وہ فائیو اسٹار ہوٹل میں بیٹھا ہوا پچھلے ایک گھنٹے سے تاشفہ کا انتظار کر رہا تھا تاشفہ سے اس کی چھ ماہ قبل معیز (دوست) کے توسط سے ملاقات ہوئی تھی بلکہ یوں کہنا زیادہ مناسب ہوگا کہ معیز نے خود اس کی تاشفہ سے ملاقات کروائی تھی، تاشفہ معیز کی کزن تھی جو ایک سال پہلے امریکہ سے پاکستان شفٹ ہوئی تھی۔۔۔ خوبصورت ماڈرن اور بولڈ سی تاشفہ جو کافی حد تک موڈی طبیعت رکھتی تھی مگر اس کو اچھی لگی تھی لیکن جیسے جیسے اس کی اور تاشفہ کی ملاقاتوں کا سلسلہ شروع ہوا اس کو تاشفہ کے خیالات جان کر مایوسی ہوئی تھی بقول معیز کے اس نے اپنی آدھی لائف مطلب جوانی کے وہ دن جب لڑکے انجوائمنٹ میں گرل فرینڈ بناتے ہیں اس نے وہ عمر اپنی فیملی اور گھریلو مسئلوں کے نظر کردی، اب اٹھائیس سال کی عمر میں اس کو اپنے متعلق سوچنا چاہیے تھا۔۔۔۔ اکثر وہ خود بھی کبھی کبھار اپنے ارد گرد جمع پریشانیوں سے گھبرا کر خواہش کرتا کہ کوئی ایک ایسا وجود ہو جس کے سامنے وہ اپنا آپ کھول دے کوئی اس کے اکیلے پن کا ساتھی ہو جس کے وجود میں کھو کر وہ تھوڑی دیر کے لیے ہی سہی اپنی پریشانیوں سے جان چھڑا لے۔۔۔۔ لیکن جس طرح تاشفہ کی نیچر تھی اس سے ایسی امید لگانا بےکار تھی
"سوری ڈارلنگ تمہیں ویٹ کرنا پڑا دراصل آج جیمی کی ویکسین کروانا تھی اس کے بعد بیوٹی سلون میں میرا اپوائنٹمنٹ تھا سو لیٹ ہوگئی، اینی ویز ہاؤ آر یو ہم پورے دو ماہ بعد مل رہے ہیں تم نے مجھے مس تو بہت کیا ہوگا ان دو ماہ میں"
ماڈرن سی تاشفہ بےباک سے لباس میں اس کے سامنے کرسی پر بیٹھی ہوئی اس دے کانفیڈنس سے پوچھ رہی تھی۔۔۔ جیمی تاشفہ کی پرشین بلی تھی جس نے اس کی طرح تاشفہ کی زندگی میں چند ماہ سے کافی اہمیت حاصل کرلی تھی۔۔۔ تاشفہ دو ماہ قبل پاکستان ٹور پر گئی تھی تاشفہ نے پوری کوشش کی تھی وہ بھی اسکے ہمراہ اس سفر کو انجوئے کرتا۔۔۔ مگر وہ اپنی ذمہ داریوں سے جان چھڑا کر بھاگ نہیں سکتا تھا
"ویٹ تو میں شروع سے ہی تمہارا کرتا آیا ہوں، جب بھی ہمارے ملنے کا ڈیسائیڈ ہوتا ہے مجھے نہیں یاد پڑتا کبھی تم ٹائم پر آئی ہو خیر یہ بتاؤ تمہارا ٹرپ کیسا رہا مجھے تو بالکل یاد نہیں کیا ہوگا تم نے"
آج صبح ضروری میٹنگ اٹینڈ کرنے کے چکر اس نے ناشتہ بھی ڈھنگ سے نہیں کیا تھا اس لیے مینو کارڈ اٹھا کر تاشفہ کی بات کا جواب دیتا ہوا بولا جس پر تاشفہ خوبصورتی سے مسکرائی
"سچ بتاؤ تو میں نے تمہیں بالکل مس نہیں کیا، جب میں پاکستان آئی تھی تو مجھے بالکل اندازہ نہیں تھا یہاں اتنے خوبصورت اور حسین جگہیں ہوگیں یہ ٹرپ ایک خوشگوار اور یادگار ٹرپ رہے گا میرے لیے، میں امید کرو گی اگلا ایسا ہی ٹرپ ہم دونوں اکھٹے انجوئے کریں"
تاشفہ اس کو دیکھ کر مسکراتی ہوئی ایک ادا سے بولی وہ تاشفہ کا خوبصورت چہرا دیکھنے لگا جو خوبصورت ہونے کے باوجود اسے اکثر بناوٹی اور آرٹیفیشل سا محسوس ہوتا تھا اور ایسے ہی تاشفہ کی فیلنگز کا حال تھا جس میں خالص پن ڈھونڈنے سے بھی نہیں ملتا اس نے تاشفہ کی بات کا جواب دینا ضروری نہیں سمجھا بلکے اسے یہاں بلوانے کی اصل وجہ پر آیا
