رات کے آخری پہر اور صبح کی شروعات کے اس ملاپ کے وقت چین کے شہر شھنگائی میں یخ بستہ ہوائیں سردی کی لہر کو دگنا کر رہی تھیں۔ مینگولہ ہوٹل کے اس واش روم میں ان دونوں کو کھڑے ہوئے اب ایک گھنٹے سے اوپر ہو چکا تھا۔ جوی کے پاؤں اور ٹانگیں بری طرح شل ہونے لگی تھیں۔ ہیل والے جوتے میں یوں اتنی دیر سے وہ کھڑی تھی۔ آہستگی سے کمر کو پیچھے بنی شیلف سے ٹکا ئے اس نے نگاہ دران پر اٹھائی ۔
وہ اپنے موبائل سکرین پر نگاہ جمائے کھڑا تھا۔ اس کے انگوٹھے کی پور متواتر سکرین کو اوپر نیچے اچھال رہی تھی۔
اس کے لبوں پراستہزئیہ مسکراہٹ آہستہ آہستہ گہری ہو رہی تھی۔
اس بات کے بعد سے لے کر اب تک ان کے درمیان خاموشی کا راج تھا۔ وہ اسے بتا چکا تھا کہ ان دونوں کو باہر نکل کر ایک جھوٹا ٹانک کرنا ہے۔ یہ ڈرے سہمے چہرے کے ساتھ تو کچھ نہیں ہو سکتا تھا۔ دران نے اسے وقت دیا تھا کہ وہ اپنے حواس بحال کر سکے اور خود موبائل سکرین پر نگاہیں جما کر کھڑا ہو گیا۔
بروس کی ڈالی ہی ویڈیو بیس منٹ کے اندر اندر ہر جگہ بری طرح وائرل ہو چکی تھی۔ وہ ایک سیلبر یٹی ہونے کے ساتھ بہت سے لوگوں کی انسپی ریشن بھی تھا۔ ویڈیو ایسی تھی کہاس کے پچھلے پانچ سالوں میں بنائے گئے امیج کی دھجیاں اُڑ رہی تھی۔ کمنٹس میں لوگ اسے گالیاں تک دے رہے تھے۔
وہ ایک ہوٹل کے کمرے میں ایک نامحرم لڑکی کے ساتھ یوں اس حالت میں تھا لوگوں کا نفرت کرنا بنتا تھا۔ ابھی تک لوگوں کو یہی لگ رہا تھا کہ وہ اس لڑکی کے ساتھ زنا کا مرتکب ہو چکا ہے جو اس کی شخصیت اور اس کے بنائے ہوئے امیج کے برخلاف تھا۔
وہ مات پر سہہ مات دینے کا سوچ چکا تھا۔ لوگوں کے کمنٹس پر اس کے تن کر سخت ہوتے جبڑے اور کنپٹی کی رگیں کچھ لمحے کے لیے ہی واضح رہی تھیں۔ اس کے بعد تو اس کی آنکھوں کی بر ھتی چمک اور لبوں کی استہزائیہ مسکراہٹ گہری ہو رہی تھی۔ وہ درانگ صرف نام کا نہیں تھا۔ لوگ اسے صرف ایک فلمسٹار کی حیثیت سے دیکھتے اور پرکھتے تھے۔ وہ نہیں جانتے تھے کہ وہ اپنی زندگی میں ہی لوگوں کے گلے کاٹنے اور سر پھاڑ دینے جیسے کارنامے کر چکا ہے۔ وہ چاہتا تو اسی وقت جا کر ان کے گریبان تھام لیتا۔ جوی کو یہاں سے بھگا کر لے جاتا۔ پولیس سٹیشن چھوڑ دیتا اس کے بیان دلواتا ۔ لیکن جانتا تھا یہ مافیا اتنا کمزور نہیں ہے۔ لڑکی ان کے تہہ خانوں تک پہنچ کر واپس آئی تھی۔ ایسی لڑکی کا وہ موت تک پیچھا کرتے ہیں۔
دران نے موبائل بند کیا اور نگاہ اٹھائے سامنے کھڑی جوی کی طرف دیکھا۔ ڈری سہمی وہ سردی سے کپکپا رہی تھی۔
"سنیں باہر جانے کا وقت ہے اب چلیں "
تیزی سے ایک ہی سانس میں پوری بات کہنے کے بعد وہ اب رخ موڑے واش روم کا دروازہ کھول رہا تھا۔ جانتا تھا بروس اور ہارون کی اس وقت تک بس ہو چکی ہو گی اور وہ سو چکے ہوں گے۔ اب اس کے وار کی باری تھی۔ ان کے نیند سے جگانے سے پہلے پہلے وہ ساری گیم بدلنے والا تھا۔
وہ کمرے سے باہر آ چکے تھے۔ دران نے پیچھے مر کر جوی کی طرف دیکھا جو آہستگی سے اس کی تقلید کر رہی تھی۔ بہت دیر کھڑے رہنے کے باعث شائد اس سے چلنے میں اب دشواری ہو رہی تھی۔
"ہمیں ٹیرس پر جانا ہے "
ایک ہاتھ سے اسے ٹیرس پر جانے کا اشارہ کرتا ہوا وہ خود دروازے کی طرف بڑھ گیا۔ بیرونی دروازے کے باہر گلدان میں کچھ دیر پہلے انل اپنی انگوٹھی رکھ گیا تھا۔ دران کو اب وہ انگوٹھی اٹھانی تھی۔
