چاہتا تو میں بھی یہی ہوں لیکن ایک مسئلہ ہے میں ممی کی پسند سے شادی نہیں کر سکتا میں کہیں اور انٹرسٹٹڈ ہوں آسان حل ہے اس کو بھول جاؤ کیونکہ فروا کبھی ہا لے کے لئے نہیں مانے گی انہوں نے اس کے سر پہ دھماکا کیا تھا آپ جانتے ہیں؟ اس کو حیرت نہیں ہوئی تھی وہ بس سادگی سے پوچھ رہا تھا
کیا مجھے نہیں جاننا چاہئے ؟
آپ ممی سے بات کریں نہ وہ آپ کو منع نہیں کر سکتیں آپ جانتے ہیں میں ہا لے کو بہت پسند کرتا ہوں ممی نے اس سے خوامخواہ کا بیر باندھ لیا ہے ہا لے تو بچی ہے الٹا سیدھا بول دیتی ہے وہ بڑی ہیں درگزر کر لیں لیکن نہیں انہوں نے تو اس بات کو ایگو کا مسئلہ ہی بنا لیا ہے وہ جیسے بے بس سا کہہ رہا تھا وہ اس فیملی پولیٹکس سے بہت دور تھا دیکھو بچے ہا لے مجھے دنیا میں سب سے زیادہ عزیز ہے میں اس کو یوں ہی کسی کے سر پر مسلط نہیں کر سکتا فروا کو خود آ کر مجھ سے بات کرنی ہوگی باقاعدہ طور پہ اس کا مانگنا ہوگا لیکن اب جب تم نے مجھ سے مدد مانگی ہے تو میں فروا سے بات کروں گا لیکن سفیر میری ایک بات یاد رکھنا اگر ہا لے کو ناخن کے ایک زرے جتنی بھی تکلیف ہوئی تو میرا ہاتھ ہوگا اور تم سب کا گریبان یاد رکھنا نرم دوٹوک لہجے میں تنبیہ کی تھی
یار آپ تو ایسے کہہ رہےہیں جیسے ہٹلر کا جانشین ہوں میں محبت کرتا ہوں اس سے بہت خوش رکھوں گا اس کو بس ممی مان جائیں ایک بار ویسے ایک بات بتائیں جس کی آپ اتنی سائیڈ لے رہے ہیں وہ خود ایک چلتی پھرتی آفت ہے وہ جو میری ممی کو نہیں بخشتی وہ مجھے کیا چھوڑ دے گی
سفیر اپنی عورت کے لئے اسٹینڈ لینا سیکھو عورت چاہے جتنی مرضی آفت ہو جتنی بھی خود سر ہو جتنی بھی بہادر ہو اپنے مرد کی سپورٹ
کے بغیر زیادہ دیر تک سفر نہیں کر پاتی یہ معاشرہ اکیلی عورت کے لئے ایک عذاب ہے یہ مردوں کا معاشرہ ہے ہم چاہے جتنے مرضی ماڈرن ہوجائیں جتنا چاہے خود کو گروم کر لیں اندر سے ہماری سوچ سطحی سی رہے گی ہم ایک مضبوط عورت کو کبھی قبول نہیں کریں گے اس معاشرے کو وہ عورت چاہیے جو ہر وقت روتی دھوتی رہے جو اپنے ہر فیصلے کے لئے ایک مرد کی محتاج رہے جو شادی سے لیکر بچے پیدا کرنے تک مرد کی مرضی سے چلے ایسے میں اگر کوئی عورت اپنے حق کے لئے بولتی ہے تو معاشرہ اس کو بے حیا بد چلن اور نہ جانے کن کن القابات سے نوازتا ہے یہ معاشرہ ایک مضبوط اور خود مختار عورت کو جھیل نہیں پاتا ایسی عورت لوگوں کو کھٹکتی ہے اور جس عورت سے تمہارا پالا پڑا ہے نہ سفیر وہ اپنے حقوق بھی جانتی ہے اور اپنی پاور بھی وہ دن کے چلنے والی نہیں ہے وہ خود کو تمہارے لئے کبھی بھی بے توقیر نہیں کرے گی ایسی عورت بزدل مرد کے ساتھ گزارہ نہیں کرتی اس کے لئے اسٹینڈ لینا سیکھو ورنہ ایک دن اس کو کھو دو گے
دادا جان آپ نے فیمینرم کب جوائن کی؟ بلکہ جوائن کیا کی آپ کو تو لیڈر ہونا چاہیے اس موم بتی مافییا کا کیوں سفیر بھائی سہی کہا نہ میں نے ؟ دادا جان کے کمرے کے ادھ کھلے دروازے سے جھانکتا حسن آنکھوں میں شرارت لئے پوچھ رہا تھا
سفیر بیٹا ذرا میری چھڑی تو پکڑ انا کچھ لوگوں کے پر نکل آئے ہیں ایسے گستاخ لوگوں کو سبق سکھانا ضروری ہوتا ہے جاؤ بیٹا چھڑی لاؤ وہ بظاہر بہت سنجید گی سے کہہ رہے تھے
سفیر بڑی طابعداری سے چھڑی لینے کے لئے اٹھا تھا
