Chapter 55: باب 55

سر کل رات نائٹ ڈیوٹی کرتے میرے بندوں نے چار کلو چرس پکڑا ہے جب سے پکڑا وہ بندہ بھاگ گیا چرس ہمارے پاس رکھا ہے

اب کے عمر کی باچھیں تک کھل گئیں

اسے لے آؤ دس منٹ کے اندر اندر سارا چرس لے آؤ میں ایک ادریس بھیج رہا ہوں وہاں بھیجو اپنے بندے فورا وہ چہک رہا تھا اسکے چہرے پہ جیسے شانتی پھیل گئی تھی

اب اس نے کال کاٹ کر ایک اور نمبر ملایا تھا

یہاں سے چند میل دور اپنے آفس میں بیٹھی عائدہ کا فون بجنے لگا عمر کا نمبر دیکھ اس نے لپک کر فون اٹھایا تھا عمر تم ؟ . . تم کہاں ہو یار نہ کال کرتے ہو نہ کہیں نظر آتے ہو؟ تم ٹھیک تو ہو؟ وہ فون کان سے لگا ئے فکر مندی سے پوچھ رہی تھی

وہ ایک ستائیس اٹھائیس سالہ گوری رنگت والی لڑکی تھی آنکھیں ستھری اور بال سٹیٹس میں کٹے تھے وہ ایک نیوز رپورٹر تھی اس وقت اسکا ستا ہوا چہرہ بتا رہا تھا کہ اسے کوئی "نیوز "نہیں مل رہی

تم وہ سب چھوڑو میری بات سنو نیوز چاہیے ؟ عمر مسکراتے ہوئے پوچھ رہا تھا

عائدہ کا چہرہ کھل سا اٹھا

ظاہر ہے چاہیے ورنہ وہ میرا گنجا باس چاہتا ہے میں پاگل کتوں پہ ایک ریسرچ کر وں اور نیوز لاؤں اب اس گدھے کو کون سمجھائے مجھے کیوں سے الرجی ہے وہ لڑکی سخت کوفت زدہ تھی

عمر ہنس پڑا

ایک ادریس بھیج رہا ہوں وہاں پہنچ جاؤ دس منٹ کے اندر اندر اپنے باقی بہن بھائیوں کو بھی بلا لو (یہاں بہن بھائیوں سے مراد اسی کے جیسے چند او)ر رپورٹرز

دفتعا عمر رکا

یہ کام تھوڑا رسکی ہے تم شیور ہو تمھیں کوئی مسئلہ نہیں ہے؟

عائدہ جو میر پہ رکھے اپنے سامان سمیٹ رہی تھی

زیادہ سے زیادہ جان کا خطرہ ہوگا ناں اگر اس گنجے نے مجھے نکال دیا تو تائی ویسے بھی میری جان لے لے گی اب موت سے کیا ڈرنا چاہے تائی مارے چاہے نیوز کے چکر میں مرنا پڑے وہ فیصلہ کن لہجے میں کہتی کال کاٹ چکی تھی

عمر نے آسودگی سے آنکھیں موند لیں

پندرہ منٹ بعد

سفیر سلطان سڑک کی بائیں جانب کھڑی اپنی گاڑی کی طرف بڑھ رہا تھا اسکے ایک ہاتھ میں موبائل تھا عمر اسے کیفے میں بٹھا کر خود نہ جانے کہاں چلا گیا تھا اور اب کال کر کے اسے باہر آنے کو کہا تھا عام حالات میں سفیر اس کے احکامات پہ لعنت بھی نہ بھیجتا لیکن اس وقت معاملہ مختلف تھا

ابھی اس نے اپنی گاڑی کے ہینڈل پہ ہاتھ رکھا ہی تھا جب ایک پولیس والے نے اسکے ہاتھ کے اوپر اپنا ہاتھ رکھا سفیر نے مڑ کے اسے دیکھا

یہ کیا بد تمیزی ہے؟

افسر سامنے آ کر کھڑا ہوگیا

بد تمیزی نہیں ہے سر اطلاع ہے ہمیں اطلای ملی ہے کہ آپ کی گاڑی میں منشییات ہیں ہمیں تلاشی لینی ہوگی وہ مودب سا کہہ رہا تھا

سفیر نے طنزیہ نظروں سے اسے دیکھا تھا

میں سفیر سلطان ہوں تم جانتے ہو میں کون ہوں ابھی کے ابھی تمہاری وردی اتروانے کی طاقت رکھتا ہوں اب اپنی بکواس بند کرو اور ہٹو یہاں سے وہ تلخی سے کہتا اسے ہاتھ سے دور ہٹانے لگا

جب اپنے سامنے سے چند مائیک اور کیمرے تھامے لوگوں کو اپنی طرف آتے دیکھا اس نے گاڑی کا دروازہ کھول کر اندر بیٹھنا چاہا لیکن دو پولیس افسران نے اسے بازوؤں سے جکڑ لیا

اس وقت تک کیمرے اور مائیک تھامے ہوئے لوگ بھی قریب آ چکے تھے

سفیر کے خوبرو چہرے پہ اب کے ہلکی ہلکی سبکی آئی تھی

دیکھیں میں ایک ٹیکس پے کرنے والا شریف شہری ہوں آپ اس طرح مجھے ہراساں نہیں کر سکتے آپ کی اطلاع غلط ہے وہ اپنا بازو چھڑاتے ہوئے کہہ رہا تھا

چہرہ دھوپ کی تمازت اور دبائے ہوئے غصے سے سرخ ہو رہا تھا

اگر آپ اتنے ہی شریف ہیں تو گاڑی کی تلاشی کیوں نہیں دے رہے ؟

سٹیٹس میں کٹے بالوں والی لڑکی سامنے آئی تھی

آپ پولیس کو کار وائی کرنے دیں باقی ہم سب جانتے ہیں آپ کتنے شریف ہیں آپ کا خاندان اس وقت خبروں کی زینت بنا ہوا ہے سفیر سر بہتر ہوگا آپ پولیس کو انکا کام کرنے دیں ورنہ آج کے نیوز بلیٹن میں ایک بار پھر سلطان خاندان کے چرچے ہوں گے

