Chapter 14: حادثہ

"آپ یہاں"

نوف افراہیم کو دیکھتی ہوئی آہستہ سے بولی وہ بنا کچھ کہے اس وقت گھر کے اندر داخل ہوکر دروازہ بند کرچکا تھا

"پوچھو گی نہیں اس وقت میری بہن کی کیا حالت ہے"

افراہیم سرخ آنکھوں سے نوف کو دیکھ کر سوال کرنے لگا تو نوف فوراً بول اٹھی

"بھائی ایسے نہیں کرسکتے آپ کی بہن کے ساتھ، بلکہ وہ کسی بھی لڑکی کے ساتھ کچھ غلط نہیں کرسکتے"

نوف نے افراہیم کو ازلان کی بےگناہی کا یقین دلانا چاہا تو افراہیم چلتا ہوا نوف کے قریب آیا اور اس کا زرد چہرہ دیکھتا ہوا بولا

"ہر کسی کو اپنا آپ اور اپنے سے جڑے رشتہ صحیح لگتے ہیں۔۔۔ کل تک مجھے بھی لگتا تھا کہ میں کسی لڑکی کے ساتھ وحشیانہ سلوک نہیں کرسکتا لیکن آج سوچ کر آیا ہوں جس نے میری بہن کی عزت کی دھجیاں بکھیر دی جب اسے اپنی بہن کی عزت لٹنے کا معلوم ہوگا تب اسے پتہ چلے گا اذیت سے گزرنا کسے کہتے ہیں۔۔۔ آج جب تمہارے ماں باپ تمہیں اجڑی ہوئی حالت میں دیکھیں گے تب انہیں معلوم ہوگا کہ اس وقت میرے ماں باپ کون سے کرب سے گزر رہے ہیں،، آج تمہیں اپنا حشر دیکھ کر خود اندازہ ہوگا کہ جسم سے روح کھینچی جائے تو کس قدر تکلیف محسوس ہوتی ہے اور وہ تکلیف میری بہن برداشت کرچکی ہے تمہارے بھائی کی بدولت"

افراہیم کی بات سن کر نوف سکتے کی حالت میں اس کو دیکھنے لگی اس وقت افراہیم کے چہرے کے تاثرات سخت اور پتھریلے تھے اس نے آگے بڑھ کر نوف کا دوپٹہ کھینچا تو وہ ڈر کے مارے کمرے کی طرف بھاگنے لگی مگر اس سے پہلے افراہیم اس کے بالوں کو مٹھی میں بھرتا ہوا صحن میں موجود تخت پر اسے دھکا دے چکا تھا

"آپ میرے ساتھ ایسا کیسے کرسکتے"

نوف صدمے کی کیفیت میں روتی ہوئی زور سے چیخی افراہیم غصے میں اس کے قریب آتا ہوا نوف کا چہرہ زور دار تھپڑ مار کر سرخ کرچکا تھا

"کل رات میری بہن بھی ایسے ہی روئی ہوگی تمہارے ذلیل بھائی کے آگے" افراہیم غصے میں دوسرا تھپڑ اس کے گال پر مارتا ہوا بولا اور ساتھ ہی اس نے نوف کی آستین بازو سے پھاڑ دی

"نہیں مجھے معاف کردیں مجھے بہت ڈر لگ رہا ہے آپ سے"

نوف افراہیم کے سامنے اپنے دونوں ہاتھ جوڑ کر اس سے التجا کرتی ہوئی بولی جس پر وہ نوف کے بالوں کو دوبارہ مٹھی سے پکڑتے ہوا اسے اٹھا کر دیوار پر دھکا دے چکا تھا جس سے نوف کے سر پر چوٹ آئی اور خون بہنے لگا

"میری معصوم بہن کو بخشا تھا تمہارے بھائی نے جو میں تمہیں معاف کردو بولو"

افراہیم غصے کی شدت سے چیختا ہوا اس کے گال پر ایک کے بعد ایک تھپڑ مارتا گیا نوف کو اپنے دونوں گال جلتے ہوئے محسوس ہوئے

بخار کی وجہ سے وہ پہلے ہی نڈھال تھی نوف کو لگا کے اب وہ نیچے گرجائے گی مگر جیسے ہی افراہیم نے چاک سے اس کی قمیض کھینچی تو نوف روتی ہوئی افراہیم کو پیچھے ہٹاکر اندر کمرے میں بھاگی۔۔۔ وہ روتی ہوئی اپنے لیے جائے پناہ تلاش کرنے لگی مگر اس سے پہلے ہی افراہیم کمرے میں آنے کے ساتھ ایک بار پھر اس کا چہرہ طماچوں سے لال کرنے لگا۔۔ نہ صرف نوف کا منہ پوری طرح سوجھ چکا تھا بلکہ سر کے ساتھ ساتھ ہونٹ سے بھی اس کے خون بہنے لگا تھا

