Chapter 16: کمشنر کا فیصلہ

"بولو کیا کہنا چاہ رہے تھے تم"

ازلان کمرے میں اجازت لےکر اندر آیا سلام کے جواب کے بعد کمشنر امان اللہ ازلان سے بولا اور اسے اپنے سامنے کرسی پر بیٹھنے کا اشارہ کیا

"میں جانتا ہوں آپ کا وقت بہت قیمتی ہے اس لیے بغیر وقت ضائع کئے میں آپ کو یہ بتانا چاہتا ہوں جس ٹرک میں قیدیوں کے لئے مہینے بھر کا راشن یہاں آتا ہے کل صبح پانچ بجے اس ٹرک میں شرفو، کالیہ، امجد اور نیاز فرار ہونے والے ہیں۔۔۔ ان چاروں کی ٹرک ڈرائیور سے ڈیلنگ ہوچکی ہے"

ازلان کی دی گئی انفارمیشن پر کمشنر کچھ سوچتا ہوا ازلان سے بولا

"اگر یہ معلومات تم مجھے فراہم کرنے کی بجائے ان چاروں کو اعتماد میں لےکر اپنے فرار ہونے کی بھی ڈیلنگ کرلیتے تو وہ لوگ ممکن تھا تمہیں بھی اپنے ساتھ شامل کرکے جیل سے بھگا لیتے،، کیا تمہارے دل میں ایسا خیال نہیں آیا"

کمشنر اس لڑکے کو دیکھ کر سوال کرنے لگا جو عمر میں زیادہ بڑا نہیں صرف اٹھارہ سال کا دکھتا تھا

"سب سے پہلے یہی خیال آیا تھا لیکن پھر بعد میں نے سوچا میرے جیل سے فرار ہونے سے بہتر ہے ان چاروں کا اس چار دیواری کے اندر رہنا اور اپنی سزا مکمل کرنا۔۔۔ کیونکہ ان چاروں کے جرم اتنے چھوٹے نہیں ہیں کہ وہ چاروں اپنی سزا پوری کیے بناء جیل سے فرار ہوجائے "

ازلان کمشنر کو ان چاروں قیدیوں کے جرم بتانے لگا جس کے جرم میں وہ سزا کاٹ رہے تھے

"اور تم یہاں پر کس جرم کی قید میں سزا کاٹ رہے ہو"

کمشنر ازلان کے بات بہت غور سے سننے کے بعد اس سے سوال کرنے لگا

"نو سال کی بچی کا ریپ کرنے کا کیس مجھ پر بنایا گیا ہے"

ازلان کمشنر کو دیکھ کر سنجیدگی سے بتانے لگا

"کیا تم نے اس بچی کے ساتھ زیادتی کی تھی"

کمشنر غور سے ازلان کو دیکھتا ہوا اس سے پوچھنے لگا

"ڈی این اے ٹیسٹ کی رپورٹ کو کون چیلنج کرسکتا ہے ان رپورٹس سے یہ ثابت کردیا گیا تھا کہ اس لڑکی کے ساتھ زیادتی کرنے والا لڑکا میں ہی ہوں"

ازلان تلخی سے بولا تو کمشنر نے ایک ایک کرکے ازلان سے کئی سوالات پوچھے جن کا جواب ازلان اسے دیتا گیا جس سے کمشنر نے اندازہ لگایا کہ سامنے بیٹھے اس لڑکے کو ریپ کے کیس میں پھنسایا گیا تھا کیونکہ جس لیبٹری سے ڈی این اے ٹیسٹ کیا گیا تھا،، دو نمبر اور جعلی رپورٹ تیار کرنے کی وجہ سے وہ لیبٹری ایک ماہ پہلے ہی سیل کردی گئی تھی

"ازلان کیا تم اب بھی آگے اپنا تعلیمی سلسلہ جاری رکھنا چاہو گے"

کمشنر امان اللہ ازلان کے بارے میں تفصیل سے جاننے کے بعد اس سے پوچھنے لگا تو ازلان تعجب سے اسے دیکھنے لگا

"میری تعلیم آپ کو کیا فائدہ پہنچا سکتی ہے"

