کھائی بہت گہری تھی جس میں بہت سے سانپ اور بچھو رینگ رہے تھے۔ اس کی ٹانگیں کھائی میں لٹک رہی تھیں اور ہاتھوں نے کنارے کے پتھروں کو بمشکل تھام رکھا تھا۔
"بچاؤ ۔۔۔ ۔ کوئی ہے ۔۔۔۔ بچاؤ مجھے " وہ گھٹی سی آواز میں چیخ رہی تھی لیکن جتنا اونچا چیخنا چاہتی تھی ویسا چیخ نہیں پا رہی تھی آواز گھٹ رہی تھی گلا خشک تھا۔
بار بار وہ سر جھکا کر کھائی کی طرف دیکھ رہی تھی جہاں انگنت سانپ اپنے پھن پھلا کر اس کے گرنے کے انتظار میں تھے۔ اچانک کسی ہاتھ کی گرفت اسے اپنے ہاتھ پر محسوس ہوئی۔ اس نے چہرہ اوپر کیا کوئی سیاہ ہڈ پہنے ہوئے تھا اس کا چہرہ دکھائی نہیں دے رہا تھا۔
اور پھر اس ہڈ میں ملبوس انسان نے ایک جھٹکا لگا کر اسے اوپر کھینچ لیا۔ جیسے ہی وہ اوپر پہنچی تو اپنے بچانے والے اس محسن کے ساتھ بے ساختہ لپٹ گئی۔ جسم اور دل ایک ساتھ کانپ رہے تھے۔ وہ ساکن کھڑا تھا۔ اس کا جسم کسی پتھر کی طرح مضبوط تھا اور سینہ چوڑا تھا۔ جوی نے اپنے اندر سکون ایریا محسوس کیا۔ اچانک چیخیں ابھرنے لگیں نسوانی چیخیں ۔۔ ۔
چیخوں کی بھیانک آواز پر اس کی آنکھ کھلی ۔ وہ بوسیدہ سے پلنگ پر بوسیدہ چادر پر لیٹی تھی۔ سٹپٹا کر اٹھ بیٹھی اور اٹھتے ہی دل سے ٹیس اٹھی کاش خواب حقیقت اور یہ حقیقت خواب ہوتا۔ وہ وہیں تھی بلیک مارکیٹ میں اور آج چوتھا دن تھا یہاں ۔
آج پھر کسی لڑکی کو کوڑے پڑ رہے تھے اور شاید وہ کمرہ ان کے کمرے کے قریب تھا اس لیے لڑکی کیک دردنا آوازیں اسے یہاں بھی سنائی دے رہی تھیں۔
ساری لڑکیاں چہرے گھنٹوں میں دے کر بیٹھی تھیں۔ بس ایک وہ تھی جو یوں ہونقوں کی طرح نیند سے اٹھ کر بیٹھی تھی۔ اچانک بہت سے قدموں کی چاپ ان کے کمرے کی طرف سنائی دی۔
سیون تین لڑکوں کے ساتھ تھا ان کے کمرے کے سامنے گزرتے ہوئے اچانک اس پر نگاہ پڑنے پر تھم گیا آنکھوں کو سکوڑ کر اسے دیکھا۔
"رک ۔۔ ۔ لاک کھول اس کمرے کا " اپنے ساتھ کھڑے لڑکے کو اس نے ہاتھ کے اشارے سے حکم صادر کیا
جوی کا جسم کانپ گیا۔ اب احساس ہوا گھنٹوں میں چہرہ نہ دے کر اس نے کتنی بڑی غلطی کی۔ جیسے ہی دروازہ کھلا سیون خباثت سے اسے جانچتا ہوا اس کے قریب آیا۔
"یہ چاہیے مجھے آج رات میرے فلیٹ پر کچھ کلائینٹ آ رہے ہیں۔ اس کو ایک دم چمکا کر پیش کرنا ہے ان کے سامنے " سیون نے قریب ہو کر ایک جھٹکے سے اس کے چہرے کو اپنے ہاتھوں میں دبوچا تھا۔
وہ تڑپ کر اوپر ہوئی۔ اس کے انگوٹھے گالوں کے دونوں اطراف میں پیوست ہونے کی جان لیوا تکلیف تھی۔ اور پھر اس نے ایک جھٹکے سے چھوڑا اور باہر نکل گئے
