Chapter 5: قسط 5

"لگتا ہے کل رات سے سو نہیں پائے تم"

معائشہ آفس کے لنچ ٹائم میں حیدر کی آنکھیں دیکھتی ہوئی مشکوک انداز میں اس سے پوچھنے لگی، جن میں نیند کی خماری ابھی تک موجود تھی اور نہ سونے کی وجہ سے وہ سرخ بھی ہورہی تھیں

"ہاں کل رات کافی دیر تک جاگتا رہا تھا"

وہ بےخیالی میں معائشہ سے بولا اس کے ذہن میں نتالیہ کی باتیں چل رہی تھیں جو ان دونوں کے درمیان آفس جانے سے پہلے ہوئی تھی

"کیوں جاگتے رہے رات دیر تک مطلب کیا کررہے تھے جاگ کر"

معائشہ چاہ کر بھی اپنے لہجے میں تجسس نہیں چھپا سکی معائشہ کی بات سن کر حیدر ناگوار نظروں سے اسے دیکھنے لگا

"مطلب کیا ہے تمہارے اس سوال کا جو تم مجھ سے اس طرح پوچھ رہی ہوں"

حیدر چاہ کر بھی اپنے لہجے کی ناگواری نہیں چھپا سکا

"ایسی تو کوئی بات میں نے نہیں بولی حیدر جس پر تم یوں غصہ کررہے ہو"

معائشہ چڑتی ہوئی حیدر سے بولی ویسے بھی وہ صبح سے نوٹ کررہی تھی وہ آج آفس میں کچھ کھویا سا لگ رہا تھا

"معائشہ تم اپنے بات کرنے کے انداز پر غور کرو"

حیدر اس کو جتاتا ہوا بولا اور کافی کا کپ اٹھانے لگا

"ڈائیورس کب دے رہے ہو نتالیہ کو"

معائشہ کی بات سن کر وہ کافی کا سپ لیئے بنا کپ واپس ٹیبل پر رکھتا ہوا بولا

"ابھی میں فوری طور پر اس کو ڈائیورس نہیں دے سکتا کیونکہ حسن کسی دوسری لڑکی سے شادی کرچکا ہے جب تک میں نتالیہ کے مستقبل کے لیے کوئی بہتر فیصلہ نہ کرلوں میں اس سے اپنا رشتہ ختم کرکے اس کو نہیں چھوڑ سکتا۔۔۔ میں آج صبح سے صرف اسی کے متعلق سوچے جارہا ہوں"

حیدر معائشہ اپنی پرابلم شیئر کرتا ہوا بولا تو معائشہ اس کی بات سن کر طنزیہ انداز میں مسکراتی ہوئی حیدر کو مشورہ دینے لگی

"اپنی بیوی کے مستقبل کے لیے کیا بہتر فیصلہ کرو گے تم حیدر وہ تمہاری بیوی ہے کوئی تمہارا بچہ نہیں جو تم اُس کے بہتر مستقبل کے لیے سوچ کر ہلکان ہورہے ہو۔۔۔ اگر اتنی ہی پرابلم ہے تو اُس کو چھوڑنے کی ضرورت ہی کیا ہے، اُس کو سوچ سوچ کر تمہیں ویسے ہی اُس سے محبت ہوجانی ہے۔۔۔ اِس سے بہتر یہ نہیں ہے کہ تم اُس کو بطور بیوی کو قبول کرکے اس رشتے کو نبھاؤ اور مجھے اپنی زندگی سے فارغ کرو ہمیشہ کے لئے"

معائشہ غصے میں حیدر کو بولتی ہوئی کرسی سے اٹھ کر کینٹین سے باہر چلی گئی اسے لگا تھا حیدر اُس کے پیچھے آکر اس کو سوری بولتا ہوا اس کو منالے گا مگر وہ وہی بیٹھا معائشہ کی باتوں پر غور کرنے لگا

*****

رات کے پہر وہ اپنے کمرے میں موجود معائشہ کی باتوں کو سوچنے لگا وہ باتیں جو آج آفس میں اس نے بولی تھیں