سفیر نے قہر برساتی نظروں سے اسکو دیکھا پھر جھٹکا دے کر اہلکاروں سے اپنا بازو چھڑوایا

شیور . دانت پہ دانت جما کر ضبط سے کہا اور پیچھے ہٹ گیا

اب دو اہلکار اسکی گاڑی کے اندر گھس گئے اپنے مٹیالے جوتوں سمیت سفیر بس دیکھ کر رہ گیا

سر یہ دیکھیں ہمیں کیا ملا ہے ایک اہلکار کی آواز پہ سفیر سمیت باقی سب بھی چونک اٹھے

اس نے ہاتھ میں ایک خاکی تھیلا اٹھا رکھا تھا جسے وہ لہرا لہرا کر کیمرے کے آگے دکھا رہا تھا آس پاس لوگ جمع ہونے لگے تھے

مجھے دکھاؤ اس میں کیا ہے ان اہلکاروں میں اعلی عہدیدار بول اٹھا

سفیر ساکت کھڑا رہا وہ جانتا تھا اسےٹریپ کیا جا رہا ہے اور وہ ٹریپ ہو چکا ہے

یہ چرس ہے . . وہی افسر بول اٹھا

سفیر اب بھی کچھ نہیں بولا اسے بس ذلت نظر آ رہی تھی اسے بس کمپنی کے شیئرز گر تے ہو ئے نظر آ رہے تھے اسے بس اپنے باپ کی طرف سے ملنے والی پھٹکار نظر آ رہی تھی اسے اپنی سوسائٹی کی ممغیی خیز نظریں نظر آ رہی تھی

اسے اپنے آگے مائیک پکڑے بولتے ہوئے لوگوں کی آواز نہیں آ رہی تھی اسکے کانوں میں لوگوں کے معنی خیز فقرے گونج رہے تھے اسکے کان متوقع ذلت نے بند کر دئیے تھے پولیس والے اس سے کچھ پوچھ رہے تھے لیکن وہ نہیں سن رہا تھا کیمرے مائیک جلتے بجھتے فلیش اور پھر ان سب کے درمیان سفیر کے ہاتھوں کو کچھ محسوس ہوا اسکے ہاتھوں پہ "ہتھکڑی "لگائی جا رہی تھی

. . . . . سفیر سلطان ہم آپ کومنشیات کی غیر قانونی

افسر اس سے کچھ کہہ رہا تھا رپورٹرز کچھ پوچھ رہے تھے لیکن وہ بس

متوحش نظروں سے اپنے ہاتھ پہ لگی ہتھکڑی کو دیکھنے لگا اسکے ہاتھ کانپ رہے تھے

سفیر سلطان کیا آپ اس بارے میں کچھ کہنا چاہیں گے آخر کو آپ نے ایسا قدم کیوں اٹھایا آخر آپ ان کاموں میں کیسے ملوث ہوئے آپ کب سے یہ کام کر رہے ہیں؟ سفیر سلطان جواب دیں سفیر سلطان جواب دیں مائیک پکڑے لوگ اس سے کچھ کہہ رہے تھے

میں . . نے یہ نہیں کیا . . . . میں نے کچھ نہیں . . . کیا اسکے لب ہلکے سے پھڑپھڑائے

کیا آپ کا یہ کاروبار صرف کراچی تک محدود ہے یا پھر ملک کے دوسرے شہر بھی آپ جیسے امرا کی ایسی حرکتوں کی زد میں ہیں؟

تم لوگ مجھے اس طرح گرفتار نہیں کر سکتے میں نے کچھ نہیں کیا اب کے وہ ذرا بلند آواز میں بولا

. . سفیر سلطان کیا آپ کے والد بھی آپ کے اس کام میں شامل ہیں؟

سفیر سلطان کیا آپ کو فریم کیا جا رہا ہے؟

میں تم سب پہ ہتک عزت کا دعوی کروں گا میں ایک عزت دار شہری ہوں تم لوگ مجھے اس طرح نہیں لے کر جا سکتے میں نے کہا ناں میں نے یہ نہیں کیا . . . وہ اب زور زور سے چلا رہا تھا پولیس اسے اپنی گاڑی کی طرف لے کر جا رہی تھی

. . میں ایک ایک کو دیکھ لوں گا میں نے یہ نہیں کیا کیا تم لوگ پاگل ہوگئے ہو . . سفیر سلطان ہوں میں . . . میں سفیر سلطان ہوں میں اپنی گاڑی میں چرس رکھوں گا وہ سرخ چہرے کے ساتھ غرا رہا تھا

ہاتھ کھولو میرے تم لوگ میرے ساتھ یہ نہیں کر سکتے میں نے نہیں کیا یہ . . . چھوڑو مجھے ہا تھ کھولو میرے میں تم سب کو دیکھ لوں گا

وہ پولیس اہلکاروں کی معیت میں گھسیٹتا ہوا جا رہا تھا ساتھ ساتھ بلند آواز میں چلا رہا تھا

کیمرے دھڑادھڑ اسکی تصاویر اور ویڈیو اتار رہے تھے اسکا چہرہ آہانت سے بھر گیا تھا ایک اہلکار نے اسکو زبردستی پولیس موبائل میں بٹھادیا

وہ اب بھی چلا رہا تھا غرا رہا تھا بے یقینی سے اپنی صفائی دے رہا تھا دھمکا رہا تھا

