Chapter 16: قسط 16

نائلہ ظہر کی نماز کیلئے وضو کرنے جارہی تھی جب دروازے پر دستک ہوئی۔۔۔۔ شانزے کے کالج آنے میں ایک گھنٹہ تھا۔۔۔ کون ہو سکتا ہے نائلہ نے سوچتے ہوئے دروازہ کھولا سامنے نوفل کو دیکھ کر اس کے چہرے پر مسکراہٹ آئی

"السلام علیکم آنٹی کیسی ہیں آپ"

نائلہ کو دیکھ کر نوفل نے اس کی خیریت دریات کی

"وعلیکم السلام جیتے رہو اندر آؤ بیٹا"

نائلہ نے اسے راستہ دیتے ہوئے کہا

"بہت دنوں بعد چکر لگایا تم نے"

نائلہ نوفل کو دیکھتے ہوئے پوچھنے لگی

"بس آج کل تھوڑی مصروفیت چل رہی ہے اس وجہ سے آنا نہیں ہو رہا۔۔۔۔ آپ بتائیں کوئی مسئلہ کوئی پریشانی تو نہیں ہے"

نوفل نائلہ سے پوچھنے لگا

"اللہ کا بہت بڑا کرم ہے بیٹا کوئی پریشانی نہیں اب تو۔۔۔ تم بتاؤ تمھارے دوست کی طبیعت کیسی ہے اب"

وہ نوفل کو دیکھتی ہوئی پوچھنے لگی

"اس کی طبیعت میں کوئی خاص فرق نہیں آیا وہ ویسی ہی بے ہوشی کی حالت میں ہے۔۔۔۔ آپ پلیز دعا کریں گا اس کے لیے"

نوفل نائلہ سے کہنے لگا

"انشاءاللہ اللہ بہتر کرے گا تم سناؤ تمہاری امی اور بھائی کیسے ہیں"

نائلہ نوفل سے پوچھنے لگی

"الحمدللہ وہ دونوں کی ٹھیک ہیں۔۔۔ آنٹی آپ نے کبھی اپنی بڑی بیٹی کا ذکر نہیں کیا میرا مطلب ہے شانزے کے منہ سے ان کا ذکر سنا تھا مگر وہ کبھی دکھی نہیں۔۔۔ اگر آپ نہیں بتانا چاہتی تو اٹس اوکے میں نے بس یونہی پوچھ لیا تھا"

نوفل کے دماغ میں جو سوال گلبلا رہا تھا وہ اچانک ہی نائلہ سے پوچھ بیٹھا مگر نائلہ کے ایک دم بدلتے تاثرات دیکھ کر اس کی مرضی کہہ کر بات ختم کردی

"ایک دردناک حادثہ اس کی زندگی میں رونما ہوا تھا۔۔۔ اس حادثے کی وجہ سے وہ ہم سے کافی دور چلی گئی اب ہمارے پاس موجود نہیں ہے فرحین"

نائلہ ناپ تول کر نوفل کو بتانے لگی مگر نوفل فرحین کے نام پر چونکا ساتھ ہی ایک چہرہ بھی اس کو یاد آیا

"فرحین۔۔۔ میرا مطلب ہے آپ کی بیٹی کا نام فرحین ہے"

نوفل کو سمجھ میں نہیں آیا وہ آگے کیا پوچھے نائلہ اٹھ کر کمرے میں موجود ڈیوائیڈر کے پاس گئی اور اس میں سے البم نکال کر لائی

"شانزے سے دس سال بڑی تھی یوں سمجھ لو شانزے کو اسی نے پالا ہے۔۔۔ خوش اخلاق جلد گھل مل جانے والی"

نائلہ البم نوفل کے سامنے رکھتے ہوئے سوچنے لگی آگے کیا بولے۔۔۔ نوفل نے البم کھولا۔۔۔ البم کھولتے ہی اس کی پہلی تصویر پر نظر پڑی اس کے پیروں تلے زمین نکل گئی

"یہ۔۔۔ یہ آپ کی بیٹی میرا مطلب فرحین"

نوفل کی حالت غیر ہونے لگی وہ بہت مشکلوں سے اپنے تاثرات پر کنٹرول کر پایا نوفل کے جواب پر نائلہ نے اقرار میں سر ہلایا اور اپنے آنسو پونچھے۔۔۔ نوفل کو اب گھٹن کا احساس ہونے لگا وہ ایکدم کھڑا ہوگیا

"بیٹھو تمہارے لئے چائے لے کر آتی ہوں"

