"نارمل ہو جاؤں۔۔۔۔ کیسے؟؟ کسی کا مرڈر کرکے تم نارمل رہ سکتے ہو میں ہرگز نہیں۔۔۔ ہم تو اس وقت پاکستان میں بھی موجود نہیں ہیں اور یہاں کا قانون بہت سخت ہے تم جانتے ہو ناں۔۔۔ ایسا کرتے ہیں ہم پولیس کو خود انفارم کرکے سچ بتا دیتے ہیں کہ یہ موٹے کالے سے بھائی صاحب ہمارے روم میں گُھس کر بلاوجہ میں مار پیٹ کر رہے تھے بس ہم نے اپنے بچاؤ کے لئے ان کی ذرا سی گردن پکڑی تھی جو ناجانے کیسے خود بخود ٹوٹ گئی"
بیلا بولتی ہوئی بیڈ پر پڑی ہوئی اس آدمی کی لاش کو دیکھنے لگی اور ساتھ ہی اس کی شکل رونے والی ہوگئی۔۔۔ بیلا کی بات سن کر ازلان کا دل چاہا کے وہ اپنا سر پیٹ لے اس سے پہلے وہ بیلا کو کچھ سمجھاتا وہ دوبارہ بول اٹھی
"اچھا دوسرا آئیڈیا بھی ہے میرے پاس ازلان، میں نے ایک فلم میں دیکھا تھا ہم ایسا کرتے ہیں ان بھائی صاحب کی لاش کو اس کمفرٹر میں لپیٹ کر اس کو بوری بند لاش جیسا بنا دیتے ہیں اور پھر آدھی رات کو اس کو ہم کسی ندی یا نالے میں پھینک آئیں گے مگر یہ تو پاکستان بھی نہیں ہے یہاں پر ندی نالہ کہاں سے لائیں گے۔۔۔ ہاں ایسا کرتے ہیں اس لاش کے ہم چھوٹے چھوٹے سے ٹکڑے کرکے اس کو فریج میں ڈال دیتے ہیں اور پھر۔۔۔"
وہ اپنی آنکھوں کے سامنے لاش دیکھ کر بری طرح گھبرائی ہوئی تھی کہ کچھ بھی بولے جارہی تھی اس کو چپ کروانے کے لیے ازلان نے ہلکی سی چیت اس کے گال پر لگائی
"کیا فضول بولے جارہی ہو اتنی دیر سے۔۔۔ لاش کو یہ کردیں گے وہ کردیں گے۔۔۔ آخر چل کیا رہا ہے یہ سب تمہارے دماغ میں"
ازلان کی بات مکمل بھی نہیں ہوئی تھی کہ بیلا اس کے سینے سے لگ کر رونے لگی
"تو پھر ہم اللہ تعالیٰ سے سوری بھی کرلیں گے ناں۔۔۔ میں تمہیں دوبارہ جیل میں جاتا ہوا نہیں دیکھ سکتی ابھی تو ہم دونوں ملے تھے۔۔۔ ان تھوڑے سے دنوں میں کتنے پیارے لگنے لگو ہو تم مجھے اگر تم جیل چلے گئے تو میں کیسے رہوں گی تمہارے بغیر"
وہ ازلان کی بات پر روتی ہوئی بولی اس کی آخری بات پر ازلان کو ہنسی کے ساتھ ساتھ اس پر پیار بھی آنے لگا وہ بیلا کی کمر کے گرد اپنے دونوں بازو باندھتا ہوا بولا
"میں اب کہیں نہیں جاؤں گا تمہیں چھوڑ کر، پریشان مت ہو ایک جگہ پر بیٹھ جاؤ میں اس لاش کا کچھ انتظام کرتا ہوں"
ازلان پیار سے سمجھاتا ہوا اسے ایسے تسلی دینے لگا جیسے کہ وہ ہمیشہ سے لاشوں کو انتظام کرتا آیا ہو۔۔۔ اسے فیضی کو کال کرکے ساری صورتحال بتانا تھی ازلان جانتا تھا کہ فیضی یہ سارا کام خود سنبھالے گا
