Chapter 12: باب 12

سورج پورے جوبن میں آسمان پر چمک رہا تھا۔ تیز شعائیں کراچی شہر کو اپنی لپیٹ میں لیے ہوئے تھیں۔

ایلمنٹری بوائز سکول کی اس سرخ اور سفید عمارت میں اس وقت لڑکوں کا بے ہنگم شور گونج رہا تھا۔ یہ شائد سکول کی ریسس کا وقت تھا۔ انگنت ایک ہی قطار میں بنے کمروں والے اس سکول کا یہ چھٹی جماعت کا کمرہ تھا۔

لی لکڑی کے اوپری پھٹے والے لوہے کے ڈیسک افقی قطاروں میں لگے تھے۔ سفید روغن وا دیواروں پر کاغذ کے بنے چارٹ جگہ جگہ دیواروں پر چسپاں تھے۔ سامنے کی دیوار پر سیاہ بورڈ نصب تھا جس کے نیچے سفید رنگ کے چاک بکھرے ہوئے تھے۔ اس وقت کمرہ جماعت میں ادھم مچا تھا۔ کچھ لڑکے بھاگ دوڑ رہے تھے۔ ایک دوسرے کو چاک مار رہے تھے اور کچھ ڈیسک کے اوپر بیٹھے ٹفن کھولے کھا رہے تھے۔

ان سب میں وہی تھا جو کتاب کھولے انہماک سے پڑھنے میں مگن تھا۔ یاور ملک کی بدولت وہ پھر سے سکول میں آنے میں کامیاب ہو گیا تھا۔ اسے برھان اور فائقہ کی طرح کسی انگلش میڈیم نجی سکول میں نہیں ڈالا گیا تھا۔ یہ کراچی کا سرکاری سکول تھا۔

دران نے آدھا سال گزرنے کے بعد داخلہ لیا تھا۔ اسے سکول آتے مہینہ ہو چکا تھا لیکن وہ حب چاپ بیٹھا اپنا پڑھتا رہتا تھا۔ کچھ لڑکوں نے پہلے پہل اس کے ساتھ بات چیت کی کوشش کی مگر اس کے کم بولنے کے باعث پیچھے ہٹتے گئے۔

لڑکوں کے اس شور میں اچانک سکوت جماعت کا دروازہ زور سے دیوار میں لگنے کی وجہ سے آیا۔ توصیف تیوری چڑھائے آگے بڑھا۔ وہ ان کی جماعت کا نا صرف مانیٹر تھا بلکہ سکول کے ہیڈ ماسٹر صاحب کا اکلوتا سپوت بھی تھا۔ جماعت کیا سکول کے تمام لڑکے اس سے ڈرتے تھے بس یوں سمجھیں کہ سکول میں اس کا سکہ چلتا تھا۔

توصیف نے غصے سے درمیانی قطار میں موجود تیسرے ڈیسک پر بیٹھے انل یوسف کو ایک جھٹکے سے گریبان سے تھام لیا۔

"کھڑا ہو جا " رعب دار آواز میں وہ انل کو حکم صادر کر رہا تھا۔

انل نے گھور کر دیکھا مگر اٹھا نہیں۔ توصیف کے ساتھ کھڑے لڑکے ہاتھوں میں بلے اور ہاکی اٹھائے ہوئے تھے۔ وہ شائد سکول کے میدان میں کھیل رہے تھے اور اب انل کی شکایت ملنے پر یہاں آئے تھے۔ سکول میں موجود ہر پانی کے کولر کے ساتھ سٹیل کا ایک عدد گلاس زنجیر سے باندھا گیا تھا لیکن انل کو عیسائی ہونے کے باعث اس گلاس میں پانی پینے کی اجازت نہیں تھی۔

"کھڑا ہو سنا نہیں " توصیف تیکھی آواز میں دھا ڑا

پوری جماعت کے لڑکے اب سب مصروفیت چھوڑ کر ان کی طرف متوجہ تھے۔ دران نے کتاب پر سے سر اٹھایا اور ڈیسک پر بیٹھے معصوم صورت لڑکے کو دیکھا جو توصیف کے مقابلے میں ناتواں تھا لیکن وہ اس سے دب نہیں پڑا تھا۔

"کولر کے گلاس میں پھر سے پانی پیا تم نے ؟ " توصیف نے غصے میں ناک پھلا تے ہوئے پوچھا

"ہاں پیا ۔ وہ سب کے لیے ہے۔ وہاں نہیں لکھا کہ صرف مسلمان لڑکے پی سکتے ہیں۔ " انل نے برابر تیوری چڑھائی

"زیادہ زبان چلانے کے ضرورت نہیں سمجھا ۔ کتنی دفعہ سمجھایا ہے تجھے لگتا بات تیری کھوپڑی میں گھستی نہیں ہے۔ " توصیف نے اس کے گریبان پر اپنی گرفت مزید بڑھائی ۔

