Chapter 36: باب 36

لڑکھڑاتے قدم ؟ یا پھر

ٹوٹا ہوا دل ؟

دھوپ کی شدت میں کچھ کمی آئی تھی سورج نے آگ برسانا ذرا دیر کو کم کر دیا تھا لیکن حبس اب بھی موجود تھا زرد رنگ کے لباس والی لڑکی کی گاڑی اب عمر کے گھر میں داخل ہو رہی تھی اسکے پیچھے عمر کی گاڑی آئی تھی وہ دونوں ایک ساتھ گاڑی سے اترے تھے ابھی وہ اندر جاتی جب بخش بھاگتا ہوا اسکے قریب آیا اسکے چہرے پہ ہوائیاں اڑ رہی تھیں ہا لے رک گئی تھی پیچھے موبائل پہ انگلیاں چلاتا عمر بھی رکا تھا

کیا ہوا ہے . . ؟ اس نے تین حرف میں سوال کو سمیٹ دیا تھا

حسن بھائی . . . وہ حسن بھائی آئے ہیں اندر بیٹھے ہیں . . . آپ کا انتظار کر رہے ہیں بڑے غصے میں ہیں وہ گھبرائے ہوئے لہجے میں کہہ رہا تھا

ہا لے بغیر جواب دئیے اندر چلی گئی عمر اسکے ساتھ گیا تھا

ڈرآئینگ روم کا دروازہ کھولنے پر جو منظر ان کے سامنے آیااس میں وہ سولہ سالہ لڑ کا غیر آرام دہ سا ایک صوفے پہ بیٹھا تھا . . . اسکے چہرے پہ زخم کا نشان تھا جیسے کسی نے مارا ہو وہ صبح والے حلیے میں نہیں تھا اب اس نے سفید شرٹ کے ساتھ سیاہ جینز پہن رکھی تھی سیاہ بال ماتھے پہ گرے تھے اسکی آنکھوں میں سنجیدگی تھی جو کہ عمر کو دیکھ کر کوفت میں بدل گئی تھی

مجھے" تم "سے بات کرنی ہے ہا لے وہ" تم "پہ زور دے کر بولا تھا وہ بات ہا لے سے کر رہا تھا لیکن اسکی چبھتی نظریں عمر کے چہرے پہجمی تھیں

ہا لے نے اسکی نظروں کا ارتکاز نوٹ کرتے عمر کی جانب دیکھا تھا

وہ گہری سانس بھرتا باہر نکل گیا تھا جاتے ہوئے اس نے ڈرآئینگ روم کا دروازہ بند کر دیا تھا (کہ آوازیں باہر)ملازموں تک نہ جائیں

اسکے جاتے ہی حسن ہا لے کے عین سامنے آ کر کھڑا ہوا تھا . . . تب ہی اسکی نظر حسن کے چہرے کے زخم پہ پڑی . . . وہ تشویش سے آگے کو ہوئی تھی

یہ کیا ہوا ہی حسن ؟ . . کسی نے مارا ہے؟ مجھے بتاؤ

وہ اب بھی بھنویں بھینچے ہوئے تھا ہا لے کے سوال کا جواب دئیے بغیر اس نے اپنا موبائل اسکے آگے کیا تھا جہاں ڈاکٹر عبدلحفیظ کی وہی ویڈیو تھی

تم اس بارے میں جانتی تھی؟ . . . وہ سنجیدگی سے پوچھ رہا تھا

ہا لے کے گلے میں گلٹی سی ابھری تھی لیکن وہ خاموش رہی

مطلب تم جانتی ہو . . . اس نے جیسے سمجھ کر سر ہلایا تھا

کیا میری طرح آج پتہ چلا ہے یا تم پہلے دن سے جانتی تھی؟ . . . اسکے لہجے میں کاٹ تھی

ہا لے نے کوئی جواب نہیں دیا

حسن کی آنکھوں میں زخمی پن سا اترا تھا

یعنی تم پہلے سے جانتی تھی . . . . تم نے مجھ سے میرے باپ کے قتل کے بارے میں چھپایا . . . کس نے دیا یہ حق تمھیں ؟ .کیا یہ میرا حق نہیں تھا کہ میں اپنے باپ کی موت کی وجہ جان سکوں . . . . بتاؤ ہا لے کس نے دیا تمھیں یہ حق اسکی آواز بلند ہونے لگی تھی اور آنکھیں سرخ . . . .