نائلہ نوفل کو دیکھ کر کھڑی ہو کر کہنے لگی

"چائے کی ضرورت نہیں ہے کام یاد آ گیا ہے پھر آؤں گا" نوفل بولتا ہوا نائلہ کا جواب سنے بغیر گھر سے نکل گیا

"ہہممم تو پڑھائی ہو رہی ہے گڈ،، کونسا پیپر ہے کل تمہارا"

رات کے کھانے کے بعد نمیر اپنے کمرے میں آیا تو عنایہ کو کتابوں میں گم دیکھا وہ بیڈ پر اپنے نوٹس پھیلائے پڑھائی میں مگن تھی۔۔۔ فرمان کے گھر سے آنے کے بعد،، دو دن سے وہ دوسرے کمرے میں پڑھتے پڑھتے وہی سو جاتی تھی۔۔۔ آج نمیر ہسپتال سے کافی لیٹ آیا تو عنایہ بیڈ روم میں ہی بیٹھے پڑھنے لگی

"کل نہیں پرسوں ہے پیپر کیمسٹری کا" عنایہ نمیر کے لئے بیڈ خالی کرتی نوٹس اور بکس سمیٹ کر دوسرے کمرے میں جانے لگی

"وہاں جانے کی ضرورت نہیں ہے یہی بیٹھ کر پڑھو" نمیر اس کا ارادہ بھانپ کر اس کے ہاتھ سے بکس اور نوٹس لے کر دوبارہ سائیڈ پر رکھتا ہوا بولا اور خود بیڈ پر اس کے برابر میں نیم دراز ہو گیا عنایہ کچھ کہے بغیر بیڈ پر ہی نمیر سے تھوڑے فیصلہ قائم کرتی ہوئی بیٹھی اور نمیر کی طرف ہاتھ بڑھا کر اپنا دوپٹہ بیڈ سے اٹھانا چاہا تب ہی نمیر نے اس کے ہاتھ پر اپنا ہاتھ رکھا اور دوسرے ہاتھ سے دوپٹہ لے کر سائیڈ پر رکھا

"جیسے میرے آنے سے پہلے ریلیکس پڑھ رہی تھی ویسے ہی پڑھو"

نمیر عنایہ کو دیکھ کر بولا اسکے ہاتھ پر سے اپنا ہاتھ ہٹایا عنایہ دوبارہ اپنے نوٹس میں سرجھکائے پڑھنے لگی مگر اب اس کا دھیان پڑھائی کے ساتھ ساتھ نمیر پر بھی تھا وہ کن اکھیوں سے اپنے برابر میں لیٹے ہوئے نمیر پر نظر ڈال کر اپنا پڑھنے لگی۔۔۔ نمیر خود بھی اس کی بک اٹھائے دیکھنے لگا

"کبھی چیٹنگ کی ہے"

نمیر بک میں دیکھتا ہوا یقیناً عنایہ سے پوچھ رہا تھا۔۔۔ عنایہ نے گھور کر اس کو دیکھا

"آپ کو شکل سے میں ایسی اسٹوڈنٹ لگتی ہوں"

عنایہ برا مانتی ہوئی اس سے پوچھنے لگی

"ایسی اسٹوڈنٹ سے کیا مراد ہے،، چیٹنگ کرنا بھی ایک مہارت کا کام ہے ہر کسی میں چیٹنگ کرنے کے گڈز تھوڑی ہوتے ہیں"

نمیر عنایہ کی بکس رکھتا ہوا اب اس کو دیکھ کر بولنے لگا عنایہ کو اسکے خیالات سن کر افسوس ہوا۔۔ کیسے اسکی خالہ جانی فخر سے بتاتی تھی نمیر نے یونیورسٹی میں ٹاپ کیا ہے۔۔۔ اب کوئی ان کو جاکر ان کی لاڈلے بھانجے کے کارنامے بتائے

"اور اس مہارت کے کام سے آپ یقیناً واقف ہوں گے"

عنایہ طنزیہ لہجے میں کہنے لگی

"تمہارا شوہر ہر کام میں مہارت رکھتا ہے آزما کے دیکھ لینا"

نمیر اس کو دیکھ کر معنی خیزی سے بولا عنایہ نے ایک بار پھر اپنی نظریں نوٹس میں جھکالی

"مجھے کیا ضرورت پڑی ہے آپ کو آزمانے کی،،، اب تو ویسے بھی آپکا کام بس مجھے ڈرانا اور میری جان کو ہلکان کرنا رہ گیا ہے"

عنایہ اپنے نوٹس میں دیکھ کر افسوس کرتی ہوئی بولی جبکہ نمیر اس کی بات سن کر اپنی مسکراہٹ چھپا گیا

