ازلان دن میں اس کو ہوٹل کے روم میں چھوڑ کر گیا تھا اور اب رات ہونے کو آئی تھی مگر ازلان ابھی تک لوٹ کر واپس نہیں آیا تھا، بیلا کو ازلان پر غصہ آنے لگا تھا آخر وہ اسے اپنے ساتھ یہاں لایا ہی کیوں تھا۔۔ وہ ازلان کے کہنے پر ہوٹل کے کمرے سے باہر نہیں نکلی تھی مگر اب وہ ٹی وی دیکھتے دیکھتے بور ہوچکی تھی اپنا موبائل استعمال کرکے اکتا چکی تھی تبھی کمرے کا دروازہ کھلا
"یہ کوئی ٹائم ہے تمہارے واپس آنے کا ازلان حد ہوتی ہے کہاں تھے تم اتنی دیر سے"
ازلان کے کمرے میں داخل ہوتے ہی بیلا اس پر چڑھ دوڑی جس پر ازلان کے چہرے پر مسکراہٹ نمودار ہوئی کیونکہ اس کا انداز بالکل بیویوں والا تھا
"بیلا میری جان، میں نے تمہیں بتایا تھا ناں مجھے واپس لوٹتے ہوئے شام ہوجائے گی"
بیلا کا موڈ دیکھ کر وہ اندازہ لگا چکا کہ لازمی وہ اس وقت شدید قسم کی بوریت کا شکار ہورہی تھی جبھی ازلان بیلا کو دیکھ کر بڑے پیار سے بولا اور ہاتھ میں موجود لیپ ٹاپ اس نے ٹیبل پر رکھ دیا۔۔۔ بیلا نے نوٹ کیا یہ وہ لیپ ٹاپ نہیں تھا جو ازلان پلین میں یوز کررہا تھا بلکے ہوٹل کے کمرے سے باہر نکلتے وقت اس کے ہاتھ بالکل خالی تھے
"شام کا مطلب یہ نہیں ہوتا تم رات کے دس بجے واپس آرہے ہو، ویسے تم تھے کہاں پر اتنی دیر سے"
بیلا کمر پر اپنے دونوں ہاتھ رکھتی ہوئی ازلان کے سامنے کھڑی ہوکر اس سے سوال کرنے لگی تو ازلان نے بیلا کی کمر سے اس کے دونوں ہاتھ اٹھا کر اپنے ہاتھ رکھتے ہوئے بیلا کو خود سے قریب کیا
"ضروری کام تھا نائٹ کلب میں وہی پر موجود تھا میں، جیسے ہی فارغ ہوا فوراً تمہارے پاس آگیا"
ازلان جتنے پیار بھرے انداز میں بیلا کو بنانے لگا وہ مشکوک بھری نظروں سے ازلان کو دیکھنے لگی
"تم پاکستانی مردوں کے ساتھ یہی مسئلہ ہے کہیں دوسرے ملک میں جاکر ایسی جگہیں دیکھتے ہو فورا منہ اٹھا کر وہی پہنچ جاتے ہو لازمی تم بھی فحاش قسم کا بیلی ڈانس دیکھ کر آرہے ہوگے۔۔۔۔ آخر ملتا کیا ہے تم مردوں کو یوں کسی غیر لڑکی کی عریاں کمر کو دیکھ کر"
بیلا غصے میں ازلان کے ہاتھ اپنی کمر سے ہٹاتی ہوئی بولی، وہ نہ جانے بات کو کہاں سے کہاں لے جاچکی تھی مگر ازلان کو بیلا کی بات نے غصہ نہیں دلایا وہ زور سے ہنس پڑا
