شیشے کی میز پر بکھرے کاغذات اس کے ہر شک کو سچ ثابت کر گئے تھے۔ وہ صوفے پر گھٹنے سمیٹ کر بیٹھی گمصم ان کاغذات کو گھور رہی تھی۔
جیسیکا فرینک بچپن سے لے کر اب تک ایک دردناک ان چاہی اور ذلت بھری زندگی گزارنے و الی لڑکی ۔ ماں کے بطن سے نکلنے سے لے کر جوانی کی دہلیز پر قدم رکھنے تک ہر چیز کے لیے ہر احساس کے لیے ترستی ہوئی لڑکی اپنی ہی ماں کی نفرت کا شکار لڑکی جس کےپاس ماں کے سوا کوئی رشتہ بھی نہ ہو اور دنیا میں وہی ماں اس سے سب زیادہ نفرت کرتی ہو۔ وہ ایک ان چاہی دھتکاری ہوئی بیٹی تھی۔ اس کی ماں جس ہسپتال میں زیر علاج تھی وہیں اسے کسی نے زیاتی کا نشانہ بنا ڈالا تھا۔ وہ وہاں سے بھاگ نکلی تھی لیکن اس بات سے انجان تھی کہ اس ظلم کی نشانی چند ماہ بعد اس کے ساتھ ایک ان چاہے وجود کو جوڑ دے گی۔
اس کی پیدائش کے بعد وہ اسے اپنے ساتھ ایک مسلط ہوئے عذاب کی طرح اپنے ساتھ رکھتی تھی۔ وہ جیسیکا کو بہت دیر تک بھوکا رکھتی لیکن جب اس کا رونا برداشت سے باہر ہو جاتا تو اسے دودھ دیتی۔ اسی طرح چند سال گزرے تو جیسیکا ہوش سنبھالنے لگی۔ ہوش سنبھالتے ہی بہت سی جان لیوا حقیقتیں سامنے آنے لگیں۔
اس کی ماں بہت خوبصورت مگر زندگی سے بیزار خاتون تھی۔ وہ ایک کیفے میں ملازمت کرتی تھی۔ اس کی دیکھ بھال کے لیے اس نے ایک آیا رکھی تھی۔ وہ سارا دن آیا کے رحم و کرم پر ہوتی اور ماں رات گئے واپس آئی تو کمرے میں بند ہو جاتی۔
وہ جس بیماری میں مبتلا تھی اور اس کی پیدائش سے پہلے زیر علاج تھی وہ کوئی عام بیماری نہیں جب تھی۔ جیسیکا سمجھنے اور سوچنے کے قابل ہوئی تو پتا چلا کہ ماں نشے کی لت کا شکار ہے اور دھیرے دھیرے وہ پھر سے نشہ کرنے لگی تھی۔ جیسیکا چھپ کر اس دیکھتی تو وہ جیسیکا کو پیٹنے لگتی اسے اپنی ساری مشکلوں اور پریشانیوں کی وجہ بتانے لگتی ۔
آہستہ آہستہ اس کی ماں نے اسے ضرورت کا ہر خرچہ دینا بند کر دیا اور اس سے مکمل لاتعلقی اختیار کر لی۔ فقط ایک گھر تھا جہاں وہ رہ رہی تھی۔ آہستہ آہستہ اس کی ماں بالکل بیکار ہو گئی اور نشے نے اسے مکمل اپنی لپیٹ میں لے لیا۔ اب اسے اپنی ماں کبھی کبھار گھر میں دکھنے لگی۔
وہ پندرہ سال کی تھی جب اس نے اپنی پہلی ملازمت شروع کی۔ زندگی میں بہت مشکلیں دیکھیں ان گنت اور نہ ختم ہونے والی تکلیفیں لیکن کچھ سالوں پہلے سب کچھ بدل کر عجیب سا ہونے لگا۔ کو ئی ایسا جو اس پر بنا کسی فائدے کے مہربان تھا۔
اسے اس سے کوئی غرض نہیں تھی۔ بنا کچھ طلب کیے وہ صرف نواز رہا تھا۔ اس کے دیے گئے پیسوں سے کتنی مشکلیں ختم ہونے لگی تھی۔ اس نے ماں کو زبردستی ایک اچھے ہسپتال میں علاج کے لیے داخل کروا دیا تھا وہ آخری وقت تک جیسیکا کو کوستی ہوئی ہسپتال وین میں بند ہوئی تھی۔ اب بھی وہ اس سے ملاقات کے لیے جاتی تو وہ ملنے نہیں آتی تھی۔
وہ اس انجان شخص کی خفیہ مددسے جہاں بہت خوش تھی وہاں الجھ بھی گئی تھی کیونکہ کوئی اتنے سالوں حب چاپ جب کیسے کسی کی ایسے مدد کر سکتا ہے اور پھر اس الجھن کا ایک سرا اس دن کیفے میں ملا انل نے اس کا پورا نام لیا۔ ہاں اس نے اس کا پورا نام لے کر غلطی کی وہ پکڑا گیا۔ اسے شاید اس بات کی خبر نہیں تھی کہ وہ دن رات اپنے اس مددگار کے بارے میں سوچتی ہے اور یہی وجہ تھی کہ اس دن انل کے نام لینے پر ہی وہ محتاط ہو گئی تھی۔
