Chapter 17: باب 17

مجھے منظور ہے بابا جان جیسا آپ چاہیں ویسے بھی کمپنی آپ کی ہے میری نہیں اور کوئی بات کرنی ہے آپ نے ؟ معراج تمھارے بچے بڑے ہوگئے ہیں ہا لے کی شادی کی عمر ہے حسن کی پڑھائی ہے اور تم تم نے کونسی پراپرٹی بنائی ہے تمہارے پاس اپنا ہے ہی کیا سوائے اس دو ٹکے کی جاب کے اور ہیون پراجیکٹ مرزا کو نہ سہی لیکن اگر ہیون اچھی قیمت میں بکتا ہے تو بیچ دو اپنے بچوں کا مستقبل بناؤ انکو آسائشات دو بابا جان نے انکو سمجھانا چاہا تھا

انکا مستقبل وہ لوگ خود بنا سکتے ہیں بابا میرے بچوں کی تربیت میں نے ایسی نہیں کی کہ وہ باپ کی طرف سے ملنے والے ورثے پہ بیٹھے رہیں میں نے انکو ہاتھ پیر مارنا سکھایا ہے میں نے انکو گر سکھائے ہیں میں نے انکی تربیت کی ہے وہ میرے بچے ہیں بابا میرا خون انکو سب پتہ ہے کہ انہوں نے سروایئو کیسے کرنا ہے انہوں نے خود کو کیسے منواناہے انکی صلاحیت کیا ہے وہ اپنی دنیا خود بنا سکتے ہیں میں انکی آخرت کا سا مان کرنا چاہتا ہوں اگر ان دونوں نے ہیون پراجیکٹ کو بغیر کسی مفاد یا لالچ کے صرف اللہ کی رضا کے لئے چلایا تو انکی آخرت سنور جائے گی وہ دنیا سنوار لیں گے سب بچے سنوار لیں گے انکی آخرت سنور جائے میرے لئے یہی بہت ہے وہ منیر سے بول کر خاموش ہوئے تھے

میں تمہاری باتیں نہ پہلے سمجھ سکا ہوں نہ آج سمجھوں گا خیر مجھے یہ کہنا تھا کہ

دس دن بعد ہا لے کی سالگرہ ہے میں چاہتا ہوں اسی روز سفیر اور ہا لے کا نکاح کر دیا جائے فروا اور شمس کو کوئی اعتراض نہیں ہے ہا لے سے میں بات کر لوں گا کیا تم میرے فیصلے سے اتفاق کرتے ہو؟ وہ معراج کو دیکھتے پوچھ رہے تھے

نہیں مجھے کوئی اعترض نہیں لیکن ہا لے سے بات کرنی ہوگی مجھے معراج سلطان سنجیدگی سے بولے تھے لیکن بابا جان بہت سے کام کرنے ہوں گے ابھی تو ہماری کوئی تیاری بھی نہیں ہے کچھ وقت تو چاہئے ہوگا ہمیں حسینہ اس سارے وقت میں پہلی بار بولی تھیں

بھابی سب کچھ مل کر کر لیں گے پریشان نہ ہوں آپ فروا مسکرا کر بولی تھیں

باقی کسی کو کوئی اعترض نہیں تھا

یوسف سلطان جیسے کھل اٹھے تھے انکی سب سے بڑی خواہش پوری ہونے والی تھی انہوں نے خوش تو ہونا تھا معراج خاموشی سے اٹھ کھڑے ہوئے تھے

انکا دل بوجھل سا تھا

وہ جب لاؤنج میں آئی تو حسن کسی اخبار میں منہ دئیے بیٹھا تھا اس پاس اور بھی کافی اخبار اکھٹے کر رکھے تھے وہ ایک اخبار کو کھنگالتا اور پھر واپس رکھ دیتا وہ اپنے کام میں اتنا محو تھا ہا لے کی آمد کا بھی پتہ نہیں چلا

اے چھیلے ہوئے آلو یہ تمھیں اخبار پڑھنے کا شوق کب سے جاگ گیا؟ وہ دھپ سے اس کے برابر صوفے پہ بیٹھتے ہوئے بولی تھی اس نے سبز رنگ کی گھٹنوں تک آتی شرٹ کے ساتھ سبز ہی بڑے بڑے پائنچوں والی شلوار پہن رکھی تھی بال جوڑے میں باندھ رکھے تھے سیاہ آنکھوں میں اب بھی نیند تھی

دیکھ رہا ہوں چچی جان کی خود کش دھماکے کی خبر کہاں چھپی ہے چلو دھماکہ نہ سہی کیسے خود کشی کی یہی چھاپ دیتے لیکن نہیں ان اخبار والوں سے کچھ نہیں ہوگا وہ اتنے سنجیدہ سے انداز میں بولا تھا کہ ہا لے نے اسکو گھور کر دیکھا تھا

بھلا چچی کیوں کریں گی ایسا بد تمیز اس نے گھرکا تھا

تمہاری اور سفیر بھائی کی شادی کی ڈیٹ فکس ہوگئی ہے انہوں نے تو مرنا ہی ہے یا پھر کل کی اخبار میں تمھارے مرڈر کی نیوز چھپے گی لیکن یہ تو طے ہے کہ فروا حانم یہ شادی نہیں ہونے دیں گی وہ چمکتی آنکھوں سے مسکراہٹ دبا کر بولا تھا

اللہ اللہ کتنا فضول بولتے ہو تم شادی ہوگی اور تم سب دیکھو گے ہنہہ ویسے مجھے ابھی شادی کرنی ہی نہیں تھی لیکن میں کیا کروں کل رات دادا جان نے مجھے بہت فورس کیا ہے انکی خوشی کے لئے مجھے ماننا پڑا وہ اپ سیٹ لگتی تھی

ایک بات کہوں ہا لے تم سفیر بھائی سے شادی نہ کرو وہ یکدم سنجیدگی سے بولا تھا

ہا لے نے سر صوفے کی پشت سے ٹکا لیا تھا اور تھوڑی دیر بعد جب بولی تو اسکی آواز میں تکان سی تھی

)کیوں نہ کروں کوئی وجہ تو ہوگی ؟(شاید وہ خود کو بھی کوئی توجیح پیش کرنا چاہتی تھی