وہ روتی ہوئی اللہ سے دعا کرنے لگی اس بےرحم لڑکے کے دل میں اس کے لئے رحم ڈال دے مگر افراہیم اس کا منہ بری طرح سجھانے کے بعد گلے سے اس کی قمیض چاک کرچکا تھا وہ افراہیم کے تھپڑوں کی تاب نہ لاتی ہوئی زمین پر گرچکی تھی۔۔۔ اسے یقین نہیں آرہا تھا ایک بار اسی لڑکے نے عدنان سے اس کو بچایا تھا اور آج وہ خود اس کے ساتھ۔۔۔۔ افراہیم ابھی بھی غصے میں نوف کے روتے بلکتے وجود کو زمیں پر گرا ہوا دیکھ رہا تھا۔۔۔ نوف کو آنے والے وقت سے خوف آرہا تھا اسی لیے وہ رونے کے ساتھ کانپ بھی رہی تھی اس کی قمیض کا سرا کاندھے سے ٹکا ہوا تھا دوسرا سرا اس نے خود پکڑ کر کاندھے سے ٹکایا ہوا تھا مگر اس کے جسم میں ہمت نہیں بچی تھی افراہیم سے مزاحمت کرتی

افراہیم نے ویسے ہی ایک بار پھر اسکے بالوں کو مٹھی میں بھر کر زمین سے اٹھایا۔۔۔ نوف کا رخ کمرے میں موجود آئینے کی طرف کرتا ہوا خود اس کی پشت پر کھڑا ہوا

"تمہاری ہی ہم عمر ہے میری بہن، کل رات تمہارے بھائی نے جس کی معصومیت چھین لی، چھوٹی سی عمر میں جس کا بچپن اس سے چھین لیا۔۔۔ اس کی زندگی برباد کر ڈالی اسے ان باتوں کی آگاہی دے دی جو باتیں اس کے سمجھنے کی نہیں تھی۔۔۔ میرا باپ بالکل ٹھیک کہتا ہے تم جیسے چھوٹی ذات کے لوگ ہوتے ہی گھٹیا ذہنیت کے ہو،، میرا بس نہیں چل رہا کہیں سے تمہارا بھائی میرے سامنے آجائے اور میں اس کے جسم کی بوٹی بوٹی کر ڈالوں یا پھر تمہارے ساتھ بھی ویسے ہی وحشیانہ سلوک کرو جو کل رات تمہارا بھائی میری معصوم بہن کے ساتھ کرچکا ہے مگر میں تمہارے بھائی کی طرح کم ذات نہیں ہو"

افراہیم اپنی مٹھی میں سے اس کے بال آزاد کرتا ہوا وہاں سے چلا گیا اور نوف زمیں پر گر کر وہی بےہوش ہوگئی

***

"میں نے اس کے ساتھ کچھ نہیں کیا میں بےقصور ہوں"

ازلان سلاخوں کے پیچھے موجود اپنے سامنے کھڑے قیوم کو دیکھ کر سنجیدگی سے بولا وہ ہفتے بھر سے سب کے سامنے بس ایک اسی جملے کی گردان کررہا تھا یہاں تک کہ جب اس کو ریمانڈ میں لیا گیا اور پیروں پر ڈنڈے مار مار کر اسے کھڑا ہونے کے قابل نہیں چھوڑا گیا تب بھی وہ بےہوش ہونے سے پہلے یہی جملہ بول رہا تھا

"عباد کی بیٹی کو ہوش آچکا ہے اس نے مکمل حواسوں میں پولیس کو بیان دیتے ہوئے تمہارا نام لیا ہے۔۔۔ میں نے جیسے تیسے پیسے اکٹھے کر کے وکیل کیا ہے تمہیں اس وکیل کے سامنے اس رات کے تمام حالات اور واقعات بالکل سچ بتانا ہوگے"

قیوم کی بات سن کر وہ حیرت سے اپنے باپ کو دیکھنے لگا تھا دکھ اسے اس بات کا بھی تھا کہ بیلا نے اسے اپنا مجرم قرار دے دیا تھا مگر ساتھ ہی اسے اپنے باپ کی بھی بےاعتباری پر افسوس ہونے لگا

"میں نے اس کے ساتھ کچھ نہیں کیا میں بےقصور ہوں"

اب کی بار ازلان نے دوبارہ سے وہی جملہ دہرایا تو چند سیکنڈ قیوم خاموشی سے ازلان کو دیکھنے لگا پھر بولا

"آج ہی ڈی این اے کی رپورٹ آئی ہے تمہارا ڈی این اے اس بچی کے مجرم کے ڈی این اے سے میچ کررہا ہے"

