Chapter 27: مومی گڑیا

افراہیم آفس سے گھر آیا تو اس نے نازنین کو لان میں کرسی پر بیٹھا ہوا پایا وہ کار کی فرنٹ سیٹ سے تین سے چار شاپنگ اٹھاتا ہوا لان میں آیا کیونکہ نوف بھی وہی موجود تھی جو گھاس پر چہل قدمی کرنے کے ساتھ ساتھ بلند آواز میں نازنین کو کچھ بتارہی تھی کیونکہ اس وقت نوف کی پشت افراہیم اور نازنین کی طرف تھی اس لئے وہ افراہیم کو دیکھ نہیں پائی تھی۔۔۔ افراہیم نازنین کو اشارے سے سلام کرتا ہوا سارے شاپرز ٹیبل پر رکھ کر وہی کرسی پر بیٹھ کر نوف کی باتیں سننے لگا جو اس کے سامنے تو براہ نام ہی کچھ بولتی تھی مگر اس وقت نان اسٹاپ شروع تھی

"اور پھر اچانک یوں ہوا کہ خود بخود منظر تبدیل ہوگیا اور میں نے اپنے آپ کو ایک صحرا کی بجائے سبز باغ میں بالکل تنہا پایا میں اس وقت اتنا زیادہ ڈر گئی تھی کہ آیت الکرسی کا ورد کرنے لگی۔۔۔ پھر تھوڑی دیر گزرنے پر وہاں پر ایک بزرگ آئے انہوں نے مجھے میرے گھر کا راستہ بتایا اور اس کے بعد میں گھر پہنچ گئی"

شاید وہ رات کو دیکھا ہوا اپنا خواب نازنین کو سنارہی تھی جس پر نازنین خاموشی سے مسکرا کر افراہیم کو دیکھنے لگی وہ خود بھی اپنی مسکراہٹ چھپاکر خاموش بیٹھا ہوا تھا۔۔۔۔ نوف نے ابھی بھی پلٹ کر نہیں دیکھا تھا وہ اب کیاریوں میں لگے ہوئے پھولوں کی طرف متوجہ تھی تو نازنین نوف سے پوچھنے لگی

"یمنہ پرسوں جو تم نے خواب دیکھا تھا اس میں لڑکے کی شکل میرے افی سے ملتی تھی ناں"

نازنین اپنی مسکراہٹ ضبط کرتی ہوئی نوف سے اس کا پرسوں والا خواب پوچھنے لگی شاید وہ چاہتی تھی نوف اپنا پرسوں والا خواب افراہیم کے سامنے پھر سنائے

"جی شکل بالکل آپ کے بیٹے کی طرح تھی اور تھا بھی ایک دم خرانٹ ٹائپ کا جیسے ہمارے پرانے محلے میں منگت کا جنگلی بیل ہوا کرتا تھا بڑے بڑے سینگ والا، میرے ہی خواب میں آکر مجھ پر ایسے رعب جمارہا تھا اور پھر اسٹائل ایسے مار رہا تھا جیسے کہ کوئی ہیرو ہو۔۔۔ میں پرسوں والا خواب آپ کو بتانا تو نہیں چاہتی تھی کہ کہیں آپ کو برا نہ لگے مگر میں نے آپ کو بتایا ناں صبح اٹھ کر روز اپنے خواب سنانا میری بچپن کی عادت ہے میں امی کو روز اپنے خواب سنایا کرتی تھی"

نوف ایک ایک کر کے موتیے کے سارے پھول توڑتی ہوئی اپنے دوپٹے میں بھر کر نازنین کو بتانے لگی۔۔۔ افراہیم اپنے بارے میں اس لڑکی کے خیالات جاننے لگا جو اس کو بڑے سینگ والے جنگلی بیل سے تشبیہ دے کر اسی کے لگوائے ہوئے پھول مزے سے توڑ کر اپنی جھولی میں بھررہی تھی