انگوٹھی اٹھانے کے بعد وہ سیدھا ٹیرس پر آیا جہاں جوی ہاتھوں کی انگلیاں چٹخاتی پریشان حال کھڑی تھی۔ دران نے ایک نگاہ اس پر ڈالی اور پھر ٹیرس کی ریلنگ پر موبائل کو سیٹ کیا۔
کمرے کی بائیں طرف کی دیوار میں سلائیڈنگ دروازے کے ذریعے ملحقہ یہ ٹیرس کمرے سے کم خوبصورت نہیں تھا۔ ٹیرس کی ریلنگ کے ساتھ انگنت گملے مختلف رنگوں کے پھولوں سے ڈھکے تھے۔ دائیں طرف خوبصورت جھولا اور بائیں طرف دو کرسیوں کے سامنے میز لگا تھا۔
ٹیرس کے بلکل سامنے شھنگائی کی خوبصورت آسمان سے باتیں کرتی عما رتیں تھیں۔ جن میں چمکتی روشنیاں اب اس ملگجے اندھیرے میں قدرت کے حسین منظر کے ساتھ انسانوں کے بنائے گئے شہکار کا دلکش امتزاج لگ رہی تھیں۔
دران موبائل پر ویڈو ریکارڈنگ سیٹ کرنے سے پہلے اس کی طرف مرا جو بے پناہ پریشانی چہرے پر سجائے کھڑی تھی۔
"دیکھیں یہ پریشانی چہرے پر سے ختم کریں۔ پلیز ۔ ز۔ ز۔ اگر آپ اس سب ٹانک میں میرا سا تھ نہیں دیں گی تو میں کسی صورت آپ کو نہیں بچا سکوں گا۔ سو پلیز پیچھے آپ کے ساتھ جو کچھ بھی ہوا اسے ایک بھیانک خواب سمجھ کر بھلا دیں " رعب دار لہجے میں وہ اسے سمجھا رہا تھا۔
پھر پورے پلین کے مطابق وہ ویڈیو چلانے کے بعد ایک گھٹیا زمین پر ٹکا ئے اس کے سامنے بیٹھ گیا۔
جوی نے حیرت سے اس کو دیکھا وہ اس سرمئی اور ٹھنڈی سی ہلکی پھیلتی روشنی میں اس منظر کا سب سے حسین حصہ لگ رہا تھا۔
زندگی ایک حیران کن سفر ہے یہ تو وہ جانتی تھی مگر اس کی زندگی کا ہر آنے والا پل بے یقینی اور نا ممکنات لیے ہوئے تھا۔ دل نے شاید یہ لمحہ چپکے چپکے کتنی بار چاہا ہو گا جو آج اس کے ساتھ پیش آ رہا تھا لیکن یہ سب جھوٹ تھا حقیقت میں اس کے سامنے بیٹھا یہ حسین شخص کبھی اس کا نہیں ہو سکتا۔
دران نے گھور کر اس کی طرف دیکھا جو ہونقوں کی طرح اس کی طرف دیکھ رہی تھی۔ وہ ایک جھٹکے سے دانت پیستے ہوئے کھڑا ہوا۔
"فار گاڈسیک ۔ آپ نے کبھی کسی لڑکی کو دیکھا نہیں کیا۔ جب لڑکا اسے پرپوز کرتا ہے تو اس کی حالت کیسی ہوتی ہے؟ " وہ بری طرح اس پر چیخ رہا تھا۔
جوی نے اس کے یوں دھاڑ نے پر جھرجھری لی۔ دران غصے سے سرخ چہرہ لیے کھڑا تھا۔ اس کا غصہ بجا تھا۔ اس وقت ان کا ایک ایک سکینڈ قیمتی تھا۔
"اگر یوں ہونقوں کی طرح کھڑی ہوں گی تو کل میڈیا کے سامنے کیا خاک بیان دیں گی آپ ۔ " وہ جبڑے پیوست کیے اس پر برس رہا تھا۔
"س۔ س ۔ سوری ۔۔ ۔ " گھبرائی آواز میں کہتی وہ بری طرح نادم ہوئی
"پوری طرح ایکٹنگ کریں جیسے میں کر رہا ہوں۔ کسی کو کوئی شک نہیں ہونا چاہیے " دران نے بمشکل غصے پر قابو پاتے ہوئے۔ ہاتھ کھڑا کیا جیسے اسے آخری دفعہ خبردار کر رہا ہو۔
انداز ایسا تھا کہ اب کی بار ٹھیک ادکاری نا کی تو تھپڑ پڑے گا۔ جوی نے تیزی سے سر اثبات میں ہلایا ۔ وہ پھر سے کالر درست کرتے ہوئے اس کے سامنے بیٹھ چکا تھا۔ اس کے ہاتھ تھامتے ہی جوی کی دھڑکنیں خود بخود بے ترتیب ہو چکی تھیں۔
" یو آر دی ون ۔ آئی وانٹڈ ٹو فائینڈ ٹو ٹل دیٹ آئی نیڈ یو آل مائی لائف فرام دس ڈے آن ٹل دا ریسٹ آف مائی لائف ول یو میری می ؟ (آپ وہی ہیں جن کو میں ڈھونڈنا چاہتا تھا، یہ بتانا کہ مجھے اس دن سے لے کر اب تک ساری زندگی آپ کی ضرورت ہے کیا آپ مجھ سے شادی کریں گی) " دران کا لہجہ اتنے دن سے تنے ہوئے اعصاب پر پھوار کا کام کر رہا تھا۔
