Chapter 55: بےرخی

جب سے وہ افراہیم کے ساتھ واپس گھر آئی تھی تب سے افراہیم نے عجیب لاتعلقی اور بیانگی اختیار کی ہوئی تھی، واپسی کا سفر بھی خاموشی میں گزرا تھا۔۔۔۔ سارے راستے وہ روحیل کی باتوں کو سوچتی ہوئی آئی تھی یہ تو نوف نے سوچ لیا تھا کہ کچھ بھی ہوجائے وہ روحیل کے بلانے پر ہرگز اس کے پاس نہیں جانے والی تھی، آج نہیں تو کل افراہیم پر اس کی حقیقت کھلنی ہی تھی مگر یہ سب کچھ اس طرح اتنی جلدی ہوگا اس کے وہم و گمان میں بھی نہیں تھا

گھر آنے کے بعد نوف نے رات کا کھانا نہیں کھایا تھا اس کی بھوک روحیل کی باتوں سے اڑ چکی تھی جبکہ افراہیم سے کھانے کا پوچھنے پر افراہیم نے بھی کھانے سے انکار کردیا تھا۔۔۔ تھوڑی دیر نازنین کے پاس بیٹھنے کے بعد اس کو میڈیسن دے کر نوف اپنے کمرے میں آنے لگی تو افراہیم کے لیے گلاس میں دودھ گرم کر کے لے آئی۔۔۔ کمرے کی لائٹ آن تھی مگر افراہیم آنکھیں بند کئے بیڈ پر نیم دراز تھا نوف دودھ کا گلاس پکڑے چلتی ہوئی اس کے قریب آکر بیٹھی

"افراہیم یہ دودھ لائی ہو آپ کے لیے"

نوف دودھ سے بھرا گلاس سائڈ ٹیبل پر رکھتی ہوئی افراہیم سے بولی ساتھ ہی اس نے اپنا ہاتھ افراہیم کے گال پر رکھنا چاہا جسے افراہیم نے پکڑ کر اپنی آنکھیں کھولیں جوکہ کافی سرخ ہورہی تھیں

"کیوں لائی ہو، کیا میں نے تم سے کہا تھا"

وہ نوف کا ہاتھ تھامے عجیب سے لہجے میں بولا اس کا انداز دیکھ کر نوف ایک پل کے لیے خاموش ہوگئی

"آپ نے رات کا کھانا نہیں کھایا تو میں نے سوچا سونے سے پہلے آپ یہ دودھ پی لیتے"

نوف افراہیم کے چہرے پر اجنبیت دیکھتی ہوئی بولی تو افراہیم اس کا چہرہ دیکھتا ہوا روکھے لہجے میں بولا

"میرا دماغ خراب مت کرو یمنہ چینج کرکے آؤ اور لائٹ بند کر کے لیٹو"

افراہیم اس کو بولتا ہوا بیڈ پر لیٹنے لگا تو نوف ایک دم افراہیم کا بازو پکڑ کر اس سے پوچھنے لگی

"پہلے آپ مجھے بتائیں میری کیا بات آپ کو اتنی بری لگی ہے جو آپ اس طرح سے بات کررہے ہیں مجھ سے "

نوف کی بات سن کر افراہیم اپنے غصے کو ہونٹ بھینچ کر ضبط کرتا ہوا دوبارہ لیٹنے لگا مگر نوف نے اس کا بازو چھوڑنے کی بجائے مزید سختی سے پکڑا جس پر افراہیم نے غصے میں سائیڈ ٹیبل پر رکھے ہوئے دودھ کے گلاس پر زوردار اپنا دوسرا ہاتھ مارا۔۔۔ دودھ سے بھرا گلاس فرش پر جاگرا وہی نوف افراہیم کے ری ایکشن پر سہم کر ایک دم بیڈ سے اٹھ کر کھڑی ہوگئی اور حیرت سے افراہیم کو دیکھنے لگی

"جاؤ"

