"آگئی میری بیٹی"
نوف کے گھر لوٹنے پر رخشی اس کو دیکھ کر مسکراتی ہوئی پوچھنے لگی،، انگوری رنگ کے کپڑوں میں اس کی چمکتی ہوئی رنگت باہر تیز دھوپ کی تمازت سے اس وقت سرخ ہورہی تھی
"جی امی آگئی اسکول سے مگر باقی سب لوگ کہاں پر ہیں"
نوف چادر اتار کر تہہ کرتی ہوئی خالی گھر کو دیکھ کر رخشی سے پوچھنے لگی۔۔۔ایف اے کلیئر کرنے کے بعد اس نے گھر کے قریب ہی اسکول میں جاب کرلی تھی
"غزل گل کو لےکر اپنے میکے گئی ہے عدنان کا تو معلوم ہے،، کئی کئی دن گھر کا چکر نہیں لگاتا اور تمہارے چچا جان کو ابھی دوائی دی ہے تو وہ سو رہا ہے۔۔۔ تم بیٹھو میں تمہارے لیے کھانا لےکر آتی ہوں" رخشی اس کو سب کا بتاتی ہوئی تخت سے اٹھنے لگی کیونکہ وہ جانتی تھی اس کی بیٹی سے زیادہ دیر تک بھوک برداشت کرنا مشکل ہوتا ہے
"چچا جان کی طبیعت کیسی ہے اب"
صبح جب وہ اسکول جارہی تھی تب نثار کی طبیعت کافی خراب تھی ویسے بھی وقت گزرنے کے ساتھ ساتھ وہ کافی بوڑھا اور کمزور ہوچکا تھا۔۔۔ نوف صحن میں بچھے ہوئے تخت پر آکر بیٹھتی ہوئی رخشی سے نثار کا پوچھنے لگی
"صبح کی بنسبت کافی بہتر ہے یہ بتاؤ آج تاریخ کیا ہوگئی ہے"
رخشی صحن میں تخت پر نوف کے سامنے کھانے کی ٹرے رکھتی ہوئی معمول کی طرح اس سے تاریخ پوچھنے لگی جس پر نوف کے چہرے پر مسکراہٹ آئی
"بھائی کے واپس آنے میں ابھی بھی ہفتہ بھر باقی ہیں امی"
نوف کے مسکرا کر بولنے پر رخشی گھر کی در و دیوار کی طرف دیکھنے لگی جیسے کسی نے نوف کی بات نہ سن لی ہو اور ساتھ ہی نوف کو گھورنے لگی
"ابھی گھر پر کوئی بھی نہیں ہے امی اتنا بھی کیا ڈرنا"
نوف بولتی ہوئی کھانا کھانے لگی جیسے جیسے اس کی عمر بڑھتی جارہی تھی ویسے ویسے اس میں خود اعتمادی آتی جارہی تھی رخشی اس کے پاس تخت پر ہی بیٹھ گئی
"وہ واپس آئے گا تو پورے چار سال بعد دیکھوں گی اپنے بیٹے کو "
چار سال قبل وہ اپنے مشن پر جانے سے پہلے رخشی اور نوف سے ملنے آیا تھا،، پورے گھر میں صرف رخشی اور نوف ہی اس کی اصل جاب کے متعلق علم رکھے ہوئے تھے
"تو اس میں اتنا اداس ہونے والی کونسی بات ہے امی، یہ تو خوشی کی بات ہے ہمارا مشکل وقت اب بہت جلد ختم ہونے والا ہے۔۔۔ یاد نہیں ہے آپ کو بھائی نے کیا کہا تھا واپس لوٹنے کے بعد ان کی پوسٹنگ جہاں بھی ہوگی وہ فوری طور پر ہم دونوں کو اپنے ساتھ لے جائیں گے۔۔۔ میں نے تو یہ چار سال اس امید پر صبر سے گزارے ہیں کہ ہم دونوں کا مشکل وقت ختم ہونے میں زیادہ دن نہیں بچے ہیں،، اس پل کا میں بےچینی سے انتظار کررہی ہو جب بھائی ہمیں یہاں سے لےکر جائیں گے۔۔۔ میں، آپ اور بھائی پھر ہم تینوں ایک ساتھ رہے گے"