انل کی گریبان چھڑوانے کی ساری کوششیں ناکام جا رہی تھیں۔ توصیف نے ایک جھٹکے سے اسے ڈیسک سے نیچے گرایا ۔ اب وہ اس کے گریبان کو تھامے باقاعدہ اسے مار رہا تھا۔ پوری جماعت تماشہ دیکھ رہی تھی کسی میں اتنی ہمت نہیں تھی کہ انل کو چھڑواتے ۔ توصیف اسے زمین پر لٹائے مسلسل اس کے چہرے پر موکے جڑ رہا تھا۔ دران ایک جھٹکے سے اپنی جگہ سے اٹھا۔ کنپٹی کی رگیں تن گئی تھیں اور آنکھیں غصے میں سکڑ گئی تھیں۔ تیز تیز ڈگ بھرتا وہ ایک سکینڈ میں توصیف کے سر پر کھڑا تھا۔ توصیف نے مکا جڑنے کے لیے بازو اٹھایا اور اب کی بار بازو نیچے نہیں آیا ہوا میں معلق رہ گیا۔ غصے سے گردن گھما کر دیکھا۔

دران پیشانی پر بل ڈالے کھڑا تھا۔ وہ دکھنے میں دبلا پتا تھا لیکن طاقت اتنی تھی کہ توصیف اپنی پوری قوت کے باوجود ہاتھ نہیں ہلا پا رہا تھا۔

"تو کون ہے ابے " توصیف نے غراتے ہوئے پوچھا

اس کا چہرہ اب قوت لگانے کی وجہ سے سرخ ہو رہا تھا۔ آس پاس کھڑے لڑکے توصیف کی حالت پر دبی دبی ہنسی ہنس رہے تھے۔

"اس کا گریبان چھوڑ " دران نے سنجدگی سے مگر ٹھہرے لہجے میں حکم دیا۔

"چلو ایک اور یدی کو زکام ہو گیا " توصیف نے استہزایہ مسکراہٹ سجائے تمسخر اڑایا

"تو بولتا بھی ہے رے ۔۔ ۔ میں تو سمجھا گونگا ہے تو " توصیف کے تمسخرانہ انداز پر پوری جماعت میں قہقے گونج اٹھے ۔

"حب چاپ جا اور باقی لڑکوں کی طرح اپنی جگہ پر بیٹھ جا سمجھا ۔ نہیں تو اس سے پہلے تیر" ی کھوپڑی کھول دوں گا توصیف نے بڑے رعب سے ناک چڑھاتے ہوئے کہا

دران نے ایک نگاہ اس کے چہرے پر ڈالی اور پھر دوسری انل کے گریبان پر اگلے ہی لمحے وہ پاس کھڑے لڑکے کے ہاتھ سے بلا چھین کر توصیف کے سر پر مار چکا تھا۔

***

سورج ڈوبتے ہی سرمئ روشنی لائینز ایریا کی تمام عمارتوں کو ہلکی ہلکی ہوا سے ٹھنڈک بخشنے لگی تھی۔ چوتھی منزل کے اس فلیٹ میں خاموشی چھائی تھی۔ مریم کسی پڑوسی کی طرف تھی۔ جووت کھیلنے گیا تھا۔ میری کتابوں میں سر دیے بیٹھی تھی۔ ایسے میں وہ چھوٹے سے کمرے میں موجود بکھرے بال پژمردہ صورت اور حلقے زدہ آنکھوں کے ساتھ پلنگ پر اپنے دوپٹے کی تلاش میں تکیے الٹ پلٹ رہی تھی۔

ہلکے زرد رنگ کے جوڑے میں اداس آنکھوں کے نیچے موجود گالوں پر زردی جھلک رہی تھی۔ گھنگرالے سیاہ بال اوپر کو پھولے ہوا میں دھیرے دھیرے ہل رہے تھے۔ اس دن چھت کی ملاقات کے بعد چار ماہ اور تین دن گزر گئے تھے دران اسے پھر کبھی یہاں نہیں نظر آیا تھا۔

وہ ملاقات اس کی پہلی ملاقات تھی لیکن وہ اس کے سحر میں ایسی جکڑی گئی تھی کہ چاہ کر بھی نکل نہیں سکی۔ یوں محسوس ہوتا تھا وہ انسان نہیں جنات میں سے تھا اور وہ آسیب زدہ ہو گئی ہے۔

دماغ نے دل کی بہت کلاس لی۔ ہر جتن کر ڈالے پر وہ ایسا بغاوت پر ایرا کہ ہر چیز میں ہر چہرے میں اسی کا عکس تلاشنے لگا۔ دل میں وسوسے گھر کرنے لگے کیا پتا وہ اب اس دنیا میں نہیں رہا ہو۔ اس کیس آسیب زدہ حالت کیا اس کے دل کے بعد سنایا کو خبر تھی۔ ہر پل کا ساتھ اور دوستی تھی اس کی بدلتی حالت کیسےج چھپ سکتی تھی اور آ وہ تنگ آ کر انو سے اس کے بارے میں پوچھنے کا فیصلہ کر چکی تھی۔ سنایا کے پو چھنے پر وہ اسے بتا چکی تھی وہ کہاں اور کیوں جا رہی ہے۔

