Chapter 35: باب 35

کمرے میں چھائی خاموشی اس کے وجود میں چھائی خاموشی سے کم تھی۔ ڈریسنگ روم کی بائیں جانب پوری دیوار میں نصب آئینے کے سامنے جامنی جوڑے میں ملبوس وہ کسی مجسم کی طرح بیٹھی تھی۔

بالکل پاس کھڑی میک اپ آرٹسٹ رات کی تقریب کے لیے اس کے چہرے پر سنگ ہار کرنے میں مصروف تھی "آپ مجھے آزاد کب کر رہے ہیں؟ بنا مقصد کب تک قید میں رہنا ہو گا مجھے یہاں ؟ "

"بہت جلد ۔ "

دل میں ایک درد کی لہر پھر سے اٹھی۔ آنکھوں میں نمی کا احساس ہونے لگا۔ اس سے پہلے کے آنسو چھلک جاتا وہ سرعت سے لڑکی کا ہاتھ پیچھے کرتے ہوئے سیدھی ہوئی۔

"ایک منٹ ۔ "

لڑکی ہاتھ میں پکڑے برش کو لے کر حیرت سے سیدھی ہوئی جبکہ وہ اب آگے ہو کر ڈریسنگ میز پر سے ٹشو اٹھائے نم ہوتی آنکھوں کے آنسو اس میں جذب کر رہی تھی۔

"میم سب ٹھیک ہے؟ "

میک اپ آرٹسٹ اس کے بار بار آنکھیں پونچھنے پر پریشان ہو کر پوچھ رہی تھی کیونکہ وہ یہ عمل تیسری بار دہرا رہی تھی۔ جویریہ نے زبردستی مسکراہٹ کو چہرے پر سجا کر سر اثبات میں ہلایا۔

"جی ۔ "

"اگر آپ کچھ دیر ریسٹ چاہ رہی ہیں تو میں رُک جاتی ہوں کوئی مسئلہ نہیں۔ "

وہ ملائم لہجے میں کہتے ہوئے پیچھے ہوئی۔ جویریہ کا یوں بار بار نم ہوتی آنکھوں کو پونچھنا اور ایرا سا چہرہ اس سے مخفی نہیں تھا۔

"نہیں میں ٹھیک ہوں۔ پارٹی شروع ہونے والی ہے پھر دیر ہو جائے گی۔ پلیز آپ کریں اپنا کام ۔ "

"اوکے میم ۔ "

وہ سراسیمگی میں سر ہلاتی پھر سے جویریہ کے چہرے پر جھک گئی۔

کیوں دل اتنا کمزور ہو رہا ہے۔ مجھے کمزور نہیں ہونا اللہ ۔ اے اللہ ۔ اے میرے خدا مجھے مضبوط کر دے میں اس دل کے ہاتھوں مجبور ہو کر کمزور نہیں پڑنا چاہتی۔

"ایک دفعہ بات تو کر لے اس سے۔ کیا پتا وہ طلاق نہ دے " دل کی بازگشت نے کانوں تک سفر کیا تو ذہن فوراً چوکنا ہوا۔

" "نہیں بالکل نہیں کیا وہ سوچے گا نہیں کہ میں کیوں نہیں لے رہی طلاق ؟ ذہن نے فوراً دل کو سرزنش کیا۔ مجھے دل کرا کرنا ہے۔ کیا ہوا وہ نہیں۔ کیا ہوا اس کا نام نہیں۔ دل نے صرف اس سے محبت کی ہے اور اسی سے کرتا رہے گا۔ میں کبھی شادی نہیں کروں گی۔ آنکھیں پھر سے ڈبڈبا گئیں لیکن دل نے فیصلہ کر لیا تھا۔ اب کی بار اس نے آنسو اندر انڈیل لیے۔

***

لاہور سٹیشن کی پٹری پر چلنے کو تیار کھڑی ٹرین سیٹی بجا رہی تھی جس کی آواز گردونو اح کے علاقوں میں گونج رہی تھی۔