تم باتیں منوانے کی عادی ہو تم باس لیڈی ہو سفیر بھائی اور تمہاری بنے گی نہیں تم ان کے ساتھ ایک بے رنگ زندگی گزارو گی اور ہارون تم ان کے ساتھ بہت خوش رہ سکتی ہو ہا لے وہ تمہاری باتیں ماننے کا عادی ہے اسکو تمہاری سننا اچھا لگتا ہے میرے حساب سے وہ تمہارے لئے بیسٹ ہے لیکن پھر بھی جو تم چاہو اس نے کندھے اچکائے تھے

ہا لے خاموش رہی کچھ بولی نہیں

اسی وقت ہارون بھی گنگناتا ہوا لاؤنج میں داخل ہوا تھا ہا لے نے اسکو دیکھا تھا اس کے ہونٹوں پہ پھیکی سی مسکراہٹ آئی تھی

ہارون نے اسے نوٹ نہیں کیا وہ اسی طرح گنگناتا اس کے پاس آ کر بیٹھ گیا تھا

کیا ہوا ہے کزن اتنی اپ سیٹ کیوں ہو؟ وہ ہشاش بشاش سا بولا تھا

حسن جاؤ نرگس سے کہو ہارون کے لئے کافی لے کر آئے ہا لے جواب دینے کی بجائے حسن سے بولی تھی صاف صاف کہو اپنی بات میں مجھے شامل نہیں کرنا چاہتے میں مہذب طریقے سے اٹھ جاتا ویسے بھی بہن ہماری عادت نہیں ہے کسی کی سن گن لینے کی ہم تو بس اپنے کام سے کام رکھتے ہیں وہ محلے کی فساد ن آنٹیوں کی نقل اتارتا بولا تھا لیکن ہا لے کی جانب سے کوئی جواب نہ پا کر خاموشی سے اٹھ گیا تھا

اب کے ہارون کو پریشانی ہوئی تھی

کچھ ہوا ہے کیا ہا لے مجھے بتاؤ ؟ اس سفیر نے کچھ کہا ہے کچھ بولو بھی ؟ اسکی گرے آنکھوں میں واضح فکر تھی وہ مجھے تنگ کرنے لگا ہے ہارون پتہ نہیں کیوں مجھے لگتا ہے جیسے مجھ سے غلطی ہوگئی ہے میں جلد بازی کر بیٹھی ہوں یہ وہ سفیر نہیں ہے جس کو میں نے پسند کیا تھا جس سے میں شادی کرنا چاہتی تھی تمھیں پتہ ہے رات انہوں نے مجھ پہ اتنا شاوٹ کیا جسٹ بی کاز میں نے انکی کال نہیں پک کی ان کو لگتا ہےکہ میں جان بوجھ کر ایسا کرتی ہوں تاکہ میری ویلیو بڑھے اور بابا اور چچا کے بیچ جو کچھ بھی ہوا اس بارے میں مجھے میرے بابا سے بات کرنی چاہئے یہ ان دونوں بھائیوں کا مسئلہ ہے میں کیوں بیچ میں پڑوں ؟ کل اس چالیس منٹ کی کال پہ انہوں نے اتنا کچھ بولا ہے کہ میں شک میں مبتلا ہوگئی ہوں وہ شراب پیتے ہیں انکی کئی لڑکیوں سے دوستیاں ہیں ہم دونوں بہت الگ ہیں مجھے لگتا ہے میں ایک غلط ایکویشن میں پھس گئی ہوں میں کیا کروں کچھ سمجھ نہیں آتا وہ آنکھیں بند کیئے سر کو صوفے کی پشت سے ٹکا ئے بول رہی تھی ہارون بس اسکو دیکھ کر رہ گیا

اس کو چھوڑ دو ہا لے ختم کر دو یہ تعلق آگے جا کر وہ تمھیں بہت ہرٹ کرے گا وہ تم سے محبت نہیں کرتا اس نے خود یہ بات کہی ہے مجھ سے تم میرا یقین کرو وہ بس تم سے متاثر ہوا ہے اور کچھ نہیں وہ بس تمھیں ۔۔۔ وہ کچھ اور بھی کہتا کہ کسی اپنے عقب سے آنے والی آواز پہ خاموش ہو گیا

اوہ تو یہ کلاسز تم اس سے لیتی ہو گریٹ اس آواز پہ ہا لے کرنٹ کھا کر سیدھی ہوئی تھی سفیر لاو نج کے دہانے پہ کھڑا چبھتی نظروں سے ان دونوں کو دیکھ رہا تھا تم ہماری ذاتی باتیں اسکو بتاتی ہو؟ اور یہ اسکی اتنی جرات کے یہ تمھیں مرے خلاف بہکائے ؟ ہا لے افسوس ہو رہا ہے مجھے تم پہ میں تو یہاں تم سے رات کی ساری باتوں پہ معافی مانگنے آیا تھا اور تم یہاں میرے ہی خلاف محاذ کھولے بیٹھی ہو

سفیر بات کو غلط رخ مت دیں ہم بس بات کر رہے تھے اور میں کوئی بچی نہیں ہوں جو کسی کی با توں میں آجاؤں گی وہ نرمی سے بولی تھی وہ اس وقت جھگڑا نہیں چاہتی تھی جبکہ ہارون اٹھ کھڑا ہوا تھا

میں چلتا ہوں تم دونوں بات کر لو اوکے وہ نارمل سے لہجے میں بولتا سفیر کے پاس سے گزرنے لگا جب سفیر نے اسکی کہنی کو پکڑا ساتھ نرگس کو آوازیں دینے لگا

ہا لے چبھتی نظروں سے اسکو دیکھتی رہی

سفیر مجھے جانے دو تم دونوں اپنے مسلے حل کر لو میں کوئی جھگڑا نہیں کروانا چاہتا

اسی وقت نرگس پلیٹ میں مٹھائی لئے انکے پاس آئی تھی

سفیر صاحب معذرت دراصل میں مٹھائی لینے کچن میں گئی تھی ہارون صاحب کی امی آئی ہیں نہ تو ان کے لئے جی اسکو لمبے جواب دینے کی عادت سی تھی

اسی لئے تو بلایا ہے تمھیں نرگس مٹھائی ہی تو چاہئے تھی وہ مسکراتے ہوئے بولا تھا اور ساتھ ایک گلاب جامن اٹھا کر ہارون کے سامنے کیا تھا

