Chapter 9: باب 9

کیونکہ آپ کو جیلس فیل ہوا ہوگا یا پھر آپ کو یہ لگا کہ میں آپ کی ملکیت ہوں اور اب میں کسی اور مرد کے ساتھ کیسے گھوم سکتی ہوں ؟ کیونکہ ہیں تو آپ وہی مشرقی مرد نہ کیوں یہی ہوا ہوگا ہے ناں وہ اسکی بات کاٹ کر غصے سے سرخ چہرہ لئے بولتی ہی چلی گئی سفیر نے گاڑی ایک جگہ روک دی تھی اور اپنا رخ اسکی طرف موڑ کر وہ ہا لے کی آنکھوں میں دیکھتا ہوا کہنے لگا

"کیونکہ" ہارون کی ماں آج شام تمہارا رشتہ لے کر آ رہی ہیں ہاں میں مشرقی مرد ہوں لیکن میں تمہا رے اور ہارون کے تعلق کو اچھی طرح جانتا ہوں اور رہی بات ملکیت کی تو تم ایک جیتی جاگتی انسان ہو کوئی روبوٹ نہیں جو میری مرضی پہ چلے گا وہ ایسے ٹھنڈے لہجے میں کہہ رہا تھا کہ ہا لے کو اپنی ریڑھ کی ہڈی میں سنسنی سی محسوس ہوئی

تو آپ کو کیا پرابلم ہے؟ میرا رشتہ لا رہی ہیں نہ آپ کو تو کچھ نہیں کہہ رہیں اس کا رنگ پھیکا پڑ گیا تھا لیکن پھر بھی گردنکڑا کر بولی تھی

مجھے یہ پرابلم ہے کہ میں تم سے "محبت "کرتا ہوں یہ ہے میرا مسئلہ لیکن میں تو یہ نہیں سمجھ پا رہا کہ تم اتنی ریلیکس کیسے ہو کیا تمھیں کوئی فرق نہیں پڑتا ؟ کیا تم مجھ سے محبت نہیں کرتیں ؟ وہ زخمی لہجے میں بول رہا تھا اس کی بھوری آنکھوں میں تکلیف تھی ہا لے کو بے اختیار ملال ہوا تھا

سفیر میں پریشان ہوں لیکن میں آپ کی طرح چیخ چلا نہیں سکتی آپ مجھے بابا کے پاس کورٹ لے جائیں آج یہ مسئلہ حل کر کے ہی آؤں گی اس نے ساری جمع تفریق کرلی تھی اور اب قدرے بہتر محسوس کر رہی تھی تایا ابو کے پاس کیا کرنے جاؤ گی تم ؟ اور ویسے بھی وہاں مردوں کا ایک ہجوم ہوتا ہے میں تمھیں و ہاں نہیں لے کر جاؤں گا ان کو کال کرو اور گھر آنے کا بولو یا پھر کسی ریستوران بلاؤ ان کو وہ اب گاڑی سٹارٹ کرتا ہوا کہہ رہا تھا ابھی تھوڑی دیر پہلے تو کچھ اور کہہ رہے تھے آپ اور اب آپ کو کورٹ کے مرد برے لگ رہے ہیں وہاب اس کو تنگ کر رہی تھی

ہاں تو اتنا بھی بے غیرت نہیں ہوا مںیں ہارون کی بات الگ ہے وہ فیملی ہے اور کورٹ کچہریوں کا کس کو نہیں پتہ ہر طرح کے مرد ہوتے ہیں وہاں غنڈے موالی قاتل ریپسٹ کم از کم اپنے گھر کی لڑکی کو تو میں وہاں لے کر جانے سے رہا وہ چہرے کے زاویے بگاڑ کر بولا تھا تھا

اچھا میں بابا کو کال کرتی ہوں وہ آج ممانی کو آنے سے منع کر دیں گے اور میں رات تک بابا سے بات کر لوں گی آپ کے بارے میں یہ اتنا بڑا مسئلہ نہیں ہے آپ پریشان نہ ہوں وہ اپنائیت سے بول رہی تھی

اللہ کرے ایسا ہی ہو وہ بڑبڑآیا تھا ہا لے نے سر سیٹ کی پشت سے ٹکا دیا تھا اسے ابھی بہت کچھ سوچنا تھا

◾◾◾◾◾◾◾◾◾◾◾◾◾◾◾

گرمی اپنے جوبن پہ تھی نفیسہ کے گھر کے چھوٹے سے باغیچے میں آج اداسی سی تھی پھول مرجھا چکے تھے گھاس مری ہوئی لگتی تھی نفیسہ کی سیاہ آنکھوں میں خالی پن سا تھا عمر کا درد ٹھیک ہونے کے بجائے بگڑ تا جا رہا تھا کیس میں کوئی پیش رفت ہوتی نظر نہیں آ رہی تھی وہ یہ گھر چھوڑنا چاہتی تھیں لیکن پہلے عمر کی سر جری کروانی تھی وہ اپنی سوچوں میں اتنی مگن تھیں کہ ان کو عمر کے آنے کا بھی پتہ نہ چلا وہ آ کر ان کے سامنے رکھی چھوٹی سی کرسی پہ بیٹھ گیا تھا وہ گھپلو سا بچا مرجھایا ہوا لگتا تھا

اماں کیا میں مر جاؤں گا؟ عمر کی آواز نفیسہ کو اپنے حواس میں لائی تھی

نہیں میرا بیٹا تم ایسا کیوں کہہ رہے ہو؟ میں تمہارا علاج کرواؤں گی تم بالکل ٹھیک ہو جاؤ گے تم سے کس نے کہا یہ سب ؟ آج کل عمر ایسی باتیں کرنے لگا تھا کہ نفیسہ اس کی باتیں سن کر مزید دکھی ہو جائیں

