"بھائی یمنہ تو چلی گئی اب کیا ہوگا"
بیلا ہال میں آکر پریشان ہوتی ہوئی بولی تو افراہیم کو نوف کی حرکت پر غصہ آنے لگا وہ خاموشی سے ٹراؤزر کی پاکٹ سے اپنا موبائل نکال کر میسج ٹائپ کرنے لگا جبکہ بیلا افراہیم کے اتنے آرام سے کھڑے رہنے پر حیرت زدہ ہوکر اس کو دیکھتی ہوئی دوبارہ بولی
"بھائی آپ یمنہ میں واقعی انٹرسٹڈ ہیں یا صرف مما کے کہنے پر اس کو پرپوز کردیا آپ نے"
بیلا کے پوچھنے پر افراہیم اسکرین سے نظر ہٹاکر اس کی طرف متوجہ ہوکر بولا
"عجیب ایٹیٹیوڈ والی بندی ہے یار مگر ناٹ بیڈ، گزارہ ہوجائے گا میرا اس کے ساتھ ویسے تم بتاؤ اگر تمہیں بھابھی کے طور پر وہ قبول نہیں ہے تو میں ارادہ بدل دیتا ہوں اپنا"
افراہیم اپنے موبائل پر آنے والے میسج کو پڑھ کر اطمینان کرتا ہوا بولا
"کوئی ایٹیٹیوڈ والی بندی نہیں ہے کم ازکم اس تاشفہ سے تو لاکھ درجے بہتر ہے جس کی تصویر میں نے آپ کے موبائل میں دیکھی تھی مگر اب کیا ہوگا یمنہ تو یہاں سے گھر چھوڑ کر چلی گئی"
بیلا کو نوف کے گھر سے نکلنے پر پریشانی لاحق ہوچکی تھی بیلا کا بولا ہوا آخری جملہ کمرے سے باہر آتی ہوئی نازنین کے کانوں میں پڑ گیا
"افی یمنہ گھر چھوڑ کر چلی گئی اور تم نے اسے جانے دیا اسے تو راستوں کو بھی صحیح سے معلوم نہیں ہے پلیز اسے جاکر لے آؤ"
نازنین بھی نوف کے جانے سے پریشان ہوچکی تھی تبھی وہ افراہیم سے بولی
"دماغ خراب ہوگیا ہے میرا جو میں اس کو جاکر لے آؤ،، خود ہی گئی ہے تو پھر خود ہی واپس آجائے گی۔۔۔ آپ دونوں کو بھی ٹینشن لینے کی ضرورت نہیں ہے جاکر اپنے اپنے کمروں میں آرام کریں"
افراہیم بگڑے ہوئے موڈ کے ساتھ بولتا ہوا اپنے کمرے میں چلا گیا جبکہ نازنین پریشان ہوکر بیلا کو دیکھتی ہوئی بولی
"میں جاکر گلاب خان کو بولتی ہو وہ واپس لےکر آجائے گا یمنہ کو"
نازنین باہر جانے لگی تو بیلا اس کو روکتی ہوئی بولی
"مما رہنے دیں آپ ٹینشن فری ہوکر اپنے کمرے میں جاکر ریسٹ کریں،، اگر یہ کوئی ٹینشن والی بات ہوتی تو اس وقت بھائی اپنے کمرے میں جانے کی بجائے یمنہ کے پیچھے اس کو لینے چلے گئے ہوتے اگر بھائی کو کوئی ٹینشن نہیں ہے تو اس کا مطلب ہے یمنہ واقعی خود آجائے گی"
بیلا نازنین سے بولتی اسے اس کے کمرے میں لے جانے لگی
***
وہ سڑک پر بےمقصد پیدل چل رہی تھی،، افراہیم پر غصہ کرتی ہوئی وہ گھر سے باہر نکل تو آئی تھی مگر اب اس کو سمجھ میں نہیں آرہا تھا وہ کس سے مدد لے اور کہاں جائے۔۔۔ ماں سے جدائی اور بھائی سے دوری کا غم بےشک اس کے دل میں موجود تھا مگر ان چند دنوں میں اسے اپنی عزت کی طرف سے کوئی دھڑکا نہیں لگا رہتا تھا جو پچھلے دس سالوں سے اسے اپنے سگے چچا کے گھر میں عدنان کی وجہ سے ہر وقت لگا رہتا تھا۔۔ ابھی وہ صحیح طور پر فیصلہ نہیں کرپائی تھی کہ کس سے مدد لے نوف کو کسی کی موجودگی کا احساس ہوا اس نے پلٹ کر دیکھا تو دو پندرہ پندرہ سال کے بچے اس کے پیچھے پیچھے آرہے تھے