وہ اس کی انگلی میں انگوٹھی پہنا رہا تھا۔ انگوٹھی اتنی کھلی تھی کہ اس کی انگلی میں گھوم گئی۔ دران نے اس کے ہاتھ کو نہ تھام رکھا ہوتا تو شائد نیچے گر جاتی۔ دران اب اٹھ کر اس کے مقابل کھڑا ہو چکا تھا۔ سرا سکے سر سے جوڑے آہستگی سے سرگوشی کی۔
"گڈ اب اور پاس آؤ۔ آنکھیں بند کر لو "
وہ اسے اپنی بانہوں میں بھرے سینے سے لگا چکا تھا۔ آنکھیں خود بخود بند ہو گئی تھیں اسے کسی قسم کے ٹانک کی ضرورت نہیں تھی۔
کاش یہ وقت یہیں تھم جائے۔ سورج کی کرنیں یہیں انکے اوپر تھم جائیں۔ وہ اسے یوں ہی سینے سے لگائے رکھے۔ اس کی خوشبو یونہی سانسیں مہک ائیں ۔ ایک ملاقات میں اس کی جھلک دیکھنے کا طلب گار دل اب مزید خواہشیں کرنے لگا تھا۔
انسان جس خواہش کو اپنی واحد خواہش سمجھ کر اس کے حصول کے لیے سرگرداں رہتا ہے۔ خواہش کے پورے ہونے پر اسے پتا چلتا ہے یہ اس کی واحد خواہش نہیں تھی یہ تو اس کی انگنت خواہشات کی شروعات تھی۔ ایک خواہش کی تکمیل اگلی خواہش کو جنم دیتی ہے۔
دران اس سے الگ ہونے کے بعد اب موبائل کی طرف بڑھ گیا تھا۔
دران نے مطلوبہ ویڈیو کو کٹ کرنے کے بعد نگاہ اٹھا نے اس کی طرف دیکھا تو وہ وہیں مجسم کھڑی تھی۔
"تم بیٹھ جاؤ نہیں ابھی روم میں نہیں جا سکتے ہم " مصروف سے لہجے میں حکم صادر کرتا وہ پھر سے موبائل پر سر جھکا چکا تھا۔
اس حکم پر جوی کی تو جیسے جان میں جان آئی۔ پاس پڑی کرسی پر بیٹھتے ہی ٹانگوں اور پا ؤں کو سکون ملا۔ چور نگاہ اس لیبر ڈا
"کیا وہ نہیں تھکا ؟ " فکر مندی سے سوچا ۔ دران اب بھی ریلنگ سے کہنی ٹکا ئے ایک ہاتھ میں موبائل تھامے مصروف کھڑا تھا۔ جل زدہ بال اب ٹھنڈی ہوا سے اڑ کر ماتھے پر بکھر رہے تھے۔
سفید ناک کی اوپر جلد ٹھٹھرتی ہوا سے سرخ پو رہی تھی۔ وہ بار بار بالوں میں ہا تھ پھیر رہا تھا۔ بھنویں اکٹھی تھیں۔ چہرے پر ساری رات جاگنے کے ہلکے سے آثار تھے۔
"سات سالوں کے بعد میں جب اپنی پہلی محبت سے ملا تو احساس ہوا وہی میری آخری اور دائمی محبت ہے " ویڈیو پر کیپشن دینے کے بعد وہ اسے اپ لوڈ کر چکا تھا۔
***
"دیکھا درانگ کبھی غلط نہیں ہو سکتا ہے۔ ایسا ہوتا ہے مرد جو صرف ایک ہی لڑکی سے محبت کر تا ہے اور اتنے سالوں بعد ملنے پر اسے فوراً پرپوز کر دیا۔ واؤ دل جیت لیا "
"ہاں یہ اصل زندگی میں بھی ہیرو نکلا "
" وی لو یو درایگ "
"درانگ نے دل توڑ دیا ۔۔ ۔ لڑکی تو پیاری ہوتی "
"یقین نہیں آتا یہ ایسی لڑکی سے محبت کرتا تھا "
"محبت اندھی ہوتی ہے درانگ آج یقین ہوا "
"لڑکی ذرا نہیں پیاری "
کلک کی متواتر آواز کے ساتھ ویڈیو کے نیچے کمنٹس بڑھ رہے تھے۔ انل کا منہ اور آنکھیں پوری کھلی تھیں۔
کچھ دیر پہلے دران کی مسلسل آتی فون کال کی گھنٹی کے باعث وہ نیند سے جاگا تھا۔ دران نے پیغام میں کوئی ویڈیو لنک بھیجے تھے۔ جن کو دیکھ کر اس کا دماغ گھوم گیا۔
