"شرم تو بالکل نہیں آتی آپ کو اپنی مما کے سامنے ایسی فضول حرکتیں کرتے ہوئے"
افراہیم کے کمرے میں آتے ہی نوف اس کو دیکھ کر بیڈ سے اٹھتی ہوئی بولی
"ایک پرسنٹ بھی نہیں آتی اور اب تم اچھی طرح یہ بات سمجھ جاؤ کہ میں کتنا بےشرم آدمی ہوں، میرے ساتھ اگر رہنا ہے تو سیدھے طریقے سے رہنا پڑے گا"
افراہیم نوف کو جواب دیتا ہوا وارڈروب سے اپنے کپڑے نکالنے لگا تب نوف کو ڈنر والا سین یاد آیا
آج ڈنر کے وقت افراہیم نے اسے اپنے برابر والی کرسی اس کے بیٹھنے کے لیے کھسکائی تھی مگر نوف جان بوجھ کر دوسری کرسی پر جاکر بیٹھی یہ بات اور تو کسی نے محسوس نہیں کی تھی مگر افراہیم سوچ چکا تھا وہ اس کا بدلہ کمرے میں نہیں بلکہ سب کے سامنے لے گا
"کہاں جا رہی ہو"
نوف کو کمرے سے جاتا ہوا دیکھ کر افراہیم اس سے پوچھنے لگا
"آنٹی کو میڈیسن دینے ان کے سونے کے بعد ہی میں سوتی ہوں"
نوف افراہیم کو دیکھتی ہوئی بتانے لگی بےشک اب اس کی حیثیت اس گھر میں پہلی والی نہیں تھی مگر نازنین کے کاموں کو اس نے اپنی ذمہ داری سمجھ لیا تھا
"مما کو میڈیسن میں دے چکا ہوں اور وہ سونے کے لئے لیٹ چکی ہیں، تم بھی ڈریس چینج کرو اور سونے کی تیاری کرو"
افراہیم نوف کو دیکھتا ہوا بولا تو نوف چینج کرنے سے پہلے آئینے کے سامنے کھڑی ہوکر اپنے گلے میں پہنا ہوا نیکلس اتارنے لگی جس کا لاک اس سے نہیں کھل رہا تھا افراہیم نوف کے پاس آنے لگا
"مجھے آپ کی مدد کی ضرورت نہیں ہے پلیز افراہیم"
نوف آئینے میں سے افراہیم کو دیکھتی ہوئی بولی تب بھی افراہیم اس کی بات کو نظر انداز کرتا ہوا نوف کے قریب آکر اسکو دونوں بازوؤں سے پکڑ کر نوف کا رخ اپنی طرف کر چکا تھا
"کیا وجہ ہے تمہارے اس بی ہیویئر کی بتاؤ مجھے"
افراہیم غصہ کنٹرول کرتا ہوا نوف سے پوچھنے لگا اس کے چہرے کے تاثرات بالکل سیریس تھے
"آپ بات کو بلاوجہ میں بڑھا رہے ہیں"
نوف افراہیم کے ماتھے پر شکنیں دیکھ کر اس سے بولی
"غلط، بات کو میں نہیں بڑھا رہا بلکہ تمہارا یہ رویہ ہمارے اس نئے رشتے کو خراب کررہا ہے۔۔۔ میں وجہ جاننا چاہتا ہوں تم مجھے ناپسند کرتی ہو تو کیو؟؟ ہمارا رشتہ جڑنے کے باوجود تم خوش نہیں،، کیا وجہ ہے جواب دو مجھے یمنہ"
