Chapter 58: آدھی رات کا انتظار

رات کے بارہ بجنے کو آئے لیکن افراہیم صبح کا آفس نکلا ہوا ابھی تک واپس لوٹ کر نہیں آیا تھا یہاں تک کہ وہ نوف کی کال بھی نہیں اٹھارہا تھا، شام میں البتہ وہ نازنین کو کال کرکے اپنے لیٹ آنے کا بول چکا تھا اس لیے نازنین مطمئن تھی اس کے مطمئن ہونے کی دوسری وجہ یہ بھی تھی کہ بیلا آج صبح ہی واپس گھر لوٹ آئی تھی

نازنین کو تو اطمینان تھا لیکن اسکو بےچینی صرف اس وجہ سے تھی کے گھنٹے بھر پہلے گلاب خان نے آکر اسے روحیل کے ڈرائیور کا پیغام دیا تھا جو گاڑی میں موجود اس کا انتظار کررہا تھا، نوف روحیل کے ڈرائیور کو تو واپس بھیج چکی تھی مگر ڈرائیور کے جانے کے بعد لینڈ لائن پر آنے والی کال اتفاق سے نوف نے رسیور کی جو روحیل کی تھی

روحیل نے اس کو دھمکی دی تھی کہ وہ خود یہاں پر آنے والا ہے جس کی وجہ سے وہ کافی زیادہ پریشان تھی۔۔۔ نازنین اور بیلا کے پاس وہ غائب دماغی میں بیٹھی ان دونوں کی باتیں سن رہی تھی، بیلا کے اپنے کمرے میں جانے کے بعد اور نازنین کے سونے کے بعد نوف خود بھی اٹھ کر بیڈ روم میں چلی آئی تھی، باہر سے آتی گاڑی کی آواز سن کر وہ اپنے کمرے سے باہر نکلی۔۔۔ نوف افراہیم کے واپس آنے کا گمان کررہی تھی جبکہ ہال میں روحیل کو دیکھ کر نوف کا سارا خون خوف سے خشک ہونے لگا اب نہ جانے کون سا طوفان برپا ہونا تھا

"میں نے تمہیں شرافت سے اپنا موقف سمجھانا چاہا تھا لیکن شاید تم نے یہ سمجھ لیا میں خالی خولی باتیں بنارہا ہوں،، اگر تم ابھی اور اسی وقت میرے ساتھ نہیں چلی تو، ناصرف تمہاری اصلیت افراہیم سمیت اس کے گھر والوں کو بتاؤں گا بلکہ روبی کو بھی تمہارے بارے میں انفارم کردوں گا اب بتاؤ میرے ساتھ چلنے کے لئے تیار ہو کہ نہیں۔۔۔ باہر گلاب خان سے مجھے معلوم ہوچکا ہے افراہیم اس وقت گھر پر موجود نہیں ہے، تم بعد میں افراہیم سے کوئی بھی بہانہ بناسکتی ہو صرف چند گھنٹے بعد میرا ڈرائیور تمہیں یہاں واپس چھوڑ دے گا "

روحیل نوف کو دیکھتا ہوا بولا گلاب خان نے شاید روحیل کو اندر بھی اس لئے آنے دیا تھا کہ وہ افراہیم کا دوست تھا وہ تو شکر تھا کے نازنین اور بیلا اس وقت یہاں پر موجود نہیں تھی مگر نوف روحیل کی بات سن کر اچھی خاصی پریشان ہوچکی تھی

"آپ کو خدا کا واسطہ ہے میرا گھر برباد نہیں کریں آپ کے اس عمل سے میری پوری زندگی برباد ہوجائے گی پلیز یہاں سے چلے جائیں میں آپ کے آگے ہاتھ جوڑتی ہوں"

بولنے کے ساتھ ہی نوف کی آنکھوں سے آنسو نکلنا شروع ہوگئے ساتھ ہی اس نے روحیل کے سامنے اپنے ہاتھ بھی جوڑ دیے جنہیں دیکھ کر روحیل اس پر ترس کھانے کی بجائے نوف کے پاس آکر اس کا ہاتھ پکڑتا ہوا اسے باہر لے جانے لگا۔۔۔ وہ شور مچا کر یا چیخ و پکار کرکے آخر کس کو بلاتی، نوف آنکھوں میں آنسو لیے روحیل کے ساتھ چلتی ہوئی اس سے منتیں کرنے لگی۔۔۔ روحیل اسے باہر لاکر گاڑی میں بٹھانے ہی والا تھا تبھی مین گیٹ سے افراہیم کی گاڑی اندر داخل ہوئی جسے دیکھ کر روحیل نے نوف کا ہاتھ چھوڑا وہی نوف خدا کا شکر ادا کرنے لگی

