افراہیم نوف کی اس حرکت پر کراہیت محسوس کرتا ہوا اپنی پاکٹ سے ٹشو نکال کر اسکی طرف بڑھا کر تیز آواز میں بولا نوف نے شرمندہ ہوتے ہوئے افراہیم کے ہاتھ سے ٹشو لیا مگر وہ بھی کیا کرتی نوز تو ہر عام انسان کی بہتی ہے اب اس کے پاس نوز صاف کرنے کے لیے کوئی دوسرا آپشن نہیں تھا تو بھلا وہ کیا کرتی۔۔۔ مگر یہ بات وہ افراہیم کو بتانے کی بجائے اپنے باہر نکلنے کی وجہ بتانے لگی
"میں عدنان بھائی کے ساتھ باہر نہیں نکلی تھی بلکہ اپنے بھائی کے ساتھ ببلی کے گھر سے آئی تھی، عدنان بھائی تو مجھے ببلی کے گھر سے واپس لینے آئے تھے"
اب ببلی کون تھی یہ افراہیم کو کیا معلوم تھا وہ سر جھٹک کر اپنے ساتھ چلتی ہوئی نوف کو دیکھنے لگا جو آہستہ آواز میں بولتی ہوئی سر جھکائے اس کے ہم قدم چل رہی تھی۔۔۔ کچھ یاد آنے پر افراہیم غصہ کرتا ہوا ایک دم نوف سے بولا
"میں نے تم سے 15 دن پہلے کیا بولا تھا کہ تم اگلے دن اگر پورے لان کی صفائی کروں گی اور تم نے فرمانبرداری سے میرے سامنے سر ہلایا تھا، اپنے چچا کی طرح ٹوپی کروائی تم نے مجھے"
افراہیم تو لان کی صفائی کا کہہ کر اس بات کو خود بھی فراموش کرچکا تھا مگر نوف کے جھکے ہوئے سر کو دیکھ کر اچانک اسے یہ بات یاد آگئی جس پر وہ نوف کو مصنوعی غصہ دکھا کر رعب جماتا ہوا پوچھنے لگا
"میں نے آپکو ٹوپی نہیں کروائی تھی اگلے دن میرے امتحانات شروع ہوگئے تھے تو میں پڑھنے میں مصروف ہوگئی تھی"
ویسے تو نوف نے پندرہ دن پہلے سوچ لیا تھا وہ اب اس بنگلے کا رخ نہیں کرے گی مگر یہ بھی سچ تھا کہ وہ پرسوں ہی اپنے پیپرز سے فارغ ہوئی تھی اور دوسرا اسے ذرا بھی اندازہ نہیں تھا کہ یو اچانک افراہیم سے اس کا ٹکراؤ ہوجائے گا
"ٹھیک ہے لیکن اب تم کل صبح ہی بنگلے کے اندر موجود ہوگی اور میرے وارڈروب میں موجود سارے کپڑے پریس کرو گی"
گھر نزدیک آچکا تھا تب افراہیم نوف کے جھکے سر کو دیکھ کر حاکمانہ لہجے میں بولا
"صبح تو مجھے اسکول کے لیے نکلنا ہوگا"
نوف جھکے سر کے ساتھ اپنے سامنے کھڑے مغرور اور بددماغ لڑکے کو آہستہ آواز میں بتانے لگی
"پڑھ لکھ کر کیا کروں گی تم، ملنا تو تمہیں وہی ہے مامے یا چچا کا بیٹا"
افراہیم کا انداز مذاق اڑانے والا تھا مگر سر اٹھا کر جن نظروں سے نوف نے اسے دیکھا تو افراہیم ایک دم سنبھل کر دوبارہ بولا
"صبح کا مطلب ہے بارہ بجے میری صبح بارہ بجے ہوتی ہے جب تک تمہارا اسکول آف ہوچکا ہوگا اپنا بیگ رکھ کر سیدھی تم میرے کمرے میں آؤں گی سمجھ میں آرہا ہے تمہیں"
افراہیم ایک بار پھر وہ رعب جمانے والے انداز میں بولا جس پر ناچار نوف کو آہستہ سے اقرار میں سر ہلانا پڑا