"میں نے ایسی کوئی فضول بات نہیں بولی صرف اپنے لئے ایک ذاتی پناہ چاہتی ہوں جو میری ہو جہاں میں رہ سکو۔۔۔ یہ میرا عارضی ٹھکانا ہے جب آپ مجھ سے رشتہ ختم کریں گے میں تب دوبارہ زولفقار انکل کے پاس واپس تو نہیں جاؤں گی ناں"

صبح نتالیہ کی اس بات پر نہ جانے اس کے دل کو کیا ہوا تھا۔۔۔ کیا اس کا دل صرف اس لئے فکر مند تھا کہ اس کے چھوڑنے کے بعد نتالیہ کا کیا ہوگا وہ کہاں رہے گی۔۔۔ نہیں اس بےچینی کی وجہ یہ نہیں تھی کہ نتالیہ کے پاس کوئی دوسرا سہارا نہیں تھا یا محفوظ پناہ اس کے پاس موجود نہیں تھی اگر وہ بےچین ہورہا تھا تو صرف اس کو چھوڑ دینے کی سوچ پر

"یہ کیا ہورہا ہے مجھے میں ایسا کیوں سوچ رہا ہوں"

حیدر اپنی کیفیت سے گھبراتا ہوا خود ہی بڑبڑایا اور اپنے کمرے سے باہر نکل گیا خود بخود اس کے قدم نتالیہ کے کمرے کی جانب بڑھنے لگے

دروازے کا ناب گھماتے ہوئے وہ یہی سوچ رہا تھا اس طرح اُس کے کمرے میں جانا مناسب نہیں مگر دل میں یہ سوچ آنے پر کہ یہ لڑکی اُس کے لیے کوئی نامحرم نہیں بلکہ اس کی محرم تھی، اس وقت اس کے کمرے میں جانا کوئی غیر اخلاقی عمل ہرگز نہیں تھا حیدر نتالیہ کے کمرے میں چلا آیا وہ بیڈ پر آنکھیں بند کیے لیٹی گہری نیند میں سو رہی تھی

حیدر بیڈ پر اس کے قریب بیٹھ کر نتالیہ کا چہرہ دیکھنے لگا اس میں کوئی شک نہیں تھا وہ ایک خوبصورت لڑکی تھی مگر پہلے کیوں اس کو یہ خوبصورتی نہیں دکھی یا اس نے دیکھنے کی کوشش نہیں کی۔۔۔ شاید تب وہ اس کے لئے نامحرم تھی حیدر نے بےخودی کے عالم میں اپنا ہاتھ آگے بڑھا کر اس کے گال کو چھوا دل میں ایک طوفان کی سی کیفیت برپا ہونے لگی جس میں اس کا دل ڈوبنے لگا کبھی ایسی حرکت اس نے جانے یا انجانے میں معائشہ کے ساتھ نہیں کی تھی جبکہ معائشہ اس کو پسند کرتی تھی جس کا اظہار بھی وہ کرچکی تھی مگر اس کے باوجود کبھی حیدر نے اس سے ناجائز مطالبہ نہیں کیا تھا نہ کبھی حیدر کے دل میں ایسا کوئی معائشہ کو لےکر خیال آیا تھا لیکن یہ لڑکی جو ہمیشہ اپنی حرکتوں سے اس کو بےذار کردیا کرتی تھی نہ جانے کیوں اس کو چھوتے ہی حیدر کے اندر کئی احشسات جاگ گئے تھے

"نتالیہ اٹھو میں تم سے کچھ بات کرنا چاہتا ہوں"

حیدر نے آہستہ سے اس کا ہاتھ ہلایا مگر وہ نہیں اٹھی

حیدر ذرا سا جھک کر نتالیہ کے چہرے کو دیکھنے لگا نہ جانے کون سی ایسی کشش تھی جو اسے نتالیہ کی جانب کھینچ رہی تھی حیدر کی نگاہیں اس کے ہونٹوں پر ٹہر گئیں دل میں ایک خواہش پیدا ہوئی کہ وہ اپنے یونٹوں سے ان ہونٹوں کو چھوئے

"نہیں یہ کام میں تمہارے ہوش میں کروں گا تو زیادہ مناسب رہے گا"

حیدر دل ہی دل میں بولتا ہوا نتالیہ کے کمرے سے نکل گیا مگر تب تک وہ ایک فیصلہ کرچکا تھا