آج اس کا شک درست ثابت ہوا انل ہی وہ شخص تھا جو اسے اتنے سالوں سے پیسے دے رہا تھا۔ کیا کوئی کسی سے اتنی محبت کر سکتا ہے۔ وہ مسکرائی اور سامنے رکھے کاغذات کو اٹھا کر نگاہوں کے سامنے کیا۔
پھر کچھ سوچ کر کاغذ ایک طرف رکھا اور فون اٹھایا انل کا نمبر ملایا ۔ مسلسل فون کی گھنٹی جا رہی تھی لیکن وہ فون نہیں اٹھا رہا تھا۔
یقیناً وہ لیب پہنچ گیا ہو گا۔ کچھ دیر فون نہ اٹھانے پر مایوس ہو کر فون کو دوبا رہ میز پر رکھا اور مسکراتے ہوئے سر کو صوفے کی پشت سے ٹکا دیا۔
ایک عجیب انوکھا احساس تھا۔ کل تک اجنبی لگنے والا انل آج دنیا میں واحد اپنا لگنے لگا تھا۔ ایسا احساس تھا جیسے برسوں تپتے صحرا میں چلنے کے بعد کوئی سایہ مل گیا ہو۔ وہ صوفے کی پشت سے سر ٹکا ئے آنکھیں موندے مسکرا رہی تھی۔
***
"کون ۔۔ ۔ کون کرے گا پھر ؟ "
نتھن نے آنکھیں سکیڑے استفسار کیا۔ سر پر پہنی ٹوپی کو الٹے رخ گھمائے وہ پریشان حال دکھنے والے شخص مشہور فلم پروڈیسرنتھن ڈیوڈ تھا جو اس وقت فلم کے سیٹ کی مکمل تیاری کئے اپنے فلم کے ہیرو کے انتظار میں کھڑا تھا۔
سیم ہالی وڈ کا ایک مہنگا ترین ہیرو جس کو اس نے اپنی ایکشن فلم کے لیے کاسٹ کیا تھاا ور وہ لوگ اس فلم کی شوٹ کے لیے اٹلی آئے تھے۔ آج دوسرا دن تھا اور سیم شراب کے نشے میں دھت ہوٹل میں پڑا تھا اور اسکی فلم کا ہدایت کار اسے عجیب ہی مشورہ دے رہا تھا۔
زِک اینجل اس کی فلم کا جونیر ہدایت کار تھا لیکن وہ بہت محنتی اور ذہین ہونے کے باعث کم عرصے میں ہی اس کے بہت قریب ہو گیا تھا۔
زِک نے اسے نہ صرف اپنی فلم کے ہیرو بدل لینے کا مشورہ دیا تھا بلکہ اسے ایک عدد ہیرو یہیں پر ہونے کا خبر بھی دی تھی جس پر وہ اب حیرت ظاہر کرتے ہوئے اس کے بارے میں پوچھ رہا تھا۔
اس کی اس حیرت پر رک کے لبوں پر مسکراہٹ ابھری اور بھنویں اچکائے آنکھوں سے ہی سامنے اشارہ کیا۔
نتھن نے اس کی نظروں کا تعاقب کیا۔ سامنے کھڑا خوبرو جوان اس کی فلم کا اسٹنٹ مین تھا جسے زِک نے ہی منتخب کیا تھا۔ وہ بہت کم عرصے میں انڈسٹری میں دھوم مچا دینے والا ایکشن اسٹنٹ مین تھا۔ ٹیکنا لوجی کی اس جدت میں اس جیسا نڈر اور بے خوف اسٹنٹ مین نایاب تھا۔
وہ سیاہ لیدر جیکٹ کے نیچے سفید ٹی شرٹ پہنے ایک ہاتھ میں سگریٹ سلگا ئے ٹا نگو ں کو کراس صورت گھمائے گاڑی کے بونٹ سے ٹیک لگائے کھڑا تھا۔
مخصوص انداز میں بال بکھرے ہوئے آنکھیں تھکی سی چڑھی ہوئی سخت بے تاثر چہرہ وہی انداز گمصم سب سے الگ اکیلا اور سیٹ پر سب سے پہلے پہنچ جانے والا ۔
اپنی بہت ساری خوبیوں کے باوجود وہ اس ایک سال میں اور بھی بہت سی باتوں کی وجہ سے نمایاں ہو گیا تھا۔ وہ بہت اکر والا تھا۔ وہ کسی سے گھلنا ملنا پسند نہیں کرتا تھا۔ انڈسٹری میں اس کا کوئی دوست نہیں تھا۔ وہ شراب نہیں پیتا تھا۔ لڑکیوں کے ساتھ نظر نہیں آتا تھا اور بنا مقصد کسی سے بات نہیں کرتا تھا۔
"درانگ ۔ ۔" نتھن کی سرگوشی نما آواز ابھری
اس نے زک کی طرف یوں دیکھا جیسے اس کی دماغی حالت پر شبہ ہوا ہو کیا وہ واقعی درانگ کی بات ک کر رہا تھا۔ ز اب اس کے یوں حیرت سے دیکھنے پر لب بھینچے اثبات میں سر ہلا رہا تھا۔
"ارے نہیں یہ تو اسٹنٹ مین ہے اوپر سے اس کا نخرہ ہیرو سے بھی کہیں زیادہ ہے۔ کسی سے بھی سیدھے منہ بات تک نہیں کرتا۔ "
