"میں اُس وقت بہت خود غرض ہوگئی تمہاری محبت میں۔۔۔ تم نے نتالیہ کے بارے میں بتایا تھا کہ وہ کتنی رحم دل ہے میں نے نتالیہ کے کو ایسی باتیں کرکے مجبور کیا تھا کہ وہ تمہاری زندگی سے بغیر تمہیں بتائے چلی جائے اور تم سے کبھی رابطہ نہ رکھے مجھے لگا کہ نتالیہ کے اِس طرح چلے جانے سے تم اُس کو چند دن یاد رکھ کر بھول جاؤ گے مگر یہ میری بھول تھی۔۔۔ مجھے اپنانے کے بعد بھی تمہیں ہر وقت نتالیہ کی یاد میں کھویا ہوا دیکھ کر اور اس قدر خاموش دیکھ کر مجھے اپنی غلطی کا بہت پہلے ہی احساس ہوچکا تھا مگر حقیقت بتاکر میں تمہاری نظروں میں اپنا گرا ہوا مقام نہیں دیکھ سکتی تھی لیکن اب وقت ایسا آگیا ہے کہ سچ بتانے کے علاوہ کوئی چارہ بھی نہیں کیوکہ اتنا بڑا بوجھ لےکر میں اس دنیا سے نہیں جاسکتی۔۔۔ حیدر پلیز مجھے معاف کردینا"
معائشہ کو دنیا سے گئے آج پورے دن گزر چکے تھے اپنی موت سے پہلے اُس نے جو انکشاف حیدر کے سامنے کیا تھا حیدر ابھی تک شاکڈ کی کیفیت سے نکل نہیں پارہا تھا معائشہ نے صرف اپنی محبت کو دیکھ کر، اُس کے ساتھ کس قدر غلط کیا اور نتالیہ۔۔۔
نتالیہ نے تو اِس طرح اُس کی زندگی سے جاکر یہ ثابت کیا تھا کہ وہ اُسے نہ تو محبت کرتی تھی نہ ہی محبت کے قابل سمجھتی تھی اور وہ خود کتنا بےوقوف انسان تھا کہ دو سال تک اُس لڑکی کو سوچتا رہا جس کی نظر میں اُس کے جذبات کی کوئی اہمیت نہ تھی۔۔۔ معائشہ کے موت کے وقت معائشہ کو تکلیف میں دیکھ کر حیدر اس کو تو معافی مانگنے پر معاف کرچکا تھا مگر نتالیہ کو وہ کبھی بخشنے والا نہیں تھا
دو دن پہلے جب نتالیہ کہ چچا کی کال اُس کے پاس آئی تھی تب وہ روڈلی اُن سے کہہ چکا تھا کہ اُسے نتالیہ کی اب کوئی ضرورت نہیں ہے وہ اپنی بھتیجی کو ساری عمر اپنے پاس رکھیں۔۔۔ کمال نے آگے سے کچھ بولنا بھی چاہا تو حیدر نے اُس کی بات سننا ضروری نہیں سمجھا اور موبائل سے رابطہ منقطع کردیا۔۔۔ وہ اپنے بیڈ روم میں بیٹھا ہوا ساری باتیں سوچ رہا تھا تب حسن اُس کے کمرے میں آیا
"یہاں اکیلے اندھیرے میں بیٹھے کیا سوچ رہے ہیں"
حسن کمرے کی لائٹ آن کرتا حیدر کے قریب رکھے صوفے پر بیٹھتا ہوا اُس سے پوچھنے لگا
"یہی سوچ رہا ہوں کہ دنیا کا پہلا اُلو کا پٹھا شوہر ہوگا میں جو اپنی ایک نہیں دونوں بیویوں کے ہاتھوں بےوقوف بنا"
حیدر حسن کو تلخی سے جواب دیتا ہوا بولا تو حسن اُس کی بات پر ایک پل خاموش ہوا مگر اگلے ہی پل وہ نتالیہ کو ڈیفائنڈ کرتا بولا