*****

اسلام علیکم

"او میری۔۔۔ میری نیندیں ہیں فرار۔۔۔

وہ گنگناتی ہوئی ساتھ میں اپنے کپڑے پریس کررہی تھی جبکہ حیدر وہی ہال میں نیوز دیکھنے کی غرض سے بیٹھا تھا مگر نتالیہ کا ٹیپ چلتا دیکھ کر وہ نیوز دیکھنے کا ارادہ ملتوی کرتا خاموشی سے اُسی کو دیکھنے لگا۔۔۔ اپنے اوپر حیدر کی اٹھتی نظروں کو دیکھ کر وہ اپنا گانا بند کرتی حیدر کو دیکھ کر مسکرانے لگی

"مجھے معلوم ہے آپ اس وقت کیا سوچ رہے ہو گے یہی نہ کہ میں اچھی ڈانسر کے ساتھ کافی اچھا سنگر بھی ہو"

نتالیہ حیدر کو دیکھ کر بولی اپنے کپڑے وہ پریس کرکے چکی تھی اس لیے کمرے میں جانے لگی وہ جانتی تھی حیدر اس کی بےتکی بات پر کوئی خاص تبصرہ نہیں کرے گا

"جس طرح تم نے اپنی آواز میں گانا گا کر اس گانے کا خانہ خراب کیا ہے مجھے اُس گلوکار سے ہمدردی محسوس ہورہی ہے جس نے یہ گانا گایا تھا"

حیدر بظاہر سنجیدہ لہجے میں بولا مگر اس کے چھیڑنے پر نتالیہ منہ بناتی ہوئی حیدر کو دیکھنے لگی

"آپ کو تو نہ جانے کون سی صدی میں میری کوئی ادا پسند آئے گی نہ جانے آپ کی زندگی میں کبھی میں آپ کو اچھی لگو گی یا نہیں"

نتالیہ ہینگر میں موجود سوٹ صوفے پر رکھ کر برا سا منہ بناتی حیدر سے بولی

"تو تم یہ چاہتی ہو میں تمہیں پسند کرنے لگوں اور تم مجھے اچھی لگنے لگو"

حیدر نتالیہ کو دیکھتا ہوا اس سے پوچھنے لگا تو نتالیہ حیدر کے پاس آکر بولی

"نہیں جی پھر معائشہ کیا ہوگا اس کی بددعائیں لینے کا مجھ غریب کو شوق ہرگز نہیں ہے"

نتالیہ نے اپنی جانب سے بات کو مذاق کا رنگ دینے کی کوشش کی تھی وہ پلٹ کر حیدر کے پاس جانے لگی تبھی حیدر نے نتالیہ کا بازو پکڑ کر اسے اپنی جانب کھینچا وہ بری طرح حیدر کے سینے سے ٹکرائی حیدر کی حرکت پر وہ حیرت سے حیدر کو دیکھنے لگی

"معائشہ کو چھوڑو اِس وقت اپنی بات کرو مجھ سے"

حیدر سنجیدہ گہری نظروں سے نتالیہ کو دیکھتا ہوا بولا اس کی نظریں ایسی تھی کہ نتالیہ کی ساری شوخی غائب ہوگئی وہ سیریس ہوکر خاموشی سے حیدر کو دیکھنے لگی جو خود بھی اس کو سنجیدہ انداز میں دیکھ رہا تھا

"آپ نے کافی زور سے میرا بازو پکڑا ہوا ہے مجھے درد ہورہا ہے"

نتالیہ گھبراتی ہوئی حیدر کو دیکھ کر بولی تو اس نے نتالیہ کا بازو چھوڑا اس کے بازو پر حیدر کی انگلیوں کے نشانات نمایاں ہورہے تھے

"سوری"

وہ نازک سی لڑکی کہا اس میں اتنی برداشت ہوسکتی تھی حیدر اس کے بازو کی جلد دیکھ کر بولا جو اس کے پکڑنے سے سرخ ہورہی تھی۔۔۔ اپنے سوری کہنے پر حیدر کو چند دنوں پہلے نتالیہ سے بولا ہوا جملہ یاد آیا

"جس دن میں نے تم کو سوری بولا تو سمجھ لینا تم نے حیدر کے دل میں الگ مقام بنالیا جو کہ ایک انہونی سی بات ہے"