ہا لے بے تاثر نگاہوں کے ساتھ اسے دیکھے گئی

جتنا حق ان پہ تمہارا تھا اتنا بلکہ اس سے زیادہ حق میرا تھا . . وہ انگلی اٹھا کر بات کر رہا تھا . . . اس رات میں انکے ساتھ تھا . . . میں تم نہیں تھی . . . کوئی نہیں تھا . . . وہاں بس خسسں تھا . . . وہ بالکل ٹھیک ہوگئے تھے . . . جب تک میں وہاں تھا وہ ٹھیک تھے . . اسکی آنکھوں میں اب پانی جمع ہونے لگا تھا

تم جیسے ہی انکے پاس گئی . . . . وہ مر گئے . . .

حسسسسں . . . . وہ ڈبڈبائی آنکھوں سے چلائی تھی

چیخو مت . . . وہ اس سے زیادہ بلند آواز میں دھاڑا تھا

پوری رات میں انکے ساتھ تھا . . ایک منٹ بھی نہیں سویا نہ دور ہوا . . . اور تم . . تم تو . . . دو گھنٹے بھی انکے ساتھ نہیں رہ پائیں . . . تم نے نہ جانے ایسا کیا کہا . . . . کہ انکو دوبارہ ہارٹ اٹیک ہوا . . . . . وہ آج اتنے دنوں سے اندر بھرا زہر اگل رہا تھا

ہا لے کے دل پہ جیسے کوئی چھری چلا رہا ہو اسکی آنکھوں سے آنسو لڑھک لڑھک کر چہرے پہ پھسلتے جا رہے تھے . . . . حسن اب بھی بول رہا تھا

تم . . . اس دن بھی ان سے ناراض ہوئیں ہا لے . . تمھیں انکی بیماری کا بھی خیال نہیں آیا . . . . تم اس دن بھی خود غرض ہوگئیں تم انکو چھوڑ کر چلی گئیں . . . اور کسی نے آ کر . . . . وہ رکا تھا آواز کپکپائی تھی . . .

کسی نے آ کر میرے باپ کو قتل کر دیا . . . تم انکے ساتھ رہتی تو وہ نہ مرتے . . . . وہ نہ قتل ہوتے . . . تم نے ہا لے تم نے میرے باپ کو مروا دیا . . . .

وہ ہا لے کے چہرے پہ غور کیے بغیر بلند آواز اور سرخ آنکھوں کے ساتھ چلا رہا تھا . . . . جبکہ ہا لے کے اوپر جیسے کسی نے پتھروں سے بھرا تھال لڑھکا دیا ہو . . . . دل کو جیسے زہر آلود خنجر سے چیر دیا ہو ازیت سی ازیت تھی تمھیں وہاں رہنا چاہیے تھا . . . . تمھیں بابا کو اکیلا نہیں چھوڑنا چاہئے تھا . . . سب تمہاری وجہ سے ہوا ہے تم ذمہ دار ہو اس سب کی صرف تم بابا کا قتل تمہاری وجہ سے ہوا ہے سمجھی تم سنا تم نے . . . . تم یکدم وہ بولتے بولتے رکا تھا

ہا لے کا چہرہ لٹھے کی مانند سفید ہو گیا تھا آنسو اب گرنا بند ہوگئے تھےا سکی آنکھوں میں ایسا درد تھا کہ حسن کو بے اختیار اپنی کی ہوئی باتوں پہ ملال ہوا لیکن تیر کمان سے نکل چکا تھا

وہ کسی ریت کے مجسمے کی طرح کھڑی تھی جیسے ابھی اگر تم چھو لو تو ڈھیر ہوجائے

بابا . . . . . میری وجہ سے قتل ہوئے . . . تم . سہی . . کہہ رہے ہو . . اس نے اٹک اٹک کر کہنا شروع کیا تھا میرا یہ مطلب نہیں تھا میں غصے میں تھا ہا لے آئی ایم سوری . . . وہ شرمندگی سے کہتے ہوئے آگے آیا

میں اگر . . . . اس دن وہاں سے نہ جاتی تو وہ نہ مرتے . . . .

ہا لے میرا یہ مقصد نہیں تھا خدا کی قسم یہ میرے منہ سے نکل گیا . . . .

