اسکی آواز اسے خود بے گانی لگی
سفیر گہری سانس بھرتا کمفرٹر خود سے ہٹایا اٹھ کھڑا ہوا تھا
اگر ہا لے بے وفا نہ ہوتی تو اسکو سب معاف تھا اب خود اندازہ لگا لو وہ کیسی تھی
مہر کے دل کو دھکا سا لگا تھا جبکہ وہ بول کر باتھ روم کی جانب بڑھ گیا پھر دروازے پہ رکا اسکے سر میں ایک ٹیس سی اٹھی تھی
وہ چوکھٹ کو تھامے سر پہ ہاتھ رکھے وہیں ٹھہر سا گیا
مہر ماہ جلدی سے اسکے قریب پہنچی تھی
کیا ہوا ہے آپ آپ ٹھیک تو ہیں ناں وہ پریشان ہو اٹھی تھی
آپ کی طبیعت خراب ہے تو ہم ڈاکٹر کے پاس چلتے ہیں؟ وہ اسکے بازو پہ ہاتھ رکھے فکرمندی سے کہہ رہی تھی پتہ نہیں کیا ہوا ہے کل رات سے یہی ہو رہا ہے شاید ڈرنک کی وجہ سے . . . وہ اب تک سر کو ہاتھوں میں پکڑے کھڑا تھا
پہلے تو کبھی ایسا نہیں ہوا لیکن اب اب جتنا پیو اتنا کم لگتا ہے سمجھ نہیں آ رہا کیا کروں اس نے تفصیلی جواب دیا آپ یہ سب چھوڑ کیوں نہیں دیتے آخر آپ کو میری کوئی پروا ہے یا نہیں کیوں میری کوئی بات نہیں سنتے آپ ؟ وہ بے بسی سے پھٹ پڑی تھی
سفیر نے سرخ ڈوروں والی آنکھیں اٹھا کر اسکو دیکھا تھا
تم نہ میری محبت ہو اور نہ میرا عشق تم ایک ان چاہی بیوی ہو اور ان چاہی بیویوں کو یا تو گزارے کر نے پڑتے ہیں یا پھر طلاقیں لینی پڑتی ہیں میں دونوں باتوں میں راضی ہوں تم بتاؤ تم کیا چاہتی ہو؟ اس کے لہجے میں تضحیک تھی مہر نے گیلی آنکھیں اٹھا کر اسکو دیکھا تھا
میرا کیا قصور ہے سفیر کیا آپ سے محبت کرنا میرا قصور ہے؟
سفیر نے اسکا بازو سختی سے دبوچ لیا تھا
تمہارا قصور یہ ہے کہ تم محبت میں لالچی ہوگئی تمہارا قصور یہ ہے کہ تم نے اپنی بہن کے منگیتر سے شادی کرنے کی حامی بھر لی یہ جانتے ہوئے کہ وہ کسی کی بے وفائی سے ڈسا ہوا بنا ہوا مرد ہے تمہارا قصور یہ ہے کہ تمneedy اور desperate ہوگئیں تمہارا قصور یہ ہے کہ تم نے ہا لے بننا چاہا اگر تم مہر ماہ بنتی تو آج شاید میرے دل میں کہیں نہ کہیں تمہارا کوئی مقام ہوتا لیکن تم مہر ماہ تم نے اپنی عزت نہیں کی تم نے کسی اور کا نقاب اؤڑھ کر میرے دل میں داخل ہونا چاہا
وہ بول رہا تھا اور مہر دم سادھے اسکو سنے جا رہی تھی
تمھیں کیا لگتا ہے میں کچھ نہیں سمجھ سکا تمہاری ڈریسنگ تمہارا بولنا تمہاری باتیں تم نے ہر چیز کو ہا لے کے انداز سے جوڑ لیا ہے
تم مجھے بار بار شراب چھوڑنے کا کہتی رہیں کیا تمھیں واقعی لگا کہ میں صرف "کہنے "سے چھوڑ دوں گا کیا تمھارے پاس ہا لے جیسا ٹاکنگ پاور ہے کیا ہو تم ؟ کیا تم کبھی اپنی کوئی بات منوا سکی ہو تم ہا لے بننا چاہتی تھی
