"اچھا سوری"
تاشفہ نے محسوس کیا جیسے اس کے ہنسنے پر افراہیم کو برا لگا ہو جبھی تاشفہ اس سے معذرت کرتی ہوئی اپنی ہنسی کو کنٹرول کرنے لگی
"مجھے نہیں معلوم تھا ڈارلنگ میری دو ماہ کی جدائی تم پر اتنا اثر کرے گی کہ تم ڈائریکٹ مجھے شادی کی آفر کردو گے"
تاشفہ سیریس ہوکر بولی مگر ایک بار پھر ہنسنے لگی تو اب افراہیم کو غصہ آنے لگا
"تاشفہ بی سیریس"
افراہیم کے تاثرات دیکھ کر تاشفہ کو اب کی بار واقعی سیریس ہونا پڑا
"دیکھو ہمارے ریلیشن کو مشکل سے ہی 6 ماہ ہوئے ہیں پورا سال بھی نہیں گزرا جو شادی جیسا بولڈ اسٹیٹ مجھے نہیں لگتا ہمیں اس کے بارے میں ابھی سے سوچنا چاہیے لیکن اگر تم جلدی شادی چاہتے ہو تو اس سے پہلے تمہیں ایسا نہیں لگتا کہ ہم دونوں کو ایک دوسرے کو بےحد قریب سے دیکھ لینا چاہیے"
تاشفہ کی بات پر افراہیم تھوڑا عجیب انداز میں اس کو دیکھنے لگا جس پر تاشفہ دوبارہ بولی
"میرا مطلب ہے ہمیں کم از کم ایک ماہ کے لئے کوئی گھر یا اپارٹمنٹ شئیر کرنا چاہیے جب ہم دونوں ایک دوسرے کو قریب سے دیکھیں گے ایک دوسرے کی اچھی بری عادتوں سے، مزاج سے واقف ہوگے تب ہی ہم شادی جیسا اسٹیپ لے سکتے ہیں"
تاشفہ اب کی بار سیریس ہوکر اس کو بولی افراہیم سمجھ گیا ایک دوسرے کو قریب سے دیکھنے کا کیا مطلب ہے وہ لیونگ ریلیشن شپ چاہتی تھی اسے تاشفہ کے مزید خیالات کو جان کر اور بھی زیادہ مایوسی ہوئی
"اور ایک ماہ بعد تمہیں لگا کہ ہمارے مزاج اور عادتیں ایک دوسرے سے نہیں ملتی تو میرا راستہ الگ اور تمہارا راستہ الگ رائٹ"
افراہیم تاشفہ کو دیکھتا ہوا اس سے پوچھنے لگا اچانک اس کی بھوک مر گئی تھی۔۔۔۔ آرڈر لینے کے لیے پاس آتے ہوئے ویٹر کو افراہیم نے دور سے ہی اشارہ کرکے روکا
"مجھے ہی کیوں ایک ماہ بعد تمہیں بھی ایسا لگ سکتا ہے کہ ہم دونوں ایک دوسرے کے ساتھ زندگی بھر کے لیے ایڈجسٹ نہیں کر سکتے"
تاشفہ کندھے اچکا کر افراہیم سے بولی چھ ماہ کے ریلیشن میں اسے اپنے سامنے بیٹھا یہ مرد کافی ان رومانٹک روکھا پھیکا سا لگا تھا
"ایک ماہ بعد نہیں مجھے ایسا ابھی لگتا ہے ہم دونوں زندگی بھر واقعی ایک دوسرے کے ساتھ آگے نہیں چل سکتے، یوں چند دنوں کے لیے ایک دوسرے کے ساتھ رہ کر دیکھنے والی فارملٹی کو رہنے دینا چاہیے۔۔۔ جس دن تم نے مجھ سے یہ بات بولی تھی کہ شادی کے کم از کم چھ سال تک تمہیں کوئی بچہ نہیں چاہیے کیونکہ اس سے تمہارا فگر کا شیپ خراب ہوگا اگر تبھی تم اپارٹمنٹ شیئر کرنے والے اپنے خیالات کا بھی اظہار کرتی تو شاید ہمارا ریلیشن چھ ماہ بھی مشکل سے قائم رہتا کیونکہ میرے نزدیک کم از کم ایک لڑکی کو اتنا گیا گزرا نہیں ہونا چاہیے کہ وہ مرد کے آگے چادر کی طرح بجھ جائے"
