"بیلا کیا کررہی ہو میری جان"
وہ روز معمول کی طرح اپنے کاپی کے ورق کو بار بار ایک ہی لفظ "سوری" لکھ لکھ کر بھر رہی تھی تب نازنین بیلا کے کمرے میں آتی ہوئی اس سے پوچھنے لگی جس پر بیلا نے جلدی سے کاپی بند کردی اور نازنین کو دیکھتی ہوئی بولی
"آپ کیوں آگئی ہیں میرے کمرے میں کیا کام ہے آپ کو مجھ سے"
بیلا کرسی سے اٹھ کر کھڑی ہوتی ہوئی نازنین سے پوچھنے لگی گلگت سے واپس آئے ہوئے انہیں مہینہ بھر ہوچکا تھا عباد نے اپنا ٹرانسفر واپس اپنے شہر میں کروا لیا تھا
"تم نیو سائیکل لینے کی ضد کررہی تھی ناں، کل افی تمہارے لئے نئی سائیکل لےکر آیا ہے جاؤ اپنی سائیکل دیکھو اور لان میں چکر لگاکر آؤ"
نازنین پیار سے بیلا کو دیکھتی ہوئی اس سے بولی اس واقعہ کے بعد سے اس نے اپنے کمرے سے باہر نکلنا اور اسکول جانا بالکل چھوڑ دیا تھا۔۔۔ عباد یا نازنین اس کو اسکول جانے کا کہتے تو وہ رونا شروع کردیتی۔۔۔۔ نازنین چاہتی تھی کہ پہلے وہ اپنے کمرے سے باہر نکلے اس لیے افراہیم اس کے لئے سائیکل لے کر آیا تھا ویسے بھی افراہیم اس کو سائیکل اس کی برتھ ڈے گفٹ میں دینا چاہ رہا تھا
"سائیکل کا تو میں نے بہت پہلے کہا تھا بھائی سے، اب میرا دل نہیں چاہتا سائیکلنگ کرنے کا بلکہ کچھ بھی کرنے کا۔۔۔۔ اب آپ بھی اپنے کمرے میں جائیں"
بیلا نازنین کو دیکھتی ہوئی بولی تو وہ بیلا سے پوچھنے لگی
"مگر کیوں بیٹا مما کو دل چاہ رہا ہے تم سے بات کرنے کا،، کیا تمہارا دل نہیں چاہ رہا اپنی مما سے بات کرنے کا"
نازنین بیلا کو دیکھ کر پیار سے پوچھنے لگی تو بیلا بولی
"آپ تھوڑی دیر باتیں کرنے کے بعد مجھے کمرے سے باہر نکلنے کے لیے فورس کرے گی اور میرا کمرے سے باہر نکلنے کا دل نہیں چاہتا اب"
بیلا کی بات سن کر نازنین خاموشی سے اسے دیکھنے لگی اب نہ جانے کب اس کی بیٹی نارمل ہوگی گزرے دنوں کے ساتھ نازنین اچھے کی امید ہی چھوڑے دی رہی تھی
"تمہیں باہر جانا پسند نہیں ہے تو ہم دونوں باہر نہیں جائیں گے۔۔۔ بلکہ یہی بیٹھ کر باتیں کریں گے، چلو یہ بتاؤ تم اپنی کاپی پر روز کیا لکھتی ہو"
نازنین کے پوچھنے پر بیلا کے چہرے کے تاثرات یکدم تبدیل ہوئے وہ ٹیبل پر رکھی ہوئی کاپی کو جلدی سے دراز میں رکھتی ہوئی نازنین سے بولی
"مما آپ جائیے اپنے کمرے میں، پلیز چلی جائے یہاں سے اور شام میں بھائی کو منع کردیئے گا کہ وہ میرے کمرے میں نہ آئیں اور نہ ہی بابا کو میرے کمرے میں آنے کی ضرورت ہے۔۔۔ مجھے اب کسی سے بھی بات کرنا اچھا نہیں لگتا آپ کھڑی کیوں ہیں پلیز چلی جائے یہاں سے"