"ہم بھی اکیلے تم بھی اکیلے مزا آرہا ہے قسم سے"
ان میں سے ایک لڑکا نوف کو دیکھ کر بےسری آواز میں ہانکا نوف جلدی سے مڑی اور واپس گھر کی طرف چلتی ہوئی اس نے اپنی اسپیڈ بڑھادی۔۔۔۔ جب نوف گیٹ کے اندر گھر میں داخل ہوئی تو اس کی سانسیں بحال ہوئی مگر وہاں افراہیم کھڑا تھا جسے دیکھ کر بےبسی سے نوف کی آنکھیں آنسوؤں سے بھرنے لگی۔۔۔ افراہیم نوف کا ہاتھ پکڑ کر اسے اس کے کمرے میں لے آیا۔۔۔ نوف نے اب کی بار افراہیم کے ہاتھ پکڑنے پر کوئی احتجاج نہیں کیا وہ خاموشی سے افراہیم کے ساتھ کمرے میں چلی آئی
"گھر سے باہر نکلنے کا شوق پورا ہوگیا تو اب آگے کا ارادہ بتادو پھر کیا سوچا ہے تم نے"
افراہیم اس کی آنکھوں میں نمی دیکھ کر بالکل نرم لہجے سے پوچھنے لگا
"اگر آپ آنٹی کے کہنے پر مجھے اپنانا چاہتے ہیں اور آنٹی ہم دونوں کو ایک ساتھ دیکھنا چاہتی ہیں تو ٹھیک ہے مگر میری ایک شرط ہے شادی کے بعد آپ میرے بالکل بھی قریب نہیں آئیں گے"
نوف جلدی جلدی بول کر خاموش ہوگئی اور ساتھ ہی شرم کے مارے اپنا سرجھکا گئی جبکہ افراہیم اپنے سامنے کھڑی ملکہ عالیہ کی شرط سن کر اندر تک بری طرح جل اٹھا۔۔۔ وہ چلتا ہوا نوف کے قریب آیا جس پر نوف دو قدم پیچھے ہوئی اور سر اٹھا کر اسے دیکھنے لگی
"کیا ہو تم ہاں، سمجھتی کیا ہو آخر خود کو۔۔۔۔ مجھے لڑکیوں کی کمی ہے یا میں مرا جارہا ہوں تم سے شادی کرنے کے لئے۔۔۔ اگر میں تم سے شادی کروں گا تو صرف مما کی وجہ سے کیونکہ میں ان کی خواہش کو رد نہیں کرسکتا ورنہ میں تمہارے جیسی نخرے والی لڑکی کو منہ لگانا پسند نہ کرو"
افراہیم غصے میں نوف کو بولتا ہوا اس کے کمرے سے باہر نکل گیا تبھی اس کے موبائل پر میسج ٹون بجی
"افراہیم بھائی سسٹر کو باعزت طریقے سے واپس آپکے گھر پہنچا دیا ہے"
***
بیلا اپنا تیار کردہ فزکس کے اسائنمنٹ پر آخری نظر ڈالتی ہوئی اسے سبمٹ کروانے کے لیے اسٹاف روم میں پہنچی جہاں اتفاق سے ازلان کے علاوہ کوئی دوسرا ٹیچر موجود نہیں تھا اور ازلان خود بھی کسی سے موبائل پر بات کررہا تھا،، کل شام اس نے اپنے دوستوں کی موجودگی میں بیلا سے نکاح کیا تھا مگر اس کے فورا بعد ڈرائیور کے آنے کی وجہ سے بیلا کو واپس اپنے گھر جانا پڑا۔۔۔۔ غیر محسوس طریقے سے کل رات بیلا اس کی کال کا انتظار کرنے لگی مگر ازلان کی طرف سے کوئی کال نہیں آئی