وہ لوگ اب تیز تیز وہاں سے نکل گئے تھے جوی نے تڑپ کر تمنا کی طرف دیکھا۔
"یہ ۔۔ ۔ کیا کہہ رہا تھا؟ " آواز کانپ رہی تھی
" تمہیں آج رات لے جا رہے ہیں " تمنا نے آہستگی سے جواب دیا اور سر جھکا دیا
باقی دونوں لڑکیاں بھی ترس کھاتی نگاہوں اسے دیکھ رہی تھیں جوی ایک دم سے غش کھانے جیسی کیفیت میں آ گئی تھی سانپ بچھو جسم پر رینگتے محسوس ہو رہے تھے۔
تمنا اس کی طرف بڑھی اور اس کے کندھے پر ہاتھ رکھا۔
"پہلی دفعہ ہے؟ ۔" تمنا نے کان کے قریب ہو کر آہستگی سے پوچھا
جوی نے پھٹی آنکھوں سے سر اثبات میں ہلایا
"اوہ اللہ ۔۔۔ ۔ " بے ساختہ اس کے منہ سے نکلا اور پھر اس نے جوی کو خود سے بھینچ لیا۔
***
سورج پوری تمازت سے لائیز ایریا کی عمارتوں کے سر پر چمک رہا تھا سردی کا موسم کراچی میں بس ہلکی سی جھلک دکھا کر رخت سفر باندھنے کی تیاری پکڑے ہوئے تھا۔ یہی وجہ تھی اب سورج کی تپش جسم کو حدت بخشنے لگی تھی۔ دوپہر کے اس وقت لوگ گھروں میں دبکے ہوئے تھے۔ اکا دکا شخص ہی عمارتوں کے گرد و نواح میں معمول کے کاموں میں مشغول نظر آ رہے تھے۔
ان عمارتوں کے گھٹن زدہ فلیٹوں میں سے ایک فلیٹ کے بیرونی دروازے سے وہ باہر نکلی تھی۔ نیلے رنگ کے کلیوں والے کھلے سے کرُتے کے نیچے تنگ پائنچوں کا کیپری اور ہم رنگ شیقون کے دوپٹے کو گلے میں سکارف صورت لٹییے گھنگھرالے بالوں کی ڈھیلی سی پونی کیے وہ اب تھکی تھکی سے عمارت کی اوپری منزل کے زینوں کی طرف بڑھ رہی تھی۔ جس فلیٹ میں سے وہ نکلی تھی یہ اس کی واحد دوست حنا کا گھر تھا جہاں وہ آج اس کے ساتھ مل کر آئی۔ کام کے داخلہ فارم پرُ کرنے گئے تھی۔
مریم نے بڑی مشکل سے جان سے اس کی تعلیم جاری رکھنے کی اجازت لی تھی۔ وہ اپنے شوق پر آئی۔ کام میں داخلہ لینا چاہتی تھی کیونکہ وہ بہت جلد جان کی مالی مدد کے لیے کوئی ملا زمت کرنا چاہتی تھی اور بی کام کرنے کے بعد امید تھی کہ کہیں نا کہیں کوئی ملازمت ضرور مل جائے گی۔ ملازمت ملتے ہی وہ اپنے باپ کا ایک بیٹے کی طرح سہارا بن جائے گی۔
جان کی طبیعت اب ناساز رہتی تھی اور کمپنی میں صفائی ستھرائی کا کام انتہائی مشقت طلب تھا۔ وہ ہر گزرتے دن کے ساتھ کمزور ہوتا جا رہا تھا۔ جوی سے اپنے باپ کی یہ حالت دیکھی نہیں جاتی تھی لیکن وہ جان کی طرح کہیں بھی صفائی ستھرائی جیسی ملازمت ہر گز نہیں کرنا چاہتی تھی۔ حنا بھی اس کے ساتھ ہی سر کاری کالج میں آئی۔ کام کا داخلہ فارم بھر چکی تھی۔