"حرا"

گاڑی سے اتر کر افراہیم کو اپنی طرف آتا دیکھ کر اور اس کے ساتھ موجود اپنی بیوی کو دیکھ کر روحیل ایک پل کے لئے سناٹے میں آگیا اس کا سکتہ افراہیم کے ہاتھ کے پڑنے والے زور دار طماچے نے توڑا

"کہاں لے جارہے تھے تم میری بیوی کو، ہمت بھی کیسے کی تم نے اس کا ہاتھ پکڑنے کی۔۔۔ کیا سمجھا ہوا ہے تم نے اس کو یہ کوئی بکاؤ مال نہیں افراہیم عباد کی عزت ہے میں اگر چاہو تو تمہاری اس گھٹیا حرکت پر ابھی اور اسی وقت تمہیں پولیس کے حوالے کرسکتا ہوں مگر میں چاہتا ہوں کہ تم اسی وقت میرے گھر سے دفع ہوجاؤ اور آئندہ کبھی مجھے اپنی شکل مت دکھانا"

افراہیم غصے میں روحیل کا پکڑا ہوا گریباں جھٹکتا ہوا بولا۔۔۔۔ نوف بھیگی ہوئی آنکھوں سے افراہیم کو دیکھ رہی تھی جبکہ سرخ گال کے ساتھ روحیل افراہیم کی جگہ حرا کو دیکھ رہا تھا جو اپنی آنکھوں میں بےاعتباری لیے افسوس بھری نظروں سے روحیل کو دیکھ رہی تھی

"تم مجھے غلط سمجھ رہے ہو افراہیم، اور جسے تم اپنی عزت بول رہے اس کے بارے میں تم جانتے ہی کیا ہو،، معلوم ہے کیا اوقات ہے اس لڑکی کی"

روحیل جان چکا تھا کہ اب حرا کو اپنا یقین دلانا اس کے لیے کتنا دشوار ہوجائے گا، اپنا خود کا گھر اجڑتا دیکھ کر وہ نوف کی اصلیت افراہیم پر کھولنے لگا مگر اس کی بات مکمل ہونے سے پہلے افراہیم ایک بار پھر روحیل کا گریبان پکڑتا ہوا بولا

"خبردار جو تم نے اپنی گندی زبان سے میری بیوی کا اگلی بار نام لیا تو، دوستی تو کیا میں ساری انسانیت کو ایک طرف رکھ کر یہی اسی جگہ پر تمہاری قبر بنا ڈالوں گا اور اس کی اوقات یہ ہے کہ یہ افراہیم عباد کی بیوی ہے اور تمہاری اوقات میں تمہاری بیوی کو ثبوت کے ساتھ بتاچکا ہوں۔۔۔ اب نکل جاؤ میرے گھر سے"

افراہیم روحیل کو گریبان سے پکڑ کر گیٹ کی طرف دھکا دیتا ہوا بولا وہ حرا کو اپنے موبائل میں موجود وائس ریکارڈنگ پہلے ہی سنا چکا تھا، افراہیم نوف کی طرف بڑھ کر اس کا ہاتھ پکڑتا ہوا اسے اندر لے گیا

"حرا میری بات سنو یہ افراہیم کی بیوی بہت چالاک لڑکی ہے اس نے افراہیم جیسے چالاک انسان کو الو بناکر اس سے شادی کی ہے اور ساتھ میں مجھے بھی پھنسا کر بلیک میل کرنا چاہ رہی تھی، تم تو جانتی ہونا کے میں تم سے اور بچوں سے کتنا پیار کرتا ہوں"

روحیل حرا کے قریب آتا ہوا اس کے سامنے کہانی بناکر بولا جس پر حرا نے روحیل کے دوسرے گال پر زور دارتھپڑ رسیدکیا اور گیٹ سے باہر نکل گئی