نتھن نے ہاتھ ہوا میں چلاتے ہوئے اس کی بات کی تردید کی اور پھر ایک آبرو اچکائے کچھ دور کھڑے دران ملک کی طرف دیکھا۔ وہ اب ایک ہاتھ میں سلگتی سگریٹ سے لاپرواہ دوسرے ہاتھ میں پکڑی پا نی کی بوتل اپنے منہ پر الٹ ائے کھڑا تھا۔ پانی نا صرف اس کے چہرہ بلکہ بال بھی بھگو گیا تھا عجیب ہی حرکتیں تھی اس کی۔ نتھن نے فورا رخ زک کی طرف موڑا
" اُدھر دیکھو پاگل ہے۔ یہ اسٹنٹ کر سکتا ہے صرف ادکاری اس کے بس کا کام نہیں " نتھک ن نے نخوت سے نا چڑھائی
"مت بھولو یہ ایک ایکشن فلم ہے تمہیں جو کروانا ہے وہ یہ ہیرو سے زیادہ اچھا کرے گا اور جسا مت دیکھو اس کی تمہارے ہیرو سے اچھی ہے موقع دے کے دیکھو چھوڑ سیم کو وہ صرف تمہیں ذلیل کر رہا ہے۔ " زک اپنی بات پر ڈٹا ہوا تھا نتھن نے پیشانی پر بل ڈالے اور گھور کر دران کی طرف دیکھا جو اس کی پریشانی میں مزید اضافہ کر رہا تھا۔
"شکل ایک طرف رکھو اور اکر دیکھو اس کی "
"تو تمھاری فلم کے ہیرو کی اکر کیا کم ہے۔ آج دوسرا دن ہے نشے میں دھت سو رہا ہے ہوٹل میں۔ اسے یہاں اتنی دور اتنا خرچہ کر کے لائے ہیں اور اس نے صرف ابھی تک دو سین شوٹ کروائے ہیں۔ یہ کم از کم ایسا کچھ تو نہیں کرتا ہے۔ وقت پر آتا ہے اپنے کام سے کام رکھتا ہے۔ "
زِک اس کی انگنت تعریفیں گنوا رہا تھا۔ لیکن درانگ نامی اس نئے لڑکے کو ایک دم سے اپنی اتنی مہنگی فلم کا ہیرو کاسٹ کر لینا یہ فیصلہ نتھن کے لیے اتنا آسان نہیں تھا۔
"اچھا سوچتا ہوں۔ "
"سوچنا نہیں ہے کرنا ہے۔ سیم تو آج بھی نہیں آیا اس سے ایک سین شوٹ کرواتے ہیں۔ "
"وہ سب تو ٹھیک ہے لیکن سیم ۔ اس کا کیا کریں گے۔ وہ ایڈوانس لے چکا ہے۔ "
"وہ مجھ پر چھوڑ دو سب ۔ اب یہ بتاؤ بلاؤں اسے ؟ ایک سین شوٹ کرواتے ہیں۔ "
"ہوں بلاؤ "
نتھن نے پر سوچ حامی بھری ۔ زک سر ہلاتا ہوا آگے بڑھا ۔ چند سکینڈمیں ہی وہ دران کے سامنے کھڑا تھا۔
"کام ہو گیا ہے۔ اب تمھاری باری ہے۔ "
دران نے نگاہ اٹھائی اپنے سامنے کھڑے شخص کی طرف دیکھا اور پھر سگریٹ زمین پر پھینک کر اوپر پاؤں رکھ دیا ہالی وڈ فلم نگری ایک چکا چوند دنیا ۔ پوری دنیا میں ہالی وڈ فلم نگری کا دوسرا کوئی ثانی نہیں۔ یہ ایک بہت بڑی فلم نگری ہے جس کی اپنی ایک الگ اور بہت بڑی دنیا ہے۔
اس چمچاتی دنیا کی حسین شکل سب کے سامنے ہے لیکن اس کی بھیانک شکل سب سے چھپیک ہوئی اور بہت خوفنا ہے۔ حالیہ دہائیوں میں موسیقاروں ، اداکاروں اور متاثر کن چیزوں نے سب سے زیادہ مصائب اسی نگری میں پیدا کئے ؟ افیون کی لت۔ نسخہ آکسی کوڈون اور و سو ڈین سے لے کر ہیروئن اور فیٹینییل تک ہر چیز نے اس نگری سے جڑے بہت سے لوگوں کی جانیں لیں اور ان گنت اس نگری سے باہر دوسروں کو بھی برباد کردیا۔ ہالی وڈ میں منشیات کا استعمال وبا کی سطح تک پہنچ گیا۔
پہلے پہل تو چند باتیں صرف سامنے آئیں کہ مشہور شخصیات نسخے کے ادویہ کے غلط استعمال کو استعمال کرتی ہیں۔ لیکن چند سالوں میں مارک جیکسن ، پرنس ،اور کرین کوبین جیسے پاپ کلچر کی اموات کے لئے افیونز ذمہ دار ٹھہرائیں گئیں۔
یہاں کچھ وجوہات ہیں کہ فلم انڈسٹری میں لت غیر مشہور تناسب سے مشہور شخصیات کو متاثر کرنے لگی لیکن بات نہیں پر ختم نہیں ہوئی۔ ہالی وڈ میں موجود کچھ لوگ ایسے بھی ہیں جو اس چمک دھمک کے پیچھے ایک کالا دھندا چلا رہے ہیں۔ ہیروین سمگلنگ اور ان کی ایک بڑے پیمانے پر کاشت ۔
