وہ بیڈ پر گھٹنوں میں اپنا سر دیے بیٹھی تھی۔۔۔ تھوڑی دیر پہلے ہی شانزے اسے سمجھا بجھا کر ڈھیر ساری تسلی اور دلاسے دے کر اپنے گھر کے لئے روانہ ہوئی تھی۔۔۔ عنایہ نے اپنا سر اٹھا کر اپنے دونوں ہاتھ میں لگی مہندی کو دیکھا مہندی کی تقریب والے دن جب یہ مہندی اس کو لگائی جارہی تھی تب وہ بہت خوش تھی یہ بات تو اس کے وہم و گمان میں بھی نہیں تھی کہ یہ مہندی نہال کے نام کی نہیں بلکہ نمیر کے نام کی ہوگی۔۔۔ وہ اپنا چہرہ دونوں ہاتھوں میں چھپا کر رونے لگی اس کے کانوں میں فرمان کی فریاد اور اس کی التجائیں گونجنے لگی۔۔۔ ایک دم دروازہ کھولا عنایہ نے اپنے چہرے سے ہاتھ ہٹائے تو اس کے سامنے نمیر کھڑا تھا ایک دم دونوں کی نظریں ملی اور دونوں ہی ایک دوسرے سے نظریں چرا گئے۔۔۔ ہمت جمع کرکے نمیر اس کے پاس آیا اور بیڈ پر بیٹھا
"عنایہ تمہیں معلوم ہے نہ ہمارے بڑوں نے ہماری زندگی کے متعلق کیا فیصلہ کیا ہے، میں نے ماما کو بہت سمجھایا ہے وہ کسی بھی طرح میری باتوں کو نہیں سمجھ نہیں پا رہی پلیز یار تم کچھ کرو یہ سب کیسے ممکن ہے آخر"
نمیر بے بسی سے عنایہ کو دیکھ کر بولا
"میں کیا کر سکتی ہوں اس سب میں" عنایہ نمیر کو دیکھ کر اس سے پوچھنے لگی
"واٹ ڈی یو مین کیا کر سکتی ہو یار۔۔۔ تم فرمان خالو کو سمجھاؤ کہ تم اس طرح کے بنائے گئے رشتے پر مینٹلی طور پر تیار نہیں ہو تو انہیں دوبارہ سوچنا پڑے گا اس بارے میں۔۔۔ آخر کو شادی کوئی چھوٹی بات نہیں ہوتی یہ زندگی بھر کا معاملہ ہوتا ہے تم پلیز صبح ہوتے ہی اسپتال جانا اور فرمان خالو کے سامنے انکار کر دینا جب تمہاری مرضی نہیں ہوگی تو کوئی بھی تم سے زور زبردستی نہیں کرے گا بلکہ خالو اس بات کو خود ریلائیز کریں گے کہ تم میرے ساتھ زندگی نہیں گزار سکتی عنایہ صرف تمہارے منہ کھولنے سے بات بن سکتی ہے نہیں تو ہم دونوں کے ساتھ ساتھ نہال کے ساتھ بھی بہت برا ہوگا تم سمجھ رہی ہو نا میری بات"
نمیر اس کو بہت آرام سے سب سمجھ آنے لگا عنایہ بہت غور سے اس کی بات سنتی رہی جب وہ خاموش ہوا تو عنایہ بولی
"ڈاکٹر نے سختی سے ہدایت دی ہے کہ ماموں جان کے لئے کسی بھی طرح کی ٹینشن یا ڈپریشن ان کی زندگی کے لیے خطرہ بن سکتا ہے" عنایہ نمیر کو دیکھ کر بولی تو نمیر جبڑے بھینج کر بیڈ سے اٹھا
"یہ اچھی زبردستی ہے ان کے لئے ٹینشن ناگزیر ہے اور وہ ہمیں ٹینشن دیے جارہے ہیں،، میری ایک بات کان کھول کر سن لو عنایہ میں اگر ماما کے دباؤ میں آکر یہ شادی کر بھی لو تو آگے تمہارے ساتھ بہت برا ہوگا اس لئے بہتر یہی ہے کل صبح تم فرمان خالو کے سامنے انکار کر دو اور اگر تم اس وقت کچھ نہیں بولی تو بعد کی ذمہ دار تم خود ہوگی"