نہیں اماں میں مر جاؤں گا مجھے پتہ ہے اقصیٰ کے ابا نے کہا ہے مجھے کہ اب میں مرنے والا ہوں کیونکہ کوئی بھی ڈاکٹر میرا علاج نہیں کرے گا کیونکہ میری ماں ایک بری عورت ہے اور میں بہت جلد مر جاؤں گا وہ اپنی عمر سے بہت بڑی بات کر گیا تھا نفیسہ جہاں تھیں وہیں سن سی ہو گئی تھیں (کیا یہ ہے وہ زندگی جو وہ عمر) کو دیں گی اماں ایک بات بولوں ؟ وہ ماں کو خاموش دیکھ کر ایک بار پھر بولا تھا نفیسہ نے نم آنکھوں سے اثبات میں سر ہلایا تھا کچھ بولی نہیں تھیں

مجھے مرنا نہیں ہے اماں پلیز میں اپنے اسکول جانا چاہتا ہوں دوبارہ آپ مجھے بچا لو گی ناں ؟ وہ معصو میت سے پوچھ رہا تھا انہوں نے اٹھ کر عمر کو اپنے سینے سے لگا لیا تھا

ہاں میں سب کچھ کر وں گی تمہارے لئے کسی بھی طرح کچھ بھی کر کے بچا لوں گی تمھیں تم نہیں مر سکتے عمر میں تمھیں نہیں مرنے دے سکتی اللہ تمھیں بچا لے گا وہ مجھے بے آسرا نہیں چھوڑے گا وہ زارو قطار روتے ہوئے عمر کو چومتی جا رہی تھیں جب دروازے پہ دستک ہوئی وہ چند لمحے بعد عمر سے دور ہوتے ہوئے دروازہ کھولنے چلی گئی تھیں سامنے زری کو دیکھ کر ان کا دل پھر سے بھر آیا تھا وہ زری کو اندر آنے کا موقع دئیے بغیر ان کے کے گلے لگتی پھوٹ پھوٹ کر رونے لگی تھیں

زری میرا عمر میرا بچہ میں اس کو نہیں کھو سکتی پلیز کچھ کرو کچھ بتاؤ مجھے کوئی حل بتا دو کوئی مشورہ دو میں کیا کروں نفیسہ کیا ہو گیا ہے ہمت کرو اللہ ہے وہ ہماری مدد کرے گا تم اندر تو چلو دیکھو اس طرح رونے سے کچھ نہیں ہوگا میری بہن وہ ان کو روتا دیکھ بوکھلا سی گئی تھیں لوگ ان کے در پر جمع ہونے لگے تھے کسی کی بے بسی سے بہتر تماشہ بھی بھلا کوئی ہوا ہے؟ یکدم نفیسہ زری سے الگ ہوئی تھیں وہ دو قدم مزید آگے آئی تھیں اور اس محمے پہ قہر بھری نظریں ڈالتی بلند آواز میں کہنےلگی تھیں

تم لوگوں کو شرم نہیں آتی ظالموں مرے باپ نے تم لوگوں کو قرآن پڑھایا تم لوگ میرے بچے کو مارتے ہو میرے باپ کے بعد میں نے تمہارے بچوں کو قرآن پڑھایا ہے تم لوگ میرے بچے کو گا لیاں دیتے ہو اس کو ایسے ایسے گھٹیا لفظ بولتے ہو کہ میری بھی روح کانپ جائے تم لوگ مجھے ستاتے ہو میرے بچے پہ ظلم کرتے ہو خدا کا خوف کرو لوگوں کسی کو اتنا نہ ستاؤ کہ اس کا صبر جواب دے جائے تم لوگ کیوں پڑے ہو میرے پیچھے میں نے کیا بگاڑا ہے تمہارا کیوں میرے کردار پہ انگلی اٹھا تے ہو جبکہ تم سب گواہ ہو اس بات کے کہ میرا کردار صاف ہے میں پاک ہوں تم سب کو مار دوں گی میں اگر میرے بیٹے کو کچھ ہوا کسی کو نہیں چھوڑوں گی میں میں آگ لگا دوں گی تمہارے گھروں کو تمہارے بچوں کو کسی کو نہیں بخشوں گی وہ ابھی مزید کچھ کہتیں جب زری کا شوہر ان سب کے درمیان راستہ بناتا نفیسہ کے قریب آ کر رکا تھاا ور ان کے بازو سے پکڑ کر ان کو اندر لے گیا تھا وہ خود بھی چیخ چیخ کر ھانپ چکی تھیں تب ہی خامو شی سے ان کے ساتھ کھنچتی چلی گئیں جیسے ہی وہ اندر پہنچیں سامنے کا منظر دیکھ کر انکا ہاتھ بے اختیار اپنے دل کے مقام پہ گیا تھا

عمر اس چھوٹی سی کرسی پہ نہیں بیٹھا تھا وہ منہ کے بل گھاس پہ بے ہوش پڑا تھا رحمان نے بھاگ کر اس کو اپنی گود میں اٹھا لیا تھا اور ڈاکٹر کو دکھانے بھاگا تھا جبکہ نفیسہ اب بھی ساکت سی گھاس کے اس ٹکڑے کو دیکھتی جا رہی تھیں جہاں عمر گرا تھا زری دکھ سے نفیسہ کو دیکھ رہی تھیں وہ انکے لئے کچھ نہیں کر سکتی تھیں

زری رحمان بھائی سے بولو میری ٹکٹس کروا دیں میں اسی ہفتے عمر کو لے کر امریکا جا رہی ہوں زری کو ان کی آواز کسی کھائی سے آتی محسوس ہوئی تھی

تمہارا اور عمر کا ویزہ ؟ وہ سب کیسے ہوگا؟

کیا تم نہیں جانتیں کہ میں ایک امریکی شہری ہوں وہ اب کچھ دیر پہلے اپنے دروازے پہ کھڑی چیختی روتی ہوئی نفیسہ نہیں تھیں یہ ہائی کورٹ میں کھڑی طرح طرح کے مجرموں کو ڈیل کرنے والی اپنے دلائل سے سامنے والوں کو چاروں شانے چت کرنے والی بیرسٹر نفیسہ حیات تھیں