انہیں تنگ گلیوں میں موجود احمد بیگ کا یہ چھوٹا سا گھر میں اس وقت شام کی چائے کا وقت تھا۔ برآمدے کا پنکھا پوری رفتار سے چل رہا تھا۔ پنکھے کے بالکل نیچے رکھی کرسی پر دران سر جھکائے کتاب کے مطالعے میں مگن تھا۔ بوسیدہ سی سفید ڈریس شرٹ کے نیچے جینز پہنے آستئین کو کہنیوں تک موڑے وہ کتاب کو پڑھنے میں محو تھا اور کچن میں برتنوں کے بجنے کی آوازیں احمد صاحب کی کچن میں موجودگی کی نشاندہی تھیں۔

لاہور آئے اسے ایک سال چھ ماہ ہو چکے تھے۔ اس سارے عرصے میں وہ نہ صرف قرآن حفظ کر چکا تھا بلکہ تجوبدحب اور تلاوت بھی سیکھ چکا تھا۔ سٹیشن کے قریب ایک جم میں نوکری مل گئی تھی اور احمد صا کے گھر میں ایک کمرہ اور تین وقت کا کھانا بس یہی اب اس کا مرکز تھا۔

"وہ تمہیں تلاش کر رہے ہیں۔ "

احمد صاحب کی آواز پر اس نے سر اوپر اٹھایا۔ وہ ہاتھ میں اخبار اور چائے کی ٹرے تھامے کھڑے تھے۔

"جانتا ہوں۔ "

دران نے متوازن لہجے میں جواب دیا اور پھر لاپرواہی سے سر کتاب پر جھکا دیا۔ اسفند ملک نے اخبار میں اس کی گمشدگی کا اشتہار دیا تھا۔ ایک سال اور چھ ماہ کا عرصہ ان لوگوں نے اس اس پر گزار لیا تھا کہ شا ید وہ خود لوٹ آئے گا۔

"کیا رشتہ ہے ان سے ؟ "

احمد صاحب اخبار کو میز پر رکھتے ہوئے سامنے بیٹھے اور چائے کا کپ دران کی طرف بڑھا دیا۔

"لالچ کا۔ "

چائے کا کپ تھامے کڑواہٹ بھرے لہجے میں جواب دیا۔

"لالچ کے ساتھ خون کا بھی تو ہو گا؟ "

وہ دھیمے سے مسکرائے ۔

"نہیں پتا ۔ "

دران نے بیزاری سے جواب دیا۔ ناک نفرت سے چڑھائے کتاب کو بند کیا۔

"دیکھو اگر یہ سوچ رکھتے ہو کہ بنا کسی رشتے ناطے کے ساری عمر گزار لو گے تو ہاں صیح سوچ ہے۔ گزار لو گے لیکن یہ یاد رکھو زندگی گزارنے میں اور جینے میں بہت فرق ہے برخوردار ۔ "

احمد صاحب کی آواز پر دران نے جھکا سر آہستگی سے اٹھایا اور ان کے چہرے کی طرف دیکھا۔ وہ چا ئے کا گھونٹ بھر رہے تھے۔ لبوں سے کپ ہٹا کر دران کے چہرے کی طرف دیکھا

"زندگی فقط گزارنے والے لوگ اللہ کی اس نعمت کی ناشکری کرتے ہیں جو ہمیں صرف ایک بار ملتی ہے۔ " وہ انگلی کھڑی کرتے ہوئے وثوق سے بولے ۔ دران نے نظریں جھکائیں اور کپ لبوں سے لگایا

"زندگی جی جانے کا نام ہے اور زندگی جینے کے لیے ہمیں رشتوں کو ساتھ لے کر چلنا ہوتا ہے۔ خونی روح دل اور احساس کے رشتے ۔ "

وہ دران کی آنکھوں میں جھانک رہے تھے جو ہمیشہ کی طرح بس صرف ان کو سننے میں مصروف تھا۔

"خونی رشتے تمھارے ماں باپ بہن بھائی اور تمھاری اولاد احساس کے رشتے تمھارے احباب اور دل اور روح کا رشتہ تمھاری بیویاں ۔ یہ سب رشتے زندگی جینا سکھاتے ہیں۔ ان سے الگ ہو کر زندگی جینا بہت کٹھن ہے۔ وہ لب بھینچے مسکرائے دران نے پر سوچ نگاہ ان پر ڈالی۔

"اگر ان میں سے ایک بھی رشتہ تمھارے پاس ہے تو لوٹ جاؤ ۔ تم زندگی کو فقط جب گزار کر ضائع کر رہے ہو بوڑھے ہو جاؤ گے تو پھر احساس ہو گا کہ میں نے زندگی صرف گزار کر کتنی بڑی غلطی کی۔ "