مجھے نہیں لے کر جا سکتے تم میں سفیر سلطان ہوں ہاتھ کھولو میرے تم لوگوں نے مجھے فر یم کیا ہے میں سفیر سلطان ہوں ہاتھ کھولو میرے ایک تصویریں لینا بند کرو تم دفع ہوجاؤ جاؤ . . . وہ بلند آواز میں چلا رہا تھا

وہ مزید بھی کچھ کہہ رہا تھا لیکن چلتی ہوئی پولیس موبائل میں اسکی آواز معدوم ہوتی جا رہی تھی

ذلت کیا ہوتی ہے آج سفیر سلطان کو یہ علم ہو ہی جائے گا

اپنی گاڑی کے ساتھ ٹیک لگائے عمر حیات مسکرایا

میرے چارہ گر کو نوید ہو صف دشمنا کو خبر کرو

وہ جو قرض رکھتے تھے جان پر وہ حساب آج چکا دیا

وہ اتنی بلند آواز میں گنگنایا کہ کئی لوگوں نے اسے مڑ کر دیکھا تھا

اس نے ہاتھوں سے جیسے نا دیدہ گرد جھاڑی تھی

اور اپنی گاڑی کے اندر بیٹھ گیا

گاڑی اپنی منزل کو جا رہی تھی جب عمر کا موبائل بجنے لگا اس نے موبائل نکال کر دیکھا

. . حسن سلطان کالنگ

اس نے فورا کال پک کی

ہیلو . . اس نے ایک محتاط سا ہیلو کہا

کیا ہم مل سکتے ہیں؟ اس نے سنجیدگی سے پوچھا

عمر کو کچھ غیر معمولی ہونے کا احساس ہوا

تم کہاں ہو میں آجاتا ہوں جوابا حسن نے کچھ کہا تھاu

عمر نے بغیر کچھ کہے کال کاٹ دی

اسکا چہرہ اب حد سے زیادہ سنجیدہ ہوگیا تھا

تھوڑی دیر بعد اس نے اسی پارک کے آگے گاڑی روکی جہاں وہ کل حسن سے ملا تھا

گاڑی لاک کر کے وہ متلاشی نظروں سے اسکو ڈھونڈتا ہوا آگے آیا پھر اسے زیادہ محنت نہیں کرنی پڑی سامنے ہی ایک درخت کے کے نیچے وہ اسے بیٹھا نظر آیا

اس نے سفید شلوار قمیض پہن رکھی تھی جس پہ خون کے دھبے تھے عمر دھک سے رہ گیا

تیز تیز قدم اٹھاتا وہ اسکے پاس پہنچا حسن نے اسکو دیکھ کر سر اٹھایا

اسکی آنکھیں خشک تھیں ایسے جیسے قحط سالی کے بعد زمینیں خشک ہوتی ہوں

عمر خاموشی سے اسکے ساتھ بیٹھ گیا

کیا تم ٹھیک ہو؟ . . اس نے فکر مندی سے پوچھا

مجھے پیسے چاہییں اس نے سنجیدگی سے کہا

اسکے لہجے میں آج کچھ تھا کہ چونکا جائے کچھ ایسا کہ غور کیا جائے

کتنے ؟ عمر نے یک لفظی سوال کیا

میں کمانا چاہتا ہوں کوئی پارٹ ٹائم جاب چاہیے کیا تم مجھے فیور دے سکتے ہو؟

تم مجھ سے لے لو

تم مجھے فیور دو گے یا نہیں؟ اس نے سختی سے پوچھا

اوکے میں کل تک تمہارا کام کر دوں گا اب بتاؤ تمہارا کتا کہاں ہے؟ اوہ سوری تمہارا بیٹا اس نے ماحول کو ہلکا پھلکا بنانا چاہا لیکن یہ ایک بہت بری کوشش تھی

حسن چند لمحہ اسکو دیکھتا رہا

مر گیا . . . اس نے عمر کی آنکھوں میں آنکھیں ڈال کے بے تاثر لہجے میں کہا

وہ مر گیا اور میں اسکو بچا نہیں سکا اس نے میرے سامنے دم توڑ دیا

وہ عجیب لہجے میں بول رہا تھا عمر سانس روکے سنے گیا

اسکا خون بہہ رہا تھا بہت خون بہہ رہا تھا . . . اس نے مجھ سے کہا میں اسکو بچا لوں . . ،میں نے اس سے کہا میں بچا لوں گا لیکن . . . وہ رکا

دھوپ رک گئی ہوا رک گئی دل بھی رک سا گیا

اور میں اسے نہیں بچا سکا میں نے اسے مرنے دیا کیونکہ میرے پاس پیسے نہیں تھے کیونکہ میرے پاس میرا باپ نہیں تھا میری بہن نہیں تھی

وہ رو نہیں رہا تھا لیکن اسکی آواز اسکا چہرہ کسی کوبھی رلا سکتا تھا

تم کسی سے پیسے لے سکتے تھے تم کچھ کر سکتے تھے تم اسے مرنے کیسے دے سکتے ہو؟ عمر کی آواز میں ملامت تھی میں نے مانگے تھے اس کی آواز بھرا گئی

میں نے شمس چچا سے پیسے مانگے تھے انہوں نے کہا اگر میں ان سے بھیک مانگوں گا تو وہ مجھے پیسے دے سکتے ہیں میں نے نہیں مانگی کیا مجھے مانگنی چاہیے تھی؟