"پاگل مت بنو جوی رک جاؤ سمجھی " سنایا نے اس کے بازو کو پکڑ کر پوری قوت سے اپنی طرف گھمایا ۔

وہ جو دوپٹہ اٹھا کر گلے میں ڈالنے والی تھی گھوم کر سنایا کے روبرو ہوئی۔

"اگر رکوں گی تو پاگل ہو جاؤں گی " سپاٹ لہجے میں وثوق سے کہا

"" سنا ایک منٹ یہ تو سوچو ۔ انو کیا سوچے گا تم اس لڑکے کے بارے میں کیوں پوچھ رہی ہو؟ نا نے رسان سے سمجھایا

"کہہ دوں گی۔ یہ تو میں خود نہیں جانتی کہ میں اس کے بارے میں کیوں پوچھ رہی ہوں " برجستہ جواب دیا آہستگی سے اپنا بازو اس کے ہاتھ سے چھڑوایا اور پلنگ پر سے دوپٹہ اٹھا کر گلے میں ڈال لیا۔

"جوی یہ تو جانتی ہو نہ کہ وہ مسلم ہے؟ " سنایا نے سینے پر ہاتھ بندھے سوال کیا۔

وہ اب اپنا دوپٹہ درست کر رہی تھی۔ نگاہیں چرائیں ۔ پلکیں پھڑپھڑائیں

"ہاں تو میں نے کب کہا وہ عیسائی ہے؟ "

"نہیں کہا پر تم گناہ کر رہی ہو۔ ابا کو پتا چلے گا تو ؟" سنایا تنک کر پھر سے روبرو ہوئی

" مطلب ۔۔ ۔ کیا ۔۔ ۔ ؟ کہنا کیا چاہ رہی ہو تم گیا ہ کیسا ؟" جوی نے اب کی بار غصے سے نگاہیں اس کی نگاہوں میں گاڑیں ۔

"مطلب یہ کہ تم اس سے محبت کرنے لگی ہو" سنایا نے ایک سانس میں کہا

سنایا کی آنکھوں میں گاڑیں اس کی آنکھیں پھر سے زاویہ بدلنے لگیں۔

"نہیں " سخت لہجے میں فوراً اس کی بات کو رد کیا

"جھٹ لاؤ مت مجھے ۔ پاگل نہیں ہوں میں بہن ہوں تمھاری ۔ ہر کسی کی تو نہیں لیکن تمھاری آنکھیں پڑھنا میں جانتی ہوں۔ تم پاگل ہو چکی ہو اس لڑکے کے لیے اور یہ پاگل پن اب شدت اختیار کرتا نظر آر ہا ہے مجھے " سنایا دو ٹوک لہجے میں جواب دیا

"نہیں ۔۔ ۔ تم ۔ ۔ تم غلط ہو مجھے " اس سے محبت نہیں ہے۔ اور محبت یوں نہیں ہوتی گڑ بڑا کر اس کی بات کی نفی کی

"تو پھر کیسے ہوتی ہے؟ تم سے دو سال چھوٹی ہوں پر بچی اب میں بھی نہیں ہوں۔ چارہ ماہ ہو گئے ہیں تم بن پانی کی مچھلی کی طرح تڑپ رہی ہو۔ سر شام بالکنی کے چکر دوپہر کو حنا کےگھر کے بلاوجہ چکر سنسان چھت پر جانا اور اب ۔۔ ۔ اب کیا کرنے جا رہی ہو؟ انو سے اس کے بارے میں پوچھنے جا رہی ہو؟ " سنایا نے پیشانی پر بل ڈالے اسے آئینہ دکھایا جو شائد اس کے ساتھ ساتھ خود کو بھی دھوکا دے رہی تھی۔

دوسری طرف خاموشی تھی۔ سنایا نے گہری سانس لی محبت سے اسے قریب کیا۔

"جوی یہ کھائی ہے تم گری نہیں ہو ابھی اس میں۔ پلٹ آؤ اسے بھول جاؤ ۔ وہ اجنبی تھا۔ ایکد ن اتفاق سے ملاقات ہوئی تم دونوں کی اور بس " سنایا نے رسان سے سمجھاتے ہوئے اب اسے دونوں کندھوں سے تھام لیا تھا

"میں اس سے محبت نہیں کرتی سنایا۔ مجھے تو انو سے بس یہ پوچھنا ہے کہ وہ زندہ ہے نہ ؟ وہ اس دن چھت سے چھلانگ لگانے والا تھا تو۔۔ ۔ " جوی نے سر کو جھٹکتے ہوئے حر کر وضاحت دی

"اور اگر انو نے کہا کہ وہ مر۔۔۔۔ ۔ "

ایک زور دار تھپڑ سنایا کے جملے کو مکمل نہیں کرسکا تھا۔ جوی اسے تھپڑ مارنے کے بعد اب مجسم بنی کھڑی تھی جبکہ سنایا گال پر ہاتھ رکھے حیرت سے اسے دیکھ رہی تھی۔