وہ نہیں سن رہی تھی وہ کچھ بھی نہیں سن رہی تھی وہ بس بول رہی تھی

اتنے دنوں سے میں خود تو تسلی دے رہی تھی دلاسا دے رہی تھی کہ اس سب میں میرا کوئی قصور نہیں ہے . . . . . لیکن آج (اس نے ہچکی بھری تھی؟ آج تم نے مجھے بتا دیا کہ میں نے . . . . . میں نے اپنے باپ کو مروا دیا . . . . تم سہی کہتے ہو وہ میری وجہ سے قتل ہوئے . . . میری ضد اور ہٹ دھرمی کی وجہ سے

چپ ہوجاؤ ہا لے . . . آئی ایم سوری . . . . رئیلی آئی ایم . . . . میں بس تکلیف میں تھا . . . مجھے تم پہ غصہ تھا . . . وہ اب بھی شرمندگی سے کہ رہا تھا

میں نے ہمیشہ اپنا سوچا . . . . میں نے اس دن بھی بس اپنا سوچا بس اپنا . . . . میں نے بابا کی تکلیف نہیں دیکھی . . . . میں انکو اکیلا چھوڑ کر آگئی . . . .

حسن خاموشی سے ہونٹ کاٹتے ہوئے اسکو سنے گیا

تم چلے جاؤ . . . حسن جاؤ . . میری وجہ سے تمہارا نقصان ہوگیا . . . اگر سوچا جائے تو میرا نقصان سب سے زیادہ ہوا ہے لیکن اٹس اوکے آئی ایم فائن . . . . اینڈ آئی ایم سوری . . . میں نے تمہاری ہیپی فیملی خراب کر دی لیکن اگر دیکھا جائے تو میں بھی اسکا حصہ تھی . . . . خیر میرا کیا ہے

وہ طنزیہ سی مسکرائی تھی . . .

تم جاؤ حسن یہاں سے چلے جاؤ . . پلیز . . . . . . اسکے رکے ہوئے آنسو ایک بار پھر پھسل پھسل کر اسکے چہرے پہ گرنے لگے تھے

حسن نے کچھ کہنے کو لب وا کیے پھر خاموشی سے لمبے لمبےڈگ بھرتا وہاں سے نکل گیا

پیچھے ہا لے تھی اور اسکے گہری نیند سے جھنجھوڑ کر جگایا گیا گلٹ

وہ کہتی تھی وہ ملکہ ہے . . . آج اسے لگا تھا وہ تو کنیز بھی نہیں ہے . . . . صفا ئی کا موقع تو انکو بھی دیا جاتا ہے اب اگر ڈرائینگ روم سے باہر نکل کر سارا گھر لتاڑ کر عمر کے بنگلے کے باہر آؤ تو حسن ہارے ہوئے قدموں سے باہر نکل رہا تھا جب اپنے سامنے کھڑے عمر کو دیکھ اسکے قدم زنجیر ہوئے

دو سال پہلے کی بات ہے . . . تم چودہ سال کے تھے تب وہ کہتے ہوئے اسکے قر یب آ رہا تھا میں اور تمھارے بابا ایک کیفے میں کافی پی رہے تھے . . . .

(حسن کا پورا وجود کا)ن بن گیا

باتوں باتوں میں . . . تمہاری بات آئی . . . مجھے یاد ہے اس وقت . جج صاحب کے چہرے پہ ایک فخر سا آیا تھا انہوں نے مجھ سے کہا تھا

عمر . . ہا لے مجھے ساری دنیا . . . سے زیادہ عزیز ہے میں نے اسے سارا وقت اپنے ساتھ رکھا ہے . . . لیکن اسکی ساری عادتیں یا تو یوسف سلطان جیسی ہیں یا پھر نگین جیسی لیکن میرا بیٹا حسن . . . . وہ بالکل میرے جیسا ہے . . . اسکا مزاج اسکا چہرہ اسکا دل . . . اسکا ظرف . . کوئی اگر ایک بار اسکے ساتھ بیٹھ جائے اس سے بات کر لے یا اسکو دیکھ ہی لے وہ سیدھا کہے گا

یہ معراج سلطان کا بیٹا ہے

)(حسن کے گلے میں پھندہ سا اٹکا تھا

وہ حسن کے سامنے کھڑا نرم لہجے میں کہہ رہا تھا

میں نے ان سے پوچھا کہ آپ ایسا کیسے کہہ سکتے ہیں ابھی تو حسن صرف چودہ سال کا ہے

تب وہ مسکرائے . . میں نے انکو ہا لے کے ذکر پہ بھی ویسا مسکراتے نہیں دیکھا تھا . .

