Chapter 11: قسط 11

نہال کے پاس سے ہو کر وہ گھر آیا بارہ بجے کا وقت نمیر اپنے کمرے میں داخل ہوا اپنے بیڈ روم میں بیٹھی عنایہ کو دیکھ کر وہ چونکا۔۔۔ یہ بھی تو ایک مرحلہ تو جسے اپنی پریشانی میں وہ فراموش کیے بیٹھا تھا

"اب تک سوئی کیوں نہیں، کیا سوچ کر میرے انتظار میں یوں سج سنور کر بیٹھی ہو،، کہ میں واپس آ کر تمہارا گھونگھٹ اٹھاؤ گا،، تمہیں رونمائی دوں گا یا تمہارے حسن کی تعریف کروں گا۔۔۔ اگر تم ان سب باتوں کی توقع کر رہی ہو تو اپنی اس خوش فہمی کو دور کر لو"

نمیر سائڈ ٹیبل پر اپنا والٹ اور کیز رکھتا ہوا، نارمل سے انداز میں بناء اس پر دوسری نظر ڈالے بولا

"آپ کو یہ خوش فہمی کیسے لاحق ہوگئی کہ میں آپ سے ان سب باتوں کی توقع کر رہی ہوں۔۔۔ میری توقعات کا دائرہ کافی محدود ہے، میں جن لوگوں سے اچھے کی توقعات کرتی ہوں، اس لسٹ میں اب آپ کا نام کہیں بھی شامل نہیں۔۔۔۔ نہ ہی مجھے سج سنور کر بیٹھنے کا شوق ہے اور نہ ہی آپ کا انتظار کرنے کا۔۔۔۔ شانزے نے آنٹی کے کہنے پر مجھے تیار کیا ہے اور آنٹی ہی کے کہنے پر میں آپ کا انتظار کر رہی ہوں"

بھلا عنایہ خود کون سا اس شادی پر خوش تھی، جو نمیر اس کو باتیں سنا رہا تھا،، اس لیے عنایہ بھی ہمت جمع کرکے حساب بے باک کرنے لگی۔۔۔ بات مکمل ہونے پر نمیر ناگوار نظر اس پر ڈالتا ہوا قدم بڑھا کر اس کے پاس آیا اور عنایہ کو بازو سے پکڑ کر اسے اپنے سامنے کھڑا کیا

"آج میرے آگے بہت زبان چل رہی ہے تمہاری،، کل یہ زبان کیوں تالو سے چپکی ہوئی تھی جب تمہیں مجھ سے شادی کیلئے بولا جارہا تھا۔۔۔ کیوں نہیں کھولی تم نے اس وقت اپنی زبان" نمیر اس کا بازو سختی سے پکڑ کر سخت لہجے میں اس سے پوچھنے لگا

"آپ کیوں خاموش رہے آپ نے کیوں نہیں انکار کیا اپنی ماما کے سامنے۔۔۔ آپ بھی تو اس شادی پر ناخوش ہیں، تو آپ ہی سب کے سامنے انکار کر دیتے۔۔ جب آپ مرد ہو کر مجبور ہوگئے تو پھر مجھ کمزور لڑکی سے کیا توقع رکھتے ہیں آپ"

نم آنکھوں کے ساتھ عنایہ بھرائے ہوئے لہجے میں بولی۔۔۔ نمیر نے اس کا بازو چھوڑا اس پر سخت نگاہ ڈال کر وارڈروب سے اپنے کپڑے نکالنے لگا کپڑے لے کر چینج کرنے کے غرض سے وہ ڈریسنگ روم میں چلا گیا واپس آیا تو عنایہ ویسی ہی کھڑی تھی

"اب کی ساری رات یوں میرے سر پر کھڑے رہنے کا ارادہ ہے ہٹو میرے سامنے سے"