دران حیرت سے ان کی طرف دیکھ رہا تھا اور ان کی باتیں سننے کے بعد اسے جس ہستی کا سب سے پہلا خیال آیا وہ انل تھا۔

"لوٹ جاؤ بیٹا وہ انتظار کر رہے ہیں۔ "

احمد صاحب کی آواز کانوں میں پڑ رہی تھی۔ وہ اسے جانے کے لیے کہہ رہے تھے وہ سر جھکائے بیٹھا تھا۔

***

سیاہ آسمان پر چمکتا چاند اور روشنیوں میں دمکتا درانگ ولاس کا یہ لان دونوں کی خوبصورتی آج رات ہوشربا تھی۔ جہاں آسمان میں ستارے جھلملا رہے تھے وہیں درانگ ولاس میں بھی ہالی وڈ اور ڈرامہ انڈسٹری کے بہت سے خوبصورت ستارے جھلملا رہے تھے۔

انہی خوبصورت دمکتے چہروں اور رنگ برنگ لباسوں میں ملبوس ستاروں میں دران ہلکے مسٹڈ بوسیکی کے کرتا شلوار میں گہری بھوری مردانہ شال کو گلے کے گرد گھمائے جہاں بہت منفرد لگ رہا تھا وہاں اپنےج اس حلیے میں آ ہر نگاہ کا مرکز بنا ہوا تھا۔ تقریب اپنے عروج پر تھی۔ اونچے سروں میں بجتی موسیقی قہقہے باتیں سب مگن تھے کھانے کے بعد برھان اور سبریناریشپیسن کیک کاٹ چکے تھے۔ دران جو ایک کو نے میں کھڑا دوسری سگریٹ ختم کر چکا تھا اب جلتا آدھا سگریٹ میز پر رکھی ایش ٹرے پر رگڑا اور جویریہ کی تلاش میں نگاہیں دوڑائیں ۔

وہ تقریب میں موجود تھی اس کا احساس اس کے لان میں قدم رکھتے ساتھ ہی ہو گیا تھا لیکن اس نے تب سے لے کر اب تک ایک نگاہ بھی جویریہ پر نہیں ڈالی تھی۔ آج اس پر نگاہ ڈالنا اس کی قید میں رہائی کی رکاوٹ بن سکتا تھا۔ پورے لان میں گھومتی نگاہیں اس کے وجود پر آکر تھمی تو دل زور سے دھڑکا ۔ گہرے جامنی قمیض اور کیپری میں ملبوس ہم رنگ بھاری بھرکم دوپٹہ ایک کندھے پر ٹکا ئے وہ سبرینا کے ساتھ بتاوں میں مگن تھی۔ بالوں کو سیدھا کرنے کے بعد ایک طرف مانگ کو بل ڈال کر کندھے پر گرائے وہ بار بار دوسرے کندھے پر مو جود دوپٹے کو سنبھال رہی تھی۔ دران نے گہری سانس خارج کی ایسے جیسے کوئی دل کے اندر اٹھتی حسرت کو دبائے ۔ قدم آہستگی سے اس کی طرف بڑھائے۔

بظاہر تو وہ سبرینا سے باتوں میں مگن تھی لیکن دل اس آنے والے لمحے کے خوف سے لرز رہا تھا اور پھر جیسے ہی دران کو اپنی طرف آتا دیکھا گلا خشک ہونے لگا۔ اللہ مجھے ثابت قدم رکھنا ۔ مجھے مضبوط رکھنا ۔

" جویریہ بات سنو۔ "

چند سکینڈ کے بعد وہ اس کے اور سبرینا کے پاس کھڑا اسے رعب سے بلا رہا تھا۔ آنکھ اٹھا کر ضبط سے اس کی طرف دیکھا اور پھر دوپٹے کو کندھے پر سنبھالتی ہوئی اس تک آئی۔ جیسے ہی اس کے قریب پہنچی دران آگے چل دیا اب وہ متوازن قدم اٹھاتی اس کی تقلید کر رہی تھی۔ کچھ دور کیمروں کے پاس جا کر وہ رکا اور پھر پلٹا ۔ جویریہ نے اٹکی سانس بمشکل بحال کی۔

