ہاں ٹھیک ہے تم یہاں سو جاؤ عمر ویسے بھی ہمارے کمرے میں جائے گا اس نے عمر کو دیکھتے ہوئے ہمارے پہ زور دیا تھا
مطلب وہ اپنے رشتے کی حیثیت حسن کو نہیں بتانا چاہتی تھیں ہمم گڈ
وہ دانت پیستے ہوئے اٹھ آیا
حسن اب آگے جا کر کمرے کا جائزہ لے رہا تھا وارڈروب کھول کر چیک کر رہا تھا
ہا لے چوکھٹ میں کھڑی تھی
یہ میرا کمرہ ہے اور مجھے اپنے بستر کے علاوہ کہیں نیند نہیں آتی وہ ہلکی آواز میں کہہ رہا تھاا لیب ناراض وہ اب بھی تھا
بچہ ہے وہ عمر اس سے کیسی ضد ؟
میں یہ شرٹ بہنوں گا وہ دونوں اسکی آواز پہ مڑے تھے اسکے ہاتھ میں سفید کوری بٹنوں والی شرٹ تھی اس کے چہرے پہ چھوٹے بچوں جیسی خوشی تھی
عمر فورا اس تک گیا اور جھپٹ کر شرٹ اسکے ہاتھ سے لے لی لیکن حسن کی گرفت اتنی بھی ہلکی نہیں تھی اس نے شرٹ کا کونہ تھامے رکھا
یہ میری سب سے مہنگی شرٹ ہے نہیں دے رہا میں وہ بالکل بچوں کی طرح ضد کر رہا تھا
میں یہی شرٹ بہنوں گا ورنہ میں ابھی کے ابھی جا رہا ہوں اس انگلی اٹھا کر تنبیہ کی
ہا لے تو مانو چند گھنٹوں میں ان سے عاجز آگئی تھی
عمر بچہ ہے وہ اس نے بظاہر مسکرا کر کہا لیکن اندر ہی اندر اسے سخت طیش چڑھ رہے تھے کس طرح وہ ایک بچے سے مقابلہ کر رہا تھا
عمر نے ہا لے کی وارننگ دیتی آنکھیں دیکھیں پھر شرٹ کو ایک حسرت بھری نظر سے دیکھا
اگر اس پہ ایک بھی داغ لگا یا پھر یہ کہیں سے پھٹی تو خدا کی قسم ابھی تم مجھے جانتے نہیں ہو
وہ حسن کے کان کے قریب غراتا ہوا آگے بڑھ گیا
چچ چچ . کیا زمانہ آگیا ہے یہی لوگ تھے جو کچھ وقت پہلے ماآب حسن سلطان کے آگے پیچھے گھومتے تھے
اسکی آواز پہ عمر تھم گیا
کبھی کافی شاپ کبھی پارک ہر جگہ میرے پیچھے آیا کرتے تھے کہ میں بس ایک بار اپنی دوستی کا شرف انکو بخش دوں بس ایک بار ان سے بات کر لوں اور اب دیکھو وہی لوگ
کیا سے کیا ہو گئے دیکھتے دیکھتے
اس نے مصنوعی افسوس سے کہتے ہوئے
خود کو جیسے بیڈ پہ پھینک سا دیا
عمر کے دل پہ جیسے گھونسہ لگا
دیکھیں دیکھیں اسکو کس طرح بیڈ پہ خود کو پھینک رہا ہے ٹوٹ گیا تو ؟
جانتے بھی ہو کس سے ڈیزائن کروایا ہے میں نے سارا فرنیچر ؟
ہا لے اپنے شوہر کو لے جاؤ یہ میری نیند خراب کر رہا ہے حسن نے بد مزہ ہو کر کہا
عمر کا بس نہیں چلتا تھا کہ وہ اسکا گلہ دبا دے یا پھر کم از کم اسے اپنے کمرے کی کھڑکی سے تو باہر پھینک دے وہ ایسا کر بھی گزرتا اگر ہا لے اسکو بازو سے پکڑ کر باہر نہ لے کر جاتی
کیا ہو گیا ہے تمھیں بچہ ہے وہ باہر آ کر ہا لے نے اسکو گھرکا تھا
وہ جواب دئیے بغیر آگے بڑھ گیا
بھئی ناراض تھا وہ
ہا لے نے گہری سانس بھری اور اسکے پیچھے گئی
وہ خفگی سے سیڑھیاں اترتا نیچے جا رہا تھا وہ نچلے ذینے پہ تھا اور ہا لے سب سے اوپری ذینے پہ
کسی انسان نے اگر صبح ناشتہ نہ کیا ہو اور پھر دوپہر کا کھانا بھی نہ کھایا ہو پھرر اگر رات کا کھا نا بھی نہ کھا سکا ہو تو ؟ ؟ ہا لے کی آواز پہ اسکے قدم تھم گئے
کیا اسے بھوکا سو جانا چاہیے ؟ ہوں ؟
عمر نے مڑ کر اسکو دیکھا
وہ کہنا چاہتا تھا تو میں کیا کروں ؟
لیکن کہہ بیٹھا
کچن میں آ جائیں کچھ بنا دیتا ہوں
بولا اور مڑ گیا اب اس سے زیادہ مروت وہ دکھا نہیں سکتا تھا
