اپنے فلیٹ میں پہلا قدم رکھتے ہی اسے محسوس ہوگیا کہ فلیٹ میں پہلے سے ہی کوئی موجود ہے وہ یونیورسٹی سے سیدھا اپنے اپارٹمنٹ میں آیا تھا اور تھوڑی دیر بعد اسے ضروری کام سے دوبارہ باہر نکلنا تھا،، بغیر آواز کیے وہ آہستہ قدم اٹھاتا ہوا کچن کے دروازے پر پہنچا جہاں بیلا چولہے کے سامنے کھڑی ہوئی اپنے لیے لیے فرائس بنارہی تھی۔۔۔۔ اپنے فلیٹ کے کچن میں بیلا کو یوں کام کرتا ہوا دیکھ کر اسے خوشگوار حیرت ہوئی تھی اپنی موجودگی کا احساس دلانے کے لیے ازلان نے اپنا گلا کھنگارا جس پر بیلا نے پلٹ کر دروازے پر کھڑے ازلان کو دیکھا۔۔۔ اس کے دیکھنے پر ازلان نے بیلا کو اسمائل دی جس پر بیلا کوئی تاثر دیے بغیر دوبارہ پلٹ کر اپنے کام میں مشغول ہوگئی۔۔۔ بیلا کے اس انداز پر ازلان کی مسکراہٹ مزید گہری ہوئی وہ چلتا ہوا کچن میں آیا اور بیلا کی پشت پر کھڑا ہوکر اس کو دونوں شانے پکڑتا ہوا بولا
"چند گھنٹے پہلے مجھے محسوس ہوا کہ شاید تمہیں مجھ پر غصہ ہو مگر تمہارا یہ سرپرائز دینے کا انداز مجھے بےحد پسند آیا آئی ریئلی لائک اٹ"
ازلان بولنے کے ساتھ اس کے سنہری بالوں پر اپنے ہونٹ رکھتا ہوا کچن کی شیلف پر بیلا کے سامنے جا بیٹھا
"یااللہ میرے شوہر کو ساری زندگی ایسے ہی خوش فہم رکھنا۔۔۔ اگر تمہیں یہ لگ رہا ہے کہ میں تمہیں یہاں سرپرائز کرنے کے لیے یا خوش کرنے کے لیے آئی ہوں یا پھر میں تم پر غصہ نہیں ہو تو اپنی خوش فہمی دور کرلو"
بیلا سارے فرائس پلیٹ میں نکالتی ہوئی ازلان سے بولی۔۔۔ فرائس سے بھری پلیٹ شیلف پر رکھنے کے بعد وہ دوسرے چولہے پر رکھے ہری مرچ قیمے کی آنچ دھیمی کرنے لگی۔۔۔ ہری مرچ قیمہ ازلان کو بہت پسند تھا یہ بات بیلا کو اپنے بچپن سے معلوم تھی چند دنوں پہلے اس نے ہری مرچ قیمہ نوف سے بنانا سیکھا تھا۔۔۔۔ یونیورسٹی سے یہاں آئے ہوئے اسے گھنٹہ ہونے کو آیا تھا۔۔۔ کیبنٹ میں سارے مصالحہ جات کھنگالتے ہوئے آج اس نے ازلان کے لیے اس کا من پسند کھانا بنانے کا فیصلہ کیا تھا
"لیکن مجھے تمہارے غصے کی وجہ بھی تو معلوم ہو آخر تمہیں مجھ پر غصہ کس بات پر ہے"
ازلان پلیٹ میں سے فرائس اٹھاتا ہوا بیلا سے پوچھنے لگا، ابھی وہ فرائس اپنے منہ میں ڈالنے والا تھا بیلا نے اس سے فرائس چھین کر واپس پلیٹ میں رکھا
"خبردار تم نے ان میں سے ایک بھی فرائس اٹھایا تو یہ میں نے اپنے لئے بنائے ہیں، تم مجھے پوری کلاس کے سامنے ڈانٹو اور میں تم پر غصہ بھی نہ کرو، اور کس کی مثال دے رہے تھے تم پوری کلاس کے سامنے مجھے اس مدیحہ کی۔۔۔ جو تمہیں دیکھ کر صرف کھی کھی کر کے ہنستی ہوئی اسٹائل ہی مارتی رہتی ہے ایک نمبر کی چھچھوری لڑکی ہے وہ جو تمہارے سامنے اچھا بننے کی کوشش کرتی ہے آئندہ اگر تم نے نصیحت کرتے ہوئے اس چھچھوری کا نام لیا یا پھر اس کی مثال دی تو پھر تم دیکھنا میں کیا کرتی ہوں ساری کلاس کے سامنے تمہارے ساتھ"