"میں جھگڑے کی شروعات کروں گا پھر تم ساتھ دینا ۔ اوکے "

آہستگی سے قریب ہو کر کہا وہ ضبط سے سر ہلا گئی۔ دل میں بڑھتی گھٹن اور گلے اٹکتا آنسوؤں کا گولہ وہ ضبط کی رسی کو تھامے ہوئی تھی۔

"بکواس بند کرو اپنی ۔ "

دران کی رعب دار گونج سے ارد گرد کتنے ہی لوگ ایک ساتھ متوجہ ہوئے۔ وہ غصے سے سرخ ہوتا چہرہ لیے جویریہ کے سامنے کھڑا تھا۔ جویریہ نے چہرہ اس کی طرف اٹھایا۔

" اتنے دن سے تمہیں بار بار ایک ہی بات سمجھا رہاہوں ۔ تمہیں وہ سمجھ نہیں آ رہی۔ "

دران کی اگلی دھاڑ پر جہاں سارے کیمرے اس کی طرف گھومے تھے وہاں لان میں سکتا چھا گیا تھا۔ جویریہ کی لی آواز گھٹ گئی تھی۔ دل میں دھواں بھر گیا تھا اور آنکھیں بس نمکین پانی سے بھرنے ہی وا تھیں۔

"دران کیا کر رہے ہو۔ پاگل ہو گئے کیا؟ "

اسفند ملک ایک دم سے آگے بڑھے اور قریب آتے ہی دران کے کندھے کو تھاما ۔

"آپ حب رہیں۔ اس لڑکی نے میرا جینا حرام کر دیا ہے۔ جب سے ہماری شادی ہوئی ہے ایک دن بھی سکون کا نہیں گزارا میں نے ۔ "

دران نے خونخوار نگاہ جویریہ کے جھکے سر پر گاڑے غراتے ہوئے کہا۔ چاروں طرف دبی دبی سرگوشیاں ہونے لگی تھیں۔

"دران کیا کر رہے ہو۔ جویریہ بیٹا اندر جاؤ ۔ "

اسفند ملک نے دران کا بازو تھاما اور جویریہ کو اندر جانے کا اشارہ کیا۔

"نہیں جائے گی یہ اندر ۔ "

دران نے ایک جھٹکے سے بازو چھڑاویا اور جویریہ کو دونوں کندھوں سے تھام کر قریب کیا۔

"کیا مسئلہ ہے؟ تم کچھ کیوں نہیں بول رہی ہو۔ "

دران نے اس کے کان میں آہستگی سے کہا اور ایک جھٹکا دے کر اپنے سامنے کیا۔ جیسے ہی جھٹکا ملا جویریہ کی آنکھوں میں انکے آنسو ایک دم سے لڑھک کر گال پر گرے ۔ اس کے چہرے پر نگاہ جاتے ہی وہ جو ادکاری کے جوہر دکھا رہا تھا ایکدم سے ساکن ہو گیا۔

وہ رو رہی تھی۔ آنسو متواتر گال پر بہہ رہے تھے۔ وہ اس کی دھڑکن میں جو بسنے لگی تھی وہ اس کے سامنے کھڑی آنسوبہا رہی تھی۔ دران نے اس کے بازو کو تھام کر ایک جھٹکا دیا اور سینے سے لگا کر بازؤں میں بھینچ لیا۔

سب کچھ گھڑی بھر میں ہی تھم گیا وقت جو بھاگ رہا تھا اب دھیرے سرکنے لگا۔ روح جو پل پل بکھر رہی تھی سمٹ گئی۔

دران کی مضبوط بانہوں کے حصار میں وہ حیرت سے دنگ پوری آنکھیں کھولے کھڑی تھی۔ گال اس کے سینے سے اوپر اس کے مضبوط کندھے سے لگا تھا اور دھڑکنیں اپنی رفتار کم چکی تھیں۔

بے یقینی بے اختیاری ایک خواب جیسا احساس ۔ ایک طلسم کے سحر میں جکڑے لمحے جیسا احساس ۔ ایسا نا قابل یقین خواب جس کے ٹوٹ جانے کا خوف ہو مگر یہ جواب نہیں تھا دران کا سانس لینا اس کے دل کادھڑکنا اس کا لمس اس کی خوشبو وہ سب محسوس کر رہی تھی۔