وہ لائٹ بند کرکے بیڈ پر لیٹتا ہوا بولا عنایہ کو سمجھ میں نہیں آیا وہ کہا لیٹے بیڈ پر نمیر کے برابر میں لیٹنے کا تو وہ سوچ بھی نہیں سکتی تھی۔۔۔ روم میں نظر دوڑانے پر بیڈ کے سامنے ٹو سٹر صوفہ نظر آیا مگر بھلا وہ اتنے چھوٹے صوفے پر کیسے سو سکتی تھی اس لئے روم سے باہر نکلنے لگی

"کیا مسئلہ ہے تمہارے ساتھ اب کمرے سے باہر جاکر ماما پر کیا ثابت کرنا چاہتی ہو تم کہ میں نے تمہیں اپنے کمرے سے نکال دیا" نمیر لیمپ آن کر کے اٹھ کر بیٹھا اور غصے میں عنایہ کو دیکھ کر کہنے لگا

"تو آپ ہی بتائیں ناں پھر کہاں گم کرو اس وقت میں اپنی شکل"

اسے اپنی بے بسی پر غصہ آرہا تھا وہ ضبط کرتی ہوئی بولی

"یہ اتنا بڑا صوفہ نظر نہیں آ رہا تمہیں، یہاں گم کرو اپنی شکل"

نمیر نے صوفے کی طرف اشارہ کرتے ہوئے غصے میں کہا کیونکہ وہ دو راتوں کا جاگا ہوا تھا اور اس وقت اسے شدید نیند آ رہی تھی۔۔ ۔ نمیر کے صوفے کی طرف اشارہ کرنے پر، عنایہ اس بڑے صوفے کا سائز دیکھنے لگی اور قدم اٹھاتی ہوئی صوفے کے پاس آکر،، اپنا آپ اس صوفے پر ایڈجسٹ کرنے لگی،،، کوئی اڑتی ہوئی چیز عنایہ کے منہ پر آگری تو بے ساختہ عنایہ کے منہ سے چیخ نکلی مگر ہاتھ سے ٹٹولنے کے بعد اندازہ ہوا وہ تکیہ تھا جو یقیناً نمیر نے اچھال کر اسے سونے کے لئے دیا تھا،،، مہربانی کے اس انداز پر عنایہ کا دل ہی جل گیا

"عنایہ میں بہت تھکا ہوا ہوں اور مسلسل دو راتوں کا جاگا ہوا ہوں اس وقت میں صرف سونا چاہتا ہوں اب مجھے تمہاری کوئی دوسری آواز نہیں آنی چاہیے"

اندھیرے میں عنایہ کے کانوں میں نمیر کی آواز گونجی اس کے تھوڑی دیر بعد عنایہ کو اندازہ ہو نمیر سو چکا ہے وہ آہستہ سے اٹھی ڈریسر کے سامنے کھڑے ہو کر گلے سے پینڈنٹ اور ایئر رنگز ہاتھوں میں موجود کڑے اتار کر ڈریسر پر رکھتی ہوئی ڈریسنگ روم میں چلی گئی جہاں اس کا سوٹ کیس رکھا ہوا تھا۔۔۔ اپنے لئے ارام دے سوٹ نکال کر چینج کر کے وہ دوبارہ روم میں آئی اور آہستہ سے آکر صوفے پر لیٹ گئی جس پر وہ اپنے پاؤں بھی پوری طرح نہیں پھیلا سکتی تھی،، نیند نہ آنے کے باوجود وہ سونے کی کوشش کرنے لگی

صبح الارم کی آواز پر نمیر کی آنکھ کھلی وہ اٹھ کر بیٹھا تو اس کی نظر سامنے صوفے پر گئی جہاں پر عنایہ سکڑی سمٹی اپنا دوپٹہ اوڑھے صوفے لیٹی ہوئی تھی۔۔۔ ایک لمحے کے لئے نمیر کو احساس ہوا وہ ساری رات ٹو سٹر صوفے پر کیسے سوئی ہوگی۔۔۔۔ نمیر بیڈ سے آٹھ کر اس کے پاس آیا۔۔۔ عنایہ کو آواز دے کر اٹھانے ہی لگا تھا نمیر کی نظر اس کے چہرے پر پڑی وہ جھک کر غور سے عنایہ کو دیکھنے لگا سوتے ہوئے وہ نمیر کو کوئی معصوم سی بچی لگی