افراہیم کی دھاڑ پر وہ بنا کچھ بولے ڈریسنگ روم میں چلی گئی، افراہیم کا رویہ اس کی سمجھ سے بالاتر تھا۔۔۔ اسے کیا بات اتنی بری لگی تھی نوف کو سمجھ میں نہیں آرہا تھا مگر وہ اپنے غصے سے نوف کو ڈرا چکا تھا

ایسا ممکن نہیں تھا کہ افراہیم نے روحیل اور اس کی بات سنی ہو اس وقت تو نوف نے خود افراہیم کو وہاں سے دور جاتے ہوئے دیکھا تو پھر آخر کیا وجہ ہوسکتی تھی جو افراہیم اس طرح ری ایکٹ کررہا تھا۔۔۔ نوف سوچتی ہوئی ہینگ ہوا اپنا ڈریس دیکھنے لگی پھر اس کی نظر بلیک سلک کی نائٹی پر پڑی جو اس کے ڈریس کے برابر میں ہینگر میں لٹکی تھی۔۔۔ نوف کو ریسٹورنٹ پہنچنے سے پہلے افراہیم کی گفتگو یاد آنے لگی جو اچھے اور خوشگوار موڈ میں وہ اس سے کار میں کررہا تھا

وہ بالکل کنفیوز ہوگئی کہ کیا کرے ٹراؤزر اور لانگ شرٹ ہینگر سے نکالتے ہوئے نوف کو یہی خیال آیا اگر افراہیم اس کا لباس دیکھ کر مزید خفا ہوگیا تو۔۔۔۔ نوف ہاتھ میں موجود اپنے لباس کو واپس ہینگ کرتی ہوئی نائٹی کے اوپر اس کا گاؤن پہن کر واپس بیڈ روم میں آئی۔۔۔ افراہیم بیڈ پر آنکھیں بند کئے ہوئے لیٹا تھا نوف کو واپس روم میں آتا دیکھ کر وہ آنکھیں کھول کر دوبارہ بند کرنے لگا مگر نوف کا پہنا ہوا لباس دیکھ کر اسے دوبارہ غصہ آنے لگا

نوف خاموشی سے افراہیم کو بناء دیکھے فرش پر گرے ہوئے کانچ کے ٹکڑے اٹھاکر روم میں موجود ڈسٹ بن میں ڈال کر پلٹنے لگی تو اپنے سامنے افراہیم کو موجود پاکر ایک دم چونکی

"تم واقعی معصوم ہو یا پھر معصوم بننے کا ڈرامہ کررہی ہو میرے سامنے"

افراہیم اس کے قریب آکر نائٹی کے گاؤن کی کھلی ڈوریاں نوف کی کمر پر کستا ہوا نوف سے پوچھنے لگا

"مجھے نہیں معلوم افراہیم آپ کو میری کون سی بات اتنی بری لگی ہے جو آپ اس طرح کا سلوک کررہے ہیں میرے ساتھ لیکن آپ کا یہ رویہ مجھے بہت تکلیف دے رہا ہے پلیز مجھے اپنی ناراضگی کی وجہ بتائیں "

نوف کے پوچھنے پر افراہیم نے غصے میں اس کے دونوں بازوؤں کو سختی سے پکڑا

"یمنہ میری ایک بات ہمیشہ یاد رکھنا مجھے جھوٹ بولنے والے اور دھوکہ دینے والوں سے سخت نفرت ہے۔۔۔ اگر میں تمہیں اپنے دل میں بسا سکتا ہوں تو تمہارے فریب دینے پر تمہیں اپنے دل سے ہمیشہ کے لئے نکال بھی سکتا ہوں۔۔۔ اب تم میرے سامنے یہ مت بولنا کہ آج روحیل سے تم فرسٹ ٹائم ملی ہو،، مجھے سب کچھ سچ جاننا ہے۔۔۔ روحیل تم سے اتنی گری ہوئی گھٹیا ڈیمانڈ کیسے کرسکتا ہے"