عمر رک گیا اسکو لگا جیسے کسی نے اسکا دل مٹھی میں لے لیا ہو

بتاؤ نہ کیا مجھے بھیک مانگنی چاہیے تھی اسکا لہجہ رندھ گیا

کیا مجھے انگلی سے سینے پہ دستک دی

حسن معراج کو بھیک مانگی چاہیے تھی؟

عمر خاموشی سے اسے دیکھتا رہا

میں نے پوچھا کیا مجھے بھیک مانگنی چاہیے تھی؟ وہ پوری قوت سے دھاڑا

اسکا چہرہ اسکی آنکھیں سرخ ہوگئیں تھیں

عمر چند انیے اسے دیکھتا رہا

ہاں تمھیں مانگ لینی چاہیے تھی اگر تمھارے جھکنے سے اسکی زندگی بچ جاتی تو تمھیں بھیک مانگ لینی چاہیے تھی اسکا لہجہ جتا تا ہوا تھا

حسن نے نظر یں جھکا لیں

اب کے آنکھوں سے آنسو بھی بہہ نکلے

برونو دو ماہ کا تھا جب میں اسے خرید کر لایا تھا

اس نے زمین کو دیکھتے ہوئے کہنا شروع کیا

میں نے اسکا بہت خیال رکھا اسکا کھانا پینا سونا جاگنا سب چیزوں کا بہت خیال رکھا جب وہ ایک سال کا ہوا تو بابا نے مجھے کہا کہ اب یہ اپنا خیال رکھ سکتا ہے اسکو گھر سے نکالو میں اڑ گیا میں نے ضد پکڑ لی کہ برونو میرے ساتھ رہے گا

بابا نے مجھے کہہ دیا کہ یا تو برونو گھر کے باہر رہے گا یا پھر وہ اسے دوبارہ وہیں چھوڑ آئیں گے جہاں سے لائے تھے عمر یک ٹک اسکو سنے گیا ایک دن میں گھر پہ نہیں تھا برونو بابا کے کمرے میں گھس گیا با با کو غصہ آگیا انہوں نے اسکو جھڑک دیا اور کہا کہ آئندہ گھر کے اندر مت آنا

حسن رکا آواز گلے میں پھنس گئی آنسو تیزی سے بہنے لگے

اور جب میں گھر آیا تو برونو دروازے پہ بیٹھا تھا اس دن میں نے اسے اندر لے جانے کی بہت کوشش کی لیکن وہ نہیں گیا وہ اعلی نسل اور با وقار تھا وہ دوبارہ کبھی سلطان منزل نہیں آیا میرا برونو میرا بیٹا دھت کا ری ہوئی جگہ پہ دوبارہ نہیں گیا اسکے کچھ دنوں بعد بابا اچھے موڈ میں تھے انہوں نے خود سے برونو کا کھانا بھرا اور اسکے سامنے رکھا مجھے آج بھی یاد ہے برونو سارا دن بھوکا رہا لیکن اس نے وہ کھانا نہیں کھایا

حسن نے ہچکی لی تھی

کیا میں اتنے با وقار جانور کو اتنی بے وقار زندگی دے سکتا تھا؟ کیا میں اسے بھیک میں ملی ہوئی زندگی دے سکتا تھا ۔؟؟ میں نہیں دے سکتا تھا میں دے ہی نہیں سکا

وہ روتے ہوئے نفی میں سر ہلانے لگا

میں اسے عزت سے مرنے دے سکتا تھا لیکن ساری زندگی کی ذلت نہیں دے سکتا تھا میں یہ نہیں کر سکا میں اسے نہیں بچا سکا میں اسے نہیں بچا سکا وہ بری طرح رو رہا تھا

وہ جب چلتا تھا تو گردن اٹھا کر چلتا تھا میں کیسے ساری زندگی کے لئے اسکی گردن جھکا دیتا ؟

وہ جب کسی کو دیکھتا تھا تو آنکھیں اسکی آنکھوں میں ڈال کر دیکھتا تھا میں کیسے اسکی آنکھوں کو جھکنے دے دیتا اسکی آنکھیں سرخ ہوگئی تھیں لیکن وہ کہے جا رہا تھا

کل جب اس نے تمھارے گھٹنے پہ سر رگڑا تھا میں نے تم سے کہا تھا وہ تمھیں پسند نہیں کر تا میں نے جھوٹ بولا تھا وہ ایسا تب کرتا تھا جب کسی کو بہت زیادہ پسند کرتا تھا وہ کبھی ہا لے کے ساتھ بھی ایسا نہیں کرتا تھا میں جیلس ہوگیا تھا میں نے جھوٹ بول دیا

عمر بس خاموش نظروں سے اسے دیکھتا رہا

اس رات جب بابا مر گئے میں بالکل اکیلا تھا مرے ساتھ کوئی نہیں تھا کوئی بھی نہیں کسی کو حسن یاد نہیں تھا نہ اماں کو نہ میری بہن کو اور نہ کسی اور کو لیکن میرے بیٹے کو یاد تھا کہ اسکا کو ئی ما لک بھی ہے اس رات وہ میرے کمرے میں آیا تھا اس نے اپنی انا ایک طرف رکھی اور میرے کمرے میں آیا وہ ساری رات میرے پاس بیٹھا رہا میرے ساتھ جاگتا رہا وہ روتے ہوئے بتا رہا تھا عمر خاموشی سے سنتا رہا

حسن کے رونے میں مزید تیزی آتی گئی

وہ ایک منٹ بھی نہیں سویا عمر اس رات اگر برونو نہ ہوتا تو غم سہتے سہتے حسن بھی مر جا تا میں اسے گلے لگا کر سو گیا تھا تھا جب صبح ہوئی اور میں نے اسے کھانا دیا اس نے نہیں کھایا اس نے ایک نوالا بھی نہیں کھایا وہ میرے لئے آیا تھا لیکن وہ اپنی عزت کرتا تھا میں اس عزت دار جانور کو کیسے بےعزت کر سکتا تھا میں ایسا کیسے کر سکتا تھا وہ پھوٹ پھوٹ کر رو رہا تھا