بیلا زور سے چیخ کر بولی۔۔۔ نازنین جانتی تھی اگر وہ بیلا کے کمرے سے نہیں گئی تو بیلا رونا شروع کردے گی پھر اس کو چپ کروانا مشکل ہو جائے گا، وہ خاموشی سے بیلا کے کمرے سے نکل گئی ایسا نہیں تھا کہ وہ لاعلم تھی کہ بیلا کاپی میں کیا لکھتی رہتی ہے مگر وہ سوری کیوں اور کس کو لکھتی ہے نازنین یہ جاننا چاہتی تھی
***
"ارے میری رانی دلبر جانی آج پھر اپنے عدی کے ہاتھ لگ ہی گئی"
نثار اور غزل اس وقت گھر پر موجود نہیں تھے رخشی تھوڑی دیر پہلے ہی سوئی تھی نوف ابھی اسکول سے گھر آئی تھی اور صحن میں تخت پر بیٹھی ہوئی کھانا کھا رہی تھی دو دن سے اس کا معدہ اپ سیٹ تھا الٹیوں کا سلسلہ آج ہی رکا تھا۔۔۔ تب عدنان دوسرے کمرے سے نکلتا ہوا اس سے بولا نوف عدنان کو دیکھ کر کھانے کے برتن اٹھاتی ہوئی خاموشی سے وہاں سے جانے لگی تب عدنان نے اس کا ہاتھ پکڑا
"جا کہاں رہی ہے جانے سے پہلے اتنا تو بتادے اپنے عدی کا دل کب خوش کرے گی،، وہ افسر کا بیٹا تو جاتے جاتے تجھ سے کھیل ہی چکا ہے اب اپنے عدی کو بھی موقع دے دے تاکہ وہ غریب بھی تھوڑا بہت اپنا دل بہلا سکے"
عدنان کمینگی کی حدیں پار کرتا ہوا نوف سے بولا جس پر نوف ملامت بھری نظروں سے اسے دیکھنے لگی عدنان اس سے کس قدر واہیات باتیں کررہا تھا اسے اب یہ ساری باتیں سمجھ آنے لگی تھی
"میرے ابو جی آپ کے تایا تھے ابھی دو دن پہلے پہ ان کا چالیسوں ہوا ہے آپکو شرم نہیں آرہی اس قدر غلیظ اور گھٹیا بات کرتے ہوئے اسی تایا کی بیٹی سے"
نوف عدنان کے سامنے جرت کرتی ہوئی بولی جس دن قیوم ازلان سے مل کر آرہا تھا اس دن گاڑی کے ایکسیڈینٹ سے قیوم اپنی زندگی کی بازی ہار گیا تھا جو پیسے اس نے ازلان کے وکیل کے لیے جمع کیے تھے وہ اسی کے کفن دفن میں استعمال ہوگئے تھے
"تیرے بھائی کو شرم آئی اس افسر کی بیٹی کی عزت لوٹتے ہوئے، سالا پڑھاکو شرافت کے آڑ میں جانے کہاں کہاں منہ مارتا رہا جس کے بدلے میں اس افسر کے بیٹے نے تجھے بھی رگڑ ڈالا اور میں سالا الو کا پٹھہ خالی ہاتھ ملتا رہ گیا"
عدنان غصہ میں بولا تو نوف اسکا ہاتھ جھٹک کر احتجاجا چیخ اٹھی
"میرے بھائی نے کچھ نہیں کیا بےگناہ ہے وہ "