افراہیم تاشفہ پر اپنے خیالات کا اظہار کرکے اٹھ کر وہاں سے چلاگیا اسے نہیں لگتا کہ اب تاشفہ اس سے دوبارہ رابطہ کرے گی اور وہ خود بھی یہی چاہتا تھا
"نفسیاتی مرد"
تاشفہ بڑبڑاتی ہوئی مینیو کارڈ اٹھا کر اپنے لئے آرڈر کرنے لگی
***
"نوری تم آج بھی اپنی پوتی کو اپنے ساتھ نہیں لےکر آئی میں نے تم سے کل کہا تھا ناں مومنہ کو اپنے ساتھ لے آنا تھوڑی دیر کے لئے دل بہل جاتا ہے اس کو دیکھ کر میرا"
نازنین ڈائننگ ہال میں آتی ہوئی نوری کو دیکھ کر اداسی سے بولی،، اور اپنا کمزور ناتواں وجود لےکر کرسی پر بیٹھ گئی گزرے ہوئے دس سالوں نے اس کے اوپر وقت سے پہلے ہی بڑھاپے کی چھاپ چھوڑ ڈالی تھی، نازنین کو اس وقت دیکھ کر کوئی بھی نہیں بول سکتا تھا یہ وہی عورت تھی جس نے دو بچوں کے بعد بھی اپنی خوبصورت کو برقرار رکھا ہوا تھا لیکن اب ایک دم اس پر بڑھاپا آچکا تھا
"بیگم صاحبہ اب میں کیا بتاؤ آپ کو، میری بہو کے مزاج سے آپ واقف تو ہیں،،، مومنہ کو میں اپنے ساتھ لانا چاہ رہی تھی اور وہ معصوم بچی بھی میرے ساتھ آپ کے پاس آنے کے لیے راضی تھی مگر اللہ بھلا کرے میری بہو کا، جو اس نے مومنہ کو آپ سے ملنے کے لئے یہاں آنے دیا ہو عجیب چڑچڑی اور جھگڑالو طبیعت اور مزاج رکھتی ہے میری بہو آپ کو تو میں سب اپنے گھر کی کہانی بتاچکی ہوں"
نوری نازنین کو دیکھ کر بولنے لگی مگر وہ یہ بتاکر نازنین کا دل نہیں توڑنا چاہتی تھی کہ اس کی بہو نے مومنہ کو کیوں نازنین کے پاس جانے سے روکا تھا۔۔۔ دو سالوں سے نازنین پر پڑنے والے دوروں سے اس کی بہو کو ڈر تھا کہ نازنین اس کی چھوٹی سی بیٹی کو کوئی نقصان نہ پہنچا دے
"آپ اداس کیوں ہورہی ہیں جی میں نے آپ سے بولا تھا آپ جلدی سے افراہیم صاحب کی شادی کروا دیں، جب افراہیم صاحب کے بچوں کی گلکاریاں پورے گھر میں گونجے گی تب اس گھر کی در و دیوار سے اداسی خود بخود چھٹ جائے گی اور گھر میں بہو کے آنے سے آپ کی طبیعت بھی بہل جائے گی۔۔۔۔ بس جی افراہیم صاحب کی بیوی آپ بہت دیکھ بھال کر اچھی طرح پرکھ کر لائیے گا کیونکہ افراہیم صاحب آپ کے اکلوتے بیٹے ہیں اور آپ میری بہو کے قصے مجھ سے روز ہی سنتی ہیں"
نوری نازنین کے چہرے پر اداسی دیکھ کر اسے مشورہ دیتی ہوئی بولی
"ایک ماہ ہوچکا ہے افی سے بولتے ہوئے کہ شادی کرلے نہ جانے اس لڑکے نے شادی کرنی بھی ہے یا نہیں۔۔۔۔ اب تو مجھے بہت فکر رہنے لگی ہے افی کی"
