وہ گہری نیند میں ڈوبا ہوا تھا تب اسے اپنے چہرے پر نتالیہ کی انگلیوں کا لمس محسوس ہوا۔۔۔ وہ لمس سے کیوں نہ آشنا ہوتا پچھلے نو ماہ سے وہ روز صبح حیدر کو ایسے ہی تو جگایا کرتی تھی اِس سے پہلے وہ حیدر کے چہرے سے اپنی مخملی انگلیاں ہٹاتی حیدر نے نیند میں ہی اُس کا ہاتھ پکڑلیا
"میرے جاگنے سے پہلے یہاں سے جانے والی تھی نہ تم روز کی طرح"
حیدر نے اپنی آنکھیں کھولیں تو نتالیہ کا مسکراتا ہوا چہرہ اُس کے سامنے تھا حیدر شکوہ کرتا ہوا اس سے پوچھنے لگا
"رک کر آپ کے پاس کیا کروں گی زور رات میں آپ کے بلانے پر آپ کے پاس آ تو جاتی ہوں حیدر"
نتالیہ حیدر کے ہاتھ سے اپنا ہاتھ نکالتی ہوئی اُس سے بولی۔۔۔ نتالیہ کے ہاتھ چھڑوانے پر حیدر ایک دم اُٹھ بیٹھا
"نتالیہ رکو پلیز ابھی مت جانا میری بات سن لو"
نتالیہ پیچھے کی طرف قدم اُٹھاتی اُس سے دور ہورہی تھی حیدر جانتا تھا وہ سارا دن اب اُس کو نظر نہیں آئے گی جبھی وہ بےقرار لہجے میں اس سے بولا مگر تب تک نتالیہ کا وجود ہوا میں تحلیل ہوچکا تھا ساری رات نتالیہ کے خوابوں خیالوں میں گزار کر روز صبح وہ نتالیہ کے جانے پر یونہی اداس ہوجاتا
"حیدر تم جاگ گئے ہو"
معائشہ کی آواز اُسے ہوش کی دنیا میں واپس لے آئی معائشہ بیڈ روم میں آکر حیدر سے پوچھنے لگی
"تمہیں کیا میں سویا ہوا لگ رہا ہوں، عجیب بےتکی سی باتیں مت کیا کرو معائشہ۔۔۔ اپنی آنکھوں کے ساتھ ساتھ عقل کا بھی استعمال کیا کرو"
حیدر معائشہ کو دیکھ کر بےزار سے لہجے میں بولتا واش روم چلا گیا
پچھلے دو ماہ سے روز صبح جاگنے کے بعد معائشہ حیدر کا اِسی طرح کا خراب موڈ دیکھتی آئی تھی وہ جانتی تھی حیدر تھوڑی دیر میں اُس کے ساتھ نارمل ہوجائے گا مگر اسے یہ بھی پتہ تھا رات ہوتے ہی وہ اُس کے لئے دوبارہ اجنبی ہو جائے گا
*****
"حیدر۔۔۔ حیدر پلیز میرے پاس آجائیے مجھے آپ کی ضرورت ہے بہت زیادہ"
خشک ہونٹوں پر زبان پھیرتی ہوئی وہ تکلیف سے آنکھیں بند کئے کراہتی ہوئی بولی تو نتالیہ کی آواز سن کر رجو اُس کے کمرے میں بھاگی چلی آئی
"نتالیہ بی بی آنکھیں کھولیے اپنی، میں تو پہلے ہی اندازہ لگالیا تھا ڈاکٹرنی نے ڈیٹ غلط دی ہے آپ کو شاید آپ کے اسپتال جانے کا وقت آگیا ہے۔۔۔ میں خورشید سے کہتی ہو جلدی سے گاڑی نکالے۔۔۔ بڑے صاحب کو بھی بتاتی ہوں،، آپ تھوڑی سی ہمت کرکے اٹھنے کی کوشش کریں"
رجو نتالیہ کے نو مہینے کے ہیوی ڈیل ڈول کو سہارا دیتی ہوئی اسے بیڈ اٹھانے کے بعد بری سی چادر نتالیہ کے گرد لپیٹنے لگی
