عمر حیات کے بنگلے پہ غیر معمولی خاموشی تھی شانو اپنا کام کر کے جا چکی تھی دوپہر کا کھا نا بننے میں وقت تھا ہا لے لان میں بیٹھی مہر سے کال پہ بات پہ کر رہی تھی جب عمر گھر کے اندر داخل ہوا وہ ابھی سکندر شاہ سے مل کر آیا تھا اس نے دور سے ہا لے کو یہاں بیٹھے دیکھا تو نہیں چلا آیا وہ اسکی طرف پیٹھ کیے بیٹھی تھی عمر کی آہٹ پہ مڑی تھی اسکو دیکھ کر حلق تک میں کڑواہٹ گھل گئی تھی
میں نے اس اسٹال والے آدمی کا کام کر دیا ہے اب اپنی زبان میں اسکو سمجھا لیں کہ آئندہ اپنا اٹھنا بیٹھنا "ٹھیک "کر لے پولیس اتنی پاگل نہیں ہوتی کہ روڈ پہ چلتے عام آدمی کو اٹھا کر جیل میں ڈال دے وہ اسکے سامنے کھڑا کہہ رہا تھا
وہ آدمی بے قصور تھا اسکا کسی چوری ڈاکے میں کوئی ہاتھ نہیں تھا پولیس والوں نے اسکے سر پہ جھوٹا کیس ڈالا تھا میں اس آدمی کو کئی سالوں سے جانتی ہوں وہ بیچارہ رحم دل اور شریف انسان ہے
جی جی بالکل اس شریف رحم دل انسان نے ایک رات ڈکیتوں کو اپنے گھر پہ پناہ دی تھی وہ چور اسکے دوست تھے اسکا سرکل تھے اور انسان کے کردار کا پتہ اسکے سرکل سے لگایا جاتا ہے اب غنڈے موالیوں میں اٹھے بیٹھے گا تو گورنر ہاؤس کی سیر تو کرے گا ناں عمر بے زاری سے کہہ رہا تھا
ہا لے نے اچھنبے سے اسکو دیکھا تھا
. . . گورنر ہاؤس ؟
عمر مسکرایا تھا . . . ظاہر ہے وہ اسکی اصطلاحات سے نہ واقف تھی
گورنر ہاؤس ہم تھانے کو کہتے ہیں یہ کوڈ ورڈ ہے
رشوت کو ہم چائے پانی کہتے ہیں . . .
اور مار پیٹ کو خاطر تواضع کہتے ہیں
تھانے میں آنے والے کو ہم مجرم نہیں" مہمان "کہتے ہیں
اور بار بار آنے والے کو "محبوبہ" کہتے ہیں
آہستہ آہستہ آپ جان جائیں گی وہ محضوض سا کہہ رہا تھا
ہا لے نے دھیان نہیں دیا
تم نے کیسے کیا یہ ؟ وہ چھ ماہ سے تھانے میں ہے تم نے چند دنوں میں یہ کیسے کیا؟ اسکی سو ئی کسی اور جگہ اٹکی تھی میں نے یہ کام چند دنوں نہیں چند منٹوں میں کیا ہے پچھلے کچھ دن میں مصروف تھا اسلئے میں نہیں کر سکا دوسرا وہ شریک جرم نہیں تھا میں نے کیس بدل دیا ہے میں نے تھانے میں بات کر لی ہے اب کیس کچھ س طرح ہوگا کہا چھ ماہ قبل اس بوڑھے کا بیٹا جواد جب اپنے گھر میں سو رہا تھا تو چند مشتبہ افراد اسکے گھر میں گھس آئے اسکی بیوی بچوں کو زدو کوب کیا اور پولیس سے بچنے کے لئے ایک رات انکے گھر پہ زور زبردستی پناہ لی مزید چند محلے والوں کی گواہی اور ان ڈاکوؤں میں سے ایک آدمی کو خرید لیا وہ ہماری مرضی کی گواہی دے گا اور ایک آخری بات میں نے یہ سب آپ کے لئے نہیں کیا میں یہ جج صاحب کے لئے بھی نہیں کرتا میں مجرم کو معصوم نہیں قرار دے سکتا وہ آدمی واقعی شریف ہے اور اپنے دوستوں کے ان مشکوک کاموں میں جواد کا کوئی حصہ نہیں تھا . . . . اب کچھ دنوں تک وہ باہر آجائے گا امید ہے سدھر بھی جائے گا میں نے دو ہاتھ لگا دیے ہیں . .