ایف بی این اور امریکہ اپنی تشکیل دی ہوئی اس ہالی وڈ فلم نگری میں منشیات کی یہ بڑھتی ہو ئی شرح کی زمہ داری مختلف ممالک پر عائد کی جس میں ریڈ چائنہ کے ساتھ پاکستان کا نام بھی لیا گیا۔ ان کے الزام کے مطابق چائنہ اور پاکستان میں بہت بڑی مقد ار میں نہ صرف منشیات کی کاشت ہوتی ہے بلکہ یہاں تک منتقل کی جاتی ہے۔
ان سب باتوں کے پیش نظر پاکستان کی خفیہ ایجینسی میں ایک مکمل اور جاندار منصوبہ تیار کیا گیا جس میں پہلی دفعہ اے ۔ این ۔ ایف فورس نے اپنی تمام فرائض سے ہٹ کر اپنی ہی فورس کے چند جوانوں کو منشیات کے اس لزام کے پیچھے موجود حقائق کی مطلق معلومات اور تحقیق کے طور پر آگے بھیجنے کا فیصلہ کیا۔ یہ مشن اس چمکتی بھڑکتی دنیا میں چھپے ان بھیڑیوں کی کھوج تھی جو اس چکا چوند کی آڑ میں یہ کالا دھندا بھی کر رہا تھا۔ وہ نہ صرف فلم نگری میں موجود لوگوں کو ہی اس کا شکار کر رہے تھے بلکہ اس فلم بینی کی آڑ میں مختلف ممالک میں منشیات کی سمگلنگ بھی سر انجام دے رہے تھے۔
فلم نگری میں موجود اس مافیا کے پیچھے پاکستان کا نام جڑ جانا خود پاکستان کے لیے لمحہ فکریہ تھا کیونکہ ہالی وڈ کی دیکھا دیکھی انڈیا کی فلم نگری بالی وڈ کے مشہور ادکار ابھینات سنگھ کی موت کی وجہ بھی و ہاں کی این سی بی نے پاکستان کے سر دھر دی تھی۔
این سی بی کی تحقیق کے مطابق بھارت ہر روز تقریبا ایک ٹن ہیروئن کھاتا ہے جو پاکستان سے آتی ہے۔ اس کے ساتھ ایسوسی ایٹ ایجنسیوں نے بھی این سی بی کو پنجاب (پاکستان سے) یا گجر ات سے سمندری راستے کے ذریعے آنے والے افغان ہیروئن کے لئے ہندوستان میں پروسیسنگ یونٹ کے امکان سے آگاہ کیا ہے۔ ان کے اس گندے الزام کے مطابق پاکستان کی گہری ریاست دہشت گردی کی مالی اعانت کے لئے منشیات کے پیسوں کو ہمیشہ استعمال کرتی رہی ہے۔
پاکستان ان سب الزامات کو مسترد کرتے ہوئے اپنے ایک خفیہ تحقیقات ٹیم تشکیل دی جو فلم نگری کے اس مافیا کے پیچھے موجود اصل جڑ کو کھوج نکالنا چاہتی ہے جو نہ صرف دوسرے ممالک کی فلم نگری کے جوانوں کو تباہ کر رہی ہے بلکہ اس کے ساتھ پاکستان پراس کی کاشت اور سپلائی کا الزام عائد کر رہی ہے۔
اسی تحقیقات ٹیم کا اہم رکن ایک سال میں ہی اس چمچاتی دنیا میں اسٹنٹ مین سے ہیرو تک پہنچ گیا تھا۔
***
سردی کا زور پکڑتی یہ رات امریکہ میں اس کی آمد کے بعد سے نوین کے گھرپر ساتویں رات تھی۔ امریکہ کے مہنگے ترین علاقے میں بنا نوین ملک کا یہ چھوٹا مگر انیس دہائی کی جدت لیے خوبصورت گھر تھا۔
نوین اور کنز پارکر عرف کنزی نامی اس کی بیوی دونوں کماتے تھے لیکن یہ گھر صرف نوین کی ملکیت تھا۔ کنز پارکر بہت حسین ہونے کے ساتھ بہت سلجھی ہوئی اور خاموش طبع خاتون تھی۔ اگرچہ ان سات دنوں میں اس رات کی ملاقات کے بعد اس کی کنز سے زیادہ بات چیت نہیں ہوئی تھی لیکن اس کی ملازمت سے وا پسی پر کنزی اپنے ڈنر کے ساتھ اس کا ڈنر بھی تیار کر چکی ہوتی تھی۔