نمیر عنایہ سے کہتا ہوا اس کے کمرے سے باہر نکل گیا جبکہ عنایہ اپنے کمرے میں بیٹھی ہوئی اس سارے واقعے میں اپنا گناہ تلاشنے لگی جس کی سزا اسے مل رہی تھی
"کل شام سے لے کر اب تک وہ وہ لاکھوں دعائیں کر چکی تھی کہ کوئی معجزہ ہوجائے نہال کو ہوش آ جائے مگر جب نکاح نامہ اس کے سامنے رکھا گیا تب اسے اندازہ ہوگیا کہ اس کی ساری دعائیں رائیگاں گئی لرزتے ہاتھوں سے اس نے نکاح نامے پر سائن کیا اور اپنی ساری زندگی اس انسان کے نام کردی جس کے ساتھ کا اس نے کبھی تصور بھی نہیں کیا تھا۔۔۔ نکاح کے بعد ثروت نے گلے لگا کر عنایہ کو دعائیں دیں اور عنایہ کے رونے پر وہ خود بھی رو پڑی عشرت سے یہ سب ڈرامہ زیادہ دیر برداشت کرنا مشکل ہوگیا اس نے کبھی بھی نہیں چاہا تھا نمیر سے عنایہ کی شادی ہو وہ حقارت بھری نظر عنایہ پر ڈال کر اس کے کمرے سے باہر نکل گئی
"بس کرو عنایہ کتنا رو گی یہ سب تقدیر کے فیصلے ہوتے ہیں اور تقدیر کے آگے کب کس کا بس چلا ہے۔۔۔ نہ ہی انسان کبھی اپنی تقدیر سے لڑ سکتا ہے۔۔۔ اس لئے اب جو ہو چکا ہے اس کو ایکسیپٹ کرو میں جانتی ہوں۔۔ اس وقت تمہارے لئے نمیر بھائی کے لئے اس حقیقت کو تسلیم کرنا تھوڑا مشکل ہوگا مگر وقت گزرنے کے ساتھ ساتھ سب ٹھیک ہو جائے گا انشاءاللہ"
شانزے گلے لگی ہوئی عنایہ کو سمجھانے لگی وہ کل سے اب تک اس کو اسی طرح سمجھا رہی تھی
"چلو اب منہ دھو کر یہ ڈریس چینج کرکے آؤ۔۔۔۔ ثروت آنٹی دے کر گئی ہیں۔۔۔۔ تمہیں یہ جیولری پہنا کر لائٹ سے میک اپ کردو" عنایہ شانزے کو بے بسی سے دیکھنے لگی شانزے کو اس وقت عنایہ پر ترس آیا وہ اس کا ہاتھ پکڑ کر اسے واش روم کی طرف لے گئی اور اس کے ہاتھ میں ڈریس تھمایا۔۔۔ سی گرین کلر کا ڈریس پر ہلکا سا کام ہوا تھا اس کے ساتھ ایک چھوٹا سا ڈائمنڈ کا سیٹ جو تھوڑی دیر پہلے ثروت شانزے کو روم میں دے کر گئی تھی کہ وہ عنایہ کو پہنا دے
عنایہ کے روم سے جانے کے بعد شانزے اس کا ضروری سامان سوٹ کیس میں رکھنے لگی تاکہ سوٹ کیس کار میں رکھوا دے۔۔۔ عنایہ ڈریس چینج کرکے باہر آئی تو شانزے نے اس کو جیولری پہنائی۔۔۔ عنایہ نے اس کو میک اپ کرنے کے لیے منع کردیا مگر شانزے کے بہت اصرار پر صرف وہ لائٹ سے لپ اسٹک لگوانے پر راضی ہوئی