"مجھے کیا ملے گا بھلا ننھی سی جان کو ڈرا کر اور ہلکان کر کے۔۔۔۔ میں نے تو تم سے ہم ردی کرتے ہوئے پوچھا اگر پڑھا نہیں جارہا تو چیٹنگ کرنے کی ایک دو ٹرکس سمجھا دیتا ہو"

نمیر شرارتی انداز میں اس سے گویا ہوا عنایہ نے تعجب سے نمیر کو دیکھا وہ یقیناً دنیا کا پہلا شوہر ہوگا جو اپنی بیوی کو نقل کرنے کے گُر سے آگاہی دے رہا تھا

"کوئی ضرورت نہیں ہے مجھے ٹرکس سیکھنے کی،،، میری بہت اچھی تیاری ہے اور اب تو میں ریوائز کر رہی ہو"

عنایہ مغرورانہ انداز اختیار کرتی ہوئی بولی

"ڈیٹس گڈ،،، چلو پھر دیکھ لیتے ہیں کتنی تیاری ہے تمہاری"

نمیر عنایہ کے آگے سے نوٹس اٹھاتے ہوئے بولا

"Explain the structure of co2"

"نمیر عنایہ کو دیکھتا ہوا اس کے جواب کا انتظار کرنے لگا

Carbon dioxide is a linear molecule with two double bonds between....."

"اسطرح تو مت دیکھیں ورنہ مجھ سے بولا نہیں جائے گا"

عنایہ نمیر کے دیکھنے کے انداز سے کنفیوز ہوتی ہوئی بولی

"کس طرح دیکھ رہا ہوں میں"

نمیر اپنی مسکراہٹ چھپاتا حیرانگی سے پوچھنے لگا

"یہی جو آپ مجھے اسطرح گھور رہے ہیں بلکے کنفیوز کر رہے ہیں۔۔۔ اسطرح تو میں یاد کیا ہوا سب سبق بھول جاؤ گی"

عنایہ اس کو دیکھ کر شکوہ کرنے لگی

"یہ بولو تمہاری خود کی کوئی تیاری نہیں ہے نکمی اسٹوڈینٹ ہو تم"

نمیر اس کو چڑاتا ہوا بولا

"کوئی نکمی اسٹوڈینٹ نہیں ہوں میں،، بک میں سے کہیں سے بھی کچھ بھی پوچھ لیں سب لکھ کر بتا دو گی میں۔۔۔۔ بہت اچھی ہو میں کیمسٹری میں یقین نہیں آتا تو بے شک اپنے بھائی سے پوچھ لیں" عنایہ اپنی رو میں بولتی چلے گئی آخری جملے پر اس نے نمیر کے تنے ہوئے نقوش دیکھے تو اپنی غلطی کا احساس ہوا وہ چپ ہو گئی

"آپ کو صبح افس جانا ہوگا میں دوسرے روم میں جاکر ریویژن کر لیتی ہوں"

عنایہ نے اس کے ہاتھ سے نوٹس لیتے ہوئے کہا

"اب کی بار میں جو بھی کوئسچن کروں گا اس کا آنسر مجھے دیکھ کر بنا کنفیوز ہوئے کونفیڈنس سے دینا۔۔۔ ورنہ آج رات تم سو سکوں گی یہ تم بھول جاؤ"

نمیر اس کے ہاتھ سے دوبارہ نوٹس لیتے ہوئے کہنے لگا

اب وہ اس سے دوبارہ سے سوالات کر رہا تھا۔۔۔ عنایہ اب کی بار بھی اس کے سوالات کا جواب دیتے ہوئے اس کی آنکھوں کی تپش نہ سہہ پائی تو بنا بیچ میں رکے اپنا جواب نظریں جھکائے مکمل کرتی رہی

نمیر اس کا ایک ایک انداز نوٹ کر رہا تھا وہ آنکھیں جھکائے اس کے پوچھے گئے ہر سوال کا جواب آہستہ سے دے رہی تھی۔۔۔۔ کافی دیر سے وہ اس کے سامنے بنا دوپٹے کے بیٹھی تھی نمیر اس کا بھرپور جائزہ لینے کے بعد اب اس کا چہرہ دیکھنے لگا۔۔۔۔ اب عنایہ اپنی جمائیوں کو روک کر اس کے سوالات کا جواب دے رہی تھی۔۔۔ تب نمیر کو اس پر ترس آیا اور اس نے عنایہ سے مزید سوالات پوچھنے کا ارادہ ترک کیا۔۔۔ نوٹس کو ایک طرف اچھال کر وہ خود بھی بیڈ پر سونے کے لئے لیٹ گیا۔۔۔ اس کو لیٹا دیکھ کر عنایہ نے بھی شکر ادا کیا اور بکس اٹھا کر اپنی جگہ پر رکھی۔۔۔ اب وہ اپنا دوپٹہ دیکھنے لگی جو آدھا نمیر کے کندھے کے نیچے دبا ہوا تھا۔۔۔ کتنی دیر سے وہ نمیر کے سامنے بغیر دوپٹے کے بیٹھی تھی عنایہ کو احساس ہی نہیں ہوا