اس کے پیغام میں کچھ اور تفصیل بھی تھی جس میں وہ اس لڑکی کوبچا نے کے بارے میں اسے کچھ بتا رہا تھا۔ انل نے اس تفصیل پر پھٹی پھٹی آنکھوں سے سرسری نگاہ دوڑائی ۔ وہ ہر بار کی طرح معاملے کی تہہ میں گھستا چلا جا رہا تھا۔ اب بھی اس معاملے کے دلدل میں ٹانگوں سے آگے دھڑ تک پیوست ہونے کے بعد وہ اسے سب بتا رہا تھا پیغام سکرین بند کیے وہ دران کو فون ملا چکا تھا۔ فون کی گھنٹی کے ساتھ ساتھ اس کے دل میں خوف کا سایہ بھی ڈیرے ڈال رہا تھا۔ اس طرح کے معاملوں میں دران اس کے ساتھ ہمیشہ سے یہی سب کرتا تھا۔ اسے بنا بتائے سارے کام کرتا تھا۔ وہ جانتا تھا انل اسے یہ سب کبھی نہیں کرنے دے گا۔ غصے سے نہ صرف انل کا چہرہ سرخ ہو رہا تھا بلکہ ایک انجانے سے خوف کے باعث وہ بار بار پیشانی پر آتے ٹھنڈے پسینے صاف کر رہا تھا۔ دوسری دفعہ کی فون بل پر وہ فون اٹھا چکا تھا۔ اس کے فون اٹھاتے ہی انل اس پر برس پڑا۔
"دران یہ کیا ہے سب جو میں دیکھ رہا ہوں "
وہ بیڈ پر بیٹھا تھا اب اس کے فون اٹھانے پر بے چینی سے اٹھ کر کھڑا ہوا۔
"یہی ہے سب جو میں نے دکھایا۔ اس لڑکی کو مدد چاہیے "
دران نے کن اکھیوں سے کچھ دور بازؤں کو رگڑ رتی جوی کی طرف دیکھا۔ وہ لوگ اب بھی ٹیرس پر ہی موجود تھے۔ جوی اب کچھ دوری پر کرسی پر بیٹھی تھی جبکہ وہ جھولے میں بیٹھا تھا۔ یہاں رات میں دن جیسی چہل پہل تھی اور دن میں رات جیسی خاموشی تھی۔ سفیدی پھیل گئی تھی۔ ہر چیز روشن تھی۔
دونوں پاؤں فرش پر جوڑے وہ جھولے کو اپنے وزن سے جھول نے سے روکے ہوئے تھا۔ کین کے پائپ سے تیار کیا ہوا جھولا آدھے انڈے کی شکل کا تھا جس کے اوپری سرے کو موٹی زنجیروں کی مدد سے چھت میں پیوست کیا گیا تھا۔ فون کے دوسری طرف موجود انل اس پر مسلسل چیخ رہا تھا۔ ہر مشکل میں وہ اس کے ماں باپ کا کردار باخوبی نبھاتا تھا۔
"تم ۔۔ ۔ پاگل ہو آج میں ساری دنیا کی کہی ہوئی بات کی تصدیق کرتا ہوں۔ تم پاگل ہو۔ کیا ضرورت تھی یہ سب کرنے کی ایک انجان لڑکی کے لیے۔ کیا پتا وہ جھوٹ بول رہی ہو۔ ان جیسی ہزاروں ایسی ہو تی ہیں کیا سب کو بچا سکتے ہیں ہم ؟ "
انل ایک ایک لفظ غصے میں چباتے ہوئے کہہ رہا تھا۔ اپنے کمرے کے وسط میں کھڑا وہ غصے سے لال انگارا ہو رہا تھا "نہیں سب کو نہیں اسے بچانا ہے "
بڑی تحمل مزاجی سے جواب آیا۔ جوی اس کی آواز سننے کے لیے کانوں کو کھڑا کئے پوری طرح چو کنی ہوئی تھی۔ دران کی اس بات پر جیسے روح نے اس شخص کو سر پر بیٹھا لیا۔ دل میں تو وہ رہتا ہی تھا۔ اب اس کا مقام اس سے بھی اونچا تھا۔
"کیوں بھی یہ کون ہے تمھاری پھپھو کی ۔۔ ۔ "
انل کا پارہ بری طرح چڑھ چکا تھا۔
"جوی ہے یہ "
انل کی بات کو کاٹتے ہوئے بڑے آرام سے جواب دیا۔ دوسری طرف یک لخت خاموشی چھائی ۔
ایک ۔۔ ۔ دو ۔۔۔ ۔ سکینڈ
"جوی!!!!! کون جو۔۔۔ ی۔۔ ۔ " تحیر زدہ لہجہ میں سوال کیا۔ انل نے بھنویں اکھٹی کیں دران کی طرف سے کوئی جواب نہیں آیا تھا۔ ذہن نے گھوڑے دوڑائے ۔ ایک ہی تو جوی تھی پوری دنیا میں جسے وہ جا نتا تھا۔ کچھ دیر کی توقف کے بعد ہی وہ جوی کو یاد کرنے میں کامیاب ہو چکا تھا۔
"جوی جان ۔۔ ۔ وہ جووت کی بہن ؟ "
نیم مردہ سے لہجے میں سوال کیا حالانکہ یہ جواب تھا۔ چھت کی سیڑھیوں میں کھڑی لڑکی جو بے چینی سے دران کا پوچھا کرتی تھی۔ ذہن کے پردوں پر ماضی کے چند لمحے تیزی سے سرکے
"ہاں وہی جس نے مجھے چھت سے گرنے سے بچایا تھا "
دران نے مزید تفصیل سے آگاہ کیا۔ وہ اب جھولے پر سے اٹھ چکا تھا۔ جھولا اس کے عقب میں آہستہ آہستہ جھول رہا تھا۔
جوی نے حیرت سے دران کی طرف دیکھا ایسا کون تھا جسے وہ اس کا نام بتا کر شناخت کرنے پر چھوڑ رہا تھا۔