میں پہلے دن سے سمجھ گیا تھا لیکن کچھ کہا نہیں مجھے لگا شاید تم ایک دن اپنی جگہ پہ آجاؤ گی لیکن نہیں مہر تم جیسی ڈھیٹ گھٹیا اور محبت میں لالچی لڑکی میں نے کہیں نہیں دیکھی تم چاہتی ہو کہ جب سے تم محبت کرتی ہو وہ بس تمھارے ساتھ رہیں چاہے تمھیں ماریں چاہے تم سے پیار کریں چاہے ذلیل کریں چاہے عزت دیں بس وہ ساتھ رہیں تمہارا قصور یہ ہے کہ تم گریس لیس ہو اور مجھے ایسی عورتوں سے نفرت ہےا گر میری نظروں میں میرے قریب رہنا ہے تو ہا لے سلطان کاlesser verision بننا چھوڑ دو . . ورنہ میں تمھیں چھوڑ دوں گا وہ سخت لہجے میں کہتا اندر چلا گیا تھا
پیچھے مہر ماہ کا چہرہ ایسا تھا جیسے کسی نے سفید پینٹ پھیر دیا ہو . . وہ اپنی جگہ سے ہل بھی نہ سکی
وہ جس شخص کے لئے ساری دنیا چھوڑی وہ جس کے لئے کیریئر چھوڑا خود کو بے مول کیا اور جس کے لئے خدا چھوڑا وہ شخص اسے چھوڑنے کی بات کر رہا تھا وہ بھی اتنی آسانی سے ؟ آج اسے اندازہ ہوا تھا
ریاضتوں کا صلہ صرف اللہ کی محبت میں ملتا ہے بندے کی آپ کو دو کوڑی کا کر دیں انکا کیا بھروسہ ؟
اپنے گھر میں بنی شاہانہ طرز کی جم میں اس وقت شاہد حسین ٹریک سوٹ پہنے ٹریڈ مل پہ بھاگتے نظر آ رہے تھے انکے چہرہ پسینے سے تر تھا سرمئی آنکھوں میں سوچ کی پرچھائیاں تھیں اسی وقت ان ہی کی طرح کی سرمئی آنکھوں والا ایک لڑکا دروازہ کھولتا اندر آیا پاس کھڑے ملازم کو ہاتھ سے جانے کا اشارہ کیا ساتھ ہی اسکے ہاتھ سے ٹاول اور پانی کی بوتل لے کر اپنے ہاتھ میں پکڑ لی ملازم سر ہلاتا آگے بڑھ گیا شاہد حسین کان میں لگے ننھے آلے کی مدد سے کسی سے کال پہ بات کرنے میں مصروف تھے البت اسکی موجودگی محسوس کر چکے تھے کان میں لگا ننھا آلہ نکالا موبائل کا بٹن دبا کر کال ڈسکنیکٹ کی اسکے بعد ٹریڈ مل کی بھاگتی زمین کو ایک بٹن سے بند کر دیا قدموں کے نیچے کی زمین جیسے رک سی گئی تھی ہارون بغیر کچھ کہے انکے پیچھے کھڑا رہا شاہد جیسے ہی مڑ کر نیچے اترے ہارون نے سفید بے داغ ٹاول انکے آگے کیا جسے انہوں نے بغیر کچھ کہے تھام لیا اور اپنے چہرے اور گردن کا پسینہ صاف کرنے لگے
کیا اپنے لئے یہ کام تلاش کیا ہے؟ وہ ٹاول اسکو واپس تھماتے بولے تھے
اور اگر کر لیا ہے تو یاد رکھو اس تنخوا سے تمہاری گاڑی کا پٹرول بھی پورا نہیں ہوگا
ہارون نے مسکراہٹ ضبط کی تھی
میں اگر یہ کام کروں گا تو کسی خوبصورت لڑکی کے لئے آپ جیسے عمر رسیدہ آدمی بولتے بہت ہیں اور مجھے سننے کی عادت بہت کم ہے
وہ انکے قریب جھک کر کہہ رہا تھا
ان بوڑھے ہاتھوں میں اب بھی اتنی طاقت ہے کہ تمہاری ہڈی پسلی ایک کر سکوں پھر کیا ارادہ ہے ہارون صاحب ؟
بولتے ہوئے انہوں نے ہارون کے ہاتھ سے پانی کی بوتل لے لی تھی اور آگے بڑھ گئے
ہارون نے منہ کے زاویے بگاڑے تھے
اچھا چھوڑیں یہ سب مجھے بات کرنی ہے آپ سے وہ انکے پیچھے جاتے ہوئے بول رہا تھا