ایک ڈاکٹر کو اگر بیماری بتا دو تو وہ علاج کر کر ہی ہٹے گا ایک استاد سے اگر سوال سمجھانے کا کہہ دو تو اپنا پوری توانائی لگا کر جواب بتا کر ہی ہٹے گا اسی طرح ایک شیف کو اگر اپنی بھوک بتا دی تو وہ آپ کا پیٹ بھر کر ہی ہٹے گا اچھا کھانا بنانے والا وہ نہیں ہوتا جس کے ہاتھ میں ذائقہ ہو اصل شیف وہ ہوتا ہے جو کسی کی بھوک کا حال جان لے تو بے چین ہو جائے اور جب تک وہ انسان کھانا کھا نہ لے شیف پہ سکون حرام ہوتا ہے
وہ کچن میں آئی تو برتنوں کی اٹھا پٹخ جاری تھی
نان آسٹک فرائنگ پین میں صرف اتنا تیل تھا جتنا کوئی نو زائیدہ بچہ گھونٹ لیتا ہو
وو فریج سے میٹ نکال رہا تھا پتلا چپلی کباب کی شکل میں بنا ہوا میٹ
ساتھ ساتھ کبھی کسی سامان کو یہاں پھینکتا تو کبھی وہاں
آؤ لڑیں
ہا لے کی آواز پہ اسکے میٹ بناتے ہاتھ لمحہ بھر کو رکے پھر اسی تیزی سے چلنے لگے
وہ اسکے کندھے پہ نظریں جمائے کہے گئی
ادھورے جھگڑے اور لڑائی کے بعد کا کینہ رشتوں کے لئے سلو پائزن ثابت ہوتا ہے یہ آہستہ آہستہ رشتے کھا جاتا ہے اس لئے کہہ رہی ہوں آؤ لڑیں
وہ اب بھی نہیں مڑا میٹ کا ٹکرا تیل میں ڈالا سر سر کی آواز سارے کچن میں گونج گئی
سخت زہر لگ رہے ہو ہا لے نے ایک بار پھر کوشش کی
بالکل زہر اور یہ تمہاری شرٹ بالکل بھی سوٹ نہیں کر رہی تم پہ
عمر نے لب بھینچ لئے
لیکن مڑا نہیں میٹ پک رہا تھا اور اب وہ پلیٹ میں سلاد بنا رہا تھا
سبز پتے سفید پلیٹ کو ڈھک گئے اب وہ اطراف میں کٹے ہوئے کھیرے سجا رہا تھا
میٹ پک کر سنہری ہونے لگا تھا
وہ جس کمرے کے لئے تم میرے بھائی سے لڑ رہے تھے ایسا بھی کیا ہے اس کمرے میں ایسا لگتا ہے جیسے کسی خبطی بوڑھے کا کمرہ ہو
اور بس اب کے وہ مڑا تھا
آپ خود کونسی شہد لگ رہی ہیں ہاں ؟ اور میرا کمرہ ایک شاہکار ہے میرے منہ مت لگیں چپ چاپ اپنا کھا نا کھائیں اور جا کر سو جائیں وہ سخت خفا تھا
تمھیں مجھ سے سوری کہنا چاہیے کتنی بدتمیزی کی تھی تم نے بھول گئے؟
اچھا میں سوری بولوں ہاں ؟ اور آپ کے منہ سے تو پھول جھڑ رہے تھے کمر دکھ گئی میری پھول چنتے چنتے اسکا چہرہ سرخ ہوتا جا رہا تھا
ٹھیک ہے میں تھانے چلی گئی لیکن میرے پاس کوئی اور آپشن نہیں تھا تم میری کالز نہیں لے رہے تھے کوئی اور مرد میرے پاس تھا نہیں ایسے میں مجھے بتاؤ میں کیا کرتی ؟
وہ اپنے مقصد میں کامیاب ہو رہی تھی وہ عمر کو موقع دے رہی تھی کہ وہ دل میں رکھی بات نکال دے
میں آئی جی کے ساتھ تھا کیسے کال اٹھاتا ؟ آپ سے پہلے حسن مجھے کال کر چکا تھا میں نے گھر پہ کال کر کے آپ کا پوچھا تھا لیکن آپ پہلے ہی نکل چکی تھیں
وہ چمٹا رکھے آگے آیا اسکے کان سرخ تھے چہرہ برہم
کتنے مرد تھے وہاں جانتی ہیں؟ مجھے مسئلہ مردوں سے نہیں تھا نہ آپ میرے لئے نا قابل اعتبار ہیں لیکن وہ پولیس والے ہیں انکی باتیں گالیوں سے شروع اور گالیوں پہ ختم ہوتی ہیں آپ ایسے ماحول میں بیٹھی تھیں ظاہر ہے مجھے غصہ آئے گا
ہا لے چپ چاپ اسکو سنتی رہی وہ سرخ ہوتی آنکھوں کے ساتھ کہہ رہا تھا
مجھے مسئلہ ان مردوں سے کبھی بھی نہیں تھا لیکن جس بات پہ حسن اور ان لڑکوں کے درمیان مار پیٹ ہوئی تھی آپ بتائیں اگر وہی بات وہ لوگ اس مجمعے میں ان سب مردوں کے سامنے کرتے تو آپ کو کتنی تکلیف ہوتی ؟ کو ئی آپ کے کردار کی بات کرے مجھے اچھا نہیں لگتا
آپ کی تکلیف سے مجھے تکلیف ہوتی ہے
وہ آخر میں ایسی بے بسی سے بولا کہ ہالےٹھٹھک گئی