افراہیم بغیر اس کا بازو چھوڑے دوبارہ نوف سے بولا اب کی بار اس کا لہجہ تھوڑا سخت تھا وہ خاموشی سے افراہیم کا چہرہ دیکھنے لگی وہ اسے کیا بتاتی۔۔۔۔ بچپن سے وہ اس کے ساتھ کیا سلوک کرتا آیا تھا اگر وہ جان جاتا ہے کہ اس کی بیوی اس کے ملازم کی بیٹی ہے تب افراہیم کا اس کے ساتھ کیسا سلوک ہوتا
"میں آپ کو ناپسند نہیں کرتی ہوں بس یوں اچانک سے ہمارا رشتہ جڑ گیا ہے تو یہ سب کچھ میں فوری طور پر قبول نہیں کر پارہی ہو، یہ بات آپ کو بھی سمجھنا چاہیے پلیز مجھے تھوڑا سا ٹائم دیں"
افراہیم کو غصے میں دیکھ کر نوف نرم پڑتی ہوئی بات بناکر بولی
"یہی وجہ ہے یا پھر کچھ اور،،، مجھے بالکل سچ سننا ہے"
افراہیم کے ہاتھوں کی گرفت اس کے بازو پر ہلکی ہوئی تھی مگر لہجہ اب بھی ویسا ہی تھا
"اور بھلا کیا وجہ ہو سکتی ہے پلیز افراہیم مجھے نیند آرہی ہے اور چینج بھی کرنا ہے"
نوف اس کی باتوں سے بچنے کی خاطر خود بھی نظریں چراتی ہوئی بولی تو افراہیم نوف کا رخ موڑ کر اس کی پشت اپنی طرف کرتا ہوا نیکلس کا لاک کھولنے لگا۔۔۔
نوف آئینے سے افراہیم کا چہرہ دیکھنے لگی جو ابھی بھی سنجیدہ تھا، اس کے بعد نوف چینج کرنے چلی گئی واپس آئی تو افراہیم لائٹ بند کرکے بیڈ پر لیٹا ہوا تھا۔۔۔ نوف کو اس کی صبح والی حرکت یاد آئی تو نوف کو افراہیم کے پاس لیٹتے ہوئے ڈر لگنے لگا وہ تکیہ اٹھا کر صوفے پر آگئی
"جس طرح تم وہاں گئی ہو اسی طرح شرافت سے واپس بیڈ پر آکر لیٹو"
ابھی نوف نے صوفے پر تکیہ اور اپنا دوپٹہ رکھا ہی تھا اسے افراہیم کی آواز سنائی دی
"افراہیم آپ کو نیند میں ہوش نہیں ہوتا کہ آپ کے ہاتھ کہاں جارہے ہیں پلیز میں بغیر کسی ٹینشن کی سکون سے سونا چاہتی ہوں"
نوف جھنجھلاتی ہوئی بولی وہ سارے دن سے ایک بار بھی کمر سیدھی کرنے کے لیے نہیں لیٹی تھی اور اب وہ سکون سے سونا چاہتی تھی
"تم واپس بیڈ پر آرہی ہو یا چاہتی ہو کہ ابھی کوئی بہت بڑا ہنگامہ ہوجائے"
افراہیم اس کی بات کو اگنور کرتا ہوا سخت لہجے میں پوچھنے لگا جس پر نوف کو رونا آنے لگا وہ تکیے اور دوپٹے کو ہاتھ میں دباتی ہوئی بیڈ کے پاس آئی اور زور سے تکیہ کو بیڈ پر پٹختی ہوئی دوپٹہ سائیڈ پر رکھ کر غصے میں بیڈ پر لیٹ گئی
"غصہ اور دھمکی دونوں اپنی صحت کے مطابق کرنا اور دینا چاہیے۔۔۔ ورنہ نتائج خطرناک نکل سکتے ہیں"
نوف کو افراہیم کی آواز سنائی دی مگر اب کی بار اس کی آواز میں سختی نہیں تھی
"آپ مجھے سونے دیں گے یا نہیں"
افراہیم کی بات پر نوف بےبسی سے بولی جیسے اس نے اپنے آپ کو رونے سے باز رکھا ہو