یہ وہ لمحہ تھا جب وہ خود سے کیا ہر وعدہ بھولے ایک روایتی عورت کا روپ دھار گئی۔ وہ عورت جس کو خدا نے محبت کی مٹی سے سینچا اور نرم دل اس کے سینے میں رکھ دیا۔ وہ بہت مضبوط بن کر یہاں تک آئی مگر دل عین وقت پر بغاوت کر گیا۔ دغا دے گیا۔

ہاں یہ سچ تھا کہ دران سے کی اس لازوال محبت کا اعتراف مشکل تھا اپنے سالوں کے انتظار کا اقرار مشکل تھا لیکن دل کہاں دماغ کی سینا ہے۔ خاص طور پر تب جب وہ خودسر ہو جائے۔

سامنے کھڑا وہ شخص اس کی دسترس میں ہو کر بھی اس کی سوچ سے کہیں اونچا تھا۔ دران کو یہ باور کروانے کے لیے کہ وہ ویسی نہیں ہے جیسا وہ اسے سمجھ رہا ہے اس نے خود پر دل پر جذبات پر ہزاروں بند باندھ لیے تھے۔ برسوں سے اس کی ایک ملاقات کی یادوں کے سہارے جینے والی نے یہ بے پناہ محبت اپنے ہی اندر ایسے چھپا لی تھی کہ وہ خود اب اس بات سے انکاری تھی کہ اسے دران سے محبت ہے۔

انسان چاہے خود سے بہت مضبوط بن جائے۔ پرعزم ہو کر اپنے فیصلوں پر ڈٹ جائے لیکن اس کے دل کا ہر راز ہر بھید وہ جانتا ہے جس کے پاس سب اختیارات ہیں۔ انسان کے مضبوط بننے سے کچھ نہیں ہوتا۔ وہ جب چاہے کسی کو بھی کسی لمحے کمزور کر دے۔ وہ مالک ہے کل کائنات کا اور اس وقت بھی جو کچھ ہوا وہ ان دونوں کے اختیار میں نہیں تھا۔ یہ سب تو اس کے اختیار میں تھا جو عرش پر جوڑے بناتا ہے۔

تم نہیں جان سکتی کہ دنیا میں انگنت چلتے پھرتے وجود میں سے کس وجود کی پسلی سے لی گی مٹی سے تمہیں سینچا گیا ہے۔ تمہیں کیسے کی اور کیونکر تمھارے اس مجازی خدا سے ملانا ہے۔ اس سب کی خبر تمہیں نہیں اس ذات کو ہے جس نے کائنات کے اس نظام کو چلا رکھا ہے۔ تم چاہے اس نازک دل کے ساتھ مضبوط بنتے ہوئے ہزار نفی کرو اس ساتھ کی جس کے وجود سے لی گئی مٹی سے ہی تمھارا وجود اس دنیا میں آیا ہے لیکن اگر تم سچی عورت ہو جس کا دل نرم اور حساس ہے جیسا اللہ چاہتا ہے تو تم کبھی اپنے اس جوڑ کے وجود سے میکر نہیں ہو سکتی۔ تم اسی میں سے سینچی ہو تمہیں اسی سے ملنا ہے وہ تمھاری تکمیل ہے اور یہی وہ نظام ہے جو اس پاک ذات نے تشکیل دیا ہے۔ آدم اور حوا سے چلا یہ سلسلہ ازل سے ہے ابد تک رہے گا۔ دنیا میں ہر وجود کو جوڑوں کی صورت میں پیدا کیا گیا ہے ان کا ملن لازم ہے۔ کب کہاں کیسے کیونکر کس وقت یہ سب وہ جا نتا ہے جس نے اس نظام کو تشکیل دیا اور وہ اللہ ہے۔

