"بیلا اٹھو دیکھو تمہیں ضرورت تھی ناں میری۔۔۔ میں آگیا ہوں تمہارے پاس آنکھیں کھولو"
اس وقت وہ کافی ہیوی کپڑے پہنے اور میک اپ کیے بےخبر سو رہی تھی ازلان اس کے گال پر ہاتھ رکھتا ہوا آہستہ آواز میں بولا
"ازلان"
بیلا نے آنکھیں کھولیں تو اپنے قریب ازلان کو بیڈ پر بیٹھے دیکھا۔۔۔ بیلا نے فورا اٹھ کر ازلان کے سینے میں منہ چھپا کر رونا شروع کردیا
"شش خاموش ہوجاؤ بیلا،، میں آگیا ہوں ناں تمہارے پاس، مجھے بتاؤ کیا ہوا ہے"
بیلا کا میسج پڑھتے ہی وہ سمجھ گیا تھا کہ وہ ذہنی طور پر ڈسٹرب ہے۔۔۔ اس لیے ازلان اس کے رونے پر حیرت زدہ یا پریشان نہیں ہوا وہ اپنا ایک ہاتھ بیلا کے سر پر رکھے دوسرے ہاتھ سے اس کے گرد حصار باندھ کر اپنائیت بھرے لہجے میں پوچھنے لگا۔۔۔ بیلا آنسوؤں سے تر چہرہ لئے ازلان کو دیکھتی ہوئی بولی
"وہ مجھے بول رہا تھا وہ دوبارہ پاکستان آئے گا،،، وہ پھر سے میرے ساتھ وہی سب کچھ۔۔۔
بیلا روتی ہوئی ازلان کو بتانے لگی ہے اس کی بات مکمل بھی نہیں ہوئی تھی کہ ازلان نے سختی سے اس کو جھنجھوڑا
"اب تمہارے ساتھ کوئی بھی کچھ غلط نہیں کرسکتا،، کچھ کرنا تو دور کوئی چھو نہیں سکتا کوئی تمہیں۔۔۔ تمہاری طرف جس کی بھی بری نظر اٹھی تو میں آنکھیں نکال ڈالوں گا اس کی"
ازلان جان چکا تھا بیلا کس کی بات کررہی تھی۔۔۔ اسے اصفر نامی بےغیرت انسان پر شدید غصہ آنے لگا تھا۔۔۔۔ ازلان بیلا کو ایک بار پھر اپنے حصار میں لےچکا تھا
"مجھے جب جب وہ منظر آج بھی یاد آتا ہے تو میں رات میں سو نہیں پاتی ہوں،، اگر سو جاؤ تو وہ سب خواب میں نظر آتا ہے۔۔۔ مم مجھے بہت تکلیف ہوئی تھی اس وقت۔۔۔ ابھی بھی بہت تکلیف ہوتی ہے وہ سب کچھ سوچتے ہوئے ازلان اس نے میرے ساتھ بہت برا کیا"
بیلا روتی ہوئی ازلان سے وہ باتیں شیئر کرنے لگی جو اس نے آج تک کبھی کسی سے شیئر نہیں کی تھی۔۔۔ ازلان کا چہرہ ضبط سے سرخ ہوچکا تھا وہ بیلا کے سنہری بالوں پر ہونٹ رکھتا ہوا اس کی کمر سہلانے لگا
"وہ سب ایک بھیانک خواب تھا،، مت ذہن میں لایا کرو ان باتوں کو جو صرف تمہیں اذیت میں مبتلا کرے۔۔۔۔ صرف اور صرف میرے اور اپنے متعلق سوچا کرو ہمارے نئے رشتے کے بارے میں، ایک شوہر کے لیے یہ احساس بہت اطمینان بخش ہوتا ہے کہ اس کی بیوی اس کی غیرموجودگی میں بھی اپنے محرم کو یاد کرے اسی کو سوچے"
ازلان اسے اپنے حصار میں لیے آہستہ آواز میں بولا تو بیلا حیرت سے ازلان کے سینے سے سر اٹھاکر اسے دیکھنے لگی
"تم۔۔۔۔ اس وقت سچ میں میرے کمرے میں موجود ہو، مطلب تم یہاں تک آئے کیسے وہ بھی اتنی رات میں"
ازلان کی باتیں سن کر وہ مکمل اپنے حواسوں میں آتی ہوئی ازلان کو اپنے کمرے میں دیکھ کر شدید قسم کی حیرت میں مبتلا تھی اسکے حیران کن فیس ایکسپریشن دیکھ کر ازلان مسکرایا