"سو جاؤ ڈیئر وائف لیکن اپنے ذہن میں یہ بات بٹھا کر کے میں آدمی ہوں تھوڑا سرپھرا قسم کا۔۔۔ شادی کے بعد یہ ٹائم دینے والی لاجک میری سمجھ سے بالاتر ہے اس لئے جلد سے جلد اپنے دماغ میں یہ بات بٹھالو کہ ہماری شادی ہوچکی ہے اور شادی کے بعد جو ہونا ہے وہ تو تمہارے ٹائم لینے کے بعد بھی ہونا ہے،، اس بات کے لئے میں تمہارا ایٹیٹیوڈ بالکل بھی برداشت نہیں کروں گا اور ہاں میں نیند میں اپنے ہاتھوں پاؤں کی کچھ خاص گرانٹی نہیں دے سکتا کیونکہ اب تم میری بیوی بن چکی ہو تو اپنا بچاؤ تمہیں خود کرنا پڑے گا گڈ نائٹ"
افراہیم نوف کو بولتا ہوا سونے کی کوشش کرنے لگا مگر اس کی باتیں سن کر نوف کو معلوم تھا اب اس کی نائٹ گڈ نہیں ہوسکتی اور مشکل ہی تھا کہ اب افراہیم کے برابر میں لیٹ کر اس کو نیند آجائے
شام کو بیلا نے یونیورسٹی سے واپس آکر اس کے ذہن سے یہ وہم دور کردیا تھا کہ کل رات گھر میں کو کوئی دوسرا موجود تھا بیلا نے اسے یقین دلایا تھا کہ وہ سب اس کا وہم تھا،، گلاب خان کے ہوتے ہوئے گھر میں کوئی نہیں آسکتا مگر تب بھی نوف اندر ہی اندر ڈر گئی تھی نہیں تو وہ اس وقت لازمی افراہیم کے سونے کے بعد اپنے کمرے میں چلی جاتی
***
افراہیم اور نوف سو رہے تھے ان دونوں کو جگانا بیلا کو مناسب نہیں لگا اس لیے وہ نازنین سے مل کر دعائیں لیتی ہوئی صبح نو بجے کے ٹائم ازلان کے اپارٹمنٹ میں موجود تھی۔۔۔۔ جب ازلان نے اپنے فلیٹ کے دروازے پر بیلا کو ہینڈ کیری کے ساتھ موجود کھڑا پایا تو اس نے فوری طور پر کوئی تاثر نہیں دیا تھا مگر بیلا اس کے چہرے سے اندازہ لگا چکی تھی کہ وہ اس کی آمد پر اندر سے خوش تھا بیلا اپنا ہینڈ کیری وہی چھوڑ کر فلیٹ کے اندر داخل ہوگئی جبکہ ازلان اس کا بیگ اٹھاکر اندر لاتا ہوا فلیٹ کا دروازہ بند کرچکا تھا
"بیٹھنے کا وقت نہیں ہے بیلا جلدی سے اٹھو اور یہ پہنوں"
بیلا کے صوفے پر آرام سے بیٹھنے پر ازلان عجلت بھرے انداز میں بولا اور بیڈروم سے اس کے لیے عبایا لےکر آیا۔۔۔ وہ بیڈ روم لاک کررہا تھا تو بیلا اسے حیرت سے دیکھنے لگی
"مگر یہ عبایا کیوں میں نے تو پہلے کبھی نہیں لیا یہ"
بیلا عبایا ہاتھ میں پکڑے ازلان کو دیکھتی ہوئی بولی
"اب تم فضول کی باتوں میں وقت ضائع کرو گی جلدی سے پہنوں اسے"