"رجو وعدہ کرو اگر مجھے کچھ ہوجاتا ہے تو میرا بچہ اُس کے باپ۔۔۔۔
نتالیہ پورا جملہ بھی نہیں بول پائی تھی کہ تکلیف کی شدت سے اپنے ہونٹ آپس میں بھینچ گئی ویسے ہی کمرے میں کمال چلا آیا
"جاؤ جلدی سے خورشید سے کہو فوراً گاڑی نکالے"
کمال رجو سے بولتا ہوا نتالیہ کی حالت دپکھکزر اُسے سہارا دیتا بیڈ سے اٹھانے لگا
"میرے خیال میں اب وقت آگیا ہے کہ حیدر کو تمام حالات کا علم ہوجائے"
کمال نے نتالیہ سے بولنا چاہا مگر نتالیہ پھوٹ پھوٹ کر روتی ہوئی نفی میں سر ہلانے لگی
*****
بیڈ روم سے آتی معائشہ کی سسکتی ہوئی آواز پر وہ خاصا شرمندہ سا ڈائننگ حال میں بیٹھا تھا جہاں کیک ٹیبل کی بجائے فرش پر الٹا پڑا تھا گلدان کی کرچیاں پھولوں کی پتیاں یہاں تک کہ اُس کے لیے خریدا ہوا گفٹ بھی فرش کی زینٹ بنا ہوا تھا آج اُس کی برتھ ڈے کا دن تھا جو معائشہ نے سیلیبریٹ کرنے کے لیے خود اُس کے لیے کیک بنایا تھا اور روم کو بھی اچھے سے ڈیکوریٹ کیا تھا۔۔۔ مگر بدلے میں معائشہ اُس سے جو مانگ رہی تھی وہ معائشہ کو دینا حیدر کے بس میں نہیں تھا
اسلام علیکم
جو جگہ نتالیہ کی تھی وہ حیدر کیسے معائشہ کو دے دیتا اِسی بات پر غصے میں معائشہ نے سب چیزوں کو تہس نہس کر ڈالا تھا اب وہ کمرے میں بیٹھی آنسو بہا رہی تھی اور ڈائننگ ہال میں حیدر خاموش بیٹھا تھا معائشہ کے رونے کی آواز پر حیدر کا ضمیر مسلسل اُسے کچوکے لگا رہا تھا کیوکہ معائشہ بھی اس کی بیوی تھی جسے پچھلے دو ماہ سے وہ نظر انداز کیے ہوئے تھا
وہ اب اس سے اپنا جائز حق طلب کرنا چاہ رہی تھی۔۔۔ جو غلط نہیں بےشک معائشہ سے شادی اُس نے دو ماہ پہلے حسن، ذولفقار اور خود معائشہ کی بےجا ضد پر کی تھی مگر اب وہ بطور بیوی اسے اپنی زندگی میں شامل کرچکا تھا
بیڈ روم سے معائشہ کے رونے کی آواز پر حیدر سرخ آنکھوں کے ساتھ بیڈ روم کے بند دروازے کو دیکھنے لگا۔۔۔ جو آج وہ کرنے جارہا تھا اُس سب کے لئے وہ خود دلی طور پر آمادہ نہیں تھا مگر وہ معائشہ کو اُس کے جائز حق سے کب تک دستبردار رکھ سکتا تھا یہ مرحلہ جو آج اُس پر آیا تھا کس قدر سخت اور مشکل تھا یہ حیدر کا دل ہی جانتا تھا۔۔۔ اپنے دل کو سمجھانے کے بعد شکستہ قدم اٹھاتا ہوا وہ بیڈ روم میں جانے لگا جہاں معائشہ موجود تھی
کمرے کا دروازہ کھلتا دیکھ کر اور حیدر کو بیڈروم میں آتا دیکھ کر وہ دوبارہ گھٹنوں میں سر دیئے رونے لگی کیوکہ اچھی طرح جانتی تھی پچھلے 60 دنوں کی طرح آج رات بھی حیدر کو اجنبی ہوجانا تھا مگر جب اُس نے بیڈ روم میں حیدر کو اپنے قریب بیٹھتا ہوا محسوس کیا تو معائشہ اپنے گھٹنے سر اٹھاکر لیمپ کی مدہم روشنی میں حیدر کا چہرہ دیکھنے لگی