"جانتا ہوں اسے میں مگر۔۔ ۔ وہ یہاں اور ایسے ۔۔۔ ۔ کیسے ؟ "
انل نے پریشان سے لہجے میں استفسار کیا۔ الجھن بڑھتی جا رہی تھی۔
"بہت لمبی کہانی ہے اسی سے سن لینا ۔ فلحال مجھے تمھاری مدد چاہیے " دران نے ریلنگ پر ہاتھ دھرے تھوڑا سا آگے جھکتے ہوئے کہا۔ اچٹتی نگاہ لان کے سوئمنگ پول سے آگے ہوٹل کی بیرونی دیوار سے ٹکرا کر واپس پلٹی ۔ "تمہیں یہ دیکھنا ہے کہ وہ لوگ جوی کا کتنا دھیان رکھے ہوئے ہیں ہوٹل کے باہر سیلور ۔۔۔ ؟ "
دران نے بات کو روک کر جسم کو ہلکا سا خم دیتے ہوئے جوی کی طرف سوالیہ نگاہوں سے دیکھا۔ گاڑی کا ریگ سیلور ہی بتایا تھا جوی نے وہ اس بات کی تصدیق چاہ رہا تھا۔ جوی جو اسے ٹکٹکی باندھے دیکھتے ہوئے اس کی باتوں پر کان کھڑے کیے ہوئے تھی فوارً اثبات میں سر ہلایا ۔
"ہاں ۔ ں۔ ں۔ ں ہوٹل کے باہر سلور کلر کی گاڑی ہے۔ اس میں دو لڑکے دیکھو وہ وہاں ہیں؟ کیا وہ نگر انی کر رہے ہیں؟ "
انگشت انگلی کو لبوں پر دھر کر حکم صادر کیا۔ پھر فون کو کان اور کندھے کے بیچ پھنسا کر جیب سے سگریٹ کیس نکالا۔
"ہم اسے یہاں سے لے کر بھاگ رہے ہیں کیا؟ "
انل نے اچھنبے سے سوال کیا۔ پریشانی سے اپنے کمرے میں موجود میز کی طرف قدم بڑھائے ۔
"نہیں تو بھاگنا کیوں ہے "
وہی اطمینان بھرا لہجہ ۔ ایک سگریٹ انگلیوں کی پوروں میں دبا کیس سے باہر آ چکا تھا۔ اور اب لبوں کے درمیان میں جکڑا ہوا تھا۔
"تو اور کیا کر رہے ہیں پھر ؟ وہ لوگ خطرناک ہیں۔ یہ ان کی لڑکی ہے "
انل پھر سے برہم ہوا۔ میز پر پڑے جگ سے پانی گلاس میں انڈیلا ۔ گلا خشک ہونے لگا تھا۔ گلاس اٹھا کر لبوں سے لگایا۔
"کس نے کہا یہ ان کی لڑکی ہے؟ "
ڈھیٹ پن کی انتہا تھی۔ لائٹر سگریٹ کو شعلہ دے رہا تھا۔ اور پھر سگریٹ جلنے لگا۔ بھنو ں کے ساتھ آنکھ کی پتلیاں بھی لمحہ بھر کو سڑکیں جن میں رتجگے کی وجہ سے ہلکی سی لالی نمایاں تھی۔
"مطلب ؟ "
انل نے آبرؤ اچکائے ۔ خالی گلاس واپس میز پر رکھا۔
"کیا وہ یہ سب پرؤو (prove)کرنے آئیں گے کہ یہ ان کی لڑکی ہے؟ کبھی نہیں وہ چھپ کر یہ جنگ لڑیں گے "
بڑے آرام سے جواب دیا۔ فون کو بائیں ہاتھ سے کان کو لگایا اور دائیں ہاتھ میں سگریٹ کو انگلیوں میں دبایا ۔ "وہ ایسا ہی کریں گے لیکن وہ اسے چھوڑیں گے بھی نہیں۔ دران یہ بہت مشکل ہے۔ مجھے اس دن سے کھٹک رہا تھا کہ تم یوں کیوں سب کرتے جا رہے ہو۔ دیکھو ابھی بھی میں کہہ رہا ہوں اسے حب چاپ پولیس کے حوالے کرتے ہیں۔ ڈیٹس اٹ "
انل نے ہوا میں ہاتھ سے لکیر کھینچی ۔ جیسے کوئی پتھر پر لکیر کھینچ دے۔ دوسری طرف دران کا کھوکھلا مگر طنزیہ سا قہقہ گونجا ۔
"ہاں پولیس کے حوالے کرتے ہیں تاکہ وہ لوگ کسی نہ کسی طرح اسے وہاں سے اٹھا لیں۔ یہ مدد تو نہ ہوئی " دران اب اپنے ارادے سے بلکل پیچھے ہٹنے والا نہیں تھا۔ سگریٹ کا دھواں پل بھر کو اس کے چہرے کے آگے منڈلاتا تھا۔ پھر ہوا میں گھل کر چھٹ جاتا۔ انل نے گہری سانس خارج کی۔ جیسے کوئی ہتھیار پھینک دے۔
"تو تم کیا اسے اپنے ساتھ لے کر جاؤ گے؟ "
" نہیں پاکستان پہنچانا ہے اسے "