"حسین لڑکی"

نمیر کے دل سے بے ساختہ آواز آئی۔۔۔ حسین لڑکی کہہ کر وہ پہلے بھی اکثر عنایہ کو پکارتا تھا۔۔۔ مگر آج غور سے اور اتنے قریب سے عنایہ کو دیکھ کر اسے احساس ہوا اس نے کتنا صحیح اس کا نام رکھا تھا

"میں ایسا کیوں سوچ رہا ہوں"

نمیر عنایہ کو دیکھ کر دل ہی دل میں اپنے آپ سے مخاطب ہوا

"بیوی"

ایک اور آواز اس کے اندر سے ابھری۔۔۔ نمیر نے اپنا ہاتھ آگے بڑھا کر عنایہ کے گال کو نرمی سے چھوا۔۔۔ کئی احساسات اس کے اندر پیدا ہونے لگے

"نکاح کے تین بول ایسی طاقت رکھتے ہیں تمہاری فیلنگز خود ہی چینج ہوجائے گی"

نمیر کو ثروت کی بات یاد آئی،،، وہ ماتھے پر آئے عنایہ کے بال ہٹانے لگا

"نہال کی محبت" ایک اور آواز اس کے اندر سے ابھری نمیر نے جھٹکے سے اپنا ہاتھ پیچھے کیا اور ایکدم کھڑا ہوگیا۔۔۔ اب اس کا دم گھٹنے لگا اس نے کمرے میں موجود کھڑکی کھولی اور کھڑکی سے باہر دیکھنے لگا

"کیا یہ احساس ساری زندگی مجھے تڑپاتا رہے گا کہ میں نے میں نے اپنی بھائی کی محبت سے شادی کی"

نمیر تلخی سے سوچنے لگا۔۔۔ اس نے ایک نظر دوبارہ عنایہ پر ڈالی،، کمرے میں اچھا خاصہ اجالا ہونے کے باوجود وہ گہری نیند میں سو رہی تھی اسے عنایہ کی نیند پر رشک آنے لگا

"عنایہ"

نمیر نے وہی سے اس کو آواز دی مگر وہ اپنے نام کی پکار پر بھی ٹس سے مس نہیں ہوئی نمیر دوبارہ اس کے پاس آیا

"عنایہ اٹھو صوفے سے جا کر بیڈ پر لیٹ جاؤ"

نمیر عنایہ کے پاس کھڑا ہو کر اسے کہنے لگا مگر عنایہ دائی کروٹ لیے صوفے پر گہری نیند سو رہی تھی۔۔۔ کوئی جواب نہ پا کر اس کا بازو ہلانے کے غرض سے نمیر نے اس کی طرف اپنا ہاتھ بڑھایا ہی تھا وہی عنایہ نیند میں سیدھی ہو کر لیٹی۔۔۔ نمیر نے فورا اپنا ہاتھ پیچھے کیا،،، اسی لمحے عنایہ اپنی آنکھیں کھول چکی تھی اور وہ نمیر کو ہاتھ پیچھے کرتے ہوئے بھی دیکھ چکی تھی اس لئے فورا اٹھ کر بیٹھ گئی اور بیٹھنے کے ساتھ ہی اپنا دوپٹہ درست کرنے لگی اب وہ مشکوک نظروں سے نمیر کو دیکھنے لگی

"کون سا نشہ کر کے سو رہی ہو تم کہ تمہاری آنکھیں ہی نہیں کھل رہی ہیں کب سے آواز دی جا رہا ہوں۔۔۔۔ کیا دونوں کانوں کے اندر روئی ٹھونسی ہوئی ہے"

عنایہ کو اپنی طرف شک بھری نظروں سے دیکھ کر وہ الٹا اسی پر چڑھ دوڑا معلوم نہیں وہ اس کے بارے میں کیا سوچ رہی تھی نمیر یہ سوچ کر مزید جھنجھلایا