تمہیں الگ کرنا ہے یا اس جوڑی کو ابدی بنا کر جیت میں تمہیں اس کے تخت کی ملکہ بنانا ہے صرف وہ جانتا ہے۔ دران نے جس لمحے اسے خود سے لگایا وہ ایک ایسے پتلے کی مانند تھی جس کی جان کے آخری پل سامنے کھڑے اس جادوگر کی مٹھی میں تھے۔ وہ ڈھے جاتی اگر دران اسے خود میں سمیٹ نہ لیتا جیسے ہی حواس بحال ہوئے اس کا پورا وجود دل بن کر دھڑکا ۔ دران کا اس کے گرد باندھا بانہوں کا یہ حصار ویسا نہیں تھا جیسا ادکاری میں ہوا کرتا تھا۔ وہ تو اسے خود میں سمیٹ کر اپنی دھڑکنوں سے اس کی دھڑکنوں کو چھو رہا تھا۔ بالکل خاموش اسے خود سے لگائے وہ ہر بات بھولے ہوئے تھا۔

اردگرد کھڑے لوگ جو کچھ دیر پہلے دران کے یوں برہم ہونے پر معنی خیز سرگوشیاں کر رہے تھے۔ اب ششدر کھڑے اس منظر کو تاک رہے تھے۔

انگنت کیمرے جو ایک سنسنی خیز خبر کے طور پر اس منظر کو قید کرنے میں لگے تھے اب اس دلفریب منظر کو کیمروں میں قید کر رہے تھے۔ جہاں نفرتوں سے بھرے دل جل کھڑ گئے وہاں کچھ لوگ اس دلفر یب منظر پر بے اختیار مسکرا اٹھے ۔

کچھ پل پہلے دران کی دھاڑ نے پر چھائی خاموشی اب شوخ سیٹیوں اور تالیوں کی گونج میں تبدیل ہو گئی۔ چاروں جانب سے قہقے اور معنی خیز محبت بھرے جملے گونج رہے تھے۔

دران ملک جو اپنی بیوی پر گرجا تھا اس کی آنکھ سے بہتا ایک آنسو دیکھ کر سب بھلا دیا۔ " واہ محبت ہو تو ایسی ۔ " وہ جو بے اختیار ہی اسے خود میں سمیٹ گیا تھا اب ہوش آنے پر احساس ہوا کہ وہ تو دنیا کے سامنے اپنے رشتے کو کمزور ظاہر کرنے والے تھے لیکن یہاں تو سب الٹ ہو گیا۔

آہستگی سے جویریہ کے گرد بندھی بانہوں کی گرفت ختم کی اور الگ ہوا۔ وہ سر جھکائے ہوئے تھی حیرت بے یقینی چہرے پر اب بھی رقم تھی۔

در ان نے اس سے الگ ہو کر خجل ہوتے ہوئے اپنی شال درست کی۔ تالیاں پیٹتے لوگوں کے معنی خیز جملوں پر وہ ہونقوں کی طرح مسکرا دیا۔

دران کی سب سے پہلی نگاہ منہ کھولے کھڑے انل پر پڑی۔ دران کے دیکھتے ہی اس نے کچھ اس طرز سے دیکھا جیسے پوچھ رہا ہو۔ " یہ کیا تھا سب ؟ "

سب لوگ اس بات کو معمولی جھگڑا گردانتے ہوئے اب پھر سے اپنی اپنی باتوں میں مشغول ہو گئے۔ پریشان اگر تھے تو وہ دو دل جو بن کہے ایک دوسرے کو بہت کچھ کہہ گئے۔

بعض اوقات خاموشی کی زبان آپ کی بولتی زبان سے زیادہ خوبصورت ہوتی ہے۔ دران کی خاموشی نے جو کہا وہ اس کے وجود میں ایک ایسی زندگی کی لہر دوڑا گیا کہ وہ خود حیران تھی۔ لرزتے دل اور وجود کے سنگ قدم اٹھاتی وہ واپس سبرینا کے پاس آئی۔ جہاں جہاں سے گزری ۔ مختلف آوازیں تھیں جو کانوں میں پڑ رہی تھیں۔

"کیا ہوا تھا ڈانٹ کیوں رہا تھا؟ "

"ہوا کیا تھا سب خیریت ہے نہ ؟ "

"دران کا غصہ تو بہت مشہور ہے لیکن تم خوش قسمت ہو تمھارا ایک آنسو نہیں برداشت ہوا اس سے۔ "

اس طرح کے ہزاروں جملے کانوں میں پڑ رہے تھے لیکن حقیقت سے سب نہ آشانہ تھے۔

***

وہ سامنے کرسی پر بیٹھے دران کو گھور رہا تھا۔ رات کے تین بج رہے تھے لان میں چند گھنٹے پہلے والی چہل پہل کا نام و نشان تک نہ تھا۔