*****
نمیر نے آج صبح ہی نوفل کو ساری سچویشن فون پر بتائی تھی اس وقت نوفل چار دوستوں اور قاضی کے ہمراہ فرمان کے گھر پر موجود تھا۔۔۔ خاص خاص رشتے داروں اور دوستوں کے سامنے نمیر نے تھکے ہوئے انداز میں نکاح نامہ پر سائن کیا۔۔۔ دوست اور رشتے داروں سے مبارکباد وصول کرنے کے بعد نمیر نوفل کی طرف پلٹا، نوفل اس کو مبارکباد دینے کے لیے بغلگیر ہونا چاہا
"کم ازکم تم تو یہ ڈرامے بازی بند کرو" نمیر نوفل کو دیکھ کر طنزیہ ہنستے ہوئے کہنے لگا
"دیکھو نمیر یہ جو بھی کچھ ہوا"
نمیر نے اسے ہاتھ کے اشارے سے کچھ بھی بولنے سے منع کیا
"ابھی لیکچر سننے کا ہرگز موڈ نہیں ہے میرا،، یہاں سب کچھ دیکھ لینا،، اپنے گھر جانے سے پہلے ماما اور عنایہ کو بھی گھر ڈراپ کر دینا میں نہال کے پاس اسپتال جا رہا ہوں"
نمیر اسکو بولتا ہوا وہاں سے چلا گیا
*****
"کیسی ہو"
نوفل نے کار ڈرائیو کرتے ہوئے شانزے سے پوچھا چند منٹ پہلے اس نے ثروت اور عنایہ کو انکے گھر ڈراپ کیا تھا اب وہ کار شانزے کے گھر کی طرف لے کر جا رہا تھا۔۔۔ نہال کی مہندی والے دن کے بعد وہ شانزے کو آج دیکھ رہا تھا
"شکر ہے خیال تو آیا"
نوفل کے خیریت پوچھنے پر بے ساختہ شانزے کے منہ سے شکوہ نکلا جس پر نوفل اسے گہری نظروں سے دیکھ کر مسکرایا
"مسکرا کیو رہے ہو"
اپنے بے ساختہ جملہ بولنے پر شانزے نے خود پر بھی ملامت کی اب وہ نوفل کو مسکراتا ہوا دیکھ کر اور جھنجھلا گئی
"تمہارے شکر ادا کرنے پر"
وہ اب بھی مسکرا رہا تھا مگر شانزے کی طرف دیکھنے کی بجائے کار ڈرائیو کرتے ہوئے
"اور تو کوئی کام نہیں ہے بس میری باتوں کو ہی پکڑا کرو"
شانزے سر جھٹک کر کہنے لگی تبھی نوفل نے اس کا ہاتھ پکڑا شانزے گھور کر اسے دیکھا تو نوفل نے ایک نظر شانزے پر ڈالی
"ابھی تم نے خود کہا ہے بس باتیں ہی پکڑا کرو"
نوفل شانزے کے ہاتھ کو دیکھتا ہوا کہنے لگا
"اگر میں تم سے باتیں کر لیتی ہوں کار میں تمہارے ساتھ بیٹھ جاتی ہوں تو اس کا یہ مطلب ہرگز نہیں ہے کہ تم مجھ سے فری ہونے کی کوشش کرو میرا ہاتھ چھوڑ دو"
شانزے کے بولنے پر بر خلاف توقع نوفل نے اس کا ہاتھ چھوڑ دیا مگر وہ کار ڈرائیو کرتے ہوئے بولا
"جہاں تک میں تمہیں جانتا ہوں تم کسی بھی مرد کو فری نہیں کرتی کسی سے بلاوجہ باتیں نہیں کرتی نہ ہی کسی کے ساتھ کار میں بیٹھ سکتی ہوں۔۔۔ مگر تم مجھ سے باتیں بھی کر لیتی ہوں اور میرے ساتھ کار میں بیٹھ بھی جاتی ہوں یعنی دوسرے مردوں کی بانسبت تم مجھ پر بھروسہ کرتی ہوں۔۔۔ مجھے اعتبار کے لائق سمجھتی ہوں۔۔۔ تو پھر میرے یوں ہاتھ پکڑنے پر برہم ہونے کی وجہ۔۔۔ جبکہ تمہارا ہاتھ میں نے چند لمحوں کے لئے نہیں بلکہ زندگی بھر کے لئے تھامے رہنا ہے"