"نمیر مجھے اپنا دوپٹہ چاہیے پلیز تھوڑا سا ہٹیں"

عنایہ جھجکتی ہوئی نمیر سے بولنے لگی

"کس لئے چاہیے دوپٹہ"

وہ گہری نظروں سے ایک بار پھر اس کا بھرپور جائزہ لینے میں مصروف ہوگیا

"اوڑھنا ہے مجھے"

عنایہ نظریں نیچی کر کے اس سے کہنے لگی

"کیوں یہاں پر کمرے میں اور کون موجود ہے جو تمہیں دوپٹہ اوڑھنا ہے"

نمیر غور سے اس کا چہرا دیکھتا ہوا پوچھنے لگا،، عنایہ کی جھکی نظریں دیکھ کر اس کا دل شرارت پر آمادہ تھا

"کیوں کمرے میں آپ موجود نہیں ہیں کیا"

عنایہ نے بولنے کے ساتھ خود ہاتھ بڑھا کر اپنا دوپٹہ لینا چاہا تبھی نمیر نے اس کی کلائی پکڑی

"میں کون ہوں تمہارا"

نمیر عنایہ کی نازک کلائی تھامے،، اسکو دیکھتا ہوا سنجیدگی سے پوچھنے لگا

"ہاتھ چھوڑیے نیند آرہی ہے مجھے"

عنایہ نے بولنے کے ساتھ ہلکی سی مزاحمت کی جس پر نمیر نے اس کی کلائی پر گرفت اور تنگ کردی

"پہلے میرے سوال کا جواب دو میں کون ہو تمہارا"

عنایہ کے ہاتھ پر گرفت سخت رکھنے کے باوجود وہ لہجے میں نرمی لاتا ہوا پوچھنے لگا

"شش۔۔۔ شوہر"

عنایہ کو پچھتاوا ہوا دوپٹہ مانگ کر اس نے اچھی مصیبت خود اپنے گلے میں ڈالی

"شش۔۔۔ شوہر کا مطلب جانتی ہو"

نمیر بہت پیار سے لہجے میں نرمی لائے اس سے پوچھنے لگا

"نمیر،، اب آپ مجھے تنگ کر رہے ہیں"

عنایہ نے مزاحمت ترک کی مگر نظریں ابھی بھی اسکی جھکی ہوئی تھی

"یہ بھی الزام ہے تنگ میں نہیں تم مجھے کرنے لگی ہو اب"

نمیر نے اس پر ترس کھا کر اس کی کلائی چھوڑتے ہوئے کہا

"دوپٹے کو میرے سامنے کمرے میں اوڑھنے کی ضرورت نہیں ہے۔۔۔ ہاں کمرے سے باہر احتیاط اچھی چیز ہے،، چلو اب کمرے کی لائٹ بند کرو"

نمیر اس کو آرڈر دیتا ہوا بولا۔۔۔ عنایہ بغیر دوپٹہ لیے کمرے کی لائٹ بند کر کے نائٹ بلب جلاتی واپس بیڈ پر آئی تاکہ اپنا تکیہ لے کر صوفے پر جاسکے وہ تکیہ اٹھا کر صوفے پر لیٹنے ہی والی تھی کہ نمیر کی آواز پر اس کے قدم تھم گئے

"کیا مجھے یہ روز روز بتانا پڑے گا کہ تمہیں اب کہا پر سونا ہے۔۔۔۔ واپس آکر بیڈ پر لیٹو" عنایہ نے بیچارگی سے اس کی طرف دیکھا تو نمیر اسی کو دیکھ رہا تھا۔۔۔ عنایہ سست قدم اٹھاتی۔۔۔۔ بیڈ پر آئی اور لیٹ گئی مگر دو دن پہلے کی طرح تکیہ بیچ میں رکھنا نہیں بھولی

"ویسے یہ تکیہ بیچ میں رکھنے کی کیا لاجک ہے ذرا بتانا"

نمیر زیرو بلب کی روشنی میں اس کا روشن چہرہ دیکھتا ہوا پوچھنے لگا

"تاکہ آپ مجھے سکون سے سونے دیں"