کیوں؟ تمھیں میری تکلیف سے تکلیف کیوں ہوتی ہے؟
عمر چند لمحہ اسکو دیکھتا رہا پھر مڑ گیا
اب وہ دوبارہ فرائنگ پین کے سامنے کھڑا میٹ الٹ پلٹ رہا تھا
کیونکہ . . . آپ نے میری جان بچائی تھی وہ ہلکی آواز میں بولا
لیکن دور کہیں شاید وہ دونوں جانتے تھے وجہ یہ نہیں تھی
اب کے وہ نارمل تھا وہ اپنی بات کہہ چکا تھا دل کا بوجھ ہلکا ہوگیا تھا
ہا لے اب میر کے گرد رکھی کرسی پہ بیٹھ گئی تھی
عمر نے پلیٹ میں فرائیڈ بیف کے تینوں ٹکڑے رکھے اطراف میں سجے سلاد کے سبز پتے اور کھیرےرکھے اس نے پلیٹ میر پہ رکھی اپیرن اتار کر دوبارہ جگا پہ رکھا
بیٹھو یہاں ہا لے نے نرمی سے کہا
اس نے اچنبھے سے اسکو دیکھا
کھاؤ تم نے صبح سے کچھ نہیں کھایا
وہ متعجب سا اسکو دیکھتے ہوئے بیٹھ گیا
ہا لے نے پلیٹ اسکے آگے سرک ائی
کانٹا اور چمچ اسکی پلیٹ میں رکھا
صبح میں تمہاری انٹر میڈیٹ فاسٹنگ دوپہر سے شام تک آئی جی کا انتظار اور پھر شام سے لے کر اب تک تم مسائل میں الجھے ہو کھانا کب کھایا ہوگا؟
عمر مسکرایا
ہا لے اٹھ کر فریج تک گئی پانی کی بوتل نکال کر واپس میر تک آئی
وہ اسکو دیکھتا رہا مسکرا تے ہوئے متعجب سا
نہ کریں میں رونے لگ جاؤں گا اتنی فکر ؟
راس نہیں آ رہی ناں ؟ اسی لئے کرتی بھی نہیں
نے اور پھر دونوں ایک ساتھ ہنس د
دونوں کی سیاہ آنکھوں میں چمک تھی
وہ آنکھیں ایک جیسی لگتی تھیں بالکل ایک بالکل قریبی
وہ سر جھکائے کھانا کھانے لگا
ہا لے اٹھ کر جانے لگی
کھانے کے بعد تھوڑی کافی مل سکتی ہے؟
وہ جاتے جاتے ٹھہر گئی
یقینا اسے کافی کی طلب نہیں تھی وہ بس اسکے ساتھ وقت گزارنا چاہتا تھا
نہ جانے کیوں اسے یہ مکان ہا لے کی موجودگی کے بعد گھر لگنے لگا تھا
پر تعیش کمرے کی ساری بتیاں بجھی ہوئی تھیں نیم اندھیرے میں اگر سہج سہج کر قدم رکھتے فروا سلطان کے بیڈ کی طرف آؤ تو وہ کرؤٹ کے بل سو رہی تھی
اس نے آنکھیں میچ رکھی تھیں اپنے اوپر پڑے لحاف کا کونہ سختی سے جکڑ رکھا تھا یکدم وہ ایک جھٹکے سے بیدار ہوئی
اسکا تنفس بری طرح پھولا ہوا تھا ماتھے پہ اے سی کی خنکی کے باوجود پسینہ تھا
وہ اپنے دل کے مقام پہ ہاتھ رکھے لمبے لمبے سانس لے رہی تھی میک اپ سے پاک اسکا چہرہ کا فی بوڑھا معلوم ہوتا تھا
اس نے گردن ترچھی کر کے ایک نظر اپنی دائیں طرف سوتے شمس کو دیکھا پھر اپنے نائٹ گاؤن کی ڈوری باندھتی بیڈ سے نیچے اتر آئی ٹھنڈے فرش پہ پیر رکھے تو ایک یخ سا تاثر ریڑھ کی ہڈی تک گیا
اسکا چہرہ گھبرایا ہوا پریشان تھا
وہ واپس نہیں آ سکتا میں نے اس عورت کو واپس بھیج دیا تھا وہ واپس کیسے آ سکتا ہے؟
اسکے لب بغیر آواز کے پھڑپھڑائے
تم دعا کرو فروا کہ وہ واقعی مر گیا ہو کیونکہ اگر وہ زندہ رہا تو تمھیں زندہ نہیں چھوڑے گا
پس منظر میں دور کہیں نگین کی آواز گونج رہی تھی اور دور کہیں یہ سچ بھی لگ رہا تھا
وہ جب سے انکی زندگی میں آیا تھا گردن کا پھندہ نا محسوس انداز میں تنگ پڑتا جا رہا تھا
وہ بالکنی کا دروازہ کھول کر ریلنگ کے پاس چلی آئی
مناظر بدلے
نگین ہسپتال کے بیڈ پہ بیٹھی تھی ڈاکٹر اسے اسکی بیٹی تھما رہے تھے
فروا اور حسینہ اسکے دائیں بائیں بیٹھی تھیں
نگین نے نم آنکھوں سے بچی کو ہاتھوں میں لیا اسکے چہرے کو دیکھا وہ کافی دیر سے اپنے بچے کو دیکھنا چاہتی تھی اسے محسوس کرنا چاہتی تھی اسکی بے قراری ایک پل میں جیسے اڑن چھو ہوگئی