ڈنر کے بعد وہ دونوں اپنے اپنے کمروں میں چلے جاتے تھے۔ نوین کی آمد رات کے کس پہر ہوتی اسے خبر نہیں ہوتی تھی۔ البتہ ہر صبح جب وہ ملازمت کے لیے نکلنے لگتا تو نوین اسے جاگنگ ٹریک پر لازمی ملتا۔ اسی طرح سات دن گزر گئے اور اس کی کمپنی کی طرف سے اس کی رہائش کا انتظام ہوتے ہی اس نے نوین کے گھر سے رخصت ہو جانے کا فیصلہ کیا۔
نوین کیونکہ رات کو بہت دیر سے واپس آیا تھا اس لیے وہ اس سے مل کر ہی نکلنا چاہتا تھا۔ آج گھر میں واپس آنے سے لے کر کچھ بھی معمول کے مطابق نہیں تھا۔ گھر میں کنز موجود تھی لیکن آج اس نے نہ تو خود ڈنر کیا اور نہ ہی اسے ڈنر کے لیے کمرے سے باہر آنے کے لئے کہا۔ شام کے سات بجے سے لے کر رات کے بارہ بجنے کو تھے لیکن وہ اپنے کمرے سے باہر نہیں نکلی تھی۔
وہ اپنا سامان باندھنے میں مصروف تھا جب باہر لاؤنج سے آوازیں سنائی دینے لگیں۔ شاید نوین واپس آ گیا تھا اور اب یہ آوازیں اس کی اور کنز کی آپس میں گفتگو کی تھیں۔ آوازیں آہستہ آہستہ تیز ہو رہی تھیں۔ وہ کمرے میں موجود تھا مگر دروازہ کھلا ہونے کے باعث ان کی گفتگو با آسانی سن رہا تھا۔
"مجھے تم جیسے جھوٹے انسان کے ساتھ ایک سکینڈ کے لیے بھی نہیں رہنا ۔ "
یہ چیختی آواز کنز کی تھی۔ اس کی اتنی غصیلی آواز وہ آج سن رہا تھا۔ وہ بہت دھیما بولتی تھی۔
"تو کھڑی کیوں ہو جاؤ پھر ۔ نکلو میرے گھر سے۔ "
نوین اس سے بھی زیادہ اونچی آواز میں چیخا ۔ اسفند کے کان ایکدم سے کھڑے ہوئے یہ کوئی معمو لی گفتگو نہیں تھی وہ دونوں جھگڑ رہے تھے۔
"اس کی بھی فکر مت کرو۔ چلی جاؤں گی کچھ دن میں۔ "
"کیا کچھ دن میں ؟ نہیں تم ابھی اور اسی وقت نکلو میرے گھر سے۔ "
اسفند نے ہاتھ میں رکھی شرٹ کو اسی طرح واپس بیڈ پر رکھا اور دروازے کے پاس آ گیا۔ ان دونوں کی آوازیں اب اور اونچی ہو رہی تھیں۔
"تم بد دماغ ہونے کے ساتھ ایک ظالم شخص بھی ہو۔ تم ہر احساس سے عاری ہو چکے ہو۔ تمہیں شرم آنی چاہیے تھی اس معاملے میں سچ چھپاتے ہوئے۔ "
"ہاں ہوں میں یہ سب ۔ تمہیں اب میں سب کچھ لگوں گا کیونکہ تمہیں صرف اس چیز کی طلب ہے جو واحد میں تمہیں نہیں دے سکا۔ "
"وہ بات اگر اس جھوٹ تک نہ پہنچتی تو میں ساری زندگی تم سے گلا نہ کرتی مگر بات صرف اتنی سی ہے کہ تمہیں اب مجھ سے محبت ہی نہیں رہی۔ "
"مجھے ۔۔۔ ۔ مجھے تم سے محبت نہیں ہے۔ محبت کے بارے میں تم جانتی ہی کیا ہو؟ "
"جانتی ہوں میں سب تم نہیں جانتے ہو۔ "
"نہیں جانتا میں۔ یہ سب جو بھی کیا۔ جو کر رہا ہوں کس کے لیے ہاں ۔ کیا تھی تم اور کیا بنا دیا میں نے ۔ "
نوین کی آواز میں غم اور غصہ دونوں شامل تھے۔ ان دونوں کے چلانے کی آوازوں سے صاف ظاہر تھا کہ معاملہ سنگین ہے۔
"ہاں کیا بنا دیا تم نے مجھے اس احسان جتا نے کی کمی تھی بس پر مجھے تمھارے ساتھ حسین مورت بن کر نہیں رہنا صرف ۔ مجھے سکون چاہیے۔ قیمیلی چاہیے۔ "
اسفند نے قدم کمرے سے باہر نکالے ۔ وہ دونوں سامنے لاؤنج میں لگے صوفوں کے پاس ہی کھڑے تھے۔ نوین نے ابھی اوپری کوٹ بھی پہن رکھا تھا۔ ہاتھ میں ایک کاغذ تھامے وہ سرخ چہرے کے ساتھ پیشانی پر شکن ڈالے کھڑا تھا۔
"پتا ہے اس سب کی وجہ کیا ہے؟ تم ایک حسین مغربی عورت ہو لیکن تمھارا ذہن ایک دقیانوسی مشرقی عورت جیسا ہے۔ "