"تمہیں معلوم ہے ناں یمنہ مجھے تمہاری کوئی بھی بات بری نہیں لگتی ہے جو بھی بات ہوا کرے مجھ سے بے دھڑک بول دیا کرو اور جو بھی خواب دیکھو وہ مجھے سنایا کرو،، ویسے اگر وہ خواب والا لڑکا ہیرو بننے کی کوشش کررہا تھا تو اتنا بھی غلط نہیں تھا افی بھی دکھنے میں ہیرو ہی لگتا ہے۔۔۔ ہاں وہ الگ بات ہے کہ اس خواب والے لڑکے کو تم پر رعب نہیں جھاڑنا چاہیے تھا اور نہ ہی تمہارے سامنے اسٹائل مارنے چاہیے تھے کیونکہ بھئی خواب تو تمہارا تھا ناں"

نازنین مزے سے بولنے لگی تو افراہیم نے سنجیدہ نظر نازنین پر ڈالی پھر دوبارہ اس لڑکی کو دیکھنے لگا جو اسے کافی ریزرو سی لگتی تھی لیکن اس وقت وہ اس کی ماں کے سامنے کتنا فری ہوکر اس سے باتیں کررہی تھی

"آنٹی اب آپ میری بات کا برا نہیں مانیئے گا میں تو آپ کو سچی بتارہی ہوں اپنا بیٹا تو ہر ماں کو ہی ہیرو لگتا ہے یہ تو کوئی دوسرا سچ بتاسکتا ہے کہ وہ ہیرو ہے یا پھر زیرو۔۔۔ اور ویسے بھی آج کل کی لڑکیاں ایسے لڑکوں کو تو بالکل ہیرو نہیں سمجھتی جو بلاوجہ کا رعب جھاڑ کر اپنی دہشت پھیلاتے ہو یا پھر فالتو کے اسٹائل دکھا کر بھرم مارتے ہو"

نوف مصروف انداز میں بولتی ہوئی جیسے ہی پلٹی سامنے کرسی پر افراہیم کو بیٹھا ہوا دیکھ کر ایک دم اس کو کرنٹ لگا

"ہائے اللہ جی"

ایک دم گھبرا کر اس نے اپنے منہ پر دونوں ہاتھ رکھے سارے چنے ہوئے پھول دوپٹے سے نیچے گرے پڑے،، وہ شکوہ بھری نگاہوں سے نازنین کو دیکھنے لگی جس نے اسے اپنے بیٹے کی آمد کے بارے میں آگاہ نہیں کیا تھا،،، جبکہ نازنین نے اپنی ہنسی کو کافی دیر سے روکا ہوا تھا اب وہ باقاعدہ زور سے ہنس رہی تھی۔۔۔ افراہیم کو دیکھنے کی بجائے نوف نے شرمندگی سے اپنی نظریں جھکالی وہ تھوڑی دیر پہلے جانے کیا کیا افراہیم کو بول چکی تھی،، افراہیم کرسی سے اٹھ کر چلتا ہوا نوف کے پاس آکر کھڑا ہوا

"مجھے تو کچھ ایسا یاد نہیں پڑتا مس یمنہ کے میں نے آپ پر کبھی رعب جھاڑا ہو یا پھر اسٹائل دکھا کر بھرم مارے ہو"

افراہیم نوف کے جھکے ہوئے سر کو دیکھ کر اس سے پوچھنے لگا

"میں نے آپ کی بات نہیں کی تھی ویسی ہی ایک عام سی بات بولی تھی"

نوف ہمت کرکے اپنا جھکا ہوا سر اٹھا کر افراہیم کو دیکھتی ہوئی بولی

"تو پھر آپ بتانا پسند کریں گیں کہ افراہیم عباد ہیرو ہے یا پھر زیرو"

وہ غور سے نوف کا چہرہ دیکھتا ہوا اس سے سوال پوچھنے لگا، جس پر نوف نے بنا کچھ بولے دوبارہ سر جھکالیا کیونکہ اس وقت وہ مغرور انسان اس کے قریب کھڑا بہت غور سے اس کا چہرا دیکھ رہا تھا

"افی تم یمنہ کو پریشان مت کرو ورنہ وہ تم سے ڈر جائے گی"

نازنین کرسی پر بیٹھی ہوئی نوف کے چہرے کے تاثرات دیکھ کر افراہیم کو ٹوکتی ہوئی بولی

"ڈرنا بھی چاہیے مما،، کیونکہ مجھے ہیرو بننے کا کوئی خاص شوق نہیں ہے اور ویسے بھی جنگلی اور خرانٹ بیل سے کوئی بعید نہیں وہ ناجانے کب بدک جائے"