ویسے ایک بات ہے سفیر بھائی ویسے تو آپ سے اٹھ کر پانی نہیں پیا جاتا لیکن جب مجھے مار پڑوانی ہو آپ کے چار چار ہاتھ ہو جاتے ہیں اور آپ دادا جان آپ ذرا میری اس حسین شکل کو غور سے دیکھیں سیم ٹو سیم معراج سلطان کی طرح دکھتا ہوں ساگ پوتا ہوں آپ کا آپکی جائیداد کا دولوتا وارث کچھ عزت کریں یار میری بھی وہ جیسے التجا کر رہا تھا
سفیر بیٹا چھڑی کینسل اب مجھے میرے وہ بھورے بوٹ اٹھا کر دو میں ذرا چیک کروں اب بھی پیٹھ پہ نشان چھوڑتا ہے یا نہیں
جو حکم دادا جان سفیر فورا حکم بجا لانے کو اٹھا تھا
ویسے بھورے بوٹ سے یاد آیا آپ کے وہ گولڈن خاندانی جوتے وہی جو آپ کو آپ کے ابا نے دئیے تھے وہ میری بہن نے بخش کو دے دئیے اسکی اسکول کی فیرول تھی ناں حسن چمکتی آنکھوں سے بتا رہا تھا
سفیر نے ایک جھٹکے سے گردن موڑ کر اس کو دیکھا تھا دادا جان بھی حیرت زدہ تھے
لیکن میں نے تو اس کو سکن کلر کے جوتے لینے کو کہا تھا میرے ابا کے جوتے تو ڈارک گو لڈن تھے اور میں نے اس کو یہ بھی کہا تھا کہ کسی کو ساتھ لے جائے اسکو رنگوں کا پتا نہیں چلتا (اب انکو کیا پتہ ڈارک گولڈن کو سکن کلر بتانے والا حسن ہی تھا) وہ مارے حیرت کے یہی کہہ سکے تھے
اب پچھتائے کیا ہوت جب ہا لے لے گئی بوٹ وہ افسوس سے بولا تھا
لیکن بخش تو جینز شرٹ پہن کر گیا تھا ناں اس کے ساتھ ایسے روایتی جوتے کون پہنتا ہے سفیر جیسے یاد آنے پہ بولا تھا
بخش کہتا ہے میرا اپنا سٹائل ہے میں دنیا سے ہٹ کر چلتا ہوں جو کام دنیا والے کرنے سے گھبراتے ہیں وہی کام تو بخش جبار نڈر ہو کر کرتا ہے وہ باقاعدہ بخش کی نقل اتارتے ہوئے بولا تھا
اسکے سٹائل کی تو ایسی کی تیسی یا اللہ ہا لے وہ مجھے میرا ابا نے دئیے تھے میں نے سفیر کے نکاح کے لئے رکھے تھے یہ کیا کیا تم نے بچے
آپ کہیں تو بخش سے واپس لے آؤں ؟ حسن چہرے پہ زمانے بھر کی معصومیت سجائے بولا تھا
اب کیا سفیر سلطان ایک ملازم کی اترن پہنے گا رہنے دو اسی کے پاس سفیر کے سر کا صدقہ سمجھوں گا میں یوسف سلطان اپنے جلالی موڈ میں آ چکے تھے تب ہی حسن نے وہاں سے کھسکنے میں آفیت جانی جبکہ سفیر گم سم سا واپس اپنی جگہ پہ بیٹھ گیا تھا اسکا غم دادا سے بڑا تھا
پہلے فیورٹ شرٹ اور اب دادا کے خاندانی جوتے جن کو پہننے کا سفیر کو بچپن سے ہی شوق تھا ہا لے سلطان نےاس پہ ابھی اور کتنے ظلم کرنے تھے؟
◾◾◾◾◾◾◾◾◾◾◾◾◾◾
مہرماہ اپنے کمرے کی ساری بتیاں بجھائے ٹھنڈے فرش پہ اکڑ وں بیٹھی تھی ایسے کہ بیڈ کی پائنتی سے ٹیک لگا رکھی تھی اسکی آنکھیں سرخ تھیں بال بکھرے تھے حلیہ بے ترتیب یہاں تک کہ کل سے لے کر اب تک اس نے کوئی ایک نماز بھی نہیں پڑھی تھی ابھی بھی وہ اپنے خیالوں میں مگن تھی جب اس کے کمرے کا دروازہ دھاڑ سے کھولتے فروا اندر آئی تھیں ملگجے سے اندھیرے نے ان کا استقبال کیا تھا انہوں نے سوئچ بورڈ پہ ہاتھ مارا تو سارے میں روشنی پھیل گئی سفید روشنی مہر نے بے اختیار آنکھوں پہ ہاتھ رکھا تھا یہ روشنی اسکی آنکھوں میں چبھی تھی
مہر ماہ یہ سب کیا سن رہی ہوں میں ہا لے نے کل رات کیا بکواس کی ہے دیکھو مجھ سے جھوٹ بولنے کی قطعی کوئی ضرورت نہیں ہے بھابی جان مجھے سب بتا چکی ہیں اب کچھ بولو گی بھی یا اسی طرح سوگ مناتی رہو گی انکے بس نہیں چلتا تھا کہ مہر کے حلق میں انگلی ڈال کر سچ کا پتا چلا لیں