"تاشفہ میں نے تمہیں یہاں پر آج بہت خاص بات کرنے کے لئے بلایا ہے، یو روز روز ہوٹلنگ کرنا مجھے پسند نہیں اور نہ ہی میرے پاس اتنا ٹائم ہے کہ میں ان خرافات کے لیے وقت نکال سکوں۔۔۔ چھ ماہ سے ہم دونوں ایک دوسرے کو جانتے ہیں میرے خیال میں اب ہم دونوں کو سیریس ہو کر کوئی اسٹیپ لینا چاہیے شادی کے متعلق"
وہ تاشفہ کو دیکھ کر نہایت سنجیدگی سے بولا جس طرح اس وقت اس کے گھر کی صورتحال تھی اسے لگا تھا کہ اب اس کو شادی کرلینا چاہیے مگر تاشفہ اس کی بات سن کر پہلے تو سیریس ہوکر اسے دیکھنے لگی لیکن اچانک ہی اس نے زوردار قہقہہ لگایا جیسے تاشفہ نے اس کی بات کو انجوائے کیا ہو
"اچھا سوری"
تاشفہ نے محسوس کیا جیسے اس کے ہنسنے پر اسے برا لگا ہو جبھی تاشفہ اس سے معذرت کرتی ہوئی اپنی ہنسی کو کنٹرول کرنے لگی
"مجھے نہیں معلوم تھا ڈارلنگ میرے میری دو ماہ کی جدائی تم پر اتنا اثر کرے گی یہ تم ڈائریکٹ مجھے شادی کی آفر کر دو گے"
تاشفہ سیریس ہوکر بولی مگر ایک بار پھر ہنسنے لگی تو اب اسے غصہ آنے لگا
"تاشفہ بی سیریس"
اس کے تاثرات دیکھ کر تاشفہ کو اب کی بار واقعی سیریس ہونا پڑا
"دیکھو ہمارے ریلیشن کو مشکل سے ہی 6 ماہ ہوئے ہیں پورا سال بھی نہیں گزرا جو شادی جیسا بولڈ اسٹیٹ مجھے نہیں لگتا ہمیں اس کے بارے میں ابھی سے سوچنا چاہیے لیکن اگر تم جلدی شادی شادی چاہتے ہو تو اس سے پہلے تمہیں ایسا نہیں لگتا کہ ہم دونوں کو ایک دوسرے کو بےحد قریب سے دیکھ لینا چاہیے"
تاشفہ کی بات پر وہ تھوڑا عجیب انداز میں اس کو دیکھنے لگا جس پر تاشفہ دوبارہ بولی
"میرا مطلب ہے ہمیں کم از کم ایک ماہ کے لئے کوئی گھر یا اپارٹمنٹ شئیر کرنا چاہیے جب ہم دونوں ایک دوسرے کو قریب سے دیکھیں گے ایک دوسرے کی اچھی بری عادتوں سے، مزاج سے واقف ہوگے تب ہی ہم شادی جیسا اسٹیپ لے سکتے ہیں"
تاشفہ اب کی بار سیریس ہوکر اس کو بولی۔۔۔ وہ سمجھ گیا تھا ایک دوسرے کو قریب سے دیکھنے کا کیا مطلب ہے اسے تاشفہ کے مزید خیالات کو جان کر اور بھی زیادہ مایوسی ہوئی
"اور ایک ماہ بعد تمہیں لگا کے ہمارے مزاج اور عادتیں ایک دوسرے سے نہیں ملتی تو میرا راستہ الگ اور تمہارا راستہ الگ رائٹ"
وہ تاشفہ کو دیکھتا ہوا اس سے پوچھنے لگا اچانک اس کی بھوک مر گئی تھی۔۔۔ آرڈر لینے کے لیے پاس آتے ہوئے ویٹر کو اس نے دور سے ہی اشارہ کرکے روکا
"مجھے ہی کیوں ایک ماہ بعد تمہیں بھی ایسا لگ سکتا ہے کہ ہم دونوں ایک دوسرے کے ساتھ زندگی بھر کے لیے ایڈجسٹ نہیں کر سکتے"
تاشفہ کندھے اچکا کر اس سے بولی چھ ماہ کے ریلیشن میں اسے اپنے سامنے بیٹھا یہ مرد کافی ان رومانٹک روکھا پھیکا سا لگا تھا
"ایک ماہ بعد نہیں مجھے ایسا ابھی سے لگتا ہے ہم دونوں زندگی بھر واقعی ایک دوسرے کے ساتھ آگے نہیں چل سکتے، یوں چند دنوں کے لیے ایک دوسرے کے ساتھ رہ کر قریب سے دیکھنے والی فارملٹی کو رہنے دینا چاہیے۔۔۔ جس دن تم نے مجھ سے یہ بات بولی تھی کہ شادی کے کم از کم چھ سال تک تمہیں کوئی بچہ نہیں چاہیے کیونکہ اس سے تمہارا فگر کا شیپ خراب ہوگا اگر تبھی تم اپارٹمنٹ شیئر کرنے والے اپنے خیالات کا بھی اظہار کرتی تو شاید ہمارا ریلیشن چھ ماہ بھی مشکل سے قائم رہتا کیونکہ میرے نزدیک کم از کم ایک لڑکی کو اتنا گیا گزرا نہیں ہونا چاہیے کہ وہ مرد کے آگے چادر کی طرح بجھ جائے"