"کیا کوئی کام تھا آپ کو مجھ سے" عنایہ اب اپنے بالوں کو رول کرکے جوڑا بناتے ہوئے اسے پوچھنے لگی

"آفس جانا ہے مجھے کپڑے نکالو میرے اور ناشتہ ریڈی کرو"

اب نمیر اسے یہ تو ہرگز نہیں کہہ سکتا تھا کہ وہ اسے بیڈ پر آرام سے لیٹنے کے غرض سے جگا رہا تھا اس لیے اسے آرڈر دیتا ہوا خود واش روم چلا گیا

کل تک ان کو ان کے کپڑے کون نکال کے دیتا تھا۔۔۔ عنایہ سوچتی ہوئی وارڈروب کی طرف بڑھی وارڈروب کا دروازہ کھول کر،،، ترتیب سے ہینگ ہوئی شرٹز میں سے رائل بلو کلر کی شرٹ کے ساتھ بلیک ڈریس پینٹ نکالی۔۔۔

وارڈروب میں موجود دراز کے اندر بہت ساری ٹائی رول ہوئی الگ الگ چھوٹے پیکٹس میں موجود تھی۔۔۔ آفس ٹائم میں اس نے اکثر نمیر کو اسی طرح فل ڈریس اپ یا ڈریس پینٹ،، شرٹ کے ساتھ ٹائی میں دیکھا تھا۔۔۔ اب ٹائی سلیکٹ کرنا اس کے لیے مغزماری کا کام تھا اس لیے وہ ڈراز بند کر کے نمیر کے کپڑے وارڈروب کے ہینڈل پر ہینگ کر کے کمرے سے باہر نکل گئی

"ارے بیٹا تم صبح صبح اٹھ کر کچن میں کیوں چلی آئی یہاں آ کر بیٹھو حمیدہ آتی ہوگی"

ثروت اپنے کمرے سے باہر آئی تو عنایہ کو کچن میں دیکھ کر اس سے کہنے لگی

"جی انٹی"

عنایہ اتنا کہہ کر ثروت کے پاس ڈائننگ ٹیبل پر کرسی کھسکا کر بیٹھ گئی

"نمیر جاگ گیا"

ثروت عنایہ کو غور سے دیکھ کر پوچھنے لگی

"جی جاگ گئے ہیں آفس کے لیے تیار ہورہے ہیں"

عنایہ نظریں جھکا کر اپنے ناخنوں کو کھرچتی ہوئی بولی اتنے میں حمیدہ آکر کچن میں ناشتہ تیار کرنے لگی

"نمیر کا رویہ کل رات تمہارے ساتھ ٹھیک رہا"

ثروت جانچتی نظروں سے عنایہ کو دیکھ کر پوچھنے لگی جس پر عنایہ نے نظر اٹھا کر ثروت کو دیکھا

"اس سے کیا پوچھ رہی ہیں،، آپکو جو پوچھنا ہے مجھ سے پوچھ لیں میرے بارے میں،، ویسے بھی اس کی زبان صرف میرے سامنے چلتی ہے باقی سب کے سامنے تو یہ ایسی بن جاتی ہے جیسے اس کے منہ میں زبان ہی نہ ہو"

نمیر بولتا ہوا آیا اور کچھ کرسی کھسکا کر عنایہ کے سامنے بیٹھا عنایہ نے شکوہ کناں نظر اس پر ڈالی وہ عنایہ کی نکالی ہوئی ڈریسنگ میں موجود تھا جس پر بلیک کلر کی ٹائی کا اضافہ تھا جس پر بلو اور گرے کلر کی دھاریاں موجود تھی

"یہ کون سا طریقہ ہے نمیر اپنی بیوی سے بات کرنے کا،،، میری ایک بات ہمیشہ یاد رکھنا جیسے تم نے میری بات مان کر ہمیشہ ایک اچھے بیٹے کا ثبوت دیا ہے اسی طرح میں امید رکھو گی تم عنایہ کے لیے اچھے شوہر ہونے کا ثبوت دو۔۔۔ اگر تم اس کی طرف سے غفلت اور لاپرواہی برتو گے تو میں تم سے خفا ہوگئی اور مجھے معلوم ہے تم مجھے خفا نہیں کروگے"