اور کیس اس کا کیا ہوگا

نفیسہ کو عمر حیات سے زیادہ عزیز کچھ نہیں ہے انکی آواز سپاٹ تھی کسی بھی قسم کے جذبے سے عاری وہ کہتی اندر جا چکی تھیں اور زری ایک بار پھر اس آدھی اجڑی گھاس پہ تنہا رہ گئی تھیں

◾◾◾◾◾◾◾◾◾◾◾◾◾◾

ہا لے جب سے آئی تھی جلے پیر کی بلی کی طرح اپنے کمرے میں یہاں سے وہاں چکر کاٹ رہی تھی اس نے ہارون کو کال کر کے سب بتا دیا تھا ہارون نے یقین دہانی کروائی تھی کہ وہ اپنی ماں کو آنے سے روک لیگا اور واقعی یہی ہوا تھا اماں اس کو سلواتیں سناتی اپنے کمرے میں جاچکی تھیں مہر کافی دیر سے بیڈ پہ بیٹھی اس کی بے چینی نوٹ کر رہی تھی لیکن خاموش تھی وہ چاہتی تھی ہا لے خود بتائے

ہا لے کیا ہوا ہے کوئی مسئلہ ہے؟ یہاں آؤ میرے پاس آخر کار اس نے پوچھ ہی لیا تھا

آپی بہت بڑا مسئلہ ہوگیا ہے بس بابا کا ویٹ کر رہی ہوں وہی ہینڈل کر سکتے ہیں یہ مسئلہ وہ سخت پر یشان تھی ایسا بھی کیا ہو گیا ہے جو تم اتنی پریشان ہو اور اگر کوئی مسئلہ ہے بھی تو مجھے بتاؤ حسینہ نے کمرے میں داخل ہوتے پوچھا تھا

کچھ نہیں اماں آپ رہنے دیں

ہا لے بتا دو نہ ماما کو بابا بھی تو ماما کو بتا ہی دیں گے وہ جب تک نہیں آتے ماما سے شیئر کرلو یا مجھے بتا دو مہر کی فکر مند سی آواز آئی تھی

ناں تم مجھے یہ تو بتاؤ نہ ذرا کہ تم یہ ہارون کے ساتھ روڈ ناپنا کب چھوڑو گی جب نوال آ کر تمہارے سر پہ ہارون کے نام کی چادر ڈال دے گی تب یا پھر جب پورا خاندان باتیں بنانا شروع کر دیگا تب اماں کو اصل کیس تو اب یاد آیا تھا مہر نے ڈرائی فروٹس کا باؤل اپنی گود میں رکھ لیا تھا وہ جانتی تھی اب کیا ہوگا

اماں میں ہارون سے شادی نہیں کروں گی وہ اپنی تمام ہمت متجمع کرتی بولی تھی

اچھا تو پھر بلاؤں ملکہ الیزبتھ کے بیٹے کو اس سے تو کر لو گی ناں ؟ انہوں نے اسکی بات کو مزاق میں اڑا دیا تھا جبکہ مہر کی مسکراہٹ سمٹی تھی وہ جانتی تھی ہا لے ایسا مزاق نہیں کرتی اماں میں سیریس ہوں میں ہارون سے شادی نہیں کروں گی وہ بس دوست ہے میرا اور وہی رہے گا اب کے انہوں نے ٹھہر کر اسکو دیکھا تھا اس کے انداز میں کچھ ایسا تھا جو پہلے کبھی انکو محسوس نہیں ہوا تھا

تو پھر کس سے کروگی ؟ انہوں نے سنجیدگی سے سوال کیا تھا

سفیر سے میں سفیر سے شادی کروں گی

کیا بکواس ہے یہ منہ بند رکھو اپنا کسی نے سن لیا تو غضب ہو جائے گا وہ غصے سے چلا کر کہہ رہی تھیں جبکہ دوسری طرف مہر کو اپنی سانس سینے میں اٹکتی محسوس ہوئی تھی اس نے اپنے دل کی دھڑکن رکتی محسوس کی تھی اسکا چہرہ لٹھے کی مانند سفید ہو چکا تھا اس کا دل چاہا تھا وہ اٹھ کر ہا لے کے منہ پہ ہاتھ رکھ دے لیکن اسکی ٹانگوں میں جان نہیں تھی

اماں کیا ہو گیا ہے آپ کو اس میں بکواس والی کیا بات ہے میں ان کو پسند کرتی ہوں اور وہ بھی مجھ سے شادی کرنا چا ہتے ہیں انہوں نے خود کہا ہے ایسا وہ جھنجھلاتے ہوئے بولی تھی

مہر کا پورا وجود زلزلوں کی زد میں تھا اسکا جسم کانپ رہا تھا اسکے کانوں میں بس ایک ہی آواز گونج رہی تھی "وہ بھی "مجھ سے شادی کرنا چاہتے ہیں

وہ بھی وہ بھی شادی وہ بھی مجھ سے شادی اسکا ذہن اس جملے پہ اٹک گیا تھا

ہا لے دور ہو جاؤ میری نظروں سے میں تمہاری شکل بھی نہیں دیکھنا چاہتی جاؤ یہاں سے دفع ہوجاؤ میرے سامنے مت آنا وہ دھاڑتے ہوئے انگلی اٹھا کر اس کو باہر جانے کا کہہ رہی تھیں

اماں میں آپ کی بیٹی ہوں میں نے کوئی غلط کام نہیں کیا پسند کی شادی میرا حق ہے آپ ایسے کیوں ری ایکٹ کر رہی ہیں میری جگہ آپی ہوتیں تب تو آپ کچھ بھی نہیں کہتیں وہ نم آنکھیں لئے دکھ سے کہہ رہی تھی اور سارا مسئلہ تو یہی تھا اسکی جگہ مہر ماہ کو ہونا چاہیے تھا