ابھی ساڑھے سات بج رہے ہیں میرے فریش ہونے کا وقت ہے فکس آٹھ بجے میں ناشتہ کروں گا اور ساڑھے آٹھ بجے مجھے آفس کے لئے نکلنا ہے تمہاری طرح بے روزگار نہیں ہوں میں
وہ اپنے موبائل کو دیکھتے ہوئے آگے بڑھتے جا رہا تھے ہارون انکے پیچھے پیچھے تھا
یار پیا رک جائیں بات تو سن لیں جانتا ہوں آفس میں بہت کام آپ کے منتظر ہیں بس چند جھوٹ ہی تو . . . شاہد حسین کی گھورتی آنکھوں نے اسکی زبان کو بریک لگایا تھا
مطلب چند سچ ہی تو بولنے ہیں جانتا ہوں میں آپ کتنے سچے ہیں بس وہ تو میرے منہ سے نکل گیا وہ سنبھل گیا تھا ان جھوٹوں کے مجھے پیسے ملتے ہیں وہی پیسے جن سے تمھارے خرچے پورے ہو رہے ہیں کہو تو جھوٹ بولنا چھوڑ دوں ؟ پھر اس شاہی گھر کو اپنے خرچوں کو تم سنبھال لینا ؟ انکے لہجے میں واضح طنز تھا
ہارون تلملا کر رہ گیا
ہاں ٹھیک ہے میں نہیں کماتا لیکن یہ کل سے آپ کچھ زیادہ طعنے نہیں دے رہے ؟ وہ جلے کٹے لہجے میں کہہ رہا تھا تو کماکر دکھا دو . . . . انہوں نے ترکی با ترکی کہا تھا
ہارون نے گہری سانس بھر کر کندھے ڈھیلے چھوڑ دئیے
کیا آپ کو پتہ ہے گریف (سوگ)کے کتنے اسٹیجز ہوتے ہیں؟
ہارون نے انکے عین عقب میں کھڑے ہو کر سنجیدہ آواز میں پوچھا تھا
شاہد ٹھہر گئے
مڑ کر ہارون کو دیکھا آنکھوں میں استجعاب ابھرا تھا
. انکار ،غصہ ،بارگنگ ،ڈپریشن ،قبولیت
انہوں نے سوگ کے سارے مراحل دہرا دئیے تھے چہرے پہ اب بھی نہ سمجھی کا تاثر تھا
ہارون نے سمجھنے والے انداز میں سر ہلایا
سہی کہا . پیا اب یہ بتائیں رستم کی موت کو آپ نے آج تک قبول کیوں نہیں کیا؟ اسکا لہجہ نارمل تھا
شاہد کے چہرے کا رنگ یکدم تبدیل ہوا تھا
. . . کیا بکواس ہے یہ
،میں قبول کر چکا ہوں مجھے پتہ ہے وہ اب کبھی واپس نہیں آ سکتا میں مان چکا ہوں ایک طوفان آیا اور میری سب سے قیمتی چیز لے گیا تم کیا بکواس کر رہے ہو انکے لہجے میں دبا دبا غصہ تھا
ہارون دو قدم آگے آیا انکی آنکھوں میں دیکھا اور کہنا شروع کیا
سوگ کے آخری مرحلے "قبولیت کے دو مراحل ہوتے ہیں پہلا آپ مان لیتے ہیں جو انسان آپ کیز ندگی سے چلا گیا وہ چلا گیا اور اب واپس نہیں آئے گا اور آپ اسکے بغیر جینے کی کوشش کرتے ہیں
. . . دوسرا
آپ مان لیتے ہیں کہ جو انسان آپ کی زندگی سے چلا گیا وہ اب نہیں آئے گا اور
شاہد سانس روکے اسے سن رہے تھے جم خانے میں ہارون کی آواز گونج رہی تھی
اور آپ اسکو کسی اور میں ڈھونڈنا شروع کر دیتے ہیں کسی اور میں اسکا عکس اسکی پرچھآئی اسکی شبیہہ ڈھونڈنے لگ جاتے ہیں جس طرح آپ نے رستم کے بعد مجھ میں ڈھونڈی
شاہد کو لگا جیسے کسی نے انکے منہ پہ زوردار تھپڑ دے مارا ہو وہ گنگ ہو گئے زبان تالو سے چپک گئی یہ کیسا نقاب تھا جو آج اترا تھا؟