ازلان اپنے دماغ میں اٹھتا ہوا سوال زبان پر لایا تو کمشنر مسکرا کر اس سے بولا

"مجھے نہیں مگر اس ملک کو تو فائدہ دے سکتی ہے، تم جیسے نوجوان اس ملک کا مستقبل ہو اگر آج میں نے تمہیں یہاں رلتا ہوا چھوڑ دیا تو میرا ضمیر مجھے کبھی معاف نہیں کرے گا۔۔۔ اتفاق سے میرا بیٹا تمہارے ہی برابر ہے آج میں اس کے لئے یہ ایڈمیشن فارم لےکر گھر جانے والا تھا اگر تم خود کو اس کا اہل سمجھتے ہو تو اس فارم کو فل کرسکتے ہو"

کمشنر امان اللہ کے بڑھائے ہوئے ایڈمیشن فارم کو ازلان نے کھول کر دیکھا تو وہ آرمی آف کیڈٹ کالج کا فارم تھا۔۔۔ ازلان نے نظر اٹھاکر کمشنر کو دوبارہ دیکھا تو وہ ازلان کے چہرے کے تاثرات ہی جانچ رہا تھا۔۔۔ ازلان وقت ضائع کئے بنا ٹیبل پر رکھے ہوئے قلم سے فارم فل کرنے لگا

"جو راہ تم نے اپنے لیے منتخب کی ہے اس کی منزل کا حصول اتنا آسان نہیں ہے لیکن میں تم سے امید رکھتا ہوں کہ تم آنے والی ہر مشکلات کو فیس کرلو گے بس اپنے ارادے میں ہمیشہ پختگی رکھنا۔۔۔ مجھے یقین ہے کرنل صفدر کے تعاون، کیپٹن شبیر کی رہنمائی اور پانچ سال کی تمہاری ٹریننگ رائیگاں نہیں جائے گی بلکہ وہ تمہیں اندر تک تراش دے گی اور آنے والی زندگی میں تمہیں اپنے مقاصد کا خود بتا دے گی"

کمشنر امان اللہ بولتا ہوا کمرے سے نکل گیا اسے ازلان کی آنکھوں میں سچائی دکھی تھی وہ چاہتا تو خود بھی ان قیدیوں کے ساتھ فرار ہوسکتا تھا مگر اس کی سوچ جاننے کے بعد کمشنر امان اللہ نے فیصلہ کرلیا کہ وہ اس لڑکے کو تراش خراش کر مزید اسے اچھا انسان بنائے گا۔۔۔۔ ازلان فل کیے ہوئے کیڈٹ کالج کے فارم کو دیکھنے لگا،، جسکی یہ برانچ مری میں موجود تھی یعنی اسے اس جگہ کو چھوڑ کر مری شفٹ کیا جائے گا۔۔۔ جیل میں گزرے ہوئے ان چھ ماہ میں پہلی بار اس کے ساتھ کچھ اچھا ہوا تھا،

اسے ایک امید کی جھلک نظر آئی

***

"چھوڑ دیں بابا پلیز مجھے چھوڑ دیں"

عباد بیلا کو بازو سے پکڑ کر اس کی فریاد سنے بغیر ڈائیننگ ہال سے باہر لے جارہا تھا بیلا مسلسل روتی ہوئی عباد سے اپنا ہاتھ چھڑوانے کی کوشش میں لگی ہوئی تھی

"کیا ہوگیا ہے عباد آپ کو رحم کرے اس پر وہ ہماری بیٹی ہے"

نازنین خود بھی روتی ہوئی عباد کے پیچھے پیچھے آتی ہوئی بولی تو عباد غصے میں اس کی طرف مڑا

"بیٹی ہے تو کیا یہ جان لے لے گی ہماری، دیکھا نہیں تم نے دن بدن اس کی حرکتیں پاگلوں کی طرح ہوتی جارہی ہیں،،، اس سے پوچھو یہ کب تک اپنا منہ چھپا کر بند کمرے میں چھپی رہے گی۔۔۔۔ سال بھر گزر چکا ہے یہ نارمل کب ہوگی اب لوگ نوٹ کرنے لگے ہیں جن کو نہیں معلوم ان کو بھی معلوم ہوجائے گا کہ کس طرح کی ذلت ہمارے مقدر میں لکھی جاچکی ہے۔۔۔ اب میں مزید اسے اس گھر میں نہیں رکھوں گا، یہ بورڈنگ جارہی ہے اب یہ وہی رہے گی اور وہی پڑھے گی"