وہ کچھ اور بھی کہہ رہا تھا جب ہا لے نے اسکی بات کاٹی
تم نے اسے مارا ؟ . . . تمھیں ترس نہیں آیا تم ایسا کیسے کر سکتے ہو ہا لے کو واقعی غم لگا تھا
نہیں تو آپ کیا چاہتی ہیں اسکے قدموں میں بیٹھ جاتا اسکی منت سماجت کرتا کہ بھائی صاحب آئندہ آپ ایسے مشکوک لوگوں سے نہیں ملیں گے . . . بلکہ اپنے سر کی قسم اٹھوا لیتا کہ اگر تم نے آئندہ ایسا کچھ کیا تو میرا مرا منہ دیکھو وہ ہاتھ جھلاتے ہوئے کہہ رہا تھا
ہا لے نے ڈھیر سارا اشتعال اندر دبآیا تھا ابھی وہ کچھ کہتی جب اسکے ذہن میں ایک جھماکا ہوا
تم یہیں رکو . . . یہیں میں . آتی ہوں وہ غائب دماغی سے کہتی اندر چلی گئی تھی
تھوڑی دیر بعد جب واپس آئی تو عمر اسی جگہ کھڑا تھا اسکی اسکین کرتی نظر ہا لے کے ہاتھ میں دبے چیک پہ گئی وہ تب تک اسکے قریب آ کر رکی تھی
یہ میں نہیں لے سکتی . . . اس نے چیک ہوا میں بلند کیا تھا
عمر نے آنکھیں سکیڑ کر اسکو دیکھا تھا
ہا لے . . ہم دونوں کے درمیان ایک معاہدہ ہوا تھا آپسی اختلافات کو ایک طرف رکھ کر ہم پارٹنرز بن کر کام کریں گے اور یہ کوئی بخشش نہیں ہے یہ آپ کے زیورات کی رقم ہے آپ اگر انکو کہیں اور بھی بیچتیں تو ظاہر ہے اتنے ہی پیسے ملتے اسے رکھیں کام آئیں گے می. . . وہ پر سے کہہ رہا تھا
میں یہ اس لئے نہیں لے رہی کیونکہ یہ رشوت کی رقم ہے میں بغیر پیسوں کے رہ سکتی ہوں لیکن حرام کی کمائی میرے لئے نا قابل قبول ہے یہ واپس لے لو اب کے اسکے لہجے میں سختی نہیں تھی وہ بس منع کر رہی تھی جبکہ عمر پہ تو حیرتوں کے پہاڑ ٹوٹ پڑے تھے
رشوت ؟ . . حرام کا پیسہ آخر یہ سب کہہ کیا رہی ہیں آپ ؟ وہ کافی دیر بعد بولا تھا
رشوت کا پیسہ نہیں تو اور کیا ہے یہ بیس لاکھ عمر یہ بیس لاکھ کا چیک ہے تمہاری دس تنخواہوں سے زیادہ آخر اتنا پیسہ تم کہاں سے لائے ؟ ظاہر ہے یہ تمہارا "چائے پانی" ہوگا وہ چائے پانی پہ زور دیتی بولی تھی
عمر کا چہرہ سرخ ہوا تھا
ہا لے میں آپ کی ساری نفرت بدتمیزی سب برداشت کر لوں گا لیکن میری جاب میرا فرض ہے میں اس معاملے میں کوئی غلط بات برداشت نہیں کروں گا جاننا چاہتی ہیں کہاں سے آیا یہ پیسہ . . یہ رقم میرے شوروم سے آتی ہے صدر بازار میں تین دکانیں ہیں میری وہاں سے آتی ہے اب آپ پوچھیں گی وہ دکانیں کہاں سے آئیں تو میں آپ کو بتا دوں وہ دکانیں میری ماں کا شرعی اور قانونی حصہ ہیں میں اٹھارہ سال کی عمر سے مختلف نوکریاں کر رہا ہوں میں وہ آدمی نہیں ہوں جو تنخوا سے گزارا کرے مجھے پر تعیش زندگی پسند ہے اور اسکے لئے ایک آمدنی کبھی بھی کافی نہیں ہوتی یہ چیک صرف بیس لاکھ کا ہے میں آپ کو ایک ایک کروڑ کا چیک بھی دے سکتا ہوں عمر حیات نے پیسہ کمایا ہے اور بہت کمایا ہے لیکن میں نے کبھی حرام نہیں کھایا آئندہ کبھی بھی میری کمائی کو رشوت یا حرام کی کمائی کہنے سے پہلے ہزار بار سوچ لیجئے گا وہ بول کر تیز تیز قدم اٹھاتا با ہر نکل گیا تھا
پیچھے ہا لے بے تاثر چہرے کے ساتھ اسے جاتے دیکھتی رہی
دو گھنٹے بعد
وہ شہر کے بہت بڑے اور مہنگے مال کے لیڈیز سیکشن میں تھی یہ ایسا مال تھا جہاں صرف امراء آتے تھے غریبوں اور مڈل کلاس لوگوں نے ایسے مال بس فلموں اور ڈراموں میں دیکھ رکھے تھے یہاں کی ایک لپسٹک بھی اتنی مہنگی تھی کہ اتنے پیسوں سے ایک غریب آدمی کا سارے مہینے کا خرچہ نکل جائے شانو اسکا سایہ بنی اسکے ساتھ ساتھ چل رہی تھی ساتھ بار بار گردن اٹھا کر کبھی یہاں دیکھتی تو کبھی وہاں . . . ہا لے نے کئی دفع اسے سیدھا دیکھ کر چلنے کو کہا تھا لیکن وہ مال کی روشنیوں اور رنگینیوں میں ایسی گم تھی کہ اسے کچھ دکھائی سنائی نہیں دیتا تھا اسکے برعکس ہا لے کے تاثرات سپاٹ تھے وہ جیسے مارے باندھے یہاں آئی تھی ایک جگہ سے اپنے لئے کچھ جوتے خریدے کہ اب تک بخش کی لائی زرد ہیلز میں گھوم رہی تھی اب وہ ایک شاپ سے اپنے لئے چند لان کے سوٹ خرید رہی تھی سردار کی بیوی کے کپڑوں پہ لگا برانڈ ٹیگ اس نے دیکھ لیا تھا اسکے لئے اسی برانڈ کی کلیکشن میں سے کچھ کپڑے خریدے جو کہ تقریبا پندرہ جوڑے تھے
تھوڑی دیر مزید اسی سپاٹ اور سرد تاثرات کے ساتھ اپنی باقی ضرورت کی چیزیں لینے کے بعد وہ بل کاؤنٹر پہ آگئی تھی
میم آپ کا کارڈ ؟ . ڈیسک کے پیچھے کھڑی لڑکی نہایت شائستگی سے بولی تھی
میں کیش پہ کروں گی . . . آپ بل بنا دیں ہا لے نے جواب دیا تھا
چند لمحہ کھٹ پٹ ٹائپ کر کے اس لڑکی نے بل ہا لے کے سامنے کیا تھا . . . اسکی نظر سیدھا آخر میں ٹوٹل پہ گئی تھی
پانچ لاکھ دس ہزار . . . . ہا لے نے بدقت اپنی مسکراہٹ برقرار رکھی . .