ہا لے فروا کبھی تمھیں اپنی بہو نہیں بنائے گی (وہ یہ نہیں کہہ سکیں کہ فروا صرف مہر کو اپنی بہو بنائے گی)وہ کبھی تمھیں تسلیم نہیں کریگی اس کو نفرت ہے (وہ یہ نہیں کہہ سکیں کہ اس کو صرف مہر سے محبت ہے)تم سے میری بچی یہ تم نے خود کو کہاں پھنسا دیا ہے یہ تم نے کیا کر دیا کیا کر دیا تم نے وہ سر دونوں ہاتھوں میں گرائے صوفے پہ ڈھے سی گئی تھیں انکی آواز شکست خوردہ سی تھی

آپی آپ سمجھایں نہ اماں کو چچی جان ایسی نہیں ہیں آپ کچھ بول کیوں نہیں رہیں وہ اب مہر کے قریب آگئی تھی مہر نے خالی خالی آنکھوں سے اس کو دیکھا تھا اے سی کی ٹھنڈک کے باو جود اس کے ماتھے پہ پسینہ آگیا تھا اسکی زبان مفلوج ہو گئی تھی وہ بنا کچھ کہے بیڈ سے اٹھی تھی اس کے قدم لڑکھڑائے تھے ہا لے نے فورا اسکو سہارا دینے کو ہاتھ بڑھایا تھا مہر نے اس کا بڑھا ہوا ہاتھ نہیں دیکھا تھا اس کو کچھ بھی دکھائی نہیں دے رہا تھا وہ ان ہی لڑکھڑاتے قدموں اور کانپتے وجود کے ساتھ باہر نکلتی چلی گئی

یہ بھی ناراض ہو گئیں یار میں آپ کو بتانے والی تھی آپی میری بات تو سن لیں آپی پیچھے ہا لے اسکو آوازیں دیتی رہ گئی تھی اس کو لگا تھا مہر اس سے ناراض ہے کیونکہ اس نے سفیر کے بارے میں اس کو نہیں بتا یا

آگہی سے پہلے کا دور کتنا حسین ہوتا ہے ناں ؟

◾◾◾◾◾◾◾◾◾◾◾◾◾◾◾

مغرب کو قضاء ہوئے کئی ساعتیں ہو چکی تھیں ہا لے اپنے کمرے میں بیٹھی تھی جب اس کو معراج صاحب کی گاڑی کی آواز سنائی دی اس کے دل کو جیسے چین آگیا تھا وہ بھاگتے ہوئے نیچے گئی تھی ابھی انہوں نے گاڑی پورچ میں کھڑی ہی کی تھی ہا لے ھانپتے ہوئے ان کے قریب آئی تھی اس کا سانس پھولا ہوا تھا معراج نے اسکو اچھنبے سے دیکھا تھا

کیا ہوا سب ٹھیک تو ہے سانس کیوں پھولا ہوا ہے تمہارا؟ انہوں نے اس کو دیکھتے ہوئے سوال کیا تھا

مجھے آپ سے بات کرنی ہے بابا بہت ضروری بات ہے لیکن یہاں نہیں میرا مطلب گھر پہ نہیں کہیں باہر وہ جلدی جلدی بول رہی تھی

اچھا چلو باہر پارک میں چل کر بات کرتے ہیں ہا لے نے اثبات میں سر ہلایا تھا معراج دروازے کی طرف بڑھ رہے تھے ہا لے ان سے دو قدم کے فاصلے پہ ان کے پیچھے چل رہی تھی پارک یہاں سے دس منٹ کی واک پہ تھا ان دس منٹ میں انہوں نے ہا لے سے چھوٹی چھوٹی کئی مختلف باتیں کر لی تھیں پارک پہنچ کے وہ ہا لے کے ساتھ ایک خالی بینچ پہ بیٹھ گئے تھے پارک میں اس وقت رش ہو گیا تھا بچے اپنے والدین کا ہاتھ پکڑے یہاں سے وہاں اچھلتے کودتے پھر رہے تھے کچھ تو عمر لڑکے لڑکیاں جھولے جھول رہے تھے تو کچھ اپنی فیملی کے ساتھ نرم نرم سی گھاس پہ دری بچھائے خوش گپیوں میں مصروف تھے ہا لے کو بے اختیار ان سب پہ رشک آیا تھا وہ سب کتنے سکون میں تھے

تو تم ہارون سے شادی نہیں کرنا چاہتی ؟ معراج نے بات کا آغاز کیا تھا ہا لے جو کہ گردن موڑے کسی عمر رسیدہ کپل کو دیکھنے میں مشغول تھی کرنٹ کھا کر مڑی تھی اس کی آنکھوں میں بے تحاشہ حیرت تھی

آپ کو کیسے پتہ ؟ وہ اپنی حیرت چھپاتی با مشکل بول پائی تھی

سمپل انہوں نے کندھے اچکائے تھے آج شام نوال ہارون کا پروپوزل لے کے آنے والی تھی لیکن تم نے ہارون سے کہہ کر ان کو آنے سے منع کر دیا تمہاری امی یعنی کی ہماری بیگم نے ہمیں کال کر کہ یہ بتا دیا کہ تم نہیں چاہتی کہ ہارون کی امی آج گھر آئیں تم نے چار گھنٹوں میں تو بار مجھے کال کر کے پوچھا ہے کہ میں کب آرہا ہوں اور تمھیں مجھ سے کوئی ضروری بات کرنی ہے اور آخری بات واک کے درمیان تمھیں دو بار ہارون کی کال موصول ہوئی لیکن تم نے ریسیو نہیں کی سو میرے حساب سے تو یہی بات ہے لیکن اگر کوئی اور بات ہے تو تم مجھے بتا سکتی ہو

بابا آئی ایم شیور آپ کسی بنگالی بابا سے کلاسز لے رہے ہیں میں مان ہی نہیں سکتی کہ یہ سب آپ کی اوبزرویشن ہے آئی کانٹ بلیو اٹ یار آپ کو کیسے پتہ ہوتا ہے ہمیشہ معراج اسکی بات پہ دل کھول کر ہنسے تھے انکو ہنستا دیکھ ہا لے بھی مسکرا دی