اب وہ جاتے ہی سونے کے ارادے سے آہستہ آہستہ زینے چڑھتی ہوئی اوپر جا رہی تھی۔ دران کو یہاں نظر آئے ہفتوں بیت گئے تھے وہ ایک دم سے غائب ہوا تھا اور پھر کبھی نظر نہیں آیا۔
انو تو اکثر ابھی بھی نظر آ جاتا تھا لیکن وہ کہیں بھی نظر نہیں آتا تھا۔ وہ جب بھی بالکنی میں جاتی تو خالی بینچ دیکھتے ہی دران کا خیال اس کا چہرہ اس کی آنکھیں چھپاک سے ذہن کے پردوں پر چمکنے لگتیں ۔
اب بھی انو کے فلیٹ کے پاس سے گزرتے ہوئے نجانے کیوں وہ ذہن کے پردوں پر امڈ آیا تھا۔ انو کے فلیٹ پر تالہ تھا۔ ایک تو یہ لوگ مہینے کے پندرہ دن کہیں نا کہیں گئے رہتے تھے۔ جووت نے بتایا تھا ان کا ننھال حیدر آباد ہے اور وہ اکثر کسی نا کسی تقریب میں شرکت کے لیے وہاں گئے رہتے ہیں۔
منہ بسورے وہ ایک نگاہ فلیٹ پر ڈالتی آگے بڑھی جب اچانک کسی کے تیز تیز سیڑھیاں چڑھنے کی آواز پر وہ ابھی رخ موڑ کر دیکھنے ہی والی تھی کہ کوئی نفس تیر کی سی تیزی سے اس کے پاس گزرتا اوپر چڑھا ۔
وہ ایک پل میں اسے پہچان گئی تھی وہ دران ہی تھا۔ سیاہ پینٹ پر ہلکے بھورے رنگ کی شرٹ زیب تن کئےج بکھرے بالوں اور اسی طرح سپاٹ چہرے والا لیکن وہ آمعمول سے بھی زیادہ پریشان دکھائی دے رہا تھا۔
اسے یوں آج دیکھ کر لمحہ بھر کو تو جوی کے قدم اسی زینے پر منجمند ہوئے پھر پتا نہیں اس کے انداز کی عجلت اور پریشان چہرے میں ایسا کیا تھا کہ وہ اس کے تعاقب میں چوری چوری زینے چڑھنے لگی۔ شائد اس کی ایک وجہ یہ تھی کہ انو کے فلیٹ کی منزل تو نیچے تھی پھر وہ کیوں اوپر جا رہا تھا۔
وہ لگاتار زینے چڑھتا ہی جا رہا تھا۔ جوی دبے قدموں اس کے پیچھے چل رہی تھی ایک انجانی سی کشش تھی جو کھینچ رہی تھی اور وہ بے سبب کھنچی چلی جا رہی تھی۔ وہ یونہی لمبی لمبی یا نگوں سے سیڑھیاں پھلانگتا عمارت کی چھت پر پہنچ گیا تھا۔
چھت پر لوہے کا بڑا سا زنگ آلودہ دروازہ تھا جو اکثر کھلا رہتا تھا اور اس وقت بھی کھلا تھا۔
جوی نے جیسے ہی چھت کے دروازے کی اؤٹ سے چھت پر جھانکا قدموں تلے سے زمین کھسک جا نے والا حساب تھا۔ وہ عمارت کی چھوٹی سی دیوار پر کودنے کی غرض سے کھڑا تھا۔ عمارت کے وسیع و عریض چھت پر کاٹھ کباڑ کے ڈھیر لگے تھے۔ سیمنٹ کی اینٹیں لوگوں کے گھروں کی ٹین کیاں اور مٹی سی اٹی اس چھت کی دیواریں بہت چھوٹی تھیں جن میں سے دائیں طرف کی دیوار پر وہ دونوں قدم اوپر رکھے کھڑا تھا۔