حیدر اپنے خیال پر چونکا اور نتالیہ کو دیکھنے لگا جو نہ جانے اتنی سیریس ہوکر کھڑی ہوئی یہی بات سوچ رہی تھی یا پھر نہ جانے کیا سوچ رہی تھی

"کپڑے کیوں آئرن کئے ہیں تم نے کیا کہیں جانے کا ارادہ رکھتی ہو تم"

حیدر نتالیہ کو چپ اور پریشان دیکھ کر نارمل لہجہ اپناتا ہوا اس سے پوچھنے لگا وہ اس کو اپنے انداز سے چونکانہ چاہتا تاکہ وہ اس کے متعلق سوچے مگر یوں اس کو پریشان نہیں کرنا چاہتا تھا جو وہ اِس وقت لگ رہی تھی

"اپنی دوست طرف جانے کا پلان بنایا تھا بس تھوڑی دیر میں جانے والی ہو۔۔۔ رات ہونے سے پہلے واپس آجاؤں گی"

نتالیہ حیدر کو دیکھتی ہوئی بتانے لگی وہ تیار ہونے کے بعد اس سے اجازت لینے کا ارادہ رکھتی تھی مگر حیدر نے اس کو اچھا خاصہ اس وقت اپنی باتوں سے کنفیوز کردیا تھا

"اپنے دوست کے ہاں پھر کسی دن چلی جانا آج ایسا کرتے ہیں باہر ڈنر کرتے ہیں"

حیدر نتالیہ کو دیکھ کر اپنا پلان بتاتا ہوا بولا جس پر نتالیہ ہونق بنی ہے حسن کے چاچو کو دیکھنے لگی جو آج اسے حیران پر حیران کرنے پر تلے تھے

"مگر میں نے تو اپنی دوست کی طرف جانے کا پلان بنالیا ہے"

نتالیہ حیدر کا موڈ دیکھ کر بولی جو اسے اچانک نہ جانے کیوں خوشگوار سا لگ رہا تھا

"زندگی میں پلاننگ سے چلنا اچھی بات ہے مگر کبھی کبھی پلان چینج بھی ہوجاتے ہیں کیوکہ اوپر والا ہمارے لئے کچھ اور پلان کرچکا ہوتا ہے۔۔۔ دوست کے ہاں پھر کبھی سہی ابھی میں اور تم ڈنر پر چل رہے ہیں"

حیدر کی بات اسے کچھ سمجھ میں نہیں آئی آخر وہ اس کو اپنے ساتھ آخر کیوں لے جانا چاہتا تھا نتالیہ ایک دم سے بولی

"مگر ابھی تو شام ہورہی ہے ڈنر تو رات میں کرتے ہیں"

نتالیہ حیدر کو دیکھتی ہوئی بتانے لگی تو حیدر اس کے قریب آتا بولا

"ڈنر سے پہلے ہم دونوں لونگ ڈرائیو پر جائیں گے اور اب بہانے بنانا چھوڑو چند دن پہلے تم بھی چاہتی تھی میں اپنے دوستوں کی بجائے اپنا وقت تمہارے ساتھ گزاروں آج میں ایسا چاہتا ہوں"

حیدر کی بات سن کر وہ خاموش ہوگئی کیا بولتی۔۔ تب ہی اس کو خاموش دیکھ کر حیدر نے اپنا ہاتھ بڑھا کر نتالیہ کے بال کھول دیئے وہ حیدر کی حرکت پر حیرت سے حیدر کو دیکھنے لگی

"اچھے لگے کھُلے ہوئے بال آج انہیں ایسے ہی کھلا چھوڑ دینا"

حیدر مسکراتا ہوا نتالیہ کو بول کر اسے حیرت ذدہ سا چھوڑ کر اپنے کمرے میں جاچکا تھا۔۔۔ جبکہ وہ حیدر کے انداز اور باتوں پر ابھی تک الجھی ہوئی کھڑی تھی

"یا میرے اللہ یہ چاچو کو کیا ہوگیا ہے آج، اس سن پینسٹھ 65 کی روح کے اندر اچانک رومینٹک روح کیسے گھُس گئی۔۔۔ اور یہ مجھے ایسے ڈائیلاکز کیوں بول رہے ہیں، آف حسن کے چھچھورے چاچو دیکھ کیسے رہے تھے آج مجھے"