***

یہ اچھا ہوا تھا کہ آج صبح ہی اس کی معامون سے کال پر بات ہوگئی تھی اور دوسری بات جو اچھی ہوئی تھی وہ یہ کہ معامون تھوڑی دیر پہلے ہی اس کے پاس سے ہوکر گیا تھا اور گل کو دیکھ کر ازلان کو رشتے کے لئے اوکے کرچکا تھا۔۔۔ دراصل معامون کی وائف جو نو ماہ پہلے ایک صحت مند بیٹے کو پیدا کرکے ڈلیوری کے دوران مرچکی تھی اس چھوٹے بچے کی پرورش اور دیکھ بھال معامون کی ضعیف والدہ کی بس کی بات نہیں تھی کیونکہ وہ خود بھی بیمار رہتی تھیں، اپنے مسئلے کو لےکر پریشان ہوتے ہوئے معامون یہ بات دو ماہ پہلے ازلان سے شیئر کرچکا تھا کے اسے ایک ایسی لڑکی کی ضرورت ہے جو اس کے گھر کو اور اس کے بچے کو سنبھال لے،، تب اس نے معامون کو گل کے بارے میں بتایا اور آج رات معامون کو اپنے گھر ڈنر پر بلالیا، معامون شریف النفس اور ہر لحاظ سے گل کے لیے مناسب تھا اب صرف اس کو گل کو اس رشتے کے لئے راضی کرنا تھا۔۔۔ گھڑی میں ٹائم دیکھ کر وہ اپنے بیڈ روم میں آکر بیلا کو کال ملانے لگا یہ سوچتے ہوئے کہ بیلا اس کی کال کا ویٹ پچھلے دو گھنٹے سے کررہی ہوگی

"کیا تم مصروف ہو اس وقت"

گل اذلان کے کمرے میں آتی ہوئی اس سے پوچھنے لگی

"مصروف تو نہیں تھا مگر بیلا سے بات کرنا چاہ رہا تھا خیر تم بتاؤ کوئی کام تھا تمہیں"

ازلان موبائل کو پاکٹ رکھتا ہوا گل سے پوچھنے لگا

"مجھے بھی کوئی خاص کام نہیں تھا بس میں جارہی تھی تم سے اس وقت بات کرو مگر تمہارا تمہاری بیوی سے بات کرنا ضروری ہے تم اسے ٹائم دو"

گل ازلان سے بولتی ہوئی اس کے کمرے سے جانے لگی

"گل رکو، یہاں بیٹھ جاؤ بیلا سے میں بعد میں بات کرلوں گا تم کرو تمہیں جو بھی بات کرنا ہے"

ازلان کچھ سوچتا ہوا گل سے بولا تو گل ازلان کی بات مان کے کمرے میں موجود صوفے پر بیٹھ گئی اور ازلان کو دیکھتی ہوئی پوچھنے لگی

"کیا وہ تمہیں بہت اچھی لگتی ہے ازلان"

ازلان گل کی بات سن کر خاموشی سے اسے دیکھنے لگا آہستہ آہستہ گل کی آنکھوں میں نمی بھرنے لگی

"گل میری بات سنو"

ازلان اس کو رنجیدہ دیکھ کر بولا تو وہ ازلان کی بات کاٹتی ہوئی بولی

"میں نے تم سے بہت پہلے یہ کہا تھا ناں ازلان کہ بات اگر دل لگی تک ہے تو ٹھیک ہے مگر اس کو اپنے دل سے مت لگانا لیکن تم نے وہی کیا اس سے سچ میں اپنا دل لگالیا تمہیں ایک بار بھی میرا خیال نہیں آیا، اس سے نکاح کرتے وقت ایک بار بھی میرے متعلق نہیں سوچا تم نے"

گل ازلان کے سامنے روتی ہوئی اس سے پوچھنے لگی

"اسٹاپ اٹ گل، تم یوں میرے سامنے رو کر، مجھے سے شکوہ کرکے مجھ پر یہ ظاہر نہیں کرسکتی کہ میں نے تمہارے ساتھ دھوکا کیا ہے۔۔۔ جو میرے دل میں فیلنگز تھیں تم ان سے لاعلم نہیں تھی میں نے کب تم پر یہ ظاہر کیا کہ میں ہمارے بچپن کے رشتے پر خوش ہوں یا پھر میں نے کب تمہیں مستقبل کے سہانے خواب دکھائے ان ساری باتوں کا بلیم تو مجھے نہیں دے سکتی"