ثروت نمیر کو دیکھتی ہوئی بولنے لگی،، حمیداں ٹیبل پر ناشتہ رکھنے لگی جب کہا عنایہ دونوں ماں بیٹے کو دیکھنے کے بعد اب ایسے پوز کرنے لگی جیسے اس کا نہیں کسی اور کا ذکر ہو رہا ہے انکے بیچ

"ایکسیلنٹ ماما آپ تو میری توقع سے بھی بڑھ کر اچھی ساس ثابت ہورہی ہیں مگر تھوڑا بہت گائیڈ آپ کو اپنی بہو کو بھی کرنا چاہیے،، یہ اگر میرے کہنے پر عمل کرے گی، میری پسند نہ پسند اور میرے مزاج،، موڈ کو مدنظر رکھتے ہوئے میرے ساتھ ایڈجسٹ کرے گی تو ہی اچھی بیوی ثابت ہوسکتی ہے آدر وائز اچھی بیوی بنانے کے مجھے دوسرے بھی طریقے بھی آتے ہیں"

نمیر ثروت کو دیکھتا ہوا کہنے لگا جس پر عنایہ کا جھکا ہوا سر مزید جھک گیا

"ایک بات اور اگر آپ کی بہو کو مجھ سے کسی بھی قسم کی شکایت ہے کہ میں اس سے لاپرواہی برت رہا ہوں یا اس کے حقوق و فرائض میں کہیں کوئی کمی رہ گئی ہو تو پلیز اسے کہیے گا کہ یہ آپ کی بجائے ڈائیرکٹ مجھ سے بات کرے"

اب کی بار نمیر عنایہ کی طرف ایسے دیکھتا ہوا بولا جیسا عنایہ نے ثروت سے اس کی کوئی شکایت لگائی ہو عنایہ سر اٹھا کر نمیر کو دیکھنے لگی

"تمہیں اپنے حقوق وفرائض کا خود خیال رکھنا چاہیے تاکہ اسے مجھ سے یا تم سے کوئی شکایت کا موقع نہ ملے"

ثروت واضح لفظوں میں نمیر کو جتاتی ہوئی بولی

"جی بالکل آج سے ہی خیال رکھوں گا" نمیر کے کہنے پر عنایہ نے ایک بار پھر اسے دیکھا

"دیکھ کیا رہی ہو ناشتہ سرو کرو۔۔۔ آفس کے لیے لیٹ ہو رہا ہوں میں"

عنایہ کے اس کی طرف دیکھنے پر نمیر اس سے مخاطب ہوا عنایہ کرسی سے اٹھ کر نمیر اور ثروت کو ناشتہ سرو کرنے لگی

"کل سے کمپلیٹ ڈریسنگ نکالنا اور صبح کا ناشتہ اب ڈیلی تم تیار کرنا میرے لئے"

عنایہ کیٹل سے چائے نکالنے لگی تب نمیر اس کو دیکھتا ہوا بولا۔۔۔ ثروت نمیر کو گھورنے لگی جس پر وہ کندھے اچکا کر ثروت کو دیکھتا ہوا بولا

"بیوی ہے یہ میری،، جیسے مجھے اسکی ضرورتوں کا خیال رکھنا ہے۔۔۔ ویسے ہی میری تمام ضرورتوں کا خیال رکھنا اس کا فرض ہے"

نمیر بولتا ہوا ناشتہ کرنے لگا

"کالج کے لئے ریڈی کیوں نہیں ہوئی تم ابھی تک"

عنایہ کے منہ میں پہلا نوالہ گیا ہی تھا نمیر نے اس کو دیکھ کر سوال کیا

"میری بکس ماموں کی طرف رہ گئی ہیں"