وہ کچھ کہنا چاہتے تھے ہارون کی باتیں جھٹلانا چاہتے تھے یا پھر کم از کم اسکے منہ پہ ہاتھ رکھ کر اسے چپ کرانا چاہتے تھے لیکن نہیں کر سکے وہ لٹھے کی مانند سفید چہرہ لئے اسے بولتے ہوئے سنے گئے
آپ نے ہارون کو رستم بنانا چاہا حلانکہ یہ ایسا تھا جیسے زمین کو آسمان سے ملانا نہ وہ اچھا تھا نہ میں برا ہم بس مختلف تھے پیا ہم کبھی ایک نہیں ہو سکتے تھے نہ وہ ہارون بن سکتا تھا نہ میں رستم اسے اللہ نے اپنی باتوں اور زہا نت سے لوگوں کے دل جیتنے بھیجا تھا اور مجھے کسی کی زندگیوں میں رنگ بھرنے صرف اتنی سی بات تھی اور آپ سمجھ ہی نہیں سکے اسکے لہجے میں طنز نہیں تھا آواز بھی بلند نہیں تھی وہ بس بتا رہا تھا
شاہد کو اپنے پیروں پہ کھڑے ہونا مشکل لگا
اسکے جانے کے بعد آپ نے مجھ سے وہی سب ایکسپیکٹ کیا جو رستم کر سکتا تھا گریڈ سے لے کر کپڑوں تک بولنے سے لے کر کھانے پینے ہنسنے بولنے تک آپ نے ہر جگہ ہر جگہ مجھے اسکے جیسا بنانا چا ہا او میں نے کوشش کی خدا کی قسم میں نے کوشش کی
I tried my best
اس نے گردن جھکا لی
لیکن میں اس جیسا نہیں بن سکا یار میں اسکے جیسا نہیں تھا میں ہارون ہوں اور مجھے رنگوں کے لئے بنایا گیا تھا آئی ایم سوری میں وہ نہیں کر سکا جو آپ چاہتے تھے میں نے آپ کا فیورٹ بیٹا مار دیا آئی ایم سوری
شاہد خاموش ہوگئے کچھ نہیں کہہ سکے کیا انکے پاس کہنے کو کچھ تھا؟ ۔
کافی دیر بعد ہارون نے گردن اٹھائی تھی شاہد کی ویران آنکھوں میں دیکھا
میں اپنے لئے خود کوئی فیصلہ لینا چاہتا ہوں . . تاکہ میں بعد میں اگر پچھتاؤں تو وہ میرا اکیلے کا پچھتا وہ ہو اسکا لہجہ اب کے سنجیدہ تھا
شاہد اسکو دیکھتے ہوئے نیچے بچھے ہوئے رگ پہ بیٹھ گئے ہارون بھی انکے ساتھ بیٹھ گیا ٹانگیں سمیٹ کر
لیکن مجھے کچھ وقت چاہیے پیا میری ساری زندگی پلان شدہ تھی ہا لے اور میں اور ہماری زندگی ہم کو ئی ریستوران کھول لیتے یا کچھ اور کر لیتے لیکن جو بھی ہوتا ہم ساتھ ہوتے . . . آہستہ آہستہ کہہ رہا تھا شاہد بغور اسے سن رہے تھے
چوبیس سال کی ساری پلاننگ ایک دم سے جیسے ختم ہوگئی اگلے چوبیس سال کی پلا ننگ کے لئے چوبیس دن تو چاہیے ہوں گے ناں ؟ اس نے جیسے تائید چاہی تھی ہا لے میری ساری زندگی کوominantd کرتی تھی وہ چلی گئی ہے پیا آپ سوچیں تو سہی ہارون ہا لے کے بغیر رہ رہا ہے یہ کیا کسی معجزے سے کم ہے؟ میں آج بھی اتنی ہی تکلیف میں جتنی اس دن سفیر کے پروپوزل والے دن بس فرق یہ ہے کہ اب ہارون شاہد با وقار ہے اب وہ غم کے اشتہار نہیں لگاتا اب وہ خود کو اس غم کا عادی بنا رہا ہے میں نے آج تک اپنی ایک شرٹ لینے کا فیصلہ بھی نہیں کیا آپ پروفیشن کی بات کر رہے ہیں ہاں میں لوں گا فیصلہ لیکن بس تھو ڑا وقت اور بلکہ شاید میں فیصلہ لے چکا ہوں آپ کو بتانے میں وقت لگے گا