نخوت سے ناک چڑھائے وہ خود بالکل مشرقی مردوں کی طرح اپنے سامنے کھڑی مغربی عورت پر برس رہا تھا۔ "مغربی عورت بھی عورت ہی ہوتی ہے۔ پیٹ نہیں ہوتی۔ میں دقیانوس نہیں ہوں۔ تم دولت کما نے کی دھن میں مجھے ایک پیٹ سمجھ بیٹھے ہو۔ جس میں نہ تو کوئی احساسات ہیں اور نہ ہی خواہشات ۔ میں پھر بھی تمھارے ساتھ چلنے کو تیار تھی لیکن یہ جھوٹ جو تم نے مجھ سے بولا۔ یہ میں برداشت نہیں کر سکتی۔ "
کنز بھی اس سے کم غصے میں نہیں تھی۔ اس کی اسفند کی طرف پیٹھ تھی اس لیے وہ اسفند کی آمد سے بے خبر تھی۔ "میری برداشت ختم ہو چکی ہے۔ اب مجھے یہ رشتہ ختم کرنا ہے بس ۔ "
وہ دو ٹوک لہجے میں گویا ہوئی۔ ایک دم سے قبرستان جیسی خاموشی چھائی ۔ نوین گہرے سانس اندر باہر انڈیلتا ضبط کے مرحلے سے گزر رہا تھا اور پھر وہ غرایا ۔
"جب رشتہ ختم تو پھر سب ختم ہے۔ نکلو میرے گھر سے ابھی اور اسی وقت ۔ "
غصے میں غراتے ہوئے اس نے نگاہ گھمائی تو سیدھی اسفند پر پڑی۔ اسفند خفت سے سٹپٹایا اور پھر تیزی سے آگے بڑھا ۔
"نوین بھائی کیا ہوا کیوں جھگڑ رہے ہیں آپ دونوں ۔ "
نوین نے اسفند کی بات کا جواب دینے کے بجائے نگاہ پھر سے دوسری جانب کی اور کنز کی طرف متوجہ ہوا۔
"سنا نہیں تم نے نکلو میرے گھر سے۔ "
"چیخ کیوں رہے ہو میں جا رہی ہوں کبھی نہ واپس آنے کے لیے۔ "
وہ ایک دم غصے میں پلٹی ۔ اسفند ان دونوں کی طرف دیکھتے ہوئے فکرمندی سے آگے بڑھا ۔
"نوین بھائی کیا ہوا؟ ایسے کیوں کہہ رہے ہیں انہیں ؟ "
"اسفی تم کچھ نہیں جانتے ۔ تمہیں پریشان ہونے کی ضرورت نہیں۔ جانے دو اسے ۔ "
"بھائی ایسے اتنی رات کو وہ کہاں جائیں گی۔ "
نوین کے غصے اور لاپرواہی سے کہے گئے جملے پر وہ فکرمندی ظاہر کرتا ہوا آگے بڑھا ۔
"کچھ نہیں ہو گا اسے یہ پاکستان نہیں ہے۔ تم اپنے کمرے میں جاؤ ۔ "
نوین نے اپنی پیشانی کو سہلاتے ہوئے بیزار لہجے میں اسے جانے کے لیے کہا۔ اسفند نے لب بھینچے کچھ دیر خاموشی سے دیکھا اور پھر پلٹا ۔ وہ ٹھیک ہی تو کہہ رہے تھے اسے ان کے نجی معاملے میں دخل اندازی نہیں کرنی چاہیے۔ وہ آہستگی سے چلتا ہوا ابھی کمرے کے دروازے کے پاس ہی پہنچا تھا جب اسے کنز سوٹ کیس سمیت اپنے کمرے سے نکلتی ہوئی نظر آئی۔ اسفند نے پریشانی سے نوین کی طرف دیکھا جو اسے دیکھتے ہی بے رخی سے دوسری جانب رخ موڑ چکا تھا۔ کنزی اب بیرونی دروازے کی طرف بڑھ رہی تھی۔ وہی بھورا کوٹ اس پر اون کا مفلر گلے میں ڈالے سرخ ناک اور گال سمیت مضطرب حالت میں وہ تیز تیز چلتی اب لاؤنج سے آگے راہداری میں پہنچ چکی تھی۔
"بھابھی ۔۔ ۔ "
اسفند نے دور سے ہی آواز لگائی اور پھر تیزی سے واپس پلٹ کر نوین کے پاس آیا۔
"نوین بھائی روکیں انہیں وہ سچ میں جا رہی ہیں۔ "
نوین نے غصے سے گھور کر دیکھا مگر جو اب نہیں دیا۔ کنز اب بیرونی دروازہ کھول چکی تھی۔
"بھابھی رک جائیں پلیز ۔ "
اسفند تقریباً بھاگتا ہوا اس تک پہنچا تھا اور اس کے سامنے کھڑے ہوتے ہوئے اس کا راستہ روکا ۔
"میں کوئی بھابھی نہیں ہوں تمھاری ۔ اپنے کام سے کام رکھو سمجھے تم اور اب راستہ چھوڑو میرا ۔ "
وہ غصے میں اسفند پر چلائی ۔ اسفند اس پورے ہفتے میں آج پہلے دن اس حسین مورت کو یوں غصہ کرتے ہوئے اور چلاتے ہوئے دیکھ رہا تھا۔
"اسفی ہٹ جاؤ جانے دو اسے ۔ "
نوین نے غصیلے لہجے میں وہیں کھڑے ہانک لگائی ۔ اسفند نے نوین کی آواز کو ان سنی کرتے ہو نے پھر سے غصے میں بھری کھڑی کنز پارکر کی طرف دیکھا۔
"نہیں آپ نہیں جائیں گی اس وقت ۔ "