عباد غصے میں چیختا ہوا بولا بیلا اور نازنین دونوں ہی کھڑی ہوئی رو رہی تھی تب ہال میں افراہیم داخل ہوا وہ عباد کی باتیں سن چکا تھا

"بیلا کہیں نہیں جائے گی بابا یہ گھر میں ہی رہے گی اپنی فیملی کے ساتھ"

افراہیم روتی ہوئی بیلا کو دیکھنے کے بعد عباد کو دیکھتا ہوا بولا

"تم بیچ میں مت بولو افراہیم اور اپنی اسٹیڈیز پر توجہ دو"

عباد کو افراہیم کا اس معاملے میں مداخلت کرنا پسند نہیں آیا جبھی وہ افراہیم کو ٹوکتا ہوا بولا

"میں اپنی اسٹڈیز پر ہی توجہ دے رہا تھا اس بات کو فراموش کرکے میری بہن کو میری توجہ کی ضرورت ہے، سال بھر پہلے جو اس کے ساتھ ہوا وہ آپ بھول سکتے ہیں مگر وہ سب کچھ اس نے سہا ہے برداشت کیا ہے۔۔ وہ سب کچھ یہ اتنی آسانی سے نہیں بھول سکتی، آپ اسے ہم سے دور کرکے بالکل اکیلا کردیں گے بابا اس طرح یہ کبھی نارمل نہیں ہوپائے گی، میں آپ سے پرامس کرتا ہوں آج کے بعد یہ اپنے کمرے میں چھپ کر نہیں بیٹھے گی اور یہ اپنی اسٹڈیز بھی کنٹینیو کرے گی اور اب یہ پہلے کی طرح نارمل لائف گزارے گی میں اسے دوبارہ زندگی کی طرف لےکر آؤں گا لیکن اس کے لیے کچھ وقت لگے گا۔۔۔ یہ بالکل پہلے جیسی ہوجائے گی آئی پرامس"

افراہیم بیلا کے پاس کھڑا ہوکر عباد سے بولا افراہیم عباد کی بےبسی بھی محسوس کرسکتا تھا یقینا اسے بیلا کو اس حال میں دیکھ کر تکلیف ہوتی تھی جبھی وہ اسے خود سے اس گھر سے دور کرنے کا سوچ رہا تھا۔۔۔ عباد افراہیم کی بات سن کر اپنے کمرے میں چلاگیا

"میں مما اور بابا تم سے بہت پیار کرتے ہیں بیلا، کیا تم ہماری محبتوں کے بدلے ہماری خوشی کے لئے خود میں بدلاؤ نہیں لا سکتی،، تمہیں اس طرح دیکھ کر بابا کو مما کو مجھے بہت تکلیف ہوتی ہے پلیز ہماری خاطر خود کو بدلنے کی کوشش کرو پہلے جیسی ہوجاؤ ہنسو کھیلو خوش رہو"

افراہیم بیلا کے آنسو صاف کرتا ہوا بولا تو وہ افراہیم کے کندھے پر سر رکھ کر رونے لگی

"میرا کسی سے بھی بات کرنے کا دل نہیں چاہتا اب، نہ ہی دوست بنانے کا دل چاہتا ہے، مجھے نہیں لگتا بھائی کہ میں اب آگے پڑھ سکو گی، مجھے ایسا لگتا ہے میں باہر نکلو گی تو سب لوگ مجھے دیکھیں گے مجھ پر ہنسے گے، میرے متعلق باتیں کریں گے"

بیلا افراہیم کے کندھے پر سر رکھ کر روتی ہوئی بولی نازنین صوفے پر بیٹھی بیلا کی باتیں سن کر زار و قطار رونے لگی۔۔۔۔ یہ واقعہ اس کے دماغ پر بری طرح اثر انداز ہوچکا تھا، نازنین کو محسوس ہوا وہ بیلا کو نارمل کرتے کرتے شاید خود نارمل نہیں رہ سکے گی