پر عزم لہجہ ۔ ۔۔۔ بے خوف آنکھیں۔۔ ۔ مضبوط ارادے ۔۔ ۔ جوی نے چونک کر نگاہ اس کے چہرے پر ٹکا دی۔ وہ کیا تھا۔ تو آج سمجھ آنے لگی تھی۔ وہ اس کی زندگی میں نہ ہو کر بھی کیوں ہر پل تھا۔ اس کی ایک ملاقات کیوں اس کے ہر رشتے پر بھاری ہوگئی تھی۔ وہ اس کی زندگی میں ایک اہم حصہ تھا۔ اس کا لا شعور بہت پہلے اسے پہچان چکا تھا۔ یہی وجہ تھی وہ اور اس کا دل اسی طرف کھنچتا تھا۔ اس کی روح اس کے لیے تڑپتی تھی۔
سامنے اس ٹھٹھرتے ٹیرس کی ریلنگ سے ٹیک لگائے۔ سگریٹ کے دھوئیں کے مر غو لے بناتا وہ شخص آج پھر سے اس کی رگ و پے میں سرائیت کرنے لگا تھا۔
وہ سچ جسے اتنے عرصے سے وہ جھٹ لاتی رہی تھی۔ دل آج سر خم کئے اسے تسلیم کر رہا تھا۔ وہ اس سے محبت کرتی تھی۔ بے پناہ محبت ۔ روح کی گہرائیوں سے کی جانے والی پاکیزہ محبت جس میں محبوب کی ایک جھلک کی طلب ہی کافی ہوتی ہے۔
معرفت کی آخری حد کو پرکھتی محبت ۔ ۔ مجازی سے حقیقی کے آگے جھکنے پر مجبور کرتی محبت ۔ ۔۔۔ عشق کے کناروں کو چھوتی محبت ۔۔ ۔ تخیل سے حقیقت تک کا سفر کرتی محبت ۔ دل کی دھڑکن بے ترتیب ہوئی۔ نگاہیں اس کے ہر نقش کو احترام سے چھو کر واپس پلٹیں۔
وہ اسے لی تاؤ کے متعلق ساری معلومات دے چکی تھی۔ گو کہ اُس وقت اس کی آنکھوں پر پٹی بندھی تھی۔ مگر وہ لی تاؤ کے گاؤں کا نام جانتی تھی۔ وہ اب فون کے دوسری طرف موجود نفس کو اسی گاؤں کے متعلق بتا رہا تھا۔ "فلحال ہمیں اس لڑکی کے ساتھ لاویا جانا ہے ابھی ۔ ایک آدمی سے اس کا پاسپو رٹ لینا ہے۔ تم بس یہ دیکھو باہر جا کر کہ وہ دونوں لڑکے کہاں ہیں اس وقت ؟ "
وہ اپنی آگے کی مکمل پلیننگ اُسے ایک ہی سانس میں بتا گیا۔ انل نے لب بھینچے بولنے کے لیے کچھ نہیں رہا تھا۔
دران کی طرف سے فون بند ہو گیا تھا۔
***
ملک ہاؤس میں آج چہل پہل معمول سے ہٹ کر تھی۔ عصر کے بعد کا وقت تھا۔ پورے گھر میں بہت سے لوگوں کی آوازوں کا بے ہنگم شور برپا تھا۔ طلعت کی شادی کے بعد اب جا کر گھر میں رونق لگی تھی۔ عصمت کی بیٹی فائقہ ابھی سولہ برس کی ہوئی تھی۔ لیکن رشتہ اچھا مل جانے کے باعث اس کی نسبت طے کر دی کی تھی۔
بظاہر تو اس تقریب میں قریبی رشتہ داروں کو ہی مدعو کیا گیا تھا۔ لیکن پھر بھی گھر بھر میں دھما چوکڑی جیسا سماں تھا فائقہ کے سسرال والے خاصے دولت مند تھے۔ اس لیے تقریب بھی ان کے شان شایان رکھی گئی تھی۔
عصمت نے تو ایڑی چوٹی کا زور لگایا کہ کہیں تقریب باہر ہوٹل میں رکھ دی جائے لیکن اسفند اور یاور نے ملک ہاؤس کے لان کو ہی قابل قبول حالت تک سجا دیا تھا۔
چھوٹے سے لان کے وسط میں سٹیج بنایا گیا تھا۔ اور اس کے سامنے مہمانوں کے لیے کرسیاں لگائی جا رہی تھیں۔ دران سٹیج کے آگے بکھرے بالوں اور ملگجے حلیے میں کرسیاں لگوا رہا تھا۔ سبز اور سیاہ رنگ کی چیک دار شرٹ کے نیچے گھسی سی نیلی جینز میں ملبوس وہ سولہ سالہ دران آج صبح سے گھر کے نا ختم ہونے والے مختلف کاموں میں جتا تھا۔
گھر میں کسی کو خیال تک نہ تھا کہ اس کے سالانہ امتحانات ہیں۔ ہوتا بھی کیسے گھر میں کسی کو ڈھنگ سے یہ تک نہیں پتہ تھا کہ اب وہ دسویں جماعت میں ہے تو اس کے امتحانات کا خاک پتہ ہونا تھا۔
لان کی گھاس کی کٹائی کل شام کو کر دی کی تھی۔ اب کرسیوں کی صاف صفائی کرنے کے بعد ان کو قطاردر قطار لگایا جا رہا تھا۔
"دران بات سنو " سونیا نے پورچ سے آگے آتے ہوئے اسے ہانک لگائی ۔ نیلے رنگ کے بھاری بھرکم جوڑے کو سنبھالتی وہ اب پورچ سے آگے لان کے پاس آ رہی تھی۔