کتنے ہی پل خاموشی نگل گئی اور پھر آواز گونجی پر اعتماد

"وہ مر نہیں سکتا "

دلگیر لہجہ تھا۔ وہ جھٹکے سے پلٹی اور تیز تیز قدم بیرونی دروازے کی طرف بڑھا دیے۔

***

مینگولے کے لان میں تقریب اپنے اختتام پر تھی۔ رات کے تین بجے اب لوگ تھک نے اور شراب میں چور ہو کر لڑکھڑانے لگے تھے۔ ادھ کھلی آنکھوں اور ڈگمگاتے قدم اب لان چھوڑ کر کمروں کا اور باہر کا رخ کر رہے تھے۔ بتیاں اب بجھنے لگی تھیں۔ لان آہستہ آہستہ خالی ہونے لگا تھا۔ مدھم سی آواز میں بجتی موسیقی اب موسیقی کے آلے پر بج رہی تھی۔ گلوکارہ جا چکی تھی۔ ایسے میں مینگولے کی سنہری عمارت کے ایک کو نے میں شیشے کی بنی لفٹ متوازن رفتار سے اوپر چڑھ رہی تھی۔ لفٹ کے وسط میں جوی دو لڑکوں کے درمیان میں کھڑی تھی۔

میرون گاؤن کے اوپر کندھوں پر اب سیاہ مردانہ کوٹ کا اضافہ تھا۔

تین گھنٹے وہ ایک کمرے میں بے مقصد ایک صوفے پر بندھی بیٹھی رہی تھی اور اب جا کر اسے اس کمرے سے نکال کر کہیں اور لے جایا جا رہا تھا۔ شائد اوپر کسی کمرے میں۔ اس کے ہاتھ بندھے ہوئے تھے جو اس پر دیے ہوئے سیاہ کوٹ کے نیچے چھپے تھے۔

یقیناً اس کی عزت کا جنازہ نکلنے کا وقت قریب تھا۔ ایسا محسوس ہوا جیسے سانس اُکھڑنے لگی ہو۔ وہ یک لخت چند قدم آگے بڑھی اور چلانے لگی

"ہیلپ۔۔۔۔ ۔ ہیلپ می۔ ی۔ ی۔ ی۔ ۔۔۔ ۔ پلیز ۔۔۔ ۔ لسن "

گلے سے پھٹنے جیسی آواز برآمد ہوئی۔ جو فقط اس لفٹ کے شیشوں سے ٹکرا کر واپس آ رہی تھی۔ ہوٹل سے باہر نکلتے ہنستے مسکراتے چہرے اس کی بے بسی سے بے خبر مست مگن اپنی شاندار گاڑیوں میں بیٹھ رہے تھے۔

دل کے دھڑکنے کی رفتار خوف کے باعث تیز طر ہو چکی تھی۔ وہ پھڑپھڑانے لگے تھی۔ بلکل ویسے ہی جیسے کوئی پنچھی جال میں پھنسنے کے بعد پھڑپھڑاتا ہے۔

دونوں لڑکے اسے قابو کر رہے تھے۔ ایک نے جلدی سے اس کے منہ پر ٹیپ لگائی ۔ دوسرا اس کے بال کھینچتے ہوئے اسے پسٹل دکھا رہا تھا۔ کتنے ظالم تھے یہ لوگ اور وہ حال میں پھنسے پنچھی کی طرح پھڑپھڑا کر صرف اپنے پنکھ زخمی کر رہی تھی۔ نتیجہ کچھ نہیں تھا چاروں طرف جال ہی حال تھا۔

لفٹ کھل چکی تھی۔ وہ اسے گھسیٹتے ہوئے اب ہوٹل کی گیلری میں سے لے جا رہے تھے۔ جہاں بائیں اور دائیں کمروں کے دروازے بند تھے۔ جیسے اس کی قسمت کے دروازے بند تھے۔

"بعض اوقات آدمی ایک نہیں ہوتا۔ تین ۔۔ ۔ چار یا اس سے بھی زیادہ ۔۔ ۔" تمنا کے کہے ہوئے الفاظ اس کے ذہن میں گونج رہے تھے۔

ریڑھ کی ہڈی میں خوف کی لہر برق رفتاری سے سفر کر گئی۔ وہ پھٹی پھٹی آنکھوں سے دونوں لڑکوں کو دیکھتے ہوئے کبھی ٹیپ سے بند کیے منہ سے بولنے کی ناکام کوشش کر رہی تھی اور کبھی بند ھے ہاتھوں کو کھولنے کے لیے کلائیوں کو گھما رہی تھی۔ ہر کوشش ناکام تھی۔ وہ دلدل میں دھن سنے جا رہی تھی۔ تمنا کہہ رہی تھی۔ وہ پہلی دفعہ میں اتنا برا حال کرتے ہیں کہ لڑکی جسمانی اور ذہنی دونوں طرح مفلوج ہو کر رہ جاتی ہے۔ جسم کا رواں رواں کھڑا ہو رہا تھا۔