"بہت جلدی خیال آگیا تمہیں کہ میں اس وقت تمہارے کمرے میں موجود ہو۔۔۔ ویسے بھی آج آنا تو مجھے لازمی تھا، میری نئی نویلی بیوی آج دوپہر میں مجھ سے شکوہ جو کرکے گئی تھی کہ کل رات میں نے اس کو کال نہیں کی، اس سے خوبصورت رشتہ بنایا تو کوئی پیار بھرا جملہ نہیں بولا۔۔۔ نہ ہی نئے رشتے کو لےکر اپنی فیلنگز شئیر کی۔۔۔ اور مجھے تمہارے اندر اس رشتے کو لےکر کچھ احساس تو لازمی بیدار کرنے چاہیے۔۔۔ سمجھو میں آج رات یہ سارے شکوے دور کرنے کے لئے آیا ہوں"
ازلان بولتا ہوا بیلا کو اپنے حصار میں لےکر بیڈ پر لیٹ گیا تو بیلا ازلان کی بےباکی پر ایک دم ہڑبڑا اٹھی۔۔۔ ازلان بیڈ پر لیٹا ہوا اپنے سینے پر جھکی ہوئی بیلا کا چہرا غور سے دیکھنے لگا
"وہ سب کچھ تو آج دوپہر میں میرے منہ سے ایسے ہی نکل گیا تھا تم نے بلاوجہ میں اتنا سیریس لےلیا میری باتوں کو"
بیلا ازلان کے خاموشی سے دیکھنے پر کنفیوز ہوکر بولتی ہوئی اس کے اوپر سے اٹھنے لگی تو ازلان نے فورا اس کا بازو پکڑا
"اس وقت تمہاری خود کی بھی بھلائی اسی میں ہے کے تم بھی مجھے اس وقت سیریس لو اور اسی طرح میرے قریب رہو، اب دوبارہ اٹھنے کی ضرورت نہیں ہے"
ازلان سنجیدگی سے بیلا کا چہرہ دیکھتا ہوا اس سے بولا تو بیلا نے دوبارہ اس کے سینے سے اٹھنے کا ارادہ ترک کردیا
"ہمارے نکاح کے فورا بعد اتنی جلدی کیوں چلی گئی تھی مجھے واپس تو کمرے میں آنے دیتی "
ازلان بیلا کے چہرے کے ایک ایک نقش کو انگلیوں سے چھوکر محسوس کرنے کے ساتھ غور سے اس کا چہرہ دیکھتا ہوا بیلا سے پوچھنے لگا
"فورا واپس نہیں گئی تھی پورے آدھے گھنٹے تمہارا ویٹ کیا تھا مگر تم دوسرے روم میں آدھے گھنٹے سے اپنے دوستوں کے ساتھ بیٹھے ہوئے باتوں میں مصروف تھے"
بیلا ازلان کے شکوے پر اس کو جتاتی ہوئی بولی جس پر ازلان اپنی مسکراہٹ روکتا ہوا بولا
"ہاں یہ بات بھی صحیح ہے مجھے اپنے دوستوں سے معذرت کرتے ہوئے اسی وقت ان کے پاس سے اٹھ جانا چاہیے تھا،، کہ یار میرا ابھی ابھی نکاح ہوا ہے تو ذرا میں اپنی بیوی کو دو تین پیار بھرے جملے بول کر، ساتھ ہی اس کی ڈھیر ساری تعریف کرکے تم لوگوں کے پاس آتا ہوں"
ازلان کے بولنے پر بیلا آنکھیں دکھاتی ہوئی اسے گھور کر بولی
"اف کتنا بےتکا بول رہے ہو تم ازلان خاموش ہوجاؤ"
بیلا کے ٹوکنے پر ازلان نے اپنے کندھے پر رکھا ہوا بیلا کا ہاتھ اپنے ہاتھ میں تھام لیا
"کل اچانک تم نے مجھ سے نکاح کرنے کا فیصلہ کرلیا مجھے ابھی تک حیرت ہورہی ہے تمہارے اس جلد بازی والے اقدام پر"
بیلا ازلان کو دیکھتی ہوئی وہی بولنے لگی جو وہ کل سے سوچ رہی تھی
"یہ فیصلہ اتنا اچانک بھی نہیں کیا ایسا کرنے کا تو پہلے سے ہی سوچا ہوا تھا۔۔۔ ایک لڑکی سے دس سال پہلے وعدہ جو کیا تھا ہمیشہ اس کا ساتھ نبھانے کا"
ازلان دھیمے لہجے میں بیلا کو دیکھتا ہوا بولا تو بیلا خاموشی سے ازلان کو دیکھنے لگی
"بس میرا دل کل خوش اس بات پر ہوا جب تم نے فٹافٹ بغیر کوئی ڈرامے کیے نکاح کرنے پر راضی ہوگئی"