لان کی اس خاموشی میں اب صرف دو نفوس موجود تھے۔ سوئمنگپول کے پاس لگی سفید کرسیوں پر آمنے سامنے بیٹھے تھے۔ دران سر کے بالوں کو دونوں ہاتھوں میں جکڑے بیٹھا تھا اور انل ٹھوڑی کے نیچے ہاتھ کو ٹکا ئے اسے گھور رہا تھا۔ اسفند ملک کچھ دیر پہلے ہی ان دونوں کے پاس سے اٹھ کر گئے تھے۔ ان کے جانے کے بعد انل مکمل طور پر اس کی طرف متوجہ ہوا جو پریشان حال بیٹھا تھا۔

"کیا تھا یہ سب ؟ "

انل کے سوال پر دران نے ہاتھوں میں جکڑے بالوں کو چھوڑا اور اس کی طرف دیکھا۔ بال پل بھر میں بکھر کر ماتھا ڈھک گئے۔ بلاوجواز چہرے پر ہاتھ پھیرا اور پھر مصنوعی حیرانگی ظاہر کی۔

"کیا سب ؟ "

"واہ کیا سب ۔ او بھی یہ جو ہوا آج تقریب میں یہ سب ؟ "

انل نے ٹھوڑی کے نیچے رکھا ہاتھ ہوا میں اٹھائے طنزیہ کہا

"پوچھ تو ایسے رہے ہو جیسے دیکھا نہیں کہ کیا ہوا "

"دیکھا تو ہے لیکن یہ سب وہ تو نہیں تھا جو تم نے مجھ سے کہا تھا۔ "

"کیا کہا تھا میں نے ؟ "

بڑے رعب سے پوچھا۔

"لو سن لو جناب وہ بھی بھول گئے کہ کیا کہا تھا مجھے ۔ "

انل نے معنی خیز لہجے میں کہتے ہوئے استہزائیہ قہقہ لگایا۔ دران نے اس پر سے نگاہیں ہٹا ئے سوئمنگپول کے لہریں بناتے پانی پر ٹکا دیں۔

"وہ رو رہی تھی۔ "

کھوئے لہجے میں جواب دیا۔ گہری سانس خارج کی پھر رخ انل کی طرف موڑا ۔

"مجھ سے برداشت نہیں ہوا۔ "

گمبھیر لہجے میں اپنے کمزور پڑ جانے کا اعتراف کیا۔ انل کے چہرے پر ایک دم خوشگواریت ظاہر ہوئی۔

"آئی لو یو " (i love you)

چہک کر کہتا وہ بتیسی نکالے اب دران کی طرف دیکھ رہا تھا۔

"سچ پوچھو تو مجھے بہت بہت اچھا لگا۔ مطلب تمہیں یوں محبت میں دیکھ کر دل سے خوشی ہو رہی ہے مجھے ۔ " انل کی خوشی اس کے لہجے سے بھی جھلک رہی تھی۔ دران کے چہرے پر سنجیدگی اور اضطراب ہنوز قائم تھا۔

"کیوں ہے اتنا پریشان کچھ غلط نہیں کیا تم نے سب ٹھیک تھا۔ تم محبت کرتے ہو وہ بیوی ہے تمھاری ۔۔ ۔ " "بات یہ نہیں ہے۔ "

دران نے بھنویں پریشانی میں اکٹھی کیں۔

"اس نے کہا کہ وہ مجھ سے اس قید جیسی زندگی اور کانٹریکٹ میرج سے نجات چاہتی ہے پھر اس کی آنکھوں میں آنسو کیوں آئے۔ "

"سمپل وہ جھوٹ بول رہی تھی تم سے۔ "

انل نے برجستہ جواب دے کر کندھے اچکائے ۔

"میں اس کی سوچ پرکھ نہیں پاتا وہ بہت بہت مضبوط اعصاب کی مالک ہے۔ اسے خود پر اتنا قابو ہے کہ وہ اپنی سوچ کو اپنے ذہن پر حاوی نہیں ہونے دیتی لیکن کچھ دیر پہلے اس کا رونا ۔۔ ۔ سمجھ سے باہر ہے۔ "