انہوں نے کہا کہ حسن کا دل کھلا ہے . . . وہ بڑے دل کا ہے . . . وہ بالکل بے نیاز ہے . .وہ اگر کہیں چیئرٹی کرے تو اس بات کا ذکر خود سے بھی نہیں کرتا اس رقم یا چیز کے بارے میں دوبارہ نہیں سوچتا . . . کہ کاش کم دیتا یا زیادہ دے دیتا ہا لے ایسی نہیں ہے وہ دے تو دیتی ہے لیکن بعد میں سوچتی بہت ہے . . . نیکی کا بار بار ذکر چاہے وہ خود سے ہی کیوں نہ ہو انسان کو مغرور کر دیتا ہے . . وہ زرا دیر کو چپ ہوا تھا

"حسن نے آنکھیں اٹھا کر اسکو دیکھا تھا جیسے کہہ رہا ہو "بولتے رہو پلیز

عمر نے بولنا پھر شروع کیا

انہوں نے کہا کہ میرا حسن اپنی بہن کے لئے دنیا کا سب سے بہترین بھائی ہے . . . وہ اسکو اتنا تنگ کرتا ہے کہ ہا لے رونے جیسی ہوجاتی ہے لیکن جب بھی اسکے ساتھ کوئی مسئلہ ہو کوئی پریشانی ہو وہ ہا لے کے ساتھ ہوتا ہے . . . . وہ خود جتنا مرضی اس سے لڑ لے لیکن جب بھی فروا ہا لے سے کچھ بھی کہتی ہے حسن فورا سے پہلے دادا جان کو بتا آتا ہے کہ فروا کا منہ وہی بند کر سکتے ہیں وہ کسی غیر کے سامنے اپنی بہن سے نہیں لڑ تا نہ کسی کو اپنی کو ایک لفظ کہنے دیتا ہے . . . .انہوں نے کہا جب وہ دونوں لڑتے ہیں تو میں ان دونوں کو کو جب سزا دیتا ہوں . . . .تو ہمیشہ ہا لے کو دی ہوئی سزا حسن خود پہ لے لیتا ہے . . . . . وہ اپنی بہن کو کسی چیز کا قصور وار نہیں ٹھہر اتا . . اسکی کی ہوئی غلطی کا بھی نہیں . . . آج لگتا ہے انہوں نے جھوٹ کہا تھا

حسن کے چہرے پہ جیسے جوتا پڑا تھا

تم نے اپنی بہن کو سب کے سامنے ذلیل کیا یہاں تک کہ گھر کے ملازمین نے بھی تمہاری آواز سنی

حسن کا سر جھک گیا تھا

وہ نرم لہجے والا شخص اب بھی کہہ رہا تھا

تم اسکی سزا اپنے سر لے لیتے تھے آج تم نے اسے اس قصور کی سزا دی ہے جو اس نے کیا بھی نہیں تھا . . . تم اسے پریشان نہیں دیکھ سکتے تھے ناں ؟ آج تو تم نے اسے آدھا مار دیا ہے حسن

اسکی جھکی گردن مزید جھکنے لگی تھی آنکھوں کا گلابی پن بڑھتا جا رہا تھا

تم تو اسکو دوسروں سے پروٹیکٹ کرتے تھے آج تم نے خود اسکو غیر محفوظ کر دیا . . . اسکی اپنی نظروں میں . . وہ اب خود سے خوف کھائے گی

تم تو اس پہ فروا کی باتوں کو برداشت نہیں کرتے تھے آج کے بعد تو گھر کے ملازم بھی اسکے بارے میں بات کریں گے . . . اور یہ انکا قصور نہیں ہوگا وہ لوگ باہر کی دنیا نہیں دیکھتے وہ سوشل میڈیا اور ٹی وی نہیں دیکھتے انکا واحد "انجوائمنٹ "انکے "مالک "ہوتے ہیں اور آج تم انہیں موضوع دے آئے ہو

حسن نے سر اٹھایا تھا . . . الفاظ متجمع کے گردن زرا سی اٹھائی اور پہلی صفائی دی

میں ایسا نہیں تھا . . . . جیسا بابا نے تم سے کہا میں بالکل ویسا تھا . . . . میں نہیں جانتا آج مجھے کیا ہو گیا . . . . شاید مجھے غم تھا . . . یا شاید غصہ . . . لیکن میرا یہ مطلب نہیں تھا . . . اسکی آواز ہلکی اور شکستہ تھی