نارمل حالات میں یہ بل اسکے لئے کوئی اہمیت نہ رکھتا لیکن بات یہی تھی کہ حالات نارمل نہیں تھے
(یہ چند)کپڑے اور جوتے اتنے مہنگے ہوگئے اور پتہ بھی نہیں چلا وہ بس سوچ ہی سکی
وہ پانچ لاکھ ان کپڑوں اور جوتوں میں نہیں جھونک سکتی تھی یہ طے تھا بلاشبہ وہ سارے ڈریسز اور جوتے برانڈڈ تھے اور وہ ہمیشہ سے یہی سب خریدنے اور پہننے کی عادی رہی تھی لیکن تب اسکے پاس کیسا ور کے کارڈز ہوتے تھے اور اس وقت اسکے پاس جو پیسے تھے وہ اسے اپنا زیور بیچ کر ملے تھے کیا وہ ان پیسوں کو اس طرح خرچ کرنا بلکہ اس طرح اڑانا "افورڈ "کر سکتی تھی جواب ایک بہت بڑی" ناں" میں آیا تھا
یہ کارڈ رکھ لیں . . . عقب سے آتی آواز پہ وہ ٹھٹھک گئی تھی
ہمیشہ کی طرح نکسک سے تیار بالوں کو جیل سے جمائے وہ محسور کر دینے والی پرسنالٹی والا آدمی سفیر سلطان تھا ہا لے مڑ بھی نہ سکی وہ ایک جگہ جم گئی تھی
شیور سر . . . وہ لڑکی مسکرا کر بولی تھی سلطان فیملی عموما یہاں آتی رہتی تھی اور اآجکل تو یہ خاندان خبروں کی زینت بنا ہوا تھا اسلئے وہ لڑکی جان گئی تھی کہ وہ دونوں کزنز ہیں
نہیں رک جائیں ہا لے نے خود کو بولتے سنا . . . .
آپ ایسا کریں ان چیزوں کا بل بنا لیں اور باقی رہنے دیں میں پھر کبھی آجاؤں گی اس نے سردار کی بیوی کے لئے لینے والے کپڑوں کے بیگز الگ کرتے ہوئے کہا تھا
شانو بس خاموش کھڑی انکو دیکھتی رہی . . . اسے یہ بھوری آنکھوں والا آدمی برا لگا تھا یہاں اگر اسکا صاحب ہوتا تو کیا ہی بات تھی
میں کہہ رہا ہوں ناں میرا کارڈ یوز کر لو سمجھ نہیں آ رہی ؟ اب کے وہ ذرا سخت لہجے میں بولا تھا
ڈیسک کے پیچھے کھڑی لڑکی اب ذرا پریشان ہوئی تھی
ان چیزوں کا بل کتنا ہوا؟ . . ہا لے بغیر سفیر کی طرف دیکھے چند بیگز اسکے سامنے کرتے ہوئے پوچھ رہی تھی سفیر دو قدم آگے آیا تھا ہا لے کے کندھے کے پیچھے
ہا لے میں کہہ رہا ہوں ناں میرا کارڈ لے لو یہاں تماشا مت بناؤ . . . . تم ہماری فیملی کو جتنا ذلیل کر سکتی تھی اتنا کر چکی ہو اب بس . . . بہت ہوگیا سب دیکھ رہے ہیں اس نے آواز ہلکی کر لی تھی
ہا لے کے ہتھیلی پسینے سے بھر گئی تھی وہ مزید اسے برداشت نہیں کر سکتی تھی
وہ مڑی تھی زرد ہوتے چہرے پہ بدقت مسکراہٹ لائی
میں اپنا بل خود دے سکتی ہوں سفیر . . . آپ تکلف نہ کریں جس کام کے لئے آئے تھے پلیز وہی کریں . . . . وہ بہت مشکل سے ضبط کرتی بولی تھی
بل بناتی لڑکی نہ کن اکھیوں سے ان دونوں کو دیکھا تھا انکے پیچھے بل ادا کر نے والے لوگ بھی انکو دیکھنے لگے تھے سفیر مسکرایا تھا ایک نظر ڈیسک کے پیچھے کھڑی لڑکی کو دیکھا پھر اپنے پیچھے کھڑے لوگوں کو دیکھا اور کہنا شروع کیا
اصل میں یہ مجھ سے ناراض ہے کزنز میں ایسا ہوتا رہتا ہے . . . اور اپنا کارڈ بھی بھول آئی ہے یو نو لڑکیوں کی جلدی کی عادت وہ مسکرا مسکرا کر کہہ رہا تھا اس لئے میں اپنا کارڈ دے رہا ہوں لیکن یہ لینے کو تیار ہی نہیں ہمیں بس پانچ منٹ دے دیں وہ کہہ کر ہا لے کی طرف مڑا تھا