عنایہ جھلا کر بولی وہ آج پھر اپنی باتوں سے اسے زچ کر رہا تھا

"اووو تو تمہارا مطلب ہے رات میں اگر میں تم پر حملہ آور ہوجاؤ تو یہ تمہارا حفاظتی ہتھیار ہے" نمیر عنایہ کو دیکھتا ہوا پوچھنے لگا شرارت اسکی آنکھوں میں ناچتی ہوئی عنایہ کو صاف دکھائی دی

"اگر آپ نے اب مجھے تنگ کیا تو میں آنٹی سے جاکر بولوں گی نمیر"

عنایہ نے اپنی طرف سے اسے ڈرانا چاہا

"کیا بولو گی ماما کو جاکر،،، آپکا بیٹا تنگ کر رہا ہے مجھے"

نمیر معصومیت سے اس سے پوچھنے لگا

"بہت برے ہیں آپ،، مجھے معلوم ہے آپ مجھے یہاں پر سونے ہی نہیں دے گیں"

عنایہ واقعی تنگ آکر اپنا تکیہ اٹھا کر صوفے پر جانے لگی

"اے شرافت سے لیٹو یہی پر۔۔۔ آتا کیا ہے تمہیں سونے کے علاوہ۔۔ شکر کرو بچت ہوئی وی ہے تمہاری اور یہ بارڈر لائن میں پار نہیں کر رہا"

اس کو بیڈ سے اٹھتا دیکھ کر نمیر نے ڈپٹنے کے انداز میں کہا عنایہ خاموشی سے واپس لیٹ گئی نمیر بھی اسکو تنگ کرنا بند کرکے سونے کی کوشش کرنے لگا

*****

چھ سال پہلے

آج یونیورسٹی کے آڈیٹوریم ہال میں فائنل آئیر کے پاس آؤٹ ہونے والے اسٹوڈنٹ کی الوداعی پارٹی منعقد کی گئی تھی

"نہال نہیں پہنچا ابھی تک"

نوفل نے اپنی ریسٹ واچ میں ٹائم دیکھتے ہوئے نمیر سے پوچھا

"طبیعت ٹھیک نہیں تھی اس کی صبح سے،،، بول رہا تھا بہتر فیل کرے گا تو آئے جائے گا۔۔۔ اس کو چھوڑ وہ دیکھ علیشبہ"

نمیر نے نوفل کی توجہ علیشبہ کی طرف مندمل کی جو کہ اپنی سہیلیوں کے ساتھ کھڑی تھی

"اسے چھوڑ بہن جیسی لگنے لگی ہے وہ مجھے۔۔۔ وہاں دیکھ فرحین"

نوفل نے نمیر کی توجہ آڈیٹوریم ہال کے دروازے دلائی جہاں سے فرحین اندر آ رہی تھی۔۔۔ اسے دیکھ کر نمیر کے چہرے پر بیزاری کے تاثرات ابھرےے

"چیونگم کی طرح فل چپکو ٹائپ چیز ہے۔۔۔ خاص قسم کی چڑ ہے مجھے اس لڑکی سے"

نمیر کی بات سن کر نوفل ہنسا

"اتنی بری بھی نہیں شاید وہ تمہیں لائک کرتی ہے ورنہ آج تک کسی دوسرے لڑکے کو تو لفٹ نہیں کرائی"

نوفل نمیر کا بےزار چہرہ دیکھ کر اسے بتانے لگا

"ہاہا لائک کرتی ہے۔۔۔ اگر لائک کرتی تو چار مہینے پہلے جب میں،، تم،، شہریار اور فواد کلاس روم میں اسموکنگ کر رہے تھے تو ہماری ڈین سے کمپلین نہیں کرتی،، یاد ہے کس طرح ہم چاروں کو وارننگ ملی تھی اور وہ بات بھول گئے تم،، جب اس نے مجھے سر امتیاز کے سامنے کیسا گندہ کروایا تھا۔۔۔ کہ میں اس کی دوست کو چھیڑ رہا ہوں۔۔۔ شازمین اس کو چھیڑوں گا میں اتنے برے دن آگئے ہیں میرے"

نمیر نے فرحین سے چڑ کی اپنی اصل وجہ بتائی

"یار شازمین کو لے کر تو اسے غلط فہمی ہوئی تھی جس کی اس نے بعد میں تم سے معافی مانگ لی تھی"

نوفل نے بھی نمیر کو یاد دلایا

"اس کے سوری بولنے سے کیا ہوتا ہے سر امتیاز کے سامنے تو میرا امیج خراب ہوگیا نہ"

نمیر سر جھٹکتا ہوا بولا

"چل پھر آج ان دونوں باتوں کا اس سے بدلہ لے لیتے ہیں تاکہ فیورل پارٹی ہمارے لیے بھی یادگار رہ جائے اور فرحین صاحبہ کے لیے بھی"