"چاچو بےوقوف آپ کیسے ہوگئے بےوقوفی تو نتالیہ سے سرذد ہوگئی مگر اُس کی بےوقوفی سے کسی کی ذات کو نقصان نہیں پہنچا نقصان وہ خود اپنے ہاتھوں اپنا کر بیٹھی ہے"
حسن کی بات پر حیدر نے اُس کو اتنی سختی سے گھورا کہ حسن خاموش ہوکر ایک دم گڑبڑایا پھر بولا
"میرا مطلب ہے نقصان آپ کا بھی ہوا ہے آپ شروع شروع میں اُس بےوقوف کے لیے کتنا پریشان رہے کتنے تلاش کیا آپ نے اُس کو۔۔۔ میرے اور بابا کے فورس کرنے اور معائشہ چچی کی ضد پر آپ نے شادی بھی کی۔۔۔ مگر تقدیر کے آگے ہر انسان بےبس ہوجایا کرتا ہے شاید آپ کا اور چچی کا ساتھ بہت کم عرصے کے لیے لکھا تھا۔۔۔ چاچو ویسے آپ کو ایک مرتبہ نتالیہ کو موقع دینا چاہیے کہ وہ یہاں آکر۔۔۔
حسن بولنے ہی والا تھا مگر اُس کا جملہ مکمل ہونے سے پہلے حیدر اٹھ کر کھڑا ہوگیا
"تو تم اُس کے وکیل بن کر یہاں اُس کی وکالت کرنے آئے ہو میری ایک بار غور سے سن لو حسن، نتالیہ دوبارہ اِس گھر میں واپس نہیں آئے گی جس لڑکی کی نظر میں میری ذات اہمیت نہیں رکھتی تو مجھے بھی اُس لڑکی کی رتی برابر پروا نہیں۔۔۔ نہ میرے دل میں اُس لڑکی کے لیے جگہ ہے نہ ہی زندگی میں اور نہ ہی میرے گھر میں۔۔۔ بہت جلد ڈائیورس دے کر میں اس کو اپنی زندگی سے ہمیشہ کے لیے نکال دوں گا"
حیدر غصے بھرے لہجے میں اپنا فیصلہ سناتا کمرے سے باہر جانے لگا۔۔۔ حسن ڈائیورس والی بات سن کر ہکابکا رہ گیا اُس لیے جلدی سے بولا
"چاچو مجھے نہیں لگتا کہ آپ ایک بیوی کے دنیا سے چلے جانے کے بعد دوسری بیوی کو ڈائیورس دے کر تیسری شادی کرنے کا ارادہ رکھتے ہیں تو پھر نتالیہ کو ڈائیورس دینے کی کیا ضرورت ہے معاف کردیں اُس بیچاری کو۔۔۔ وہ خود بہت پچھتارہی ہے اپنے عمل پر اس کی آنکھوں میں میں نے ابھی بھی آپ کے لیے محبت دیکھی ہے فکر دیکھی، جذباتی ہوکر کوئی فیصلہ نہیں کریں یار"
حسن کی بات پر حیدر کے کمرے سے باہر جاتے قدم رکے وہ پلٹ کر حسن کو دیکھنے لگا حسن کی باتوں سے صاف محسوس ہورہا تھا کہ نتالیہ سے مل کر آرہا تھا جبھی اتنا زیادہ اُس کی حمایت میں بول رہا تھا
"میں فیصلہ کرچکا ہوں تمہاری جذباتی بلیک میلنگ سے یا کسی دوسرے کے کہنے پر میں اپنے فیصلے سے پیچھے نہیں ہٹتے والا بتادینا اُس کو بھی"
حیدر ایک ایک لفظ حسن کو واضح کرتا بولا
"کوئی بڑا قدم اٹھانے سے پہلے ایک مرتبہ اپنے بیٹے کے بارے میں ضرور سوچیے گا آپ کا اور نتالیہ کا رشتہ ختم ہونے سے اُس کی زندگی برباد ہوجائے گی اُس معصوم کا تو اِس سارے قصےّ میں کوئی بھی قصور نہیں ہے"
حسن کی بات پر حیدر کو زور دار قسم کا جھٹکا لگا وہ اوپر سے نیچے تک ہل کر رہ گیا
"میرا بیٹا"