نتالیہ حیرت میں ڈوبی خود سے بولی حیدر کی نظریں گندی نہیں تھی مگر ایسی ضرور تھی جن کا مفہوم وہ سمجھ نہیں پائی کنفیوز ہوگئی

" آئے ہائے اب سمجھ آیا چچی کو امپرس کرنے سے پہلے پریکٹس کررہے ہوگیں۔۔۔ بےچارے ہیں بھی تو اتنے شریف سے، معلوم نہیں رومینس کرنا آتا بھی ہے یا نہیں۔۔۔ چچی جان کا تو اللہ ہی مالک ہے بھئی"

نتالیہ اپنی ذہانت کے گھوڑے دوڑا کر خود ہی اندازے لگاتی چینج کرنے اپنے کمرے میں چلی گئی

*****

"مجھے لگ رہا ہے تم مجھ سے خفا ہوگے کل والی بات سے، حیدر میں تم پر شک نہیں کررہی مگر تم خود سوچو تم اور نتالیہ ایک ساتھ رہتے ہو اُس سے تمہارا اتنا قریبی رشتہ بن چکا ہے پھر ایسی باتیں تو میرے ذہن میں آئیں گیں تو شک تو پیدا ہوگا ناں"

وہ نتالیہ کا باہر گاڑی کے پاس کھڑا ویٹ کررہا تھا تب اُس کے موبائل پر معائشہ کی کال آئی تھی

"میں تم سے بالکل بھی خفا نہیں ہوں معائشہ تم بہت اچھی لڑکی ہو میری ہر بات کو آرام سے سمجھ جاتی ہوں مجھے تم سے نتالیہ اور اپنے رشتے کو لے کر بہت ضروری بات کرنی ہے"

حیدر معائشہ کو بول رہا تھا تبھی معائشہ ایک دم بول اٹھی

"ہاں تو آج ہی کرلیتے ہیں ضروری بات میں ابھی تمہارے گھر آجاتی ہوں"

معائشہ حیدر کی بات کاٹتی ہوئی بولی کیوکہ آفس میں آج سارا دن ان دونوں کو ڈھنگ سے بات کرنے کا موقع نہیں ملا تھا

"نہیں تمہیں گھر آنے کی ضرورت نہیں ہے میرا مطلب ہے آج میں کچھ بزی ہو دوسرے کام میں، ہم دونوں اِس مسئلہ کو بعد میں ڈسکس کریں گے۔۔ اچھا معائشہ میں کال رکھ رہا ہوں ہم بعد میں بات کرتے ہیں"

حیدر نتالیہ کو اپنی جانب آتے دیکھ کر معائشہ کی کال کاٹ چکا تھا وہ نتالیہ کو غور سے دیکھنے لگا اس کے کہنے پر نتالیہ نے بال کھول رکھے تھے

"کیا ہوا چاچو ایسے کیوں دیکھ رہے ہیں"

نتالیہ جو پہلے کبھی اس کے دیکھنے پر کنفیوز نہیں ہوئی تھی آج حیدر کی نظروں سے کنفیوز ہوکر اُس سے پوچھنے لگی

"چاچو"

لفظ چاچو پر حیدر کا سارا موڈ غارت ہوچکا تھا وہ سنجیدہ نظروں سے نتالیہ کو گھورتا ہوا بولا

"میں حسن کا چاچو ہوں تمہارا چاچو میں پہلے بھی نہیں تھا اب اگر تم نے مجھے غلطی سے بھی چاچو بولا تو میں تمہیں دوسرے لفظوں میں بتاؤں گا کہ میرا تم سے اب کیا رشتہ ہے، گاڑی میں بیٹھو"

حیدر سنجیدہ لہجے میں اسے وارننگ دیتا ہوا بولا اور نتالیہ اُس کے گرکنے پر بھیگی بلی بنی خاموشی سے گاڑی میں بیٹھ گئی

"کیا میں اپنے بال باندھ لو"

گاڑی چلنے پر تیز ہوا سے بال اڑتے ہوئے نتالیہ کے منہ پر آرہے تھے وہ بےزار سی بالوں کی لٹو کے پیچھے کرتی حیدر سے پوچھنے لگی

"نہیں"