اپنے اور اذلان کے نکاح والے پورے منظر کی فلم یاد کر کے وہ رات میں سوچکی تھی اور اب جب وہ صبح یونیورسٹی آئی تھی تو ازلان ازلان نہیں تھا،، بلکہ ایک سخت گیر ٹیچر آبان بنا ہوا تھا۔۔۔ جس نے فزکس کے پیریڈ میں سارے اسٹوڈنٹس کے ساتھ اس کا بھی خون خشک کیا ہوا تھا بلکہ سب اسٹوڈنٹس کی موجودگی میں اسائنمنٹ ٹائم پر سبمٹ نہیں کروانے پر ایک گھنٹے پہلے اس نے بیلا کو اچھا خاصا ڈانٹا بھی تھا
"مے آئی کم ان"
بیلا نے پھولے ہوئے منہ کے ساتھ اذلان سے اندر آنے کی اجازت مانگی جس پر ازلان موبائل پر بات کرتا ہوا آنکھوں سے اشارہ کرکے اسے اندر آنے کی اجازت دے چکا تھا
"نہیں اتنا تو مجھے اندازہ ہے کہ وہ اسی شہر میں موجود ہے لیکن حیرت اس بات کی ہے کہ پچھلے کئی دنوں سے اسے کہیں پر بھی دیکھا نہیں گیا ہے، اس کے باوجود میں ناامید نہیں ہوں بس مجھے آپ کے تعاون کی ضرورت ہے"
ازلان کو موبائل میں بات کرتا ہوا دیکھ کر وہ اپنا اسائنمنٹ ٹیبل پر رکھ کر جانے کے لیے مڑنے لگی تبھی ازلان نے بیلا کے ہاتھ پر اپنا ہاتھ رکھ دیا۔۔۔ بیلا نے ازلان کی طرف دیکھا وہ ابھی بھی اپنے موبائل پر بزی تھا
"نہیں اس معاملے کا بھی ابھی کچھ نہیں بنا، سمجھیں وہ معاملہ بھی فل الحال ٹھنڈا ہے"
ازلان بیلا کے چہرے پر نظر ڈالتا ہوا موبائل پر بات کررہا تھا اس کے ہاتھ کے نیچے ابھی تک بیلا کا ہاتھ دبا ہوا تھا، اس وجہ سے وہ ازلان کے قریب ہی کھڑی ہوئی تھی
"بیٹھو"
چند منٹ بعد کال رکھنے کے ساتھ ہی ازلان نے اس کے ہاتھ پر اپنا ہاتھ ہٹایا اور کرسی کی طرف اشارہ کرتا ہوا بولا تو بیلا خاموشی سے کرسی پر بیٹھ گئی
"کیسی ہو"
ازلان بیلا کے ناراض چہرے پر نظر ڈال کر اس کا حال پوچھنے لگا
"بہت بری، جبھی تو تم نے تھوڑی دیر پہلے دوسرے اسٹوڈینٹس کے سامنے مجھے ڈانٹ دیا"
بیلا منہ بناتی ہوئی ازلان سے بولی،، ازلان نے بیلا کی تیز آواز پر باقاعدہ اس کو آنکھیں دکھائی جس پر بیلا سنبھل گئی بےشک اس وقت اسٹاف روم میں کوئی موجود نہیں تھا مگر بیلا جانتی تھی اس کو دھیمے لہجے میں ازلان پر غصہ کرنا چاہیے تھا
"صرف تمہیں نہیں ڈانٹا تھا میں نے، رابیل اور عثمان کو بھی ڈانٹا تھا کیونکہ ان دونوں نے بھی وقت پر اسائنمنٹ جمع نہیں کروایا تھا"
ازلان بیلا کا اسائنمنٹ چیک کرتا ہوا اسے آہستہ آواز میں بتانے لگا تو بیلا اس کو گھورتی ہوئی کرسی سے اٹھنے لگی کیونکہ عثمان اور رابیل اس کی بیوی نہیں تھے بیلا کے خیال میں ازلان کو اسے تو تھوڑی بہت رعایت دینی چاہیے تھی
"کہاں جارہی ہو"
ازلان بیلا کو اٹھتا ہوا دیکھ کر پوچھنے لگا
"اس فضول اسائنمنٹ کو مکمل کرنے کے چکر میں، میں نے لنچ نہیں کیا وہی کرنے جارہی ہوں"
بیلا روٹھے ہوئے لہجے میں ازلان کو جتاتی ہوئی بولی تاکہ ازلان کو احساس ہو وہ اس کے ڈانٹنے کی وجہ سے اب تک بھوکی بیٹھی اسائنمنٹ مکمل کررہی تھی
