"ارے ثروت آنٹی آپ آئی ہیں۔۔۔ کیسی ہیں مجھے معلوم ہوتا آپ آئی ہیں تو نمیر کو زبردستی اندر بلا لیتی ابھی وہی گھر چھوڑ کر گیا ہے مجھے"
منال نے گھر آتے ہی ثروت کو دیکھتے ہوئے کہا اور اس کے گلے لگ گئی
"اچھا تو خوب گھوما پھرا جا رہا ہے نمیر کے ساتھ،، ویسے عشرت کیا خیال ہے ان دونوں کی لگامیں کھینچنی چاہیے یا مضبوطی سے کسی پائیدار بندھن میں ان دونوں کو فورا باندھ دینا چاہیے"
ثروت نے پاس بیٹھی عشرت سے مشورہ مانگا اس سے پہلے عشرت کچھ بولتی منال بول اٹھی
"آنٹی پلیز نمیر سے میں نے کہہ دیا ہے کم از کم تین سال سے پہلے تو شادی کا سوچنا بھی نہیں" منال کا ایک دم یوں بول دینا ثروت کو برا لگا،، وہ ثروت کی بھانجی تھی اسے عزیز تھی مگر اتنا بے باک ہو کر بولنا اور یوں شادی سے پہلے گھومنا پھرنا ثروت کو یہ انداز ایک آنکھ نہیں بھاتا تھا،،، وہ گھر جا کر ابھی نمیر کے کان کھینچنے کا ارادہ رکھتی تھی
"منال ذرا کم بولا کرو چلو کمرے میں جاؤ اپنے"
عشرت بڑی بہن کا ایک دم خاموش ہونا محسوس کر گئی اس لیے منال کو ٹوکتے ہوئے کہا جس پر منال برخلاف توقع اٹھ کر چلی گئی
"اور یہ عنایہ کہاں ہے نظر نہیں آ رہی"
ثروت نے موضوع بدلتے ہوئے عشرت سے پوچھا
"ہونا کہاں ہے پڑی ہوگی اپنے کمرے میں عنایہ او عنایہ"
عشرت نے ثروت کو بتاتے ہی عنایہ کو آوازیں دے ڈالی
"جی مامی آپ نے بلایا۔۔۔ او ثروت آنٹی کیسی ہیں آپ؟؟ کب آئی"
عنایہ جو کہ عشرت کے بلانے پر ڈرائنگ روم میں آئی مگر ساتھ بیٹھی ثروت کو دیکھ کر خوش دلی سے اس سے مخاطب ہوئی۔۔۔ اسے مامی کی بہن اور نمیر دونوں ہی پسند تھے وہ دونوں شروع سے ہی اسے بہت اچھے طریقے سے ملتے تھے
"تم اپنے ہجرے سے باہر نکلو گی تو تمہیں معلوم ہوگا کوئی کب آیا ہے نہ ادب ہے نہ لحاظ ہے کہ بندہ آئے گئے کو پوچھ لے"
ثروت کے کچھ بولنے سے پہلے عشرت عنایہ کو ڈپٹتے ہوئے کہنے لگی
"عشرت کیا ہو جاتا ہے تمہیں، لہجے میں نرمی لایا کرو بات کرتے ہوئے۔۔۔ اسے خبر نہیں ہوگی کہ میں آئی ہو ورنہ ایسا ہو ہی نہیں سکتا کہ عنایہ مجھ سے ملنے نہ آئے۔۔۔ یہاں بیٹھو عنایہ میرے پاس"
ثروت نے عشرت کو سمجھاتے ہوئے عنایہ کو اپنے پاس بیٹھنے کے لیے کہا وہ مسکرا کر ثروت کے پاس بیٹھ گئی جس پر عشرت جل کر رہ گئی۔۔۔ اس کا اپنی بڑی بہن کا یوں عنایہ سے ہمدردی کرنا اور محبت کرنا ایک آنکھ نہیں بھاتا تھا
"ابھی یہی بیٹھی باتیں کرتی رہوں گی آپا کے لئے چائے پانی کا بھی انتظام کروں گی جاؤ جا کر بوا سے کہو کہ رات کے کھانے میں کوئی ڈھنگ کا کھانا بنائے"
تھوڑی دیر بعد جب عشرت نے ثروت کو عنایہ سے مسکرا کر باتیں کرتے ہوئے دیکھا تو عشرت نے فورا عنایہ کو دیکھ کر کہا جس پر عنایہ اٹھ کر کچن کی طرف چلی گئی