"مردوں کو دوسری لڑکیوں کی عریاں کمر کو دیکھ کر وہ سکھ ملتا ہے جو اپنی خود کی بیوی کی کمر دیکھ کر بےچارے مرد کو نصیب نہیں ہوتا کیونکہ شادی کہ چند ماہ بعد ہی بیوی کی کمر، کمر کی بجائے کمرا بن جاتی ہے، اب مرد بےچارہ کیا کرے۔۔۔ ویسے اگر تم بےلی ڈانس سیکھ لو اور اپنی کمر کا سائز بالکل اسی طرح فٹ رکھو تو میں وعدہ کرتا ہو ساری زندگی تمہارا ہی بیلی ڈانس دیکھوں گا"
ازلان نے بولتے ہوئے دوبارہ بیلا کو کمر سے پکڑا، وہ شرارت سے بولتا ہوا بیلا کے غصے والے تاثرات کو انجوئے کرنے لگا
"میرا بیلی ڈانس دیکھنا ہے تمہیں۔۔ ٹہرو تم ابھی تمہیں اپنا ڈانس انجوئے کرواتی ہو"
بیلا نے اپنے دونوں نازک ہاتھوں سے ازلان کی گردن زور سے دبائی تو ازلان بیلا کو مضبوطی سے کمر سے پکڑ کر خود سے مزید قریب کرلی
"بیوہ ہونے کا شوق چڑھا ہوا ہے، یار کیا کررہی ہو مار ڈالو گی کیا"
وہ بیلا کو کمر کو پکڑتا ہوا جان بوجھ کر پیچھے صوفے پر گرا تو بیلا بھی اس کے ساتھ ازلان کے اوپر جاگری
"میرے علاوہ کسی دوسری لڑکی پر نظر ڈالو گے تو میں واقعی مار ڈالو گی تمہیں"
بیلا اس کی گردن سے اپنے ہاتھ ہٹاتی ہوئی اٹھنے لگی تو ازلان نے اسکی کمر پر اپنے دونوں بازو لپیٹے اسے اٹھنے نہیں دیا
"کیا تمہیں لگتا ہے میں تمہارے علاوہ کسی دوسری لڑکی کی طرف مائل ہوسکتا ہوں، ایسی سوچ بھی اپنے دماغ میں کبھی مت لانا کیونکہ ازلان کو اس کی زندگی میں صرف ایک ہی لڑکی اپنی طرف متوجہ کرسکی ہے جسے ازلان نے اتنے سالوں بعد ڈھونڈا اور فورا ہی اسے اپنا بنالیا۔۔۔۔ مجھے نہیں معلوم تمہیں مجھ سے کتنی وفا کی امید ہے لیکن یہ میرا وعدہ ہے کہ جب تک اللہ پاک نے میری زندگی رکھی ہے تب تک میں تم سے وفا نبھاؤں گا"
ازلان بیلا کو دیکھتا ہوا سنجیدگی سے بولا تو بیلا کو فورا اس کی بات پر یقین آگیا جس کا ثبوت دیتے ہوئے وہ اپنا سر ازلان کے سینے پر رکھ چکی تھی ازلان نے عادت کے مطابق اس کی سنہری بالوں پر اپنے ہونٹ رکھے
"اتنا بڑا وعدہ دیا ہے تمہیں، اب تو میری خاطر بیلی ڈانس سیکھو گی ناں میرا بڑا ارمان ہے بیلا کا بیلی ڈانس دیکھنے کا"
بیلا سکون سے اس کے سینے پر سر رکھی ہوئی تھی ازلان کی بات سن کر وہ اپنا سر ازلان کے سینے سے اٹھا کر اس کو گھورنے لگی جو بیلا کو ہی دیکھ کر شرارت سے مسکرا رہا تھا
"بس بےشرموں والی حرکتیں کرنا، شوہروں والی حرکتیں نہیں آتی تمہیں"
بیلا گھورتی ہوئی ازلان سے بولی شوہروں والی حرکتوں سے مراد بیلا نے عباد کا خاکہ ذہن میں لیا تھا وہ نازنین سے مذاق کے وقت مذاق کرتا تھا ورنہ محبت میں کی شکل میں بھی سنجیدگی طاری رہتی