کہنی ہنوز تھام رکھی تھی

یہ کس خوشی میں ہے ہارون نا گواری سے بولا تھا

یہ لو یار کھاؤ تو سہی اس نے زبردستی اس گلاب جامن کو ہارون کے منہ میں ٹھونسا تھا ہا لے کو سفیر کی حرکت پہ غصہ آیا تھا لیکن کچھ بولی نہیں

ہم دونوں کی شادی فکس ہوگئی ہے دس دن بعد نکاح ہے ہمارا اسی کی مٹھائی ہے یہ وہ بظاہر مسکرا رہا تھا لیکن اسکی آنکھوں میں تپش سی تھی

ہارون شاہد نے اپنی زندگی میں اتنا کڑوا گلاب جامن نہیں کھایا تھا اس نے بے اختیار اپنی کہنی چھڑائی تھی اور تیز تیز چلتا سلطان منزل کے دروازے کی جانب بڑھ گیا تھا

اسکی آنکھوں میں پانی بھرتا جا رہا تھا ہر منظر دھندھلا سا ہو رہا تھا کئی ایک بار تو وہ گرتے گرتے بچا تھا اب وہ سلطان منزل کے گیٹ سے باہرنکل آیا تھا اور ایک دیوار کی اوٹ میں کھڑا اس مٹھائی کو تھوک تھوک کر نکال رہا تھا تو کبھی شرٹ کی آستین سے زبان کو رگڑ رہا تھا کڑوا پن ایسا تھا کہ ختم نہ ہوتا تھا اسکو لگ رہا تھا اسکا سانس بند ہو رہا ہے

وہ کبھی اپنے سینے پہ ہاتھ مارتا تو کبھی بند مٹھی سینے پہ مار کر خود کو پر سکون کرتا اسکا دل جل رہا تھا اتنی تکلیف ہوگی اس نے یہ کب سوچا تھا اسکی آنکھوں سے آنسو بہتے جا رہے تھے جنہیں وہ بار بار شرٹ کی آستین سے رگڑ لیتا وہ رو رہا تھا بہت بری طرح رو رہا تھا اسکو تکلیف ہو رہی تھی بہت تکلیف

ہارون بیٹے یہاں کیا کر رہے ہو؟ شاہد حسین کی آواز پہ اس نے مڑ کر دیکھا تھا وہ اسکی سرخ آ نکھیں دیکھ کر دہل گئے وہ انکو آج یوسف سلطان نے گھر آنے کی دعوت دی تھی نوال بیگم اندر چلی گئی تھیں شاہد جو کوئی کال سننے یہیں ٹھہر گئے تھے ہارون کو اس طرف آتے دیکھ حیران ہوئے تھے

بیٹے یہاں کیا کر رہے ہو رو کیوں رہے ہو مجھے بتاؤ تو سہی ہوا کیا ہے وہ اس کے قریب آگئے تھے

ہارون کچھ کہے بغیر ان کے گلے لگ گیا تھا

پیا ہا لے کی شادی ہو رہی ہے میں برداشت نہیں کر پا رہا ہوں مجھے بہت تکلیف ہو رہی ہے بہت زیادہ میں اسکو نہیں چھوڑ سکتا میں کیسے خود پہ قابو رکھوں وہ روتے ہوئے بول رہا تھا

شاہد کو لگ رہا تھا جیسے کوئی ان کے دل پہ پیر رکھ رہا ہو

ہارون بس بیٹا دیکھو سب ادھر دیکھ رہے ہیں میری طرف دیکھو ہارون بیٹے صبر کرو کیا ہوگیا ہے تمھیں ادھر دیکھو میری طرف انہوں نے نرمی سے اسکو خود سے الگ کیا تھا وہ نظریں جھکا ئے کھڑا تھا دانت دانتوں پہ جمائے خود پہ ضبط کیئے

یہاں سب دیکھ رہے ہیں ہم گھر چل کر بات کریں گے بیٹے سمبھالو خود کو تم بہادر ہو اوکے اس نے جھکے ہوئے سر کو بس ذرا سا ہلانے پہ اکتفا کیا تھا اور خاموشی سے شاہد حسین کے پیچھے چل دیا تھا ضبط کئے درد سہتے ہوئے وہ اتنا بہادر نہیں تھا جتنا بننے کی کوشش کر رہا تھا وہ اتنا مضبوط نہیں تھا جتنا خود کو ظاہر کر رہا تھا

دوسری طرف ہا لے اور سفیر ایک دفع پھر آمنے سامنے تھے

آپ نے کیوں اس کے ساتھ بیر باندھ لیا ہے وہ میرا دوست ہے اسکو ہرٹ ہوتا ہے تو مجھے بھی برا لگتا ہے وہ مجھے کوئی آپ کے خلاف نہیں بھڑک اتا کوئی نہیں بھڑکا سکتا میں اپنا ذہن اپنا دماغ رکھتی ہوں مجھے فیصلے کرنے آتے ہیں کوئی میری انگلی پکڑ کر مجھے چلنا نہیں سکھاتا سفیر آپ میری ایک بات ذہن نشین کر لیجئے آپ آئندہ ہارون سے اور مجھ سے اس لہجے میں بات نہیں کریں گے اسکا لہجہ دوٹوک تھا

سفیر نے جب بات بگڑتے دیکھی تو خود ہی نرم پڑ گیا

اوکے آئی ایم سوری اس نے جیسے ہار مان لی میں پریشان تھا یار کل سے لے کر اس لیے بس تھوڑا اوور ری ایکٹ کر گیا میں اپنی ہر غلطی کا ازالہ کرنے کو تیار ہوں میں مانتا ہوں میں غلط ہوں دیکھو یار ہما ری شادی ہونے والی ہے یہ چھوٹی چھوٹی باتوں کو اگر دل میں جگہ دیں گے تو بہت مشکل ہو جائے گی ہم آج باہر ڈنر کرنے چلیں گے اوکے ؟ بڑے پاپا سے بات کر چکا ہوں میں اجازت لے لی ہے میں نے اب تم منع مت کرنا پلیز وہ التجا ئیہ سے انداز میں بولا تھا

آپ نے ڈنر میرے ساتھ کرنا تھا یا بڑے پاپا کے ساتھ وہ ہنوز خفا تھی

سفیر مسکرایا تھا اسکی بھوری آنکھیں چمک اٹھی تھیں

سارے جواب رات کو ڈنر پہ دے دوں گا اس وقت میں ایک میٹنگ کے لئے لیٹ ہو رہا ہوں اور ایک بات اور شام سات بجے تک میں ڈرائیور کو بھیج دوں گا تم پلیز آ جانا اوکے ؟