"عشرت میں دیکھ رہی ہوں تمہارا رویہ دن بدن اس بچی کے ساتھ ہتک آمیز ہوتا جا رہا ہے" ثروت نے اپنی چھوٹی بہن کو ملامت بھری نظروں سے دیکھتے ہوئے دوبارہ ٹوکا
"ارے آپا اسی کے بھلے کے لیے ٹوکتی ہو تاکہ دوسرے گھر جاکر جوتے نہ کھانا پڑے،، اچھی شکل و صورت سے کیا ہوتا ہے سسرال میں عادت و اطوار بھی دیکھے جاتے ہیں"
عشرت بات بناتی ہوئی بولی
"یہی بات تم منال کے لیے بھی سوچا کرو بلکہ اسے زیادہ ضرورت ہے سمجھانے کی،، خیر یہ بتاؤ فرمان کب تک آئے گا ضروری بات کرنی ہے مجھے اس سے"
ثروت کے بولنے کی دیر تھی فرمان گھر میں داخل ہوا
"کیسی ہیں آپا آپ۔۔۔ کب تشریف لائی"
فرمان نے ثروت کو دیکھ کر صوفے پر بیٹھتے ہوئے پوچھا ثروت سے بات کرتے ہوئے فرمان کے لہجے میں ہمیشہ عزت و احترام شامل ہوتا تھا
"تھوڑی دیر ہوئی ہے مجھے آئے ہوئے تم سناؤ کیسے مزاج ہیں"
ثروت نے فرمان سے پوچھا۔۔۔ اتنے میں عنایہ ٹرالی میں چائے رکھے دیگر لوازمات کے ساتھ ڈرائنگ روم میں داخل ہوئی تب تک منال بھی چینج کرکے ڈرائنگ روم میں آ چکی تھی
"ہاں تو آپا کیا ضروری بات کرنی تھی آپ نے فرمان سے"
عنایہ سب کو چائے سرو کر رہی تھی تب عشرت نے ثروت کو مخاطب کیا
"آنٹی چائے"
عنایہ نے ثروت کے آگے چائے کا کپ سوسر سمیت بڑھاتے ہوئے کہا تو ثروت نے مسکرا کر چائے کا کپ اس سے لیا ساتھ ہی عنایہ کا ہاتھ تھام کر اسے اپنے پاس بٹھایا
"منال بیٹا باقی سب کو چائے آپ سرو کرو"
ثروت نے منال کو دیکھتے ہوئے کہا وہ عنایہ کو گھورتی ہوئی، ثروت کو دیکھ کر مسکرائی صوفے سے اٹھ کر باقی سب کو چائے سرو کرنے لگی
"ہاں تو بھئی فرمان میں تم سے آج اپنے نہال کے لئے عنایہ کا ہاتھ مانگنے آئی ہو۔۔۔ بھئی تمہاری بھانجی مجھے اپنے بڑے بیٹے کے لئے بے حد پسند ہے اور نہال تمہارے سامنے ہی پلا بڑھا ہے اس کا مزاج، کردار، عادت ان سب سے تم واقف ہو۔۔۔ اب تم مجھے جلدی سے بتاؤ اگر کوئی اعتراض نہیں ہے تو میں باقاعدہ رسم کرنے کب آؤ"
ثروت نے اپنے برابر میں بیٹھی ہوئی عنایہ کا ہاتھ تھام کر فرمان سے بولا۔۔۔۔ ثروت عنایہ کے ساتھ ساتھ کمرے میں موجود تمام نفوس کو بھی حیران کر گئی
"آپا آپ کی بات پر بھلا مجھے کیا اعتراض ہوگا نہال جیسے سلجھے ہوئے اور فرمانبردار بچے کے لیے کون سا باپ نہیں چاہے گا کہ وہ اس کا داماد بنے عنایہ میرے لئے بالکل منال کی طرح ہے۔۔۔۔ اگر عنایہ کی اس رشتے میں مرضی شامل ہے تو میں بہت خوش ہوں"
فرمان واقعی عنایہ کے لئے بہت خوش تھا کیونکہ عنایہ جتنی حساس طبیعت کی مالک تھی اس کے ساتھ کوئی سلجھا ہوا لڑکا ہی سوٹ کرتا اور اس میں کوئی شک نہیں تھا کہ نہال ایک سلجھا ہوا اور اچھے اخلاق والا لڑکا تھا