"جاؤ میں یہی کھڑا ہوں یہاں سے سیدھا اپنے گھر چلی جاؤ" افراہیم نوف کے جھکے ہوئے سر کو دیکھ کر بولا تو نوف خاموشی سے اپنے کوارٹر کی طرف جانے لگی افراہیم کو اس لڑکی کو حکم دینے میں مزہ بھی اس لئے آتا تھا کیونکہ وہ تابعداری سے سر جھکائے اس کی ہر بات مانتی تھی۔۔۔۔ نوف نے گھر کا دروازہ کھول کر گھر میں داخل ہونے سے پہلے ایک نظر سامنے دیکھا افراہیم وہی پر موجود اسی کو دیکھ رہا تھا نوف نے جلدی سے دروازہ بند کردیا
"اسٹوپڈ گرل"
افراہیم زیر لب بڑبڑا کر بنگلے کے کھلے گیٹ سے اندر جانے لگا
***
"کیا تمہیں کوئی افسوس نہیں ہوا یہ سن کر کہ عدنان نے نوف پر ہاتھ اٹھایا ہے، میری معصوم بچی نہ کسی کے برے میں نہ اچھے میں، کچھ منہ سے بولتی تک نہیں ہے وہ اس کو بلاوجہ میں مارتے ہوئے عدنان کو شرم نہیں آئی، میں کل ہی جاکر نثار اور غزل کے بات کرتی ہوں"
رخشی نوف کا سرخ گال دیکھ کر پریشان ہوئی تھی نوف نے سارا قصہ سنانے کے بجائے اسے صرف یہی بتایا تھا کہ عدنان نے اسے اس بات پر مارا ہے وہ گھر سے باہر نکلی تھی
"ارے آہستہ تو بولو ابھی ازلان کے کانوں میں یہ بات پڑگئی تو اور ذرا سی دیر میں غصے میں آجائے گا، لڑکے تو اپنی منگیتر اور گھر والی پر رعب ڈالنے کے لئے ایسی حرکتیں کرتے ہی ہیں،، لگا دیا ہوگا اس نے نوف کو ڈرانے کے لئے ہلکا پھلکا سا ہاتھ۔۔۔ میں خود سمجھاؤں گا عدنان کو تمہیں نثار یا پھر غزل سے بات کرنے کی کوئی ضرورت نہیں ہے"
قیوم کو خود بھی عدنان کی اس حرکت پر کافی دکھ ہوا تھا لیکن وہ رخشی کے سامنے اس کا اظہار کرکے بات نہیں بڑھانا چاہتا تھا اس لیے رخشی کو سمجھاتا ہوا بولا
"ذرا سا ہاتھ لگایا ہے اس نے جاکر دیکھو اپنی بچی کا سوجھا ہوا گال"
نوف اسی کمرے میں سر تک لحاف اوڑھے سوتی ہوئی بنی لیٹی تھی مگر وہ قیوم اور رخشی کی ساری باتیں سن رہی تھی
"کیا کر رہی ہے نیک بخت کیوں بات کو بڑھا رہی ہے بول تو دیا ہے سمجھاؤں گا میں عدنان کو، اب چپ کر جا تیری آواز سن کر کہیں ازلان ہی نہ یہاں آجائے"
قیوم رخشی کو آہستہ آواز میں ڈانٹتا ہوا بولا وہ بالکل بھی نہیں چاہتا تھا اس قصے کی ذرا سی بھی بھنک ازلان کو پڑے
"میں تمہیں بتا رہی ہو قیوم، تمہیں اپنے بھائی سے محبت ہے تو وہ اپنی جگہ لیکن اس چکر میں، میں اپنے دونوں بچوں کی قربانی نہیں دے سکتی ہوں۔۔۔ نہ ہی میں اپنی نوف کی شادی عدنان جیسے مفت خورے کے ساتھ ہونے دو گی اور نہ ہی وہ چھوٹی سی بچی نما عورت میرے ازلان کی دلہن بن کر اس گھر میں آئے گی"