"کیا وہ خودکشی کرنے جا رہا ہے؟ " ذہن میں یہ خیال لپکتے ہی وہ دھڑکتے دل اور دبے قدموں سے آگے بڑھ رہی تھی۔
جسم کے رونگٹے کھڑے تھے۔ شاید وہ اسے روک نہیں پائے گی اس کے قریب پہنچنے تک شا ئد وہ چھلانگ لگا دے گا ایک عجیب سا خوف تھا جس کے زیر اثر وہ آگے بڑھ رہی تھی۔ وہ بے خوف و خطر دیو ار پر کھڑا تھا اور یوں کنارے پر کھڑا تھا کہ شائد اگر اس کے قدموں کی ہلکی سی چاپ بھی سینا تو نیچے گر جاتا مگر وہ تو کسی ٹرانس کی حالت میں تھا شاید کسی بت کی مانند کھڑا تھا۔
جوی سانس روکے اب بلکل اسکے قریب پہنچ چکی تھی۔ ہاتھ بڑھایا اور اس کی شرٹ کو پشت سے تھام لیا۔
"رُکو " خوفزدہ آواز میں کہا اور اس کی شرٹ کو پیچھے سے دبوچ کر کچھ اسطرح سے کھینچا کہ وہ لڑکھڑا گیا
جوی کے شرٹ کو دبوچ کر پوری قوت سے اپنی طرف کھینچنے کی وجہ سے وہ کچھ اس انداز میں بوکھلایا کہ ہڑابڑا کر جوی کے کندھوں کو تھامتے ہوئے بھی نا سنبھل سکا اور دونوں ایک ساتھ فرش پر گرے ۔
اس کے لیے یہ سب غیر متوقع تھا اس لیے وہ جوی کی یہاں موجودگی اور خود کو اسطرح بچانے پر حیرت زدہ اس کے چہرے کی طرف دیکھ رہا تھا جو اب یوں زمین پر گرنے پر کراہ رہی تھی۔
تکلیف کے آثار کی وجہ سے ناک اکٹھی تھی اور پیشانی پر لکیریں تھیں اور اوپر سے دران کا وزن ۔ دران کی حیرت ایک دم سے غصے میں تبدیل ہوئی اور پھر وہ ایک جھٹکے سے اس کے اوپر سے اٹھا۔ جوی اس کے اٹھتے ہی سر کو تھامے برق رفتاری سے اٹھی۔
"سنو ۔۔ ۔ رکو ۔۔ ۔ کیا کرنے والے تھے تم پاگل ہو کیا کودنے جا رہے تھے؟ "
جلدی سے اٹھ کر وہ تقریباً بھاگتی ہوئی اب بلکل اس کے سامنے کھڑی تھی۔ ہاتھ اب بھی سر کی پشت کو شہلا رہا تھا جہاں گرنے کی وجہ سے درد کی ٹیسیں اٹھ رہی تھیں۔ دران نے تیوری لی چڑھا کر ایک غضب ناک نگاہ اس پر ڈا
یہ لڑکی دنیا میں موجود ان گنتی کے لوگوں میں سے تھے جن میں سے ہمیشہ اسے مثبت لہر یں موصول ہوتی تھیں۔ وہ اس لڑکی سے کترانے لگا تھا۔ اس کی سوچ میں خود کے لیے بلاوجہ کی ہمدردی اس کی سمجھ سے باہر تھی۔ وہ اکثر اس سے ٹکرا جاتی تھی اور پھر اس دن میدان میں اسے پتا چلا کہ وہ جووت کی بہن ہے۔ جووت کو وہ انو کے چھوٹے بھائی کی وجہ سے پہچانتا تھا لیکن آج وہ یوں اس کے پیچھے چھت پر چلی آئے گی یہ بات اس کی سوچ کے بلکل برعکس تھی۔
اب وہ اس بات میں بھی حیرت زدہ تھاکہ وہ لڑکی جان چکی ہے کہ وہ خود کو ختم کرنے کی غرض سے یہاں موجود ہے۔