اور شادی کیا تم اب تم ساری زندگی شادی نہیں کرو گے؟ انکو جیسے ایک ہی خوف لاحق تھا
ہارون نے انکی آنکھوں میں دیکھا چند لمحے گزرے اسکے بعد اس نے کہنا شروع کیا
مجھے نہیں پتا پیا مجھے واقعی نہیں پتا شادی زندگی کا حصہ ہے لیکن زندگی نہیں اگر آپ کو لگتا ہے کہ کوئی لڑکی آ کر اچانک سے میرے سارے غم سمیٹ لے گی اور ہارون ہا لے کو بھول جائے گا تو ایسا نہیں ہوگا وہ میرے ساتھ اس طرح ہے جیسے جسم میں خون اور مجھے اپنے غم سے نکلنے کے لئے کسی تیسرے کی ضرورت نہیں ہے میں سروائیور ہوں اپنا مسیحا ہوں میں جھیل لوں گا اسکے لہجے میں عزم تھا
کیا تم اب بھی ہا لے کو یاد کرتے ہو؟ اسکی شادی ہوگئی ہے ہارون اب بس کر دو کچھ لوگ ہمارے لئے نہیں ہوتے انکا زندگی سے چلے جانا کوئی سزا یا بدقسمتی نہیں ہوتا یہ بس طے ہوتا ہے . . . تم اس حقیقت کو قبول کر لو بیٹے . . . میں کر چکا ہوں لیکن میرا دل بہت بری طرح ٹوٹ گیا ہے
اسکے لہجے میں غم تھا
اسکو جوڑنا بہت مشکل ہے مجھے بہت تکلیف ہو رہی ہے وہ کوئی ایک تعلق نہیں تھی جسے بھول جاؤں میں نے ہا لے کے علاوہ کو ئی دوست نہیں بنائے میں نے اسکے علاوہ کوئی راازدار نہیں بنایا اسکے علاوہ کوئی فیملی نہیں دیکھی وہ میرے لئے آل ان ون تھی میں یہ نہیں کہہ رہا کہ میں اسکا جوگ لے کر بیٹھ جاؤں گا یا اس کے غم میں سر میں مٹی ڈالوں گا اوںہوں میں ان سب چیزوں سے کافی آگے آ گیا ہوں میرار یموٹ اب میرے اپنے ہاتھ میں ہے لیکن . . . وہ رکا تھا آنکھوں میں کرب اترا تھا چہرےپہ اذیت کے تاثرات تھے
لیکن میں اس سے دور نہیں جا سکتا یہ میرے لئے نہ ممکن ہے وہ ضروری ہے سانس لینے جتنی ضر وری کیا آپ نے کسی سانس کے مریض کو بغیر آکسیجن ماسک کے دیکھا ہے؟ وہ بے بسی سے بولا تھا
شاہد بس اسکو دیکھے گئے
رستم کے بعد . آپ نے مجھے قبول کر لیا سوسائٹی نے نہیں کیا اسکول میں کوئی بچا میرے . . . ساتھ کھیلتا نہیں تھا اسکے لہجے اور اسکی آنکھوں میں ایسی اذیت تھی کہ کسی کا بھی دل پھٹ جائے
کوئی بچا مجھ سے بات نہیں کرتا تھا سارے دوست سب رشتے اس وقت کے بعد جیسے ختم ہوگئے اور باقی رہا کون؟ ہا لے
شاہد اتنی ہلکی آواز میں بولے کہ با مشکل خود سن سکیں
ہارون نے سر ہلایا
انداز میں شکست خوردگی تھی
بالکل باقی رہی ہا لے . . بس ہا لے تھی اس کیے باپ نے اسے مجھ سے ملنے سے نہیں روکا اسکول کے بعد کالج آیا وہی سب دوست اور وہی سرکل کالج میں پھر سے ملا مجھے بلی کرتے تھے پیا
ہارون کی آنکھوں میں سرخی در آئی تھی جیسے بہت مشکل سے ضبط کیا ہو
رستم کا قاتل کہتے تھے یہ بات ان چند بچوں نے پورے کالج میں پھیلا دی اور ہارون ایک بار پھر اکیلا ہوگیا اور پھر اسکے لئے کون آیا ؟ اس نے سوال کیا تھا یا شاید نہیں کیا تھا سوال وہ ہوتے ہیں جن کے جواب کے لیے منتظر رہا جائے یہاں بیٹھے دونوں مرد جواب جانتے تھے