لڑکی کچھ نہ بولی وہ ان کھوکھلی مسکراہٹوں اور جھوٹی وضاحتوں کی عادی تھی
وہ دو ٹکے کا پولیس والا جو تمھارے بلز تک پے نہیں کر سکتا تم نے اسے مجھ پہ فوقیت دی؟ اب مزید کوئی تماشہ بنوانے کی ضرورت نہیں ہے خاموشی سے میرا کارڈ لو اور بل کلیئر کرو وہ ہلکی آواز مگر سخت لہجے میں بول رہا تھا تب تک لڑکی بل بنا چکی تھی
میرا شوہر چاہے مجھے بھوکا بھی رکھے لیکن کم از کم وہ مجھ پہ ہاتھ نہیں اٹھاتا وہ کہہ کر مڑ گئی تھی
میڈم اب آپ کے دو لاکھ پچھتر ہزار ہوگئے . . . ہا لے نے قریب جا کر بل انگلیوں سے پکڑا تھا
پھر بیگ سے کچھ نوٹوں کی گڈیاں نکال کر ڈیسک پہ رکھیں اور مسکرائی
تھینکو سو مچ . . .
لڑکی نے گنا نہیں کیونکہ اسکی ضرورت نہیں تھی
وہ مڑی اور سفیر کو دیکھا
اور مڑ گئی
شانو بیگ اٹھائے اسکے پیچھے گئی تھی
سفیر مٹھی بھینچے اسکو دیکھے گیا
اپنے کسی دوسرے عاشق سے بل پے کروانے تھے تو پہلے بتا دیتی سفیر پیچھے سے بلند آواز سے پکارا تھا
ہا لے کے دل پہ جیسے چھری لگی تھی
مجھ سے دل بھر گیا ہے ناں تب ہی تو آج میرا پیسہ حلق میں اٹکنے لگ گیا ہے
ہا لے کے قدم تھمے تھے اسے دکھ ہوا تھا بہت زیادہ دکھ
لوگ حیرت سے سفیر کو دیکھے گئے وہ سوٹڈ بوٹڈ ڈیسنٹ سا انسان اتنی گندی زبان رکھتا تھا
شرم آنی چاہئے تمھیں ہا لے سلطان ڈوب مرنا چاہئے تمھیں . . . شادی کی رات گھر سے بھاگنے والی لڑکیوں کو زیب نہیں دیتا اتنا نخرہ
وہ مزید نہیں سن سکی بھاری ہوتے قدم اٹھائے اور آگے بڑھنے لگی . . . ہر قدم اتنا بھاری تھا جیسے کوئی وزنی پتھر پیر سے باندھ رکھا ہو
جسکا باپ اسکا صدمہ لے کر وقت سے پہلے مر گیا ہو جسکے بھائی نے اپنی بہن کی بد کر داری کی وجہ سے باہر نکلنا سوشل ہونا چھوڑ دیا ہو اس لڑکی کو اتنی اکڑ زیب نہیں دیتی وہ اب بھی چلا رہا تھا
وہ چلتی گئی چلتی گئی کانوں میں اترتا زہر دل میں اترنے لگا تھا لیکن وہ چلے گئی . . . اس سے پہلے کہ جسم زہر سے سبز پڑتا اسے یہاں سے جانا تھا
نہ جانے کیوں . . . ایک لمحے کو دل نے خواہش کی تھی کہ کاش عمر حیات یہاں ہوتا . . . اگلے ہی لمحے اس نے دل کو ڈپٹ کر سلایا تھا
اور اس جگہ سے باہر آگئی تھی
دل تھا کہ پھٹ رہا تھا آنکھیں چھلکنے کو بے تاب
سفیر کے ساتھ اس نے ایک بہترین وقت گزارا تھا . . . وہ کم بولتا تھا لیکن اچھا بولتا تھا کبھی اونچی آواز یا بدتمیزی سے بات نہیں کی تھی . . ہر معاملے کو سمجھنے والا اسکی اور چچی کی صلح کروانے والا . . . حسن اور ہا لے کے جھگڑے میں ہمیشہ ہا لے کو سپورٹ کرنے والا جب وہ فیل ہوتی تو اسکے کالج اور یونیورسٹی میں اسکے سر پرست کی حیثیت سے جعلی کالز کرنے والا اسے سفیر سے کوئی طوفانی عشق نہیں تھا وہ بس اچھا تھا دل کو بھی اچھا لگتا تھا . . .