جب سب کچھ پتہ ہے آپ کو تو اب مجھ سے کیا چاہتی ہیں آپ وہ اسی طرح آنکھوں پہ ہاتھ رکھے بو لی تھی فروا نے اسکے قریب جا کر ایک جھٹکے سے اسکا ہاتھ آنکھوں سے ہٹایا اور اسکا بازو پکڑ کر کھڑا کیا تھا
مجھے پاگل بنانا بند کرو مہر میں نہیں جانتی اس نے کیا بکواس کی ہے یا اسکے دماغ میں کیا چل رہا ہے لیکن میری ایک بات یاد رکھنا میں نہ تمھیں اس طرح ہارنے دوں گی اور نہ خود خاموش بیٹھوں گی ہا لے اور سفیر کبھی ایک نہیں ہو سکتے کم از کم میری اس زندگی میں تو نہیں وہ اسکے پاس بیٹھی غرا رہی تھیں
تو کیا کروں میں ہاں ؟ کیا کروں گلا دبا دوں اپنی بہن کا مار دوں اس کو وہ گویا پھٹ پڑی تھی یہ سب آپ کی وجہ سے ہوا ہے ساری زندگی مجھے سفیر کے خواب دکھائے آپ نے کہا سفیر کو زیادہ بولنے والی لڑکیاں نہیں پسند میں نے اپنی زبان سی لی آپ نے کہا سفیر کو انڈیپینڈٹ اور مردوں کے ساتھ کام کرنے والی لڑکیاں نہیں پسند میں نے جاب چھوڑ دی حلانکہ سفیر کو تو ایسی ہی لڑکیاں پسند تھیں اور ہیں میں نے تو اپنی ساری زندگی اپنا جینا مرنا سفیر سے جوڑ لیا اسکے آنسو مسلسل بہہ رہے تھے وہ چیخ چیخ کر بول رہی تھی آپ نے آپ نے میرے ساتھ بہت برا کیا ہے ممانی جان آپ نے کہا سفیر کو مذہبی لڑکیاں نہیں پسند میں نے نمازیں پڑھنا چھوڑ دیں اور جب کبھی پڑھتی ہوں تب ہمیشہ یہ دیکھتی ہوں کہیں سفیر تو گھر پہ نہیں کہیں وہ آ تو نہیں گئے میں نے تو خدا کو بھی چھوڑا ہے صرف سفیر کے لئے میری تو زندگی کی ساری ایکویشن ہی خراب ہو گئی میں اسکوائر ون پہ آ کر کھڑی ہو گئی ہوں میری لائف میرے گولز تو بس یہی تھے کہ میں سفیر سے شادی کروں گی اور پھر مجھے ابا کی محبت مل جائے گی اسکا لہجہ رندھا ہوا تھا میں نے صرف سفیر نہیں کھویا میں نے یوسف سلطان بھی کھو دیا ہے ساری زندگی کے لئے سب کچھ کھو دیا میں نے
میںہر چیز کا مداوا کروں گی میری جان مجھے ایک موقع دو تم ہمت کیوں ہار رہی ہو میں ہوں ناں فروا سلطان کے ہوتے ہوئے تم کیوں پریشان ہو رہی ہو دنیا یہاں کی وہاں ہو جائے لیکن میں تمھارے علاوہ کسی اور کی شادی سفیر سے نہیں ہونے دوں گی وہ اسکے چہرے کو اپنے ہاتھوں کے پیالے میں بھرتی محبت سے کہہ رہی تھیں ارے کس کس چیز کا مداوا کریں گی آپ اسکی بھوری آنکھوں میں تنفر تھا میں نے اپنا خدا چھوڑا ہے سفیر کے لئے میرا خدا مجھے واپس کر سکتی ہیں آپ کے تو اپنے تھاٹس ہی کلیئر نہیں تھے کبھی آپ نے مجھے دقیانوسی بنا دیا تو کبھی ماڈرن اور میں سفیر کی محبت میں اتنی پاگل تھی کہ آپ کی ہر بات پہ عمل کرتی چلی گئی وہ بول بول کر ھانپ چکی تھی تب ہی بیڈ پہ گرنے کے انداز میں بیٹھ گئی
یہ سب ہا لے کی وجہ سے ہوا ہے تم مانو یا نہ مانو یہ سب اس کا کیا دھرا ہے اسی نے سفیر کو کوئی ایسی پٹی پڑھائی ہے کہ اسکو ہا لے کے علاوہ کچھ دکھتا ہی نہیں میں اگر اس سے نفرت کرتی تھی تو اسکی کوئی وجہ تھی لیکن تم تم اس ناگن کو سمجھ ہی نہیں سکیں اب تمہاری عقل ٹھکا نے آگئی ہوگی
مجھے میری بہن کے خلاف مت کریں یہ بے کار ہے آپ کا یہ حربہ مجھ پہ اثر نہیں کرے گا کوئی بھی بات یا کوئی بھی چیز مجھے میری بہن سے بد ظن نہیں کر سکتی ممانی جان آپ کے لئے بہتر ہوگا کہ یہاں سے چلی جائیں اور مجھے اکیلا چھوڑ دیں وہ اب سنبھل چکی تھی تب ہی متوازن لہجے میں بول رہی تھی