دو دن سے نازنین مکمل ہوش و حواس میں موجود تھی اس لیے وہ فکر مند لہجے میں نوری سے بولی
"اور جی آپ نے اپنی بیلا بی بی کے لیے کیا سوچا ہے وہ بھی تو ماشاء اللہ کی شادی کے لائق ہوگئی ہیں۔۔۔ اور جو پرسوں ان کے لئے رشتہ آیا تھا اس رشتے کا کیا بنا"
نوری افراہیم سے اس کا دھیان ہٹاکر بیلا کی طرف لگاتی ہوئی نازنین سے پوچھنے لگی کیونکہ پرسوں بیلا کے لیے رشتہ آنا تھا اور نوری یہاں پر موجود نہیں تھی
"ہاں بیلا کا تو رشتہ آنا تھا اور میں نے بیلا کو بہت پیار سے سمجھایا بھی تھا کہ شادی تو ہر لڑکی کو ایک نہ ایک دن کرنا ہوتی ہے وہ ان رشتے والوں کے سامنے بغیر ضد کیے یا روئے تھوڑی دیر کے لئے آکر بیٹھ جائے میری خاطر، افی کی خاطر۔۔۔۔ پر مجھے یاد کیوں نہیں آرہا پرسوں کیا ہوا تھا بیلا کے رشتے والوں نے کیا کہا"
نازنین خود سے بولتی ہوئی اپنے دماغ پر زور ڈالنے لگی
"اچھا اچھا بیگم صاحبہ کوئی بات نہیں اگر یاد نہیں آرہا پریشان مت ہو،، میں آپ کے لئے سبز چائے بناکر لاتی ہوں"
نوری جلدی سے بولتی ہوئی کچن میں چلی گئی کیونکہ افراہیم ڈائننگ ہال میں آچکا تھا
"خاموش کیو بیٹھی ہیں اس طرح، کیا سوچ رہی ہیں مجھے نہیں بتائے گیں"
افراہیم نازنین کے پاس آکر خود بھی کرسی کھسکاتا ہوا بیٹھا مگر نازنین کو دماغی طور پر غائب دیکھ کر اس کا ہاتھ پکڑتا ہوا نازنین سے پوچھنے لگا۔۔۔۔ وہ افرائیم کے ہاتھ کا لمس محسوس کرکے چونکی اور افراہیم کو دیکھنے لگی
"پرسوں بیلا کا رشتہ آنے والا تھا ناں افی، تو پھر مجھے یاد کیو نہیں آرہا پرسوں رشتے والے کب آئے اور پھر بیلا ان کے سامنے آکر بیٹھی تھی کہ نہیں۔۔۔۔ انہوں نے ہماری بیلا کو پسند کیا یا نہیں، کیا ہوا تھا پرسوں افی"
نازنین پریشان ہوکر افراہیم سے پوچھنے لگی جس پر افراہیم نازنین کے دونوں ہاتھوں کو اپنے ہاتھوں میں تھامتا ہوا بولا
"اس میں اتنا پریشان ہونے والی کیا بات ہے مما جو لوگ ہماری بیلا کو پرسوں دیکھنے کے لیے آنے والے تھے اپنے ایک ضروری کام کی وجہ سے انہوں نے کال کرکے اپنے آنے کا پروگرام کینسل کردیا تھا، اب وہ لوگ کل آئیں گے ہماری بیلا کو دیکھنے اور بیلا ان کے سامنے آجائے گی اس نے خود کہا ہے آپ ٹینشن نہ لیں"
یہ بھی سچ ہی تھا جو لوگ بیلا کو دیکھنے کے لئے آنے والے تھے وہ نہیں آسکے تھے وجہ نازنین کی بگڑتی ہوئی حالت تھی جو پرسوں اچانک خراب ہوگئی اس وجہ سے افراہیم نے ان کو کال کرکے آنے کا منع کردیا تھا