خیر مجھے یہ بتاؤ تم انکار کیوں کر رہی ہو وجہ "کون "ہے ؟ وہ اب اصل موضوع کی طرف آئے تھے

آپ کو یہ پوچھنا چاہئے کہ وجہ "کیا "ہے وہ "کیا "پہ زور دیتی بولی تھی

تمھیں لگتا ہے میں اس وقت ٹائم ویسٹ کرنے کے موڈ میں ہوں میں بلڈ پریشر اور شوگر کا مریض ہوں بیٹا مجھے اس وقت سخت بھوک لگی ہے مجھے اپنی دوائی لینی ہے لیکن میں یہ مسئلہ حل کر کے ہی یہاں سے اٹھنا چاہتا ہوں تمہاری نو کالز نے مجھے بے انتہا پریشان کیا ہوا ہے اسلئے میں "کیا "کے چکر میں وقت ضائع نہیں کر سکتا تو مجھے یہ بتاؤ وجہ "کون "ہے وہ رسان سے کہہ کر سوالیہ نظروں سے ہا لے کو دیکھنے لگے

ہا لے بغیرکچھ کہے وہاں سے اٹھی تھی اور پارک میں موجود چھوٹے سے فوڈ پائنٹ کی طرف بڑھ گئی تھی تھوڑی دیر بعد جب وہ واپس آئی تو اس کے ہاتھ میں ایک پانی کی بوتل دو شوگر فری بسکٹس کے پیکٹس اور ایک انرجی ڈرنک تھا اس نے قریب آ کر خاموشی سے ساری چیزیں لکڑی کے اس بینچ پہ رکھ دی تھیں خود اپنے بیگ میں کچھ ڈھونڈنے لگ گئی تھی اور پھر اگلے ہی سیکنڈ اس کے ہاتھ میں کچھ ٹیبلٹس تھیں اس نے بسکٹ کا پیکٹ کھولا تھا اور ایک بسکٹ نکال کر ان کے ہاتھ میں دیا تھا وہ بھی بغیر کچھ کہے کھانے لگے تھے اگلے کچھ منٹس میں انہوں نے سارے بسکٹس کھا لئے تھے اب اس نے کچھ ٹیبلٹس ان کی ہتھیلی پہ رکھی تھیں اور پانی کی بوتل کھول کر ان کے سامنے کی تھی انہوں نے اسی خاموشی کے ساتھ ان کو نگل لیا تھا

تم یہ دوائیاں اپنے ساتھ رکھتی ہو؟ ان کو خوشگوار حیرت ہوئی تھی

بابا میرے لئے آپ اور آپ کی صحت ساری دنیا سے زیادہ اہم ہے ساری دنیا جائے بھاڑ میں اگر ہا لے کے ساتھ معراج سلطان ہے تو اس کو کسی دوسرے انسان کی ضرورت نہیں ہے آپ میرا سپورٹ سسٹم ہیں بابا آپ میرے دوست ہیں آپ ہا لے کی جان ہیں وہ ان کی آنکھوں میں دیکھتی ان کو باور کروا رہی تھی

ہاں ہاں میں جانتا ہوں تمھیں اب میری سپورٹ چاہئے ہوگی اسی لئے کر رہی ہو نہ یہ میلو ڈرامہ لیکن بیٹا تمھیں یہ سب کرنے کی کیا ضرورت ہے میں ویسے بھی تمھیں سپورٹ کرتا تم نے خوامخوہ اپنے پیسے ضائع کر دئیے جب انسان کا بینک اکاؤنٹ خالی ہونے والا ہو تو اسکو پیسے خرچ کرتے وقت احتیاط کرنی چاہئے وہ دبی دبی سی مسکراہٹ کے ساتھ بولے تھے لیکن ہا لے نہیں مسکرا سکی وہ اب بھی سنجیدہ تھی

وجہ سفیر سلطان ہے بابا وہ ناخن سے بینچ کی نم لکڑی کو کھرچتی کافی دیر بعد بولی تھی وہ ان کی طرف نہیں دیکھ رہی تھی لیکن وہ جانتی تھی وہ چونکے تھے

وہ وجہ ہے یا محبت ؟ اور اگر محبت ہے تو ایک طرفہ ہے؟ یا وہ بھی یہی سب محسوس کرتا ہے؟ وہ خود کو سنبھال چکے تھے تب ہی نارمل سے لہجے میں پوچھ رہے تھے

اور پھر ہا لے نے ان کو ساری کہانی بتا دی تھی آخر میں انہوں نے ایک گہری سانس بھری تھی اور اسکی طرف دیکھ کر بو لے تھے

تم نے شہد کی مکھی کے چھتے میں ہاتھ دے دیا ہے بیٹا وہ عورت فروا وہ یک چلتا پھرتا فتنہ ہے جان دے دے گیا لیکن مانے گی نہیں خیر میں تمہارے ساتھ ہوں جو ہوگا دیکھا جائے گا بس میں بابا سے بات کر لوں ایک بار مجھے پتہ تھا آپ مان جائیں گے اور رہی چچی جان تو ان کو سفیر دیکھ لیں گے وہ چہکتی ہوئی بولی تھی اور بینچ سے اٹھ کھڑی ہوئی تھی ایک اور بات بابا آج شام ہی میں نے آپ کے اکاؤنٹ سے تین لاکھ روپے نکال لئے تھے اور ان کو اپنے اکاؤنٹ میں ڈلوا دیا تھا انکی مسکراہٹ غا ئب ہوئی تھی

تمھیں میرا کورڈ کیسے پتہ چلا ؟

نہیں نہیں مجھے بالکل نہیں پتہ کہ آپ کے اے ٹی ایم کا کورڈ میرا نام ہے وہ تپا نے والی مسکراہٹ سے بولتی آگے بڑھ گئی تھی