نوف کا اپنا بھی دامن داغدار نہیں تھا اور یہ بات وہ رخشی کو بتاچکی تھی اسے کوئی لینا دینا نہیں تھا جو کوئی بھی اس کے بارے میں کچھ بھی سوچتا مگر ازلان کے بارے میں ایسی باتیں اس سے برداشت کرنا مشکل ہوجاتا۔۔۔ نوف کے غصہ کرنے پر عدنان نے اس کے بالوں سے پکڑا
"میرے آگے تیری چیونٹی کی اوقات ہے لیکن اب تیرے پر نکلنے لگے ہیں، چھوٹی سی عمر میں اپنا سب کچھ لٹاکر بھی میری نظروں میں نظریں ڈالے گی کہاں سے آرہی ہے تجھ میں اتنی ہمت بتا مجھے۔۔۔ کل سے تو اسکول نہیں جائے گی اب تیری پڑھائی کا سلسلہ بند"
عدنان نوف کے بالوں کو جھٹکا دیتا ہوا غصے میں چیخا
"عدنان چھوڑ اس کو، تو ہوتا کون ہے اس کو پڑھنے سے روکنے والا"
نثار گھر کے اندر داخل ہوتا ہوا عدنان سے غصے میں بولا تو نثار کے پیچھے آتی ہوئی غزل بھی بول اٹھی
"صحیح تو کہہ رہا ہے عدی، یہاں پر کھانے کے لالے پڑ رہے ہیں گھر میں دو افراد کے بڑھنے سے کتنی تنگی ہوگئی ہے اور یہ لڑکی تو اپنی عزت بھی گنوا چکی ہے پھر پڑھ لکھ کر اس کو کون سا تمغہ جرت لینا ہے"
غزل حقارت سے نوف کو دیکھتی ہوئی بولی، رخشی بھی سر پر چادر اوڑھ کر شور و غل کی آواز پر کمرے سے باہر آکر خاموشی سے تماشہ دیکھنے لگی
"تو نے کب سے آئینے سے اپنی نظریں ہٹاکر گھر داری کرنا شروع کردی جو تجھے معلوم ہو چلا ہے گھر میں کھانے کے لالے پڑ رہے ہیں،، کان کھول کر سن لو تم دونوں ماں بیٹے۔۔۔ بھابھی اور نوف سے تم لوگوں میں سے جس کسی کو تکلیف ہوئی تو وہ بےشک گھر چھوڑ کر چلا جائے۔۔ یہ پڑھے گی اور اس کو میں پڑھاؤں گا چاہے اس کے لیے مجھے دو کی بجائے تین تین نوکریاں کرنا پڑے۔۔۔ میرا بھائی زندہ نہیں رہا مگر اس کی بیوی اور بیٹی کو دربدر نہیں ہونے دوں گا میں۔۔۔ اور گل گھر پر آئے تو اس کو بھی سمجھا دینا محلے میں جاکر الٹی سیدھی باتیں کرنا بند کردے ورنہ مجیدے کے بیٹے سے کل ہی اس کا نکاح پڑھوا کر اس گھر سے رخصت کروں گا اس کو بھی"
نثار غزل اور عدنان کو تنبیہ کرتا ہوا گھر سے باہر نکل گیا قیوم کے مرنے کے بعد وہ مستقل مزاجی سے ٹک کر ایک کی بجائے دو دو نوکریاں کررہا تھا اور نوف کی پڑھائی کا سلسلہ بھی اسی نے جاری رکھا تھا بس ازلان کے لیے وہ چاہ کر بھی کچھ نہیں کر پایا تھا
"مجیدے کے اس اپاہج بیٹے سے میری گل کی شادی کروائے گا، کیڑے پڑے ایسے باپ کو۔۔۔ ارے ایسا کیا غلط بول دیا اس نے رفیعہ کو جاکر یہی تو بولا ہے گھر آکر میری تایازاد کا چیک اپ کرلو نہ جانے کون سا مہینہ ہے کیسے بھر بھر کے الٹیاں کر رہی ہے۔۔۔ اب افسروں کی ناجائز اولاد بھی ہم ہی پالیں"