"نہیں پلیز مجھے ایسے ہی کھڑے رہنے دو اور تم بھی کہیں مت جاؤ میرے پاس سے۔۔۔ اس لاش کی پوری آنکھیں کُھلی ہوئی ہے اور وہ لاش مجھے گھور رہی ہے مجھے بہت ڈر لگ رہا ہے اس سے"
بیلا روتی ہوئی ازلان سے بولی تو اذلان مڑ کر اس آدمی کو دیکھنے لگا جس کی گردن مڑی ہوئی تھی وہ اوندھے منہ بیڈ پر پڑا ہوا تھا اور اس کی آنکھیں کھلی ہوئی تھی۔۔۔ ازلان جبھی چاہ رہا تھا کہ بیلا کمرے سے باہر چلی جائے وہ یہ سب دیکھ کر لازمی ڈر گئی تھی
***
وہ اپنے شوہر کو خوبصورت لگتی تھی ایسا آج صبح افراہیم نے اس سے کہا تھا کیا وہ دس سال پہلے خوبصورت نہیں تھی یا پھر دس سال پہلے ایک نوکر کی بیٹی کی حیثیت سے افراہیم کو اس کی خوبصورتی نظر نہیں آتی تھی یا شاید دس سال پہلے افراہیم نے کبھی اس کو غور سے دیکھا ہی نہ ہو۔۔۔ نوف اپنی سوچی ہوئی باتوں سے خود ہی اتفاق کرنے لگی، افراہیم کو جس دن اس کی اصل حیثیت معلوم ہوجائے گی تب افراہیم کا ردعمل کیا ہوگا نوف سوچ رہی تھی تب کمرے میں افراہیم چلا آیا
افراہیم کو کمرے دیکھ کر اور اپنے کپڑوں کا رنگ دیکھ کر اسے افراہیم کی صبح والی بات یاد آگئی، نوف بیڈ سے اٹھ کر کمرے سے باہر جانے لگی
"میری صبح والی بات کو یاد کرکے اگر تم کمرے سے باہر جارہی ہو تو بے فکر رہو میں تمہیں تنگ نہیں کروں گا"
افراہیم نوف کو کمرے سے باہر نکلتا ہوا دیکھ کر بولا اور خود صوفے پر جاکر بیٹھ گیا۔۔۔ ویسے بھی صبح والی طبیعت کے برعکس اس وقت وہ کافی خاموش اور سنجیدہ لگ رہا تھا، نوف اس کی خاموشی اور سنجیدگی کی وجہ جانتی تھی اس لئے کمرے سے نکلنے کی بجائے صوفے کے برابر میں موجود کھڑکی کے سامنے کھڑی ہوگئی
"آنٹی کی وجہ سے اداس ہیں آپ یا پھر بیلا کو مس کررہے ہیں"
وہ کھڑکی سے باہر دیکھتی ہوئی افراہیم سے پوچھنے لگی۔۔۔ آج شام میں نازنین پر خاموشی کی کیفیت طاری ہوگئی تھی۔۔ نہ ہی وہ کسی بات کا جواب دے رہی تھی نہ ہی کسی بات پر کوئی ری ایکٹ کررہی تھی افراہیم تھوڑی دیر پہلے آفس سے لوٹ کر گھر آیا تھا مگر اس سے پہلے نوف نازنین کو میڈیسن دے چکی تھی جسے لینے کے بعد وہ اس وقت سو رہی تھی