ازلان نے اس کا تھاما ہوا ہاتھ اپنے ہونٹوں سے لگایا تو بیلا ایک دم جھینپ گئی اور اپنا ہاتھ چھڑواتی ہوئی اٹھ بیٹھی پھر ایک دم بولی
"اور اگر میں کل نکاح سے انکار کردیتی تو"
وہ ازلان سے یونہی پوچھ بیٹھی، لیکن وہ انکار کر بھی کیسے سکتی تھی ایک پل کے لیے اس کا دل نہیں مانا کہ وہ اپنے لیے کسی غلط شخص کا انتخاب کررہی ہے۔۔۔ بس اسے گلٹ اس بات کا تھا کہ یہ نکاح اس نے افراہیم اور نازنین کی غیر موجودگی میں انہیں بتائے بغیر کیا ہے مگر اسے اندازہ تھا کہ نازنین اس کے اس انتخاب پر بالکل خفا نہیں ہوگی
"تو مجھے ایک خوبصورت لڑکی کے ہاتھ سے نکلنے کا غم کئی سال تک رہتا ہے"
ازلان خود بھی بیڈ پر بیٹھ کر اسے جواب دیتا ہوا بولا۔۔۔ بیلا کو اپنے حصار میں لےکر بیڈ پر لٹایا اور اس پر جھکتا ہوا بیلا کو سنجیدگی سے دیکھنے لگا جس پر بیلا کا دل بہت زور سے دھڑکنے لگا
"تمہیں کل اس لیے کال نہیں کرسکا تھا کیونکہ میں کل بہت زیادہ بزی تھا ویسے بھی بیچ میں کئی دن ایسے آتے ہیں کہ جب میرے اوپر کام کا لوڈ زیادہ ہوجاتا ہے پھر میں اپنے خود کے لئے بھی وقت نہیں نکال پاتا۔۔۔ یہ بات تمہیں آج اس لئے بتارہا ہوں تاکہ تم آئندہ مجھے کال نہ کرنے کا طعنے نہیں دے سکو اور اب باری ہے تم سے ہمارے نکاح کی فیلنگز شیئر کرنے کی، میں تم سے نکاح کرکے نہ صرف بہت زیادہ خوش ہوں بلکہ بےحد مطمئن بھی ہوں کیونکہ مجھے ایسا لگتا ہے میں نے تم سے رشتہ جوڑ کر اپنے لئے درست فیصلہ کیا ہے،، تم سے زیادہ اچھی لڑکی میری زندگی میں اب تک نہیں آئی اور نہ ہی آئے گی تم ایک ایسی لڑکی ہو جس کے ساتھ میں اپنی آنے والی زندگی خوش اور مطمئن ہوکر گزاروں گا اس بات کا مجھے پورا یقین ہے"
ازلان نے بولتے ہوئے نہ صرف اس کو اپنی فیلنگز بتائی بلکہ اس کی پیشانی پر محبت کی مہر ثبت کرکے اسے پیار بھرا مان بھی بخشا،، بیلا سانس روکے نہ صرف اس کو اپنے اتنے قریب دیکھ رہی تھی بلکہ اپنے لیے اس کی فیلنگز بھی سن رہی تھی
"مجھے میری ہی نظروں میں اتنی ویلیو دینے کے لیے شکریہ"
بیلا آہستہ آواز میں ازلان کو دیکھتی ہوئی بولی تو وہ مسکرا کر بیلا کے بالوں میں انگلیاں پھنساتا ہوا بولا
"تمہیں کال نہ کرنے کی وجہ بتادی، اپنے اور تمہارے رشتے کو لےکر اپنی فیلنگز تم سے شئیر کرلیں۔۔ اب میں یہاں سے جانے سے پہلے تمہارے اندر ہمارے قائم ہونے والے رشتے کو لےکر کچھ احساسات جگانا چاہتا ہو"
ازلان بیلا کی آنکھوں میں دیکھتا ہوا سنجیدگی سے بولا پھر اس کے ہونٹوں کی طرف جھکنے لگا ویسے ہی بیلا اپنے چہرے کا رخ دوسری سمت کرتی ہوئی بولی
"بدتمیزی مت کرو ازلان فورا پیچھے ہٹ جاؤ،،، جب سے تم آئے ہو کسی نہ کسی طریقے سے احساسات ہی جگا رہے ہو اب بس کرو پلیز"
جو وہ کرنے والا تھا بیلا کو سوچ کر گھبراہٹ ہونے لگی اس لئے اپنے چہرے کا رخ پھیرتی ہوئی اذلان سے بولی