حال میں پھنسے پنچھی کو پہلے پنجرے میں بند کیا جاتا ہے پھر اس کے پر کاٹ دیے جاتے ہیں۔ اس کے پر کٹنے جا رہے تھے۔ ۔۔۔ ۔

آہ ۔۔۔ ۔ میرے اپنوں کو میری خبر تک نہیں ہو گی کہ مجھ پر کیا بیت رہی ہے۔ شاید وہ لی تا ؤ کو فون کرتے ہوں گے؟ اس کا پوچھتے ہوں گے؟ ۔ نہیں وہ نہیں کرتے ہوں گے۔ کبھی نہیں کرتے ہوں گے۔ میں ان کے لیے مر ہی تو چکی تھی۔ جو گناہ میں کر چکی تھی۔ اس پر انہوں نے پردہ ڈال دیا تھا لیکن نفرت دل سے نہیں نکالی تھی۔

آنکھوں کے سامنے کتنے ہی مناظر گھوم گئے۔

جان اسے دوپٹہ درست کرنے کا کہہ رہا تھا۔

مریم اسے رات کو باہر جانے سے منع کر رہی تھی۔

آمنہ اسے وضو کرنے کا طریقہ سمجھا رہی تھی۔

وہ وضو کر رہی تھی۔

وہ صلیب کو چوم رہی تھی۔

وہ جائے نماز بچھا رہی تھی۔

وہ ھا تھوں کی انگلیوں کو ایک دوسرے میں پیوست کیے اس پر سر ٹکا ئے ہوئے تھی۔

وہ دعا کے لیے ہاتھ اٹھائے ہوئی تھی۔ ۔۔۔۔۔ ۔

پھٹی پھٹی آنکھوں سے ارد گرد دیکھا۔ تمام کمروں کے دروازے بند تھے۔ جیسے اس کی قسمت کے دروازے اس پر بند تھے۔

"کاش کوئی دروازہ کھل جائے " دل تڑپ کر دعا کر گیا۔

جیسے ہر دفعہ ہر لمحہ کیا کرتا تھا۔ کہاں یہ یاد رہا تھا۔ کہ وہ دعا نہ مانگنے کا تہیہ کر چکی ہے۔ آنکھوں کے سامنے گزرے لمحے یکے بعد دیگرے سرک رہے تھے۔

"دعائیں قبول نہیں ہوتی۔ کم از کم میری تو کوئی بھی نہیں ہوئی۔ کبھی بھی نہیں ہوئی۔ میں نے ایک دعا کو ان چھ سالوں میں ہر پل ہر جگہ اور کلیساؤں میں گھنٹوں بیٹھ بیٹھ کر مانگا مگر نہیں ہوئی۔ "

کتاب سے سر اٹھائے اس نے آمنہ کی آنکھوں میں دیکھ کر کہا۔ وہ مسکرائی اپنی گود میں کھلی کتاب بند کر دی۔ سبز گھاس پر کھلی کتابوں کے صحقے پھڑپھڑائے ۔ وہ شاید کچھ کہنا چاہ رہی تھی مگر اجتناب برت رہی تھی۔

"ایک بات کہوں اگر برا نا مانو ؟" وہ جھجک کر پوچھ رہی تھی۔

"تمہیں ایسی لگتی ہوں کیا؟ کہو "

مسکراتے ہوئے اجازت دی۔ نگاہیں اس پر مرکوز کیں۔

"اللہ سے مانگو تو شریک مت ٹھہراؤ ۔۔ ۔ " آمنہ نے آہستگی سے ڈرتے ڈرتے کہا اور پھر گڑ بڑا کر ردعمل جانچنے کے لیے اس کے چہرے پر نگاہ اٹھائی ۔

جیسا سوچا تھا ویسا ہی تھا۔ جوی حیرت سے دیکھ رہی تھی۔ اس کی خاموشی آمنہ کو مزید بولنے پر اکسا گی۔

"نہ اس کی کوئی اولاد ہے اور نہ وہ کسی کی اولاد ہے " بڑے اعتماد سے کہا

"میں مسلمان نہیں ہوں آمنہ " حیرت میں ڈوبی آواز تھی۔

"تو ہو جاؤ " وہ پرسکون لہجے میں کہہ گئی۔ بنا کسی خوف کے

منظر کھونے لگا۔ دل کی گھٹن اب آنکھوں میں دھواں بھرنے لگی۔ آنکھ کی پتلیوں میں خوف تھا۔ اور پھر زبان منہ کے اندر ورد کرنے لگی۔

"اللہ تعالیٰ ہی معبود برحق ہے۔ جس کے سوا کوئی معبود نہیں۔ جو ہمیشہ زندہ اور قائم رہنے والا ہے۔ جسے اونگھ آتی ہے نہ نیند۔ اس کی ملکیت میں زمین و آسمان کی تمام چیزیں ہیں۔ کون ہے جو اس کی اجازت کے بغیر اس کے سامنے شفاعت کرسکے؟ وہ جانتا ہے جو لوگوں کے سامنے ہے اور جو ان کے پیچھے ہے اور وہ اس کے علم میں سے کسی چیز کا احاطہ نہیں کرسکتے