وہ اچھے وقتوں کا اچھا ساتھ تھا اب برے وقت میں برا کیوں بن رہا تھا؟
باجی چلیں . . . ؟ شانو کی آواز پہ وہ ہوش میں آئی تھی
آنکھیں ضبط سے سرخ پڑ رہی تھیں جی چاہا تھا کہ دھاڑیں مار مار کر روئے لیکن بھلا فرق کس کو پڑتا تھا؟
چلو . . . وہ غائب دماغی سے کہتے آگے بڑھ گئی تھی
تھوڑی دیر بعد گاڑی ڈرائیو کرتے اسکا چہرہ ہر احساس سے عاری تھا دل پہ ان آ نسوؤں کا بوجھ تھا جو گرے نہیں تھے
باجی اگر آپ برا نہ مانو تو میں آپ کو ایک سستی مارکیٹ سے کپڑے دلوا سکتی ہوں . . . مہنگے بھی نہیں ہوں گے اور مناسب بھی مل جائیں گے شانو نے ہلکے لہجے میں کہا تھا
گاڑی ڈرائیو کرتی ہا لے سوچ میں پڑ گئی
وہ اس وقت پیسے اڑانا افورڈ نہیں کر سکتی تھی اور ویسے بھی اب دل کو ان مہنگے کپڑوں اور برانڈڈ چیزوں کا شوق نہیں رہا تھا اس نے آج جتنے بھی جوڑے خریدے تھے ان پہ بس ایک ہی نظر ڈالی تھی اور پیک کروا لئے یہ وہی ہا لے تھی جو ایک جوڑے کو ہزار بار دیکھ کر دس دکان گھوم کر سب سے بہترین جوڑا لیتی تھی معراج سلطان کے جسم کے ساتھ ہا لے سلطان کا دل بھی مر گیا تھا
ہا لے کو اب لگتا تھا کہ انسان مرنے سے پہلے کئی بار مرتا ہے اور ایسی اموات کے آگے سانسوں کا رک جانا ایک ثانوی حیثیت رکھتا ہے ہمارا دل کا ایک ایک کونہ وقت گزررنے کے ساتھ سا تھ مرتا جاتا ہے کبھی بچپن کی محرومی دل کا ایک کونہ مارتی ہیں کبھی جوانی کا ناکام عشق کبھی یکطرفہ محبت کبھی شادی کے نام پہ سودے بازیاں کبھی والدین کا وقت سے پہلے مر جانا کبھی دوستوں کی دغا بازیاں . . .کبھی فیملی پرابلمز اور جیسی موت ہمیں فیملی پرابلمز مارتی ہیں والل ویسی ازیت ناک موت کوئی نہیں ہوتی یہ موت سیدھا ہمارے دل کو چھری سے چیر دیتی ہیں ہمارا دل مکمل تب بند ہوتا ہے جب اللہ کا حکم ہو لیکن یہ زمینی خدا روز ہمارا دل مارتے ہیں
بی بی کیا کہتے ہو لے چلوں مارکیٹ ؟ شانو کی آواز اسے حواس میں لائی تھی
ہا لے نے غائب دماغی سے اثبات میں سر ہلا دیا تھا
شانو اسی پہ خوش ہوگئی تھی . . . اب وہ ہا لے کو راستہ بتاتی جا رہی تھی
تھوڑی دیر بعد ہا لے نے جہاں گاڑی روکی وہ ایک مڈل کلاس مارکیٹ تھی
جہاں جامع کلاتھ مارکیٹ کا بڑا سا بورڈ لگا تھا
یہاں سے اگر نظر اٹھا کر دیکھو تو دونوں اطراف میں کپڑے اور جوتوں کے دکان اور ان ہی دکانوں کے باہر لگے اسٹالز پہ مختلف قسم کی جیولری سجی تھی شانو گاڑی سے اتر آئی تھی ہا لے اپنا پرس اٹھا ئے اسکی تقولید میں باہر نکلی تھی لیکن باہر نکلنے کے اگلے ہی سیکنڈ اسے اندازہ ہوگیا کہ یہ ایئر کنڈیشن مال نہیں جھلس آتی دھوپ والی مارکیٹ تھی اس نے بے اختیار دھوپ سے بچنے کے لئے ہاتھ کو چہرے کے سامنے کر لیا تھا
چلیں بی بی رش بہت ہے . . . . پیچھے سے شانو کی آواز پہ وہ مڑی تھی
اور پھر ایک گہرا سانس بھرتی اسکے پیچھے پیچھے چلتی گئی
لوگ جہاں سے گزرتے دکان دار ہر آتی جاتی عورتوں اور مردوں کو آواز دیتے صدائیں بلند کرتے
ہر کوئی اپنے سامان کی تعریفوں میں رطب الشان
باجی دو ہزار میں جوڑا دو ہزار بس دو ہزار . . ایک بار آئیں گی تو بار بار آنا پڑے گا آجائیں باجی . . . ایک بار دیکھ لیں باجی . .