اس نے ایک بار بھی اسکو چپ نہیں کروایا

کافی دیر تک روتے روتے وہ خود بھی تھک گیا تھا

اب وہ سیدھا ہوا اپنی آنکھیں صاف کیں

کافی دیر تک دونوں کے درمیان خاموشی رہی

اسے کس نے مارا عمر نے سارے وقت میں ایک ہی سوال کیا تھا؟

حسن کی آنکھوں میں تنفر بھر گیا

سفیر سلطان ہمارے گھرمیں گیر بس سفیر کے پاس ہیں وہ گیر کا شوقین ہے کل رات جب تم مجھے گھر چھوڑ کر گئے تھے تب اس نے مجھ سے پوچھا تھا میں کہاں گیا ہوں میں نے جھوٹ بول دیا کہ میں برونو کو واک پہ لے گیا تھا اس نے مجھے تمھارے ساتھ جاتے دیکھا تھا وہ مجھ سے لڑا تھا اس نے کہا تھا کہ اب نہ برونو ہوگا نہ تم اسکی واک کے بہانے اس سے ملنے جاؤ گے

حسن نے تفصیلی جواب دیا

عمر اٹھ کھڑا ہوا

حسن نے آنکھیں اٹھا کر اسکو دیکھا ان آنکھوں میں واضح خوف تھا اکیلا رہ جانے کا خوف لیکن کیا عمر اسے چھوڑ کر جا سکتا تھا؟

آؤ تمھیں ایک جگہ لے چلوں اس نے حسن کے آگے اپنی ہتھیلی پھیلا دی

حسن نم آنکھوں سے اسے دیکھتا رہا پھر اٹھ کھڑا ہوا

میں تھانے نہیں جاؤں گا اس نے اٹھتے ہوئے کہا البتہ عمر کا ہاتھ نہیں تھاما

کیوں کیا تم نے آٹھ آٹھ قتل کرنے والے لوگ نہیں دیکھ رکھے ؟ کیا تم نے ڈاکو چور اور ہر قسم کے مجرم نہیں دیکھ رکھے تم نے تو فیری ٹیلر کی بجائے مجرموں کی داستانیں سن رکھی ہیں نہیں؟ وہ طنز سے باز نہیں آیا حسن بغیر کچھ کہے اسکے سامنے سے نکل کر آگے بڑھ گیا

عمر بڑبڑاتے ہوئے اسکے پیچھے گیا تھا

***

تھانے کی کوٹھڑی کیسی ہوتی ہے آج سفیر کو اچھی طرح اندازہ ہو رہا تھا وہ ملکی غیر ملکی بزنس منیر کے ساتھ ملتا رہتا تھا انکا اٹھنا بیٹھنا انکے جسم سے اٹھتی خوشبوئیں انکا بولنا اسے آج بری طرح یاد آ رہا تھا جس سیل میں اسے بند کیا گیا تھا وہاں تین اور لوگ بند تھے انکے جسموں سے۔ بدبو کے بھبھوکے اٹھ رہے تھے وہ جب بات کرتے تھے تو انکے منہ سے گالیاں نکلتی تھیں سفیر نے جتنی گالیاں آج انکے منہ سے سنی تھیں وہاس نے پوری زندگی میں کبھی نہیں سنی تھیں

اسکے برانڈڈ جیل سے جمے بال پسینے سے اسکے ماتھے پہ چپک گئے تھے

ڈیڑھ لاکھ کا سوٹ اس وقت اسکے لئے سفید ہاتھی ثابت ہو رہا تھا اس نے کوٹ اتار کر ایک طرف رکھا تھا جس پہ اس کے "سیل میٹس "کھانا کھا رہے تھے

سفیر نے بے بسی بھرے غصے سے انکو دیکھا تھا کہ وہ اس وقت ان سے بحث نہیں کر سکتا تھا

وہ اے سی کا عادی تھا اور جس سیل میں اسکو رکھا گیا تھا وہاں پنکھا تک نہیں تھا اسکا سارا جسم جل رہا تھا اسکے چمکتے بوٹوں میں مقید پیر اس وقت جیسے جلتے ہوئے توے پہ رکھے گئے تھے

اسے ان سب کی پرواہ نہ ہوتی اگر اس وقت وہ خبروں کی زینت نہ بنا ہوا ہوتا بات یہ نہیں تھی کہ اسکی سوسائٹی میں سبsaint تھے سب سفید تھے اؤنہوں ان سب پہ مقدمات تھے ان سب پہ چارجز تھے لیکن ان میں سے کسی پہ بھی چار کلو چرس کا مقدمہ نہیں تھا

یہ ذلت تھی نری ذلت

جتنا بڑا اور ہائی پروفائل کیس اتنا مقام اتنی عزت جتنا چھوٹا اور گھٹیا کیس اتنی ذلت اتنی سبکی

آج سفیر کو ذلت کے سہی معنی پتا چلے تھے

اوہ خدایا وہ یہاں سے نکل کر کیسے کسی کا سامنا کر سکے گا؟

وہ جلے پیر کی بلی کی طرح یہاں سے وہاں چکر لگا رہا تھا اب تو یہ خبر سارے شہر میں پھیل چکی ہوگی آج اسکی ایک چائینز کمپنی کے ساتھ میٹنگ تھی شمس نے انکو کیا جواب دیا ہوگا اسکی غیر موجودگی نے اسے کتنا غیر پروفیشنل ظاہر کیا ہوگا؟

وہ نیچے بیٹھ گیا

گندے مٹی والے فرش پہ بیٹھ گیا

اسکا دل ڈوب ڈوب کر ابھر رہا تھا اسکی ساکھ مٹی میں مل گئی تھی لوگ تانے سکیں گے باتیں کریں گے پہلے اسکی منگیتر کا شادی سے بھاگ جانا پھر اسکے چچا کا قتل اور اب ایک نیا عذاب ؟