"تو اس میں کونسی بڑی بات ہے عنایہ سے اس کی مرضی ابھی پوچھ لیتے ہیں۔۔۔ ہاں بھئی عنایہ بتاؤ جلدی سے،، اپنے نہال کی دلہن بنا کر لے جاؤ تمہیں اپنے گھر"
ثروت نے عنایہ کے تھامے ہوئے ہاتھ پر دباؤ ڈال کر مسکراتے ہوئے پوچھا جس پر عنایہ نے ایک نظر ثروت کو دیکھا اور فورا نظریں نیچے جھکا لی۔۔۔۔ جس پر ثروت کے ساتھ ساتھ فرمان بھی مسکرا دیا جبکہ عشرت اور منال کو یہ منظر ایک آنکھ نہیں بھایا مگر وہ دونوں ہی اپنی اپنی جگہ خاموش رہی
"نہیں،،، میں چاہتا ہوں کہ میں آج رات تمہیں میسج پر شکریہ ادا کرو"
سر جھکا کر بیٹھی ہوئی ہے عنایہ کو نہال کا آج دوپہر میں بولا گیا جملہ یاد آیا اور اب وہ اس کا مفہوم بھی سمجھ گئی تھی
"نہال"
آج پہلی بار بغیر بھائی کا لفظ کہے اس نے دل میں نہال کا نام لیا اس کا دل عجیب انداز میں دھڑکا۔۔۔ عنایہ اپنا سر اور زیادہ جھکا گئی اسے ڈر تھا کہ کہیں کوئی اس کا چہرہ دیکھ کر اس کے دل کی بات نہ جان لے
"دیکھو ذرا اس منحوس کی قسمت کیسے بیٹھے بٹھائے ایسا شاندار لڑکا مل گیا اور آپا کی عقل پر تو مانو جیسے پتھر ہی پڑ گئے ہیں ایسی سیاہ بخت لڑکی کو اپنے گھر کی بہو بنانے کا سوچ رہی ہیں۔۔۔ جو اپنے ماں باپ کو سالم ہی نگل گئی"
ثروت کے جانے کے بعد عشرت منال کے کمرے میں آکر مسلسل ٹہلتے ہوئے بولے جا رہی تھی جبکہ منال اپنے بیڈ پر تکیہ گود میں رکھے ہوئے بیٹھی تھی
"آپ یہاں بیٹھ کر اس کی قسمت پر رشک کرتی رہو،، آدھی عمر اس جاہل کو میں یہاں برداشت کرتی رہی اور اب باقی پوری زندگی مجھے اس کی شکل نمیر کے گھر میں دیکھنا پڑے گی"
منال تپتے ہوئے بولی
"اور تم نا ذرا آپا کے سامنے اپنی زبان کو تالو سے چپکا کر رکھا کرو،، کوئی لڑکی اس طرح اپنا منہ کھول کر اپنی شادی کی بات نہیں کرتی، اب تو اس عنایہ سے پہلے تمہاری شادی کروگی نمیر سے تاکہ تم اپنے قدم مضبوطی سے جما سکو اس گھر میں"
عشرت منال کے پاس بیٹھتی ہوئی بولی
"خدارا مما مجھے ابھی شادی وادی کے چکر میں نہیں پڑنا اور ثروت انٹی کبھی بھی نہال سے پہلے نمیر کی شادی کا سوچ بھی نہیں سکتی اور ایک طرح سے اچھا ہے اس عنایہ کو دفع ہونے دیں کم از کم تین سال تو میں سکون سے گھر میں گزارو گی بغیر اس کی شکل دیکھے ہوئے۔۔۔ اب آپ بھی اپنے کمرے میں جاکر لیٹو کال کرنی ہے مجھے اپنی فرینڈ کو"
منال نے لہجے میں بیزاری لاتے ہوئے عشرت کو بولا وہ اپنی بیٹی کو کڑھے تیوروں سے گھورتی ہوئی اس کے کمرے سے چلی گئی
*****
"یہ اکیلے اکیلے کس بات پر مسکرایا جا رہا ہے"
نہال کو مسکراتا ہوا دیکھ کر نوفل نے معنی خیزی سے پوچھا جس پر نہال شرمندہ سا ہو گیا برابر میں بیٹھا ہوا نمیر ہنس پڑا وہ دونوں اس وقت نوفل کے گھر کے میں موجود تھے