جس طرح دس سال کا عرصہ رخشی اور نوف نے اس گھر میں گزارا تھا وہ کسی امتحان سے کم نہیں تھا غزل کی کڑوی کسیلی بات برداشت کرنا، گل کی عجیب دھوپ چھاؤں سی طبیعت، عدنان کا بدتمیزی کرتا ہوا گستاخ لہجہ اور نوف پر پڑنے والی اس کی گندی نظریں۔۔۔۔ یہ تو اچھا ہی تھا عدنان کئی کئی دنوں تک گھر نہیں آتا لیکن وہ جب بھی گھر میں موجود ہوتا تو نوف کے ساتھ ساتھ رخشی بھی اس سے محتاط رہتی اور نوف کو اپنے ساتھ چپکائے رکھتی۔۔۔ رخشی اور نوف کو چھوڑ کر گھر کے باقی سب افراد کو یہی معلوم تھا کہ ازلان ان چار سالوں میں سزا کاٹنے کے بعد بیرون ملک جاب کے سلسلے میں گیا ہوا ہے جس پر غزل نے دوبارہ نوف کو اپنی بہو بنانے کا فیصلہ کیا تھا مگر اس شرط پر کہ واپس آکر ازلان اس کی گل سے شادی کرے گا
"تو پھر کب آرہا ہے وہ پڑھاکو تجھے اور اس بڑھیا کو واپس لے جانے کے لیے۔۔۔ اگر تو یہاں سے بھاگنے کا سوچ رہی ہے تو کان کھول کر سن لے نوف اس بھگوڑے کے ساتھ میں تجھے کہیں بھی نہیں جانے دوں گا اس بڑھیا کو وہ بےشک یہاں سے لے جائے مگر تو خوش ہونا بند کردے،، تو اب کہیں نہیں جائے گی"
ناجانے عدنان کب گھر آیا تھا وہ ان دونوں کی کیا باتیں سن چکا تھا صحن میں داخل ہوتا ہوا وہ بدتمیزی سے نوف کے سامنے آکر بولا
"منہ سنبھال کر تمیز سے بات کرو عدنان یہ نہ ہو میرا بھائی واپس آکر تمہاری حرکتیں دیکھ کر تمہارے منہ کا نقشہ ہی بگاڑ ڈالے"
وقت گزرنے کے ساتھ نوف نے عدنان کو بھائی کہنا اور اس کی عزت کرنا چھوڑ چکی تھی۔۔۔ ویسے بھی وہ نوف سے جس قسم کی واہیات باتیں کرتا تھا وہ بھائی کہلانے کے لائق نہیں تھا۔۔۔ اب وہ کافی حد تک نڈر ہوچکی تھی ویسے تو نوف عدنان کے منہ کم ہی لگتی تھی نثار کے ہوتے ہوئے عدنان کی بھی ہمت نہیں ہوتی تھی کہ وہ نوف سے بدتمیزی سے پیش آئے لیکن اس وقت عدنان جس لینگویج میں بات کررہا تھا نوف اسے غصے میں لتاڑتی ہوئی بولی جس پر عدنان ایک پل کے لئے چونکا اور رخشی ڈر گئی
"نوف خاموش کر جاؤ،، کھانا کھالیا ہے تو کمرے میں جاؤ اور خبردار جو تم نے اب زبان چلائی تو"
رخشی عدنان کے ماتھے پر بل دیکھ کر نوف کو ڈانٹتی ہوئی بولی وہ نہیں چاہتی تھی بات زیادہ بڑھے اس لیے اس نے نوف کو کمرے میں جانے کے لیے کہا
"کمرے میں یہ نہیں کمرے میں تو اب تو جائے گی بڑھیا،، اور میں نکالوں گا آج اس سالی کا سارا نخرا۔۔۔ پھر دیکھتا ہوں کون کس کا نقشہ بگاڑتا ہے وہ پڑھاکو یہاں آکر میرا یا پھر میں اس کا"