عمر نے افسوس سے اسکو دیکھا تھا

میں جانتا ہوں حسن . . . . تم وہ ہو جس نے اپنی بہن کو پڑنے والے تھپڑ خود پہ لئے . . . جس نے بھرے مجمع میں . . . اپنی بہن کی بات کا یقین کیا جب کوئی بھی اسکی بات سننے کو تیار نہیں تھا . . . جس نے اس وقت اپنی بہن پہ یقین کرتے ہوئے اسے اکیلے ہسپتال جانے دیا . . . . وہ حسن سلطان تھا معراج سلطان کا بیٹا . .

یہ needy desprateاور angry bird

سا لڑکا یہ کوئی اور ہے یہ حسن نہیں ہے تمہاراغم تمہاری شخصیت کو دیمک کی طرح چاٹ رہا ہے تم خود کو کھو رہے ہو بچے . . . غم کے گرد باؤنڈری بناؤ . . ورنہ یہ تمہارا وجود کھوکھلا کر دے گا . . . وہ تمہاری بہن ہے عورت ہے . . . . . تم مرد ہو اللہ نے مرد کو عورت پہ فضیلت دی ہے مرد کو افضل بنایا ہے اسلئے نہیں کہ وہ زیادہ طاقت ور ہے . . . اسلئے بھی نہیں کہ وہ کماتا ہے کھلاتا ہے بلکہ اس لئے کہ وہ عورت سے صلہ رحمی کرے اسکی چھوٹی چھوٹی باتوں کو نظر انداز کرے . . . . اسے پیار اور محبت سے سمجھائے . . کبھی اگر عورت غصہ کر جائے یا لڑ جائے تو صبر کرے جب وہ ٹھنڈی ہوجائے تو اسے منیر سے اپنا مدعا سمجھائے . . . . نوکروں اور بچوں کے سامنے اسکی غلطیوں پہ اسکو ذلیل نہ کرے بلکہ افضل ہونے کا ثبوت دیتے ہوئے . . . اسے معاف کر دے . .. اسکو کمزور ہونے کا طعنہ دینے کے بجائے اسے اپنے کندھے کے ساتھ کھڑا کرے . . . چھوٹی سے چھوٹی اور بڑی سے بڑی بات کا الزام . . . . اسکو دینے بجائے مرد بن کر وہی مسائل حل کرے اصل مرد پتہ ہے کون ہوتا ہے؟

جو اپنا غصہ اور فرسٹریشن اپنے گھر کی عورتوں پہ نہ نکالے . . . کالج میں دوست سے جھگڑا ہو آفس میں باس کی ڈانٹ ہو یا نوکری کا نہ ملنا ہو ان تمام حالات کو فیس کرتے ہوئے بھی جب وہ گھر آئے تو مسکرائے کیونکہ وہ مرد ہے بلا وجہ اپنی بہن ماں بیوی بیٹی کسی پہ بھی اپنا غصہ نہ نکالے کیونکہ وہ مرد ہے اللہ نے اسے مقام دیا ہے بڑا رتبہ دیا ہے بڑے رتبے پانے کے لئے دل کو بڑا کرنا پڑتا ہے خود کو گہرا کرنا پڑتا ہے دل کے اندر ایک قبر بنانی پڑتی ہے جس میں اپنے گھر کی عورتوں کی چھوٹی تو کبھی بڑی غلطیوں کو دفن کرنا پڑتا ہے اپنے سے کمزور پہ چیخ کر چلا کر اگر تمھیں لگتا ہے کہ تم مرد کہلواوگے لوگ تمہاری واہ واہ کریں گے تو تم غلط ہو . . . افضل مرد بنو حسن . . . . کیونکہ تم ایک افضل مرد کے بیٹے ہو . . . با ظرف بنو کیونکہ تمہارا باپ ویسا تھا . . . اپنا غصہ اور غم اپنے گھر کی عورتوں پہ مت نکالو کیونکہ تمہارا باپ ایسا نہیں کرتا تھا پہلا بیٹا باپ کی پرچھائی ہوتا ہے تمھیں کیا ہوتا جا رہا ہے تم ایسے تو نہیں تھے؟