"شوہر والی حرکتوں پر آگیا تو تم اوپر سے نیچے تک سرخ ہوجاؤ گی، ویسے تمہیں اتنے قریب دیکھ کر سوچ رہا ہوں شوہر والے روپ کی ایک جھلک دکھا ہی دو" ازلان بولتا ہوا بیلا کے بالوں میں انگلیاں پھنسا کر اس کے ہونٹوں کے قریب اپنے ہونٹ لایا تبھی دروازہ بجنے لگا
"شٹ یار اس ویٹر کو ابھی کھانا لے کر آنا تھا"
ازلان نے بولتے ہوئے اپنی گرفت سے بیلا کو آزاد کیا تو بیلا جلدی سے ازلان کے اوپر سے اٹھی اور شکر کا سانس لینے لگی، وہ شوہر والی حرکتوں سے مراد نہ جانے کیا سوچے بیٹھا تھا
ازلان صوفے سے اٹھ کر کمرے کا دروازہ کھولنے لگا تو کمرے کا دروازہ کھلتے ہی زوردار مکا ازلان کے منہ پر آنے والے نے اچانک مارا۔۔۔ جس سے ازلان پیچھے کمرے کی طرف گر پڑا،، بیلا روم کے اندر آنے والے لمبے چوڑے اور کالے سے آدمی کو دیکھ کر ڈر گئی جوکہ مزید ازلان کو مارنے کے لیے اس پر جھپٹنے لگا تھا مگر ازلان ذہنی طور پر مکمل تیار ہوچکا تھا،، اس لیے اپنی طرف بڑھتے ہوئے آدمی کو دیکھ کر زوردار لات اس کے منہ پر مار کر خود بھی فارم میں آگیا اور کھڑا ہوکر مکمل داؤ پیچ آزماتا ہوا اس کا مقابلہ کرنے لگا بلکہ اس آدمی کو مارنے کے ساتھ وہ مسلسل بیلا کو کمرے سے باہر جانے کا کہہ رہا تھا
مگر بیلا خوف کے مارے وہی کھڑی ہوئی ازلان کو اپنا بچاؤ کرتے ہوئے اس آدمی کے ساتھ مقابلہ کرتے دیکھ رہی تھی،، ازلان اس طرح اس آدمی کے ساتھ مقابلہ کررہا تھا جیسے اس نے مار پیٹ کی مکمل ٹریننگ حاصل کی ہو۔۔۔۔ مگر بیلا کی سانس ایک پل کے لیے تب رکی جب اس آدمی نے نہ جانے کہاں سے چاقو نکال کر ازلان پر وار کرنا چاہا مگر دو بار وار خالی جانے کے بعد تیسری بار ازلان نے اس کے ہاتھ پر لات مارتا ہوا چاقو دور پھینک چکا تھا
ازلان کے مکا مارنے پر وہ آدمی شیشے کی ٹیبل کے پاس آکر گرا، اور ٹیبل پر رکھے ہوئے لیپ ٹاپ کی طرف لپکا،، اس سے پہلے وہ آدمی لیپ ٹاپ کھڑکی سے باہر پھینکتا ازلان نے پھرتی سے لیپ ٹاپ اس سے چھین کر اپنی لات اونچی کر کے ہوا میں گھمائی جو اس آدمی کے سر پر لگی اور وہ آدمی دور جاگرا
"بیلا کمرے سے باہر نکل جاؤ سمجھ میں نہیں آرہا تمہیں"