نوفل کی آنکھوں میں نمیر کو چھلکتی ہوئی شرارت اسے صاف دکھائی دی

"وہ کیسے"

نمیر نے نوفل سے جاننا چاہا

"تمہیں وہ کلاس روم یاد ہے جس میں چند سال پہلے بائیلوجی گروپ کی ایک اسٹوڈینٹ نے سوسائڈ کی تھی"

نوفل نے نمیر کو دیکھ کر پوچھا

"وہ روم تو لاک ہے شاید وہاں کسی کو جانا بھی الاؤ نہیں"

نمیر نوفل کو دیکھتا ہوا بتانے لگا جس پر نوفل مسکرایا

"آج وہ لاک نہیں ہے۔۔۔ اب آگے کا آئیڈیا سن"

نوفل نمیر کے کان میں بولنے لگا جس پر نمیر کے چہرے پر مسکراہٹ آئی

"یہاں سب سے الگ تھلگ کھڑے ہوکر کیا سوچا جا رہا ہے"

نوفل فرحین کے پاس آتا ہوا بولا۔۔۔

"شازمین کا انتظار کر رہی تھی ابھی تک آئی نہیں وہ"

فرحین نے نوفل کو دیکھ کر مسکراتے ہوئے بتایا

"تو تم یہاں کھڑی ہوکر شازمین کو سوچ رہی تھی"

نوفل نے فرحین کو دیکھتے ہوئے پوچھا تو وہ دوبارہ مسکرائی

"نہیں میں سوچ رہی تھی یونیورسٹی میں کیسے چار سال گزر گئے پتہ ہی نہیں چلا۔۔۔ کل کی بات لگتی ہے جب یونیورسٹی میں پہلا دن تھا"

اب کے فرحین کی بات سن کر نوفل بھی مسکرایا

"آج یونیورسٹی میں ہم سب کا آخری دن ہے،، یہاں ہم آخری بار جمع ہیں۔۔۔۔ کل سب اپنی اپنی زندگیوں میں مگن ہو جائیں گے معلوم نہیں پھر کون کب کہاں ملتا ہے،، کتنے سال بعد کس کی کس سے ملاقات ہوتی ہے"

نوفل فرحین کو دیکھتا ہوا کہنے لگا نوفل کی بات سن کر فرحین کے چہرے پر مسکراہٹ پھیکی پڑ گئی

"تمہاری نہال اور نمیر سے دوستی ایسی تو نہیں لگتی کہ تم ان سے بعد میں کانٹیکٹ میں نہ رہو" فرحین نوفل کو دیکھ کر پوچھنے لگی

"ارے ان کی بات تھوڑی کررہا ہوں وہ دونوں تو بچپن کے یار ہیں میرے،،، باقی سب کی بات کر رہا ہوں جیسے تمہارا نمیر سے کانٹیکٹ بعد میں ہوں یا نہ ہوں معلوم نہیں"

نوفل فرحین کو غور سے دیکھتا ہوا کہنے لگا جس پر فرحین ایک دفعہ پھر مسکرانا بھول کر نوفل کو دیکھنے لگی

"اس طرح خاموش رہنے سے کام نہیں چلنے والا،، اگر اس کو پسند کرتی ہو تو آج بتا دو یوں سمجھ لو آج ہی تمہارے پاس دن ہے اور موقع بھی،،، مطلب ابھی اسے سر سرمد نے سیمینار کے پاس والے روم میں بھیجا ہے کسی کام سے"

نوفل فرحین کو دیکھتا ہوا بتانے لگا

"وہ روم اس میں تو کسی لڑکی نے خودکشی کی تھی نہ جس کی وجہ سے وہ روم بند رہتا ہے" فرحین نے حیرت کرتے ہوئے نوفل سے پوچھا

"ہاں یار وہی روم سر سرمد نے وہاں کچھ سامان رکھوایا تھا اسی کو لینے کے لئے نمیر کو بھیجا ہے" نوفل کی بات سن کر فرحین سر ہلا کر سیمینار ہال کی طرف جانے لگی جس پر نوفل کے چہرے پر فاتحانہ مسکراہٹ ری