یہ کون ہے؟ اس نے ڈاکٹر کو دیکھتے ہوئے پوچھا
اس کمرے میں موجود ہر انسان کے چہرے کا رنگ سفید پڑا تھا انکا جھوٹ ایک پل میں پکڑا جائے گا کسی کو اندازہ نہیں تھا
یہ تمہاری بیٹی ہے نگین کیسا مذاق کر رہی ہو؟ فروا اب اسکے سامنے آ کر بولیں
نگین نے خالی خالی آنکھوں سے اسکو دیکھا
لیکن میرے یہاں تو بے بی بوئے ہوا تھا، میں نے خود آواز سنی تھی میرا نشہ ٹوٹا تھا وہ بے بی بوئے کی آواز تھی اسے اپنی آواز کھوکھلی لگی اسے مہر ماہ اجنبی لگی
اسے مہر سے کسی قسم کی ممتا محسوس ہی نہیں ہوئی وہ بس اسے بازوؤں میں اٹھائے بیٹھی رہی یہ کیسی اولاد تھی جسے چومنے کا دل بھی نہیں کر رہا تھا؟ جسے دیکھ کر نہ وہ رورہی تھی نہ ہنس رہی تھی وہ بس ہر احساس سے خالی تھی یہ اسکا بچہ نہیں تھا یہ ہو نہیں نہیں سکتا
کیسی باتیں کر رہی ہو نگین وہاج نے سن لیا تو ایک حشر برپا ہو جائے گا تم اسکے غصے کو جا نتی نہیں ہو؟ یہ تمہاری بیٹی ہے تمھارے یہاں بیٹی ہوئی ہے
ابھی وہ کچھ کہتی کہ کمرے کا دروازہ کھول کر وہاج اور گھر کے باقی مرد اندر داخل ہوئے نگین خاموش ہو گئی وہاج بے قراری سے آگے آیا نگین کو نرمی سے خود سے لگایا
آئی ایم سوری نگین میں تمہارے ساتھ نہیں تھا تم ٹھیک ہو؟ وہ فکر مند تھا
نگین نے پلکیں جھٹکا کر اسکو تسلی دی
اب کے وہاج نے اسکے ہاتھوں سے بچی کو لے لیا یوسف سلطان نے پاس آ کر نگین کا سر چوما
. . . یہ .یہ میری بیٹی ہے میری بیٹی
وہ فرط جذبات سے کمرے کے ایک ایک نفوس کو اپنے ہاتھوں میں تھامی ہوئی بچی دکھا رہا تھا
شمس نے اسکے ہاتھ سے مہر کو لے کر پیار کیا
پھر بچی معراج سلطان کو تھمائی
میری بیٹی ہے میری بیٹی وہ ہر ایک کے سامنے بس یہی دہرا رہا تھا
اس آدمی کی خوشی کے لئے نگین ساری دنیا تیاگ سکتی تھی
بے بی بوئے کا خیال دل سے جاتا رہا
ہسپتال سے واپسی کے بعد یوسف سلطان نگین کو سلطان منزل لے آئے تھے اوپر منزل نگین کے لئے مختص کر دی گئی گو کہ وہاج کی غیرت کو یہ گوارا نہیں تھا کہ وہ اپنے سسرال میں رہیں لیکن چالیس دنوں تک نگین کی دیکھ بھال اور بچی کے لئے انہوں نے یہ بات قبول کر ہی لی
نگین اپنے کمرے میں بیٹھی تھی بچی کو بیڈ پہ لٹا رکھا تھا وہ بس خاموشی سے اسے تکے جا رہی تھی
اس نے گلابی سادہ سوٹ پہن رکھا تھا جس میں اسکی
دو دھیا رنگت دمک رہی تھی
لمبے بال کمر تک آتے تھے آنکھوں میں ایک بے بسی بھری نہ سمجھی تھی
تب ہی دروازے پہ ہلکی دستک ہوئی
نگین نے با آواز آجاؤ کہہ کر اجازت دے دی
نوارد فروا تھی
بھوری آنکھوں میں ڈھیر ساری نرمی لئے وہ اندر چلی آئی
اجکل اسکا اور نگین کا سامنا ہوتا رہتا تھا وہ آتی کئی کئی گھنٹے مہر کو گود میں لے کر بیٹھی رہتی
تم سے ایک بات پوچھوں ؟ کافی دیر بعد نگین نے مہر کو گود میں لئے بیٹھی فروا سے پوچھا
فروا نے مہر کو دیکھتے ہو ئے اثبات میں سر ہلا دیا
وہ نگین کو نہیں دیکھتی تھی بھائی کی لاش ایک بار پھر یاد آنے لگتی تھی
جب تم نے سفیر کو پہلی بار گود میں لیا تھا تو تمھیں کیسا محسوس ہوا تھا؟
Honoured
اس نے یک لفظی جواب دیا پھر کہنا جاری رکھا
مجھے لگا تھا مجھے نوازا گیا ہے اولاد انعام ہی تو ہوتی ہے سفیر کے پہلے مجھے لگتا تھا جیسے کچھ ہے جو نا مکمل ہے لیکن اسکو گود میں لیتے ہی جیسے سب کچھ مکمل ہو گیا سب شانت ہو گیا