میرے لئے پھر سے ہا لے آئی وہ میرے لئے ہر بار آئی اس نے ان لڑکوں سے بات کی آپ جا نتے ہیں ناں وہ کیسے بات کرتی ہے ہارون نے انکو دیکھ کر پوچھا تھا
اور پھر دونوں ایک ساتھ ہنس دئیے
وہ میرے لئے ہر بار آتی تھی اب میں اسکے لئے کیسے نہ جاؤں وہ میرے برے وقت میں ساتھ تھی میں اسکو کیسے چھوڑ دوں ؟ اس نے میرے اندھیروں میں روشنی کا کردار ادا کیا میں اس کے اندھیروں میں اسے اکیلا نہیں چھوڑ سکتا ؟ میں ہر چیز برداشت کر سکتا ہوں سب کچھ اسکی شادی اس کا کسی اور کے ساتھ خوش رہنا لیکن ایک چیز ہارون شاہد بس ایک چیز برداشت نہیں کر سکتا
ہا لے کی نفرت ہا لے کی بے رخی اور اسکا ہارون کے لئے اجنبی ہوجانا یہ میں نہیں سہ سکتا اس نے زور زور سے نفی میں سر ہلایا تھا
جیسے وہ خود کو یقین دلا رہا ہو کہ وہ یہ سب نہیں کر سکتا
شاہد نے چند انیے اسکو عجیب سی نظروں سے دیکھا تھا جیسے یقین کرنا چاہتے ہوںکہ یہ وہی ہارون ہے جو ہا لے کے نزدیک ہوا کو بھی برداشت نہیں کر سکتا تھا
تم بدل کیسے گئے ہارون ؟
وہ اسکے چہرے پہ نظر جمائے پوچھ رہے تھے تم تو بالکل ایسے نہیں تھے اپنی چیزیں دینا تو کبھی تم نے سیکھا ہی نہیں تھا اور ہا لے تم ہا لے کی قربانی دینے کو کیسے تیار ہوگئے کوئی ایک واقعہ کو ئی ایک بات انسان کو کیسے بدل سکتا ہے؟ شاہد حسین کی آنکھوں میں لا تعداد سوال تھے انکے لہجے میں شبہات تھے
ہارون نے نظریں اٹھا کر انکو دیکھا تھا
کیا آپ کی زندگی میں کبھی فجر میں جگانے جیسا لمحہ آیا ہے؟
شاہد کی آنکھوں میں تحیر اترا تھا
فجر میں جگانے جیسا لمحہ ؟
ہارون نےا ثبات میں سر ہلایا
بالکل فجر میں جگانے جیسا لمحہ کیا آپ نے کبھی نوٹ کیا ہے جب فجر کی اذان ہوتی ہے اور جب کبھی الارم یا اذان کی آواز سے ہماری آنکھ کھلتی ہے اور ہم اٹھ بیٹھتے ہیں وہ لمحہ کیسا ہوتا ہے وہ پوچھ رہا تھا شاہد حسین نے بے اختیار نفی میں سر ہلایا تھا
ہارون مسکرایا تھا
وہ"جاگنے "کا لمحہ ہوتا ہے ایک لمحہ بس ایک لمحہ اگر آنکھوں کو زبردستی کھلا رہنے دیا اگر ایک لمحے میں بستر سے اٹھ کر بیٹھ گئے اگر ایک لمحہ میں حق کی آواز پہ لبیک کہہ دیا تو فجر مل جاتی ہے ورنہ اگلے ہی لمحے ایک گہری اور غفلت بھری نیند آپ پہ طاری ہوجاتی ہے جاگنا اس ایک لمحے میں ہوتا ہے ورنہ فجر قضا ہوجاتی ہے کیا آپ کبھی دوسرے لمحے میں جاگے ہیں؟ کوئی نہیں جاگا ہوگا کوئی بھی نہیں اور اگر کوئی دوسری صدا پہ جاگا بھی ہوگا تو اس نے یا تو قضا پڑھی ہوگی یا پھر نماز میں وہ سکون ملا ہی نہیں ہوگا
شاہد نے حیرت سے ہارون کو دیکھا تھا اب بات کچھ کچھ ای سمجھ میں آنے لگی تھی انکا بیٹا کہے جا رہا تھا