"میری ماں اور میری بہن دونوں ہی میری لائف میں بہت اہمیت رکھتی ہیں میں ان دونوں میں سے کسی ایک کو بھی تکلیف میں نہیں دیکھ سکتا، تم اس بات سے شاید واقف نہ ہو کہ میں چند سال پہلے بیلا کو بہت مشکلوں سے واپس زندگی کی طرف لایا تھا۔۔۔۔ جب وہ 9 سال کی تھی تو ایک بھیانک حادثے نے اس کو زندگی سے بہت دور کردیا تھا، میں اپنی بہن کی حالت دیکھ کر اندر ہی اندر روتا مگر اوپر سے کسی پر کچھ ظاہر نہیں ہونے دیتا۔۔۔ جب وہ آہستہ آہستہ واپس زندگی کی طرف لوٹنے لگی تو ایک دن اچانک بابا کی ہارٹ فیل کی وجہ سے ڈیتھ ہوگئی۔۔۔ ان کے غم سے ہم دونوں بہن بھائی نکل نہیں پائے تھے کہ مما نے بابا کے جانے کا اتنا زیادہ اثر لیاکہ وہ خود بیمار رہنے لگیں۔۔۔ اکثر ایسا ہوتا ہے مما تھوڑی دیر کے لئے مجھے اور بیلا کو پہچان نہیں پاتی ہیں،، ہم دونوں کو اجنبی نظروں سے دیکھتی ہیں،، جب وہ ایسا کرتی ہیں تو مجھے بیلا کو دیکھ کر خود کو مضبوط کرنا پڑتا ہے مگر اندر کہیں یہ خوف طاری رہتا ہے کہ اگر کسی دن مما ہمیشہ کے لئے ہم دونوں کو بھول گئی تو میں کیا کروں گا"
افراہیم اداسی سے اپنے دل کی ساری باتیں نوف سے شئیر کررہا تھا، نوف افراہیم کو اس وقت بالکل مختلف روپ میں دیکھ رہی تھی ایک ایسا مرد جس نے کم عمر سے سفر کیا تھا۔۔۔ اس واقعے سے صرف اس کی اپنی فیملی برباد نہیں ہوتی بلکہ اس بھیانک حادثے کے اثرات یہاں بسنے والے مکینوں نے بھی اپنے اوپر جھیلے تھے
افراہیم کی باتیں سن کر نوف کو عجیب اداسی نے آ گھیرا۔۔۔ وہ صوفے پر بیٹھے ہوئے اس شخص کے لئے اداس تھی جس سے وہ ایک خاص قسم کی چڑ رکھنے لگی تھی۔۔۔۔ نوف کو افراہیم کی باتیں سن کر اپنا دل پگھلتا ہوا محسوس ہوا بےخودی کے عالم میں وہ چلتی ہوئی افراہیم کے سامنے آکر کھڑی ہوگئی۔۔۔ افراہیم نوف کو دیکھ کر خود بھی صوفے سے اٹھ کھڑا ہوا۔۔۔ نوف افراہیم کا چہرہ اپنے نازک ہاتھوں میں تھام کر بولی
"آپ نے مجھے اپنے راز میں شریک ٹھہرا لیا ہے تو میرا دل کررہا ہے میں آپ کے سارے دکھ درد اور تکلیفوں کو اپنے اندر سمیٹ لو آپ کی یہ اداسی میرے دل کو اداس کررہی ہے افراہیم۔۔۔۔ میں آپ کو اداس نہیں دیکھ سکتی، آپ اپنے دکھ درد اور تکلیفیں مجھے دے دیں"
نوف کو معلوم ہی نہیں ہوا وہ بےخودی کے عالم میں کیا کچھ بول گئی ہے یہ بھی ایک غیر ارادی عمل تھا جب اس نے اپنے پنجوں کے بل اونچا ہوکر افراہیم کی پیشانی پر اپنے ہونٹ رکھے ایک پل کے لیے افراہیم بھی حیرت زدہ ہوا مگر دوسرے ہی پل افراہیم نے نوف کے نازک وجود کو خود میں چھپالیا