وہ آنکھوں میں الوہی سی چمک لئے بتا رہی تھی
نگین کے چہرے پہ سایہ سا لہرایہ
اسے آج تک مہر ماہ کے لئے یہ سب محسوس نہیں ہوا تھا آج تک اس نے کبھی اسے پیار نہیں کیا تھا وہ بس اسکے پاس رہتی جیسے چند گھنٹوں کے لئے کسی اور کا بچہ سنبھال رہی ہو وہ اپنی کیقیب سے سخت پریشان تھی
کافی دیر دونوں کے درمیان خاموشی رہی فروا بس مہر کے ساتھ کھیلتی رہی
نگین نے گلہ تر کیا الفاظ متجمع کئے
میں راتوں میں کئی بار اٹھ جاتی ہوں ایسا لگتا ہے جیسے میری بیٹی رو رہی ہو یا پھر شاید اسے بھوک لگی ہو مائیں بچوں کے دل کو سمجھ لیتی ہیں وہ ایک الہام ایک وجدان کی سی کیقیب ہوتی ہے
وہ کہہ رہی تھی اور فروا اسکو سنتی رہی
مجھے لگتا ہے جیسی میری اولاد تکلیف میں ہو جیسے وہ مجھ سے کہیں دور ہو لیکن جب میں اٹھ کر بیٹھتی ہوں تو مہر میرے پاس سو رہی ہوتی ہے میں اسے دودھ دیتی ہوں کہ شاید وہ بھوکی ہو لیکن وہ قے کر دیتی ہے لیکن مجھے پتہ ہے مجھے یقین ہوتا ہے کہ میری اولاد تکلیف میں ہے میرا دل کہتا ہے میری اولاد ٹھیک نہیںکیا تمھارے ساتھ ایسا ہوتا تھا؟
وہ آنکھوں میں ایک اس لئے پوچھ رہی تھی کہ شاید اسے اسکا جواب مل جائے وہ حسینہ سے پوچھ لیتی اگر انکے یہاں کوئی اولاد ہوتی
فروا کے چہرے پہ کوئی تاثر نہیں آیا وہ بس بے تاثر چہرے کے ساتھ اسکو دیکھتی رہی
تم ڈپریشن میں ہو نگین وہ اسی روبوٹک انداز میں بولیں
نگین کے ابرو تفکر سے سکڑے
تمھیں
Post partem depression ہے
جانتی ہو پوسٹ پارٹم ڈپریشن کیا ہوتا ہے؟
نگین نے نہ سمجھی سے نفی میں سر ہلایا
یہ دنیا کی پندرہ فیصد ماؤں کو ہوتا ہے بچے کی پیدائش کے بعد انکو اپنے بچے سے کسی قسم کا لگاؤ محسوس نہیں ہوتا وہ اسکے کسی کام
پہ توجہ نہیں دیتیں نہ انہیں اپنے بچے کے لئے اپنے دل میں کوئی سافٹ کارنر محسوس ہوتا ہے وہ ہر وقت انہیں یا خود کو نقصان دینے کے بارے میں سوچتی ہیں
وہ بس احساس سے خالی روبوٹک ہوجاتی ہیں انہیں لگتا ہے یا تو یہ بچہ اضافی ہے یا پھر یہ انکا بچہ ہے ہی نہیں تم ڈپریس ہو؟
وہ فکر مندی سے پوچھ رہی تھیں
نگین خالی خالی آنکھوں سے اسکو دیکھتی رہی
کیا وہ ڈپریشن میں تھی؟
مناظر بدلے فروا اب بالکنی کی گرل پہ ہاتھ ٹکا ئے دور آسمان میں اپنا ماضی دیکھ رہی تھی
اسکا چہرہ سپاٹ تھا
اس نے اپنی چالیں چلی تھیں اس نے ہر کام پر فیکٹ کیا تھا کیا کوئی جھول تھا جو رہ گیا تھا
اور اگر رہ گیا تھا تو کل صبح وہ دیکھ آئے گی بلاخر اسے عمر کا خوف جو مل چکا تھا
وہ نہیں جانتی تھی کہ انسانوں کا سروائیول سازش کا جھول نہیں خدا کی طرف سے لکھا بخت ہوتا ہے
وہ مگ ہاتھ میں لئے اپنے کمرے کی بالکنی میں چلی آئی
آج کمرے میں صوفے کا اضافہ تھا
وہی صوفہ عمر بالکنی میں رکھے بیٹھا تھا فون کان سے لگائے وہ برہمی سے کچھ کہہ رہا تھا گا لیاں دے رہا تھا ہا لے نے اسے پہلی بار گالی دیتے سنا تھا
تمہارا دماغ خراب ہے؟ گالی گالی وہ ڈاکٹر اس نے خود اعتراف کیا ہے وہ قاتل ہے اور تم لوگ اسے میڈیکل لیو پہ جانے دے رہے ہو؟
میں . . گالی گالی
وہ باقی باتیں بس گالیاں تھیں بے حد نا زیبا گھٹیا گالیاں
ہا لے گلہ کھنکھار کر پاس چلی آئی عمر نے فورا کال کاٹی