ایک دن آئے گا مہر جب تم مجھ پہ یقین کروگی میری باتیں مانو گی میرا کہا مانو گی ایک دن آئے گا وہ عجیب سے لہجے میں کہتی وہاں سے چلی گئی تھیں مہر نے کوئی دھیان نہیں دیا تھا اسکے پاس ابھی غم منانے کو اور بہت سی باتیں تھی
◾◾◾◾◾◾◾◾◾◾◾◾◾◾
وہ اس وقت ڈاکٹر عبید الرحمن کے گھر میں آتش دان کے پاس رکھے سنگل صوفے پہ بیٹھی تھیں عبید الرحمن ان کے سامنے اسی طرح کے ایک صوفے پہ بیٹھے تھے ایسے کہ انکے صوفہ کا رخ آتش دان کی طرف تھا نفیسہ کو انکا نیم رخ نظر آتا تھا وہ مسلسل نظریں جھکائے کچھ پڑھنے میں مصروف تھے غالبا عمر کی رپورٹس تھیں ساتھ ساتھ اپنے ایک ہاتھ میں پکڑے کافی کے مگ سے گھونٹ بھرتے جاتے نفیسہ جب سے یہاں آئی تھیں عمر کی طبیعت بہت بہتر تھی اس کو سات سمندر پار کی آب و ہوا راس آگئی تھی شاید اس وقت بھی وہ اسکو عبید الرحمن کے کمرے میں سلا کر آئی تھیں عمر کی بے ہوشی کے اگلے روز انہوں نے کیس چھوڑ دیا تھا اور کچھ ہی دن بعد امریکا آگئی تھیں یہاں آ کر وہ سب سے پہلے ڈاکٹر عبید الرحمن سے ملی تھیں دو دن پہلے عمر کے کچھ ضروری ٹیسٹس ہو گئے تھے آج انکی رپورٹ آنی تھی باہر سخت برفباری تھی تب ہی ڈاکٹر عبید نے ان کو اپنے گھر بلا لیا تھا کہ ان کا گھر اس ہوٹل کے بالکل قریب تھا جہاں نفیسہ رہ رہی تھیں ڈاکٹر عبید الرحمن سانولی رنگت متناسب نقوش اور درمیانے قد کے تھے ان کا تعلق انڈیا سے تھا انکی اور محسن کی دوستی ہاسٹل میں ہوئی تھی محسن کے پاکستان آنے کے بعد بھی یہ دوستی اسی طرح برقرار تھی وہ دونوں کبھی خط و کتا بن کے زریعے تو کبھی ٹیلی فون کے زریعے ایک دوسرے کے ساتھ رابطے میں رہتے عمر کی بیماری کے بارے میں بھی محسن نے ان کو ٹیلی فون پر سب بتا دیا تھا اور عبید الرحمن نے انکو امریکا آنے کا مشورہ دیا تھا اس وقت نفیسہ پچھلے پندرہ منٹ سے ان کے کچھ بولنے کے انتظار میں تھیں اب ان کا ضبط جواب دے گیا تھا
کیا اس رپورٹ میں ایٹم بم بنانے کا راز لکھا ہے جسے آپ پچھلے پندرہ منٹ سے پڑھے ہی جار ہے ہیں وہ غصے میں نہیں تھیں وہ بس کوفت زدہ تھیں
(وہ دونوں انگلش میں بات کر رہے تھے کہ عبید الرحمن کی اردو اور ہندی بہت کمزور تھی)
ڈاکٹر عبید نے چند لمحے چشمے کے پیچھے سے ان کونا گواری سے دیکھا تھا جیسے انکا مخل ہونا پسند نہ آیا ہو اور دوبارہ نظریں جھکا لی تھیں تھے نفیسہ کلس کر رہ گئی تھیں
اققف یہ سرجنز کا ایٹیٹیوڈ
پانچ منٹ مزید گزر گئے نفیسہ اب اٹھ کر یہاں سے وہاں ٹہلنے لگی تھیں انہوں نے زرہ کی زرہ نظر اٹھا کر ڈاکٹر عبید کو دیکھا تو ان کے ہاتھ میں کوئی رپورٹ نہ پا کر تھوڑا حیران ہوئیں اب وہ انکے سر پہ آ کر کھڑی ہوگئیں تب انہوں نے ان کے ہاتھ میں ایک ہتھیلی جتنی لمبی اور چار انگلیوں جتنی چوڑی کتاب دیکھ کر تو جیسے ان کا دماغ ہی گھوم گیا
آپ میرے ساتھ مذاق کر رہے ہیں آپ کو یہ سب ڈرامہ لگ رہا ہے میرا بیٹا کینسر کا مریض ہے اس وقت اسکی رپورٹس سے زیادہ ضروری آپ کو یہ فضول سی کتاب لگتی ہے میں اپنا ملک چھوڑ کر اپنا کیس چھوڑ کیا یہاں جھک مارنے آئی ہوں یہ لگتا ہے آپ کو؟ ابھی کے ابھی میں اپنے بیٹے کو لے کر جا رہی ہوں آپ سے سو گنا بہتر ڈاکٹرز مل جائیں گے مجھے وہ غصے سے سرخ چہرہ لئے گویا دھاڑ رہی تھیں