"اسفی جانے دو اسے ۔ تم کچھ نہیں جانتے۔ "
نوین اب غصے میں چلاتا ہوا آگے بڑھا ۔
"نوین بھائی یہ ٹھیک نہیں ہے۔ آپس میں چاہے جتنا بھی جھگڑا ہو لیکن انہیں روکیں وہ گھر سے جا رہی ہیں وہ بھی اس وقت ۔ "
"تم ہمارے معاملے میں مت پڑو اسفی ۔ "
نوین نے سختی سے اسفند کو پکڑ کر اس کے راستے سے ہٹایا اور پھر دانت پیستے ہوئے کنزی پر غرایا ۔
"کھڑی کیوں ہو تم ؟ جاتی کیوں نہیں اب ؟ جاؤ۔ و۔ و۔ و۔۔ ۔ "
کنزی نے ایک تاسف بھری نگاہ نو ین پر ڈالی اور پھر ناک پھلا ئے گردن تانے اوپری ہینڈل والے سیاہ سوٹ کیس کو گھسٹتے ہوئے دہلیز سے پار قدم رکھ دیے۔
وہ اب تیز تیز قدم اٹھاتی سرخ روش پر آگے بڑھ رہی تھی۔ نوین نے غصے میں اپنے بالوں کو جکڑا اور کمرے کی جانب بڑھ گیا۔ اسفند نے ایک نگاہ نوین کی پشت پر ڈالی اور پھر تیزی سے بیر ونی دروازے سے باہر کنزی کے پیچھے دوڑ لگائی ۔ وہ روش سے آگے سڑک پر پہنچ چکی تھی جو رات کے بارہ بجے سنسان تھی۔ بسا ن خوبصورت گھروں میں سے اکا دکا گھروں کی باہر کی بتیاں اور سڑک میں لگے لیمپ روشن تھے۔
"بھابھی ۔ بھابھی رک جائیں۔ دیکھیں میں نہیں جانتا آپ لوگوں کا جھگڑا کس بات کو لے کر ہے لیکن آپ دونوں ہی یوں غصے میں آئیں گے تو بات بگڑ جائے گی۔ "
اکھڑی سانسوں سمیت وہ بمشکل اپنی بات مکمل کرتا ہوا کنزی کے قدموں کے ساتھ قدم ملا رہا تھا جو اب گالوں پر بہتے آنسوؤں سےبے نیاز بس چلتی جا رہی تھی۔
اسفند ایک دم اس کے سامنے آ کھڑا ہوا۔ کنزی نے ڈبڈبائی نگاہوں سے اس کی جانب دیکھا۔
"تم کچھ نہیں جانتے ۔ مجھے مت روکو ۔ "
"میں جاننا چاہتا ہوں۔ "
"آخر کو تم ہو کون؟ راستہ چھوڑ دو میرا ۔ "
اس نے غصے میں کہا اور اس کے اطرف سے نکلتی ہوئی پھر سے سڑک پر چلنے لگی۔
"میں آپ کا کچھ نہیں لیکن میں اتنا ضرور سن چکا ہوں کہ آپ نوین بھائی سے کچھ دن کی مہلت مانگ رہی تھیں۔ مطلب کہ آپ اب اس وقت کہاں جائیں گی؟ "
اسفند اب پھر اس کے تیز تیز قدموں کے ساتھ قدم ملائے ہوئے تھا۔
"کہیں بھی جاؤں تم سے مطلب ؟ تم آخر کو کیوں اتنے پریشان ہو رہے ہو؟ "
"آپ میرے کذن کی بیوی ہیں اس لیے۔ "
"نہیں ہوں میں اس کی بیوی ۔ بہت جلد الگ ہو جائیں گے ہم ۔ "
"جذبات اور غصے میں آ کر یوں فیصلے نہیں لیے جاتے۔ "
اسفند پھر سے اچانک اس کے سامنے آیا تو دونوں ٹکراتے ٹکراتے بچے ۔ وہ بنا سوچے سمجھے باہر نکل آیا تھا اور اب ٹھنڈی ہوا غلطی کا احساس دلا رہی تھی۔ وہ اب سڑک سے آگے پہنچ چکے تھے جہاں قطار میں مئے خانے اور کافی شاپ بنے تھے۔ سامنے موجود گولڈن بار نامی مئے خانے میں رات کے اس وقت بھیگہاگمہی تھی۔
"اچھا ایک منٹ ۔ آپ گھر مت جائیں۔ ایسا کرتے ہیں۔ ہم کہیں بیٹھ کر بات کرتے ہیں۔ کچھ دیر ۔ اتنی دیر میں آپ دونوں کا غصہ ختم ہو جائے گا۔ "
"اب ایسا کچھ بھی نہیں ہو گا۔ "
"ہو گا ضرور ہو گا۔ وہ سامنے بار میں چلتے ہیں۔ "
اسفند نے سڑک کے اطراف میں بنے مئے خانے کی طرف اشارہ کیا۔ کنزی اسی طرح سپاٹ چہرہ لیے کھڑی تھی "پلیز ۔ "
اسفند کے لہجے میں التجا تھی۔ اب کی بار وہ کندھے ڈھلکا چکی تھی۔ مطلب وہ راضی تھی۔ اسفند نے جلدی سے ہاتھ اس کے سوٹ کیس کی طرف بڑھایا ۔
"تھنکیو بات ماننے کے لیے۔ لائیں یہ مجھے دیں۔ "