مگ اسکو تھماتے ہوئے وہ اسکے پاس ذرا فاصلے سے بیٹھ گی پیر اوپر کر لئے
ہا لے کا کمرہ اوپری منزل پہ تھا یہاں کی بالکنی سے شہر کی روشنیاں دکھتی تھیں
تم گالیاں دیتے ہو؟
عمر نے گہری سانس لی ظاہر ہے پولیس والا ہوں گالی کے بغیر پولیس والا ایسا ہے جیسے شادی شدہ عورت سفید ساڑھی میں عجیب بے تکی بات کی تھی اس نے
تمnicely بھی بات کر سکتے ہو مجرموں سے اس نے ایک اور توجیہ پیش کی
اب میں ملزم سے یہ تو نہیں کہہ سکتا ناں جناب بھائی جان میری جان اپنے جرم کو قبول کر لو ورنہ میرا مرا منہ دیکھو گے
گالی دوں گا دو کان کے نیچے دوں گا فورا سب بک دے گا نہ بکا تو کھوپڑی کھول دوں گا وہ فخر سے کہہ رہا تھا ہا لے کی آنکھوں میں ناپسندیدگی تھی
کھوپڑی کھول دوں گا کان کے نیچے دے دوں گا دو ہاتھ لگا دوں گا یہ کیسی زبان ہی سی کلاس کے قیدی بھی تم سے اچھا بولتے ہوں گے اس نے بگڑے تاثرات کے ساتھ تبصرہ کیا
جی جی سی کلاس کے قیدی تو جیل میں بیٹھ کر میلاد پڑھتے ہیں کل میں بھی جا کر بیٹھوں گا انکے ساتھ
اور یہاں ہا لے نے اپنے کانوں پہ ہاتھ رکھ لئے
اس نے مگ عمر کو تھمایا اور ایک چھوٹی سی باؤل میں رکھے ڈرائے فروٹس دانہ دانہ کھانے لگی
غالبا کافی کا رنگ ایسا نہیں ہوتا؟
عمر کی آواز پہ اس نے گردن ترچھی کر کے اسکو دیکھا
وہ اپنے مگ میں چائے کی طرف اشارہ کر رہا تھا
تمھارے سر میں درد تھا تمھیں اسی کی ضرورت ہے
عمر نے گھونٹ بھرا اس کے چہرے پہ خوشگوار تاثرات دوڑ گئے
چائے یقینا بہت اچھی تھی
یہ بہت اچھی ہے کہاں سے سیکھی ؟ وہ تعریف کئے بنا نہ رہ سکا
ہا لے اسکو نہیں دیکھ رہی تھی وہ اب بھی دور شہر کی روشنیاں دیکھ رہی تھی کہاں کس کونے میں زیادہ بتیاں جلی ہیں؟
سفیر کے لئے سیکھی تھی وہ اپنی رو میں کہے گئی انکو چائے سے عشق تھا سارا دن میٹھی چا ئے پیتے تھے پھر صبح ایکسٹرا ورک اوٹ
عمر اسی طرح چائے پیتا رہا البتہ تاثرات سپاٹ ہو گئے تھے
اسی پل ہا لے نے گردن موڑی
وہ بہت اچھا تھا عمر بہت اچھا نرم خوش اخلاق سوبر سا پتہ ۔ نہیں کب کیسے وہ اس طرح کے ہو گئے
میں جو باتیں ہارون سے بھی نہیں کہتی تھی وہ سفیر سے کہہ دیتی تھی وہ بہت اچھا تھا
وہ اچھا نہیں تھا وہ "مہمان "تھا
عمر کی آواز پہ اسکی آنکھوں میں تعجب ابھرا
وہ ایک عرصے سے اسلام آبادمیں رہ رہا تھا وہ کراچی صرف ویکینڈ ز پہ آیا تھا کوئی ایک یا دو دن کے لئے اور ایک یا دو دن کے لئے گھر آنے والا فرد مہمان ہی ہوتا ہے مہمان کیسے ہوتے ہیں؟
اس نے ہا لے کو دیکھ کر پوچھا
ویل میںرڈ . . . بیہیوڈ . . . . . ڈیسیب
ہا لے نے تین لفظ گنوائے
عمر نے چائے کا مگ ہونٹوں سے لگایا
آہ روح تک تازہ دم ہو گئی
پھر کہنا جاری رکھا
بالکل مہمان ایسا ہی ہوتا ہے اور یہی مہمان کا کور ہوتا ہے جس طرح سفیر کا کور تھا لیکن یاد کریں جب وہ گھر میں آ کر رہنے لگا تب کیا ہوا؟
وہ گھر کا فرد بن گیا اور اسکا کور ٹوٹ گیا ہا لے کھوئی کھوئی سی بولی
بالکل وہ جب تک دور تھا اچھا لگتا تھا لیکن جیسے ہی قریب آیا اسکی اصلیت کھل گئی وہ ایسا ہی تھا ہا لے
گریس لیس . . کانوں کا کچا . . . اور نا قابل اعتبار
وہ بول کر خاموش ہوا پھر اپنامگ دیکھا وہ خالی ہو گیا تھا لیکن ابھی اسکی بیوی کا کپ تو بھرا ہوا تھا ناں اس نے ہا لے کے ہاتھ سے مگ لے لیا
وہ اسے دیکھنے لگی