"میں نے تمہیں پہلے ہی کہا تھا مجھ سے شادی کرکے تمہیں کچھ بھی حاصل نہیں ہونے والا معائشہ میں دوسرے مردوں کے جیسا نہیں ہوں دوسرے سارے مرد شاید مجھ سے بہتر اور بہت اچھے شوہر ثابت ہوتے ہوگے میرے ساتھ مسئلہ یہ ہے کہ میں اُسے اپنے دل سے نہیں نکال پاتا وہ اب میری زندگی میں کہیں بھی موجود نہیں ہے مگر اِس کے باوجود میں تمہیں یا کسی دوسری لڑکی کو اُس کی جگہ نہیں دے سکتا۔۔ میں جانتا ہوں ایسا نہیں ہونا چاہیے مجھے معلوم ہے یہ تمہارے ساتھ سراسر زیادتی ہے کیوکہ تم میری بیوی ہو مگر میں کیا کروں۔۔ میں ایسا مرد نہیں ہوں جو اتنی آسانی سے کسی بڑی تبدیلی کو قبول کرلو، میں زندگی بھر ایک ہی لڑکی پر انحصار کرنے والا مرد ہوں اور میرا دل جس لڑکی کا طلبگار ہے وہ میری زندگی میں موجود نہیں ہے"
حیدر کی بات سن کر معائشہ کے رونے میں مزید روانی آگئی وہ با آواز رونے لگی جس پر حیدر دل سے شرمندہ ہوگیا
"حیدر میں تم سے بےتحاشہ محبت کرتی ہوں، تمہیں خدا کا واسطہ ہے مجھے یوں نظر انداز مت کرو میں اِس طرح نظر انداز ہوکر ساری زندگی نہیں گزار سکتی"
معائشہ اپنے دونوں ہاتھ جوڑ کر حیدر کے سامنے روتی ہوئی بولی تو حیدر نے اپنے دل مضبوط کرتے ہوئے معائشہ کے دونوں ہاتھوں کو تھاما
وہ معائشہ کے آنسو صاف کررہا تھا تب معائشہ کے دل میں اطمینان ہوا معائشہ خود ہی فاصلے سمیٹ کر حیدر کے مزید قریب آئی تو حیدر نے عائشہ کا چہرہ تھاما
حیدر کی نظریں معائشہ کے ہونٹوں پر پڑی مگر اِس وقت اندر سے اُس کا دل تمام احساسات سے خالی تھا۔۔۔ معائشہ آنکھیں بند کیے حیدر کی قرُبت کی منتظر تھی لیکن حیدر خالی ذہن کے ساتھ معائشہ کے ہونٹوں کو دیکھ رہا تھا۔۔۔ اُسے وہ لمحات یاد آنے لگے جب پہلی بار اُس نے نتالیہ کے ہونٹوں کو چھوا تھا
نتالیہ کو اپنی قرُبت کا اعزاز بخشتے وقت اُس کے احساسات محبت سے چور اور اُس کا دل اندر سے سرشار تھا وہ معائشہ کے ہونٹوں سے نظریں چرا کر اپنے دل پر جبر کرتا ہوا معائشہ کو اپنے حصار میں لینے لگا جس کے بعد اُس نے لیمپ کی مدھم روشنی بھی بند کردی
ان گزرے نو ماہ میں آج پہلی رات ایسی تھی جب اُس نے نتالیہ کے بارے میں نہیں سوچا تھا، معلوم نہیں کل نتالیہ اُسے جگانے آئے گی کہ نہیں حیدر کا دھیان بھٹکنے لگا
"حیدر"
معائشہ کی آواز پر وہ ایک دم چونکا معائشہ کے ہونٹوں کا لمس اپنے گال پر محسوس کرکے وہ اپنی تمام سوچوں کو تالے لگاتا معائشہ کی طرف متوجہ ہوگیا