"تم کسی کو بھی اپنا دوست نہیں بناؤ صرف اپنے بھائی کو اپنا دوست سمجھو، اپنی ساری باتیں مجھ سے شیئر کرو جو دل میں ہو وہ مجھ سے کہو۔۔۔ میں تمہاری ساری باتیں سنو گا، میں دوست بنوں گا اپنی پیاری سی بہن کا،، اپنے بھائی کی خاطر اپنی اسٹڈیز پر توجہ دینے کی کوشش کرو، اپنے ذہن سے یہ بات نکال دو کہ کوئی تمہیں دیکھے گا یا تمہارے متعلق کچھ بات کرے گا۔۔۔۔ بتاؤ بیلا اپنے بھائی کی خاطر اپنی اسٹڈیز دوبارہ کنٹینیو کروں گی ناں، مانو گی اپنے بھائی کی باتیں"

افراہیم بیلا کو بہلاتا ہوا دوبارہ اس کے آنسو صاف کرتا ہوا اس سے پوچھنے لگا جس پر بیلا نے اقرار میں سر ہلایا نازنین خاموشی سے اپنے آنسو پونچھ کر اپنے دونوں بچوں کو دیکھنے لگی افراہیم کو محسوس ہورہا تھا بیلا کو تھوڑا زیادہ وقت اور توجہ دے کر وہ اس کو نارمل لائف میں لاسکتا ہے

***

ہر سال کی طرح اس سال بھی ہوئے (paces) پیسز کے کمپٹیشن میں اس سال اس نے بھی شمولیت اختیار کی تھی، جہاں مختلف ممالک کے فوجیوں نے حصہ لیا تھا وہاں اس نے بھی اس کمپٹیشن کو بہت کم وقت میں باخوبی سرانجام دیا تھا

"مجھے پوری امید تھی کہ اس سال کے کمپیٹیشن کو آپ بالکل بھی مس نہیں کریں گے، آپ کو یہاں دیکھ کر مجھے بہت خوشی ہو رہی ہے"

وہ مقابلے کے اختتام پر کمشنر امان اللہ کے پاس آکر ان کو دیکھتا ہوا بولا۔۔۔ آج پورے چھ سال کے بعد ایک بار پھر وہ کمشنر امان اللہ کے سامنے روبرو کھڑا تھا

"اور تمہیں اس مقابلے میں جیت اپنے نام کرتا ہوا دیکھ کر مجھے تم سے زیادہ خوشی ہورہی ہے۔۔۔ دو منٹ میں 67 پل اپس، 30 منٹ میں دوہزار سٹ اپس،، 30 منٹ میں 13022 پش اپس۔۔۔ ویل ڈن مائے بوائے"

کمشنر امان اللہ ازلان کا کندھا تھپتھپا کر فخریہ انداز میں بولا۔۔۔ چھ سال پہلے 18 سال کا لڑکا اس وقت چوبیس سال کا لیفٹیننٹ (lieutenant)

تھا۔۔۔ یہ ازلان ہی جانتا تھا اس مقام تک پہنچنے میں اس نے کیا کچھ برداشت نہیں کیا تھا،، ذہنی اور جسمانی صحت کو برقرار رکھنے کے لئے مشکل ترین مشقتیں اور تعلیم کے ساتھ پانچ سالہ سخت ٹریننگ نے اس کو جسمانی طور پر کسی فولاد کی مانند سخت بنادیا تھا لیکن سینے کے اندر دھڑکتا ہوا اس کا دل آج بھی اس سنگ دل کے نام پر اکثر شور مچا اٹھتا جس کے جھوٹے الزام پر کتنے ماہ تک وہ ذہنی اذیت میں مبتلا رہا تھا،، بیلا کی حرکت کے بعد اب ازلان کو اس سے وفا کی امید یا توقع ہرگز نہیں تھی لیکن پھر بھی اس نے سوچ رکھا تھا وہ بہت جلد اس کے روبرو ہوکر اپنے ماہ و سال کی گزاری ہوئی اذیت کا حساب ضرور لے گا لیکن وہ یہ نہیں جانتا تھا اس سے پہلے اس کو چار سال کے لیے ایک مشن پر بھیج دیا جائے گا

Novelzy · online novels

Stories you won’t put down

Romance, dark romance, mafia, werewolf, billionaire and more, released chapter by chapter. Start with free chapters on any device, unlock premium chapters with coins, and earn rewards as you read.