اس نے اپنی دونوں ہاتھوں کو اپنے سامنے کیا اسکی کلائیوں پہ سرخ نشان بن گئے تھے ہتھکڑی کے نشان اسے آج ایک بار پھر ان ہاتھوں سے نفرت محسوس ہوئی

یہ وہی ہاتھ تھے جن سے اس نے اپنے تایا کا قتل کیا تھا کاش اس دن اس نے خود پہ قابو پا لیا ہوتا اس نے اپنا سر دونوں ہاتھوں میں گرا لیا

گرمی . . . . جلن . . دھوپ . . ذلت . . گلٹ یہ اسکے ساتھ کیا ہو رہا تھا

اسی وقت اسے بھاری بوٹوں کی دھمک اپنے قریب آتی محسوس ہوئی اس نے سر نہیں اٹھایا وہ اسی طرح اکڑ وں سر ہاتھوں میں گرائے بیٹھا رہا

یکدم شور بڑھ گیا تھا اسی شور میں اسے اپنے باپ کی آواز سنائی دی

یہ آواز کسی بھی اولاد کے لئے ڈھارس ہوتی ہوگی دلاسا ہوتی ہوگی لیکن سفیر کے لئے نہیں اسے یہ آواز نہیں پسند تھی اسے یہ آواز اذیت دیتی تھی

سفیر نے سر نہیں اٹھایا وہ کہیں دور چلا گیا کسی اور وقت میں بہت پیچھے

ڈیڈ یہ دیکھیں نعیم نے کس طرح میری سائیکل کو توڑ دیا ہے یہ اب ٹھیک سے چل بھی نہیں رہی دس سالہ سفیر لان میں بیٹھے شمس سلطان کو اپنی ٹوٹی ہوئی سائیکل دکھا رہا تھا اسکی آنکھوں سے آنسو بہہ رہے تھے

تو میں کیا کروں ؟ . . بوری طرح دھاڑے تھے

سفیر سہم کر دور ہٹا

دفع ہوجاؤ یہاں سے جاؤ اپنی اسی گھٹیا ماں کے پاس آئندہ اپنی منحوس شکل لے کر میرے پاس مت آنا جاؤ دفع ہوجاؤ وہ چنگھاڑ رہے تھے

سفیر آنکھوں میں خوف لئے انکو دیکھتا رہا اسکا رواں رواں کانپ رہا تھا

ڈیڈ مت کہو مجھے پتہ نہیں میرا بیٹا ہے بھی یا نہیں . . اسکے باپ نے کبھی اس سے کسی آئیڈیل باپ کی طرح محبت نہیں کی تھی لیکن وہ خاموشی سے اسکی شکایات سن لیتے تھے وہ ضد کرتا تو مان لیتے تھے وہ ہنستا تو اسکے ساتھ کبھی کبھی مسکرا دیتے تھے

لیکن آج پہلی بار انہوں نے اسکو جھڑ کا تھا اور بہت بری طرح جھڑ کا تھا

اسے بس اتنا پتہ تھا کہ اسکا باپ اپنے کسی دوست کے ساتھ ایک ہوٹل گیا تھا لیکن واپسی پہ وہ اسکی ماں کو ساتھ لایا تھا اسے اپنی ماں کا لٹھے کی مانند سفید چہرہ یاد تھا اسے اپنے باپ کا طیش سے سرخ چہرہ بھی یاد تھا لیکن اسے وجہ نہیں پتہ تھی اس دن کے بعد سے اسکا باپ چڑچڑا ہوگیا تھا نہ اسے اپنے پاس آنے دیتا نہ خود اسکے قریب جاتا وہ ضدیں ماننا وہ ہلکی مسکراہٹیں وہ سب کہیں دور کھو گیا

اگلا منظر ایک کمرے کا تھا بیڈ پہ شمس سلطان بیٹھے کسی فائل کا مطالعہ کر رہے تھے

تیرہ سالہ سفیر اپنے گھر آئے کسی مہمان کے بچے کی گھڑی اپنے باپ کو دکھا رہا تھا

ڈیڈ مجھے یہ پسند ہے یہ مجھے بھی چاہیے آپ مجھے دلوا دیں گے؟ مہمان بچہ اسکے ساتھ کھڑا تھا سفیر کے چہرے پہ ایک آس تھی

شمس نے نا گواری سے اسکو دیکھا

میں نے تم سے کتنی دفع کہا ہے میرے سامنے مت آیا کرو مجھے تمہاری شکل نہیں پسند تمھیں دیکھنا نہیں پسند آخر تم اتنے ڈھیٹ کیوں ہو؟

وہ دبا دبا سا غرائے تھے

سفیر کو بے اختیار اس مہمان بچے کے سامنے سبکی کا احساس ہوا

بالکل اپنی ماں پر گیا ہے گھٹیا ماں کی گھٹیا اولاد انہوں نے ایسی حقارت سے کہا کہ سفیر کا دل ڈوب گیا

منظر ایک بار پھر بدلہ تھا

لاؤنج کے صوفے پہ بیٹھے شمس سلطان چہرے کے آگے اخبار پھیلائے بیٹھے تھے

سولہ سالہ سفیر جھجھکتا ہوا اندر آیا کافی دیر تک وہ انکے قریب کھڑا سوچتا رہا کہ بات کہاں سے شروع کرے اب وہ اپنے باپ کے سامنے بہت کم جاتا تھا اسے جانے کی ضرورت بھی نہیں پڑتی تھی اسکے ہر کام کے لئے اسکے بڑے پیا تھے لیکن جو کمی باپ پوری کر سکتا ہی وہ کوئی چچا یا ماموں نہیں کر سکتا

کچھ بولو گے یا پھر اسی طرح میرے سر پہ سوار رہو گے؟ انہوں نے اخبار سے نظریں ہٹائے بغیر پو چھا