*****
"حیدر"
خواب میں نتالیہ حیدر کو پکارتی ہوئی بیدار ہو کر اٹھ بیٹھی برابر میں سوئے ہوئے اپنے نومولود بیٹے کو دیکھ کر اُسے تھوڑا اطمینان ہوا۔۔۔ آج صبح ہی ایک صحت مند بچے کو پیدا کرکے اُس نے ماں کا درجہ پالیا تھا۔۔۔ آج اُسے حیدر کی کمی بےتحاشہ محسوس ہوئی تھی ناجانے آج اس کو اس قدر بےچینی کیو محسوس ہورہی تھی وہ بیڈ سے اُٹھ کے کمرے کی کھڑکی کے سامنے کھڑی ہوگئی۔۔۔ ماضی کی یادوں میں جاتی ہوئی وہ اُس وقت کو سوچنے لگی جب وہ حیدر کو بتائے بغیر اُس کا گھر چھوڑ کر ہمیشہ کے لیے اپنے چچا کے پاس چلی آئی تھی
*****
وہ ایک ضروری میٹنگ اٹینڈ کرکے اپنے آفس کے روم میں آکر بیٹھا تھا ان گزرے ہوئے دو سالوں میں جہاں اس نے ترقی کی منزلیں طے کی تھیں مگر آگے بڑھنے کے باوجود اُس کی زندگی ایک جگہ ٹھہر سی گئی تھی، عجیب بےچینی اور اداسی اس کی طبیعت میں ہر دم چھائی رہتی وہ اپنی اِس زندگی سے خوش تھا کہ نہیں اُسے نہیں معلوم تھا مگر وہ ہر ممکن کوشش کرتا کے معائشہ کو خوش رکھے اور اُس کا خیال رکھے کیونکہ بقول ڈاکٹر کے اُس کی پریگنینسی میں کافی کمپلیکیشن آچکی تھی۔۔۔ جیسے جیسے ڈلیوری کا وقت قریب آتا جارہا تھا آئے دن اُس کی حالت بگڑتی جارہی تھی۔۔
وہ اپنی گزری زندگی کے بارے میں سوچ رہا تھا تو بےخیالی میں اُس کا دھیان نتالیہ کی طرف چلا گیا۔۔۔ ان گزرے دو سال میں ایسا کوئی دن نہیں تھا جب اُسے نتالیہ کا خیال نہ آیا ہو، مایوسی اور افسردگی ایک بار پھر اُس کے اوپر حملہ آور ہوگئی تھی نتالیہ کا خیال اپنے ذہن سے جھٹکنے کی خاطر اُس نے ٹیبل پر رکھا ہوا اپنا موبائل اٹھایا جو میٹنگ کی وجہ سے وہ آفس کے روم میں ہی چھوڑ کر گیا تھا۔۔۔ اپنے موبائل پر معائشہ کے نمبر سے اور حسن کے نمبر سے لاتعداد مسڈ کالز دیکھ کر اُسے کسی انہونی کا احساس ہوا حیدر معائشہ کے نمبر پر کال ملانے لگا مگر وہ کال رسیو نہیں کررہی تھی تبھی اُس نے حسن کو کال ملائی جو حسن دوسری بیل پر کال رسیو کرچکا تھا
"چاچو کہا موجود ہیں یار آپ۔۔۔ کتنی دیر سے آپ کو کال کررہا ہوں۔۔۔ چچی کی کنڈیشن ٹھیک نہیں آپ جتنی جلدی ہوسکے اسپتال پہنچے"
حسن کی بات سن کر وہ ایک لمحہ ضائع کیے بغیر کرسی سے اٹھ کر کار کی کیز اٹھاتا ہوا اپنے آفس کے روم سے باہر نکل گیا