"کیا سمجھ سے باہر ہے؟ او میرے بھائی محبت ایسے ہی گھنٹوں کے بل گرا دیتی ہے۔ اب اپنی مثال لے۔ کیا تھا تو اور کیا بن گیا۔ "

"کیا بنا ہوں۔ "

دران نے آبرؤ اچکائے ۔

"جورو کا غلام ۔۔ ۔ جو اپنی بیوی کا ایک آنسو بھی نہیں دیکھ سکتا۔ "

"بکواس بند کر ۔ "

"او بھی یہ کوئی بکواس نہیں ایک دم سچی بات ہے۔ وہ لڑکی دنیا میں واحد ہو گی جس کے سا منے تمھاری ساری اکر ختم تھی۔ "

انل نے بڑے وثوق سے بات کی اور کرسی کے بازو پر ہاتھ مارا۔

"دیکھو یہ بلاوجہ کے خول ختم کرو دل نے اسے قبول کر لیا ہے اب تم بھی کرو۔ "

دران نے اس کی بات پر سر ہوا میں مارا۔

" کیسے کر لوں قبول میں جس کو یہ تک نہیں پتاکہ میں ہوں کون؟ خود میں ہی الجھا ہوا اب اس کو خود میں الجھا لوں ۔ "

"دران تم وہ ہو جو ہو۔ مجھے ایسا لگتا ہے جو تم نے خود کے گرد ایک یہ حصار بنا لیا ہے۔ یہ حصار یہ اکیلا پن یہ خود پر تمھارا ظلم یہ سب وہی ختم کرے گی۔ "

"اگر میری حقیقت سن کر وہ مجھ سے دور ہو گئی۔ دیکھا نہیں کتنی مذہبی ہے وہ اور میں ایک گناہ سے تشکیل میں آیا وجود ۔ "

دران کی پیشانی پر گہرے ہوتے بلوں کے ساتھ آواز میں چبھتا کرب بھی بڑھ رہا تھا۔ انل نے اس کی بات پر ایک دم سے کرسی سے جوڑی اپنی پشت سیدھی کی اور آگے ہوا۔

"گناہ سے تشکیل میں آیا وجود بذات خود اپنی تشکیل کا ذمہ دار کیسے ہو سکتا ہے؟ دران تم اس سوچ کے ساتھ جیتے رہے تو ایک دن میرے سوا تمھارا کوئی نہیں ہو گا اور میں سب ہو سکتا ہوں لیکن تمھارا خونی رشتہ نہیں ہو سکتا۔ " مجھے اس سے محبت نہیں کرنی تھی۔ نہ خود کمزور ہونا تھا اور نہ اسے کرنا تھا۔ "

دران نے لب بھینچے پھر سے چہرے کا رخ دوسری طرف گھمایا ۔

"جو کچھ ہو جائے اس پر پچھتانے سے اچھا ہے کہ اسے اپنایا جائے۔ اگر کچھ برا ہوا تو معافی مانگ لی جائے اور اگر کچھ اچھا ہو تو اس میں خوش ہوا جائے۔ "

انل نے بڑے تحمل سے ٹھہر ٹھہر کر بات مکمل کی اور اپنی جگہ سے اٹھا۔

" میں جا رہا ہوں سونے ۔ وہ جو میرے پیچھے لگا دی ہے۔ صبح اس کے ساتھ تمھاری انوسٹیگیشن بھی شروع کرنی ہے۔ "

انل نے ایک دم سے پیشانی پر شکن ڈالے جیسیکا کا ذکر کیا اور پھر کرسی سے اٹھا۔

"میرا خیال ہے یہاں بیٹھ کر اندازے لگانے کے بجائے تمہیں کمرے میں جا کر اس سے پوچھ لینا چاہیے کہ کیوں روئی تھی تم ؟ اور ساتھ اس کو بھی بتانا چاہیے کہ تمھارے رونے پر میں نے تمہیں گلے کیوں لگایا۔ "

انل نے شرٹ درست کرتے ہوئے متوازن لہجے میں مشورہ دیا اور پھر قدم پورچ کی جانب بڑھا دیے۔

Novelzy · online novels

Stories you won’t put down

Romance, dark romance, mafia, werewolf, billionaire and more, released chapter by chapter. Start with free chapters on any device, unlock premium chapters with coins, and earn rewards as you read.