نمیر کو دیکھ کر وہ آہستگی سے بولی

"کوئی بات نہیں بیٹا بکس آجائے گے تم دو دن بعد آرام سے چلی جانا کالج،، ویسے بھی کل ہی تو شادی ہوئی ہے" ثروت نے بیچ میں مداخلت کرتے ہوئے کہا جس پر عنایہ اس کو دیکھ کر ہلکا سا مسکرائی

"شادی کرکے کونسا تیر مارا ہے یا کوئی انوکھا کارنامہ انجام دیا ہے جس کی خوشی میں کالج کی چھٹیاں کی جائیں،، میں شام میں بکس لیتا آؤ گا کل صبح سے تم کالج کے لیے مجھے ریڈی ملوگی۔ ،۔۔ آفس جانے سے پہلے میں تمہیں کالج ڈراپ کروں گا۔۔۔ واپسی پر ڈرائیور لے آئے گا"

نمیر عنایہ پر حکم صادر کرتا ہوا بولا جس پر عنایہ جی کہہ کر خاموش ہوگئی

"تھوڑی دیر بعد ڈرائیور کے ساتھ نہال کے پاس چلی جاؤں گی،، تم مجھے آفس سے واپسی پر پک کر لینا"

ثروت کے منہ سے نہال کا ذکر سن کر عنایہ کے دل میں پھانس سی چبھی،، جس سے اس کے چہرے کے تاثرات تبدیل ہوئے جو نمیر کی نظروں سے چھپ نہیں سکے۔۔۔ اس نے ثروت کو سر ہلا کر جواب دیا اب وہ مگ ہاتھ میں تھامے گھونٹ گھونٹ چائے حلق میں اتارتا ہوا عنایہ کے چہرے پر چھائی افسردگی دیکھنے لگا۔۔۔ ناشتے کے بعد وہ ثروت کو خدا حافظ کہہ کر آفس کے لیے روانہ ہوگیا

"تم پریشان مت ہونا بیٹا یوں اچانک اس طرح شادی ہونے کی وجہ سے نمیر کا مائنڈ تھوڑا ڈسٹرب ہے ورنہ تم تو اس کی نیچر اچھی طرح جانتی ہوں اپنے سے منسلک رشتوں کو لے کر وہ بہت زیادہ حساس ہے ۔۔۔ مجھے تمہیں یہ کہنے کی ضرورت نہیں ہے کہ تم نمیر کا خیال رکھنا،،، میں جانتی ہوں تم اس کا خیال رکھو گی کیونکہ تم میری اچھی بیٹی ہو اور اسی وجہ سے میرا انتخاب بھی"

نمیر کے آفس جانے کے بعد ثروت مسکرا کر عنایہ کو سمجھانے لگی۔۔۔ عنایہ اس کی بات پر مسکرا بھی نہیں سکی نہ وہ یہ کہہ سکی وہ اچھی بیٹی ہونے کے ساتھ ساتھ انسان بھی ہے جیسے اس کے بیٹے کا مائنڈ اپ سیٹ ہے ویسے اس کا بھی مائنڈ اپ سیٹ ہوا ہے اگر نمیر اپنے سے منسلک رشتوں کو لے کر حساس ہے تو۔۔۔ اس نے کونسا اپنا اور عنایہ کے رشتے کو دلی طور پر قبول کیا ہے جو وہ عنایہ کے لیے حساس ہوگا یہ سوچ کر عنایہ کا دل مزید خراب ہونے لگا

"تھوڑی دیر بعد نہال کے پاس ہاسپٹل جاؤں گی آج اسے آئی سی یو سے پرائیویٹ روم میں شفٹ کر دیں گے۔۔۔۔ اگر مجھے آنے میں دیر ہو جائے تو پریشان مت ہونا اور گھر کے کسی بھی کام کو ہاتھ لگانے کی ضرورت نہیں ہے آرام کرو اور بیٹا نمیر کے آنے سے پہلے اپنا ڈریس چینج کرکے اچھا سا تیار ہو جانا۔۔۔ نئی شادی ہے تمہاری اس طرح رہو گی تو اس کی طبیعت پر بھی اچھا اثر نہیں پڑے گا،، میں تمہیں اور نمیر کو اچھی خوشحال زندگی گزارتے ہوئے دیکھنا چاہتی ہوں ابھی تمہیں تھوڑا مشکل لگے گا مگر وقت گزرنے کے ساتھ ساتھ سب ٹھیک ہو جائے گا"