وہ کوئی جواب دیتی کہ اسکا موبائل بجنے لگا

جھینگا کالنگ

یہ کیوں کال کر رہا ہے؟

اچھا اوکے میں آجاؤں گی اس نے سفیر کی طرف دیکھے بغیر کہا تھا وہ بھی لیٹ ہو رہا تھا اسلئے خاموشی سے چلا گیا ہا لے نے کال پک کی تھی

ہاں بولو کدھر ہو تم اور کال کیوں کر رہے ہو؟

میرے کمرے میں آجاؤ ابھی اور اسی وقت اسکی پھسی پھسی سی آواز آئی تھی

کیوں میں تمہاری نوکر لگی ہوں وہ تب ہی تو گئی تھی

یار آجاؤ پلیز میں مصیبت میں ہوں وہ روہانسا سا ہوگیا تھا

ہا لے نے جواب دئیے بغیر کال کاٹ دی تھی اور اوپر کی طرف جانے لگی جب اس نے شاہد حسین اور ہارون کو سامنے سے آتے دیکھا وہ بھاگ کر ان کے قریب گئی تھی

شاہد اسکو دیکھ کر مسکرائے تھے

وہ انکے پاس جا کر ان کے سینے سے لگ گئی تھی شاہد نے اسکے بالوں کو چوما تھا

آئی مسڈ یو سو مچ ماموں جان وہ ان سے الگ ہوتے ہوئے بولی تھی جبکہ ان کے دونوں ہاتھوں کو پکڑ رکھا تھا میں نے بھی بہت مس کیا تمھیں انہوں نے اسکے ہاتھ اوپر کر کے کر چوم لئے تھے

ہاں اسی لئے تو ایک چکر بھی نہیں لگایا ہماری طرف اتنے مصروف ہیں کہ میرے لئے بھی وقت نہیں نکال سکے لڑکی اب تو آگیا ہوں ناں سارا دن ساتھ گزاریں گے اب خوش ہو

تھوڑی دیر وہاں کھڑے رہنے کے بعد شاہد اندر کی جانب بڑھ گئے تھے تھے اور ہا لے ہارون کے ساتھ حسن کے کمرے میں چلی گئی تھی

وہ دونوں ایک کیفے میں ایک دوسرے کے آمنے سامنے بیٹھی تھیں یہ کیفے ایک کھلی جگہ پہ بنایا گیا تھا کھلے آسمان کے نیچے اوپر کوئی چھت نہیں تھی بس آسمان تھا آگ برساتا آسمان ہر ٹیبل کے ساتھ ایک چھتری نما کوئی چیز لگی تھی اسکو کھولو تو وہ آپ کے اوپر سایہ کر دیتی تھی اور آپ کو جھلساتی دھوپ سے بچا لیتی تھی

مہر نے نیلے رنگ کا پرنٹڈ لان کا سوٹ پہن رکھا تھا کانوں میں ٹاپس بالوں کی اونچی پونی ٹیل بنا رکھی تھی وہ اداس تھی اس کے برعکس فروا فریش سی تھیں

گھٹنوں سے ذرا اوپر تک آتی برینڈڈ شرٹ اس کے نیچے بڑے پائینچوں والا ٹراؤزر کانوں میں ڈا ئمنڈ ٹاپس بھوری آنکھوں میں مسکارا اور انگلیوں میں پہنی ڈائمنڈ رنگز ہونٹوں پہ سجی سرخ لپسٹک وہ مکمل تیاری کے ساتھ آئی تھیں

تو تم یہ کہہ رہی ہو کہ تم نے سفیر پہ کیو اپ کر دیا ہے وہ سکون سے بولی تھیں

میں نے کیو اپ نہیں کیا میرے پاس کوئی اور آپشن نہیں تھا مجھے ابا کا پیار چاہئے تھا میں ماما کے احسانوں تلے دبی ہوئی ہوں ہا لے سے بہت محبت ہے مجھے میں اسکو ہرٹ نہیں کر سکتی اس کا لہجہ تھکا تھکا سا تھا

تم قربانی دوگی لیکن پھر بھی تمھیں یوسف سلطان کی محبت نہیں ملے گی جب تک ہا لے اس گھر میں ہے تب تک تو بالکل نہیں وہ اس کے ہوتے ہوئے تمھیں پوچھیں گے بھی نہیں ابھی انکا وعدہ نیا نیا ہے اسلئے وہ تم سے بات کرتےہیں تمہاری لائی ہوئی چیزیں خاموشی سے لے لیتے ہیں لیکن میری بات یاد رکھو مہر جس دن ہا لے اور سفیر کی شادی ہوگئی وہ یہ تک بھول جائیں گے کہ کوئی مہر ماہ تھی بھی یا نہیں اگر تمھیں یوسف سلطان چاہئے تو ہا لے کو بیچ سے نکالنا ہوگا وہ تمہاری سو کالڈ ماں اسکو دیکھا ہے کتنی خوش ہے وہ کس طرح ہنس ہنس کر اپنی بیٹی سے بات کر رہی ہے کیسے خوشی خوشی شادی کی شاپنگ کر رہی ہے اسکو تمہارا احساس بھی نہیں ہے مہر کوئی تمھارے لئے نہیں سوچے گا سوائے میرے کوئی تمہارا ساتھ نہیں دے گا سوائے میرے ہا لے کی شادی کے فورا بعد تمہاری شادی کر دی جائے گی پھر کیسے حاصل کرو گی یوسف سلطان کی محبت ؟ رہ لو گی سفیر کے بغیر ؟ انکے انداز میں چیلنج تھا