"دماغ خراب ہوگیا میرا جو اکیلے میں مسکراؤں گا۔۔۔ وہ تو ایسے ہی کوئی بات یاد آگئی تھی" نہال اپنی جھینپ مٹاتا ہوا بولا
"جھوٹ بول رہا ہے یہ یقیناً عنایہ کے خیالوں میں کھویا ہوا ہوگا جب سے مما نے اسے بہو بنانے کا سوچا ہے یہ اسی طرح خیالوں میں کھویا ہوا مسکراتا رہتا ہے"
نمیر ہنستا ہوا نوفل کے سامنے اس کا راز فاش کرنے لگا نوفل بھی نمیر کی بات پر ہنسنے لگا
"انسان کے بچے بن جاؤ تم دونوں اور میرا ریکارڈ لگانا بند کرو۔۔۔ تمہیں میرا مسکرانا دکھ رہا ہے اپنے کھوئے کھوئے انداز بھی چیک کرو اور منہ سے پھوٹو جو تم آدھے گھنٹے سے بتانا چاہ رہے ہو مگر بتا نہیں پا رہے ہو"
نہال اب نوفل کو دیکھتا ہوا بولا اس کی بات سن کر نوفل مسکرا دیا
"یار ایک لڑکی ہے تین دن سے دماغ پر چپک کر رہ گئی ہے نکلی ہی نہیں رہی"
نوفل آنکھیں بند کر کے بتانے لگا اس کی آنکھوں کے سامنے شانزے کا عکس لہرایا
"او بھائی تم دوبارہ سے شروع مت ہو جانا کہ ایک بار پھر تمہیں محبت ہو گئی ہے"
نہال اس کے آگے ہاتھ جوڑتا ہوا بولا
"نہیں یار اب کی بار بالکل سیریس والی سچوئی ہے فیلنگس ایک دم الگ۔۔۔ کیا بتاؤں تھپڑ گال پر پڑا مگر میٹھا میٹھا درد یہاں ہو رہا ہے"
نوفل نے اپنا ہاتھ دل پر رکھتا ہوا بتانے لگا اس کی بات سن کر نمیر اور نہال دونوں ہنس پڑے
"قسم سے یار تمہارا بھی جواب نہیں،،، یہ تھپڑ والا حسین حادثہ ہوا کب اور کیسے"
نمیر نے دلچسپی لیتے ہوئے نوفل سے پوچھا۔۔۔ نوفل نے کھوئے کھوئے انداز میں اپنی پوری روداد سنائی
"یقین کرو یارو اس کے ایک تھپڑ نے ایک ٹھرکی انسان کو سلا کر اندر کے عاشق کو بیدار کر دیا۔۔ تین دن سے اس ظالم حسینہ کے بارے میں سوچے جا رہا ہوں۔۔۔۔ ظلم یہ کہ کالج کے علاوہ اس کا نام معلوم ہے نہ گھر کا پتا مگر ان شاء اللہ میں جلد ہی ڈھونڈ لوں گا اس ظالم حسینہ کو"
نوفل پورے عزم سے بولا جس پر نمیر اور نہال دونوں مسکرائے
"چلو بھئی میرے علاوہ تم دونوں گدھوں کا بھی بیڑہ پار ہوا مگر اب مجھے سنعیہ اور ماریہ دونوں سے ہمدردی ہے"
نمیر نے اسکول لائف کی دونوں کلاس فیلو کا نام لیا جوکہ ایک سیون کلاس کی اسٹوڈینٹ تھی جبکہ دوسری نائن کلاس کی اسٹوڈنٹ تھی۔۔۔ اور ان دونوں سے ہی نوفل بڑا ہو کر شادی کرنے کا ارادہ رکھتا تھا
"دو کیوں ایک وہ بھی تو تھی علیشبہ ہماری یونیورسٹی کے فائنل ایئر والی" نہال کے بولنے پر نوفل اور نمیر سنجیدہ ہوکر ایک دوسرے کو دیکھنے لگے
"میں نے نوٹ کیا ہے اکثر یونیورسٹی کے فائنل ائیر کے ذکر پر تم دونوں کو کیا ہو جاتا ہے" نہال نے سوچا آج وہ ان دونوں سے پوچھ ہی لے اکثر ان تینوں کے بیچ جب یونیورسٹی کا ذکر ہوتا تھا خاص کر فائنل ائیر کا تو وہ دونوں ایسے ہی چپ ہو جاتے تھے یا نظریں چرانے لگتے تھے