ایک بات یا ایک واقعہ انسان کو نہیں بدلتا انسان خود "اپنے آپ "کو بدلتا ہے ہر انسان کی زندگی میں اسکو اس کے خواب سے جگانے کے لئے ایک لمحہ آتا ہے کوئی جاگ جاتا ہے اور کوئی آنکھیں بند کر لیتا ہے جو جاگ جاتا ہے اس پہ اللہ اپنا کرم کرتا ہے اور آسانیاں پیدا کر دیتا ہی اور جو سوج آتا ہے اسکی فجر قضا ہوجاتی ہے میں نے نیند کو بھگا کر سستی سے جان چھڑوا کر زبردستی اپنی آنکھیں کھول لیں اور مجھے فجر مل گئی پیا . . . . یہ میں نے نہیں کیا یہ ہا لے نے بھی نہیں کیا یے اللہ نے کیا اور اس نے اس لئے کیا کیونکہ شاید دور کہیں میں یہی چاہتا تھا . . اس نے آنکھیں کھلوا دیں کیونکہ ان پہ لگی پٹی میں اب دنیا اندھیر لگنے لگی تھی اس نے میری اند ھیری دنیا کو رنگین کرنے کے لئے میرے ہاتھوں میں رنگ دے دئیے اور اب لگتا ہے جیسے میں ان رنگوں کو چھوڑ ہی نہیں سکتا یہ رنگ میرا عشق ہیں میرا ہنر میرا کام آپ نے مجھ سے فیصلہ لینے کو کہا تھا ناں میرا فیصلہ میرے "رنگ" ہیں اب ہارون شاہد رنگوں کے بغیر نہیں رہ سکتا کیونکہ میں جان گیا ہوں یہی میرا اصل ہے یہ میرا ٹیلنٹ اور یہی مرہم وہ بول کر مسکرایا تھا نم ہوتی آنکھوں کو ہتھیلی کی پشت سے رگڑ کر صاف کیا
شاہد یک ٹک اسے دیکھے گئے بغیر پلک جھیلکے
ہارون کیا تمھیں لگتا ہے ہا لے اور تمہارا تعلق دوبارہ سے ویسا بن سکتا ہے؟
اس نے نفی میں سر ہلا یا
مجھے ویسا تعلق چاہیے بھی نہیں پیا میں آرٹسٹ ہوں مجھے چیزیں ری سائیکل کرنی آتی ہیں ہمارے تعلق کو بھی ریسائیکلنگ کی ضرورت ہے ہمارے پچھلے تعلق میں ہارون کمزور تھا دبتا تھا
دبتا تھا؟ شاہد نے تعجب سے دہرایا تھا . کیا ہا لے ٹاکسک تھی؟ انکے لہجے میں بے شمار حیرت تھی
ہارون نے سر ہلایا
ہاں ہا لے ٹاکسک تھی میرے معاملے میں وہ ٹاکسک تھی اس نے اعتراف کیا تھا دوستی میں برابری ہونی چاہئے ہمارے تعلق میں نہیں تھی یہاں وہ ملکہ تھی اور میں غلام میری بات کی کوئی اہمیت نہیں تھی اورا سکی باتیں حرف آخر . . میری رائے نہیں سنی جاتی تھی اور اسکے مشورے سہی لیکن اب ایسا نہیں ہوگا اسے اپنا رویہ بدلنا ہوگا
یہ . . یہ کیسے ہو سکتا ہے ہا لے ٹاکسک کیسے ہو سکتی ہے وہ اب بھی سخت متعجب تھے اور بلفرض اگر وہ ہے بھی تو تمھیں ایسا کیوں لگتا ہے کہ وہ ٹھیک ہو سکتی ہے ٹاکسک لوگ کبھی ٹھیک نہیں ہوتے انکے لہجے میں ہزار اندیشے تھے
ہارون مسکرایا تھا اسکی سرمئی آنکھیں اسکے ساتھ مسکرائی تھیں
ٹاکسک لوگ دو طرح کے ہوتے ہیں اس نے انگلیوں پہ گنوایا
پہلے وہ حبکو پتہ ہوتا ہے کہ وہ ٹاکسک ہیں انکا رویہ غلط ہے وہ لوگوں کو ہرٹ کر رہے ہیں ان کے اندر برائیاں ہیں لیکن وہ یہ سب کچھ ماننے کو تیار نہیں ہوتے وہ اپنا رویہ بدلنے کو تیار نہیں ہوتے وہا پنے اس عمل کو جسٹیقائی کرتے رہتے ہیں یہاں تک کہ وہ اپنے سے جڑے تعلقات کو کھو دیتے ہیں