حیدر بےیقین سا حسن کو دیکھتا ہوا بےحد آئستگی سے بولا۔۔۔ یہ بھی ایک نیا انکشاف تھا جس کے بارے میں اُس کو علم تک نہیں تھا
"جی یوشع آپ کا بیٹا۔۔۔ چاچو پلیز یار غصے اور جذبات میں آکر کوئی بھی ایسا فیصلہ مت کر بیٹھیے گا جس کے بعد آپ کو پچھتانا پڑے۔۔۔ ایک بار نادانی اگر نتالیہ کرچکی ہے تو اب اُس سے تعلق ختم کرکے نادانی والی بات آپ کررہے ہیں۔۔۔ ایک مرتبہ آپ کو وہاں جانا چاہیے نتالیہ کے لیے نہ سہی اپنے بیٹے کے لیے"
حسن حیدر کو دیکھ کر اسے سمجھانے کی کوشش کرنے لگا
حیدر حسن کی بات سن کر ابھی تک شاک تھا اُس کا ایک بیٹا بھی تھا اتنی بڑی بات سے نتالیہ نے اُس کو بےخبر رکھا تھا اِس انکشاف کے بعد نتالیہ کے لئے حیدر کا غصہ اور ناراضگی کی مزید بڑھ گئی تھی وہ لڑکی اُس کے ساتھ تھوڑا نہیں بہت زیادہ غلط کرچکی تھی۔۔۔ حسن کی بات پر وہ بناء کچھ بولے ضبط سے جبڑے بھینچے کمرے سے باہر نکل گیا حسن نے گہرا سانس لیا اور پاکٹ سے موبائل نکالے جینی کی کال رسیو کرنے لگا لازمی وہ اس سے پہلا سوال واپس آنے کا پوچھتی لیکن جب تک حیدر اور نتالیہ کا معاملہ سیٹ نہیں ہوجاتا تب تک اسے یہی رکنا تھا
نتالیہ سے مل کر حسن اُس کی حماقت پر اسے اچھی طرح ڈانٹ کر،، خود اپنی حرکت کی بھی نتالیہ سے معافی مانگ کر آیا تھا جو اس نے شادی والے دن بھاگ کر کی تھی۔۔۔ مگر نتالیہ کو سرے سے اُس بات کا رنج نہیں تھا فکر تھی تو صرف حیدر کی۔۔۔ جس کا اندازہ حسن اس کے لہجے میں چھپی بےقراری سے لگا چکا تھا
*****
"آج موسم کافی ابرآلود لگ رہا ہے لگتا ہے شام تک بارش ہوجائے گی، شکر ہے چچا جان کل ہی ڈاکٹر کے پاس چلے گئے تھے ورنہ آج کتنا مسئلہ ہوتا"
نتالیہ لان میں کرسی پر بیٹھی رجو سے بولی
" ہائے نتالیہ بی بی کیا بتاؤ جب سے خورشید شہر گیا ہے مجھے تو ہر موسم ایک جیسا اداس لگتا ہے۔۔۔ دونوں بچے بھی بہت زیادہ یاد کررہے ہیں اپنے باپ کو"
رجو کو اُس نے کہتے سنا جو اپنے شوہر کو یاد کرتی ٹھنڈی آہ بھرکر کیٹل سے اُس کے لیے چائے نکال رہی تھی
"اب بڑی قدر ہورہی ہے تمہیں خورشید کی۔۔۔ جب وہ یہاں تھا تو اُس بےچارے کی ہر وقت کمبختی آئی رہتی تھی کتنا لڑتی رہتی تھی تم اس سے"
نتالیہ رجو کو دیکھ کر اُسے یاد دلاتی ہوئی بولی
"میری کیا غلطی تھی نتالیہ بی بی اُس کی ماں کس قدر تنگ کیے رکھتی تھی مجھے۔۔۔ بس جی اب جان لیا ہے میں نے کسی کے دور جانے کے بعد ہی تو اس کی محبت کا احساس ہوتا ہے۔۔ وہ آئے گا تو اُس سے معافی مانگ لوں گی اور بول دو گی اپنی ماں کو بھی واپس لے آئے برداشت کرلو کی اُس کی ماں کی کڑوی کسیلی باتیں"