ازلان گل کے رونے پر سخت لہجے نے دو ٹوک انداز میں اس سے بولا تو وہ اپنی آنکھوں سے آنسو صاف کرتی ہوئی صوفے سے اٹھ کر چلتی ہوئی ازلان کے پاس آئی

"مانا کے تمہارے دل میں میرے لئے کبھی کوئی فیلنگز نہیں رہی لیکن تم میری فیلنگز سے تو انجان نہیں تھے، اس کو اپنی زندگی میں شامل کرتے وقت کیا ایک بار بھی تمہیں میری یاد نہیں آئی"

ازلان سے پوچھتے ہوئے گل کی آنکھوں سے ایک مرتبہ پھر آنسو چھلکنے لگے

"نہیں گل بیلا کو اپنی زندگی میں شامل کرتے وقت تو کیا، مجھے ان دس سالوں میں کبھی بھی تمہاری یاد نہیں آئی اور تمہاری خود کی بھی بہتری اسی میں ہے کہ تم مجھے بھول جاؤ اور نکال پھینکوں مجھے اپنے دل سے"

ازلان اس کے سامنے کھڑا سخت لہجے میں بےحسی کی انتہا کرتا ہوا گل سے بولا اس وقت ایسا کرنا ضروری بھی تھا کیونکہ اگر وہ اس وقت نرمی سے گل کو سمجھاتا تو شاید گل اس کی بات کبھی نہیں سمجھ پاتی

"نہیں بھول سکتی ناں ازلان اتنا آسان نہیں ہوتا بچپن کی محبت کو ایک دم سے بھول جانا، دل سے نکال پھینکنا"

گل اپنے آنسو صاف کرکے نفی میں سر ہلا کر بولی

"ایسے تو پھر تمہارے لیے زندگی بہت مشکل ہوجائے گی گل، کیونکہ اب کچھ نہیں ہوسکتا اور نہ ہی میں تم سے محبت کرتا ہوں نہ ہی کبھی کرسکتا ہوں"

ازلان گل کو باور کرواتا ہوا بولا

"تم میرے لئے آسانیاں پیدا کردو ناں ازلان، تم کچھ نہیں کرو بس مجھے اپنالو بےشک محبت بھی نہیں کرو مجھ سے،، وہ تو میں تمہیں کرتی ہوں، تم اس فتنہ نما لڑکی کو چھوڑ کر مجھ سے شادی کرلو، میں تمہیں اس سے زیادہ پیار دو گی، بہت خوش رکھوں گی تمہیں میرا یقین کرو"

گل کی بات سن کر ازلان غصے میں اس کو دیکھنے لگا اس سے پہلے وہ ازلان کے چہرے کو اپنے ہاتھوں میں تھامتی ازلان نے اس کے دونوں ہاتھوں کو پکڑ کر زور سے جھٹکا

"شرم آنی چاہیے تمہیں گل یہ سب بکواس کرتے ہوئے مجھے یہ سوچنے پر مجبور مت کرو کہ میں نے تمہاری مدد کرکے غلطی کی ہے، معامون ایک اچھا اور شریف لڑکا ہے پرسوں اس سے تمہارا سادگی سے نکاح ہے یہی گھر پر۔۔۔۔ اگر تم اس نکاح کے لیے راضی نہیں ہوتی اور عدنان تم کو ڈھونڈتا ہوا یہاں تک پہنچ جاتا ہے تو پھر میں تمہاری کوئی مدد نہیں کرسکتا اور نہ ہی میں تمہیں یہاں اپنے ساتھ زیادہ دنوں تک رکھ سکتا ہوں اب تم اچھی طرح سوچ لو جو تمہیں اپنے لئے بہتر لگے وہ تم مجھے صبح تک بتا دینا"

ازلان گل کو بولتا ہوا اپنے کمرے سے باہر چلا گیا

Novelzy · online novels

Stories you won’t put down

Romance, dark romance, mafia, werewolf, billionaire and more, released chapter by chapter. Start with free chapters on any device, unlock premium chapters with coins, and earn rewards as you read.