سیل لگی ہے باجی پندرہ سو کی سیل . . . .
مختلف نعرے مختلف بولیاں ہا لے پریشان سی ایک جگہ رک گئی وہ یہاں سب سے مختلف تھی صاف لگتا تھا کہ وہ اس جگہ سے مانوس نہیں ہے شانو نے اسے رکتے دیکھا تو خود بھی ٹھہر گئی
کیا ہوا باجی رک کیوں گئیں ؟ . . . وہ شور کی وجہ سے بلند آواز میں پوچھ رہی تھی
وہ پیچھے تمھیں بلا رہے تھے . . . شاید تمھارے رشتے دار تھے . . . تم نے نہیں سنا وہ کہہ رہے تھے باجی آجاؤ یہاں سے کپڑے لے لو . . . شانو کے برعکس اسکی آواز بلند نہیں تھی
شانو قہقہہ لگا کر ہنس پڑی تھی
باجی یہاں کوئی کسی کا رشتے دار نہیں ہے یہاں پہ جس دکان کے آگے سے گزرو گے وہ آپ کو اپنا دکان میں بلائے گا انکی آوازوں پہ کان نہ دھرو بس جس دکان پہ میں رک جاؤں آپ بھی وہیں رکنا اب آجاؤ . . . وہ مصروف سی کہتی آگے بڑھ گئی تھی
مجبورا ہا لے کو بھی اسکے ساتھ جانا پڑا تھوڑا آگے جا کر شانو ایک دکان پہ رکی تھی یہ دکان باقی دکانوں کی نسبت ذرا "اچھی خاصی "تھی یہاں آنے والے غریب لوگ اس دکان کو نظر انداز کرتے تھے کہ یہاں سے شاپنگ وہ افورڈ نہیں کر سکتے تھے جبکہ مڈل کلاس لوگ کسی اچھی تقریب یا لڑکیوں کے جہیز کے سامان کے لئے ایسی دکانوں کا رخ کرتے تھے
وہ دونوں دکان کے اندر داخل ہوئیں تو انکے لئے کرسیاں رکھی گئیں . . . چھو ٹا لڑکا بھاگ کر پانی لے آیا ہا لے اپنے ظاہری حلیے اور رکھ رکھاو سے ڈیفنس کی کوٹھی میں رہنے والی بیگم لگتی تھی دکان دار مرعوب ہوگیا اب وہ اپنی دکان کی سب سے شوخ اور بھڑکیلے جوڑے نکال نکال کر دکھا رہا تھا . . . ہا لے نے ایک نظر نا پسندیدگی سے ان سب کپڑوں کو دیکھا اور پھر اسے ٹوک دیا
مجھے بس لان کے سوٹوں کی نئی کلیکشن دکھا دیں . . یہ سب مجھے نہیں چا ہئے
دکان دار جی جی کرتا اپنے دکان کے نفیس اور سادہ سے جوڑے نکال لایا تھا
یہ سارے جوڑے تین ہزار سے شروع ہوتے ہیں باجی . . . دکان دار لڑکے نے بتایا تھا
ہا لے نے چونک کر اسکو دیکھا تھا ساتھ منہ پہ ہاتھ رکھے شانو کو دیکھا
نہ کیوں کس خوشی میں تین ہزار ؟ دو ہزار سے ایک روپے زیادہ نہیں دوں گی میں . . . اتنا بھی کوئی خاص رنگ نہیں ہےنہ پرنٹ اچھا ہے ایسے جوڑے پہن رکھے ہیں ہم نے ایک دھلائی کے بعد ہی رنگ اتر جا تا ہے دکاندار لڑکا اب اپنے جوڑے کا دفاع کر رہا تھا
ہا لے شانو کے کان کے قریب جھکی تھی
بس کر دو شانو کہیں وہ ناراض ہی نہ ہوجائے ہا لے کو ایک اور فکر لاحق ہوئی تھی
اس کو میں سہی ناراض کرتی ہوں آپ رک جاؤ ذرا
ہاں بھائی پندرہ جوڑے لوں گی اسی طرح کے اور سارے پندرہ سو دو ہزار تک اس سے ایک روپیہ زیادہ نہیں دوں گی منظور ہے تو ٹھیک ورنہ اور بھی بہت دکانیں ہیں . . . شانو ایک بار پھر جرح پہ اتر آئی تھی
ہا لے خفت سے یہاں وہاں دیکھنے لگی . . .