دران سجاوٹ والوں سے اب سٹیج کے پیچھے پھولوں کی سجاوٹ کروانے میں مگن تھا جب عقب سے سونی کی آواز پر پلٹا ۔ وہ اسے پکارا کر آگے آ رہی تھی۔ ہاتھ میں سیاہ رنگ کا کوئی شاپر پکڑا رکھا تھا۔ ویسے تو وہ گھر بھر کا ملازم ہی تھا لیکن سونیا تو اس پر اپنا الگ ہی رعب سمجھتی تھی۔
دران کو اپنی طرف آتا دیکھ کر وہ شاپر سے کچھ باہر نکال رہی تھی۔ دران بلکل اس کے سا منے آ کر کھڑا ہوا نگاہ بے ساختہ اس کے ہاتھوں پر گئی۔ سونی کے ہاتھ میں تہہ شدہ سیاہ ڈریس پینٹ اور سفید شرٹ تھی۔ شرٹ کو اچھی طرح استری کر کے پرانی سے نئی بنانے کی بھرپور کوشش کی گئی تھی۔
"یہ جوڑا رکھ لو آج شام پہننے کے لیے "
شاپر سمیت اس نے پینٹ شرٹ دران کی طرف بڑھائی ۔ دران نے لب بھینچے نگاہ جیسے ہی جو ڑے پر ڈالی وہ فوراً مصنوعی مسکان سجاتی تیزی سے گویا ہوئی۔
" " احمد کا ہے اس نے بس کوئی ایک دفعہ ہی پہنا تھا۔ اتنا پرانا تو نہیں ہے خجل لہجے میں وضاحت دی۔
احمد سونیا اور روبی کا بھتیجا تھا اور دران کا ہم عمر تھا۔ یاور نے بظاہر تو دران کو گود نہیں لیا تھا۔ لیکن اس کی جاب میں ترقی ہونے کے باعث دران کے کپڑوں جوتوں کا خرچ وہ اٹھاتا تھا۔ اب بھی فائقہ کی نسبت کی تقریب کے لیے اس نے سونیا کو راہب اور سبرینا کے ساتھ ساتھ دران کے نئے جوڑے کے پیسے بھی دیے تھے۔ لیکن وہ ہر دفعہ کی طرح تقریب پر بھی اپنے بھتیجے کا ہی ایرا ہوا جوڑا دران کے لیے اٹھا لائی تھی۔
دران نے جوڑے اور شاپر کو تھاما ۔ اور خاموشی سے سر جھکائے پلٹا ۔
"سنو ۔۔ ۔ "
عقب سے سونیا نے پھر سے پکارا ۔ اس سے پہلے کے وہ پلٹتا سونیا خود ہی آنکھیں گھما تی اس کے بلکل سامنے آ گئی تھی۔
"یاور تم سے پوچھیں تو یہی بتانا تم ساتھ گئے تھے اور یہ اپنی پسند سے لیا ہے "
دران کے کندھے پر ہاتھ رکھے وہ اسے ہر بار کی طرح یاور سے جھوٹ بولنے کی تاکید کر رہی تھی۔ دران نے نگاہ اٹھائی اور پھر سے اسی طرح خاموشی سے قدم آگے بڑھائے ۔
" منہ سے کبھی کچھ پھوٹ دیا کرو بھی "
سونیا نے اس کا کندھا جھنجوڑ کر اسے روکا تھا۔ دران جو اس کے یوں جھنجوڑنے سے ہلکا سا مرا تھا جواب دینے کے بجائے سر اور جھکا لیا۔ پتہ نہیں کیوں مگر سونیا کی عزت کرنے کی دو وجوہات تھیں۔ یاور اور سبرینا ۔ سبرینا کو وہ اپنی چھوٹی بہنوں کی طرح چاہتا تھا۔ بچپن میں وہ زیادہ طر اسے سنبھالتا تھا اور پھر وہ تھی بھی اتنی پیاری کہ اس کی خاطر وہ سونیا کی ہر زیاتی برداشت کر جاتا تھا۔ یاور جتنی چاہت اس پر لٹاتا تھا۔ وہ جواب میں اتنا ہی سبرینا کا دھیان رکھتا تھا۔
"کیا کہو گے یاور سے بتاؤ مجھے " سونیا تیکھے لہجے میں پوچھ رہی تھی۔ دران نے ضبط سے لب بھینچے اور پھر منہ کھولا "وہی جو آپ نے کہا "
آہستگی سے جواب دیا اور فوارا لب اسی طرح ایک دوسرے میں پیوست کیے۔
"ارے بھی میں نے کیا کہا منہ سے بول کر بتاؤ "
سونیا نے جھنجلا کر ڈپٹنے کے انداز میں کہا۔ دران نے بمشکل لب کھولے ۔ جبکہ ہاتھوں کی گرفت شاپر پر بڑھ کر ضبط کی عکاسی کر رہی تھی۔
"آپ ساتھ لے گئیں تھیں۔ میں نے اپنی پسند سے لیا ہے یہ جوڑا " دران نے لفظ با لفظ اس کا کہا جملہ دہرا دیا۔ "ہوں شاباش ۔۔ اچھا یہ اپنا جوڑا استری کرو تو ساتھ سبرینا اور راہب کے بھی جوڑے استری کر دینا ۔ کمرے میں بیڈ پر پڑے ہیں "