مدد کردوں اسے ختم کرنے میں ؟
وہ بول کر اسکی چائے بھی ہونٹوں سے لگا گیا
پہلے وہ بلا اجازت لوگوں کے گھروں اور ورک پلیسز میں گھس جاتا تھا اور اب وہ بغیر اجازت اپنی بیوی کی چائے کافی پی جاتا تھا آخر اس انسان کا کیا کیا جائے ؟
یہ سب کچھ شمس نے کیا ہے میں جانتی ہوں حسن کو تھانے بھیجنا اسکی چال تھی
وہ ہلکی آواز میں کہہ رہی تھی وہ کبھی بابا کے برابر نہیں آ سکا اب وہ حسن کو جھکا کر خود اوپر جا نا چاہتا ہے
Guilty pleasure
یو نو
میں کل صبح یہ مسئلہ بھی فکس کر لوں گا شمس کو روکنا ضروری ہے
کیسے ؟
اس نے گردن ترچھی کر کے عمر کو دیکھا
وہ چند لمحہ اسکو دیکھتا رہا
شمس نے جج صاحب کا قتل نہیں کیا وہ پر سکون سا بولا
اس ویڈیو میں جو کچھ ہوا وہ سچ تھا لیکن وہ ہارٹ اٹیک نہیں تھا جج صاحب کی موت دم گھٹنے کی وجہ سے ہوئی تھی میں نے آپ سے جھوٹ بولا تھا
جانتی ہوں ہا لے کی آواز بالکل ہلکی تھی
میں سب جانتی ہوں اس دن تم جھوٹ کہہ رہے تھے مجھے پتہ تھا
عمر کی آنکھیں پوری کی پوری کھل گئیں
آپ کو کیسے پتہ ؟
ہا لے نے گہری سانس لی
دو لوگ ہوتے ہیں ہیں عمر جو جھوٹ نہیں بولتے
پہلا . . مرنے والا انسان
دوسرا خوف زدہ انسان
ڈاکٹر خوف زدہ تھا وہ جھوٹ نہیں بول سکتا تھا میں جانتی ہوں جسے ہم اپنی کہانی کا ولن سمجھ رہے ہوتے ہیں وہ اصل میں بس ایک پیادہ ہوتا ہے
عمر نے گہری سانس لی اور کانوں کو ہاتھ لگایا
آپ بس معصوم لگتی ہیں ویسے تو آپ بھی کم نہیں ہیں مجھے تو لگا تھا سچ جان کر آپ ایک بار پھر مجھ سے ناراض ہو جائیں گی
اب کے اس نے ہا لے کی گود سے ڈرائے فروٹ کی باول اچک لی
آپ نمبرز سے کیوں خوف زدہ ہیں؟
اسکے اچانک سوال پہ ہا لے رک گئی
بہت کچھ تھا جو یاد آیا تھا بہت کچھ تھا جس نے تکلیف دی تھی
تمھیں تو سب پتہ ہوتا ہے نہیں؟ کافی دیر بعد وہ ہلکی آواز میں بولی تھی
میں آپ سے سننا چاہتا ہوں
کچھ پل کے لئے ان دونوں کے درمیان خاموشی چھا گئی کافی دیر بعد وہ بولی تو آواز ہلکی تھی بے حد ہلکی
مجھے نمبرز بہت پسند تھے اسکی آواز کہیں بہت دور سے آ رہی تھی کبھی کوئی دور تھا جب مجھے نمبرز سے عشق تھا میں ہر سبجیکٹ میں پاس ہوجاتی تھی لیکن میتھس میں میرا اے پلس آتا تھا
وہ رکی حلق میں بہت سی گرہیں بندھنے لگیں
لیکن پھر ہارون کی وجہ سے ہم دونوں کو ایک نئے اسکول میں داخل ہونا پڑا
ہارون کے بلیز یو نو
عمر نے سر ہلایا وہ مکمل یکسوئی سے سن رہا تھا
وہاں کی میتھ ٹیچر بہت سخت تھیں بہت زیادہ
لیکن مجھے کبھی انکی سختی بری نہیں لگی مجھے انکا کسی ایک بچے کو "فیورٹ "کرنا بحر ا لگا ٹیچرز کا فیورٹزم کس طر بچوں کا دل مار دیتا ہے کوئی سمجھ نہیں سکتا
انکا فیورٹ یٰسین تھا محمد یٰسین لیکن وہ ہمیشہ ہر ٹیسٹ میں مجھ سے ایک نمبر پیچھے رہتا تھا ٹیچر نے اس پہ ایکسٹرا توجہ دینی شروع کی لیکن کچھ بھی بدل نہیں سکا
وہ سانس لینے کو رکی پھر عمر کو دیکھا وہ سن رہا تھا
ایک دن ٹیسٹ میں یٰسین کے مارکس مجھ سے زیادہ آئے میں شاکڈ تھی یا پھر شاید مجھے ہمیشہ اس ٹیچر کی نگاہوں میں رہنے کا شوق تھا میں انکی فیورٹ بننا چاہتی تھی ہر کوشش ہر محنت سب کر کے دیکھ لیا لیکن وہ کبھی مجھ سے خوش ہوتی ہی نہیں تھیں وہ بچوں سے مقابلہ کرتی تھیں
بچوں سے مقابلہ کرنے والے ٹیچرز بہت برے ٹیچرز ہوتے ہیں