*****
آج صبح ہی حیدر کے آفس جانے کے بعد معائشہ کا بی پی شوٹ کیا تھا ناک اور کان سے بلڈنگ دیکھ کر حسن اُس کو فوراً ہی اسپتال لے آیا تھا حسن کا دو ہفتے پہلے ہی پاکستان آنا ہوا تھا جب حیدر اسپتال پہنچا تو ڈاکٹر کے پاس اس کے لئے بری خبر یہ تھی کہ وہ اُس کے اور معائشہ کے بچے کو نہیں بچا پائے تھے اور خود معائشہ کے پاس بھی زیادہ وقت نہیں تھا یہ خبر حیدر کی زندگی میں بالکل ہی ویسا طوفان لےکر آئی تھی جیسا طوفان اُس سے پہلے اچانک نتالیہ کے اُس کی زندگی سے چلے جانے پر آیا تھا اِس وقت حیدر یہ خبر سن کر معائشہ کے پاس جانے کا حوصلہ نہیں کر پا رہا تھا
*****
شام میں وہ تیار ہوکر حیدر کے آفس سے گھر آنے کا انتظار کررہی تھی تب ڈور بیل بجنے پر نتالیہ دروازہ کھولنے کے لیے بیڈ روم سے باہر نکلی۔۔۔ مگر دروازے پر حیدر کی بجائے عائشہ کو دیکھ کر نتالیہ کو حیرت ہوئی اُس کی آنکھیں ایسی تھی جیسے وہ یہاں آنے سے پہلے بےتحاشہ روئی ہوں نتالیہ کے کچھ بولنے سے پہلے معائشہ خود گھر کے اندر داخل ہوئی تو نتالیہ کچھ بولے بغیر گھر کا دروازہ بند کرکے معائشہ کے پیچھے کمرے میں آگئی
"کسی دوسرے کی خوشیوں پر قبضہ کرکے تم خود کتنے دنوں تک خوش رہ سکو گی"
معائشہ کے چبھتے ہوئے لہجے میں کئے گئے سوال پر نتالیہ خاموشی سے اُسے دیکھنے لگی
"کیا مطلب ہے تمہارے اُس سوال کا کہنا کیا چاہتی ہو تم"
نتالیہ کنفیوز ہوکر معائشہ سے پوچھنے لگی صبح ہی تو وہ ساری باتیں ختم کرکے اُن دونوں کو خوش رہنے کی دعا دے کر ہمیشہ کے لیے اُن دونوں کی زندگی سے جانے کی بات کر رہی تھی پھر اب۔۔۔۔
"تم واقعی اتنی بھولی ہو یا پھر میرے سامنے بھولی بننے کا ڈرامہ کررہی ہو۔۔۔ اپنی انہی اداؤں سے حیدر کو اپنے جال میں پھنسایا ہے ناں تم نے، میں تو اُسے آج تک اپنی کسی ادا سے متاثر نہیں کرپائی اور وہ بھی خالی خولی حسُن دیکھ کر لٹو ہونے والا مرد نہیں ہے۔۔۔ بتاؤ کیا جادو کیا ہے تم نے حیدر کے اوپر"
معائشہ زہر خواندہ لہجے میں نتالیہ کو دیکھ کر بولی تو نتالیہ اُس کی بات پر کچھ بھی نہیں بول پائی
"کیا ملے گا تمہیں مجھ سے حیدر کو چھین کر کیوں دشمن بنی ہوئی ہو تم میری خوشیوں کی، بگاڑا کیا ہے آخر میں نے تمہارا"
معائشہ دانت پیستی ہوئی نتالیہ سے ایسے بولی جیسے وہ نتالیہ پر آیا غصہ مشکل کے ضبط کر پارہی تھی
"تم مجھے غلط سمجھ رہی ہو معائشہ میں تو چاہتی ہوں حیدر تمہیں بھی اپنالے۔۔۔ میں اور تم ایک ساتھ رہے حیدر کے"
نتالیہ معائشہ کی غلط فہمی دور کرتی ہوئی اُس سے بولی معائشہ ایک دم غصے میں پھنکاری