"بیلا میری جان ذرا آہستہ بولو،، تیز آواز میں بات کرکے کیوں اپنے بھائی کے خوبصورت لمحات میں خلل پیدا کررہی ہو،، ویسے ہی اس بے چارے کی بیوی پہلے ہی اس سے روٹھی ہوئی ہے"
ازلان بیلا کو ٹوکتا ہوا شرافت کا مظاہرہ کرکے خود بھی اٹھ چکا تھا
"کیا کیا کیا یمنہ خفا ہے بھائی سے مگر کیوں اور یہ تمہیں کیسے معلوم"
بیلا بھی اس کی بات سن کر آہستہ آواز میں بولتی ہوئی بیڈ سے اٹھ کر بیٹھ گئی
"اب اس کے خفا ہونے کی وجہ تو نہیں معلوم البتہ تمہارا بھائی اپنی شریک حیات کو مناتا ہوا واپس کمرے میں لےگیا تھا تھوڑی دیر پہلے، خیر چھوڑو یہ تو ان دونوں میاں بیوی کی آپس کی بات ہے۔۔ تم یہ رکھو اپنے پاس یہ میرے اپارٹمنٹ کی ڈپلیکیٹ چابی ہے اب تم سو جاؤ میں چلتا ہوں"
ازلان بیلا کو چابی تھماتا ہوا کلائی پر بنی ہوئی واچ میں ٹائم دیکھنے لگا
"اور یہ ازلان سے آبان بننے کا کیا چکر ہے وہ تو بتاتے جاؤ "
سب سے اہم سوال جو بیلا کے دماغ میں شروع دن سے کلبلا رہا تھا وہ یہ بات پوچھنا ہی بھول گئی تھی۔۔۔ بیلا کی بات سن کر ازلان بیلا کے شولڈرز پر اپنے دونوں ہاتھ ٹکا کر بیلا سے خود پوچھے لگا
"تمہیں کیا لگتا ہے ایسا کیوں کروں گا میں"
وہ بیلا سے پوچھنے کے ساتھ ہی اسے جانچتی ہوئی نظروں سے دیکھنے لگا
"اگر تم میرے لیے یونیورسٹی میں سر عتیق کی جگہ آئے ہو تو نام بدلنے کی کیا وجہ تھی "
بیلا ناسمجھنے والے انداز میں ازلان کو دیکھتی ہوئی پوچھنے لگی
"یا اللہ میری بیوی کو ساری زندگی ایسے ہی خوش فہم رکھنا،، بہت ہی زیادہ کوئی فارغ انسان سمجھ لیا ہے تم نے مجھے جو میں صرف تمہارے لئے یونیورسٹی اپنا نام بدل کر آؤں گا"
ازلان اس کے سر پر پیار سے چپت لگاتا ہوا باہر کی طرف جانے لگا مگر پلٹ کر دیکھا تو بیلا غصے میں ازلان کو گھور رہی تھی
"مذاق کررہا ہوں یار،، تمہارے لیے ہی تمہاری یونیورسٹی آیا ہوں اب اتنی محبت سے میری طرف مت دیکھو مجھے واپس جانا ہے، اگر گلاب خان جاگ گیا تو مسئلہ ہوجائے گا۔۔۔ اب جاکر بیڈ پر لیٹو اور اپنی آنکھیں بند کرلو تمہیں اب سونے سے پہلے صرف میرے بارے میں سوچنا ہے یاد ہے ناں"
وہ یہاں سے جاتے وقت اپنی بیوی کو ناراض بھی نہیں کرسکتا تھا اس لئے یونیورسٹی والی بات بیلا کا دل رکھنے کے لیے بولتا ہوا اس کے کمرے سے باہر نکل گیا
"یہ گلاب خان کتنا بدتمیز آدمی ہے ڈیوٹی کے ٹائم پر سو رہا ہے کل کو کوئی اور چلا آئے ہمارے گھر پر، میں بھائی کو بتاؤں گی صبح"
بیلا خود سے بولتی ہوئی واپس بیڈ پر لیٹ گئی وہ جانتی تھی ازلان اس کو کچھ نہیں بھی بول کر جاتا وہ سونے سے پہلے وہ اسی کو سوچتی مگر وہ یہ نہیں جانتی تھی اس کا شوہر بچارے گلاب خان کو یہاں آنے سے پہلے ایسا گلاب سونگا چکا ہے جس کی وجہ سے گلاب خان تھوڑی دیر کے لئے دنیا کے غم و فکر سے بیگانہ ہوکر سوچکا تھا