رجو اداس ہوتی نتالیہ سے بولی تو نتالیہ بھی اُداس ہونے لگی۔۔۔ اپنے اور حیدر کے بارے میں سوچ کر۔۔۔ وہ بھی تو اُس سے شدید خفا تھا اُس کے اسطرح چلے جانے پر۔۔ جبھی اُس نے کمال چچا سے ڈھنگ سے بات کی نہ اُن کی بات سنی تھی۔۔۔ چند دن پہلے جب حسن اُس سے ملنے آیا تھا تب اُسے حسن سے معائشہ کا معلوم ہوا تھا اُس کی موت کی خبر پر کتنی دیر تک وہ خاموشی سے حسن کو دیکھتی رہی تھی۔۔۔ معائشہ دنیا سے جانے سے پہلے ساری سچائی حیدر کو بتاچکی تھی تبھی حسن سب جان کر یہاں موجود تھا۔۔۔ یوشع کو دیکھ کر حسن کس قدر حیرت ذدہ اور خوش بھی ہوا تھا وہ یوشع کو اپنے موبائل میں موجود حیدر کی تصویریں دکھا رہا تھا جو بعد میں نتالیہ نے حسن کو یوشع کے ساتھ مگن کھیلتا دیکھ کر احتیاط سے اپنے موبائل پر سینڈ کردی تھی
رجو کب کی وہاں سے جاچکی تھی نتالیہ اپنی سوچوں سے نکلی تو چائے کے کپ کو دیکھنے لگی جو ٹھنڈی ہوچکی تھی پھر اچانک اُس کا دھیان یوشع کی صرف چلاگیا جو مین گیٹ کھلا دیکھ کر گھر سے باہر جانے کی کوشش میں لگا ہوا تھا نتالیہ جلدی سے کرسی سے اٹھتی ہوئی لان سے باہر نکلی
"یوشع کہاں جارہے ہو جلدی سے مم کے پاس آؤ"
نتالیہ یوشع سے بولتی ہوئی اس کی جانب تیزی سے جانے لگی مگر گیٹ سے اندر گاڑی کو آتا دیکھ کر نتالیہ نے بےساختہ تیز آواز میں یوشع کا نام پکارا۔۔۔ وہی حیدر نے فوراً گاڑی کے سامنے آتے بچے کو دیکھ کر گاڑی کو بریک لگایا۔۔۔اپنے سے دس قدم کی دوری پر حیدر کو گاڑی سے باہر نکل کر یوشع کی جانب بڑھتا دپکھزر نتالیہ کے قدم وہی رک گئے
*****
"باب۔۔۔ با"
حیدر نے اپنے بیٹے کو کہتے سنا تھا۔۔۔۔ کیا اُس کا بیٹا اُس کو پہچانتا تھا حیدر نے جھک کر اپنے گھٹنوں کے پاس کھڑے یوشع کو گود میں اٹھالیا۔۔۔ اپنی اولاد کو سینے سے لگاتے ہوئے اُس پر عجیب اطمینان اور خوشگوار سی کیفیت طاری ہوئی وہ یوشع کے گالوں کو باری باری چومتا ہوا اسے دیکھ رہا تھا۔۔۔ اور یہ منظر دور کھڑی نتالیہ بھی خاموشی سے دیکھ رہی تھی۔۔۔ وہ اُس کے پاس آگیا تھا اپنی ناراضگی ختم کرکے نتالیہ اندر ہی اندر سرشار ہوتی حیدر کی طرف بڑھنے لگی
یوشع سے حیدر کا دھیان اپنی طرف قدم بڑھاتی نتالیہ پر طرف گیا تو حیدر کے چہرے سے نرمی کے تاثرات یکدم تبدیل ہوکر سخت ہوگئے جسے دیگر نتالیہ کے قدم وہی رک گئے
*****
"میں یہاں اپنے بیٹے کو لینے آیا ہوں"
کمرے میں اِس وقت کمال کے علاوہ نتالیہ بھی موجود تھی تب حیدر نے ان دونوں کو اپنے آنے کا مقصد بتایا۔۔۔ حیدر کی بات سن کر کمال اور نتالیہ دونوں خاموشی سے حیدر کو دیکھنے لگے