ہا لے کی وجہ سے ہمیشہ مجھے پیچھے کیا گیا وہ کسی غیر مرئی نکتے پہ نظر جما ئے بول رہی تھی پہلے امی نے پھر ابا نے اور اب سفیر نے ہا لے نے مجھ سے میرے سارے محبوب لوگ چھین لئے اس نے میرا ہر رشتہ سپؤائل کیا میں ہمیشہ سے اس کے جیسی بننا چاہتی تھی اسکی جگہ آنا چاہتی تھی لیکن نہیں آ سکی ابا نے مجھے ہا لے کی وجہ سے خود می سے دور کر دیا امی ہا لے کی وجہ سے مر گئیں اگر اس دن ہا لے ضد نہ کرتی تو امی نہ مرتیں اور اگر انہ مرتیں تو ابا مجھ سے پیار کرتے سفیر نے مجھے ہا لے کی وجہ سے چھوڑا لیکن میں وہ استہزائیہ سی ہنسی تھی میں اسکو کچھ نہیں کہہ سکتی اسلئے نہیں کیونکہ وہ میری بہن ہے بلکہ اسلئے کیونکہ اسکی ماں نے مجھے پالا ہے مجھ سے محبت کی ہے میرے بس میں کچھ بھی نہیں ہے میں کچھ نہیں کر سکتی میں احسان فراموش نہیں بن سکتی وہ فروا کی جانب نہیں دیکھ رہی تھی اس نے گردن موڑ رکھی تھی

تم سے محبت بس میں کرتی ہوں اور کوئی نہیں تم ہا لے کی ماں کے لئے صرف ایک گلٹ ہو کیا تم نے کبھی انکو نماز پڑھتے دیکھا ہے وہ جب دعا مانگتی ہیں تو ہچکیوں سے روتی ہیں انکی تہجد تک کبھی قضا نہیں ہوتی اسلئے نہیں کہ وہ ایک اچھی مسلمان ہیں اسلئے کیونکہ وہ ڈرتی ہیں وہ خدا کے قہر سے ڈرتی ہیں انکو لگتا ہے کہ اگر ایک بھی نماز چھوٹی تو اللہ ان سے ناراض ہوجائے گا انکے عیب زمانے کے سامنے کھل جائیں گے اللہ انکو بے پردہ کر دے گا مہر وہ تم سے محبت نہیں کرتیں وہ ہا لے سے محبت کرتی ہیں تم نے کبھی نوٹ کیا ہے وہ کیسے اسکو ڈانٹتی ہیں حق جتا تی ہیں سہی غلط کی پہچان کرواتی ہیں لیکن تم تم چاہے قتل ہی کر آؤ وہ تمھیں کچھ نہیں کہیں گی تم جو پہنو جو کھاؤ جو پیو وہ تمھیں اف تک نہیں کریں گی اگر کچھ کہیں گی تو انکا گلٹ عود کر آجائے گا انکا دل پھر زخمی ہوگا انکو پھر تکلیف ہوگی وہ خود کو ازیب سے بچا نے کے لئے تم سے محبت کا ڈرامہ کرتی ہیں تم میری بات سمجھتی کیوں نہیں ہو وہ جیسے عاجز آگائی تھیں

مہر اب بھی انکو نہیں دیکھ رہی تھی اسکی بھوری آنکھیں اب بھی سپاٹ تھیں

اب آپ یہ کہیں گی کہ انکی بیٹی کی وجہ سے میری ماں مر گئی یہی گلٹ ہے انہیں ہے ناں ؟ امی توا سی دن ہی مر گئی تھیں جب ابو نے انکو طلاق دی تھی اسلئے آپ کی یہ سب باتیں بے کار ہیں اسکا لہجہ بے زار سا تھا

فروا ٹیبل پہ آگے کو ہوئی تھیں انہوں نے اپنی آواز سرگوشی جتنی دھیمی کر لی تھی

اور اگر میں یہ کہوں کہ تمہارے والدین کی طلاق حسینہ بھابی کی وجہ سے ہوئی تھی تو ؟ اور اگر میں یہ کہوں کہ انکو اسی بات کا گلٹ ہے تو ؟ وہ اس کے کانوں میں صور پھونک کر پیچھے ہٹی تھیں

مہر نے اتنی تیزی سے مڑ کر دیکھا تھا کہ گردن کے چٹخنےکی آواز آئی تھی اس نے فروا کی آنکھوں میں کوئی جھوٹ کوئی دھوکہ تلاشنا چاہا لیکن انکی آنکھوں میں بس سچ تھا ثبوت کے ساتھ

مہر گنگ سی انکو دیکھے گئی اسکو لگا تھا جیسے آسمان سے پتھروں بھرا تھال اس کے سر پہ لڑھکا دیا گیا ہو اسکے دل کو کسی نے مٹھی میں لے کر دبایا تھا تکلیف حد سے سوا تھی شاک جان لیوا تھا

اس نے دو دن سے نہ سہی سے کچھ کھایا تھا نہ بات کی تھی بس اپنے کمرے میں بیٹھا رہتا یا گھنٹوں کسی غیر مرئی نکتے پہ نظریں جمائے رہتا نفیسہ نے اسکو کچھ نہیں کہا تھا انکو اندازہ تھا وہ اس وقت ٹراما ٹا ئیز تھا ابھی بھی وہ اپنے کمرے کی دیوار گیر کھڑکی کے ساتھ سر ٹکآئے بیٹھا تھااسی وقت نفیسہ اسکے کمرے میں داخل ہوئیں عمر کو محسوس ہوا تھا لیکن آنکھیں موندے رکھیں وہ خاموشی سے اس کے پاس چپس کے فرش پہ بیٹھ گئی تھیں کافی دیر تک دونوں کے درمیان خاموشی رہی اور پھر عمر کی بھاری آواز کمرے میں گونجی تھی

میں نے اس دن آپ کی اور ایس ایچ او کی ساری باتیں سنی تھیں یقینا آپ ایک اچھی وکیل رہی ہوں گی نفیسہ مسکر آئی تھیں پورے دل سے

تم نے کبھی مجھے کورٹ میں بولتے نہیں سنا عمر جب میں بولتی تھی جب میں دلائل دیتی تھی اور جب ۔۔۔ وہ بولتے بولتے رک گئی تھیں انکو کچھ عجیب لگا تھا یہ صورتحال نارمل نہیں تھی

آپ کا پورا نام کیا ہے اماں ؟ اس نے آنکھیں ہنوز موند رکھی تھیں

نفیسہ حیات کیا ہوا ہے عمر ایسے سوال کیوں کر رہے ہو

آپ کے شوہر کا نام کیا تھا؟ وہ انکی بات نہیں سن رہا تھا

سید یونس شاہ انکا لہجہ اب سپاٹ تھا

پھر میرا نام سید عمر یونس کیوں نہیں ہے؟ اس نے آنکھیں کھول لی تھیں اسکی آنکھوں میں ایسا درد تھا کہ نفیسہ کے دل کو کچھ ہوا تھا