"میں حیدر کے ساتھ کسی دوسری عورت کا وجود شیئر نہیں کرسکتی اور تمہارے ہوتے ہوئے حیدر مجھے اہمیت کبھی نہیں دے گا۔۔۔ ارے اگر حسن نے تمہیں ریجیکٹ کردیا ہے تو اِس میں میرا کیا قصور ہے مجھ سے کیوں اپنی بدقسمتی کا بدلہ لے رہی ہو تم، جو کچھ تمہارے ساتھ حسن نے کیا وہی سب حیدر بھی میرے ساتھ کررہا ہے تمہارے پیچھے۔۔۔ نتالیہ تم نے حسن کی بےوفائی برداشت کرلی مگر میں حیدر سے جدائی برداشت کرکے زندہ نہیں رہوں گی۔۔۔ یہ میرے دونوں ہاتھ دیکھ رہی ہو یہ میں تمہارے سامنے جوڑتی ہوں تم جو کہو گی جیسا کہو گی میں وہ کرنے کے لئے تیار ہوں مگر حیدر کی زندگی سے کہیں دور چلی جاؤں تمہیں اللہ کا واسطہ ہے کہیں چلی جاؤ حیدر کی زندگی سے۔۔۔ میں حیدر کے بغیر نہیں رہ سکتی وہ کبھی بھی تمہارے ہوتے مجھے نہیں اپنائے گا۔۔۔ تم کم عمر ہو میرے سے زیادہ خوبصورت ہو تمہیں کوئی بھی اپنالے گا مگر میں نے حیدر سے محبت کی ہے، اور بےتحاشہ محبت کی ہے میں اس کے علاوہ کسی دوسرے کا تصور نہیں کرسکتی پلیز مجھے حیدر دے دو"
معائشہ جو تھوڑی دیر پہلے اُس پر غصہ کررہی تھی اور نتالیہ کے آگے ہاتھ جوڑتی اب رونے لگی
"میں خود بھی اب حیدر کے علاوہ کسی دوسرے کا تصور نہیں کرسکتی مگر اُن کی زندگی سے صرف اِس لیے جارہی ہو تاکہ تمہیں تمہاری خوشیاں اور محبت دونوں مل جائے حیدر کا بہت زیادہ خیال رکھنا"
معائشہ کے اپنے سامنے جڑے ہاتھ دیکھ کر نہ جانے کیسے نتالیہ کے منہ سے یہ الفاظ نکلے وہ اُس کے ہاتھ کھول کر نیچے گراتی ہوئی حیدر کی وارڈ روب سے اپنی پراپرٹی کے تمام پیپرز لے کر حیدر کے گھر سے ہمیشہ کے لیے نکل گئی۔۔۔ اپنی خوشیوں کے بدلے وہ معائشہ کی آہیں اور بد دعائیں سمیٹ کر اپنی زندگی نہیں گزار سکتی تھی
*****
"یوشع واپس آؤ مما کے پاس۔۔۔ او میرے خدا ایک تو اِس بونے نے جب سے چلنا اسٹارٹ کیا ھے میں ذرا سی دیر سکون سے نہیں بیٹھ سکتی"
نتالیہ آواز دیتی ہوئی گھر سے باہر لان میں اپنے بیٹے کے پیچھے بھاگی
"مم۔۔۔۔ پول"
یوشع ٹوٹے ہوئے لفظوں کا سہارا لے کر لان میں لگے پھول توڑتا ہوا نتالیہ کو معصومیت سے بولتا ہوا پھول دکھانے لگا
"مم کہ بچے ابھی تھوڑی دیر پہلے میں نے تم کو نہلایا تھا سارے کپڑے برباد کر ڈالے تم نے"
نتالیہ جھنجھلاتی ہوئی اپنے دوپٹے سے یوشع کے ہاتھ جھاڑ کر اسے گود میں اٹھا چکی تھی
"لائیے نتالیہ بی بی یوشع بابا کے کپڑے میں تبدیل کروا دیتی ہوں آپ کو بڑے صاحب بلارہے ہیں آپ اُن کی بات سن لیں جاکر"
لان میں آتی رجو یوشع کو اپنی گود میں لیتی نتالیہ سے بولی
"چچا جان جاگ گئے ہیں ٹھیک ہے میں اُن کو دیکھ لیتی ہوں تم یوشع کے کپڑے چینج کروا دو، اور کچن میں جاکر کھچڑی بھی دیکھ لینا تیار ہوگئی ہوگی"