اس نے اپنی زندگی میں ایسی دکانوں کا رخ نہیں کیا تھا اور نہ ایسی صورتحال کا سامنا
تھوڑی دیر تک شانو اس دکاندار کے ساتھ "ڈیل ڈن "کر چکی تھی
پندرہ جوڑے اور سارے دو سے ڈھائی ہزار تک
ہا لے نے رقم نکال کر بل ادا کیا اور باہر نکل آئی اسکا چہرہ خوشی سے تمتما رہا تھا
شانو کیا واقعی یہاں اتنے سستے کپڑے ملتے ہیں . . . . ؟ میں پہلے یہاں کیوں نہیں آئی ؟ . .ان سب کے ساتھ دوپٹے بھی ہوں گے ناں ؟ وہ بیگ اٹھائے اپنے ساتھ چلتی شانو سے کہہ رہی تھی
جوابا شانو نے کچھ کہا تھا
ہا لے مسکرا رہی تھی اتنے دنوں بعد پہلی بار . . . اس وقت اسکے ذہن سے سفیر سے ہونے والی ملاقات محو ہو چکی تھی
وہ لاکھوں کی شاپنگ کرتی آئی تھی لیکن آج کی پیتیس ہزار کی شاپنگ نے اسے جتنی خوشی دی تھی وہ آج تک کبھی نہیں ہوئی تھی اس نے اپنے لئے گئے کپڑے گھر جا کر کبھی کھول کر نہیں دیکھے تھے لیکن آج اسکا دل کر رہا تھا وہ ان کپڑوں کو دیکھے چھوئے . . . اور ایک بار پھر خوش ہو
آس پاس دکانوں سے آتی آوازیں . . . رش میں لگتے دھکے . . . . بچوں کے رونے چلانے کی آوازیں لڑکیوں کے حسرت بھرے چہرے . . . اور ان سب کے درمیان گزرتی وہ ملکہ . . . جسے کسی تاج کی ضرورت نہیں تھی جسے کسی خزانے کی ضرورت نہیں تھی
یہ وہ ملکہ تھی جسے اسکا دل ملکہ بناتا تھا
وہ جب گھر پہنچی تو شام ہونے والی تھی لاؤنج کے صوفے پہ بیٹھی وہ اپنے ہیل سے آزاد کئے پیروں کو ہا تھ سے دبا رہا تھی اسی وقت عمر داخلی دروازے سے آتا دکھائی دیا اسکے پیچھے ہی شانو بیگ اٹھائے آ رہی تھی عمر نے اسے روک کر ان بیگز کی بابت پوچھا تھا شانو جواب دیے آگے بڑھ گئی عمر سر ہلاتا اندر آگیا ہا لے صوفے کی پشت سے سر ٹکا ئے نیم دراز تھی جب عمر لاؤنج میں داخل ہوا ہا لے کو صوفے پہ بیٹھے دیکھ وہ اسکے قریب رکھے سنگل صوفے پہ بیٹھ گیا
ہا لے . . . ؟ نرمی سے پکارا
ھممم . بولو ؟
ہم اپنے ٹارگٹ میں سے ایک کو چیک کر چکے ہیں باقی دو رہتے ہیں اب کس کا نمبر ہے اور . . . . وہ کون ہے آپ کے پاس ڈیٹیلز ہیں ناں ؟
ہا لے سیدھی ہوئی تھی . . . آنکھیں کھول کر اسکو دیکھا ایک لمحے کو عمر نے اسکی آنکھوں میں دیکھا ان آنکھوں کی جوت بجھی ہوئی تھی اس نے نظریں پھیر لیں
سرور خواجہ چیف کسٹم آفیسر دس ماہ پہلے اس نے چار الیگل گاڑیوں کو بغیر ٹیکس کے کلیئر کروایا تھا وہ گاڑیاں کسی منسٹر کے بھانجے کی تھیں سرور خواجہ نے اسکے بدلے دو کروڑ لیا تھا پو رٹ پہ اسکے تعلقات ہیں جسے اس نے استمعال بھی کیا اور انکو منافع بھی دیا ان گاڑیوں میں سے دو گاڑیاں دہشت گردی کی مختلف وارد ات میں استمعال ہوئی جنکی وجہ سے سرور خواجہ کافی عرصہ زیر ہراست رہا دو ماہ پہلےو ہ باہر آیا ہے
)اسکا آپ سے کیا تعلق تھا ؟(اب اگر اس نے رشتہ مانگا ہوا ہو تو دیکھو میں اسکا کرتا کیا ہوں
اس کو جیل بھیجنے والے میرے بابا ہی تھے
اسکے کیس کا فیصلہ بابا نے سنایا تھا
)(عمر نے سکون کی سانس لی تھی
ہا لے کہے جا رہی تھی
لیکن بعد میں اس نے سپریم کورٹ میں اپیل کی اور جھوٹے ثبوتوں اور گواہیوں کی وجہ سے رہا ہوگیا . . . لیکن اسکی ریپو ٹیشن بری طرح مسخ ہو چکی ہے نوکری بھی چھوٹ گئی ہے اجکل وہ شہر کے کچھ امراء ور عوسا کے آگے پیچھے گھومتا ہے تاکہ اسکی پوزیشن اسے واپس مل جائے شیر علی اور اسکی کافی اچھی دوستی رہی ہے وہ دونوں ایک ہی محلے سے ہیں بعد میں زندگی کی باگ ڈور میں انکی زندگی میں بہت ساری تبدیلیاں آئیں لیکن انکی دوستی نہیں ٹوٹی وہ شیر علی کو آج بھی فیورز دیتا ہے اور کچھ دن قبل اس سے ملا بھی ہے ٹھیک ہے اسکے پاس چلتے ہیں . . کیا آپ کے پاس کچھ ہے؟ ہم اس سے کیسے اگلوائیں گے؟
چائے پانی دے کر . . . . ہا لے سپاٹ لہجے میں بولی تھی
عمر اسکے اس طرح کہنے پہ مسکرایا تھا
. . اور اگر وہ نہ مانا ؟
تو خاطر تواضع کر لینا . . .