ڈاکٹر عبید نے کتاب کو بند کر دیا تھا اب وہ پوری طرح انکی طرف متوجہ تھے
پڑھنے نہ دیجئے گا آپ مجھے پچھلے پندرہ منٹ سے ایک لفظ نہیں سمجھ سکا میں بولیں کیوں چیخ رہی ہیں وہ تیوری چڑھائے پوچھ رہے تھے نفیسہ کو اس وقت ان پہ کسی پاگل کا سا گمان ہوا
میرے بیٹے کی رپورٹس میں کیا آیا ہے؟ اسکی سرجری کب کرنی ہے وہ کب تک ٹھیک ہوگا اگر آپ مجھے یہ سب بتا دیں تو میرا اس ہاتھ سے کھڑکی کے باہر اشارہ کیا تھا برفباری میں ذلیل ہو کر یہاں تک پہنچنا میری ساری محنت وصول ہوجائے گی وہ ایک ایک لفظ پہ زور دیتی چبا چبا کر کہہ رہی تھیں
آپ کے بیٹے کو پہلی نظر دیکھ کر ہی بتا تو دیا تھا اسی دن سب کچھ نہیں ہے آپ کے بیٹے کو کینسر کوئی مریض نہیں ہے وہ اور کیا بتاؤں آپ کو؟ جب اس دن یقین نہیں کیا آپ نے تو بار بار کیا دہراؤں اپنی بات آپ وکلاء کے موٹے دماغ میں ایک بات گھستی ہی نہیں تو میں کیا کروں آپ کو اس بات کا ایک پختہ ثبوت چاہیے ہوگا اب آپ کے بیٹے کا دماغ تو بولنے سے رہا کہ اس کو کوئی کینسر نہیں ہے اور یہ رپورٹس ایک انگلی اور انگوٹھے سے رپورٹس کو ہوا میں اٹھایا تھا اگر ان رپورٹس میں لکھی اصطلاحات آپ کی سمجھ میں آتی ہیں تو پڑھ
لیجی
نے وہ پر سکون سے کہہ رہے تھے
آپ سچ کہہ رہے ہیں؟ وہ بدقت بول پائی تھیں
آپ نہیں مانیں گی؟ چلیں وہ جو سامنے والا کمرہ ہے نہ وہاں سے قرآن پاک لا دیں اس پہ ہاتھ رکھ کے گواہی دینے کو تیار ہوں میں تب تو مان جائیں گی آپ ؟
اگر یہ سچ ہے تو عمر کی وہ حالت وہ سب کیا تھا اسکا بیہوش ہونا اسکا سر درد اسکے ناک سے خون آنا اسکی نقاہت وہ سب کیا تھا اور اگر یہ سچ ہے تو آپ نے مجھے یہاں کیوں بلایا ؟
ڈاکٹر عبید نے افسوس سے ان کو دیکھا تھا
نفیسہ آپ پلیز بیٹھ جائیں میں آپ کو سب بتاتا ہوں اب کے ان کے لہجے میں ہمدردی تھی
وہ نڈھال سی بیٹھ گئی تھیں
عمر کو ہونے والا سر درد "میگزین" ہے کینسر نہیں میں دن میں روز اس مرض کے شکار لوگ دیکھتا ہوں اسی لئے عمر کو دیکھ کر میں نے آپ کو بتا دیا تھا اس کو کوئی بھی بیماری ہو سکتی ہے سوائے کینسر کے لیکن آپ نہیں مانیں خیر کوئی بھی نہ مانتا پھر میں نے اس کے تمام ٹیسٹس کیئے اور ان سے یہ ثابت ہوتا ہے کہ آپ کا بیٹا اس موضی مرض سے محفوظ ہے اب آتے ہیں ان علامات پہ جن سے آپ کو لگا کہ عمر کو کینسر ہے آپ کے بیٹے کو ایک خاص قسم کا "ڈرگ "دیا جاتا رہا ہے جس سے اس کے سر میں درد اٹھتا ہے اور ناک سے خون بہتا ہے اس ڈرگ کی مقدار ذرا سی بڑھا دو تو بیہوشی بھی طاری ہوجاتی ہے رہی بات آپ کو یہاں بلا نے کی تو میں یہ نئی کتاب لایا تھا اس میں اتنی مشکل اردو ہے ذرا کچھ الفاظ کے معنی جاننے تھے لیکن آپ تو پہلے ہی انگاروں پہ لوٹ رہی ہیں خیر مزید کچھ جاننا ہے؟
نفیسہ جو دم سادھے انکو سنے جا رہی تھیں انکو لگا تھا جیسے ان کے کانوں میں دھماکے ہو رہے ہوں انکو یکدم کمرے میں آکسیجن کی کمی محسوس ہوئی تھی
کچھ ۔۔۔۔۔ کچھ نہی نہیں جانتا مجھے اب کچھ بھی نہیں جاننا سب ختم ہوگیا ہے سب میں کیسے تصویر کا دوسرا رخ نہیں دیکھ پائی میں نے کیسے عمر کو اپنی مجبوری بننے دیا میں کیسے بے وقوف بن گئی میں تو شہر کی سب سے جینیس وکیل ہوں