حسن نے اسکی بات کا جواب نہیں دیا

کیا تم بابا کے ساتھ کافی پیتے رہے ہو؟ . . وہ اسکے چہرے کو دیکھتا پوچھ رہا تھا عمر اسے اپنے لفظوں کے سحر میں جکڑ چکا تھا . . . . حسن کو پتہ بھی نہ چلا کی

عمر مسکرایا تھا . . گال کا گڑھا واضح ہوا تھا (اسکے دونوں گالوں میں گڑھے پڑتے تھے لیکن ایک بائیں گال میں پڑنے والا گڑھا بالکل مدھم ہوتا تھا اتنا کہ بہت غور سے دیکھنے پہ نظر آئے)

ہم ساتھ کا فی پیتے رہے ہیں . . . کھانا کھاتے رہے ہے . . . . ہم نے کئی ملکوں کا سفر ساتھ کیا تھا . . . . ہم بہترین دوست تھے . . . وہ میرے لئے چائے بناتے تھے میں انکے لئے کھانا بناتا تھا انہیں فیورز دیتا تھا . . . ہم راتوں کو دیر تک شطرنج کھیلتے تھے تمھارے بابا ہر دفع ہار جاتے تھے . . . . . وہ ابھی کچھ اور کہتا جب حسن نے کرنٹ کھا کر اسکو دیکھا تھا

وہ تم سے ہار جاتے تھے؟ اس نے عمر کی بات کاٹ کر تیزی سے سوال کیا تھا

ہاں وہ ہمیشہ ہار جاتے تھے . . . انکو اس بات کا ہمیشہ غصہ ہوتا تھا کہ وہ مجھ سے کیسے ہار جاتے ہیں . . اصل میں . . نہیں وہ تم سے نہیں ہار سکتے تم جھوٹ کہہ رہے ہو . اس نے پہلے سے بھی زیادہ تیزی سے اسکی بات کاٹ دی تھی میں تم سے بات ہی کیوں کر رہا ہوں . . . . مجھے تم سے کوئی بات نہیں کرتی وہ کہتے ساتھ آگے بڑھ گیا تھا جہاں ڈرائیور گاڑی میں بیٹھا اسکا انتظار کر رہا تھا

اس نے ابھی گاڑی کے دروازے پہ ہاتھ رکھا ہی تھا جب ایک بار پھر عمر نے اسکو پیچھے سے پکارا

حسن سلطان . . . . . تمھیں ایسا کیوں لگتا ہے کہ وہ مجھ سے ہار نہیں سکتے ؟

حسن کے گلے گلٹی سی ابھر کر معدوم ہوئی تھی تھوڑی دیر بعد اسکے گلے سے پھنسی ہوئی سی آواز نکلی

یہ انکا فیورٹ کھیل تھا وہ گھر کے ہر فرد کے ساتھ کھیلتے تھے شمس چچا . . سفیر بھائی . . . دادا جان . ہارون بھائی . . مہر آپی یہاں تک کہ کئی بار بخش کے ساتھ بھی وہ کبھی کسی سے نہیں ہارے

وہ صرف ان لوگوں سے ہارتے تھے جن سے انکو بے تحا شا محبت ہوتی تھی

جیسے کہ ہا لے . . . . وہ بس ہا لے سے ہارتے تھے اور تم نے یہ بات مجھ سے تو کہہ دی ہے ہا لے سے مت کہنا . . وہ تمھیں زندہ نہیں چھوڑے گی بابا کے معاملے میں بہت پوزیسو ہے وہ وہ بول کر بغیر عمر کی طرف دیکھے گاڑی میں بیٹھ گیا تھا

پیچھے عمر کے ہو نٹ مسکراہٹ میں ڈھلے تھے

اب تو یہ بات انکو بتانا مجھ پہ فرض ٹھہرا

وہ بڑبڑاتا اندر کی جانب بڑھ گیا تھا

یہ دن اپنے ساتھ بے انتہا مسائل لایا تھا لیکن ڈاکٹر عبدالحفیظ پیرزادہ کے لئے اس سے ذیادہ منحوس دن کوئی نہیں تھا انکو اپنے گھر کے باہر پولیس موبائل میں بٹھایا جا رہا تھا انکا چہرہ سفید تھا جیسے کسی گناہ گار مردے کا چہرہ ہو آنکھوں میں خالی پن ذلت ناکامی نہ جانے کیا کیا ایک ساتھ در آیا تھا