اس کے سوٹ کیس کو تھامے اس کے آگے چلتا ہوا وہ مئے خانے کی طرف بڑھ رہا تھا۔ وہ بھی سر جھکائے اس کے پیچھے چلتی ہوئی وہاں تک پہنچی۔ سرمئی روشنیوں میں ڈوبے مئے خانے میں اس وقت بھی رونق لگی تھی۔ اسفند نے نگاہ گھماتے ہوئے ایک کونے میں لگی کرسی میز کی طرف اشارہ کیا۔ وہ اس کی تقلید کرتی ہوئی اپنا اوپری کوٹ اتار رہی تھی۔ مئے خانے میں چلتے گرم ہیٹرز نے باہر کی خنکی کو مات دے رکھی تھی۔
"یہاں بیٹھیں اور غصہ ٹھنڈا کریں۔ "
اسفند نے سوٹ کیس ایک طرف رکھتے ہوئے بڑے احترام سے کرسی کو پیچھے کیا۔ اور خود ہاتھ مسلتا ہوا سامنے کرسی پر براجمان ہوا۔
"مجھے غصہ نہیں ہے۔ بس دکھ ہے۔ "
بے تاثر لہجے میں کہتی ۔ وہ کرسی پر بیٹھی اور نگاہیں ارد گرد گھمائیں ۔
"نوین بھائی آپ سے بہت محبت کرتے ہیں۔ "
اسفند کے جملے پر اس نے چونک کر اسفند کی طرف دیکھا اور استہزائیہ مسکراہٹ سمیت گھورا ۔
"اچھا جو بات مجھے پچھلے تین سالوں میں نہیں پتا چل سکی تمہیں چار دن میں پتا چل گئی۔ "
"نہیں ایسی بات نہیں ہے۔ اندازہ ہو جاتا ہے۔ "
"ہاں وہ کرتا تھا مجھ سے محبت ۔ بہت کرتا تھا لیکن اب میری جگہ کسی اور نے لے لی ہے۔ "
کرب ناک لہجے میں کہتے ہوئے وہ پھر سے نظریں گھما کر ارد گرد مسکراتے لوگوں کو دیکھنے لگی۔
"مہ ۔ ۔ ۔ میں سمجھا نہیں کیا وہ کسی اور لڑکی ۔ ۔ ۔ "
"لڑکی نہیں۔ اس پر پیسہ کمانے کی دھن سوار ہے۔ وہ مجھے بھول گیا ہے۔ وہ تین سال پہلے والا نو ین نہیں ہے۔ "اوہ کوئی لڑکی نہیں ہے تو پھر آپ ایسا کیوں کر رہی ہیں۔ وہ یہ سب آپ کے لیے ہی تو کر رہے ہیں۔ "
"وہ یہ سب میرے لیے نہیں صرف اپنے لیے کر رہا ہے۔ وہ جھوٹا ہے۔ "
وہ ایک دم سے بھڑک اٹھی میز پر زور سے ہاتھ مارتی آگے جھکی اور پھر ایکدم سے سینے پر ہاتھ باندھے گہری سانس خارج کی۔
"اس نے مجھ سے جھوٹ بولا مجھے دھوکا دیا۔ "
"کیا دھوکا ؟ "
اسفند کے برجستہ استفسار پر اس نے خاموشی اختیار کی۔ اسفند اب سوالیہ نگاہوں سے دیکھ رہا تھا۔ وہ بیزار سی کہنیاں میز پر ٹکا ئے خاموش بیٹھی تھی۔
"وہ ہماری آپس کی بات ہے اور ویسے بھی اب سب ختم ہے۔ کیوں کیا کیسے سب بے جواز ہے۔ "
"سب ایسے ختم نہیں ہوا کرتا۔ آپ دونوں ایک دوسرے سے پیار کرتے ہیں اور پیار یوں ختم نہیں ہوا کرتا ہے "تم نے کیا ہے کبھی کسی سے پیار ؟ "
اچانک سے وہ الٹا اسفند سے سوال کر گئی ؟ لہجہ طنز بھرا تھا۔ اسفند نے بھنویں اٹھا ئیں اور پھر ایک دلفریب سی مسکان نے لبوں کا گھیراؤ کیا۔
"جی کیا ہے۔ "
اسفند کی مسکراہٹ پر وہ جو غصے میں اس سے سوال کر رہی تھی پیشانی کے بل کم ہوئے۔
"بہت بہت کرتا ہوں۔ اسی لیے تو سمجھا رہا ہوں یہ سب لڑائی یہ سب کچھ چلتا رہتا ہے لیکن پیار ۔۔ ۔ "
"کیا تم اس سے شادی کر چکے ہو؟ "
کنزی اس کی بات کو پھر سے کاٹے اگلا سوال کر رہی تھی لہجہ اب بھی سپاٹ تھا۔
"شادی ۔۔ ۔ ام۔ م۔ م۔ نہیں ایک قسم کی شادی ہی سمجھ لیں۔ میں اس کے ساتھ نکاح کر چکا ہوں مگر ابھی ہم ایک ساتھ نہیں رہتے ؟ "
"کیا مطلب شادی ہے بھی نہیں بھی ؟ "
وہ ناسمجھی سے دیکھ رہی تھی۔ امریکہ آنے سے پہلے وہ اپنی محبت کو گھر والوں کی مرضی سمیت اپنا چکا تھا۔
" آپ کو کیسے سمجھاؤں ۔ یہ مکمل شادی نہیں ہوتی۔ اس میں لڑکی اپنے والدین کےہی گھر میں ہوتی ہے لیکن آپ کے نکاح میں ہوتی ہے۔ پھر بعد میں آپ اس کو اپنے گھر لاتے ہو۔ "