آپ وکیل" تھیں "وہ ان کو دیکھتے ہوئے "تھیں "پہ زور دیتے بولے تھے
نفیسہ نے گلابی پڑتی آنکھوں سے انکو دیکھا تھا انکی آنکھوں میں ہزار سوال تھے
کل آپ کے ملک میں آپ کے شہر میں آپ کا وکالت کا لائسنس منسوخ کر دیا گیا تھا وہ لڑکی جس کا کیس آپ لڑ رہی تھیں اس لڑکی نے ام مریم نے خود کشی کرلی ہے ایک ہفتہ پہلے اور اس نے اپنے آ خری بیان میں یہ کہا ہے کہ آپ نے "زبردستی اس لڑکی کو اس کیس میں شامل کیا وہ وکٹم نہیں تھی اس نے چند پیسوں کے عوض اس کیس میں شامل ہونے کا فیصلہ کر لیا کیونکہ آپ نے اس کو دھمکی دی تھی اور آپ نے اس کو یوز کیا کیو نکہ آپ کو اپنے شہر کی سب سے بڑی وکیل بننا تھا اور آپ کئی طرح کے معاشی مسائل سے گزر رہی تھیں تب ہی آپ نے شہر کے چند امرا اور عزت دار گھرانوں کے معزز مردوں کو اس کیس میں گھسیٹا تاکہ آپ کے مسائل ختم ہو سکیں "یہ ساری بات مجھے کل محسن نے ٹیلی فون پہ بتائی تھی
نفیسہ کو اس برفباری میں بھی پسینہ آگیا تھا انکا پورا جسم کانپ رہا تھا وہ اپنی جگہ سے اٹھی تھیں اور بھاگتی ہوئی کمرے سے باہر نکل گئی تھیں عبید الرحمن بھی ان کے پیچھے آئے تھے لاؤنج میں آ کر ذرا دیر کو ٹھہری تھیں لیکن ایک بار پھر ان کو اپنا دم گھٹتا محسوس ہوا وہ تیز تیز قدم اٹھاتی بیرونی دروازہ پار کر گئی تھیں گھر کے باہر برف ایسے کر رہی تھی جیسے آسمان سفید آنسو رو رہا ہو وہ سڑک پہ گری برف پہ بیٹھ گئی تھیں انکا نیلا اوور کوٹ زرہ سی دیر میں برف سے سفید ہوگیا تھا وہ وہیں سڑک پہ بیٹھی لمبی لمبی سانسیں لینے لگی تھیں ڈاکٹر عبید تاسف سے انکو دیکھ رہے تھے
مس حیات اندر چلیں پلیز یہاں بہت سردی ہے آپ بیمار ہو جائیں گی آپ میری مہمان ہیں مجھے یہ گوارہ نہیں ہے کہ آپ اس طرح سڑک پہ بیٹھی رہیں ہمّت کریں آپ مضبوط ہیں یا پھر تھوڑا رو لیں رونا اچھا ہوتا ہے وہ گھٹنوں کے بل انکے پاس بیٹھے فکر مندی سے کہہ رہے تھے
ڈاکٹر میرا پیسہ میرا عشق ہے میں نے اس کے لئے اتنی محنت کی تھی میرے ماں باپ نے اپنا پیٹ کاٹ کاٹ کر میری فیسیں ادا کی ہیں میں سخت سردی اور چلچلاتی دھوپ میں پیدل یونیورسٹی تک گئی ہوں کیونکہ میرے پاس کرائے کے پیسے نہیں ہوتے تھے میں نے اپنی منگنی اس لئے توڑ دی کیونکہ میرے منگیتر کو میرا وکیل بننا پسند نہیں تھا میں اس سے محبت کرتی تھی لیکن میں نے پروا نہیں کی میں نے اپنی زندگی کا ایک ہی مقصد بنا لیا تھا وکیل بننا اور میں بن بھی گئی مجھے لگا میری محنت وصول بھی ہو گئی لیکن اصل آزمائش تو تب شروع ہوئی تھی کوئی بھی شخص مجھے کیس دینے سے ڈرتا تھا کیونکہ میں عورت ہوں وہ طنزیہ سا ہنسی تھیں کوئی بھی رسک نہیں لینا چاہتا تھا ان کو لگتا تھا میں بے وقوف ہوں کم عقل ہوں میں مردوں کے مقابلے میں لڑ نہیں سکتی میں نے پھر سے محنت کی میں نے کئی سال چھوٹے موٹے کیس لڑے میں نے اپنا مقام بنا یا میں نے خود کو ایک برانڈ بنایا جب میں کورٹ میں کھڑے ہو کر دلائل دیتی تھی تو جج قائل ہوتے تھے جب میں ثبوت لاتی تھی تو مجرم پھانسی چڑھتے تھے جب میں شیرنیوں کی طرح غراتی تھی تو کورٹ میں کھڑا ہر شخص بس مجھے سنتا تھا نفیسہ حیات کو بیرسٹر نفیسہ حیات کو سنتا تھا انہوں نے گیلی سانس ناک سے اندر کھینچی تھی وہ رو نہیں رہی تھیں لیکن انکی آنکھیں نم تھیں عبید الرحمن اب بھی اسی پوزیشن میں بیٹھے ان کو سنے جا رہے تھے