جیسے ہی دران نے ربورٹ کی مانند پھر سے دیوار کا رُخ کیا جوی نے لپک کر اس کے بازو کو دونوں ہاتھوں سے دبوچا ۔ دران نے دانت پیسے ایک خونخوار نگاہ اس پر ڈالی اور پھر زور سے اپنے بازو کو جھٹکا مگر وہ تو کسی چیونگم کی طرح چپک گئی تھی۔
"کیوں مرنا چاہتے ہو؟ میں نہیں کرنے دوں گی تمہیں یہ " جوی اس کے چھڑواتے بازو کے ساتھ جھول رہی تھی۔
دران کی رگیں غصے سے مزید ابھر رہی تھیں اور وہ تھی کہ اس کے غصے کی پرواہ کئے بنا اس کو روکنے کی کوشش میں پھولی سانسوں سمیت سوال پر سوال کر رہی تھی۔
"ایسا کیا غم ہے تم ایسے کیوں ہو ؟" جوی اس کا بازو کندھے سے تھوڑا نیچے سے تھامے آ نکھوں میں جھانکتے ہوئے اسے آگے بڑھنے سے روک رہی تھی۔
دران نے ایک لمحے کے لیے گہری سانس لی اور گردن کو خم دے کر اسے گھو را آنکھوں میں عجیب طرح کی حیرت اور غصے کے آثار واضح تھے۔
"چھوڑو مجھے ۔ ۔ " بھاری مگر ٹھہرے لہجے میں غرایا ۔
اس سارے عرصے میں وہ پہلی دفعہ یوں جوی سے مخاطب ہوا تھا۔ ایک لمحہ تو اس کی آواز کے سحر میں وہ جکڑی گئی تھی پھر سر جھٹک کر اس کی طرف متوجہ ہوئی جو اسے کھا جانے والی نگاہوں سے گھور رہا تھا۔
"نہیں ۔۔ ۔ نہیں چھوڑوں گی تم کود جاؤ گے " ڈھیٹ پن سے کہا
دران نے اپنی زندگی میں اتنی مضبوط لڑکی کبھی نہیں دیکھی تھی۔ وہ اتنا طاقتور تھا جس زور سے وہ بازو جھٹک رہا تھا اسے تو لڑھک کر ایک طرف گرنا چاہیے تھا مگر وہ چچڑی ہو کر چمٹی ہوئی تھی۔ دران کی آنکھوں کی پتلیاں مزید سکڑُیں اور جبڑے مخصوص انداز میں ایک دوسرے میں پیوست ہوئے۔ گہری بیزار سانس لے کر گردن موڑے گویا ہوا
" ایکسکیوزمی!!!! تم ہو کون؟ میں جو بھی کروں یہ میری زندگی ہے "
جھنجلا کر بازو کو جھٹکا دیا جس پر وہ تھوڑا سا لڑکھڑائی مگر بازو پر گرفت نہیں چھوڑی ۔
"ہاں تمھاری زندگی ہے پر تم سے جڑے باقی لوگوں کا کیا تمھارے پیرنٹس تمھارے بہن بھا ئی ہاں ۔ ں۔ ں۔ ؟ " جوی نے ماتھے پر بل ڈالے بڑے حق سے ڈیٹا
"میں۔۔۔ ۔ کہہ۔۔۔ ۔ رہا ہوں مجھے چھوڑو " دران نے ایک ایک ایک لفظ کو چباتے ہوئے غصیلے لہجے میں پھر سے وہی بات دہرائی ۔
عجیب الجھن ہو رہی تھی آخر کو وہ کیوں اس پر مہربان تھی اسے انو کے علاوہ خود پر مہربان ہر شخص سے الجھن ہوتی تھی۔
"دیکھو ۔۔ ۔ کسی لڑکی نے دھوکا دیا ہے کیا؟ ایسا کیا غم ہے کہ تم اس بھری جوانی میں خود کشی کرنے جا رہے ہو؟ ہزاروں لڑکیاں آئیں گی زندگی میں پاگل مت بنو " اپنی ہی قیاس آرئیاں لگا کر وہ اسے سمجھا رہی تھی۔