نفیسہ خاموش رہی تھیں ان کے پاس بولنے کو کچھ نہیں تھا

آپ نے مجھے اپنے باپ کا نام کیوں دیا مجھے میرے باپ کا نام کیوں نہیں دیا ؟ یا پھر یہ کہیں کہ میں انکا بیٹا ہی نہیں ہوں؟ اماں میں آپ کا بیٹا تو ہوں ناں ؟ اس نے آخری سوال نہ جانے کس خدشے کے پیش نظر کیا تھا

تم میرے بیٹے ہو عمر تم میری جان ہو میری اولاد ہو تم انہوں نے عمر سے زیادہ خود کو یقین دلایا تھا پس منظر میں کوئی اور آواز گونج رہی تھی

(وہ گندہ خون ہے نفیسہ وہ تمھیں چھوڑ دے گا وہ آسیب ہے وہ سب کچھ کھا جائے گا)

مجھے ہمیشہ لگتا تھا یہ لوگ آپ سے چلتے ہیں یہ لوگ آپ کو جھیل نہیں پاتے اس لئے الزام لگا تے ہیں میں آپ ہی کا بیٹا ہوں آپ کا خون لیکن نہیں میں تو گندہ خون ہوں پتہ نہیں میں جائز بھی ہوں یا نہیں اسکی آنکھوں میں نمکین پانی بھرنے لگا تھا اماں مجھے بتائیں میرے ماں باپ کون تھے میں کون ہوں آپ مجھے کہاں سے لائی ہیں خدا کے لئے مجھے سب بتا دیں ورنہ میں پاگل ہو جاؤں گا آپ میری ماں ہیں یا نہیں؟ میرا باپ کون ہے؟ کچھ تو بتائیں مجھے وہ برہمی سے بول رہا تھا

میں تمہاری ماں ہوں عمر میں نے تمھیں پیدا نہیں کیا لیکن میں تمھارے لئے راتوں کو جاگی ہوں میں نے تمھیں نو مہینے اپنی کوکھ میں نہیں رکھا لیکن تمہاری تکلیف سے مجھے تکلیف ہوتی ہے تم میرا خون نہیں ہو لیکن میں تمھارے لئے کسی سے بھی لڑ سکتی ہوں میں نے ہمیشہ تمھیں بیسٹ دیا ہے عمر تم میرے بیٹے ہو تمہاری اصل ماں کو تو تمہاری شکل بھی یاد نہیں ہوگی تم جب پیدا ہوئے تھے اس کے دو گھنٹے بعد تم میری گود میں آئے تھے تمھیں اللہ نے میرے پاس بھیجا ہے تم میرا سرمایہ ہو میرا کل جہاں میری متاع حیات تم میرے بیٹے ہو میری عمر بھر کی کمائی ہو تم وہ بلند آواز میں بولتی عمر سے زیادہ خود کو یقین دلا رہی تھیں

(وہ ایک دن تمھیں چھوڑ دے گا نفیسہ وہ تمہارا کیریئر کھا گیا تمہارا وقار کھا گیا وہ سب کچھ کھا جائے گا تم اکیلی رہ جاؤ گی)

مطلب میں آپ کا بیٹا نہیں ہوں وہ شاکڈ نہیں تھا اسکو اندازہ تھا دو دن پہلے ان لوگوں کی وثوق سے کہی باتوں پہ وہ کہیں نہ کہیں ایمان لے آیا تھا

وہ اٹھ کھڑا ہوا تھا

اماں میں آپ کا بیٹا نہیں ہوں ؟ میں کون ہوں کہاں سے لے کر آئی ہیں آپ مجھے ؟ کون ہے میرا باپ میری ماں کون ہے کیوں دیا انہوں نے مجھے آپ کو؟ اماں مجھے سب بتائیں سب اسکی آنکھیں سرخ تھیں وہ تیز تیز بول رہا تھا

میں نہیں جانتی تمہارے خاندان کو میں کچھ نہیں جانتی عمر تم سب باتیں چھوڑ دو جو ہونا تھا وہ ہو گیا تم میرے بیٹے ہو انہوں نے عمر کی کہنی تھا منی چاہی جسے عمر نے بے دردی سے چھڑایا تھا

مطلب انہوں نے مجھے پھینک دیا تھا آپ آپ ان کو نہیں جانتیں مطلب مجھے لگا تھا میرے ماں باپ نے مجھے آپ کے حوالے کیا ہوگا لیکن وہ اب شاکڈ تھا اوہ میرے خدا یا یہ میں کس کھیل کا حصہ بن گیا ہوں یہ کیا ہو رہا ہے میرے ساتھ اللہ کیوں کیوں کیوں میرے ساتھ ہی کیوں وہ بالوں کو مٹھی میں دوبچے یہاں سے وہاں چکر لگا رہا تھا کیوں اٹھا کر لائی تھیں آپ مجھے جب میرے ماں باپ نے مجھے نہیں اپنایا تو آپ کیوں اٹھا کر لائیں اتنے سال اتنے سال میں دھوکے میں رہا اس دن سب لوگوں کو اس دو ٹکے کے ندیم کی بات کا یقین تھا لیکن میرا نہیں کیونکہ اسکی کریڈیبلٹی تھی اسکا خاندان تھا اس کے پاس نام تھا عزت تھی اور میں اماں میں خالی ہاتھ تھا اس نے اپنے دونوں ہاتھ نفیسہ کے چہرے کے سامنے کئے تھے میرا کوئی خاندان نہیں تھا میری کوئی اوقات نہیں تھی میری کوئی کریڈبلٹی نہیں تھی میں ایک ایسی اولاد تھا جسکو اس کے ماں باپ نے بھی قبول نہیں کیا تھا یا اللہ میری تو ساری زندگی جھوٹ تھی میرا وجود جھوٹا ہے نا پاک ہے گندہ ہے وہ بلند آواز میں چلا رہا تھا