ایسے کیسے کوئی بھی یہ فیصلہ کر سکتا ہے کہ میں دوبارہ ان لوگوں کے سامنے بول نہیں پاؤں گی؟ کوئی کیسے فیصلہ کر سکتا ہے میں وہ سیاہ کورٹ دوبارہ نہیں پہن سکتی ؟ کوئی کیسے میرے اتنے سالوں کی محنت پہ پانی پھیر سکتا ہے؟ وہ کورٹ روم کی گناہگاروں کی باتیں سنتی دیواریں وہ راز چھپائے بیٹھی کورٹ کی کرسیاں وہ سب مجھ سے چھوٹ جائیں گی؟ سردی کی وجہ سے ان کے ہونٹ نیلے پڑ رہے تھے لیکن انکو پرواہ نہیں تھی
آپ واپس جائیں جا کر اپنے لئے لڑیں اپنا حق لیں یہاں بیٹھ کر ہمت ہارنے سے کیا ہوگا؟ آپ کے بیٹے کو یوز کیا ہے ان لوگوں نے ان کے گریبان پکڑیں
میں کس منہ سے واپس جاؤں گی میں کیا جواب دوں گی لوگوں کو کہ نفیسہ بیگم نے بیٹے کی محبت میں انصاف کی جنگ چھوڑ دی؟ نفیسہ ہار گئی ؟ اس نے اپنے بیٹے کے لئے اس مقدس پیشے کی پامالی نفیسہ لوگوں سے ڈر گئی وہ جو بس خدا سے ڈرتی تھی وہ لوگوں سے ڈر گئی اسکا ایمان کمزور ہوگیا میرے ملک کی مٹی مجھے گا لیا ں دے گی میں کیسے واپس جاؤں ؟
ڈاکٹر عبید الرحمن نے کچھ کہنے کو منہ کھولا ہی تھا کہ سامنے سے آتے عمر کو دیکھ کر لب بھینچ لئے اب نہ جانے اس بچے کا کیا ہوگا؟ اس لے پالک بچے کی وجہ سے نفیسہ نے اپنا سب کچھ ہار دیا اب تو وہ اس بچے سے نفرت کریں گی ظاہر ہے انکی اپنی سوچیں تھیں
نفیسہ نے بھی اس کو آتے ہوئے دیکھا تھا
اماں آپ یہاں کیا کر رہی ہیں یہاں بہت سردی ہے اندر چلیں نہ پلیز اسکی آنکھو میں اب بھی نیند بھری تھیں وہ اپنے چھوٹے چھوٹے ہاتھ نفیسہ کے چہرے پہ پھیرتے ہوئے پریشان سا پوچھ رہا تھا
وہ چند لمحے اسکو دیکھتی رہیں انکی آنکھیں بھرنے لگی تھیں اور پھر یکدم انہوں نے کھینچ کر عمر کو گلے سے لگا لیا تھا میرا بیٹا میرا عمر تمہاری اماں تمہارے لئے ساری دنیا چھوڑ سکتی ہے وہ تمھارے لئے ایک ایک سے لڑ سکتی ہے وہ تمہارے لئے جان دے بھی سکتی ہے اور لے بھی سکتی ہے یاد رکھنا وہ اس کا منہ چوم رہی تھیں تو کبھی ہاتھ عمر ٹھیک تھا یہ خیال ہی دنیا روشن کر گیا تھا
ڈاکٹر عبید الرحمن حیرت سے ان کو دیکھ رہے تھے کیا یہ عورت پاگل ہے؟
اماں کسی کو مارنا گناہ ہوتا ہے آپ کو نہیں پتہ ؟
نفیسہ اسکی بات پہ مسکرا دی تھیں
ہاں ہوتا ہے لیکن جب کوئی آپ کی گردن دبا کر آپ کو مارنا چاہے یا پھر آپ کے سینے سے آپ کا دل نکالنے کی کوشش کرے یا آپ کی سب سے محبوب رشتے کو ازیت دے تو اس کو مارنا جائز ہوتا ہے
عمر کی آنکھوں میں حیرت اتر آئی تھی ساتھ اسکا جسم کانپ رہا تھا اس کو سردی لگ رہی تھی
مجھے کچھ بھی سمجھ نہیں آیا کیں یو ایکسپلین ؟
نفیسہ بغیر جواب دئیے اٹھ کھڑی ہوئی تھیں انہوں نے اپنا نیلا اوور کوٹ اتارا تھا اور عمر کے کندھوں پہ اوڑھا دیا پھر جھک کر اسکو اپنے بازؤں میں اٹھا لیا تھا
اماں آئی ایم ناٹ آ کڈ نیچے اتاریں مجھے وہ خفگی سے منہ پھلا کر بولا تھا نفیسہ سنی ان سنی کرتی گھر کی جانب بڑھنے لگی تھیں ابھی وہ گیٹ کے اندر جاتیں کہ عبید الرحمن نے انکو پکارا تھا
کیا آپ پاگل ہیں؟
"میں ایک ماں ہوں "انہوں نے مڑے بغیر جواب دیا تھا
◾◾◾◾◾◾◾◾◾◾◾◾◾◾◾