"صرف اپنے بیٹے کو لینے آئے ہو اور اپنے بیٹے کی ماں کو اپنے ساتھ لے کر نہیں جاؤ گے"
کمال حیدر کو دیکھتا ہوا کمزور سے لہجے میں اس سے پوچھنے لگا، کمال کی بات پر حیدر نے تلخ نگاہ اپنے سامنے بیٹھی نتالیہ پر ڈالی جو حیدر کی بات سن کر بےیقینی سے حیدر کو دیکھ رہی تھی
"میرے بیٹے کی ماں کو اُس کے باپ کا ساتھ پسند نہیں۔۔ اور جو مجھے پسند نہیں کرتا تو میں بھی اُس کو زبردستی اپنی زندگی میں شامل نہیں کرسکتا۔۔۔ آپ اِسے ساری عمر کے لئے شوق سے اپنے پاس رکھ سکتے ہیں"
حیدر نے کاٹ دار نگاہوں سے نتالیہ کو دیکھتے ہوئے کمال سے کہا۔۔۔ حیدر کی بات سن کر نتالیہ کا دل تڑپ اٹھا، اُس نے بولنے کے لیے زبان کھولنی چاہی تو کمال نے اُسے چپ رہنے کا اشارہ کیا
"ساری عمر تو میں بھی تمہاری بیوی کو اپنے پاس نہیں رکھ سکتا وقت ہی کتنا بچا ہے میرے پاس۔۔۔ اور جو کچھ دو سال پہلے ہوا اس میں نتالیہ کی غلطی کم میری زیادہ تھی مجھے تمہیں ساری حقیقت بتاکر اِسے اُسی وقت۔۔۔
کمال نے نتالیہ کی طرف سے حیدر کو وضاحت دینی چاہیے تو حیدر نے ہاتھ اٹھا کر کمال کو آگے بولنے سے روکا
"میں یہاں پچھلی گزری باتیں سننے نہیں آیا جو دو سال پہلے ہوا وہ اب گزر چکا ہے۔۔۔ مجھے گزری ہوئی باتوں سے کوئی سروکار نہیں اور نہ ہی اِس لڑکی سے جو میرے سامنے بیٹھی ہے۔۔۔ مطلب ہے تو صرف اپنی اولاد سے جس میں آج اپنے ساتھ یہاں سے لے کر جاؤں گا"
حیدر دو ٹوک انداز میں کمال سے بولا تو اب کی بار نتالیہ خاموش نہیں رہی
"آپکی اولاد صرف آپ کی اولاد نہیں وہ میرا بھی بیٹا ہے پیدا کیا ہے اُسے میں نے۔۔۔ آپ کو بےشک مجھ سے کوئی سروکار نہ ہو مگر اپنے بیٹے سے مجھے سرکار ہے میں اس کے بغیر زندگی گزارنے کا تصور بھی نہیں کرسکتی"
نتالیہ حیدر کو دیکھتی ہوئی بغیر جھجھکے بولی وہ صرف یوشع کو اپنے ساتھ لے جانے کی بات کررہا تھی بھلا وہ اپنے بیٹے کے بغیر کیسے رہ سکتی تھی
"میں تم سے ہم کلام نہیں ہونا چاہتا اور نہ تمہیں مجھ سے مخاطب ہونے کی ضرورت ہے۔۔ آپ یوشع کو باہر گاڑی میں بھجوا دیں میں اُس کا ویٹ کررہا ہوں"
حیدر نتالیہ کو سخت لہجے میں بولتا ہوا آخری جملہ کمال سے بول کر صوفے سے اٹھ کھڑا ہوا تو نتالیہ بھی کھڑی ہوگئی
"پلیز حیدر آپ میرے ساتھ اِس طرح کی زیادتی نہیں کرسکتے میں یوشع کے بغیر کیسے رہوگی میں اُس کو آپ کے ساتھ نہیں جانے دوں گی"