"شریک حیات کا مطلب جانتی ہو کیا ہوتا ہے جس کے ساتھ زندگی کا سفر طے کیا جائے میں نے تمہیں اپنا شریک سفر ٹھہرایا ہے۔۔ میں خواب میں بھی کوئی دکھ درد یا تکلیف تمہیں نہیں سونپ سکتا۔۔۔ تمہارا یہ وجود میرے لیے اس ٹھنڈی چھاؤں کی مانند ہے جس میں کھو کر میں کچھ پل کے لیے اپنے سارے دکھ درد تکلیف بھول کر سکون حاصل کرسکتا ہوں۔۔۔ اپنے اندر کی تنہائی سے لڑتے لڑتے تھک چکا ہوں،، میں کچھ پل تمہاری قربت میں سکون کے چاہتا ہوں مجھے اپنے اندر سمیٹ لو اور مکمل طور پر میری ہوجاؤ"
افراہیم نوف کے وجود کو خود میں سمائے بےخود سا ہوکر بولا تو نوف اس سے الگ ہوکر افراہیم کا چہرہ دیکھنے لگی
ایک عجیب سحر پورے ماحول پر طاری ہوچکا تھا۔۔۔ افراہیم نوف کا چہرہ تھام کر اپنے چہرے کے قریب کرتا ہوا بےخود سا اس کے ہونٹوں کو کسی پیاسے صحرا کے مانند دیکھے گیا،، نوف کی اپنی نظریں بھی افراہیم کے چہرے پر ٹکی ہوئی تھی۔۔۔ یہی وہ پل تھا جب نوف کے دل نے ناجانے کب اس کو دغا دے ڈالی اپنی آنکھیں بند کرتے ہوئے نوف نے بہت آہستگی سے اپنے ہونٹوں سے افراہیم کے گال پر رکھے،، وہ اپنے باغی ہوتے دل کی لگامیں تھام نہیں پائی تھی مگر دوسرے ہی پل کسی نے اندر سے بری طرح اسے سرزنش کی تو نوف افراہیم سے دور ہونے لگی مگر افراہیم کا دل سرکشی پر اترا آیا۔۔۔ اس نے نوف کو اپنے وجود سے دور ہوتا دیکھ کر،، نوف کو مکمل طور پر اپنی گرفت میں لےلیا
"اس طرح دور جاکر تم میرے اوپر یوں ظلم نہیں کرسکتی آج۔۔۔ یمنہ پلیز"
یمنہ نام پر نوف فوراً اپنے حواسوں میں لوٹ آئی یہ نام اس کی اصلی پہچان نہیں تھا۔۔۔ مگر افراہیم کے دل کو تو آج اس نے خود ہی اکسایا تھا وہ چاہ کر بھی افراہیم کی گرفت سے خود کو آزاد نہیں کروا سکی۔۔۔ افراہیم نوف کو گرفت میں لےکر اس کے ہونٹوں پر اپنے ہونٹ رکھتا ہوا اپنی تشنگی مٹانے لگا
افراہیم کی سانسوں کی گرمائش نوف کے اندر اترتی ہوئی اس کو پورا پورا اندر تک جھلسانے لگی۔۔۔ وہ افراہیم کے دل کے تاروں کو چھیڑ کر اپنے ساتھ غلط کر بیٹھی تھی جس کا خمیازے میں اب اس کی اپنی سانسیں بند ہونے لگی تھی،، اس سے پہلے افراہیم کی شدت مزید بڑھتی اور نوف کا ضبط جواب دینے لگتا۔۔۔ اچانک ہی کمرے کا دروازہ زور سے بجنے لگا
"افراہیم بیٹا دروازہ کھولیں بیگم صاحبہ کی طبیعت بگڑ رہی ہے"
کمرے کے اندر آتی نوری کی آواز سے افراہیم ایک دم حواسوں کی دنیا میں لوٹ آیا،، نوف سے دور ہوتا ہوا وہ فوراً دروازے کی طرف بڑھا