دران کا چہرہ اب غصے میں تپنے لگا تھا اور پھر اگلے ہی لمحے اس نے ایک جھٹکے میں دوسرے ہاتھ کی مدد سے جوی کو اپنے کندھے پر اٹھا لیا۔
وہ جو اس کے بازو سے چمٹی اس کے ہر قدم پر اس کے ساتھ گھسٹ رہی تھی ایک دم یوں اس کے اٹھانے پر ہڑ بڑا کر رہ گئی
"آں ۔ ں۔ ں۔ ں۔ ں۔۔ ۔ یہ کیا کر رہے ہو؟ " خوفناک چیخ برآمد ہوئی۔
"تم یہاں سے جا نہیں رہی اس لیے پھینک رہا ہوں تمہیں یہاں سے " بڑے آرام سے دانت پیستے ہوئے جواب دیا
"پاگل ہو کیا تم چھوڑو مجھے ۔۔۔ ۔ " جوی ٹانگیں مارتے ہوئے خوف سے چلائی
وہ دیوار کے کنارے پر پہنچ چکا تھا۔ جوی کا دل اچھل کر حلق میں آیا کیا وہ سچ میں مجھے پھینکنے والا ہے۔
"چھوڑو مجھے ۔۔۔ ۔ پلیز چھوڑو مجھے " حواس باختہ بوکھلائے سے لہجے میں چلائی ۔
نیکی گلے پڑتی ہوئی محسوس ہو رہی تھی۔ وہ تو سچ میں دماغ سے کھسکا ہوا لگ رہا تھا اور اب اسے پھینکنے والا تھا۔
" چھوڑو۔ و۔ و " جوی اب اس کے پیٹ پر ٹانگیں مارتے ہوئے التجا کر رہی تھی۔
دران نے ایک جھٹکے سے نیچے اتارا وہ لڑ کھڑا گئی پھٹی پھٹی آنکھوں سے گہرے سانس لیتے ہوئے اسے گھورا جو شکل سے تو اتنا بد دماغ نہیں لگتا تھا۔
"جاؤ یہاں سے ۔۔ ۔ " وہ بھاری آواز میں بازؤ لمبا تانے اتنی زور سے چلایا کہ جوی جو پوری آنکھیں کھولے ساکن کھڑی تھی کانپ گئی
اور پھر بنا پلٹے ایسی دوڑ لگائی کہ پیچھے مر کر نہیں دیکھا۔ دل خوف سے کانپ رہا تھا۔ دھڑکتے دل کے ساتھ وہ دھڑ دھڑ پاؤں مارتی سیڑھیاں اترتی ہوئی اب نیچے آ چکی تھی۔
"وہ تو پاگل نکلا ذہنی مریض ہے کوئی مگر وہ اپنی جان لے لے گا اب " دل پر ہاتھ رکھے سوچا اور بلا خوف و خطر پھر سے پلٹ کر اوپر چڑھ گئی۔
دروازے پر پہنچتے ہوئے قدم بمشکل تھمے دروازے کا پٹ تھامے پھٹی پھٹی آنکھوں سے وہ سامنے کا منظر دیکھ رہی تھی۔ وہ اپنے ہاتھ سے سیمنٹ کی بنی اینٹیں توڑ رہا تھا۔ ایک کے بعد دوسری پھر تیسری مگر وہ ایک ٹرانس میں یہ کرتا جا رہا تھا ایک جنون سا سوارا تھا شائد سر پر جوی نے قدم پھر سے چھت کی طرف بڑھا دیے۔
دران ہمیشہ کی طرح سارا غصہ اور تکلیف کا بدلہ ان اینٹوں سے لے رہا تھا کہ اچانک احساس ہوا وہ اکیلا نہیں ہے۔ ہاتھ رُکے اور پھر سامنے دیکھا۔
وہ ڈھیٹ لڑکی پھر اس کے لیے دنیا جہان کی ہمدردی چہرے پر سجائے اس کے سامنے کھڑی تھی۔
"کیا مسئلہ ہے اس لڑکی کے ساتھ " دران نے آبرؤ چڑھائے اس پر ایک خون آشام نگاہ ڈالی۔
"اوہ ۔۔ ۔ گاڈ شکر ہے وہ کودا نہیں " جوی نے شکر ادا کرتے ہوئے بھرپور مسکراہٹ کا تبادلہ کیا