عمر میں نے تمہارے لئے سب کچھ کیا ہے آگے بھی کروں گی تمہارا خاندان میں ہوں میں نے تمھارے لئے دنیا چھوڑی ہے تم مجھ سے پوچھو تم کیا ہو تم میرا پورا جہاں ہو لوگوں کی باتوں میں کیوں آتے ہو عمر یہ سب جھوٹے ہیں تم میرا سچ ہو وہ رونے لگی تھیں میں نہیں جانتی تھی تمہاری فیملی کون ہے تم کون ہو میں تمھیں ہاں میں نے تمھیں کوڑے کے ڈھیر سے اٹھایا تھا لیکن میں ایک ہفتہ بعد ہی تمھارے باپ کا پتہ لگا چکی تھی میں ساری زندگی تمھیں اپنے پاس رکھ کر گلٹی نہیں رہ سکتی تھی میں تمھیں تمہارے باپ کے پاس لے گئی تھی لیکن انہوں نے تمھیں قبول نہیں کیا انکی زندگی مکمل تھی عمر اس میں تمہاری کوئی جگہ نہیں تھی تم میرے لئے آئے تھے عمر میری زندگی ادھوری تھی تمھیں اسکو مکمل کرنا تھا عمر کی بیماری کے بعد وہ آج روئی تھیں

آپ نے میرے لئے کچھ نہیں کیا وہ دانت پیس کر غرایا تھا آپ ایک ضدی عورت تھیں آپ نے مجھے اپنی انا کی تسکین کے لئے پالا اآپکو ہمیشہ وہی کام کرنا ہوتا تھا جس سے آپ کو روکا جائے آپ نے میرے معاملے میں بھی وہی کیا آپ نے ساری دنیا اپنے لئے چھوڑی اماں میرے لئے اگر کچھ کرنا تھا تو آپ امریکا سے واپس ہی نہ آتیں میرے لئے اگر کچھ کرنا تھا تو یہ محلہ چھوڑتیں میرے لئے اگر کچھ کرنا تھا تو آپ وکالت نہ چھوڑتی آپ نے یہ سب کچھ اسلئے کیا تاکہ آپ کی واہ واہ ہو آپ نے یہ سب اس لئے کیا تاکہ آپ کی انا کو تسکین ملے تاکہ مجھے اگر کچھ پتہ چلے تو میں خود کو آپ کے احسانوں کے بوجھ تلے دبا ہوا محسوس کروں مجھے اتنے سال دھوکے میں رکھا اتنے سال میں نے سارے محلے والوں کی غلیظ نظریں زو معنی جملے بازی سب کچھ اس لئے برداشت کیا کیونکہ مجھے لگتا تھا یہ لوگ سب کچھ اس لئے کہتے ہیں کیونکہ یہ آپ کا مقا بلہ نہیں کر سکتے ایک مضبوط عورت کو جھیل نہیں سکتے آپ مضبوط نہیں تھیں آپ ضدی تھیں وہ انکیآ نکھوں میں دیکھتا چبا چبا کر کہہ رہا تھا نفیسہ بس اسکو دیکھے گئیں یک ٹک دم سادھے اور جب بولیں تو بس اتنا

تم زری سے ملے ہو؟ انکو اپنی آواز کسی کھائی سے آتی محسوس ہوئی

عمر نے کوئی جواب نہیں دیا تھا

ایک پرانا اور ناراض دوست جس کے پاس آپ کے راز ہوں وہ دشمن سے بھی زیادہ خطر ناک ہوتا ہے آج نفیسہ نے مان لیا تھا

خدا تمھیں غارت کرے زری وہ کرب ناک لہجے میں بولی تھیں نفیسہ حیات نے اپنی زندگی میں پہلی بار کسی کو بد دعا دی تھی

عمر سنی ان سنی کرتا الماری کی جانب بڑھ گیا تھا نفیسہ نے شاکی نظروں سے اسکو دیکھا تھا

وہ اپنے ہینگر میں ینگے ایک ایک جوڑے کو نکالتا بیگ میں ڈالتا جاتا تھا بیگ بھر چکا تھا لیکن نفیسہ اپنی جگہ سے ہلی بھی نہیں تھیں اب وہ باتھ روم سے اپنے کچھ سامان لے کر آیا تھا اور انکو بیگ میں ٹھو نس رہا تھا نفیسہ بے حس و حرکت انکو دیکھے گئیں اب اسکا بیگ تیار تھا اس نے بیگ کندھے پہ رکھا تھا اور نفیسہ کی طرف دیکھ کر بولا تھا میں جا رہا ہوں اماں جو ذلت میں نے اس دن دیکھی ہے اس کے بعد میں ان لوگوں کا سامنا نہیں کر سکتا اب میں تب واپس آؤں گا جب میری کوئی عزت ہوگی میری بات کی کریڈیبلٹی ہوگی میرا کوئی مقام ہوگا میں اپنے خاندان کو ڈھونڈنے جا رہا ہوں میری واپسی کا انتظار مت کیجئے گا اسکا لہجہ سپاٹ تھا

نفیسہ نے ذہن پہ زور دیا تھا انکو ایسی ازیت کب ہوئی تھی جب انکا باپ مرا تھا؟ نہیں جب انکا شو ہر مر گیا تھا؟ نہیں جب انکی پہلی اولاد دنیا میں آنے سے پہلے مر گئی نہیں جب عمر بیمال ر ہوا؟ نہیں جب ان کا لائیسنس کینس ہوا نہیں یہ ازیت سب ازی توں سے بڑی تھی یہ دکھ تمام دکھوں پہ بھاری تھا یہ غم دیمک ثابت ہونے والا تھا عمر مت جاؤ وہ رندھے ہوئے لہجے میں بولی تھی آنسو ابل ابل کر انکی آنکھوں سے نکل رہے تھے تم میرا سہارا ہو میری اولاد ہو تم میرے بیٹے میرا مان میرا واحد رشتہ مجھے بے سہارا مت کرو مجھے ہجر کا غم نہ دو تم میرا سرمایہ ہو مجھے خالی ہاتھ نہ کرو عمر رک جاؤ وہ گیلے چہرے کے ساتھ بول رہی تھیں آنسوں کی وجہ سے عمر کا چہرہ دھند لایا سا لگتا تھا

مجھے مت روکیں اماں میں رک جاؤں گا اور اگر میں رک گیا تو عذاب بن جاؤں گا مجھے اولاد رہنے دیں مجھے عذاب نہ بننے دیں وہ بول کر رکا نہیں تھا وہ کمرے کا دروازہ پار کر گیا تھا

نفیسہ نے آنکھیں صاف کی تھیں منظر صاف ہو گیا تھا اور اس منظر میں عمر حیات نہیں تھا