میں تمھیںsue کروں گا ہا لے وہ پیچھے سے چلائے تھے

موسٹ ویلکم بابا وہ مڑے بغیر بولی تھی

◾◾◾◾◾◾◾◾◾◾◾◾◾◾◾

سلطان منزل میں ایسا بوجھل سناٹا تھا کہ دل کو چیرے جاتا تھا مہر ماہ جب سے ہا لے کے کمرے سے نکلی تھی اپنے کمرے میں جا کے بند ہو گئی تھی اس کے کان سائیں سائیں کر رہے تھے ہا لے کی باتیں اس کے ذہن سے چپک کے رہ گئی تھیں اس کو اپنا دل درد سے پھٹتا محسوس ہو رہا تھا وہ رونا چاہتی تھی لیکن اس کی آنکھیں خشک تھیں وہ کافی دیر سے اس سنگل صوفے پہ ایک ہی پوزیشن میں بیٹھی ہوئی تھی جب اس کے کمرے کے دروازے پہ دستک ہوئی

کون ہے؟ اس نے بیٹھے بیٹھے پوچھا تھا

آپی میں ہوں حسن پلیز دروازہ کھولیں میں بور ہو رہا ہوں وہ چڑیل بابا کے ساتھ اکیلی چلی گئی مجھے پوچھا بھی نہیں حسن اس وقت جاؤ یہاں سے پلیز مجھے نیند آ رہی ہے ڈسٹرب نہ کرو وہ رندھی ہوئی آواز میں بولی تھی

آپی میں بالکل بھی زیادہ بات نہیں کروں گا بس تھوڑا تھوڑا بولوں گا پلیز آنے دیں ناں

حسن جاؤ یہاں سے مجھے تنگ نہ کرو

جی آپی جیسا آپ کہیں وہ منہ بسورے خاموشی سے چلا گیا تھا مہر ماہ اس وقت کم از کم کسی کے نرخ ے نہیں اٹھا سکتی تھی یہ طے تھا

◾◾◾◾◾◾◾◾◾◾◾◾◾◾

وہ دونوں اس وقت شہر کے مہنگے ترین ریستوران میں بیٹھے کھانا کھا رہے تھے یہ دعوت سفیر کے واپس آنے کی خوشی میں تھی فروا آج سفیر سے مہر کے بارے میں بات کرنا چاہتی تھیں اسلئے انہوں نے سفیر کو یہاں بلایا تھا تھوڑی دیر یہاں وہاں کی باتیں کرنے کے بعد وہ اب اصل معدے پہ آئی تھیں

سفیر میں چاہتی ہوں کہ اب تم شادی کر لو تمہارا کیریئر سیٹ ہو گیا ہے تم اپنے قد موں پہ کھڑے ہو تمہاری ایک پہچان ہے اب تمھیں ایک لائف پارٹنر کی ضرورت ہے جو تمہارے ساتھ قدم سے قدم ملا کر چلے تم نے اس بارے میں کیا سوچا ہے؟ وہ کھانا کھا چکی تھیں اور اب مکمل طور پر سفیر کی طرف متوجہ تھیں

سفیر نے چاولوں کا چمچ منہ میں ڈالا تھا ان کو اچھی طرح چبایا تھا سامنے پڑا پانی کا گلاس اٹھا کر دو گھونٹ پانی پیا اس کے بعد بولنا شروع کیا تھا

میں بھی آپ سے یہی بات کرنا چاہتا تھا مجھے لگتا ہے کہ اب مجھے شادی کر لینی چاہئے اور اب تو آپ بھی یہی چاہتی ہیں پھر بتائیں کب بات کر رہی ہیں آپ بڑی امی سے ؟ وہ میر پہ آگے کو ہو کے اپنی ماں کی آنکھوں میں دیکھتا سکون سے پوچھ رہا تھا

بھابی سے میری بات ہوئی ہے اس بارے میں وہ مہر کو جلد رخصت کرنا چاہتی ہیں یو نو وہی دیسی مائیں جن کو لگتا ہے بیٹی اگر چوبیس کا ہندسہ پار کر چکی ہے تو اب بس اسکی شادی کردو ان کو یہ نہیں پتہ ہوتا کہ لائف تو ابھی شروع ہوئی ہے ابھی تو بیچاری لڑکی کو اپنے لئے وقت ملا ہے لیکن خیر وہ ہاتھ جھلاتے ہوئے کہہ رہی تھیں مہر کے لئے اکرام کا رشتہ آیا تھا میں نے بھابی سے کہا ہے کہ ان کو منع کر دیں

لیکن کیوں؟ اکرام بہت اچھا لڑکا ہے جرمنی میں اچھی جاب ہے اپنا گھر ہے یہ رشتہ تو پر فیکٹ ہے مہر کے لئے آپ لوگوں نے مہر سے پوچھا ہے؟ یا پھر خود ہی انکار کر دیا ؟ اس کے ابرو تفکر سے اکھٹے ہوئے تھے اس کے لہجے میں سادگی تھی فکر تھی جبکہ فروا کے چہرے کا رنگ یکدم بدلا تھا

کیا بکواس کر رہے ہو مہر کا رشتہ اس سے کیسے کر سکتے ہیں اس کی شادی تو تم سے ہوگی اسی لئے تو انکار کیا ہے ان کو وہاٹ دا ہیل ممی وہ چلایا آس پاس ٹیبل پہ بیٹھے لوگ ان کو دیکھنے لگے تھے سفیر نے ایک طائرانہ نظر ان سب پہ ڈالی تھی اور اپنی آواز ذرا ہلکی کر لی تھی

میں مہر سے شادی نہیں کر سکتا میں نے کبھی اس کو ایسی نظر سے دیکھا ہی نہیں ہے آپ کو چاہئے کہ سوچ سمجھ کر بولیں وہ دبا دبا سا غرایا تھا