وہ لیپ ٹاپ بیڈ پر اچھل کر غصے میں چیختا ہوا بیلا سے مخاطب ہوا مگر اس کی نظریں بیلا کی بجائے اس آدمی پر جمی ہوئی تھی جو اچھی خاصی مار کھانے کے باوجود بھی ڈھیٹ بنا ہوا ایک بار پھر لیپ ٹاپ کی طرف بڑھنے لگا
"بیلا کمرے سے باہر جاؤ"
وہ ایک بار پھر اس آدمی کو قابو کرتے ہوئے بیلا سے چیخ کر بولا لیکن بیلا خاموش وہی کھڑی ہوئی اس آدمی کو دیکھنے لگی جو بیڈ پر پیٹ کے بل لیٹا ہوا تھا جبکہ اس کے دونوں ہاتھ پیچھے کمر پر ازلان نے اپنے گھٹنے کے نیچے دبائے ہوئے تھے۔۔۔ ازلان نے ایک ہاتھ سے اس کے بال پکڑے ہوئے تھے جبکہ دوسرا ہاتھ سے اس آدمی کی تھوڑی کے نیچے والے حصے کو مضبوطی سے پکڑا ہوا تھا
"ازلان چھوڑ دو اس کو"
بیلا خوفزدہ ہوکر اس آدمی کو دیکھتی ہوئی ازلان سے بولی
"جاؤ یہاں سے"
ازلان ایک بار پھر غصے کی شدت سے چیختا ہوا بولا جس پر بیلا نفی میں سر ہلانے لگی۔۔۔
ازلان نے اس آدمی کو مہلت ہی بیلا کی وجہ سے دی ہوئی تھی مگر اب اور نہیں دے سکتا تھا، اس لئے اس کی گردن موڑنے پر جہاں ازلان نے اس آدمی کی بےجان ٹوٹی ہوئی گردن چھوڑی وہی بیلا نے زور سے چیخ مار کر دونوں ہاتھوں میں اپنا چہرہ چھپالیا
ازلان غصے میں بیڈ سے اٹھ کر بیلا کی طرف بڑھا اس کے چہرے سے دونوں ہاتھ ہٹاکر مزید غصے میں چیختا ہوا بولا
"میں بار بار تمہیں عربی یا فارسی زبان میں کمرے سے جانے کے لئے کہہ رہا تھا بات کیوں نہیں مان رہی تھی تم میری۔۔۔ جانتی ہو اگر آج یہ آدمی اس لیپ ٹاپ کو توڑ دیتا یا ضائع کر دیتا تو میری کہی دنوں کی محنت پر پانی پھر جاتا۔۔۔۔ جانتی ہو تمہاری وجہ سے میرا کتنا بڑا لاس ہوجاتا کچھ اندازہ ہے تمہیں"
ازلان غصے میں بیلا کو اور بھی باتیں سناتا مگر اس کو شاکڈ کی کیفیت میں دیکھ کر خاموش ہوگیا
"وہ مر چکا ہے ازلان۔۔۔ اس کو مار دیا تم نے،، بیچارے کی گردن ہی توڑ ڈالی وہ صرف تم سے لیپ ٹاپ ہی تو حاصل کرنا چاہتا تھا جو تمہارا اپنا تھا بھی نہیں۔۔۔ دے دیتے تم اس کو یہ لیپ ٹاپ تمہارے پاس اپنا لیپ ٹاپ بھی تو تھا۔۔۔۔ یااللہ اب کیا ہوگا یہ تو مرڈر ہوچکا ہے تم سے، اب ہم دونوں کیا کریں گے"
بیلا بری طرح گھبرائی ہوئی تھی ازلان کے غصے اور ساری باتوں کو نظرانداز کرتی ہوئی اس سے بولی
"تمہیں اب کچھ نہیں کرنا صرف اپنا منہ بند کرکے صوفے پر بیٹھ جانا ہے۔۔۔ بالکل نارمل ہوجاؤ میں تھوڑی دیر میں سب کلیئر کر دیتا ہوں اوکے"
ازلان بیلا کی گھبرائی ہوئی حالت کو دیکھ کر اس پر غصہ بھلائے نارمل لہجے میں بولا