حیدر بنا اس کی طرف دیکھے گاڑی ڈرائیو کرتا بولا تو نتالیہ جھلا کر رہ گئی

"اتنی سیدھی سادی مائی بن کر اپنے بال باندھنے کی پرمیشن لینے کی کیا ضرورت تھی تجھے نتالیہ"

وہ اپنے چہرے پر آئی بالوں کی لٹو کو ایک بار پھر پیچھے کرتی ہوئی دل میں خود سے بولی۔۔۔ حیدر نے اس کو بالوں سے لڑتا دیکھ کر گاڑی کے شیشے بند کردیے

"اتنی خاموشی کیوں ہے آج کیا ساری باتوں کا اسٹاک ختم ہوچکا ہے تمہارا"

حیدر اس کی خاموشی کا نوٹس لیتے ہوئے ڈرائیونگ کرتا بولا کیونکہ ایسا کم ہی ہوتا جب وہ منہ بند رکھتی تھی

"آپ کو میری فضول اور احمقوں والی باتیں برداشت نہیں ہوگیں اس لیے میں نے خاموش رہنا بہتر سمجھا ہے"

نتالیہ حیدر کی بات پر خاص طور پر اُس کی طرف دیکھتی ہوئی بولی تو حیدر بھی اُس پر نظر ڈالتا بولا

"جب میں تمہاری فضول احمق والی حرکتیں برداشت کرسکتا ہو تو باتیں برداشت کرنا مشکل نہیں تم بات کرو اِس سے ہمارا سفر اچھا گزرے گا"

حیدر کے بولنے پر نتالیہ کو ہنسی آگئی

"اُف کتنے برے دن آگئے ہیں آپ کے، اچھا وقت گزارنے کے لئے آپ کو میری فضول بات سننے پڑ رہی ہیں"

نتالیہ بولتی ہوئی ہنسنے لگی اور حیدر اس کی ہنستے ہوئے خاموشی سے دیکھنے لگا

"ارے ارے سامنے دیکھ کر ڈرائیونگ کریں ابھی میرا ٹکٹ کٹوا کر اوپر جانے کا موڈ نہیں ہے"

نتالیہ حیدر کو ٹوکتی ہوئی بولی۔۔۔ خاموشی کا لبادہ اتارتے وہ اپنی ترنگ میں آچکی تھی اس کی بات پر حیدر بھی ہلکا سا مسکرا دیا

"میرا بھی موڈ نہیں ہے، میں بھی ابھی اپنی زندگی جینا چاہتا ہوں"

حیدر نے لفظ "تمہارے ساتھ" کا اضافہ نہیں کیا ورنہ وہ دوبارہ پریشان ہوجاتی مگر یوں نتالیہ کے ساتھ سفر کرنا آج اُسے پہلی بار اچھا لگ رہا تھا

"یہ ہوئی نہ جواں اور زندہ دل مردوں والی بات۔۔۔ آپ کا فریش موڈ دیکھ کر میں کوشش کروں گی کہ کوئی بیوقوفی والی بات نہیں کرو جس سے آپ کا موڈ تباہ و برباد ہوجائے"

نتالیہ بولتی ہوئی شرارتی انداز میں مسکرائی تو اس کی بات پر ڈرائیونگ کرتے حیدر کے چہرے پر بھی مسکراہٹ آئی

"لیکن میں تمہارے منہ سے تمہاری بیوقوفی والی باتیں سننے کا ارادہ رکھتا ہوں تو صبح سے اٹھ کر اب تک تم کتنی بیوقوفی کرچکی ہو، ایک ایک کرکے گنواتی جاؤ"

حیدر کے پوچھنے پر نتالیہ بالکل سیریس ہوگئی

"سیریسلی آپ کو بتادوں جو مجھ سے حماقت ہوچکی ہے اچھا پہلے پلیز آپ پرامس کریں کہ مجھ پر غصہ نہیں کریں گے"

نتالیہ اچھا موقع دیکھ کر حیدر سے بولی وہی حیدر کے دماغ میں خطرے کی گھنٹی بجنے لگی نہ جانے یہ لڑکی اب کیا بےوقوفی والی بات بتانے تھی تھی جو وہ انجان بھی دے چکی تھی