سفیر اگر یہ کوئی مذاق ہے تو بہت گھٹیا ہے کیا ہو گیا ہے تمھیں وہ تمہاری اتنی اچھی دوست ہے تم دونوں کی اچھی انڈر اسٹینڈنگ ہے اور رہی بات نظر کی تو مرد کی نظر کا کیا ہے بدل بھی سکتی ہے تم اسکو اب اپنی فیوچر وائف کی نظر سے دیکھنا شروع کردو کیونکہ مہر کے علاوہ میری بہو اور کوئی نہیں بنے گی وہ کرسی کی پشت سے ٹیک لگائے چمکتی آنکھوں سے کہہ رہی تھیں جیسے سفیر کا انکار ان کے لئے کوئی اہمیت ہی نہ رکھتا ہو یہ آپ کیا کہہ رہی ہیں مہر میرے لئے بہنوں جیسی ہے ممی وہ میری دوست ہے کزن ہے ہماری بہت اچھی انڈراسٹینڈنگ ہے لیکن اس کا مطلب یہ ہرگز نہیں کہ میں اس سے شادی کر لوں یہ کبھی بھی نہیں ہوگا ممی نیور آپ اپنے دماغ سے یہ بات نکال دیں

ابھی تھوڑی دیر پہلے تو تم یہ کہہ رہے تھے کہ میں تمہاری بڑی امی سے بات کروں ؟ وہ کیا تھا بتانا پسند کرو گے؟ وہ سرد سی آواز میں بولی تھیں

ممی میں نے "ہا لے "کے حوالے سے بات کرنے کو کہا تھا وہ ہا لے پہ زور دیتے ہوئے بولا تھا

فروا جہاں تھیں وہیں سن ہوگئی تھیں گویا برف کا مجسمہ بن گئی ہوں

اسکا رشتہ تو ہارون سے ہونے والا ہے آج نوال آنے والی تھی میں نے تمھیں کال کر کے بتایا تو تھا تم شاید بھول گئے ہو وہ تھوڑی دیر بعد سنبھل کر بولی تھیں

آنے والی "تھیں "لیکن نہیں آئیں اور نہ ہی اب آئیں گی اس لئے آپ ممی آپ کل تک بڑی امی اورتا یا ابو سے بات کریں گی اور اس امر کو یقینی بنائیں گی کہ ہا لے سلطان سفیر سلطان کی ہے ہمیشہ کے لئے

تمھیں آخر مہر سے مسئلہ کیا ہے اس میں کیا کمی ہے مجھے یقین ہے تم بس وقتی طور پہ ہا لے سے متاثر ہوئے ہو اور کوئی بات نہیں تم کچھ دن مزید سوچو اس بارے میں ہم کچھ دن بعد بات کریں گے جب تک تمہاری رائے بدل چکی ہوگی

ممی یہ میری رائے نہیں ہے محبت ہے آئی ایم ان لو وتھ ہر اور محبت نہیں بدلتی آپ مجھے کچھ دن نہیں کچھ سال بھی مزید دے دیں میں تب بھی اس ہی کا نام لوں گا آپ میرا فیصلہ نہیں بدل سکتیں اور رہی بات مہر کی تو اس میں کوئی می خا نہیں وہ بس اس خاکے میں فٹ نہیں ہوتی جو کہ میں نے اپنی لائف پارٹنر کے لئے بنایا ہے وہ بہت پریکٹکل ہے میں اس روبوٹک زندگی سے بیزار ہوں ممی مجھے کوئی ایسی لڑکی چاہئے جو میری زندگی میں رنگ بھرے جو میرے ساتھ قدم سے قدم ملا کر چل سکے اور آپ جانتی ہیں مہر کو وہ کتنی دبو سی ہے کوئی ایسی ہو جو میری نہ کو ہاں میں بدلنا جانتی ہو جو میری غلط بات کو غلط کہنے کا حوصلہ رکھتی ہو کوئی ایسی جو اپنا اور میرا سوشل سرکل مینٹین کرنا جانتی ہو جو مجھ سے ضد کرے باتیں منوائے میں اب کوئی ٹین ایجر نہیں ہوں جو جذبات میں آ کر فیصلہ کر رہا ہوں میں نے ہر پہلو پہ سوچا ہے اور بہت سوچ سمجھ کر یہ نتیجہ نکالا ہے کہ میری بیوی بننے کے لئے جو کوالٹیز چاہئے وہ بس ہا لے میں ہیں اور اگر نہ بھی ہوتیں تو میں تب بھی اسی سے شادی کرتا کیونکہ میں اس سے محبت کرتا ہوں آئی ہوپ اب آپ سمجھ گئی ہوں گی

میں نے تمہاری پوری تقریر سنی لیکن کوئی بھی بات مجھے ایسی نہیں لگی جس کی وجہ سے میں اس رشتے کے لئے مان جاؤں تو مسٹر سفیر سلطان تم ہا لے سے محبت کرو یا کچھ بھی میں اس سے نفرت کرتی ہوں میں نے آدھی زندگی نگین کو برداشت کیا ہے اب باقی کی آدھی زندگی اسکی کاربن کا پی کو نہیں برداشت کروں گی وہ لڑکی میری بہو نہیں بنے گی یہ بات تم لکھ کے رکھ لو وہ اب پرس اٹھا کر کھڑی ہو گئی تھیں اور اگر بنی تو میں اس کو کبھی قبول نہیں کروں گی میں گاڑی میں تمہارا ویٹ کر رہی ہوں آجاؤ وہ کہتی وہاں سے نکلتی چلی گئی تھیں پیچھے سفیر نے ایک گہری سانس بھری تھی اور بڑبڑایا تھا

میں نے گھی سیدھی انگلی سے نکالنے کی کوشش کی تھی لیکن اب میں اپنا طریقہ آزماؤں گا ہاں میں یہی کروں گا اس نے آسودگی سے آنکھیں موند لی تھیں