بولتے ہوئے نہ صرف افراہیم کا لہجہ سخت تھا بلکہ اس کے ہاتھوں میں بھی مزید سختی در آئی تھی نوف کو اپنے بازوؤں میں اس کی انگلیاں چبھتی ہوئی محسوس ہونے لگی

"جب عدنان سے میں اپنی عزت بچانے کی خاطر گھر سے بھاگی تو روبی نے مجھے اپنے گھر میں پناہ دی۔۔۔ اس وقت میں نے روبی کو ایک مخلص عورت سمجھا مجھے اس کی نیت کا علم نہیں تھا اور نہ ہی یہ اندازہ تھا کہ وہ کیا کام کرتی ہے۔۔۔ روبی نے ایک رات کے لیے میرا روحیل سے سودا کیا مگر میں روحیل کے پاس سے اپنی عزت بچاکر بھاگ آئی اور پھر میں نے یہاں پناہ لی"

اپنی اصل شناخت چھپاکر وہ روحیل اور روبی کے متعلق افراہیم کو سب کچھ سچ بتانے لگی۔۔۔ افراہیم کا غصہ اور رویہ دیکھ کر نوف اس کو اپنی اصل پہچان نہیں بتا پائی اس لیے بھی کہ فی الحال وہ افراہیم کی لاتعلقی اور بےرخی برداشت نہیں کرسکتی تھی۔۔۔ اسے اس وقت افراہیم کی محبت اور اس کے اعتماد کی ضرورت تھی مگر نوف کو یہ اندازہ ہوچکا تھا کہ افراہیم اس کی اور روحیل کی باتیں سن چکا تھا

"جاؤ جاکر لیٹ جاؤ"

افراہیم نوف کی بات سن کر کمرے کی لائٹ بند کرتا ہوا خود بھی بیڈ پر لیٹ گیا افراہیم کے برابر میں لیٹ کر وہ افراہیم کے سینے پر سر رکھ کر سوچنے لگی۔۔۔ اس شخص کے لئے کتنا آسان تھا اس کو دل میں بسانا اور پھر ہمیشہ کے لیے اپنے دل سے نکال دینا یہ بات نوف کو اپنے دل میں بری طرح چبھی تھی جس کا وہ فوری طور پر افراہیم سے شکوہ نہیں کرپائی تھی مگر اس کی آنکھیں نم ہونے لگی

"یمنہ آنکھیں بند کرو اور سونے کی کوشش کرو "

اپنے سینے پر نمی محسوس کرکے افراہیم نوف کو ٹوکتا ہوا بولا اور خود چند گھنٹے پہلے والا منظر یاد کرنے لگا

روحیل اور اپنی بیوی کے چہرے کے تاثرات سے وہ سمجھ چکا تھا وہ دونوں آپس میں ایک دوسرے کو پہلے سے جانتے ہیں مگر افراہیم کو غصہ تب آیا جب اس کے پوچھنے پر اس کی بیوی اس کے دوست کے سامنے صاف مکر گئی اور روحیل نے بھی اس کی تائید کی شاید وہ دونوں اس کو بیوقوف سمجھ رہے تھے جبھی وہ اپنے موبائل سے ریکارڈنگ آن کرکے ان دونوں کے درمیان سے دور چلا گیا

ہوٹل میں موجود پلر کی آڑ سے جب اس نے روحیل کی بات پر اپنی بیوی کی آنکھوں میں آنسو دیکھے جنہیں وہ جلدی سے صاف کررہی تھی تب افراہیم اس کو اپنے ساتھ گھر لے آیا مگر اپنے کمرے میں آکر جب اس نے روحیل اور اپنی بیوی کی باتیں سنی تو افراہیم کو خود اپنے اوپر شدید غصہ آنے لگا کہ اس نے وہاں سے آنے پہلے روحیل کا منہ کیوں نہیں توڑا، تھوڑی بہت سزا تو اس کی بیوی کی بھی بنتی تھی جو اس سے اتنی بڑی بات چھپاگئی تھی اور وہ سزا افراہیم خاموشی اختیار کرکے اپنی بیوی کو دے رہا تھا