وہ اب اس پہ چلاتے نہیں تھے نہ غصہ کرتے تھے وہ بس اب اس سے لا تعلق رہتے تھے اسکی مو جودگی سے بے خبر اسکے معمولات سے بے نیاز سفیر کو یہ بے رخی زیادہ کھلتی تھی

وہ اسے ڈانٹتے تھے غصہ کرتے تھے لیکن کم از کم بات تو کرتے تھے انکی یہ لا تعلقی سفیر کا دل بری طرح زخمی کرتی تھی

مجھے آپ سے ایک بات کرنی ہے بلاخر اس نے کہہ ڈالا دل زور سے دھڑکا تھا

بولو . . وہی بے تاثر جذبات سے عاری لہجہ

چہرے پہ ویسی ہی سختی اور کرختگی

میں نے کالج میں ٹاپ کیا ہے وہ انکے پاس بیٹھتے ہوئے بولا

چہرہ پہ ایک آس سی پھیلی کی کہ شاید وہ اسکی کوئی تعریف کر دیں

جانتا ہوں کوئی تیر نہیں مارا تم نے ہمارے خاندان کا ہر بچا ہیertra ordinary ہے تو دی پائنٹ بات کرو آخر میں انکا لہجہ بے زار ہوگیا

سفیر کی آنکھوں میں ایک زخمی سا تاثر ابھرا

لیکن وہ سلطان تھا اسے بھرم رکھنا آتا تھا

کل ہمارے کالج میں price distribution)(انعامات کی تقسیم

ہے سب کے پیرنٹس آ رہے ہیں ممی نہیں چل سکتیں انہیں کسی پارٹی میں جانا ہے آپ چلیں گے ساتھ ؟

اس نے دھکتے دل کے ساتھ پوچھا تھا

میں مصروف ہوں انہوں نے بغیر نظریں اٹھائے ٹکا سا جواب دیا

سفیر کے دل کو دھکا سا لگا لیکن اس نے ہمت نہ ہاری

لیکن کل تو سنڈے ہے ڈیڈ میں نے آپ کے سیکریٹری سے آپ کا scheduled معلوم کیا ہے آپ کل فری ہیں وہ نرم لہجے میں مودب سا کہہ رہا تھا

تو اب تم میری جاسوسی کرو گے؟ انکا لہجہ پہلے سے زیادہ سخت ہوگیا

آنکھوں میں عجیب سرد مہری دوڑ گئی

میری جاسوسی کرنے سے بہتر ہے اپنی ماں پہ نظر رکھو اور اگر اتنا ہی شوق ہے کسی کو ساتھ لے کر جانے کا تو بھائی جان کو لے جاؤ

لیکن میرے باپ آپ ہیں آخر آپ کہیں میرے ساتھ کیوں نہیں جاتے ؟ وہ بے بسی سے پوچھ رہا تھا

وہ اپنے باپ کی بے رخی سہتے سہتے تھک گیا تھا

شمس ذرا سا آگے کو ہوئے اسکی آنکھوں میں دیکھا اس وقت انکی آنکھوں میں کوئی جذبہ نہیں تھا یہ آنکھیں سرد تھیں برقیلی سرد انکا چہرہ اس وقت سفیر کو اجنبی لگا

جاننا چاہتے ہو میں تمھارے ساتھ کیوں نہیں جانا چاہتا ؟ کیوں مجھے تمہاری شکل تک دیکھنا پسند نہیں؟ کیوں میں تمھیں اپنے ارد گرد برداشت نہیں کر پاتا ؟

سفیر کا سر خودبخود اثبات میں ہلا تھا

کیونکہ میں تم سے اور تمہاری ماں سے سخت نفرت کرتا ہوں

سفیر کے دل پہ جیسے کسی نے چھری پھیر دی ہو

میں تمھارے ساتھ کسی تقریب میں اس لئے نہیں جاتا کہ اگر وہاں کوئی تمھارے نام کے ساتھ میرا نام جوڑے گا تو مجھے خود سے گھن آئے گی میں نہیں چاہتا کہ تم میرے بیٹے اور میں تمھارے باپ کی حیثیت سے جانا جاؤں دل میں گھو نپی چھری جیسے کسی نے نکال کر ایک بار پھر پوری قوت سے اندر گھسیڑ دی تھی

اپنی شکل دیکھو سفیر دیکھو خود کو اپنی آنکھیں اپنا ناک اپنا چہرہ دیکھو کیا ہے تمھارے پاس میرے جیسا ؟ کیا ہے جس سے تم ثابت کر سکو کہ تم میرے بیٹے ہو؟ انکا لہجہ ٹھنڈہ تھا برف جیسا ٹھنڈہ

میں آپ کا بیٹا ہوں ڈیڈ اسکے لب ہلکے سے پھڑپھڑائے تھے

جس دن ثابت کر دو تم میرے بیٹے ہو اس دن آجانا میں تمھیں قبول کر لوں گا اب اپنی شکل گم کرو انہوں نے نخوت سے کہہ کر منہ موڑ لیا تھا

سفیر شل سا بیٹھا رہ گیا

کیا نیا گل کھلایا ہے تم نے ؟ اپنے باپ کی کرخت آواز پہ وہ حال میں واپس آیا تھا

اس نے تھکی تھکی نظریں اٹھا کر انکو دیکھا

وہ آج بھی ویسے ہی تھے اجنبی . . . بے رحم

لیکن یہ سولہ سالہ سفیر نہیں تھا یہ اکتیس سالہ مرد تھا آج اسے کسی پرائز ڈسٹریبیوشن میں اپنے باپ کو لے کر جانے کی ضرورت نہیں تھی آج وہ اکیلا بیرون ملک سفر کرتا تھا ایوارڈز لیتا تھا سراہیا جاتا تھا آج وہ اپنے باپ کی سخت باتوں سے اپنا دل زخمی نہیں کرتا تھا آج وہ ان باتوں کو دل کی قبر میں دفن کر کے اپنے پیروں پہ اٹھ کھڑا ہوتا تھا جس طرح ابھی کھڑا تھا