"اگر دوسرے اسٹوڈینٹس کی طرح تم بھی وقت پر اسائنمنٹ سبمٹ کروا دیتی تو تمہیں بھوکے رہنے کی خواری برداشت نہیں کرنا پڑتی،، جاؤ جاکر کچھ کھالو اور کل کی طرح آج شام بھی پانچ بجے پہنچ جانا"
بیلا کو ازلان کے انداز پر اور بھی غصہ آنے لگا یعنی اسے سرے سے ہی احساس نہیں تھا کہ وہ دو گھنٹے سے خالی پیٹ ہے اور اس کی وجہ سے کتابوں میں سر مار رہی تھی۔۔۔ اور وہ اس پر احسان کرتا ہوا اسے کھانے کا کہہ رہا تھا وہ بھی فضول قسم کی نصیحتوں کے ساتھ
"اور آج میرے تمہارے اپارٹمنٹ میں آنے پر کیا ہوگا"
بیلا ٹیبل پر کہنی ٹکا کر اپنی تھوڑی کے نیچے ہاتھ رکھتی ہوئی طنزیہ انداز میں اذلان سے پوچھنے لگی۔۔۔ اگر کوئی دوسرا شخص یا اسٹوڈنٹ اسے یوں کلاس ٹیچر سے فری ہوکر بات کرتا ہوا دیکھ لیتا تو حیرت ہی کرتا
"ہوسکتا ہے کچھ ہو ہی جائے۔۔۔ آجانا میں انتظار کروں گا"
ازلان بھی اپنی کہنی ٹیبل پر ٹکائے اپنے گال پر ہاتھ رکھتا ہوا بیلا کو غور سے دیکھ کر اسی کے انداز میں بولا مگر اس کی بات پر بیلا سمٹ کر رہ گئی اور ٹیبل سے اپنی کہنی ہٹاکر سیدھی ہوکر بیٹھی
"آج شام بھائی کا نکاح ہے تو میں بزی ہوگیں میرا آنا ممکن نہیں ہوگا"
بیلا ازلان کے دیکھنے پر اس سے نظریں ملائے بغیر اسے افراہیم کے نکاح کے بارے میں بتانے لگی جو آج شام میں طے پایا گیا تھا
"واہ بھئی تو سالے صاحب بھی بہنوئی کے نقشے قدم پر چل نکلے۔۔۔ شام کا پروگرام پھر کینسل کردیتے ہیں میں تمہارا پھر رات میں ویٹ کروں گا"
ازلان پرسکون لہجے میں بولا تو بیلا حیرت سے اسے دیکھنے لگی
"اور تمہیں یقین ہے میں رات میں تمہارے پاس آجاؤ گی"
وہ کتنا آسان سمجھ رہا تھا بیلا کا اس کے پاس آنا، یہ بیلا ہی جانتی تھی وہ کل کس طرح اس کے اپارٹمنٹ میں آئی تھی
"نہیں مجھے تم پر یقین نہیں لیکن اپنے اوپر پورا یقین ہے اگر تم میرے پاس نہیں آئی تو آج رات میں ضرور تمہارے گھر پر تمہارے پاس آ جاؤں گا"
ازلان آہستہ آواز کے ساتھ شریفانہ انداز میں مسکراتا ہوا بیلا کو دیکھ کر بولا کیونکہ دو ٹیچرز کلاس روم میں داخل ہوچکے تھے
"کل رات میں ایک کال تک تو تم سے کی نہیں،، مطلب ایک انسان نے نکاح کیا ہے تو اس خوبصورت رشتے کی خاطر کوئی پیار بھرا سا جملہ بول دے، نئے رشتے کو لےکر اپنے پارٹنر سے اپنی فیلنگز شیئر کردے۔۔۔ کوئی احساس ہی بےدار کردے بندہ نئے رشتے کو لےکر اور تم آج رات میری فیملی کی موجودگی میں میرے گھر آنے کی بات کررہے ہو کاش کہ میں اس سڑے ہوئے جوک پر زبردستی ہنس سکتی"
بیلا نرم لہجے میں اس پر گہرے گہرے طنز کرتی ہوئی کرسی سے اٹھ گئی کیونکہ وہ جانتی تھی ازلان نے اس کے گھر آنے والی بات ایسے ہی بولی ہوگی