عمر گردن پیچھے پھینکے محضوض سا ہنسے گیا ہا لے نے اسے پہلی بار اس طرح ہنستے دیکھا تھا
تھوڑی دیر بعد وہ سیدھا ہوا تو اسکی آنکھوں میں پانی بھر گیا تھا جسے وہ انگلی سے صاف کر رہا تھا
آپ بہت جلد میری اصطلاحات سیکھ گئیں . . . مجھے اچھا لگا وہ اب مسکراہٹ دبا کر بولا تھا
آج شام چھ بجے خواجہ سرور ایک ریستوران میں کسی عزیز سے ملنے آئے گا ہم اس سے ملیں گے تم اس سے کسی گاڑی کی ڈیل کرو گے کیونکہ تمہارا شوروم ہے . اور تم ایسی گاڑیاں با آسانی بیچ سکتے ہو
ہا لے سلطان صاحبہ وہ ہر ایرے غیرے کو گاڑیوں کی ڈیٹیلز نہیں دیتا ہوگا
کیا تم ایرے غیرے ہو؟ وہ دوبدو بولی تھی
عمر کا چہرہ سرخ ہوا تھا
میرا مطلب ہے وہ یہ کام صرف اپنے جاننے والوں کے لئے کرتے ہیں
میرے سر پہ صاف صاف لکھا ہے "اے ایس پی عمر حیات "وہ مجھے دیکھ کر ہی بھاگ جائے گا
سسپنڈڈ اے ایس پی ہا لے نے تصیح کی
آپ کی وجہ سے
اپنے ڈیڑھ شانڑیں پن کی وجہ سے
وہ دونوں ایک دوسرے کو دوبدو جواب دے رہے تھے
ٹھیک ہے مان لیا جو آپ کہتی ہیں سب مان لیا خوش ؟ آخر عمر نے ہار مان لی
تم مجھے آپ کیوں کہتے ہو؟ . . ہا لے نے عجیب لہجے میں سوال کیا تھا
عمر چند لمحہ اسکے چہرے کو دیکھتا رہا . . . . .
کیونکہ مجھے آپ سے عقیدت ہے آپ میرے لئے ایسے ہیں جیسے گھر کا کوئی بڑا . . . جس طرح ہم انکے سامنے اونچا نہیں بول سکتے سخت نہیں کہہ سکتے اور کبھی کبھی انکے سامنے بالکل بے بس ہو تے ہیں میں آپ کے معاملے میں بالکل ایسے ہوں آپ کا چہرہ میرے کسی عزیز سے ملتا ہے
کس سے ؟
Make a guess
وہ مسکرا کر بولا تھا
آپ مجھے تم کیوں کہتی ہیں؟ . حلانکہ میں آپ سے عمر میں چھ سال بڑا ہوں
کیونکہ میں تم سے نفرت کرتی ہوں . . . آپ انہیں کہا جاتا ہے جنکی آپ عزت کرتے ہوں یا جو آپ کے لئے اجنبی ہوں نہ میں تمہاری عزت کرتی ہوں نہ تم میرے لئے اجنبی ہو میں تمہارا اصل چہرہ جانتی ہوں وہی جسے تم دنیا سے چھپاتے ہو وہ خشک لہجے میں کہہ کر اٹھی تھی اور آگے بڑھ گئی
عمر کی مسکراہٹ پھیکی پڑی تھی آنکھوں میں ازیت در آئی تھی
جج صاحب مجھ سے شطرنج میں ہار جاتے تھے . . . . وہ پیچھے سے پکارا تھا
ہا لے جہاں تھی وہیں تھم گئی ساکت
وہ دنیا میں بس دو لوگوں سے جان کر ہارتے تھے ایک آپ اور ایک میں سوچیں پھر میرا اصل چہرہ کیسا ہوگا کیا آپ کے باپ نے مجھے پہچانا نہیں ہوگا؟ آپ کی نفرت بجا ہے لیکن اس کی شدت میں کمی لائیں کیونکہ یہ یکطرفہ ہے اور یکطرفہ جذبے ہمیشہ تکلیف ہی دیتے ہیں میں نے آپ سے پہلے بھی کہا تھا اب بھی کہتا ہوں
جس جس نے آپ کے ساتھ برا کیا ہے میں انکو چوک پہ کھڑا کر کے درے ماروں گا . . . مجھ سے نفرت ایک دن بے جا ثابت ہوگی کیونکہ اس پوری دنیا میں ہا لے سلطان کے لئے عمر حیات سے زیادہ مخلص کو ئی نہیں ہے خود ہا لے بھی نہیں وہ بولتے ہوئے اٹھا تھا
ہا لے اب بھی نمک کا مجسمہ بنی کھڑی تھی جیسے چھو لو تو ڈھیر ہوجائے
میں گاڑی میں آپ کا انتظار کر رہا ہوں باہر آجائیں
وہ چلا گیا تھا وہ اسی طرح لا جواب کر کے کیوں چلا جاتا تھا؟