اور دوسرے وہ جو ٹاکسک ہوتے ہیں لیکن ان کو پتہ ہی نہیں ہوتا کیونکہ ان کو کبھی اس بات کا احساس ہی نہیں دلایا جاتا وہ اپنے رویے سے واقف ہی نہیں ہوتے انکو لگتا ہے جو ہے جیسا ہے ٹھیک ہے لوگ انکی مان رہے ہیں ٹھیک ہے وہ مذاق کے نام پہ لوگوں کو ذلیل کر رہے ہیں ٹھیک ہے انکی باتوں سے کسی کا دل دکھ رہا ہے لیکن انہوں نے تو بھلائی کی بات کی ٹھیک ہے کوئی انکو یہ نہیں بتایا کہ مذاق کرنے اور مذاق اڑانے میں فرق ہوتا ہے کوئی انکو یہ نہیں بتایا کہ نصیحت کرنے اور دل دکھانے میں فرق ہوتا ہے اور ایک دن جب انہیں پتہ لگ جاتا ہے تو پہلے وہ شاکڈ ہوتے ہیں پھر انکار کرتے ہیں پھر شرمندہ اور آخر میں وہ مان لیتے ہیں وہ مان لیتے ہیں کہ وہ غلط تھے وہ اپنا رویہ درست کر لیتے ہیں ہیں اور رشتے بچا لیتے ہیں ایسے لوگ انمول ہوتے ہیں
وہ سانس لینے کو رکا
ہا لے بھی ایسی ہے مجھے یقین ہے جب میں اسے احساس دلاؤں گا وہ خود کو درست کر لے گی کیونکہ اب ہارون کو برابری چاہیے کیونکہ اب ہارون فجر کی اذان میں ہونےوالی پہلی صدا پہ جاگ گیا ہے
شاہد اسکو دیکھ کر مسکرائے ہارون کی کلفت جیسے دور ہوگئی
تمہیں لگتا ہے پینٹنگ تمھارے خرچے جھیل سکے گی کیا تم اس کمائی سے زندگی گزار سکو گے؟ وہ جیسے اسکے اس فیصلے سے خوش نہیں تھے
ہارون نے انکو نہیں دیکھا وہ گردن ترچھی کئے دوسری جانب دیکھنے لگا
مجھے اپنی شاہانہ زندگی کو مینٹین رکھنے کے لئے کچھ اور کرنا ہوگا میں جانتا ہوں لیکن میں ایسی زندگی کا کیا کروں گا جس میں "خوشی اور سکون "ہی نہ ہو؟ رنگ مجھے خوشی دیتے ہیں میرا غم میری کلفت دور کر دیتے ہیں ان کے درمیان رہتا ہوں تو یاد رہتا ہے کہ میں ہارون شاہد ہوں اور میرے ہاتھوں میں اللہ نے رنگوں سے دنیا بنانے کا ہنر رکھا ہے . . . . آج تک میں ان رنگوں سے بھاگتا رہا لیکن اب احساس ہوتا ہے کہ ساری خوشی تو انہی میں تھی اللہ نے میرا دل تو انہی کے زریعے جوڑنا تھا میرا اصل تو یہی تھے اور جب انسان اپنے اصل کی طرف لوٹ آتا ہے تو کوئی واپسی نہیں ہوتی میں اب خوش ہوں ہاں میرا دل ٹوٹا ہوا ہے لیکن میں آرٹسٹ ہوں میں ٹوٹی ہوئی چیزوں کو جوڑ تے جوڑتے ایک دن اس اصل آرٹسٹ
انگلی آسمان کی جانب اٹھائی اس سے اپنا دل بھی جڑ وا لوں گا آپ فکر نہ کریں اب ہارونا پنے ساتھ اپنے اصل کے ساتھ خوش ہے
وہ اٹھ کھڑا ہوا چوڑی ہتھیلی اپنے باپ کے سامنے پھیلائی
اور اگر کوئی کمی ہوئی تو آپ کے بینک اکاؤنٹس تو ہیں ہی آخر میں اسکا لہجہ ہلکا پھلکا ہوگیا
شاہد حسین ہنستے ہوئے اٹھ کھڑے ہوئے
اب وہ دونوں باہر جا رہے تھے شاید ایک اچھا ناشتہ یا پھر ایک اچھی واک . . . لیکن سب سے اہم ایک اچھی زندگی