*****

اس وقت نوفل کا پورا وجود پسینے میں شرابور تھا وہ اپنی لوڈیڈ ریوالور اپنے ماتھے پر رکھ کر بیڈ کر بیٹھا تھا۔۔۔ زور سے آنکھیں میچ کر اس نے ریوالور کا ٹریگر دبانا چاہا،،، ایک بار پھر اس کے ہاتھ کپکپانے لگے۔۔۔۔ خود سے اپنی جان لے لینا کوئی آسان عمل نہیں تھا،،،، ماتھے پر اپنی ریوالور رکھے وہ ایک بار پھر چھ سال پہلے کی بھیانک رات یاد کرنے لگا۔۔۔ جس کے سبب فرحین نہ صرف اپنی عزت بلکہ جان بھی گنوائی تھی۔۔۔۔ اس کا مقصد صرف فرحین کے ساتھ مذاق کرنا تھا مگر اس کو یہ بالکل بھی اندازہ نہیں تھا۔۔۔ کہ اس کا یہ مذاق کسی معصوم کی زندگی لے لے گا

جب جب اس کا ضمیر اسے کچوکے لگاتا تب وہ بہت پچھتاتا کہ کاش اس نے فرحین کو اس رات اس کمرے میں جانے کے لیے نہ کہا ہوتا کاش نمیر نے فرحین کے پیچھے اس کمرے کی کنڈی نہیں لگائی ہوتی

اسی رات اڑتی اڑتی خبر اسٹوڈنٹ کے بیچ آڈیٹوریم ہال میں گردش کرنے لگی کہ سیمینار کے پاس والے روم میں فرحین کو کسی نے زخمی کر دیا ہے،،، یہ خبر سن کر نوفل اور نمیر دونوں ہکا بکا رہ گئے ایک گھنٹے سے زیادہ ہوگیا تھا انہیں کلاس روم کی کنڈی باہر سے لگائے ہوئے۔۔۔ اپنے بیج کے لڑکوں کے ساتھ باتوں میں لگ کر ان دونوں کا ہی ذہن فرحین کی طرف سے ہٹ چکا تھا۔۔۔ اس خبر کے سنتے ہی بہت سے اسٹوڈنٹس کے ساتھ نمیر اور نوفل نے بھی کلاس روم کی طرف جانے کی کوشش کی مگر یونیورسٹی کی انتظامیہ نے اس جگہ پر کسی بھی اسٹوڈنٹ کو جانا الاؤ نہیں کیا۔۔۔ بہت حد تک کوشش کی گئی کہ فرحین کے ساتھ ہونے والا واقعہ دبا دیا جائے کیونکہ یہ دوسرا حادثہ تھا۔۔۔۔ اس سے یونیورسٹی کی ریپوٹیشن پر فرق پڑ سکتا تھا مگر اڑتی اڑتی خبروں سے کافی اسٹوڈنٹ میں چہ میگوئیاں ہونے لگی کہ اس روم میں فرحین کو کسی نے زیادتی کا نشانہ بنا کر قتل کرنے کی کوشش کی

الوداعی پارٹی کے بعد نوفل کے پتہ لگانے پر صرف اتنا معلوم ہوسکا فرحین نامی اسٹوڈنٹ کی الوداعی پارٹی والے دن سیمینار روم کے پاس والی کلاس میں زخمی ہونے کی وجہ سے ڈیتھ ہوگئی تھی

اس کا مذاق فرحین کو اتنا مہنگا پڑ سکتا ہے نوفل نے کبھی خواب میں بھی نہیں سوچا تھا۔۔۔ خواب میں تو اس نے کبھی یہ بھی نہیں سوچا تھا شانزے فرحین کی بہن ہوسکتی ہے۔۔۔ اس نے فرحین سے چھوٹا سا مذاق کرنا چاہا تھا مگر شانزے کو فرحین کی بہن بنا کر تقدیر نے اس کے ساتھ بہت بڑا مذاق کیا۔۔۔ پشیماں حالت میں نوفل کی سوچوں کا محور دروازے کھلنے کی آواز پر ٹوٹا

"کیا ہوا ہے تمہیں تین دن سے،،، نہ کال اٹینڈ کر رہے ہو نہ پولیس اسٹیشن جارہے ہو"

شانزے حیرت زدہ ہو کر اس کے کمرے میں آتی ہوئی بولی

"تم یہاں میرے گھر سب خیریت ہے نا"

شانزے آج فرسٹ ٹائم نوفل کے گھر آئی تھی اس لئے نوفل نے حیرت سے اسے دیکھتے ہوئے پوچھا اور اپنا ریوالور سائیڈ پر رکھا

"یہ تو تم بتاؤ خیریت ہے کہ نہیں امی بتا رہی تھی کہ تین دن پہلے تم گھر آئے تھے اور کچھ کہے بنا ہی واپس چلے گئے۔۔۔ اور فون کالز بھی نہیں ریسیو کر رہے تھے صدیق سے تمہارا ایڈریس لے کر یہاں پر آئی ہو"