مگر جتنا وہ چاہے۔ اس کی کرسی نے آسمانوں اور زمین کو گھیر رکھا ہے۔ اور وہ ان کی حفاظت سے نہ تھکتا ہے۔ اور نہ اکتاتا ہے۔ وہ تو بہت بلند وبالا اور بڑی عظمت والا ہے "

اس کی زبان کتنی تیزی اور روانی سے یہ پڑھ رہی تھی اور اس کا دماغ ایک لفظ نہیں بھولا تھا۔

"یہ آیت الکرسی ہے۔ ہم ہر دعا میں اسے پڑھتے ہیں ہر مشکل میں ہر پریشانی میں یہ پڑھتے ہیں " آمنہ کی آواز ذہن کے پردوں پر گونج رہی تھی۔

دل ڈوب رہا تھا اور نہیں جانتی تھی اس لمحے وہ اللہ کی طرف کیوں پلٹی تھی۔ شاید وہ نہیں خوف سے بھرا دل پلٹا تھا۔ ایک بار پھر ۔۔۔۔۔ ۔

اسے ایک کمرے کے دروازے کے سامنے کھڑا کر دیا گیا تھا۔

***

سنایا کو یونہی گال پر ہاتھ رکھے حیرت زدہ چھوڑ کر وہ تیز تیز قدم اٹھاتی فلیٹ کے بیرو نی دروازے کی طرف بڑھی ۔ سنایا کی بات پر تو جیسے دھڑکنیں بند ہونے کو تھیں۔ مگر کیوں؟ یہ سب شائد اس کو بہت سوچنے کا نتیجہ تھا۔ اس کو کھوجنے کا نتیجہ تھا۔ یا سچ میں وہ اس سے محبت کرنے جیسا گناہ کر بیٹھی تھی۔

" نہیں یہ محبت نہیں ہے " دروازے کے ہینڈل کو مضبوطی سے تھاما ۔ گھمایا دروازہ کھل چکا تھا۔

"اگر یہ محبت ہوئی تو ؟ " خودساختہ سوال جو ڈرتے ہوئے دل دماغ سے کر رہا تھا۔

فلیٹ کا دروازہ ہاتھ کو جھٹکا دے کر زور سے بند کیا۔

"نہیں محبت نہیں صرف تجسس ہے مجھے " جھوٹی تسلی دی۔ پیچھے مر کر بند دروازے کی طرف دیکھا سنایا اس کے پیچھے نہیں آئی تھی۔ رخ موڑا آگے بڑھی ۔

وہ تیز تنفس کے ساتھ سیڑھیاں نیچے اتر رہی تھی۔ اسے انو سے ملنا تھا اور اس کے اوپر آ نے سے پہلے ملنا تھا۔ وہ دیکھ چکی تھی وہ پارک سے واپسی کے لیے نکل چکا ہے۔ کندھے پر دوپٹے کو درست کرتی وہ جتنا تیز ہوسکتا تھا نیچے اتر رہی تھی۔

اچانک پاؤں تھمے ۔ انو سیڑھیاں پھلانگتا ہوا اوپر آ رہا تھا۔ سیاہ ٹرایوزر خاکی ٹی شرٹ وہ سر جھکا ئے اوپر چڑھ رہا تھا اور اب اسے دیکھ کر تو مزید سر جھکا گیا تھا۔ وہ ان کی عمارت کے شریف لڑکوں میں شمار ہوتا تھا۔ جو کبھی بلا وجہ لڑکیوں کو نہیں دیکھتے تھے۔

ابو کو اوپر آتا دیکھ کر وہ وہیں رک گئی۔ ہمت جمع کی۔ اس سے بات کرنے کی ہمت ۔ اور پھرا س سے پہلے کہ وہ لاپرواہی سے پاس سے گزر کر اوپر چڑھتا ۔ وہ پلٹی ۔

"رکیں انو مجھے آپ سے بات کرنی ہے "

ایک ہی سانس میں تیزی سے وہ پورا فقرہ کہہ چکی تھی۔ انل جس کے لیے یہ بلکل غیر متوقع تھا حیرت سے بمشکل ریلنگ کو تھامے اپنے قدم روک سکا۔

"مجھ سے؟ " حیرت سے اردگرد دیکھتے ہوئے سوال کیا۔ مبادہ وہ کسی اور کی بات کر رہی ہو۔ لیکن اس نے اُسی کا نام پکارا تھا۔ اسے بلڈنگ میں سب اسے انو کے نام سے جانتے تھے۔

"جی آپ سے " جوی نے تھوک نگلا احتیاطً سیڑھیوں کے اوپر اور نیچے کسی کی موجودگی کو جانچا ۔

"آپ۔ پ۔ پ۔ پ جووت کی بہن ہیں نہ ؟ فکر نہ کریں۔ وہ آ رہا ہے بس نیچے ۔۔ ۔ "