"میں غصہ نہیں کروں گا نتالیہ تم پر، مگر میں جاننا ضرور چاہوں گا کہ تم آخر کون سی بیوقوف کرچکی ہو"

حیدر بظاہر لاپرواہ انداز اپناتا ہوا ریلکس موڈ میں ڈرائیونگ کرتا اس سے پوچھنے لگا مگر اگلے ہی پل میں نتالیہ کے منہ سے اُس کا کارنامہ سن کر اسے جھٹکا لگا جسے برداشت کرنے کے علاوہ اُس کے پاس کوئی چارہ نہیں تھا کیونکہ وہ اس سے بول چکا تھا کہ وہ اس کی بےوقوفی پر غصہ نہیں کرے گا

"اپنے پاس موجود ساری آماؤنٹ تم نے کس خوشی میں اپنی دوست کو دی ہے نتالیہ"

حیدر تحمل سے کار ڈرائیو کرتا نارمل سا لہجہ اپنائے اس لڑکی سے پوچھنے لگا جو کم قیمت میں پہلے اپنی ساری جیولری بیچ چکی تھی اور اب ایسی دوست کو جس سے کم عرصہ ہوا اس کی دوستی ہوئے۔۔۔۔ وہ ساری رقم اُس کو دے چکی تھی

"خوشی میں تھوڑی دی ہے آماؤنٹ، وفا نے ڈھیر ساری پرابلمز کے ساتھ اپنی امی کا اپریشن بھی بتایا تھا جو ان لوگوں کے پاس پیسے نہ ہونے کی وجہ سے رکا ہوا تھا۔۔۔ اس لیے وفا کل خود مجھ سے آماؤنٹ لینے گھر آئی تھی جو میں اُس کو دے چکی ہو مگر کل رات سے اس کا موبائل آف ہے"

نتالیہ اب تھوڑی ٹینشن میں حیدر کو سچ بتانے لگی

"اور آج کس دوست کے پاس جارہی تھی تم"

حیدر کا دماغ ایک دم چلا وہ نتالیہ سے نارمل لہجے میں پوچھنے لگا بقول ذولفقار کے نتالیہ ایک نرم دل رکھنے والی رحم دل لڑکی تھی اُس کے رحم دلی کے قّصے وہ اپنے بھائی سے دو تین مرتبہ سن چکا تھا مگر اب اس کو احساس ہورہا تھا وہ رحم دل نہیں بلکہ اسے کوئی بھی اپنی باتوں میں آسانی سے بیوقوف بناسکتا تھا

"ابھی تو میں مہک کے پاس جارہی تھی اس کے بھائی کے ساتھ ہم دونوں وفا کے گھر جانے کا سوچ رہے تھے"

نتالیہ حیدر کا اچھا موڈ دیکھ کر اس کو مکمل سچ بتاتی ہوئی بولی

"دیکھو نتالیہ تم برا مت ماننا ایک بیوقوفی تم کرچکی ہو دوسری بےوقوفی تم کسی انجان جگہ پر جاکر کرنے والی تھی اب تم مجھے وفا کا ایڈریس اور فون نمبر دینا۔۔۔۔ وفا سے کوئی خاص وفا کی امید تو نہیں مگر میں کوشش کروں گا کہ تمہیں تمہاری رقم واپس مل جائے لیکن پلیز آگے سے اگر کوئی بھی ایسی کہانی سنائے یا تم سے کچھ بھی بولے تم کوئی بھی قدم اٹھانے سے پہلے مجھ کو ضرور بتاؤں گی اوکے"

حیدر اُس پر غصہ کرنے کی بجائے دوستانہ لہجے میں بولا تاکہ نتالیہ اس پر اعتبار کرسکے۔۔۔ بہت کم چانسز تھے کہ وہ لڑکی یا اس کے گھر والے رقم واپس کردیتے جس کا کوئی ثبوت بھی نہیں تھا کہ نتالیہ نے اس کو رقم دی تھی حیدر نے شکر ادا کیا کہ نتالیہ کی پراپرٹی کے پیپرز وہ اپنے پاس رکھ چکا تھا

Novelzy · online novels

Stories you won’t put down

Romance, dark romance, mafia, werewolf, billionaire and more, released chapter by chapter. Start with free chapters on any device, unlock premium chapters with coins, and earn rewards as you read.