وہ تاشفہ پر اپنے خیالات کا اظہار کرکے اٹھ کر وہاں سے چلا گیا اسے نہیں لگتا کہ اب تاشفہ اس سے دوبارہ رابطہ کرے گی اور وہ خود بھی یہی چاہتا تھا
"نفسیاتی مرد"
تاشفہ بڑبڑاتی ہوئی مینیو کارڈ اٹھا کر اپنے لئے آرڈر کرنے لگی
***
"تو کیا ہر وقت آئینے کے سامنے کھڑی اپنا گول مٹول سا چہرہ دیکھ کر بلاوجہ خوش ہوتی رہتی ہے جا جاکر چائے بنا کر لا میرے لئے"
نثار کے بولنے پر آئینے کے سامنے کھڑی غزل نے مڑ کر خونخوار نظروں سے اپنے شوہر کو دیکھا
"دیکھ نثار میرے حسن سے جل کر میرے منہ نہ لگ میں بتا رہی ہوں اب کی بار اگر میں تیرا گھر چھوڑ کر میکے جا بیٹھی تو تو لاکھ اپنی ناک رگڑ لے میں واپس نہیں آؤں گی بتا رہی ہوں تجھے"
غزل کے دھمکی دینے پر نثار نے اس کے بےڈول سراپے اور سانولے رنگ میں حسن جیسی چیز ڈھونڈنے کی کوشش کی اور پھر زور سے ہنستا ہوا اس کی دھمکی پر غور کرنے لگا
"بھینس جیسی جسامت رکھ کر تیری عقل بھی اپنی جسامت سے میل کھانے لگی ہے ارے بیوقوف سمجھا ہوا ہے مجھے تو نے جو میں تیرے میکے جانے کے بعد تجھے واپس اپنے گھر میں اپنا سکون برباد کرنے کے لیے لاؤ گا، اللہ بھلا کرے میرے بھائی کا جو ہر بار بیچ جھگڑے میں پڑ کر تجھے میکے سے واپس لے آتا ہے،، ہر وقت آئینے کے سامنے کھڑے ہوکر اپنے منہ پر پاؤڈر ملنے کی بجائے اپنی اولادوں پر دھیان دے۔۔۔۔ بیٹے نے ماشاللہ 4 جماعتیں فیل ہونے کے بعد موالی قسم کے لڑکوں میں اٹھنا بیٹھنا شروع کر دیا ہے اور وہ گل محلے کی رکھو خالہ بن کر ہر گھر کی سن گن رکھنے لگی ہے بچیوں والی تو اس میں کوئی بات ہی نظر نہیں آتی چوٹی عمر میں ہی عورت بن گئی ہے پوری "
نثار اپنے بچوں کی طرف سے فکر مند ہوتا ہوا غزل کا دھیان بچوں کی طرف دلانے لگا
"تو جیسا باپ ویسی اولاد، تو نے کون سے تیر مار لیے دنیا میں آکر،، بوجھ کی طرح ہماری زندگیوں پر مسلط ہی رہا ہے تو ہمیشہ۔۔۔۔ اب تک کوئی پچیس نوکریوں پر تیرا بھائی تجھے لگا چکا ہے، مجال ہے جو کہیں پر بھی مستقل مزاجی سے ٹک کر کام کیا ہو تو نے،، اگر تیرا بھائی تیرے لیے فکر مند نہ ہوتا، تو نے تو ہم کو سڑکوں پر بٹھا دیا ہوتا۔۔۔۔ وہ تو شکر ہے عدی اور گل کے لیے مستقبل کے لیے مجھے ذلیل نہیں ہونا پڑے گا ارے اصل زندگی تو میری برباد ہوچکی ہے تجھ جیسے نکھٹو آدمی سے شادی کر کے، حسن برقرار ہے مگر قسمت دیکھو میری"
غزل اپنے حسن کی ناقدری پر آنسو بہاتی ہوئی کچن میں نثار کے لئے چائے بنانے چلی گئی جبکہ نثار اپنے لیے توہین آمیز گفتگو سن کر وہی سے چیخ کر بولا
"یہ سالا کونسا حسن ہے جو مجھ آندھے کو نظر نہیں آیا، دو بچے پیدا کرنے کے بعد تیرے جسم پر چربی نے تیرے حسن کو اور چار چاند لگا دیے ہیں۔۔۔ نام بھی دیکھو ماں باپ میں چن کر رکھا ہے غزل۔۔۔ ارے تو تو شاعر کی وہ غزل محسوس ہوتی ہے جو اس نے منہ سے بیان نہ کی ہو بلکہ منہ پر دے ماری ہو"
نثار زور زور سے بولتا ہوا گھر کا بجھتا ہوا دروازہ کھولنے چلا گیا