بیلا اپنی ساری بھڑاس نکال کر فرائس سے بھری پلیٹ لےکر ڈرائنگ روم میں چلی گئی جبکہ ازلان پوری آنکھیں کھولے بیلا کی جیلسی اور ایک ایک انداز کو نوٹ کرتا ہوا اپنی ہنسی کنٹرول کرنے کے ساتھ فریج سے کیچپ کی بوتل نکال کر فرائس کی پلیٹ کے سامنے رکھتا ہوا خود صوفے پر بیلا کے قریب آکر بیٹھ گیا
"صرف تمہیں اکیلی کو تو نہیں ڈانٹا تھا میں نے،، بلکہ سارے ہی تمہاری طرح کے نکمے اسٹوڈنٹ کو ڈانٹا تھا،، اب مدیحہ بےشک اسٹائل مارے یا وہ چھچھوری ہو اپنے لائق اسٹوڈنٹ کی مثال تو ہر استاد ہی نالائق اسٹوڈنٹ کو دیتا ہے، اس میں اتنا برا ماننے والی کیا بات ہے"
بیلا کو محسوس ہوا ازلان اس کو سمجھانے کی آڑ میں نالائق بول کر تپا رہا ہے اس لیے وہ غصے میں اسے گھورنے لگی
"بہت لائق ہے وہ، معلوم ہے کتنے بڑے بڑے سائز کے پھرے کیسی کیسی جگہوں پر چھپا کر لاتی ہے وہ،، جہاں صرف تمہاری نظریں جاسکتی ہیں مگر تم چاہ کر بھی اس کی تلاشی نہیں لے سکتے۔۔۔ ایسی بدتمیز لڑکی سے تو ہم نالائق اسٹوڈنٹ ہی بھلے ہیں جو کم از کم عزت سے پاسنگ مارکس لیتے ہیں مگر چیٹینگ نہیں کرتے"
بیلا کی بات سن کر ازلان نے اب کی بار زوردار قہقہہ لگایا
"پھر تو ماننا پڑے گا مدیحہ کو، وہ واقعی اسمارٹ گرل ہے، میری نظروں سے بچ کر جس مہارت سے اس نے خطرناک جگہوں سے پھرے نکال کر چیٹینگ کی ہوگی یہ بھی ایک ٹیلنٹ ہے،، میں تو کہتا ہو تم ایک دو ٹرک مدیحہ سے سیکھ لو، کلاس میں سب کے سامنے چاہ کر بھی میں تمہاری تلاشی نہیں لے سکوں گا"
خطرناک جگہوں کا حوالہ دینے کے ساتھ ازلان نے معنی خیز نظروں سے بیلا کو دیکھا تو بیلا اپنا دوپٹہ صحیح کرتی ہوئی ازلان کو گھورنے لگی
"میں تمہیں اس چھچھوری کی اصل حقیقت بتارہی ہو اور تم مجھے الٹا اسی کے نقش قدم پر چلنے کا مشورہ دے رہے ہو تم جیسے اساتذہ ہو تو سنور گیا بچوں کا مستقبل"
بیلا غصے میں بولتی ہوئی صوفے سے اٹھ کھڑی ہوئی تو ازلان نے فورا اس کی کلائی پکڑی
"بیلا میری جان میرا مطلب تھا نقل کے لیے عقل کی ضرورت ہوتی ہے جو مدیحہ نے استعمال کی اور وہ کامیاب ہوگئی خیر تم غصہ نہیں کھاؤ یہ فرائس کھاؤ جو تم نے صرف اپنے کھانے کے لیے بنائے ہیں"
ازلان بیلا کو واپس بٹھاتا ہوا پیار بھرے لہجے میں بولا
"یہ فرائس تم اسی کو کھلاؤ جس کی تم بات بات پر تعریف کر رہے ہو"
بیلا اپنے لہجے میں ناراضگی ظاہر کرتی ہوئی بولی ازلان اپنی مسکراہٹ روکے بیلا کا چہرا دیکھتا ہوا بولا
"تعریف میں صرف اس کی ذہانت کی کررہا ہوں مگر تمہارا یہ ٹیچر اپنی اس نکمی اسٹوڈنٹ پر دل و جان سے فدا ہے اس بات کا تمہیں علم ہونا چاہیے"
ازلان نے بولنے کے ساتھ ہی بیلا کا ہاتھ اپنے ہونٹوں سے لگایا جس پر بیلا ایک دم جھینپ کر اپنا ہاتھ پیچھے کرتی ہوئی سر جھکا گئی تو ازلان اسمائل دے کر بیلا کو دیکھنے لگا
"کیوں بلا رہے تھے مجھے کلاس 403 میں"
بیلا یاد آنے پر ازلان سے پوچھنے لگی جو فرائس کے اوپر کیچپ ڈال رہا تھا