باقاعدہ کبھی بات نہ ہونے کے باوجود وہ اتنا تو جانتا تھا وہ جووت کی بہن ہے۔ البتہ نام ذہن پر بہت زور دینے کے باوجود یاد نہیں آ رہا تھا۔

"مجھے کچھ اور بات کرنی ہے ۔۔ مطلب کچھ پوچھنا ہے آپ سے " سانس اندر انڈیلتی وہ کچھ اعتماد سے اس کی بات کاٹ چکی تھی۔ ہاتھ ریلنگ پر سے اٹھایا۔

انل جو یہ سمجھا تھا کہ وہ شاید اپنے بھائی کے متعلق پوچھ رہی ہے۔ اس کی اگلی بات پر پھر سے متحیر ہوا۔

ایک ۔ دو۔ تین سکینڈ

"کہیے۔۔ ۔ مطلب پوچھیے ۔ ۔" گڑ بڑا کر پیشانی پر ناسمجھی کے شکن نمودار کرتا متوجہ ہوا۔

سامنے کھڑی لڑکی پرسرار لگ رہی تھی۔ پریشان الجھی ہوی مجبور ۔۔ ۔

"یہاں نہیں ۔۔ ۔ "

جوی نے فورا اردگرد دیکھتے ہوئے مضطر لہجے میں کہا

"جی۔ ی۔ ی۔!!!!! کیا مطلب ؟" وہ گڑ بڑا گیا۔ ایسا کیا کہنا چاہتی تھی وہ

"غلط مت سمجھیں پلیز ۔ ۔" فوراً ہاتھ اٹھائے صفائی دی

"کیا آپ اوپر چھت پر آ سکتے ہیں ابھی " التجائی لہجے میں گزارش کی

انل نے پرتجسس دیکھا۔ ذہن پوری رفتار سے ماضی کی ریل گھما رہا تھا۔ نہیں کبھی نہیں اس سے پہلے تو ان کے درمیان ایسا کچھ نہیں ہوا۔ کوئی بات نہیں ہوئی۔

"دیکھیں آپ غلط مت سمجھیں مجھے بہت ضروری بات کرنی ہے پلیز" پٹڑی زدہ لبوں کی جلد کو دانت سے کھینچتے ہوئے التجا کی

چند سکینڈ کی خاموشی رہی۔

"چلیے میں آ رہا ہوں " انل نے سراسیمگی کی حالت میں ہاتھ کے اشارے سے اسے آگے بڑھنے کا کہا۔

اس کا ایسے کہنا ہی تھا۔ جوی تیزی سے پلٹ کر زینے چڑھنے لگی جبکہ وہ حیرت زدہ بار بار اس کی پشت کو متعجب گھورتا متوازن رفتار میں اس کی تقلید کر رہا تھا۔ اوپر پہنچا تو وہ چھت کے دروازے کے پاس کھڑی تھی۔ پژمردہ پریشان حال بیمار چہرہ ۔

"کہیے ؟ "

پرتجسس لہجے میں کہتے ہوئے وہ اب بلکل اس کے سامنے کھڑا تھا۔ وہ شائد ہمت جمع کرر ہی تھی یا لفظوں کو ترتیب دے رہی تھی۔ لیکن یہ خاموشی چند سکینڈ پر ہی محیط رہ سکی۔

"دران کہاں ہے؟ "

آہستگی سے سر اوپر اٹھائے وہ اس سے بلکل غیر متوقع سوال کر رہی تھی۔ آواز زکام زدہ تھی۔ آنکھیں سوزش زدہ رتجگوں کی غمازی تھیں۔ سامنے کھڑے انل کے لیے حیرت کا ایک اور دھچکا تھا۔

"جی " !!!!!!!

"آپ کا دوست دران اس کا پوچھ رہی ہوں۔ یہی نام ہے نہ ؟ وہ پارک میں سامنے بنچ پر۔۔ ۔ "

جھجکتے ہوئے وہ اسے دران کے بارے میں وضاحت دینے لگی۔ انل نے ہاتھ اٹھائے اس کی بات کو کاٹ دیا۔ "ہاں یہی نام ہے مگر آپ کیوں پوچھ رہی ہیں اس کا ؟ آپ کیسے جانتی ہیں دران کو؟ "

جواب دینے کے بجائے وہ پرتجسس لہجے میں الٹا اس سے سوال کر رہا تھا۔

"میں نہیں جانتی اسے "

چہرے کا رخ سامنے دیوار کی طرف کیا۔ وہ وہاں کھڑا تھا کودنے کے لیے۔ دل پر جیسے بوجھ بر ھنے لگا۔ چھت پر چلتی ہوا سے گھنگرالے بال دھیرے دھیرے ہل رہے تھے۔ انل حیرت زدہ اسے دیکھ رہا تھا۔

"تو آپ کیوں پوچھ رہی ہیں اس کے بارے میں ؟ "

وہ گردن گھما کر اس کی طرف متوجہ ہوئی۔

" دیکھیں یہ مت سوچیں کہ میں کیوں پوچھ رہی ہوں اس کے بارے میں۔ مجھے بس یہ بتا دیں پلیز وہ کہاں ہے؟ اب آتا کیوں نہیں یہاں ؟ "