مطلبی مسکان سجاتی وہ اسے ایک اور حکم صادر کر گئی لیکن وہ جانتا تھا سبرینا اسے کبھی کپڑے استری نہیں کرنے دے گی بلکہ اس کے بھی کر کے دے گی۔ اس لیے سر اثبات میں ہلا دیا۔ شاپر کو تھامے وہ سو نیا کے جانے کے بعد پھر سے لان کی طرف بڑھا جب پیچھے سے ایک بار پھر سے آواز پڑی۔ مگر اب کی بار آواز سونیا کی نہیں شازیہ کی تھی۔
"رکو دران ادھر آؤ " شازیہ ارد گرد دیکھتے ہوئے اس کی طرف بڑھ رہی تھی۔
قریب آتے ہی رازدانہ انداز میں کندھا پکڑ کر پاس ہوئی۔ وہ اپنی پوری قیمیلی سمیت کل رات ہی پنجاب سے کراچی پہنچی تھی۔
" میں اور تمھارے پھپھا اس دفعہ پھر سے اسفی بھائی سے تمہیں ساتھ لے جانے کی بات کرنے والے ہیں " رازدانہ انداز میں وہ لگی لپٹی کے بجائے سیدھی اپنی بات پر آئی تھی۔ دران نے ہر بار کی طرح اس کے چہرے کو غور سے دیکھا۔
"دیکھو تم اب بڑے ہو گئے ہو۔ سمجھدار ہو اپنا اچھا برا جانتے ہو۔ یہ سب تمھارے اپنے تمھارے سگے نہیں ہیں۔ میں تمھاری سگی پھپھو ہوں۔ نوین بھائی کی سگی بہن۔ اصل میں تو تمہیں میرے پاس ہونا چاہیے میرے گھر "
نرمی سے دران کے سر پر ہاتھ پھیرتے ہوئے وہ ہر سال کی کہی ہوئی باتیں دہرا رہی تھیں۔
دران کا ذہن اس کے سگے ہونے کی کبھی تصدیق نہیں کرتا تھا اور آج بھی شا زیہ کو لے کر اس کے احساسات ایسے ہی تھے۔ وہ اس کی سگی نہیں تھی۔ وہ دران کے ذہن کے احساسات سے یکسر انجان اپنی ہی کہے جا رہی تھی۔
"بس جب ہم تمہیں یہاں سے لے جانے کی بات کریں تم سب کے سامنے اپنی جائیداد کی بات کر لینا ۔ یہ کہ میرا حصہ میری پھپھو کےنام کریں اور اب میں ان کے ساتھ ان کے گھر میں رہوں گا "
اصل بات کرتے ہوئے وہ اسے پچکار رہی تھیں۔ نہیں کسی کو فکر تھی اس کے مستقبل کی۔ نہیں فکر تھی اس کی ذہنی حالت کی۔ فکر تھی تو بس نوین کی جائیداد کی جو اس کے نام ہونی تھی۔
" سمجھ گئے نہ کیا کہہ رہی ہوں میں "
وہ دران کی ٹھوڑی تھامے محبت سے پوچھ رہی تھی۔ دران نے آہستگی سے سر کو اثبات میں ہلایا ۔
"ایسے نہیں بھی بول کے بتاؤ کیا کہو گے اسفی بھائی سے " شازیہ نے سر کو نفی میں ہلاتے ہوئے فکرمندی سے پوچھا۔ دوسری طرف خاموشی تھی
ایک ۔۔ ۔ دو ۔۔ ۔ تین سکینڈ ۔۔۔ ۔ جانتا تھا وہ ایسے جان چھوڑنے والی نہیں ہیں۔
"یہی کہوں گا کہ میری جائیداد شازیہ پھپھو کے نام کریں "
دران نے جان چھڑانے کے لیے ایک ربورٹ کی مانند ان کی کہی ہوئی بات دہرائی ۔ سپاٹ چہرہ جبکہ جبڑے سختی سے باہر کو ابھر رہے تھے۔
"ہائے صدقے میں واری ۔ میرے ویر کی آخری نشانی ہے تو۔ میں تجھے اچھے کالج میں پڑ ھا ؤں گی۔ اب دیکھتی ہوں کہ کیسے اسفی بھائی تمہیں روکتے ہیں۔ "
اس بات پر تو وہ نہال ہوتی ہوئی اس کی پیشانی چوم گئی تھیں۔ دران کو ان سب کے اس ٹانک سے کوئی لینا دینا نہیں تھا۔
نوین کی جائیداد کی خاطر وہ بچپن سے ہی گھن چکر بنا ہوا تھا۔ اب تو اسے اس سب کے لا لچ کی عادت ہو گئی تھی۔ شازیہ کی جھوٹی محبت سے لاپرواہی برتتے ہوئے اس نے نگاہ گھڑی پر اٹھائی ۔ رات کو اسے انل کی طرف جانا تھا۔ صبح پیپر تھا اور اس نے ایک لفظ نہیں پڑھا تھا۔ اب انل کے ساتھ مل کر پڑھنا تھا۔ لیکن اس کا جانا تقریب کے بعد ہی ممکن ہو سکتا تھا۔ شازیہ آنکھوں میں فتح لیے جا چکی تھی اور وہ شاپر ایک طرف کرسی پر پھینک کر پھر سے کاموں میں جب گیا تھا۔