ثروت پیار سے اسے سمجھاتی ہوئی اپنے روم میں چلی گئی

*****

"کیا کل نمیر اور عنایہ کی شادی ہوگئی ہے اور آپ مجھے اب بتا رہی

ہیں"

منال موبائل کان پر لگائے صوفے سے شاک کی کیفیت میں اٹھی

"کیوں تم نے انکی شادی میں آکر روڑے ڈالنے تھے جو تمہیں پہلے سے بتا دیتی۔۔۔ کیسا اچھا لڑکا ہمارے ہاتھ سے نکل گیا،،، مجھے تو یہ ملال ہی کم نہیں تھا کہ نمیر نے تمہیں چھوڑ دیا ہے اوپر سے وہ ملا بھی تو کس کو اس نصیبوں جلی اور سبز قدم کو۔۔۔ کیا بتاؤ کیسے ارے چلے ہیں میرے دل پر نکاح کے وقت"

عشرت اب بیٹی سے موبائل پر بات کرتی ہوئی دل ہلکا کرنے لگی

"تو نمیر نے اس منحوس عنایہ کو مجھ پر فوقیت دی۔۔۔۔ اپنا ایگریمنٹ پورا کر لوں پھر دیکھتی ہوں میں آکر ان دونوں کو"

منال سے یہ نیوز ہضم کرنا مشکل ہو رہی تھی تبھی وہ جلتی ہوئی بولی

"اے بی بی بات غور سے سنو اب تمہارے کسی بھی ڈرامے یا اداکاری کی کوئی ضرورت نہیں ہے۔۔ یہ اداکاری کے جوہر اپنی فلموں میں دکھاؤ یہاں پر ڈرامے کر کے ہمارا مزید تماشہ مت بنانا۔۔۔ بہت مشکل سے ہماری عزت اور بات سنبھالی ہے ویسے بھی اب پچھتانے کا کیا فائدہ جب چڑیاں چک گئیں کھیت"

عشرت اپنی بیٹی کے انداز دیکھ کر چمک کر بولی

"کیسی باتیں کر رہی ہے مما میں ایسے ہی ان دونوں کو چھوڑ دوں گی۔۔۔ نمیر میری پسند تھا میری محبت،،، واپس آکر منا لیتی میں اسے۔۔۔ خیر بگڑا تو اب بھی کچھ نہیں ہے واپس آجاؤ پھر دیکھتی ہو نمیر کو بھی اور اس عنایہ کی بچی کو بھی"

منال نے زہر خواندہ لہجے میں کہتے ہوئے کال ڈسکنیکٹ کرکے موبائل صوفے پر اچھالا نمیر اور عنایہ کو ایک ساتھ سوچ کر اس کا موڈ خراب ہونے لگا

*****

"آج کالج نہیں جانا تمہیں"

نائلہ نے کمرے میں آ کر شانزے سے پوچھا جو چائے کا مگ دونوں ہاتھوں سے تھامے کسی گہری سوچ میں گم تھی نائلہ کی آواز پر اپنے خیالوں سے نکل کر دنیا میں واپس آئی

"نہیں ڈیٹ شیٹ مل گئی ہے ویسے بھی آج کل کالج میں کوئی خاص پڑھائی نہیں ہورہی ہے" شانزے نے چائے کا آخری گھونٹ لیتے ہوئے نائلہ کو جواب دیا

"اور تمہاری سہیلی عنایہ کیسی ہے۔۔۔ کیا رخصت ہوکر وہ اپنے سسرال چلی گئی"