نتالیہ رجو کو ہدایات دیتی ہوئی کمال کے کمرے میں جانے لگی
"بیٹا میری کل والی بات کو لے کر ناراض مت ہونا مجھ سے میں نے صرف تمہارا بھلا چاہتا ہوں جبھی تم سے بول رہا ہوں"
نتالیہ کمال کے کمرے میں آکر خاموش بیٹھ گئی تو کمال اپنی بھتیجی کی خاموشی محسوس کرتا ہے اُس سے بولا
"آپ کو کیسے معلوم، آپ جو چاہ رہے ہیں اُس میں بھلا ہوجائے گا میرا۔۔۔ میں اپنی ذات کی وجہ سے کسی دوسرے کو ٹینشن یا تکلیف میں نہیں دیکھ سکتی چچا جان آپ میری بات کو بھی تو سمجھنے کی کوشش کریں"
نتالیہ ایک بار پھر کمال کو سمجھاتی ہوئی بولی دو ماہ پہلے کمال کے بیٹے کا انتقال ہوچکا تھا جس کے بعد کمال خود بیمار رہنے لگا تھا وہ چاہتا تھا کہ نتالیہ دوبارہ حیدر کے پاس چلی جائے یہی بات وہ نتالیہ سے کرچکا تھا جسے سن کر نتالیہ اس سے اچھا خاصہ ناراض ہوگئی تھی
"تمہاری ذات صرف حیدر کی بیوی کے لیے پریشانی کا سبب بن سکتی ہے کبھی تم نے حیدر کے بارے میں سوچا۔۔۔ دو سال پہلے وہ تمہیں اپنے گھر میں موجود نہ پاکر کتنا پریشان ہوا ہوگا۔۔۔ مجھ سے خود بہت بڑی حماقت ہوئی جو تمہاری بات مان بیٹھا آج سے دو سال پہلے جب حیدر تمہیں ڈھونڈتا ہوا یہاں میرے پاس آیا تھا مجھے تب ہی اُسے ساری سچائی بتاکر تمہیں اُس کے ساتھ روانہ کرنا چاہیے تھا مگر اب میں حیدر کو مزید اندھیرے میں نہیں رکھوں گا اُس سے رابطہ کروں گا اور اُسے ساری سچائی بھی بتاؤں گا"
کمال بولتے بولتے کھانسنے لگا تو نتالیہ اپنی جگہ سے اٹھ کر کمال کے لئے جگ میں سے پانی نکالنے لگی۔۔۔ جسے پی کر کمال کی کھانسی سنبھلی تو نتالیہ آہستہ سے بولی
"دو سال کا عرصہ گزر چکا ہے حیدر معائشہ کے ساتھ ایک مطمئن اور خوشحال زندگی گزار رہے ہوں گے اب کیا ضرورت ہے اُن کی زندگی میں ٹینشن لانے کی میں یہاں آپ کے پاس ٹھیک ہوں چچا جان اور آپ نے سوچا ہے میرے حیدر کے پاس جانے سے آپ کا کیا ہوگا"
نتالیہ دل پر پتھر رکھ کے کمال کو سمجھاتی ہوئی بولی وہ نتالیہ کی بات سن کر ایک بار پھر بولا
"پاگل لڑکی میں اب یہ سوچنے لگا ہوں میرے دنیا سے چلے جانے کے بعد تمہارا اور یوشع کا کیا ہوگا۔۔۔ ابھی صرف دو سال کا عرصہ گزرا ہے پوری زندگی پڑی ہے کیسے گزارو گی اتنی بڑی زندگی ایک بیٹے کے ساتھ اکیلی اُس کی پرورش کرکے۔۔۔ اور یوشع کے بارے میں تمہیں ذرا خیال نہیں آتا اُسے اس کے باپ سے دور رکھ کر اپنے بیٹے کو کس بات کی سزا دے رہی ہو تم۔۔۔ حیدر کی زندگی سے بناء بتائے یہاں آکر تم ایک بیوقوفی کرچکی ہوں اور میں تمہاری اُس بیوقوفی میں تمہارا ساتھ بھی دے چکا ہوں مگر اب مزید میں ایسا ہرگز نہیں کروں گا۔۔ اس لئے میں نے سوچ لیا حیدر سے اب جلد رابطہ کروں گا وہ یہاں آئے تمہیں اور اپنے بیٹے کو ساتھ لےکر چلا جائے مزید اب ایک لفظ نہیں سنوں گا میں تمہارا"