عدنان اچانک رخشی کو بازو سے کھینچ کر اسے کمرے میں بند کرنے کے لئے لے جانے لگا
"عدنان چھوڑو امی کو"
نوف عدنان کا ہاتھ رخشی کے بازو سے ہٹاتی ہوئی غصے میں چیخی جس پر عدنان نے رخشی کو چھوڑ کر نوف کو اونچا گود میں اٹھالیا
"عدنان کیا کررہے ہو چھوڑ دو اس کو تمہیں خدا کا واسطہ ہے"
جہاں نوف عدنان کے کندھے پر ہاتھ مارتی ہوئی اپنا آپ اسے چھڑوانے لگی وہی رخشی روتی ہوئی عدنان کے آگے آکر اس سے بولی
"آج نہیں چھوڑوں گا اس پاکولا کی بوتل کو تو آج میں ایک ہی سانس میں پورا چڑھا جاؤں گا اسے مگر پہلے تجھے ہٹاکر راستہ صاف کرلو"
عدنان نوف کو صحن میں تخت پر پھینکنے کے بعد دوبارہ رخشی کو پکڑ کر کمرے کی طرف کھینچتا ہوا لےگیا جہاں سے شور کی آواز پر نثار کمرے سے باہر نکل رہا تھا۔۔۔۔ عدنان نے نثار کو واپس کمرے میں دھکا دیا اور رخشی کو بھی اسی کمرے میں دھکا دے کر باہر سے کمرے کی کنڈی بند کردی
"نوف بھاگ جلدی سے"
کسی خدشے کے تحت رخشی روتی ہوئی بند کمرے کی کھڑکی سے چیخ کر بولی جبکہ نثار کھانستا ہوا عدنان کو گالیاں دینے لگا۔۔۔ اس سے پہلے عدنان اس کی طرف بڑھتا نوف کو اپنی عزت بچانے کے لیے یہی ٹھیک لگا وہ تخت پر پڑی چادر اپنے گرد لپیٹ کر گھر کا دروازہ کھول کر تیزی سے بھاگنے لگی
***
وہ فائیو اسٹار ہوٹل میں بیٹھا ہوا پچھلے ایک گھنٹے سے تاشفہ کا انتظار کررہا تھا تاشفہ سے اس کی چھ ماہ قبل معیز (دوست) کے توسط سے ملاقات ہوئی تھی بلکہ یوں کہنا زیادہ مناسب ہوگا کہ معیز نے خود اس کی تاشفہ سے ملاقات کروائی تھی، تاشفہ معیز کی کزن تھی جو ایک سال پہلے امریکہ سے پاکستان شفٹ ہوئی تھی۔۔۔۔ خوبصورت ماڈرن اور بولڈ سی تاشفہ جو کافی حد تک موڈی طبیعت رکھتی تھی مگر اس کو اچھی لگی تھی
لیکن جیسے جیسے اس کی اور تاشفہ کی ملاقاتوں کا سلسلہ شروع ہوا اس کو تاشفہ کے خیالات جان کر مایوسی ہوئی تھی بقول معیز کے اس نے اپنی آدھی لائف مطلب جوانی کے وہ دن جب لڑکے انجوائمنٹ میں گرل فرینڈ بناتے ہیں اس نے وہ عمر اپنی فیملی اور گھریلو مسئلوں کے نظر کردی، اب اٹھائیس سال کی عمر میں اس کو اپنے متعلق سوچنا چاہیے تھا۔۔۔۔ اکثر وہ خود بھی کبھی کبھار اپنے ارد گرد جمع پریشانیوں سے گھبرا کر خواہش کرتا کہ کوئی ایک ایسا ہو جس کی سامنے وہ اپنا آپ کھول دے کوئی اس کے اکیلے پن کا ساتھی ہو جس کے وجود میں کھو کر وہ تھوڑی دیر کے لیے ہی سہی اپنی پریشانیوں سے جان چھڑالے۔۔۔۔ لیکن جس طرح تاشفہ کی نیچر تھی اس سے ایسی امید لگانا بےکار تھی