رخشی انگلی اٹھاکر تنبیہ کرتی ہوئی بولی کیونکہ نثار اور غزل کی دونوں ہی اولاد جس راہ پر چل نکلی تھی رخشی ان کی وجہ سے اپنے دونوں بچوں کا مستقبل داؤ پر نہیں لگا سکتی تھی
"دیکھ رخشی اب تو بہت زیادہ بول رہی ہے ہمارے بچوں کے بچپن میں جو بات طے ہوچکی تھی وہ تو اب ہوکر رہے گی میں اب اپنی زبان سے ہرگز نہیں مکروں گا اور نہ ہی کوئی دوسرا ان رشتوں کو ختم کرسکتا ہے میرے جیتے جی۔۔۔ اگر تو نے بیچ میں پڑ کر ان رشتوں کو خراب کرنا چاہتا تو میں تجھے ضرور فارغ کردوں گا اس لئے میں تجھے پیار سے سمجھا رہا ہوں کہ آئندہ ان کے رشتوں کو ختم کرنے والی بات اپنی زبان پر یہ مت لانا"
قیوم رخشی کو بولتا ہوا گھر سے باہر نکل گیا جبکہ رخشی چپ کرکے چارپائی پر بیٹھ گئی۔۔۔ لحاف کے اندر لیٹی ہوئی نوف کو اپنی زندگی عذاب سی لگنے لگی کیونکہ آج عدنان کی حرکت سے اسے عدنان اور اپنی زندگی سے نفرت ہو چلی تھی
***
"کیسے ہو ازلان"
وہ کل شام عباد کی باتیں سننے کے بعد سے اپنے کمرے کا دروازہ بند کیے ہوئے بیٹھا تھا، تھوڑی دیر پہلے رخشی اسے ناشتہ دے کر گھر کے کاموں میں مصروف ہوچکی تھی تب اسے اپنے کمرے میں بیلا کی آواز سنائی دی
"تم یہاں ہمارے کوارٹر میں کیا کر رہی ہو"
بیلا کو اپنے کمرے کے دروازے پر کھڑا دیکھ کر ازلان کرسی سے اٹھتا ہوا اس کے پاس آکر پوچھنے لگا
"تم سے سوری کرنے آئی تھی بابا نے کل غصے میں بہت غلط کیا انہیں وہ سب باتیں تم سے نہیں کہنی چاہیے تھی "
بیلا کمرے کے اندر آتی ہوئی ازلان سے بولی
"وہ سب جو تمہارے بابا نے مجھ سے کہا اس کے لیے تمہیں سوری کرنے کی ضرورت نہیں ہے کیونکہ اس میں تمہاری غلطی نہیں ہے اب تم یہاں سے چلی جاؤ بیلا"
ازلان کا انداز بالکل سنجیدہ تھا بیلا اسے خاموشی سے دیکھنے لگی
"تم مجھے اپنے گھر سے جانے کے لیے بول رہے ہو اس کا مطلب یہ ہوا تم ابھی تک مجھ سے ناراض ہو" بیلا افسوس کرتی ہوئی ازلان کو دیکھ کر بولی تو ازلان لمبا سانس کھینچ کر بیلا کو دیکھتا ہوا بولا
"میں تم سے ناراض نہیں ہوں بیلا مگر تمہیں کسی بھی انسان کی طرف دوستی کا ہاتھ بڑھانے سے پہلے اپنے فادر کی نیچر کو ذہن میں رکھنا چاہیے کیونکہ دوسرا بےشک غریب انسان ہو مگر اس کی بھی کوئی سلف رسپکٹ ہوتی ہے یہ نہیں کہ کوئی بھی اونچا بڑا آدمی اپنا رعب اور بلند مرتبہ دکھاکر اس چھوٹے انسان کی انسلٹ کرتا رہے۔۔۔۔ دیکھو بیلا میں اور میری فیملی ایک مڈل کلاس فیملی سے بھی کم حیثیت رکھتی ہے یہ دو کمروں کا کوارٹر بھی ہمارا اپنا نہیں ہمیں گورنمنٹ کی طرف سے ملا ہے میری ماں اور باپ ہم دونوں بہن بھائیوں کو بہت محنت کرکے پڑھا رہے ہیں تاکہ جو وقت ان لوگوں نے فیس کیا ہے وہ ہم دونوں بہن بھائی فیس نہیں کر سکے، جس طرح تم لوگوں کا رہن سہن اور طور طریقے ہیں وہ مجھ سے میری فیملی سے بالکل مختلف ہیں اور مسٹر عباد کا یہ کہنا ایک طرح سے مناسب ہے دوستی ہمیشہ اپنے لیول کے لوگوں میں کرنی چاہیے۔۔۔ جتنے بھی وقت ہم دونوں کی ایک ساتھ دوستی رہی بہت اچھی رہی لیکن اب اس دوستی کو یہی ختم کردو اور اپنے گھر جاؤ"
ازلان بولتا ہوا اپنے کمرے سے جانے لگا تبھی بیلا نے اس کا ہاتھ پکڑا
"تم میرے ساتھ ایسے کیسے اپنی دوستی ختم کرسکتے ہو ازلان، تمہیں یاد ہے نا میں نے تمہیں فرینڈشپ بینڈ باندھا تھا اپنا سب سے پکا والا دوست بنایا تمہیں۔۔۔ تمہاری دوستی ختم کرنے والی بات مجھے بہت بری لگی ہے پلیز مجھ سے دوستی مت ختم کرنا"
وہ کم عمر تھی اس لیے ازلان کی باتوں کو سمجھنے کی بجائے اس کے دوستی ختم کرنے والی بات پر جذباتی ہوکر ازلان سے بولی جس پر ازلان نے غصے میں بیلا کا ہاتھ زور سے جھٹکا
"کیا چاہتی ہو تم، تم سے دوستی برقرار رکھنے کے لئے آئے دن میں اپنے آپ کو تمہارے باپ کے سامنے ذلیل کرواتا رہو تم لوگوں کی نظر میں ہماری کوئی حیثیت کوئی ویلیو کوئی عزت نہیں ہے مگر یہ سوچ غلط ہے بیلا۔۔۔ ہم لوگ بےشک غریب ہیں لیکن ہماری بھی کوئی عزت ہے اور تمہارے باپ کو یا کسی دوسرے کو کوئی حق نہیں پہنچتا کہ وہ ہمیں یوں زلیل کرے"
ازلان غصے میں چیخ کر بولا جس سے بیلا رونے لگی جبکہ ازلان کے چیخنے پر رخشی ایک دم کمرے میں آگئی
"ارے بیٹا آپ رو کیوں رہی ہو اور ازلان یہ کیا طریقہ ہے اپنی دوست سے بات کرنے کا۔۔۔۔ کل عباد صاحب غصے میں ہوگے اگر انہوں نے کچھ کہہ دیا تو اس میں بیلا بیٹی کا کیا قصور ہے"
رخشی بیلا کے آنسو صاف کرتی ہوئی ازلان کو سمجھانے لگی جس پر ازلان کو مزید چڑ گیا
"امی یہ چھوٹی ہے کم عقل ہے آپ اس کو سمجھانے کی بجائے اس کا دل بہلانے کے لئے مجھے سمجھا رہی ہیں۔۔۔۔ آپ اس کو بتائیں کہ مسٹر عباد کے سامنے ہم جیسے چھوٹے اور غریب لوگوں کی حیثیت کسی کچرے کے ڈھیر اور کیڑے مکوڑوں سے کم نہیں ہے۔۔۔ سمجھ میں آرہا ہے تمہیں تمہارے باپ کے آگے میری یا میرے گھر والوں کی اوقات اس دھول مٹی جیسی ہے، جسے تمہارا باپ خود جھک کر اپنے جوتوں سے ہٹانا بھی پسند نہیں کرتا اور میں ایسے مغرور اور دولت کے نشے میں چور انسان کی بیٹی کو اپنے منہ لگانا پسند نہیں کرتا اس لیے چلی جاؤ یہاں سے"
اب کی بار ازلان پہلے سے بھی زیادہ زور سے چیخ کر بولا تو روتی ہوئی بیلا وہاں سے چلی گئی