"یہ پاگل ہے کیا لڑکی ابھی میں نے اس کے ساتھ اتنا برا سلوک کیا یہ پھر ڈھیٹوں کی طرح یہاں ہے " اس لڑکی کی ڈھٹائی پر دران کا دماغ گھوم گیا
"تمھارے ساتھ مسئلہ کیا ہے؟ "
کمر پر دونوں اطراف میں ہاتھ رکھے وہ اب غصیلے لہجے میں اس سے سوال کر رہا تھا جو مسکرا رہی تھی۔
"وہ تو تمھارے ساتھ ہے مجھے جاننا ہے کیا مسئلہ ہے تم ایسے کیوں ہو؟ " مسکراتے ہوئے پوچھا
ہاتھ پیچھے کمر پر باندھے وہ اب سب خوف ایک طرف رکھے اب ہلکا ہلکا جھول رہی تھی۔ وہ اس سے بات کر رہا تھا ایسا لمحہ بھی زندگی میں آیا تھا۔ دل رقص کیوں کرنے لگا تھا۔
" اس وقت میرا مسئلہ تم ہو اسی وقت یہاں سے چلی جاؤ نہیں تو اسی اینٹ سے سر پھوڑ دوں گا تمھارا " دران نے جھک کر اینٹ اٹھاتے ہوئے دھمکی دی
"ہاں پھوڑ دو " جوی نے مسکراتے ہوئے کندھے اچکائے
بلا کا اعتماد تھا۔ دران کی آنکھیں اس کے ارادے کی نفی کر رہی تھیں وہ اور آنکھوں کا نہ پڑھ سکے یہ ہو ہی نہیں سکتا تھا۔ نڈر سی وہ واپس جانے کے بجائے اب اس کی طرف قدم بڑھا رہی تھی۔
دران نے حیرت سے اس کی جرأت کو دیکھا اور پھر اینٹ کو زور سے اینٹوں کے ڈھیر پر پھینکتا چھت کے دروازے کی طرف بڑھ گیا۔
وہ بلاوجہ مسکرا رہی تھی ایک عجیب سا نا آشانہ احساس تھا جس انسان کو ذہن نے بہت سوچا ہو اس سے یوں ملاقات ہو جانا اور اس کا اس سے بات کرنا سب کتنا حسین لگ رہا تھا۔ گہری سانس لے کر وہ قدم دروازے کی طرف بڑھا چکی تھی مگر دل نجانے کیوں اس طرح کی ایک اور ملاقات کی خواہش کرنے لگا تھا۔
***
شام ڈھل کر اب اندھیرے میں تبدیل ہو چکی تھی لیکن شھنگائی کے اس خوبصورت ہوٹل میں تو جیسے دن کا سماں تھا۔ انر منگولیہ کے لان کے فرش پر موجود سبز گھاس کسی قالین کی طرح معلوم ہو تی تھی اور لان کے وسط میں موجود سوئمنگپول اس بیش قمیت ہوٹل کی خوبصورتی کو مزید چار چاند لگا رہا تھا۔ یہ لان گولا ئی کی صورت میں تھا جس کے چاروں اطراف خوبصورت چمکتی عمارت گھومتی تھی۔
ہاروی پروڈکشن کی اس شاندار سنہری جوبلی کی تقریب میں ہالی وڈ کے علاوہ بہت سے چینی فلم سٹار اور فلم بینی سی تعلق رکھنے والے بہت سے لوگ موجود تھے۔ سٹیفن کیلو ین آج درانگ کی عزت کا جنازہ تکلیے ہوئے دیکھنے چین پہنچے تھے۔ دیدہ زیب بیش قیمت جدید لباس اور میک اپ سے اٹے چکمتے چہرے آنکھوں کو خیرہ کر رہے تھے۔