"سوری ڈارلنگ تمہیں ویٹ کرنا پڑا دراصل آج جیمی کی ویکسین کروانا تھی اس کے بعد بیوٹی سلون میں میرا اپوائنٹمنٹ تھا سو لیٹ ہوگئی، اینی ویز ہاؤ آر یو ہم پورے دو ماہ بعد مل رہے ہیں تم نے مجھے مس تو بہت کیا ہوگا ان دو ماہ میں"
ماڈرن سی تاشفہ بےباک سے لباس میں افراہیم کے سامنے کرسی پر بیٹھی ہوئی کانفیڈنس سے اس پوچھ رہی تھی۔۔۔ جیمی تاشفہ کی پرشین بلی تھی جس نے افراہیم کی طرح تاشفہ کی زندگی میں چند ماہ سے کافی اہمیت حاصل کرلی تھی۔۔۔ تاشفہ دو ماہ قبل پاکستان ٹور پر گئی تھی تاشفہ نے پوری کوشش کی تھی افراہیم بھی اسکے ہمراہ اس ٹرپ کو انجوئے کرتا۔۔۔ مگر وہ اپنی ذمہ داریوں سے جان چھڑا کر بھاگ نہیں سکتا تھا
"ویٹ تو میں شروع سے ہی تمہارا کرتا آیا ہوں، جب بھی ہمارے ملنے کا ڈیسائیڈ ہوتا ہے، مجھے نہیں یاد پڑتا کبھی تم ٹائم پر آئی ہو خیر یہ بتاؤ تمہارا ٹرپ کیسا رہا مجھے تو بالکل یاد نہیں کیا ہوگا تم نے"
آج صبح ضروری میٹنگ اٹینڈ کرنے کے چکر افراہیم نے ناشتہ بھی ڈھنگ سے نہیں کیا تھا اس لیے وہ مینو کارڈ اٹھاکر تاشفہ کی بات کا جواب دیتا ہوا بولا جس پر تاشفہ خوبصورتی سے مسکرائی
"سچ بتاؤ تو میں نے تمہیں بالکل مس نہیں کیا، جب میں پاکستان آئی تھی تو مجھے بالکل اندازہ نہیں تھا یہاں اتنے خوبصورت اور حسین جگہیں ہوگیں یہ ٹرپ ایک خوشگوار اور یادگار ٹرپ رہے گا میرے لیے، میں امید کرو گی اگلا ایسا ہی ٹرپ ہم دونوں اکھٹے انجوئے کریں"
تاشفہ افراہیم کو دیکھ کر مسکراتی ہوئی ایک ادا سے بولی تو افراہیم تاشفہ کا خوبصورت چہرا دیکھنے لگا جو خوبصورت ہونے کے باوجود اسے اکثر بناوٹی اور آرٹیفیشل سا محسوس ہوتا تھا اور یہی تاشفہ کی فیلنگز کا حال تھا جس میں خالص پن ڈھونڈنے سے بھی نہیں ملتا افراہیم نے تاشفہ کی بات کا جواب دینا ضروری نہیں سمجھا بلکہ اسے یہاں بلوانے کی اصل وجہ پر آیا
"تاشفہ میں نے تمہیں یہاں پر آج بہت خاص بات کرنے کے لئے بلایا ہے، یو روز روز ہوٹلنگ کرنا میرے نزدیک ٹائم کو ویسٹ کرنا ہے اور سچ بولوں تو نہ ہی میرے پاس اتنا ٹائم ہوتا ہے کہ میں ان فضول کاموں کے لیے وقت نکال سکوں۔۔۔۔ چھ ماہ سے ہم دونوں ایک دوسرے کو جانتے ہیں میرے خیال میں اب ہم دونوں کو سیریس ہوکر کوئی اسٹیپ لینا چاہیے شادی کے متعلق"
افراہیم تاشفہ کو دیکھ کر نہایت سنجیدگی سے بولا جس طرح اس وقت اس کے گھر کی صورتحال تھی افراہیم کو لگا تھا کہ اب اس کو شادی کرلینا چاہیے مگر تاشفہ اس کی بات سن کر پہلے تو سیریس ہوکر افراہیم کو دیکھنے لگی لیکن اچانک ہی اس نے زوردار قہقہہ لگایا جیسے تاشفہ نے افراہیم کی بات کو انجوائے کیا ہو