب سے دیکھ رہی تھی"

افراہیم اپنے سامنے مجرموں کی طرح سر جھکائے اس لڑکی کو دیکھتا ہوا پوچھنے لگا تو نوف ہلکا سا سر اٹھا کر غصہ کرنے والے اس لڑکے کو دیکھنے لگی جو مغرور نقش کے ساتھ اسے طبیعت کا بھی مغرور لگا تھا

"جی یہ پودے میرے ابو جی نے ہی یہاں لگائے ہیں"

نوف آہستہ سے بولتی ہوئی وہاں سے جانے لگی

"اے رکو،، کیا بکواس کر کے جا رہی ہو تم۔۔۔ ہمت کیسے کی تم نے مجھے جواب دینے کی۔۔۔ ایک تو تم اس بنگلے میں چوری کرنے کی نیت سے اندر آئی اور جب پکڑی گئی تو الٹا زبان چلا رہی ہو میرے آگے"

افرائیم کے کرخت لہجے اور چوری کے الزام پر نوف کی آنکھیں لبالب آنسوؤں سے بھر گئیں

"نہ ہی میں نے آپ سے زبان چلائی ہے نہ ہی کوئی جھوٹ بولا ہے۔۔۔ میں سچ بول رہی ہو یہاں پودے میرے ابو جی نے ہی لگائے ہیں"

وہ زور سے اپنی ہتھیلی کو آنکھوں پر رگڑتی ہوئی بولی تب افراہیم کو سمجھ میں آیا کہ وہ لڑکی کون ہو سکتی ہے

"اچھا تو تم نثار کی بیٹی ہو۔۔۔ ایک نمبر کا کاہل، سُست، نکما، کم چور انسان ہے تمہارا باپ۔۔۔ جو ذرا ذرا سے کاموں پر بہانہ بناکر ہمیں ٹوپی کرواتا ہوا یہاں سے فرار ہو جاتا ہے اور بدلے میں سارے کام اپنے بھتیجے سے کرواتا ہے"

کیونکہ نثار نے دو سے تین بار اس کو بھی ٹوپی کروائی تھی اس لیے افرائیم نے اپنے سامنے کھڑی اس دبو سی لڑکی کو اس کے باپ کی اصلیت بتانا ضروری سمجھا

"نثار میرے چچا جان ہیں۔۔۔ ابو جی کا نام تو قیوم ہے جو یہاں پر ڈرائیور ہیں"

وہ چچا جان کے بارے میں جو الفاظ استعمال کر رہا تھا نوف کو ذرا بھی اچھا نہیں لگا مگر ازلی بزدلی کی وجہ سے وہ افراہیم کو کچھ بھی نہیں بولی صرف صحیح رشتہ بتا کر اس کی غلط فہمی دور کی

"باپ چچا بھائی ماشاء اللہ سے پورا خاندان غلام ہے"

افراہیم کا اندازہ مذاق اڑانے والا تھا جس پر نوف سر اٹھا کر سرخ آنکھوں سے اس مغرور لڑکے کو دیکھنے لگی رونے کی وجہ سے اس کی آنکھیں بھی سرخ ہو چکی تھی

"گھور کر کیا دیکھ رہی ہو مجھے، کون سی غلط بات بولی ہے واپس جھکاؤ اپنا سر اور خبردار جو آئندہ تم نے میرے سامنے سر اٹھا کر مجھے جواب دیا تو"

افرائیم کو اب اس دبو سی لڑکی پر رعب جما کر مزہ آ رہا تھا جبھی وہ تیز لہجے میں بولا جس پر نوف نے جلدی سے واپس سر جھکا لیا

"ہمیں تو یہاں آئے دو ماہ ہوچکے ہیں پہلے تو کبھی نظر نہیں آئی تم"

افراہیم نوف کے جھکے ہوئے سر کو دیکھ کر تجسس سے سوال کرنے لگا کیونکہ اس نے آج سے پہلے اس لڑکی کو یہاں پر کبھی بھی نہیں دیکھا تھا

"گھر میں ہی گزرتا ہے میرا زیادہ تر وقت امی کے ساتھ گھر کے کاموں میں ہاتھ بٹاتے ہوئے"

نوف اس کو یہ نہیں بتا سکی کہ وہ روز شام کو اس کو ٹریک سوٹ میں جاگنگ کرتا ہوا اپنے کمرے کی کھڑکی سے دیکھتی تھی بس سادگی سے اپنے بارے میں بتانے لگی

"شکل ہے کہاں تمہارے پاس باہر نکلنے والی، اس شکل کو لےکر گھر سے باہر نکلنے سے بہتر ہے کہ گھر میں ہی رہو تم"

افراہیم اس کی اچھی خاصی شکل و صورت پر ٹونٹ کرتا ہوا بولا تو احساس توہین سے نوف سے ذرا سا سر اٹھا کر اس مغرور لڑکے کو دیکھا۔۔۔۔ کیونکہ بچپن سے اب تک اپنے ماں باپ کے علاوہ بھی محلے کی خواتین اور دوستوں سے اپنی صورت کو لے کر ہمیشہ تعریفیں ہی سنی تھی

"تم نے پھر اپنا سر اٹھایا میرے سامنے واپس جگاؤ اپنا سر"

نوف کے سر اٹھانے پر افراہیم اس کو ڈانٹتا ہوا بولا جس پر نوف جلدی سے اپنا سر جھکا گئی اس کی حرکت پر افراہیم کے ہونٹوں کو مسکراہٹ نے چھوا افراہیم کو نوف کو ایسے ڈرانے میں مزا آنے لگا

"میں گھر جانا چاہتی ہوں"

یوں سر جھکائے وہ اپنے سامنے اس کو نہ جانے کب تک کھڑا رکھتا اس لیے نوف آہستہ آواز میں افراہیم سے بولی

"کیوں جانا ہے تمہیں اپنے گھر"

افراہیم رعب دار لہجے میں اس کے جھکے ہوئے سر کو دیکھ کر پوچھنے لگا

"امی انتظار کر رہی ہوگیں"

نوف نے اس مغرور لڑکے کے سامنے اب بھی سر اٹھانے کی کوشش نہیں کی تھی

"اور کل میں تمہارا انتظار کروں گا کل تم اسی ٹائم پر مجھے اسی جگہ لان میں نظر آؤ گی۔۔۔۔ تمہارے چچا جان کو تو کچھ آتا نہیں ہے کل تم یہاں آکر پورے لان کی صفائی کرو گی سنا تم نے"

افراہیم نوف پر حکم صادر کرتا ہوا بولا جس پر نوف کے پاس اقرار میں اپنا جھکا ہوا سر ہلانے کے سوا کوئی چارہ نہیں تھا

"اب یوں بے وقوفوں کی طرح کیوں کھڑی ہو جاؤ اپنے گھر"

افراہیم کے بولنے کی دیر تھی نوف وہاں سے بھاگتی ہوئی گیٹ سے باہر نکل گئی اور ساتھ ہی اس نے تہیہ کرلیا تھا کہ وہ اب یہاں کبھی بھی نہیں آئے گی

Novelzy · online novels

Stories you won’t put down

Romance, dark romance, mafia, werewolf, billionaire and more, released chapter by chapter. Start with free chapters on any device, unlock premium chapters with coins, and earn rewards as you read.