"یونیورسٹی کے ذکر پر کیا ہونا ہے تم بتاؤ منگنی کا کیا پروگرام ہے تمہارا۔۔۔ کیا ڈیسائڈ کیا ہے" نوفل نہال پوچھنے لگا۔۔۔ نہال نوفل کو اپنی اور عنایہ کی منگنی کے متعلق بتانے لگا جبکہ نمیر کسی گہری سوچ میں چھ سال پیچھے چلا گیا جہاں اسے یونیورسٹی میں علیشبہ کے ساتھ ایک اور چہرہ بھی یاد آیا
*****
"یعنی تمہاری منگنی ہونے والی ہے۔۔۔ یہ تو زبردست نیوز ہے بہت بہت مبارک ہو" کالج پہنچ کر عنایہ نے شانزے کو ثروت کے آنے کا مقصد بتایا تو شانزے نے اسے خوش ہو کر مبارکباد دی
"تم مجھے مبارکباد دے رہی ہو اور میں نہال بھائی کا سوچ رہی ہو۔۔۔ وہ تو بہت سیریس ٹائپ انسان ہیں باتیں بھی سوچ سوچ کر کرنے والے،،، پہلے کبھی ان کے متعلق ایسا سوچا نہیں تو تھوڑا عجیب سا لگ رہا ہے"
عنایہ کی باتیں سن کر شانزے نے اپنے ماتھے پر ہاتھ مارا
"فٹے منہ،، منگیتر بننے والا ہے وہ تمہارا،، کم سے کم اب اسے بھائی تو نہ بولو۔۔۔ اور باتوں کا کیا ہے پہلے باتیں نہیں کرتے تھے کل کار میں انہوں نے تم سے باتیں کی سمجھو اب باتوں کا دور تو شروع ہو ہی گیا ہے۔۔۔ تمہارے اس چہرے کی چمک دیکھ کر میں یہ اندازہ لگا سکتی ہو تمہیں عجیب لگ رہا ہے مگر برا ہرگز نہیں لگ رہا"
شانزے مسکراتی ہوئی بولی
"تم خوش ہو رہی ہوں شانزے،،، مجھے یقین نہیں آرہا تمہیں تو مردوں سے نفرت ہے نا" عنایہ اس کو دیکھتی ہوئی بولی
"مردوں سے نفرت مجھے اپنے لئے ہے۔۔۔ تمہارے لئے میں اس لئے خوش ہوں کہ تم اپنی مامی اور اس نک چڑی کزن کے شر سے بچی رہو گی"
شانزے نے عنایہ کو دیکھتے ہوئے کہا۔۔۔۔ باتیں کرتے کرتے وہ دونوں کلاس میں پہنچ چکی تھیں
"میرے دل کی دعا ہے کہ بہت جلد تمہاری زندگی میں بھی ایسا مرد آئے جو کم ازکم تمہارے دل میں مردوں کے لیے نہ سہی مگر اپنے لئے اس نفرت کو نکال دے"
عنایہ شانزے کو دیکھتے ہوئے بولی
"دیکھتے ہیں۔۔۔ مگر مجھے لگتا نہیں ایسا ہو"
شانزے نے کندھے اچکاتے ہوئے کہا
*****
ٹی پنگ کلر کی شرٹ پر لائٹ گولڈن کام کے ساتھ، ہم رنگ دوپٹہ سر پر ٹکائے اور چوڑی دار پاجامہ پہنے۔۔۔ عنایہ بہت پیاری لگ رہی تھی یہ ڈریس آج کے فنکشن کے لحاظ سے ثروت خود اس کے لئے لے کر آئی تھی۔۔۔ جب وہ اپنے کمرے سے باہر نکلی تو فرمان نے اسے گلے لگا کر ڈھیر ساری دعائیں دی اس کے پر کشش روپ کو دیکھ کر عشرت دل ہی دل میں جل کر رہ گئی
"میں ڈرائیور کو دیکھ کر آتا ہوں عشرت تم منال کو بلا لو"
فرمان عشرت کو کہتا ہوا گھر سے باہر نکل گیا
"میری شکل کیا دیکھ رہی ہو جاؤ جاکر منال کو بلاکر لاؤ سنا نہیں فرمان کیا کہہ کر گئے ہیں"
عشرت عنایہ سے کہتی ہوئی سر جھٹک کر خود بھی باہر نکل گئی ۔۔۔