◾◾◾◾◾◾◾◾◾◾◾◾◾◾

یہ صبح سلطان منزل کے کچھ مکینوں کے لئے بہت خوش گوار تھی تو کچھ کے لئے اتنی ہی گھٹن زدہ حسینہ ساری رات بے چین رہی تھیں کیونکہ مہر بے چین تھی وہ رات سے اب تک اس کا سامنا نہیں کر پا رہی تھیں مہر ان کو عزیز تھی بے حد عزیز وہ اسکی خاطر اپنی سگی اولاد کو بھی پیچھے کر دیتی تھیں مہر کے آگے ان کو کچھ نہیں دکھتا تھا ناشتے کی میزپہ سارا گھر جمع تھا سوائے مہر ماہ کے وہ رات سے اپنے کمرے میں ہی بند تھی ہا لے اس کی غیر موجودگی محسوس کر چکی تھی تب ہی بے دلی سے چند لقمے زہر مار کر کے اٹھ گئی تھی اب وہ مہر کے کمرے کے باہر کھڑی دستک دے رہی تھی تھوڑی ہی دیر میں مہر نے دروازہ کھول دیا تھا ہا لے خاموشی سے اندر آگئی تھی مہر اس کو نظر انداز کر کے الماری میں منہ دئیے کھڑی تھی ہا لے نے نرمی سے اس کا بازو تھاما تھا اور اس کو اپنے ساتھ صوفے پہ لا کر بٹھایا تھا

آپی ہمیں بات کرنی چاہئے کل شام جو کچھ بھی میں نے کہا میں اس بارے میں آپ کو شروع سے سب بتا نا چاہتی ہوں آپ مجھ سے بد گمان نہ ہوں بس

مہر خاموشی سے اس کو دیکھتی رہی اس کا دل چاہا تھا وہ ہا لے کو بتا دے کہ وہ سفیر کو کتنا چاہتی ہے لیکن اس کی ہمت نہیں ہوئی اور پھر ہا لے نے اس کو شروع سے آخر تک سب بتا دیا تھا کہ کس طرح سفیر نے اسے شا دی کے لئے پوچھا اور کب ہا لے کو اس سے محبت ہوئی

آپی میں آپ کو کیا بتاؤں وہ تو ایک بن مانگی دعا کی طرح مل گیا ہے مجھے

)(میں نے تو ساری زندگی اسی کے ملنے کی دعا کی تھی

مجھے تو پتہ بھی نہیں تھا کہ میں ان سے اتنی محبت کرتی ہوں مجھے ہمیشہ یہی لگا کہ میں بس ان کو پسند کرتی ہوں (مجھے تو سولہ سال کی عمر سے پتہ تھا کہ میں بس اسی سے عشق کرتی ہوں میں تو تب سے اسے چاہتی ہوں جب)مجھے محبت کے معنی بھی نہیں آتے تھے

ہماری تو پسند نہ پسند بھی ایک دوسرے سے کافی الگ ہے ہمارے نظرئیے میں ہماری سوچ میں زمین آسمان کافرق ہے لیکن دیکھیں پھر بھی ہم ایک ہونے والے ہیں

(میں نے اپنا نظریہ اپنی پسند نہ پسند سب اسی سے تو جوڑ لیا تھا میری سوچ کو میں نے اسی تک محدود کر لیا لیکن وہ) مجھے پھر بھی نہیں ملا

آپی میں نے تو کبھی سوچا بھی نہیں تھا کہ وہ مجھ سے محبت کرتے ہوں گے میرے لئے فیلنگر رکھتے ہوں گےجب انہوں نے مجھے پروپوز کیا آئی واز شاکڈ آئی واز لائک کیا انہوں نے واقعی میرا نام لیا وہ ایک جزب کے عالم میں کہے جا رہی تھی

(میں نے تو کبھی یہ نہیں سوچا تھا کہ وہ میرے علاوہ کسی سے محبت کر سکتا ہے جب سے میں نے تمہارے منہ سے اس کا نام سنا ہے آئی ایم شاکڈ آئی ایم لائک کیا تم نہ واقعی اس کا نام لیا وہ بس اپنے)دل میں ہی کہہ سکی تھی ہا لے اگر تم دونوں الگ ہو گئے میرا مطلب کسی وجہ سے تمہارا رشتہ ان سے نہ ہو سکا تو ؟ اس کے اندر ایک موہوم سی امید جاگی تھی کہ شاید ہا لے ابھی اس سے اتنی اٹیچ نہ ہوئی ہو شاید ابھی اسکی محبت نے ان بلندیوں کو نہ چھوا ہو شاید اب بھی اس مہیب اندھیرے میں کوئی امید کا دیا روشن ہو سکتا ہو

میں مر جاؤں گی آپی ہا لے مر جائے گی سفیر کے بغیر امید کاٹمٹماتادیا بجھ گیا تھا تو اب احساس ہوا ہے کہ میں ان سے کتنی محبت کرتی ہوں اب ان سے الگ ہونے کا تو سوال ہی نہیں اٹھتا میں جانتی ہوں آپ ایسا کیوں کہہ رہی ہیں چچی جان کی وجہ سے ہے ناں ؟ ان کو سفیر سنبھال لیں گے وہ مسکراتے ہوئے بتا رہی تھی مہر مسکرا بھی نہ سکی

اللہ کرے ایسا ہی ہو اس نے بھاری دل سے دعا دی تھی کرب سا کرب تھا

◾◾◾◾◾◾◾◾◾◾◾◾◾◾◾

دادا جان میں آجاؤں ؟ وہ ان کے کمرے کے ادھ کھلے دروازے پہ دستک دیتا اپنی مخصوص مسکراہٹ سے پوچھ رہا تھا

میڈا ساہ میڈے جیونڑ دی وجہ توں آ تے میڈا ہاں بھرے

)(میری سانس میرے جینے کی وجہ تم آؤ تو میرے دل کو ٹھنڈک ملے

وہ ان کے قریب بیڈ پہ بیٹھ گیا تھا کمپنی کا حالات حاضرہ نفع نقصان سیاست پہ نظر ثانی بڑھتی مہنگائی پہ اپنی تجویز ان سارے موضوعات پہ بحث کے بعد وہ اصل معدے پہ آیا تھا

ممی چاہتی ہیں میں شادی کر لوں وہ گلہ کھنکھار تے بولا تھا

اور تم کیا چاہتے ہو؟

Novelzy · online novels

Stories you won’t put down

Romance, dark romance, mafia, werewolf, billionaire and more, released chapter by chapter. Start with free chapters on any device, unlock premium chapters with coins, and earn rewards as you read.