برہان انکی قمیض سے لپٹا بری طرح رو رہا تھا شمس نے ایک ہاتھ سے برہان کی انگلی تھام رکھی تھی اس پاس رپورٹرز کا جم غفیر لگا تھا دھڑادھڑ تصاویر اتاری جا رہی تھیں کچھ پولیس والوں نے بڑی مشکل سے انکو ڈاکٹر عبدالحفیظ کے قریب آنے سے روک رکھا تھا

ڈاکٹر عبدالحفیظ کو پولیس موبائل میں بٹھایا گیا تھا جب شمس برہان کی انگلی چھوڑ کر موبائل میں بیٹھے عبدالحفیظ کے کان کے قریب جھکے

میں تمھیں یہاں سے نکال لوں گا . . . . . یقین کرو میرا . . .بس تم اپنی زبان مت کھولنا ورنہ تم جانتے ہو . . . تمہاری زبان میرا کچھ نہیں بگاڑ سکتی لیکن تمہارا بیٹا . . . میں اسکا بہت کچھ بگاڑ سکتا ہوں . . . . اسکے علاوہ میں تمہاری پاک بیوی کی قبر بھی جانتا ہوں . . . تم جانتے ہو نہ آج کل قبر میں لیٹی عورتوں کو نکال کر انکے ساتھ کیا ہو رہا ہے؟ . . . . یقینا تم اپنی پاک سید بیوی کی لاش کی بے حرمتی نہیں ہونے دو گے ہیں ناں ؟ وہ کرخت چہرے کے ساتھ انکے کانوں میں جیسے قطرہ قطرہ تیزاب انڈیل رہے تھے

عبدالحفیظ پیرزادہ کی آنکھوں میں یکدم تکلیف ابھری تھی . . . . چہرے پہ ملال کا سایہ سا لہرایا تھا انہوں نے شمس کے چہرے کو دیکھتے ہوئے بدقت کہنا شروع کیا تھا

. میں اکیس سال کا تھا جب میں نے اپنا گاؤں چھوڑا . . . . میں اپنے باپ کا اکلوتا بیٹا تھا انہوں نے چار شادیاں کیں . . . لیکن نرینہ اولاد صرف میری ماں سے ہوئی وہ بھی ایک . . . واحد اولاد . . .

شمس کے چہرے کے تاثرات بگڑے تھے وہ برھمی سے انکو جھڑ کنے لگے جب عبدلحفیظ نے انکا ہاتھ تھام لیا میں اپنے خاندان کا واحد وارث تھا گدی میری تھی . . . لیکن میں نے گاؤں چھوڑنے کا فیصلہ کر لیا گدی یتیم ہونے لگی . . . میرا باپ پیرزادہ تھا انہوں نے رو کر مجھ سے التجا کی کہ میں نہ جاؤں میں گدی یتیم نہ کروں میں اپنے مرید وں کو بے آسرا نہ کروں میری اماں سائیں نے اپنا دوپٹہ مرے قدموں میں رکھ دیا . . میں نے اس دوپٹے کی لاج نہیں رکھی میری بہنوں نے بین کیے میں نے کان بند کر لئے . . . . . میں نے اپنی منکوحہ سے اپنے ساتھ چلنے کو کہا اس نے منع کر دیا میں نے وہیں کھڑے کھڑے اسکو طلاق دے دی . . . . پیروں کے خاندان میں پہلی طلاق تھی . . . میرا باپ جلال میں آ گیا انہوں نے مجھے بددعا دی دونوں ہاتھ اٹھا کر بددعا دی انہوں نے کہا میں جہاں جا رہا ہوں وہاں خدا مجھے ایسی ذلت دے کہ میں سر نہ اٹھانے پاؤں خدا مجھے ایسا غرق کرے کہ میری نسلیں مجھے روئیں . . . خدا مجھے وہاں مارے جہاں پانی بھی نہ ملے .میں جس گدی کو چھوڑ رہا ہوں خدا مجھ سے اسکی نا قدری کا حساب لے . . . میں اپنے گاؤں کا پہلا مرد تھا جو شہر آتے ہوئے وہاں سے بددعائیں ساتھ لایا . . .