ایک طرف موسیقی کا انتظام تھا اور حسین گلوکارہ اپنی آواز میں چینی زبان کے کسی مشہور گیت کے جلترنگ بجا رہی تھی جس کی آواز لان کے ہر کونے میں گونج رہی تھی۔ سوئمنگپول سے آگے اوپن بار تھا جہاں بیش ق میت مشروبات اور شراب کی ہر مہنگی قسم موجود تھی۔
سب لوگ جو درانگ کے لیے یہ مکمل منصوبہ بنا چکے تھے اب منتظر نگاہیں بار بار بیرو نی راہداری کی طرف اٹھا رہے تھے۔ لمبی ڈرائیو کی راہداری ایک فرلانگ پر مشتمل تھی جو سیدھی لان کی طرف آئی تھی اور پھر جیسے ہی دران کی آمد ہوئی بہت سے چہروں پر موجود آنکھیں چمیکں اور لبوں پر استہزائیہ مسکراہٹ امڈ آئی۔
ہلکے گرے رنگ کے ولیم بس پوک پینٹ کوٹ میں ملبوس بالوں کو جل کی مدد سے پیچھے سیٹ کیے بکھرے رنگ و روپ میں وہ آج باقی دنوں کی نسبت مختلف مگر تباہ کن شخصیت کا مالک لگ رہا تھا۔ پینٹ کی ایک جیب میں ہاتھ ڈالے چہرے پر بلا کی سختی اور سنجیدگی سجائے متوازن ڈگ بھرتا انل کے ہمراہ لان کی طرف بڑھ رہا تھا۔
انل کا چہرہ اس کی نسبت تھوڑی اضطرابی کا غماز بنا ہوا تھا۔ وہ مکمل طور پر چاک و چوبند تھا۔ لان کے وسط میں کھڑے بروس اور ہارون نے ایک ساتھ گہری سانس باہر انڈیلتے ہوئے سینہ چوڑا کیا۔
"سو ۔۔ ۔ وہ آگیا جس کا تھا انتظار " بروس نے آہستگی سے ہاروی کے کندھے پر ہاتھ رکھے سرگوشی کی۔
"بہت احتیاط سے پتا نہیں کیوں لیکن مجھے عجیب سا خوف آتا ہے اس سے " ہاروی نے بلاجواز ٹائی کی ناٹ درست کرتے ہوئے اپنا ڈر ظاہر کیا
پروسٹی ٹیوشن فلم بینی اس کا سائیڈ بزنس تھا جو وہ غیر قانونی طور پر چلا رہا تھا۔ سمگل کی ہوئی لڑکیوں سے بنائی گئی ویڈیوز ویب کی ہائی ریٹنگ میں آتی تھیں اور بروس کا یوں بلیک مارکیٹ سے لڑکی منگواناا ور درانگ کے پاس بھیجنا یہ سب عام بات ہونے کے باوجود اسے خوف تھا۔
یہ خوف شائد درانگ کے مضبوط کردار کی وجہ سے تھا۔
بروس اس کے خوف پر دانت پیستا ہوا حر کر آگے ہوا۔
" تم اس کے چہرے کے رعب سے خائف ہو جو فقط ڈرامہ ہے اس کا ڈرو مت کچھ کام یہ کرے گی اور باقی لیسا اور آج پھر تم دیکھو گے درانگ کی فل آف رومینس فلم " بروس نے ایک چھوٹے سے پیکٹ کو لبوں کے پاس لا کر چومتے ہوئے کمینگی سے کہا۔
"ہوں ۔۔ ۔ میں بیتاب ہوں اس فلم کو دیکھنے کے لیے " ہاروی نے خود کو ریلکیس ظاہر کرنے کے لیے چہرے پر مسکراہٹ سجائی
"وہ تمھاری لیسا کہاں رہ گئی ہے پہنچی کہ نہیں؟ " ہارون نے ہاتھ میں پکڑے گلاس کو لبوں سے لگایا
"اوہ اچھا یاد دلایا تم نے ابھی فون کرتا ہوں سیون کو "
بروس نے فورا بھنویں اوپر اُٹھائیں اور پھر جیب سے موبائل نکال کر اس پر نگاہیں جما دیں۔