***

2 گھنٹے پہلے اذلان کے پاس سر عتیق یعنی بیلا کے فزکس کے ٹیچر کی کال آئی تھی جس پر انہوں نے ازلان سے ریکویسٹ کی تھی کہ اس سال کے سمسٹر کے لئے فزکس کا پیپر ازلان انہیں تیار کرکے دے دیں کیونکہ وہ چند مصروفیت کی وجہ سے یونیورسٹی کو صحیح طور پر ٹائم نہیں دے پارہے تھے ازلان ان سے کمٹمنٹ کرچکا تھا کہ وہ فزکس کا پیپر آج رات ہی تیار کرکے صبح تک انہیں دے دے گا

یہ سن کر بیلا کی خوشی کی انتہا نہیں رہی تھی اسے پکا یقین تھا اس بار اس کے فزکس کے سبجیکٹ میں اچھے مارکس ضرور آئیں گے لیکن جب ازلان نے فزکس کی بکس اور نوٹس سامنے ٹیبل پر رکھ کر بیلا کو سختی سے کمرے سے باہر نکلنے کو کہا تب بیلا منہ بنا کر چپ چاپ بیڈروم میں آکر بیڈ پر لیٹ گئی۔۔۔ لیکن اب اسے کسی کروٹ چین نہیں آرہا تھا وہ ازلان کا تیار کردہ فزکس کا پیپر دیکھنے کے لئے بےچین تھی

ازلان سے تو اسے کوئی اچھے کی امید نہیں تھی کہ وہ اسکو خود سے پیپر دکھا دیتا یا پیپر میں لکھے ہوئے سوالات بتا دیتا وہ کچھ سوچ کر بیڈ سے اترتی ہوئی کمرے سے باہر نکلی اور لیونگ روم میں چلی آئی جہاں اسے اذلان بیٹھا ہوا نظر آیا

ازلان کی پشت بیلا کی طرف تھی جبھی وہ بیلا کو دیکھ نہیں سکا تھا وہ بڑے مصروف انداز میں فزکس کی بک پر جھکا ہوا پیپر پر لکھنے میں مصروف تھا،، بیلا دبے پاؤں آہستہ آہستہ فرش پر قدم رکھ کر چلتی ہوئی ازلان کے قریب آئی وہ چپکے سے دیکھنا چاہتی تھی کہ ازلان کیا لکھ رہا ہے تب اچانک ازلان پیچھے مڑا تو بیلا ایک دم ڈر کے مارے دو قدم اچھل کر پیچھے ہوئی

"سوئی نہیں تم ابھی تک"

ازلان کے ایک دم پوچھنے پر گھبراہٹ کے مارے بیلا سے کوئی بھی جواب بن نہیں پایا

"اکیلے نیند نہیں آرہی تھی مجھے"

بےساختہ اس کے منہ سے نکلا پھر اس نے دانتوں تلے اپنی زبان دبائی بیلا کی بات سن کر ازلان کے ہونٹوں پر مسکراہٹ رینگنے لگی

"تو مجھے پہلے بتانا تھا ناں میری جان کے تمہیں میرے بغیر نیند نہیں آئے گی"

ازلان ٹیبل پر رکھے ہوئے پیپر کو فولڈ کرکے اپنی شرٹ کی فرنٹ پاکٹ میں رکھتا ہوا کرسی سے اٹھ کھڑا ہوا۔۔۔۔ اب بیلا کی نظریں اس کے پاکٹ میں رکھے ہوئے پیپر پر جمی ہوئی تھی وہ آگے بڑھ کر بڑے پیار سے ازلان کے سینے سے لگی

Novelzy · online novels

Stories you won’t put down

Romance, dark romance, mafia, werewolf, billionaire and more, released chapter by chapter. Start with free chapters on any device, unlock premium chapters with coins, and earn rewards as you read.