"تمہاری غصے اور شکوؤں کے چکر میں، میں سب سے اہم بات تو بھول ہی گیا۔۔۔ یہ پرمیشن لیٹر ہے اس پر تمہیں آنٹی یا پھر افراہیم کے سائن لینے ہیں تاکہ انہیں معلوم ہوجائے کہ تم یونیورسٹی کی طرف سے دوسرے اسٹوڈنٹس کے ساتھ مری کے ٹرپ پر جارہی ہو"
ازلان فرائس کھاتا ہوا بیلا سے بولا تو وہ کنفیوز ہوکر اسے دیکھنے لگی
"مگر یونیورسٹی کی طرف سے تو ایسا کوئی نوٹیفیکیشن سامنے نہیں آیا یا پھر کسی دوسرے اسٹوڈنٹ سے بھی میں نے ایسا کچھ نہیں سنا"
بیلا ازلان کو دیکھ کر پوچھنے لگی
"وہ اس لیے کیونکہ کل صرف ہم دونوں کو مری کے لئے نکلنا ہے یہ لیٹر صرف آنٹی اور افراہیم کی تسلی کے لیے ہے"
ازلان بیلا کو بتانے لگا تو وہ خاموشی سے اسے دیکھنے لگی پھر اٹھ کر کچن میں چلی آئی۔۔۔ قیمہ بالکل تیار ہوچکا تھا وہ چولہا بند کرکے پلٹی تو ازلان کو کچن میں ہی اپنے قریب پایا
"میں لیٹر تمہاری فائل میں رکھ چکا ہوں آج رات ہی گھر میں بتا دینا، کل صبح میں تمہارا ویٹ کروں گا تم ٹھیک نو بجے یہاں پہنچ جانا"
ازلان بیلا کے قریب کھڑا اس کے تاثرات غور سے دیکھتا ہوا اسے کل کا پلان بتانے لگا
"مجھے ٹھیک نہیں لگ رہا ازلان یہ بالکل مناسب نہیں ہے "
بیلا اس سے بولتی ہوئی کچن سے باہر نکلنے لگی تو ازلان نے اس کا ہاتھ پکڑا
"کیا مناسب نہیں ہے، تمہارا مجھ سے نکاح کرنے کا فیصلہ مناسب ہے تو پھر اس میں کیا برائی ہے بتاؤ مجھے"
ازلان سنجیدگی سے بیلا کو دیکھتا ہوا اس سے پوچھنے لگا
"نکاح کرنے کا یہ مطلب نہیں ہوتا کہ میں مما اور بھائی کو بتائے بغیر تمہارے ساتھ مری کا ٹرپ انجوئے کرو میں ایسا کچھ بھی نہیں کرنے والی"
بیلا ازلان کے ہاتھ سے اپنا ہاتھ چھڑوا کر کچن سے باہر نکلی تو ازلان بیلا کے پیچھے آتا ہوا اس کا بازو پکڑ کر اپنی طرف رخ کرتا ہوا بولا
"ہنی مون بنانے کے لیے نہیں لےکر جارہا ہوں تمہیں اپنے ساتھ، کل اپنی فیملی سے پرمیشن لینے کے بعد تم صبح نو بجے تک یہاں پہنچ رہی ہو اور میں تمہارے منہ سے انکار نہیں سنوں گا"
ازلان بالکل سنجیدہ لہجے میں بیلا کو دیکھتا ہوا بولا ٹیبل پر رکھا ہوا بیلا کا موبائل بجنے لگا اس کا ڈرائیور بیلا کو لینے کے لئے آچکا تھا
"اور اگر میں نہیں آئی تو"
بیلا ازلان کو دیکھ کر اس سے پوچھنے لگی
"تو میں سمجھوں گا تم نے مجھ سے صرف رشتہ جوڑا ہے مگر تمہیں مجھ پر رتی برابر بھی اعتبار نہیں ہے"
ازلان بیلا کو بولتا ہوا بیڈ روم میں چلاگیا جبکہ بیلا اپنا بیگ اور فائل اٹھاتی ہوئی فلیٹ سے باہر نکل گئی
***
"یہ کیا کیا ہے تم دونوں نے مل کر میرے ساتھ، میں پوچھتی ہوں تیری ہمت کیسے ہوئی عدی کے تو اس کلیم کے ساتھ میرا رشتہ جوڑ آیا، جو پہلے سے ہی اپنی دو بیویاں کھا چکا ہے۔۔۔ بتا کتنے پیسے مانگے اس سے تو نے میرے بدلے"
غزل اور عدنان دونوں صحن میں بیٹھے ہوئے تھے تب گل ان دونوں کے پاس آتی ہوئی غصے میں بولی
"دیکھ رہی ہو اماں کیسے گز بھر کی زبان چل رہی ہے اس کی، ابے کیا تجھے بیاہ نہیں رچانا کسی سے یا پھر اسی دہلیز پر بڑھیا ہوکر ساری زندگی ہمارا خون چوستی رہے گی تو"