وہ تھوڑی دیر پہلے والا سفیر نہیں تھا مایوس تھکن زدہ مستقبل کے خوف سے مایوس اسکے کندھے اٹھے ہوئے تھے گردن میں جیسے سریا آگیا ہو اور چہرہ اتنا ہی بے تاثر جیسے کہ اسکے باپ کا

میں نے وہی گل کھلائے ہیں جو آپ نے اٹھارہ سال کی عمر میں کھلائے تھے تین بار تھانے جا چکے ہیں آپ یہ جگہ کوئی نئی تو نہیں ہوگی؟ اسکے لہجے میں ویسا ہی زہر تھا جیسا کچھ سال قبل اسکے باپ کے لہجے میں ہوا کرتا تھا کون کہتا تھا وہ انکا بیٹا نہیں ہے؟

بکو مت . . تمھیں اندازہ بھی ہے کمپنی کی ساکھ کتنی بری طرح متاثر ہوگی؟ اندازہ ہے ہمارے شیر ز کتنے گر جائیں گے اور اندازہ ہے کہ کس طرح سر اٹھا کر چلو گے لوگ لعنت بھیجیں گے تم پہ وہ دبا دبا غرا رہے تھے

سفیر استہزائیہ مسکرایا

کمپنی کی ساکھ کس نے بنائی ؟ میںنے اس نے انگلی سے سینے پہ دستک دی 💥

آنکھوں میں ایک بار پھر فاتح ہونے کا غرور آگیا

کمپنی کے شیئرز کس کی وجہ سے بکتے ہیں میری وجہ سے کمپنی کے ساتھ ڈیلز کیوں کی جاتی ہیں میری قابلیت کی وجہ سے

وہ سرخ آنکھیں لئے انکے کان کے قریب غرا رہا تھا کمپنی میں لوگ انو یسٹمنٹ کیوں کرتے ہیں میری وجہ سے سو آپ شمس سلطان آپ کمپنی کی فکر چھوڑ دیں اسکے لئے سفیر سلطان موجود ہے

اور جو ذلت آئے گی وہ میرے حصے میں ہوگی جس طرح آج تک میری کامیابیوں پہ میرا حق تھا صرف میرا آپ کو تب میرا ڈیڈ کہلوانا پسند نہیں تھا آج مجھے آپ کو اپنا باپ کہلوانا پسند نہیں ہے

آخری بات اس نے کس دل سے کہی تھی وہی جانتا تھا کہتے ہوئے دل ہزار بار ٹوٹا تھا

لیکن وہ سلطان تھا اسے بھرم رکھنے آتے تھے

شمس چند لمحہ اسے جانچتی نظروں سے دیکھتے رہے

وہ اب کوئی سولہ سالہ بچا نہیں تھا اب وہ انکے قد کو آنے لگا تھا

اگر ایسا ہی ہے تو میں کیوں کروں تمہاری مدد تم خود کیوں نہیں آجاتے باہر ؟ میں تمہارا باپ تو نہیں ہوں ناں ؟ سفیر مسکرایا سرد مسکراہٹ

آپ میری مدد اس لئے کریں گے کیونکہ میں یوسف سلطان کا پوتا ہوں انکی جان انکا محبوب پوتا اگر آپ نے مجھے ابھی اسی وقت یہاں چھوڑکر جائیں گے تو شام تک میں نکل ہی آؤں گا لیکن میں آپ کو آپ کا مستقبل بتا دوں

وہ انکی آنکھوں میں دیکھتا سنجیدگی سے کہہ رہا تھا

میں یہاں سے نکلنے کے بعد کرو گا یہ کہ میں ایک پریس کانفرنس بلا کر آپ کی کمپنی چھو ڑنے کا اعلان کروں گا اسکے بعد میں اپنی اسلام آباد والی کمپنی سنبھال لوں گا میں سیٹل ہوجاؤں گا لیکن آپ کو پتہ ہے آپ کا کیا ہوگا؟ اسکے لہجے میں سفاکیت آگئی

آپ کی نا قابلیت نا اہلی سے سارا جہاں واقف ہے پھر ہوگا یہ کہ

کوئی بھی کمپنی آپ کے ساتھ ڈیلز نہیں کریں بیرون ملک سے آپ کے ساتھ کوئی معاہدہ نہیں ہوگا لوگ آپ کے ساتھ انویسٹ نہیں کریں گے اور جو لوگ انویسٹ کر چکے ہیں انہیں میں آپ کی آنکھوں کے آگے سے اپنی طرف کر لوں گا میں آپ کی کمپنی کے بیگز جوتے اور باقی ساری چیزیں جو کچھ بھی ہمارے پاس بنتا ہے میں ان سب کو ایک خراب میٹریل سے بننے والا سامان قرار دلوا دوں گا آپ کی کمپنی پہ کوئی تھوکے گا بھی نہیں آپ کا دیوالیہ نکل جائے گا آپ سڑکوں پہ بیٹھ کر روئیں گا اور میں

وہ مسکرا آواز ہلکی کر لی

میں سفیر سلطان حکومت کروں گا کیونکہ میں اسی لئے بنا ہوں

اس نے بازو سینے پہ باندھ لئے اور دو قدم پیچھے کو ہوا

شمس چبھتی نظروں سے اسے دیکھ رہے تھے

کون کہتا تھا وہ انکا بیٹا نہیں ہے؟

Novelzy · online novels

Stories you won’t put down

Romance, dark romance, mafia, werewolf, billionaire and more, released chapter by chapter. Start with free chapters on any device, unlock premium chapters with coins, and earn rewards as you read.