ازلان اسے دوبارہ ٹوکتا ہوا اپنا بیگ، پاسپورٹ اور کچھ ڈاکومنٹس دوسرے بیڈروم سے لاکر ٹیبل پر رکھتا ہوا دوسرا بیڈروم بھی لاک کرنے لگا۔۔۔ عبایا لینے کے بعد بیلا کی نظریں ٹیبل پر رکھے ڈاکومنٹس اور پاسپورٹ پر پڑی تو وہ پاسپورٹ اٹھاکر دیکھنے لگی جبکہ ازلان موبائل کان سے لگائے ٹہلتا ہوا کال پک کرنے کا ویٹ کررہا تھا
"یہ پاسپورٹ پر میری تصویر کے ساتھ نام مرجینا کیوں لکھا ہوا ہے اور لوکل فلائٹ کے لئے پاسپورٹ کی کیا ضرورت ہے"
بیلا حیرت سے پاسپورٹ پر اپنی تصویر دیکھنے لگی جو ان دونوں کے نکاح کے وقت ازلان نے اپنے موبائل سے کھینچی تھی
"یار تم اس وقت چھان بین میں لگی ہوئی ہو ادھر فیضی کال پک نہیں کررہا ہے ادھر دو یہ پاسپورٹ" ازلان جھنجھلاہٹ میں اپنا موبائل پاکٹ میں رکھتا ہوا بیلا سے پاسپورٹ لےکر واپس ٹیبل پر رکھکر اسکے سر پر اسکارف باندھنے لگا۔۔۔ بیلا کو اس کی ساری حرکتیں مشکوک لگ رہی تھی گھر سے باہر نکلنے سے لےکر ٹیکسی میں بیٹھنے تک، نہ صرف ازلان کا ہیئر اسٹائل بالکل چینج ہوا تھا بلکہ آنکھوں کا رنگ بھی تبدیل ہوچکا تھا اور چہرے پر داڑھی اگ آئی تھی۔۔۔ بیلا کو حیرت کا دوسرا جھٹکا تب لگا جب ایئرپورٹ پہنچ کر اسے معلوم ہوا کہ ان دونوں کی شارجہ کی فلائٹ ہے تب بیلا نے حیرت زدہ ہوکر ازلان سے کچھ پوچھنا چاہا تو ازلان نے اسے خاموش رہنے کا اشارہ کیا
"ہم لوگ شارجہ کیوں جارہے ہیں"
پلین میں بیٹھنے کے بعد بیلا گھبراتی ہوئی ازلان سے پوچھنے لگی، شارجہ میں فہمیدہ پھپھو تھی اور اصفر بھائی جس کے بارے میں وہ کچھ بھی سوچنا نہیں چاہتی تھی
"ہنی مون منانے کے لیے نہیں جارہے میری جان ریلکس ہوجاؤ"
ازلان اپنا موبائل یوز کرتا ہوا بولا تو بیلا خاموشی سے ازلان کا چہرہ دیکھنے لگی
"کبھی تو اچھی لگنا بند کردیا کرو یار اس طرح دیکھو گی تو مسئلہ ہوجائے گا پلین میں بیٹھے بیٹھے میرے لیے"
بیلا بلکل خاموشی سے اس کو دیکھ رہی تھی تو ازلان اس پر مصنوعی غصہ کرتا ہوا بولا۔۔۔ مگر بیلا کو کچھ سمجھ نہیں آرہا تھا وہ بناء کچھ بولے ازلان کا بازو پکڑ کر اس کے کندھے پر اپنا سر رکھ چکی تھی تاکہ اسے تحفظ کا احساس رہے مگر چند سیکنڈ گزرنے کے بعد بیلا کی نظریں ایک شناسا چہرے پر پڑی تو وہ ازلان کے شولڈر سے سر اٹھاتی ہوئی اسے دیکھنے لگی
"اذلان وہ دیکھو آگے والی دو سیٹوں کو چھوڑ کر تیسری سیٹ پر فیضی بیٹھا ہوا ہے کیا وہ بھی ہمارے ساتھ جارہا ہے تم نے بتایا نہیں مجھے"