اونچی ہیل پہننے کی وجہ سے عنایہ آہستہ آہستہ قدم اٹھاتی ہوئی منال کے کمرے کی طرف
بڑھی۔۔۔۔ کمرے کا دروازہ پہلے ہی معمولی سا کھلا ہوا تھا عنایہ نے جیسے ہی پورا دروازہ کھولا۔۔۔ نمیر اور منال جو کہ ایک دوسرے کے بے حد قریب کھڑے تھے ایک دم دور ہوئے وہی عنایہ بھی شرمندہ ہوگئی
"مینرز نام کی چیز نہیں ہے تم میں،،، یوں کسی کے روم میں آتے ہیں بغیر دروازہ ناک کیے" منال غصے میں کہتی ہوئی عنایہ کے سامنے آئی
"سوری آپی وہ مامی نے بولا تھا کہ منال کو بلاکر لاؤ"
عنایہ آنکھیں نیچے جھکائے آہستہ آواز میں بولنے لگی
"نان سینس"
منال اس کو غصے میں دیکھتی ہوئی روم سے نکل گئی
"عنایہ"
عنایہ بھی روم سے جانے لگی تو نمیر نے اس کو آواز دی ہوں وہ دوبارہ مڑی
"سوری یار،، منال کا موڈ اچھا نہیں تھا شاید اس کے فرینڈز نہیں آرہے فنکشن میں،،، اس وجہ سے وہ تم سے اتنا روڈلی بی ہیو کر گئی"
نمیر اسے منال کی طرف سے وضاحت دینے لگا جبکہ وہ خود بھی جانتا تھا منال عنایہ سے اسی طرح بات کرتی ہے کہی دفعہ نمیر نے منال کو سمجھایا بھی تھا مگر وہ نمیر کی بہت کم باتوں کا اثر اپنے اوپر لیتی تھی
"نہیں آپی ٹھیک کہہ رہی تھی غلطی میری ہے مجھے واقعی ناک کر کے آنا چاہیے تھا"
عنایہ نظریں جھکا کر بولنے لگی تو نمیر کو گلٹ فیل ہونے لگا
"وہ منال سے چین کا لاک نہیں لگ رہا تھا تو اس کو چین پہنا رہا تھا"
نمیر کو خود سمجھ میں نہیں آیا کہ وہ عنایہ کو کیو وضاحت دے رہا ہے
"ماموں جان اور مامی باہر ویٹ کر رہے ہیں،، ہمیں بھی چلنا چاہیے"
عنایہ نمیر کی بات کے جواب میں بولی اور جانے کے لیے مڑی
"عنایہ"
نمیر نے دوبارہ اسے پکارا عنایہ نے مڑ کر اسے دیکھا تو نمیر اسی کو دیکھ کر مسکرا رہا تھا
"آج فرسٹ ٹائم میں نے تمہیں اتنا تیار دیکھا ہے ۔۔اور تم یوں تیار ہو کر اور بھی زیادہ حسین لگ رہی ہو۔۔۔۔ ایسے ہی تھوڑی میں تمہیں حسین لڑکی بولتا ہوں۔۔۔ بس ایک چیز کی کمی ہے" نمیر عنایہ کو دیکھتے ہوئے کہنے لگا
"کیا۔۔۔ کیا کمی رہ گئی"
عنایہ کنفیوز ہو کر پوچھنے لگی
"نمیر اس کا ہاتھ تھام کر اسے ڈریسر کے سامنے لایا اور کندھوں سے تھام کر اس کا رخ کی آئینے کی طرف کیا
"حسین لڑکی اوپر والے نے تمہیں اتنی پیاری صورت سے نوازا ہے اور تم ہر وقت چہرے پر گھبراہٹ کے آثار لائے رہتی ہو۔۔۔ یار آج کے دن تو تھوڑی اسمائل لاؤ اپنی فیس پر"
نمیر عنایہ کی پشت پر کھڑا ایسے انداز میں بولا عنایہ کے چہرے پر خودبخود مسکراہٹ آگئی جسے دیکھ کر نمیر بھی مسکرا دیا
"اسی چیز کی کمی تھی،،، بس اب سارا وقت نہال کو دیکھ دیکھ کر ایسے ہی اسمائل دینا مجھے پورا یقین ہے،، وہ دو ماہ کے اندر اندر تمہیں رخصت کروا کر ہمارے گھر لے آئے گا"