بے چینی سے پوچھا۔ اس کی دید کی پیاسی نشے میں چور لگ رہی تھی وہ ۔ انل کی بھنویں اکھٹی ہو چکی تھیں۔ حیرت اور تجسس تھا کہ بڑھتا ہی جا رہا تھا۔ گہری سانس باہر انڈیلتا وہ ٹرائیوزر کی دونوں جیبوں میں ہا تھ ڈالے گویا ہوا۔ لہجہ پریشان تھا۔

"نہیں پتا کہاں ہے "

جوی نے تڑپ کر بے یقینی سے دیکھا۔ نا جانے کیوں پر اس کے جواب پر غصہ آ گیا۔

"کیوں آپکا دوست ہے۔ آپکو کیوں نہیں پتا ؟ جووت بتا رہا تھا سکول میں آپ کے ساتھ پر تھا تھا۔ اس کے گھر کا پتہ اس کا فون نمبر عجیب دوست ہیں آپ "

غصیلے لہجے میں وہ تیز تیز اس پر یوں برس پڑی جیسے وہ دران کو برسوں سے جانتی ہو۔ انو کا جواب اس کی توقع کے بلکل برعکس تھا۔ وہ جو اس کے زندہ ہونے کی خبر سننے کے لیے جسم کے ہر خلیے کو چوکنا کر چکی تھی اس کی خبر نا ملنے پر مایوسی برداشت نا کر سکی۔

"وہ گھر سے بھاگ گیا ہے "

انل کی بات پر ایک دم سے اس کی چلتی زبان تھمی ۔ اب حیرت کا شدید جھٹکا اس کو لگا تھا۔ انل بول رہا تھا اور وہ دم سادھے سن رہی تھی۔

"وہ پچھلے دو ماہ سے لا پتہ ہے۔ "

وہ لب بھینچے جیسے کچھ ضبط کر رہا تھا بلاوجہ چھت پر نگاہ گھمائی یوں جیسے کوئی آنکھوں میں امڈ آنے والے پانی کو چھپا رہا ہو۔

"لا پتہ!!!!! ت۔۔۔ تلاش نہیں کیا اس کو کسی نے ؟ ۔ ۔ اُس کے پرینٹس ۔ ۔" فکرمندی سے کہا

"پرینٹس نہیں ہیں اس کے۔ اس کا اس دنیا میں کوئی نہیں ہے۔ وہ اپنے رشتہ داروں کے پاس رہتا تھا۔ وہاں سے بھاگ گیا کہاں ؟ کیوں؟ کسی کو نہیں پتہ ؟ مجھے بھی نہیں۔ " آواز بھاری ہوئی تھی

سر جھکائے وہ اب زمین پر ٹوٹی ہوئی سیمنٹ کی اینٹوں کو دیکھ رہا تھا۔ خاموشی میں صرف دور کہیں مغرب کی آذان سنائی دے رہی تھی۔ اندھیرا چھانے کو تھا۔

"آپ کیوں پوچھ رہی ہیں اس کا؟ "

سر اوپر اٹھائے سوال کیا۔ آنکھیں متجسس تھیں۔ وہ مجسم کھڑی تھی۔ حیرت زدہ جیسے کسی کا کچھ کھو جائے "ایکسیوزمی آپ سے پوچھ رہا ہوں ؟ آپ کیوں پوچھ رہی ہیں دران کا ؟ "

اس کے یوں گمصم کھڑے رہنے پر انل نے آواز کو ذرا اونچا رکھتے ہوئے سوال کو دہرایا ۔ وہ ہلکا سا سٹپٹائی "ہاں ۔۔ ں۔ ں۔ " سر اٹھائے خالی آنکھوں سے انل کو دیکھا

"میں پوچھ رہا ہوں آپ کیوں پوچھ رہی ہیں دران کا اور کیسے جانتی ہیں اس کو؟ "

وہ تیسری بار سوال دہرا رہا تھا۔ پیشانی پر بل اس کی تفتیش ناک حالت کے باعث بڑھ رہے تھے۔

"نہیں جانتی ؟ " مدھم آواز تھی جو بہت دور سے آتی ہوئی محسوس ہوئی

"تو پوچھ کیوں رہی ہیں اس کے بارے میں ؟ "

"نہیں جانتی "

ٹرانس کی حالت میں وہ کندھے گرائے قدم سیڑھیوں کی طرف بڑھا چکی تھی۔ انل نے حیرت سے گردن کو آگے پیچھا کیا۔

"نہیں جانتی!!!!! " زیر لب اس کے جواب کو دہرایا ۔ پھر سے سیڑھیوں کی طرف دیکھا وہ جا چکی تھی۔

Novelzy · online novels

Stories you won’t put down

Romance, dark romance, mafia, werewolf, billionaire and more, released chapter by chapter. Start with free chapters on any device, unlock premium chapters with coins, and earn rewards as you read.