نفیسہ کو لگا تھا جیسے عمر ان کے دل پہ پیر رکھ کر گیا ہو

وہ فرش پہ بیٹھتی چلی گئیں تھیں اور چند ہی لمحوں بعد دھاڑے مار مار کر روتی جاتیں اور ایک ہی سطر دہراتی جاتیں اللہ تمھیں غارت کرے زری

ہارون اور ہا لے جب حسن کے کمرے میں داخل ہوئے تو وہ منہ دیوار کی جانب موڑے بیٹھا تھا ایسے کہ ان دونوں کی طرف پیٹھ تھی ہا لے مشکوک سی آگے آئی تھی

جھینگے کیوں بلایا ہے مجھے اور یہ منہ کیوں اس طرف کر رکھا ہے؟ کمر پہ ہاتھ رکھے آنکھوں کی پتلیاں سکیڑے پوچھ رہی تھی

پہلے وعدہ کرو مجھے جج نہیں کرو گی آخر کو میں بھی ایک انسان ہوں میرا بھی خوبصورتی پہ حق ہے اسکی آواز کچھ الگ سی لگ رہی تھی جیسے مشکل سے بول رہا ہو

اب کے ہارون بھی مشکوک ہوا تھا اور ہا لے کے سامنے سے گزرتے ہوئے فورا حسن کے سامنے جا کر کھڑا ہوا تھا اور پھر دو سیکنڈ بعد ہی اسکا بلند سا قہقہہ پورے کمرے میں گونجا تھا ہا لے نے آگے بڑھ کر حسن کا چہرہ دیکھا اور پھرا گلے سیکنڈ وہ بھی پاگلوں کی طرح ہنسنے لگی تھی

حسن جو کہ بلیک چار کول بیوٹی ماسک لگائے بیٹھا تھا ان دونوں کو ہنستے دیکھ خفیف سا منہ چھپانے لگا اللہ اللہ حسن یہ تم نے کیا کیا ہے وہ پیٹ پکڑے ہنستی جا رہی تھی ہارون نے ہنستے ہوئے اپنا موبائل نکالا تھا اور حسن کی تصویر بنانے لگا

ہارون بھائی نہ کریں یار پلیز وہ روہانسا سا ہوگیا تھا

یہ ۔۔۔۔ کیوں ۔ ۔ لگایا۔۔ ۔ ہے تم نے وہ ہنستے ہنستے با مشکل بولی تھی اسکی آنکھوں میں پانی بھر گیا تھا یہی حال ہارون کا تھا وہ نیچے بیٹھ کر گردن پیچھے پھینکے ہنستا جا رہا تھا

میں نے یوٹیوب پہ دیکھا تھا یہ اور ایشا (مدحت کی شادی پہ ملنے والی لڑکی)اسکو بھی کئی بار لگے ہوئے دیکھا تھا تو آج تمھارے کمرے میں جب گیا تو یہ مل گیا میں لے آیا اور لگا تو لیا لیکن جب اتارنے لگا تو میری سکن اتنا کھنچنے لگی اتنا درد کرنے لگی تھی اسی لئے تمھیں بلایا اور تم ہو کہ ہنسے جا رہی ہو وہ جیسے رو دینے کو تھا

ہا لے کی ہنسی ذرا دیر کو تھمی تھی وہ اپنی آنکھیں صاف کرتی اس کے قریب بیڈ پہ بیٹھی تھی جبکہ ہارون ابھی بھی نیچے بیٹھا تھا اسکی ہنسی ذرا سی دیر کو تھم جاتی اور پھر اگلے ہی لمحے وہ پھر سے ہنسنے لگتا

لاؤ ادھر کرو چہرہ میں اتار دیتی ہوں وہ مسکرا تے ہوئے بولی تھی

لیکن حسن نے جونہی چہرہ اسکی جانب موڑا وہ ایک بار پھر زور زور سے ہنسنے لگی تھی

اٹھو چلی جاؤ نہیں اتر وانا میں نے جاؤ وہ برہمی سے بولا تھا اسی وقت ہارون اٹھ کر اس کے قریب آ کر بیٹھا تھا لاؤ میں اتار دیتا ہوں وہ مسکراہٹ دباتے ہوئے بولا تھا

اور پھر اگلے پانچ منٹ تک ہارون اسکے چہرے سے ماسک اتارتا رہا ہارون جیسے ہی ماسک اتارنے لگتا حسن چیخنے لگتا شاید اسکو درد ہو رہا تھا لیکن ہا لے کی ایک ہی دھمکی پہ وہ ایسے خاموش ہو کر بیٹھ گیا جیسے کوئی مجسم ہو اگر تم چیخے یا بولے تو تمہارے چہرے پہ جھریاں پڑ جائیں گی بس پھر حسن جم کے بیٹھ گیا اور پورا ماسک اترنے تک ہلا تک نہیں ماسک اترنے کے بعد وہ واش روم میں منہ دھونے چلا گیا تھا ہارون اور ہا لے اس کے بیڈ پہ بیٹھے تھے ہا لے کتنی بار فیس واش لگانا ہے؟ اس نے اندر سے صدا لگائی تھی

کم از کم دس بار ورنہ جھریاں پڑ جائیں گی وہ مسکراہٹ دبائے سنجیدگی سے بولی تھی

لیکن ایسا تو اتنی بار منہ نہیں دھوتی وہ اندر سے بولا تھا

ہاں تو جاؤ اپنی اسی ماں سے پوچھ کر آؤ کتنی بار منہ دھونا ہے دماغ نہ خراب کرو میرا

وہ خاموش ہوگیا تھا اسکی اب کوئی آواز نہیں آئی تھی

تمھیں پتہ ہے اس دن مال میں میری ملا قات کس سے ہوئی؟ عمر وہ لڑکا عمر اسر ات جس کا ایکسیڈنٹ ہوا تھا اس نے آواز سرگوشی جتنی دھیمی کر لی تھی

ہارون چونکا تھا

تم نے اس سے کیوں بات کی کسی نے دیکھا تو نہیں؟ میں نے کہا تھا ناں تم یہ تک بھول جاؤگی کہ وہ رات کبھی ہماری زندگی میں آئی بھی تھی تمہیں سمجھ نہیں آتی ایک بات ؟

Novelzy · online novels

Stories you won’t put down

Romance, dark romance, mafia, werewolf, billionaire and more, released chapter by chapter. Start with free chapters on any device, unlock premium chapters with coins, and earn rewards as you read.