"ٹینشن کیسے نہیں لیا کرو میں بالکل اکیلی ہوچکی ہوں تم سے کب سے بول رہی ہو شادی کرلو، اگر ڈھیر دو سال پہلے تمہاری شادی ہوچکی ہوتی تو اب تک میں دادی بھی بن چکی ہوتی اپنی ماں کو کوئی احساس نہیں ہے تمہیں"
نازنین خفا ہوکر اس سے اپنا ہاتھ چھڑواتی ہوئی بولی تو افراہیم نازنین کو گھورنے لگا
"تو آپ مجھے شادی کے لیے اس لیے فورس کررہی ہیں کیونکہ آپ کو دادی بننے کی جلدی ہے۔۔۔ آپ مجھے پہلے ہی یہ بات بول دیتی تو میں آپ کو بےبی سینٹر سے ایک کی بجائے دو کیوٹ سے بےبیز لاکر دے دیتا تاکہ آپ کا ان کے ساتھ اچھا وقت گزر سکے"
افراہیم کی بات سن کر اب نازنین اسے گھورنے لگی
"پورے بدھو ہو افی تم تو۔۔۔ ارے مجھے کسی دوسرے کا بچہ نہیں چاہیے تمہاری اولاد کے ساتھ وقت بتانا چاہتی ہوں میں۔۔۔۔ کیونکہ عباد وہاں جاکر بہت اکیلے ہوچکے ہیں اکثر بلاتے ہیں وہ مجھے اپنے پاس مگر میں ان سے کہہ دیتی ہوں کہ پہلے بیلا کی شادی ہوجائے، افی کے بچوں کو دیکھ لو پھر آؤں گی میں آپ کے پاس"
نازنین کی بات سن کر افراہیم تڑپ اٹھا وہ دوبارہ نازنین کا ہاتھ پکڑتا ہوا بولا
"ایسی باتیں مت کیا کریں مما مجھے تکلیف ہوتی ہے "
چار سال قبل اچانک ہی عباد کی موت نے ان تینوں کی زندگی کا رخ بدل دیا تھا۔۔۔ جہاں افراہیم کی کوششوں سے بیلا میں آہستہ آہستہ مثبت تبدیلیاں آرہی تھی وہی اچانک عباد کے دنیا سے چلے جانے پر ان کی زندگیوں نے نیا رخ لے لیا تھا، جس کا سب سے زیادہ اثر نازنین نے لیا تھا۔۔۔۔ دو سال سے وہ ذہنی طور پر اس قدر کمزور ہوچکی تھی اچانک بیٹھے بیٹھے کہیں کھو جاتی اور 24 گھنٹے خاموش رہتی یا تو ماضی کی پرانی یادوں میں چلی جاتی ہے یا پھر اچانک اس کی طبیعت بگڑ جاتی اس کی پل پل بدلتی ہوئی کیفیت نے افراہیم اور بیلا دونوں کو ہی ڈرا کر رکھ دیا تھا
"صحیح ہے میں ایسی بات نہیں کروں گی مگر تمہیں میری بات کو بھی اہمیت دینا ہوگی،، مجھے جلد سے جلد اس گھر میں بہو چاہیے جو خوبصورت سیدھی سادی ہونے کے ساتھ ساتھ حساس طبیعت کی مالک ہو۔۔۔۔ کیونکہ نوری کی بہو جیسی لڑکی ایڈجسٹ نہیں کرسکے گی تمہارے ساتھ۔۔۔۔ اس لیے ایسی لڑکی کی تلاش کرو جو تمہیں اور ہمارے اس گھر کو سنبھال سکے مجھے پرامس کرو افی تم جلد سے جلد ایسی لڑکی کو ڈھونڈ کر اس سے شادی کرو گے"
نازنین کے کہنے پر افراہیم اس سے پرامس تو کرچکا تھا مگر اس کو معلوم نہیں تھا کہ ایسی لڑکی کہاں سے ملے گی جو خوبصورت اور سیدھی سادی ہو۔۔۔ وہ اپنا بزنس کو چھوڑ کر ایسی لڑکی تو تلاش کرنے سے رہا جو نوری کی بہو جیسی نہ ہو