نتالیہ کو اِس وقت حیدر کی باتوں سے خوف آرہا تھا مگر وہ چاہ کر بھی نڈر انداز اختیار نہیں کرسکی کیونکہ جانتی تھی کہ غلطی کہیں نہ کہیں اُس سے ہوئی تھی اور اگر حیدر ضد پر آجاتا تو بات مزید بگڑ جاتی۔۔۔ وہ روہاسی لہجے میں حیدر کے سامنے بولی تو حیدر غصے سے لب بھینچتا ہوا نتالیہ کے قریب آیا
"زیادتی کرنے کا ٹھیکہ کیا صرف تم نے لیا ہوا ہے دیکھتا ہوں کون روکتا ہے مجھے یہاں سے یوشع کو لے جانے سے"
حیدر مزید نتالیہ سے کچھ بولتا یوشع کے رونے کی آواز سن کر وہ دونوں متوجہ ہوئے تبھی رجو روتے ہوئے یوشع کو گود میں لئے کمرے میں آتی ہوئی بولی
"یوشع بابا نیند سے جاگ گئے تھے کمرے میں آپ کو نہ پاکر رونے لگے"
رجو کی بات سن کر نتالیہ نے جلدی سے رجو کی گود سے یوشع کو اپنی گود میں لیا وہ روتا ہوا نتالیہ کی گود میں آکر پرسکون ہوگیا
"مم"
نیند بھری آنکھوں سے وہ نتالیہ کو دیکھتا ہوا بولا
"مم کی جان"
نتالیہ یوشع کو پیار کرتی ہوئی اُس کا سر اپنے کندھے پر رکھ کر یوشع کی کمر پر ہلکے سے تھپکی دینے لگی تاکہ وہ دوبارہ سو جائے۔۔۔ حیدر یہ منظر سنجیدگی اور خاموشی سے دیکھنے لگا نتالیہ بھی حیدر کو ہی دیکھ رہی تھی اُس کی آنکھوں میں حیدر کے لیے درخواست تھی ایک التجا تھی فریاد تھی کہ وہ یوشع سے اُس کو دور نہ کرے
"اگر تم سے صرف یوشع کو اپنے ساتھ لے جانے کا ارادہ رکھتے ہو تو تم اپنی بیوی کے ساتھ ساتھ اپنے بیٹے کے ساتھ بھی زیادتی کرو گے ایک چھوٹے بچے کو اُس کی ماں سے دور کرکے۔۔۔ مانتا ہوں غلطی دو سال پہلے میری بھتیجی سے ہوئی تھی مگر وہ کم عقل تھی نادان تھی لیکن تم تو سمجھدار اور باشعور ہو اس لیے جو بھی فیصلہ لینا سوچ سمجھ کرلینا"
کمال حیدر کو دیکھتا ہوا نرم لہجے میں بولا تو حیدر کے چہرے کے تاثرات سرد ہوگئے
اسلام علیکم
"میں یہاں سے اپنے بیٹے کو آج ہر قیمت پر لےکر جاؤ گا اگر یہ یوشع کے بغیر نہیں رہ سکتی تو مجھے بھی اپنے بیٹے کے لیے ایک عدد آیا کا ارینج تو کرنا ہوگا جو یوشع کی میرے پیچھے دیکھ بھال کرسکے۔۔۔ بےشک یہ میرے بیٹے کی ماں ہے مگر یہ میرے ساتھ میرے گھر جائے گی تو صرف یوشع کی ماں کی حیثیت سے، میری نظر میں اِس کی حیثیت ایک آیا سے کم نہیں ہوگی"
حیدر نتالیہ کو دیکھتا ہوا کمال سے بولنے لگا نتالیہ خاموشی سے بناء کچھ بولے سوئے ہوئے یوشع کو اٹھائے حیدر کو دیکھنے لگی اتنا سخت رویہ تو اُس کا شادی سے پہلے بھی نہیں تھا جتنی سختی وہ اِس وقت دکھاتا ہوا اُسے یہاں سے لےجانے سے پہلے اُس کی حیثیت کا تعین کررہا تھا وہ بھی اُس کے چچا کے سامنے
"نتالیہ جاؤ اپنا اور یوشع کا سامان پیک کرلو"
کمال کی آواز کمرے میں گونجی تو نتالیہ یوشع کو لیے وہاں سے چلی گئی