شانزے نے ایک نظر اس کی ریوالور کو دیکھا پھر بیڈ پر اس کے پاس بیٹھتی ہوئی بولی وہ خود بھی کالج یونیفارم تھی یقیناً وہ پیپر دے کر سیدھا یہی آئی تھی

"مجھ سے بہت بڑی غلطی ہو چکی ہے شانزے،، بہت بڑی۔۔۔ معلوم نہیں اس کا ازالہ ممکن بھی ہے کہ نہیں"

نوفل اپنا سر دونوں ہاتھوں سے تھامے شانزے کو بولنے لگا

"الٹے سیدھے کاموں سے اپنا اکاؤنٹ بھرو گے تو ایسے ہی پچھتاوا ہو گا ناں۔۔۔۔ یہ اچھی بات ہے کہ تمہیں اپنی غلطی کا احساس ہے۔۔۔ اب اس طرح افسردہ مت ہو میرے سامنے اس طرح تو تم اور بھی برے لگ رہے ہو"

شانزہ نوفل کے دونوں ہاتھ پکڑ کر کہا تو نوفل نے اپنا چہرہ اوپر کیا شانزے اسے دیکھ کر مسکرانے لگی نوفل اسے دیکھنے لگا

"اگر تمہیں کبھی یہ معلوم ہوا کہ میں نے تمہارا اعتبار توڑا ہے یا تم سے چیٹنگ کی ہے تو تم کیا کرو گی شانزے"

نوفل شانزے کو دیکھتا ہوا پوچھنے لگا شانزے کی مسکراہٹ چہرے سے غائب ہوئی اس کی نظر نوفل کی ریوالور پڑی

"جان لے لو گی تمہاری"

وہ ریوالور اٹھا کر نوفل کے سینے پر رکھتی ہوئی بولی

"مگر کیا ہے ناں میں جاننے لگی ہوں۔۔۔ دنیا کا کوئی بھی مرد کچھ بھی کرلے مگر تم میرے ساتھ چیٹنگ نہیں کر سکتے نہ ہی میرا اعتبار توڑ سکتے ہو۔۔۔۔ بھئی لمبے لمبے فلمی ڈائیلاگ میں بالکل نہیں بول سکتی،، وہ تم ہی پر سوٹ کرتے ہیں اسی فورا اپنے پرانے والے موڈ میں واپس آ جاؤ۔۔۔۔ امی تمہیں یاد کر رہی ہیں اس لئے سیٹرڈے کے دن تھوڑا ٹائم نکال کر شرافت سے گھر پہ آ جاؤ۔۔۔ تب تو میں بھی امی کے ساتھ ٹائم نکال کر ایک گھنٹہ دے سکتی ہوں ورنہ منڈے کو تو میرا پیپر ہے میں بزی رہو گی۔۔۔۔ تمہیں معلوم ہے امی تمہیں اپنا بیٹا ماننے لگی ہیں،،، تم ان کی کال ریسیو نہیں کرتے یا گھر نہیں آتے تو وہ تمہیں مس کرتی ہیں۔۔۔ پھر تم نے کیا سوچا ہے تم نے آرہے ہو ناں سیٹرڈے کو"

شانزے نان اسٹاپ بولتی ہوئی آخر میں اس سے گھر آنے کا پوچھنے لگی

"آنٹی کو کہو میرا انتظار مت کیا کریں میں نہیں آ سکتا،،، اور تمہیں بھی مجھ پر اعتبار کرنے کی کوئی ضرورت نہیں ہے،، اعتبار کے ٹوٹنے سے بہت تکلیف ہوتی ہے"

نوفل کو لگا وہ شانزے اور نائلہ کی محبت کے لائق نہیں ہے اپنے منہ سے تو وہ حقیقت بتانے کی ہمت نہیں رکھتا تھا اس لئے شانزے کے سامنے بے رخی برتتے ہوئے بولا

"کیا مطلب لوں میں تمہارا ان باتوں کا"

شانزے بیڈ سے کھڑی ہو کر اس سے پوچھنے لگی

"مطلب واضح ہے تم چلی جاؤ"

نوفل اس سے نظریں چراتا ہوا بولا

"تم مجھے اپنے گھر سے جانے کے لیے بول رہے ہو"

شانزے کو اپنے اندر کچھ ٹوٹتا محسوس ہوا

"نہیں زندگی سے"

نوفل بولتا ہوا دوسرے کمرے میں چلا گیا جبکہ شانزے بے یقینی سے اس کے لفظوں پر غور کرنے لگی

Novelzy · online novels

Stories you won’t put down

Romance, dark romance, mafia, werewolf, billionaire and more, released chapter by chapter. Start with free chapters on any device, unlock premium chapters with coins, and earn rewards as you read.