رات کی تاریکی پھیل چکی تھی ہر طرف سیاہ آسمان کا جال بچھا تھا ہارون اپنے گھر کے لان میں رکھے صوفے پہ بیٹھا آسمان کو گھورے جا رہا تھا آج کل وہ یوں ہی چپ چاپ سا رہتا ایک جگہ بیٹھتا تو گھنٹوں وہیں بیٹھا رہتا وہ اپنے اسی شغل میں مصروف تھا جب شاہد کی کار گھر کے اندر داخل ہوئی گاڑی سے اتر کے اندر کی جانب جاتے انکے قدم ہارون کو دیکھ کر تھمے تھے انہوں نے ایک گہری سانس بھری اور لان کی طرف چل دئیے ہارون کے قر یب پہنچ کر انہوں نے اس کے کندھے پہ ہاتھ رکھا تھا ہارون نے گردن موڑ کر ان کو دیکھا تھا اسکی گرے آ نکھوں میں اداسی تھی شاہد کا دل دکھا تھا
یہاں کیوں بیٹھے ہو یار چلو اندر چلتے ہیں ایک شطرنج کی بازی ہی ہوجائے کیا خیال ہے؟
پیا اندر دم گھٹ رہا ہے ایسے لگ رہا ہے جیسے کوئی جیسے کسی نے میرے گلے میں پھندہ ڈال دیا ہو اور بار بار اس پھندے کو کھینچ کر میری گردن پہ تنگ کرتا جا رہا ہو تھوڑی دیر کے لئے وہ مجھے آزاد کرتا ہے اور پھر اگلے ہی لمحے وہ پھندہ اتنا تنگ ہو جاتا ہے کہ میرا سانس رکنے لگتا ہے آپ کے ساتھ کبھی ایسا ہوا ہے؟ وہ انکی آنکھوں میں دیکھتے پوچھ رہا تھا
انہوں نے اس کی بات کا کوئی جواب نہیں دیا تھا بلکہ ہارون کے ساتھ والی کرسی کھینچ کر اس کے سامنے بیٹھ گئے تھے اور پھر نرمی سے اس کے دونوں ہاتھ تھام لئے تھے
میرے ساتھ ایسا تب تب ہوتا ہے جب جب میں تمہاری آنکھوں میں اداسی دیکھتا ہوں تب تب ہوتا ہے جب تمھیں زرہ سی بھی تکلیف پہنچتی ہے تمھیں پتہ ہے ہارون میرا جی چاہتا ہے میں ہا لے کے قدموں میں جا کر بیٹھ جاؤں اور اسکی منت کروں کے وہ تمہارے ساتھ ایسا نہ کرے لیکن پھر سوچتا ہوں کیا بیٹے کو بھیک دلواؤں ؟ اتنا کمزور اور کم ظرف تو نہیں ہے میرا بیٹا ہو کیا؟
مجھ سے صبر نہیں ہوتا پیا میرا دل زخمی ہے میں خود کو ٹھیک کرنے کا وعدہ کر چکا ہوں اپنے ساتھ مزید زیادتی نہ کرنے کا عہد کر چکا ہوں لیکن مجھ سے یہ نہیں ہو رہا میں خود کو بے بس محسوس کرتا ہوں اور جب ایسا محسوس کرتا ہوں تو دل کرتا ہے اس پورے گھر کو جلا کر راکھ کر دوں ساری دنیا کو آگ لگا دوں میں یہ نہیں کر سکتا پیا میں اتنا مضبوط نہیں ہوں لوگ کہتے ہیں نماز پڑھو سکون ملے گا میں کیسے پڑھوں اسکا چہرہ آنکھوں میں فریم ہو کر رہ گیا ہے اور میں کس منہ سے اللہ کے سامنے جاؤں ایک لڑکی ایک لڑکی کی وجہ سے اللہ کیا کہے گا کہ ویسے تو ساری زندگی تم میرے پاس نہ آ سکے اور اب آئے بھی تو اپنی غرض لے کر وہ شکست خوردہ سا لگتا تھا
یہی تو بات ہے بیٹے اللہ کچھ نہیں کہتا اللہ ٹوٹے دلوں کو جوڑتا ہے یہ تو لوگ ہیں جو شکوے کرتے ہیں طعنے دیتے ہیں وہ تو سمیٹ لیتا ہے ڈھانپ لیتا ہے اور تم سے کس نے کہا ہے کہ نماز کو سکون کے لئے پڑ ھو نماز تو اطاعت کے لئے پڑھی جاتی ہے سکون تو بونس ہے جو اگر اس زندگی میں نہ بھی ملا تو اگلے جہاں میں مل جائے گا تم اس کے پاس جاؤ تو سہی وہ اپنے بندے کو سمیٹنا جانتا ہے وہ اپنے بندے کو ہیل کرنا جانتا ہے وہ منیر سے سمجھا رہے تھے ہارون غور سے ان کو سنے جا رہا تھا
مطلب سکون کے لئے نماز پڑھنا بھی اپنی غرض میں شامل ہوا ناں ؟ نماز صرف اللہ کے لئے ہونی چاہیے اس کے کسی بندے بندی یا پھر کوئی بھی اور کسی کے لئے بھی نہیں؟ ایسا ہی ہے ناں ؟