خیر اس دن میں یٰسین اور اپنا ٹیسٹ پیپر لے کر ٹیچر کے پاس گئی اور انکو دکھایا کہ میرا سوال ٹھیک تھا اور یٰسین کا غلط وہ بھڑک گئیں انکو غصہ اگیا انکو لگا میں ان پہ الزام لگا رہی ہوں بے عزتی کر رہی ہوں
ٹیچرز کو بچوں کے بے عزتی کرنے اور سوال کرنے کا فرق سمجھنا چاہیے وہ خود کو عقل کل سمجھنے کی بجائے بچوں کو "کم عقل "سمجھنا چاہیے میں بچی تھی شاید میرا طریقہ غلط ہو لیکن میں حق پہ تھی میرا جواب درست تھا پھر میرے نمبرز کیوں کیے ؟
وہ رک گئی جیسے اب مزید بولنا تکلیف دے رہا ہو جیسے اب مزید کچھ اور وہ سوچنا یا بولنا نہ چاہتی ہو
ٹیچر نے غصے میں سزا کے طور پہ میری بریک بند کر دی وہ چلی گئیں سارے بچے چلے گئے میں اکیلی کلاس میں بیٹھی رہی اور پھر کسی نے کلاس کا درواذا بند کر دیا
یکدم اسکا چہرے کے تاثرات میں خوف شامل ہوا ہاتھ کی مٹھی اضطرابی حالت میں بند کر لی
میں بہت روئی چیخی چلائی لیکن کسی نے دروازہ نہیں کھولا کلاس روم کی لائٹس باہر سے آن ہوتی تھیں وہ بھی بند ہوگئیں کوئی باہر کھڑا تھا جسکو میری چیخیں سنائی دے رہی تھیں لیکن کوئی میرے لئے نہیں آیا اس واقعے کے بعد میں بہت ڈر گئی تھی مجھے اپنے ارد گرد بس گھٹن ہوتی تھی میں بند کمرے میں نہیں رہ سکتی تھی ذرا سی تنگ جگا میرے لئے عذاب بن جاتی تھی یہ سب کچھ آہستہ آہستہ ٹراما بنتا گیا اور میں ذہنی مریض بن گئی
اسکی آنکھ سے ایک آنسو بہہ نکلا تکلیف حد سے سوا ہونے لگی
بابا نے میرے سیشنز کروائے ٹریٹمنٹ ہوا اور پھر میں ٹھیک ہوگئی
کیا آپ واقعی ٹھیک ہو گئی تھیں ؟
عمر ترکی با ترکی بولا تو ہا لے رک سی گئی
وہ چند پل اسکی آنکھوں میں دیکھتی رہی کیا وہ اس شخص پہ اعتبار کر سکتی تھی؟ کیا یہ ایسا شخص تھا جس کو اپنا راز تھمایا جائے
اور پھر اس نے عمر کی آنکھوں میں دیکھتے ہوئے نفی میں سر ہلادیا
آنکھوں کا گلابی پن بڑھ گیا
میں ٹھیک نہیں ہوئی تھی عمر اسکے لہجے میں کرب سا تھا
میں نے کسی طرح بیماری کو ڈرا دیا اور وہ ڈر کر ایک کونے میں بیٹھ گئی وہ ختم نہیں ہوئی مجھے نہیں پتہ تھا کہ بیماریاں علاج سے ٹھیک ہوتی ہیں دھمکیوں سے نہیں
اسکے حلق میں پھندہ سا اٹکا تھا
آپ نے ایسا کیوں کیا؟ وہ نرمی سے پوچھ رہا تھا
اسکی ایک ہی عادت اچھی تھی وہ جج نہیں کرتا تھا وہ بس بات اگلوا لیتا تھا اور پھر حل ڈھونڈ لیتا تھا
ہا لے نے بے بسی سے کندھے اچکائے
میں بلی ہونے سے ڈرتی تھی اسکول میں سب کو پتہ چل گیا تھا کہ میں سائیکائٹرسٹ کے پاس جاتی ہوں سب مجھے عجیب نظروں سے دیکھتے تھے جیسے کبھی ہار ون کو دیکھا کرتے تھے میں ہارون کو روتے ہوئے دیکھتی تھی وہ جب بلی ہوتا تھا تنگ کیا جاتا تھا تب وہ بہت کمزور بہتhorrible ہوجاتا تھا میں اسکی گار جین تھی میں ہا لے تھی میں ہارون نہیں بننا چاہتی تھی میں بلی نہیں ہونا چاہتی تھی
اس نے زور زور سے نفی میں سر ہلایا
کوئی نہیں سمجھ سکتا اسکول میں بلی ہونا کس طرح آپ کی شخصیت بگاڑ دیتا ہے وہ کس طرح سا ری عمر کا آسیب بن جاتا ہے کوئی نہیں سمجھ سکتا
لوگوں کو لگتا ہے بچے اپنا بچپن بھول جاتے ہیں لیکن بچپن کوئی نہیں بھولتا وہ یاد رہتا ہے کبھی یاد گار ماضی کی طرح تو کبھی بری تکلیف دہ یادوں کی طرح میں اپنی یادوں میں برا بچپن نہیں ڈال سکتی تھی
پھر آپ نے کیا کیا؟