افراہیم نوف کے جھکے ہوئے سر کو دیکھ کر تیز آواز میں نازنین سے بولا تو نوف سر اٹھاکر افراہیم کو دیکھنے لگی۔۔۔ وہ اب بھی نوف کو ہی غور سے دیکھ رہا تھا

"سر جھکاکر یوں مجرموں کی طرح مت کھڑی رہا کرو،، بالکل اچھا نہیں لگتا لڑکیوں پر یہ اسٹائل۔۔۔ جھکا ہوا سر صرف غلطی کرنے والے کا اچھا لگتا ہے۔۔۔ اینی ویز یہاں آؤ میں تمہارے لیے کچھ لایا ہوں"

افراہیم اس سے بولتا ہوا واپس چند قدم کے فاصلے پر بیٹھی ہوئی نازنین کے پاس آیا جو ان دونوں کو بہت غور سے اور دلچسپی سے دیکھ رہی تھی۔۔۔ افراہیم نے ٹیبل پر رکھے ہوئے شاپرز اٹھائے اور اپنے قریب آتی ہوئی نوف کی طرف بڑھائے

"اس میں چند ڈریسز ہیں اور یہ میں تمہارے لئے لایا ہوں"

افراہیم کے بولنے پر نوف ان شاپرز کو دیکھنے لگی

وہ جب سے یہاں آئی تھی افراہیم اس کو ایک ہی لباس میں دیکھ رہا تھا جو وہ یہاں پہن کر آئی تھی بےشک اس کا پہنا ہوا لباس ابھی بھی صاف ستھرا تھا یقینا وہ اس لباس کو واش کرکے دوبارہ زیب تن کرلیا کرتی

"سوری مگر میں یہ ڈریسز میں قبول نہیں کرسکتی"

نوف افراہیم کے بڑھے ہوئے ہاتھ میں موجود شاپرز کو دیکھ کر معذرت کرتی ہوئی بولی۔۔۔ نوف کو اپنے گھر میں پناہ دے کر اور جاب دے کر افراہیم اس پر دو احسانات کرچکا تھا مگر وہ مزید تیسرا احسان اس سے لینے کا ارادہ نہیں رکھتی تھی۔۔۔۔ نوف کی بات سن کر افراہیم کے ماتھے پر بل پڑنے لگے

"یمنہ بیٹا اگر کوئی تمہیں تحفہ دے تو اس طرح اسے منع نہیں کرنا چاہیے۔۔۔۔ افی تمہارے لئے یہ سارے ڈریس خلوص دل سے لےکر آیا ہے شاباش لے لو"

نوف کے انکار کرنے اور افراہیم کی پیشانی پر بل دیکھ کر نازنین بیچ میں مداخلت کرتی ہوئی بولی مگر نازنین کی بات پر افراہیم ایک دم بولا

"جی نہیں مما مجھے کسی کو بھی بلاوجہ میں تحفے تحائف دینے کا کوئی خاص شوق نہیں ہے،، اور مس یمنہ یہ ڈریسز آپ کی جاب کی ریکوائرمنٹ ہے، آپ کو 24 گھنٹے مما کے ساتھ گذارنے ہوتے ہیں تو آپ کو صاف ستھرا ہونے کے ساتھ ویل ڈریس نظر آنا چاہیے اور دوسرا یہ کہ ان ڈریسز کی اماؤنٹ آپ کی سیلری سے لیس ہوگی تو یہ ڈریسز آپ رکھ لیجئے"

افراہیم سنجیدہ لہجے میں اس کو اس کے فرائض اور جاب کا بتاتا ہوا بولا تو نوف کو افراہیم کے ہاتھ سے سارے شاپرز لینا پڑے اس کے بعد افراہیم وہاں نہیں رکا۔۔۔ افراہیم کو اس لڑکی پر غصہ آیا تھا کیونکہ وہ لڑکی کچھ زیادہ ہی ایٹیٹیوڈ رکھتی تھی،، دو دن پہلے بیلا نے بھی اس کو دو ڈریس استعمال کرنے کو دیے تھے جس پر وہ مسکرا کر بیلا کو بھی انکار کرچکی تھی،، افراہیم جانتا تھا بیلا نے جو اس کو کپڑے دیے تھے وہ بیلا نے خود استعمال نہیں کیے تھے بلکہ وہ نئے ڈریس تھے مگر شاید وہ لڑکی یہ بات نہیں جانتی تھی جبھی آج افراہیم اس کے لیے یہ ڈریسز خرید کر لایا تھا