نمیر نے عنایہ کو چھیڑتے ہوئے کہا جس پر وہ سچ مچ شرما گئی
"کیوٹ یار۔۔۔۔ تم نے نہال کے نام پر ابھی سے بلش کر رہی ہو۔۔۔ یہ بات تو میں اسے ضرور بتاؤں گا"
نمیر مسکراتا ہوا عنایہ کو دیکھ کر بولا
"پلیز نمیر بھائی آپ انہیں کچھ نہیں بولیے گا"
عنایہ نے گھبراتے ہوئے نمیر سے کہا
"انہیں۔۔۔ واہ واہ چلو باہر چلتے ہیں" نمیر عنایہ کے انہیں کہنے پر مسکراتا ہوا باہر نکل گیا
بینکوئیٹ میں ہر طرف مہمانوں کی چہل پہل نظر آرہی تھی۔۔۔ ایک طرف فرمان اور عشرت ریسپشن پر کھڑے آنے والے گیسٹ کا ویلکم کر رہے تھے دوسری طرف ثروت سب مہمانوں کا حال احوال پوچھ رہی تھی۔۔۔۔ دونوں گھرانوں میں کیونکہ پہلی خوشی تھی اس لیے بڑے پیمانے پر تقریب کا انتظام کیا گیا تھا۔۔۔ منال ان سب سے بے زار ہوکر مسلسل اپنے موبائل پر مصروف تھی
نوفل،، نہال اور نمیر تینوں اپنے دوستوں کے ساتھ کھڑے باتیں کر رہے تھے ۔۔۔
نہال ہر تھوڑی دیر بعد ایک نظر سجی سنوری اسٹیج پر اپنی کزن کے ساتھ بیٹھی عنایہ پر ڈال لیتا۔۔۔ اسے ثروت کا یہ اپنے لیے عنایہ کی صورت انتخاب بہت پسند آیا تھا جیسا مزاج وہ رکھتا تھا عنایہ اس لحاظ سے اس کے لیے پرفیکٹ تھی ۔۔۔
وہ نہال کو عام دنوں کے مقابلے میں آج تھوڑی بڑی لگی شاید میک اپ اور ہیوی جیولری کی وجہ سے ایسا لگ رہا ہو۔۔۔ آج فرسٹ ٹائم نہال نے اسے اتنا تیار دیکھا تھا ورنہ ہمیشہ وہ اسے سمپل ہی نظر آتی۔۔ جو بھی تھا نہال کا دل بار بار عنایہ کی طرف مائل ہوا جارہا تھا وہ اسے بہت پیاری لگ رہی تھی مگر عنایہ کی تعریف وہ اسی کے سامنے کرنے کا خواہشمند تھا۔۔۔ تھوڑی دیر بعد نہال کی نظر اسٹیج پر اٹھی تو عنایہ کو اکیلا بیٹھا پایا،،، شاید اس کی کزن وہاں سے چلی گئی تھی وہ اپنے دوستوں سے ایکسکیوز کرتا ہوا اسٹیج پر آیا
"کیا ہوا سب خیریت ہے"
نہال نے اسٹیج پر آکر عنایہ سے پوچھا جوکہ ابھی تھوڑی دیر پہلے ریلیکس بیٹھی ہوئی تھی مگر نہال کو اسٹیج پر آتا دیکھ کر اس کے چہرے پر گھبراہٹ کے آثار رونما ہونے لگے
"جی سب خیریت ہے"
اب وہ اسٹیج سے نیچے سب لوگوں کو دیکھ کر جواب دینے لگی
"تو اتنا پریشان کیوں ہو رہی ہو"
نہال نے اس کی پریشانی کی وجہ جاننی چاہم
"نہیں وہ سب لوگ ہمیں دیکھ رہے ہیں"
عنایہ ایک نظر نہال پر ڈال کر کہتی ہوئی دوبارہ لوگوں کو دیکھنے لگی جیسے کسی کو ڈھونڈ رہی ہو
"تو کیا ہوا اللہ پاک نے سب کو آنکھیں دیکھنے کے لئے ہی دی ہیں،، انہیں اپنا کام کرنے دو تم یہاں میری طرف دیکھو"
نہال نے عنایہ کا کنفیوز چہرہ دیکھ کر اسے آرام سے سمجھاتے ہوئے اپنی طرف متوجہ کیا۔۔۔ عنایہ نے نہال کو ایک نظر دیکھا،، مگر نہال کی نظروں کو خود پر محسوس کرکے عنایہ اپنی نظریں جھکا گئی
"تم نے اس دن میرے شکریہ کا انتظار کیا"