. . . کئی سال گزر گئے میں یہاں آ گیا گدی پہ میرے چچا کا بیٹا بیٹھا اسکی ماں غیر ذات کی تھی . . . . میرا باپ یہ غم برداشت نہ کر سکا کہ اسکی گدی پہ کوئی ملے ہوئے خون کا آدمی بیٹھے وہ مر گیا مرنے سے پہلے لوگوں نے اس سے کہا وہ اپنی بددعا واپس لے لیں شاید انکا اپنا دل بھی پسیجا تھا تب ہی انہوں نے بددعا

و اپس لے لی لیکن انہوں نے کہا حفیظ سے کہتا

کبھی بھی اللہ کے کسی بہت قریبی بندے کا دل نہ دکھائے ساری دنیا کے فراڈ کر لے لیکن اپنی وجہ سے کسی مریض کو مرنے مت دے اپنے کام کے ساتھ بے وفائی نہ کرے بد دیانتی نہ کرے . . . کیونکہ اگر کر دی تو اگلے دن کا پانی بھی نصیب نہیں ہوگا اسکو . . .حفیظ سے کہنا قصائی نہ بنے

میں نے انکی بات سنی ہی نہیں کبھی غور ہی نہیں کیا مجھے لگا جس پیرزادے کی بددعا نہ لگی اسکی نصیحت کیا ماننی میں نے دل کھول کر فراڈ کئے . . . . لوگوں کے اعضا بیچے . . انکی جانیں لیں میں قصائی بن گیا . . . . مجھے کچھ نہیں ہوا دیکھو بالکل سلامت رہا میں لیکن جس دن میں نے معراج سلطان کو مرنے دیا میرا باپ مرے خواب میں آیا اس نے کہا

میں نے تجھے بولا تھا قصائی نہ بنیں تو نے نہیں سنی اب تو عذاب دیکھیں

وہ خاموش ہوئے تھے

شمس سخت چہرے کے ساتھ انکو دیکھ رہے تھے انکے چہرے پہ واضح اکتاہٹ تھی جیسے وہ اسکی بات ختم ہونے کا انتظار کر رہے ہوں

تم کہتے ہو تم مجھے نکال لو گے . . . . وہ طنزیہ سا ہنسے تھے

میں ایک بوڑھے پیرزادے کی بد دعائیں لے کر آیا ہوں میں اپنی ماں کے دوپٹہ پہ پیر رکھ کر آ یا ہوں میں اپنی بہنوں کو ساری زندگی کا غم دے کر آیا ہوں میں ایک پاک بی بی کو کو طلاق دے کر اسکی ذات سوالیہ نشان بنا کر آیا ہوں میں گدی پہ ایک غیر ذات کے آدمی کو بٹھا کر گدی کی بے حرمتی کر کے آیا ہوں میں حویلیاں اجاڑ کر آیا ہوں شمس سلطان مجھے یہاں سے اب کوئی نہیں نکال سکتا خدا نے مجھے ایسی جگہ مارا ہے جہاں مجھے پانی بھی نہیں ملا . . . میں ایسا غرق ہوا ہوں کہ اب واپسی کا کوئی راستہ نہیں . . . میں نے ایسی ذلت دیکھی ہے کہ اب کبھی سر نہیں اٹھا سکوں گا . . . مجھے لگا تھا بد دعا اگر وقت لگائے تو وہ زائل ہو جاتی ہے مجھے نہیں پتہ تھا بد دعا اگر وقت لے تو وہ زیادہ قوت سے مارتی ہے اس نے مجھے مار دیا ہے

تم پریشان مت ہو میں منہ نہیں کھولوں گا مصیبت پڑنے پہ دوستوں کو اس میں گھسیٹ لینا یہ پیروں کا شیوا نہیں ہے بس میرے برہان کو میری حقیقت مت بتانا وہ دلگرفتگی سے کہہ کر رخ موڑ گئے تھے

شمس پیچھے ہٹ گئے تھے البت انکے چہرے سے صاف ظاہر تھا کہ اس تقریر کا ان پہ کوئی خاطر خواہ اثر نہیں ہوا انہوں نے برہان کا ہاتھ ایک بار پھر تھام لیا تھا

برہان کو روتے دیکھ ڈاکٹر عبدالحفیظ بنا آواز کے بڑبڑائے تھے

آئی لوزڈ یو . . . . (میں) نے تمھیں کھو دیا

پولیس موبائل آگے بڑھ گئی تھی

روتا بلکتا بچہ پیچھے رہ گیا تھا . . . .

انتقام کے چکروں میں ہمیشہ بچے ہی رل جاتے ہیں

Novelzy · online novels

Stories you won’t put down

Romance, dark romance, mafia, werewolf, billionaire and more, released chapter by chapter. Start with free chapters on any device, unlock premium chapters with coins, and earn rewards as you read.