کمال تھوڑا سخت لہجے میں بولا تو نتالیہ وہاں بیٹھی خاموشی سے اپنی پلکیں جھپکتی آنسوؤں کو باہر آنے سے روکنے لگی جانے اب اُس کا دل پہلے کی طرح مضبوط نہیں رہا تھا آنسو فوراً نکل پڑتے
یہ دو سال کا عرصہ حیدر سے دور رہ کر اُس نے خود کون سا خوش ہوکر گزارا تھا حیدر کا گھر چھوڑ کر یہاں اپنے چچا کے پاس آنے کے بعد اُسے لگا کہ شاید اس کا یہ جذباتی فیصلہ ٹھیک نہیں تھا مگر معائشہ کا خیال آتے ہی اُس نے حیدر کے بارے میں سوچنا ترک کردیا کیوکہ حیدر کا خیال رکھنے والی اسے پیار دینے والی معائشہ تھی اب حیدر کے پاس۔۔۔ مگر جب اسے یہ معلوم ہوا کہ وہ پریگننٹ ہے تب اسے شدت سے حیدر کی کمی محسوس ہوئی تھی یوشع کو پہلی بار گود میں لے کر اس کا دل چاہا کہ وہ حیدر سے خود رابطہ کرلے مگر معائشہ کا خیال کرکے وہ اپنے دل کو سمجھالیا کرتی
"ان آنسوؤں کو روک لو نتالیہ میرے سامنے آنسو بہانے کی کوشش مت کرنا کیونکہ میں اب تمھارے آنسوؤں کو دیکھ کر اپنا فیصلہ نہیں بدلنے والا۔۔۔ دو سال پہلے غلط کیا میں نے جو تمہارے آنسوؤں کو دیکھ کر حیدر کے سامنے غلط بیانی سے کام لیا اور اسے کہہ دیا کہ تم یہاں نہیں آئی ہو میرے پاس۔۔۔ ارے اب میرے اوپر جانے کا وقت آگیا ہے اپنے باپ کے سامنے مجھے معافی مانگنے کے قابل تو چھوڑ دو، ویسے بھی اپنے بڑے بھائی کا اُس کی زندگی میں بہت دل دکھا چکا ہوں میں۔۔۔ اب اس کی اولاد کو بیوقوفی کرتا دیکھ کر اس کا مزید حصہ نہیں بن سکتا۔۔۔ نتالیہ اگر تم واقعی مجھے اپنے باپ کی طرح مانتی ہوں تو پھر میرے فیصلے کی بھی عزت کرنو"
کمال نتالیہ کا روہانسی چہرہ دیکھ کر اس سے بولا تو رجو نے دروازے پر دستک دی
"نتالیہ بی بی آپ سے کوئی ملنے آیا ہے جی"
رجو کی بات سن کر نتالیہ آنسو ضبط کیے حیرت سے اُسے دیکھنے لگی
"کون ہے کیا نام بتارہا ہے اپنا"
کمال کو حیرت ہوئی تھی جبھی وہ رجو سے پوچھنے لگا کیونکہ پچھلے دو سالوں میں حیدر کے علاوہ نتالیہ کا کوئی پوچھنے نہیں آیا تھا
"جی وہ اپنا نام حسن بتارہے ہیں"
اسلام علیکم
رجو کے بولنے پر کمال اور نتالیہ حیرت سے ایک دوسرے کو دیکھنے لگے
"حسن"
نتالیہ زیرلب بڑبڑاتی ہوئی صوفے سے اٹھی