***

"بی بی جی یہی وہ اپارٹمنٹ ہے جس کا آپ نے ایڈریس بتایا تھا"

بیلا کے بتائے ہوئے ایڈریس پر ڈرائیور کار روکتا ہوا اس سے بولا تو بیلا آٹھ منزلہ عمارتوں کو دیکھنے لگی جو اس کے دائیں اور بائیں جانب بنی ہوئی تھی یہ وہی اپارٹمنٹ تھا جس کا ایڈریس ازلان نے اس کے ہاتھ پر لکھا تھا مگر آگے بیلا کو علم نہیں تھا کہ اسے کہاں جانا تھا۔۔۔ وہ ازلان کے کہنے کے مطابق دوسرے دن شام میں یہاں پہنچ چکی تھی اس سے پہلے وہ ڈرائیور کو آبان نامی شخص کے بارے میں معلوم کرنے کا کہتی اس کا موبائل بجنے لگا جس پر انجان نمبر سے کال آرہی تھی

"جب میں نے تم سے اکیلے آنے کو کہا تھا تو اس دم چھلے کو ساتھ لے کر کیوں آئی ہو"

موبائل کا نمبر بےشک انجانا تھا مگر یہ آواز بالکل انجانی نہیں تھی ازلان خفا ہوتا ہوا اس سے پوچھنے لگا

"کہیں بھی جانا ہو میں شروع سے ہی ڈرائیور کے ساتھ آتی جاتی ہو، بھائی مجھے اکیلا کہیں بھی جانے کی پرمیشن نہیں دیتے"

بیلا گاڑی میں بیٹھی ہوئی تھی ہلکی سی آواز میں ازلان کو بتانے لگی ساتھ ہی وہ اپنے دائیں اور بائیں جانب بنی عمارتوں کو ایک بار پھر غور سے دیکھنے لگی ناجانے وہ اس وقت اسے کہاں سے دیکھ رہا تھا

"ٹھیک ہے اسے دو گھنٹے بعد آنے کا کہہ کر گاڑی سے باہر نکل آؤ"

ڈرائیور کو انفارم کرکے بیلا ازلان کی بات کی پیروی کرتی ہوئی گاڑی سے باہر نکل آئی۔۔ وہ نازنین اور افراہیم سے یونیورسٹی فیلو کے گھر جانے کا کہہ کر یہاں آئی تھی وہ دونوں ہی حیرت زدہ تھے مگر خوش بھی تھے لیکن بیلا ان دونوں سے جھوٹ بول کر اچھی خاصی شرمندہ تھی

"اب رائیڈ سائیڈ پر ٹرن ہوجاؤ سامنے بی بلاک ہے۔۔۔ لفٹ سے فورتھ فلور پر آجاؤ"

بیلا اپنا موبائل کان سے لگائے ہوئے تھی جیسے جیسے ازلان بولتا گیا ویسے ویسے وہ فلیٹ نمبر 504 میں پہنچ گئی جہاں اذلان کے مطابق،، فلیٹ کا دروازہ پہلے سے ہی کھلا ہوا تھا۔۔۔ دھڑکتے دل کے ساتھ بیلا فلیٹ میں جیسے ہی داخل ہوئی تو فلیٹ کا دروازہ ایک دم سے بند کردیا گیا۔۔۔ بیلا ایک دم مڑی تو اس نے اپنی پشت پر ازلان کو موجود پایا۔۔۔ فلیٹ کا دروازہ بند کرنے کے بعد وہ بیلا کو ہی دیکھ رہا تھا۔۔۔ سنہری بالوں کو جوڑے کی شکل میں لپیٹے سادہ سے قمیض شلوار میں وہ اسے آج بھی پہلے کی طرح کوئی مومی گڑیا لگی تھی۔۔۔ ازلان کے اتنے غور سے دیکھنے پر بیلا کو اپنا دل اور زور سے دھڑکتا ہوا محسوس ہوا

Novelzy · online novels

Stories you won’t put down

Romance, dark romance, mafia, werewolf, billionaire and more, released chapter by chapter. Start with free chapters on any device, unlock premium chapters with coins, and earn rewards as you read.