عدنان غزل سے گل کی شکایت کرتا ہوا خود بھی گل پر غصہ نکالتا ہوا بولا
"اس کلیم سے بیاہ نہیں رچانا ہے مجھے، جو پہلے ہی دو بیویاں ڈکار چکا ہے اور تجھے کب سے میرے بیاہ کی فکر ہونے لگی کبھی تو نے یہ بھی خیال کیا ہے جو تو صبح شام ڈنگروں کی طرح یہاں بیٹھ کر کھانا ٹھونستا ہے یہ پیسا کہاں سے آتے ہیں"
گل غصے میں بھری ہوئی دانت پیس کر عدنان سے بولی جسے گھر بار کی سرے سے ہی فکر نہیں تھی۔۔ اپنے جواری نشئی دوستوں کے ساتھ وقت گزارنے کے بعد وہ دو دو دنوں بعد گھر آکر غزل کو اپنی شکل دکھاتا تھا
"توبہ میرے مالک دو پیسے کیا کماکر لانے لگی کیسے منہ بھر کر طعنے نکال رہی ہے میرے عدی پر،، ارے اگر تیرے بھائی نے تیرے بیاہ کا سوچا ہے تو بھلا ہی سوچا ہوگا کلیم کے علاوہ کون تجھ جیسی چلتی پھرتی قینچی کو منہ لگائے گا"
غزل سے گل کی زبان برداشت نہیں ہوئی تو وہ بھی اس پر چڑھائی کرتی ہوئی بولی
"بس اماں تمہارے ہی منہ کھولنے کی کمی رہ گئی تھی اگر تم نے اس ذلیل انسان کا ساتھ دیا ناں تو سن لو کان کھول کر،، بھاگ جاؤ گی میں اس گھر سے اور تم دونوں میری فکر کرنا چھوڑ دو جس سے میرا باپ مجھے منسوب کر کے گیا تھا وہی اپنائے گا مجھے"
گل باری باری ان دونوں کو دیکھتی ہوئی بولی
"ہاہاہا دیکھو تو بلی کو خواب میں کیسے چھچھڑے نظر آرہے ہیں اماں۔۔۔ ارے اس پڑھاکو نے پہلے کبھی تجھے منہ نہیں لگایا وہ اب تجھے کیا اپنائے گا۔۔۔ اگر تو اس ازلان سے امید لگا کر کلیم سے انکار کرے گی تو یاد رکھ۔۔ نہ تو ادھر کی رہے گی نہ ہی ادھر کی"
عدنان ہنستا ہوا گل کی ساری خوش فہمیاں دور کرتا ہوا اس سے بولا تو غزل بھی تنک کر بولی
"اری منحوس ماری تو اب بھی اس مجرم کے خواب دیکھ رہی ہے جو سزا کاٹ کر آیا اور کیسے اس نے ہمارے ہی سامنے عدی کو روئی کی طرح دھنک کر رکھ دیا تھا۔۔۔ دیکھ گل اس ازلان کا خیال اپنے دل و دماغ سے نکال دے اور کلیم کے لیے ہامی بھر لے کیونکہ میں تیری شادی اس اذلان سے تو ہرگز نہیں ہونے دوں گی"
غزل گل کو دیکھ کر اپنا فیصلہ سناتی ہوئی بولی
"تم دونوں ہی میری ایک بات یاد رکھنا اگر تم دونوں نے مجھے کلیم سے شادی کرنے پر مجبور کیا تو میں سچ میں یہ گھر چھوڑ کر بھاگ جاؤں گی"
گل ان دونوں ماں بیٹے کو دھمکی دیتی ہوئے خود کمرے میں چلی گئی
"دیکھ رہی ہوں اماں کیسے بار بار گھر چھوڑ کر بھاگنے کی دھمکی دے رہی ہے وہ بھی ہمارے منہ پر، اس کا پہلی فرصت میں فیکٹری جانا بند کرو اور ہفتے بھر میں اسے کلیم کے ساتھ رخصت کرو اس سے پہلے یہ واقعی گھر چھوڑ کر بھاگ جائے اور ہماری بچی کچی عزت مٹی میں ملادے"
عدنان آہستہ آواز میں غزل سے بولتا ہوا گھر سے باہر نکل گیا تاکہ کلیم کو ہفتے بعد برات لے کر آنے کا بول سکے۔۔۔ جوا کھیلتے ہوئے وہ جتنی بڑی رقم ہار چکا تھا گل کا کلیم کے ہاتھوں سودا کرنے کے سوا اور کوئی دوسرا راستہ نہیں بچا تھا ورنہ کلیم جیسا آدمی جو اپنی دو بیویوں کو جان سے مار چکا تھا ناجانے عدنان کا کیا حشر کرتا