آخری جملے پر نوفل نے کار ڈرائیو کرتے ہوئے شانزے کی طرف دیکھا وہ بھی نوفل کو ہی دیکھ رہی تھی
"کبھی کبھی جیسا ہم سوچتے ہیں ویسا ہرگز نہیں ہوتا۔۔۔ اب نہال بھائی اور عنایہ کی ہی مثال لے لو" شانزے کے لہجے میں افسردگی شامل تھی یہ افسردگی عنایہ کے لئے تھی
"اس بات کا یہ ہرگز مطلب نہیں ایک واقعے کو دماغ میں بٹھا کر انسان اپنے لیے اپنے پسند کے متعلق سوچنا چھوڑ دے۔۔۔ شاید نمیر نہال اور عنایہ کے لیے آگے جا کر اسی میں کوئی بہتری ہو ۔۔۔ہاں ابھی جو انکی زندگی میں یوں اچانک طوفان آیا ہے اس کے لیے دل افسرہ ہے" نوفل کار ڈرائیو کرتا ہوا بولا
"طوفان تو یونہی اچانک آیا کرتے ہیں زندگی میں اور پھر سب کچھ بہا کر لے جاتے ہیں،، ہنستی بستی زندگی نوحہ اور ماتم میں تبدیل ہو جاتی ہیں اور ہم مجبور ہوجاتے ہیں اس تبدیلی کے ساتھ جینے میں،، لوگ کہتے ہیں وہ وقت سب سے بڑا مرہم ہوتا ہے وقت کے ساتھ ساتھ زخم بھر جاتا ہے معلوم نہیں زخم واقعی گھر جاتا ہے یا پھر ہم اس زخم کے ساتھ جینے کے عادی ہوجاتے ہیں۔۔ میں امی اور آپی ہم تینوں بھی اپنی چھوٹی سی دنیا میں خوش تھے پھر ایک دن اچانک ہماری زندگی میں بھی طوفان آیا جو ہماری خوشیوں کو بہا کر لے گیا اس وقت میں بارہ سال کی تھی مگر میرا ننھا سا ذہن ساری باتیں سمجھنے لگا وہ دن ہمارے لیے کسی قیامت سے کم نہیں تھا"
شانزے اپنی رو میں کھو کر بولے جا رہی تھی وہ ماضی کی بےدرد یادوں میں کافی آگے نکل گئی جب اپنے ہاتھ پر نوفل کے ہاتھ کا لمس محسوس ہوا تو چونکی اور نوفل کو دیکھنے لگی نوفل بھی اسی کو دیکھ رہا تھا
"تم نے پہلے کبھی نہیں بتایا کہ کوئی تمہاری بہن بھی ہے اور نہ ہی آنٹی نے کبھی ذکر کیا ان کا۔۔۔ کہاں رہتی ہیں تمہاری سسٹر اور یہ کس طوفان کا ذکر کر رہی ہو تم"
نوفل تجسس کے ہاتھوں ایک کے بعد ایک سوال شانزے سے پوچھنے لگا
"معلوم نہیں میں بےخیالی میں کیا کیا بول گئی،، مجھے اندازہ نہیں ہوا چلتی ہوں میں" شانزے کار سے اترنے لگی کیونکہ نوفل کار اس کے گھر کے قریب روک چکا تھا
"شانزے کیا میری ذات اب تک اتنی بے اعتبار ہے کہ تم مجھ سے اپنا آپ شیئر کرتے ہوئے ہچکچاؤ"
نوفل اس کو کار سے اترتا دیکھ کر پوچھنے لگا
"میں نے اور امی نے خود کو بہت مشکلوں سے سمیٹا ہے ماضی کی بھیانک یادوں کا ذکر کرکے میں خود کو دوبارہ ٹوٹتا ہوا نہیں دیکھنا چاہتی۔۔ اگر تم چاہتے ہو کہ میں ہرٹ نہ ہوں تو اس ٹاپک پر دوبارہ کبھی ذکر مت کرنا"
شانزے نوفل کو کہتی ہوئی کار سے اتر گئی مگر کئی سوالات نوفل کے ذہن میں چھوڑ گئی