غزل زور زور سے بول کر دل کی بھڑاس نکالتی ہوئی کمرے میں چلی گئی جبکہ نوف خاموش کھڑی رخشی کو دیکھنے لگی۔۔۔ اسے جی بھر کر افراہیم سے نفرت ہو چلی تھی جس کے غصے اور انتقام نے اس کو کہیں کا نہیں چھوڑا تھا سب کو ہی اس کی پاکدامنی پر شک تھا وہ اوپر والے سے دعا کرنے لگی کہ آگے زندگی میں کبھی بھی اس مغرور اور ظالم لڑکے سے اس کا سامنا نہ ہو
***
یوم آزادی کے دن سینٹرل جیل میں منعقد کردہ تقریب کی وجہ سے جشن کا سماں تھا ملی نغموں کی آوازیں جیل کی چاردیواری میں گونج رہی تھی تبھی سپاہی وہاں موجود سارے قیدیوں سے بلند آواز میں بولا
"اوئے چلو سب قطار کی صورت بیٹھ جاؤ کمشنر صاحب تقریر کرنے آرہے ہیں تھوڑی دیر میں"
سارے قیدیوں کے ساتھ ازلان بھی تیسری قطار میں بیٹھ گیا کمشنر امان اللہ کے آنے پر حمد و ثنا کا آغاز ہوا، تب کمشنر امان اللہ کی نظر تیسری لائن میں بیٹھے اس لڑکے پر پڑی جو کافی دیر سے بغیر پلکیں جھپکائے اسے دیکھ رہا تھا اس کی نگاہوں میں ایسا کچھ تھا کہ کمشنر امان للہ نے اپنی پشت پر کھڑے سب انسپکٹر کو اشارہ کرکے بلایا
"اوئے تو کیا ہیرو بنا ہوا دور سے کمشنر صاحب کو تاڑ رہا ہے اپنی آنکھیں نیچی کر لے ورنہ پھوڑ ڈالوں گا تیرے ان دیدوں کو"
انسپکٹر آفاق ازلان کے پاس آکر سرگوشی میں دانت پیس کر اس سے بولا
"مجھے کمشنر صاحب سے اکیلے میں ضروری بات کرنا ہے کچھ بتانا ہے انہیں"
ازلان انسپکٹر آفاق کو اس کے جواب میں بولا
"ابے اوئے آج کمشنر صاحب مشکل سے دس منٹ کے لئے اپنا قیمتی ٹائم نکال کر آئے ہیں تو ان کا انٹرویو لینا چاہ رہا ہے، دیکھ میں بتا رہا ہوں اب آنکھیں نیچے کرکے بیٹھ ورنہ تیری چمڑی ادھیڑ ڈالوں گا"
انسپکٹر آفاق غصے میں ازلان کو جھاڑتا ہوا بولا اور دوبارہ اسٹیج پر چلاگیا ازلان نے اس کی بات کا اثر لیے بنا دوبارہ کمشنر امان اللہ کی طرف خاموشی سے دیکھنا شروع کر دیا
"کیا کہہ رہا ہے وہ لڑکا"
ازلان کے دوبارہ دیکھنے پر کمشنر امان اللہ بھی ازلان کو دیکھتا انسپکٹر آفاق سے پوچھنے لگا
"کمشنر صاحب شاید اس لڑکے کی کھال مصالا مانگ رہی ہے بول رہا ہے اکیلے میں بات کرنا ہے آپ سے"
انسپکٹر آفاق ازلان کا پیغام دیتا ہوا بولا آفاق جانتا تھا محدود ٹائم کی وجہ سے کمشنر صاحب اس لڑکے کی عرضی رد کردیں گے مگر اسے حیرت تب ہوئی جب کمشنر امان اللہ نے ازلان کو اکیلے میں حاضر ہونے کا پیغام بھجوایا