نائلہ تخت پر بیٹھتی ہوئی شانزے سے عنایہ کے بارے میں پوچھنے لگی کیونکہ کل رات کو شانزے کے گھر آنے کے بعد ان دونوں کی آپس میں زیادہ بات نہیں ہوئی تھی

"جی کل ہی ثروت آنٹی اسے اپنے ساتھ لے گئی تھی،، کتنے عجیب لوگ ہیں عنایہ کے گھر والے پہلی منگنی کروا کے اس شخص کے خواب دیکھنے کی اجازت دی اور جب عنایہ اس شخص کو دل ہی دل میں اپنا ماننے لگی تو اچانک اسے بتایا گیا کہ اب وہ تمہارا شوہر نہیں بن سکتا لہذا اس کے خواب دیکھنا بند کرکے اب دوسرے کے بارے میں سوچو"

شانزے تلخی سے کہنے لگی مگر یہ بات وہ عنایہ کے سامنے کرکے اس کا مزید دل نہیں دکھا سکتی تھی

"اسی کا نام زندگی ہے بس آگے اللہ اس بچی کے نصیب اچھے کرے۔۔۔ نوفل نے چکر نہیں لگایا کافی دنوں سے وہ بھی وہاں موجود ہو گا ٹھیک ہے نا وہ"

نائلہ شانزے کو دیکھ کر پوچھنے لگی

"اب ہر وقت تو وہ چکر نہیں لگائے گا اپنے بھی کام ہوگے اسے آپ کچھ زیادہ ہی یاد نہیں کرنے لگی ہیں اسے،، ویسے کل رات کو اسی نے مجھے گھر چھوڑا تھا"

شانزے نظریں ملائے بغیر نائلہ کو بتانے لگی کہیں وہ اس کی آنکھوں میں کچھ پڑھ نہ لے

"ہر وقت چکر نہیں لگا تھا مگر فون کر کے میری طبیعت خیریت تو اکثر معلوم کرتا ہے۔۔۔ ایک دو دن سے کال بھی نہیں آئی اس لیے پوچھ رہی تھی۔۔۔ نوفل اچھا لڑکا ہے شانزے میں نے اس کی آنکھوں میں اپنے لیے احترام اور تمہارے لیے پسندیدگی محسوس کی ہے۔۔۔۔ جیسا میں سوچ رہی ہو اگر ایسا ہو جائے تو مجھے دلی طور پر بہت خوشی ہوگی"

نائلہ مسکراتی ہوئی شانزے سے بولی تو شانزے نے ماں کو حیرت سے دیکھا وہ جس بات کو چھپانا چاہ رہی تھی،، وہ اس کی ماں کی بھی دلی خواہش تھی

"امی ہمیں نوفل کو آپی کے بارے میں بتانا چاہیے"

شانزے کچھ سوچتی ہوئی بولی

"کوئی ضرورت نہیں ہے تمہیں اسے کچھ بھی بتانے کی،، کہیں تم نے اسے فرحین کے بارے میں کچھ بتایا تو نہیں"

نائلہ پریشان ہو کر شانزے سے پوچھنے لگی

"میں نے اسے ایسا کچھ نہیں بتایا مگر جیسا آپ نوفل کے بارے میں سوچ رہی ہے ایک طرح سے پھر حقیقت تو اسے معلوم ہونی چاہیے"

شانزے نائلہ کو دیکھتی ہوئی بولی تو نائلہ نظریں چرا گئی

"مجھے جب اور جو مناسب لگے گا میں اس کو بتا دوں گی مگر شانزے تم اسے کچھ نہیں بولوں گی وعدہ کرو مجھ سے"

نائلہ کو بہت سے خدشات لاحق ہونے لگے تو وہ شانزے کو دیکھ کر بولی۔۔۔

شانزے نے نائلہ کی بات ماننے ہوئے اثبات میں سر ہلایا اور ناشتے کی ٹرے لے کر کچن میں چلی گئی

Novelzy · online novels

Stories you won’t put down

Romance, dark romance, mafia, werewolf, billionaire and more, released chapter by chapter. Start with free chapters on any device, unlock premium chapters with coins, and earn rewards as you read.