قیوم کی بات سن کر ازلان کو شدید غصہ آنے لگا وہ غصے کی شدت سے زوردار آواز میں دھاڑا

"میں نے اس کے ساتھ کچھ نہیں کیا میں بےقصور ہوں"

ازلان کے بری طرح چیخنے پر قیوم ایک بار پھر خاموشی سے ازلان کو دیکھنے لگا پھر بنا کچھ بولے تھکے ہوئے قدموں سے وہاں سے چلا گیا

ایک ہفتے میں قیوم کیا کچھ برداشت کرچکا تھا وہ چاہ کر بھی ازلان کو بتا نہیں پایا۔۔۔ سڑک پر پیدل چلتا ہوا قیوم اس دن کے بارے میں سوچنے لگا جب وہ اور رخشی وکیل سے بات کرکے واپس گھر لوٹے تھے۔۔۔ نوف کی اجڑی ہوئی حالت اسے کچھ اور ہی کہانی سنا رہی تھی جسے دیکھ کر اسے اندرونی طور پر بہت بڑا دھچکا لگا تھا۔۔۔ نوف کی پٹھے ہوئے کپڑے اجڑی ہوئی حالت دیکھ کر رخشی نے یا پھر اس نے اپنی بیٹی سے کچھ بھی پوچھنے کی ہمت نہیں کی تھی۔۔۔ شام تک محلے میں چہ میگوئیاں ہونے لگی تھی تب اس کے کانوں میں یہ خبر پڑی تھی کہ اس کے پیچھے عباد کا بیٹا اس کے گھر آیا تھا۔۔۔ محلے کے لوگوں نے گھر کے اندر سے نوف کی چیخ و پکار کی آوازیں سنی تھی اور عباد کے بیٹے کو گھر سے نکلتے ہوئے دیکھا تھا

وہ عباد کی طرح اثر و رسوخ نہیں رکھتا تھا کہ اس کے بیٹے کو اپنی کم عمر بیٹی کے ساتھ کیے گئے بےرحمانہ سلوک کے جرم میں اندر کروا دیتا۔۔۔ اس کے پاس جو تھوڑی بہت رقم تھی اس میں تھوڑے بہت پیسے نثار میں ملاکر ازلان کے لئے وکیل کیا تھا۔۔۔ ابھی وہ اس صدمے سے ہی باہر نہیں نکلا تھا کہ اگلے دن اس کو لیٹر ملا جس میں اس کو نوکری سے نکال دیا گیا تھا اس کے دو دن بعد ہی قیوم سے سرکاری کوارٹر بھی چھین لیا گیا۔۔۔ رہنے کے لیے جب کوئی چھت نہ بچی تو نثار قیوم کے ساتھ رخشی اور نوف کو اپنے گھر لے آیا

ہفتے بھر سے نوف کا بخار اترنے کا نام نہیں لے رہا تھا،، غزل کا ان لوگوں کی اپنے گھر آمد پر اچھا خاصا منہ بنا ہوا تھا

غزل کا اپنی بیوی اور بچی سے رویہ دیکھ کر، اپنے جوان بیٹے کو سلاخوں کے پیچھے دیکھ کر، ہر پل رخشی کی نم آنکھیں دیکھ کر، اپنی کم عمر بچی کی اجاڑ اور ویران حالت دیکھ کر وہ صحیح معنوں میں اندر سے ٹوٹ چکا تھا،، عباد نے گلگت جانے سے پہلے ازلان پر کافی مضبوط کیس بنایا تھا جس کی وجہ سے ازلان کی ضمانت نہیں ہو پارہی تھی، وہ عباد کے جانے سے پہلے اس سے معافی مانگنے بھی گیا تھا اس نے درخواست کی تھی کہ عباد کی توسط سے اس کی نوکری دوبارہ بحال ہوجائے مگر عباد نے اسے ذلیل کرکے نکال دیا۔۔۔ غزل طعنے دیتی ہوئی آج صبح ہی رخشی سے بول چکی تھی کہ وہ عزت لٹی ہوئی اسکی بیٹی کو اپنی بہو نہیں بناسکتی ساتھ ہی غزل نے ان دونوں میاں بیوی کو اپنے کہیں اور رہنے کا بھی بول دیا تھا کیونکہ ان کا اپنا گزارا مشکل سے ہورہا تھا۔۔۔ ان سب باتوں کو سوچتا ہوا قیوم روڈ کراس کر رہا تھا تب ایک گاڑی اس کو ٹکر مارتی ہوئی چلی گئی

Novelzy · online novels

Stories you won’t put down

Romance, dark romance, mafia, werewolf, billionaire and more, released chapter by chapter. Start with free chapters on any device, unlock premium chapters with coins, and earn rewards as you read.