نہال عنایہ کو دیکھتا ہوا پوچھنے لگا
"میں گیارہ بجے تک سو جاتی ہو ورنہ صبح صبح کالج کے لئے اٹھا نہیں جاتا"
عنایہ کی بات سن کر نہال کے چہرے پر مسکر اہٹ آئی کیونکہ جس دن نہال نے عنایہ کو کالج سے گھر چھوڑا تھا اس دن نہال نے عنایہ کو کال یا میسج کر کے شکریہ نہیں کہا تھا
"یعنی گیارہ بجے سے پہلے تم نے میرے شکریہ کا انتظار کیا"
نہال اب اس کی طرف مسکراتی نظروں سے دیکھتا ہوا پوچھنے لگا عنایہ اس کی بات سن کر ایک بار پھر نظریں جھکاؤ گئی
"میں نے تمہیں اس دن اس لئے کال کر کے شکریہ نہیں کہا کیونکہ میں تمہیں فیس ٹو فیس شکریہ ادا کرنا چاہتا تھا۔۔۔ میرے پرپوزل کو ایکسیپٹ کرنے کے لیے بہت بہت شکریہ،، میں جانتا ہوں ہم دونوں کے بیچ گیارہ سال کا ایج ڈفرینس ہے،، ایک 18 سال کی لڑکی اور 30 سال کے مرد کی مینٹلیٹی، ان دونوں کی سوچوں میں کافی فرق ہوتا ہے۔۔۔ میں پوری کوشش کروں گا یہ فرق ہم دونوں کے رشتے میں حائل نہ ہو۔۔۔ تم بغیر جھجکے،، بغیر شرمائے مجھ سے اپنی ہر بات،، ہر پرابلم شیئر کرسکتی ہو۔۔۔ میں تھوڑا بہت ریزرو نیچر کا مالک ہوں ہر کسی سے ایک دم فرینک نہیں ہوتا مگر کمپلیکیٹڈ ہرگز نہیں ہوں۔۔ اسطرح گھبرانا چھوڑ دو عنایہ ہم دونوں کی طرف کوئی نہیں دیکھ رہا" اپنی بات کے اختتام پر ایک دفعہ پھر نہال نے نرمی سے عنایہ کو بولا جو مسلسل اسٹیج سے نیچے کسی اور کو دیکھنے میں مصروف تھی
"مامی نے سختی سے منع کیا تھا کہ آپ سے زیادہ بات کرنے کی اور فرینک ہونے کی ضرورت نہیں ہے،،، مامی بہت دیر سے ہم دونوں کو دیکھی جا رہی ہیں وہ بعد میں مجھ سے ناراض ہوگیں" عنایہ نہال کو دیکھ کر بے چارگی سے بولی۔۔۔ شاید نہال کے تھوڑی دیر پہلے بخشے ہوئے اعتماد کی وجہ سے عنایہ اس طرح اس سے عشرت کے بارے میں بول گئی۔۔۔۔ نہال نے جب عشرت کی طرف دیکھا تو وہ واقعی ان دونوں کو ناپسندیدہ نظروں سے ہی دیکھ رہی تھی
"عنایہ بڑوں کا احترام چھوٹوں پر لازم ہوتا ہے لیکن ہمارے بڑے اگر جان کر زیادتی کریں تو اپنے حق کے لئے بولنا چائیے۔۔۔ کسی سے بھی ڈرنے کی ضرورت نہیں ہے،، اگر خالہ جانی بعد میں کچھ بھی کہئے،،، تو کہہ دینا آپ کا بھانجہ خود مجھ سے بات کرنے میرے پاس آیا تھا۔۔۔ ویسے اب وہ تمہیں کچھ بھی نہیں کہیں گی بے فکر ہوجاؤ"
نہال اس کو نروس دیکھ کر اسٹیج سے جانے لگا مگر کچھ یاد آنے پر پلٹا
"اور ہاں سب سے امپورٹنٹ بات تو بتانا بھول ہی گیا"
نہال عنایہ کو دیکھتا ہوا بولا تو عنایہ بھی اس کو دیکھنے لگی
"تم بہت پیاری لگ رہی ہو"
نہال کے بولنے پر عنایہ نے نہال کی طرف دیکھا۔۔۔ نہال کی آنکھوں میں اپنے لیے پسندیدگی دیکھ کر عنایہ نے ہلکی سی اسمائل دی نہال مسکراتا ہوا اسٹیج سے اتر گیا