Chapter 23: خاموش ماں

افراہیم کار ڈرائیو کرتا ہوا نازنین کو واپس گھر لارہا تھا لیکن اس وقت نازنین کسی بت کی مانند خاموش فرنٹ سیٹ پر بیٹھی ہوئی تھی وہ اس وقت مکمل طور پر (inxiety) میں چلی گئی تھی افراہیم جانتا تھا کہ یہ کیفیت نازنین پر چند گھنٹے یا پورے دن تک طاری رہے گی۔۔۔ پہلے یہ کیفیت مہینے دو مہینے بعد اس پر حملہ آور ہوتی تھی مگر اب کی بار ہفتے بعد ہی نازنین کی یہ کیفیت دیکھ کر افراہیم نازنین کے لیے مزید فکرمند ہوگیا تھا

وہ محسوس کررہا تھا کہ نازنین کے لئے مستقل طور پر ایک نرس یا پھر کیئر ٹیکر ہونی چاہیے جو ہر وقت اس کے ساتھ موجود ہو اور نازنین کی اچھے طریقے سے دیکھ بھال کرسکے کیونکہ نوری کا روز روز اپنے گھر سے یہاں آکر ٹہرنا مشکل تھا اور دوسرا نوری کی اپنی عمر ایسی نہیں تھی جو وہ نازنین کو اچھی طرح سنبھال پاتی۔۔۔ رہا بیلا کا سوال تو نازنین کی بگڑتی حالت دیکھ کر بیلا کی اپنی حالت خراب ہوجاتی۔۔۔ افراہیم نے کار ڈرائیو کرتے ہوئے نازنین کے ہاتھ پر اپنا ہاتھ رکھا وہ نہ ہی چونکی تھی نہ ہی اس نے افراہیم کی طرف دیکھا۔۔۔ افراہیم لمبی سانس کھینچ کر دوبارہ ڈرائیونگ کی طرف متوجہ ہوا

"کب سے ہارن پر ہارن دئیے جارہا ہوں تم سوگئے تھے کیا"

گلاب خان جیسے ہی گیٹ کھولنے کے لئے آیا تو افراہیم اس کو جھڑکتا ہوا بولا

"سو نہیں رہا تھا صاحب جی بس ایک مسئلہ آگیا تھا معافی چاہتا ہوں آپ کو انتظار کرنا پڑا"

گلاب خان معذرت خواہ انداز میں افراہیم سے بولا وہ جانتا تھا تھوڑی دیر پہلے جو بےوقوفی اس سے سرزد ہوئی تھی افراہیم سے اس کی شامت یقینی ہے۔۔۔۔ افراہیم کے اپنے مسائل بہت تھے اسلئے اسے گلاب خان کے مسئلے میں ذرا سی بھی دلچسپی نہیں لی تھی۔۔

افراہیم گیٹ سے اندر کی طرف کار لاچکا تھا مگر گھر کی دیوار کے پاس شیلٹر کے نیچے پیچ کلر کے کپڑوں میں ایک نسوانی وجود جو دروازے کے پاس بیٹھا ہوا تھا، افراہیم اسے دیکھ کر بری طرح چونکا، کار پارک کرتا ہوا وہ نازنین کو کار میں بیٹھا چھوڑ کر باہر نکلا اور چلتا ہوا اس لڑکی کے پاس آیا جو اس کے گھر کے دروازے کے پاس نیچے فرش پر گھٹنوں میں اپنا سر رکھ کر بیٹھی ہوئی تھی

"کون ہے یہ لڑکی اور اندر کیسے آئی"

گلاب خان کو اپنے پیچھے آتا ہوا دیکھ کر افراہیم کڑے تیوروں سے گلاب خان کو گھورتا ہوا اس سے سوال پوچھنے لگا

"صاحب یہ بچی کسی سے بہت زیادہ ڈری ہوئی تھی،، روتی ہوئی مجھ سے اس نے تھوڑی دیر کے لئے پناہ مانگی تھی۔۔۔ میرے آگے ہاتھ بھی جوڑ رہی تھی تو میں نے اس کو تھوڑی دیر کے لئے اندر آنے کی اجازت دے دی۔۔۔۔ اس وقت بارش بھی کافی تیز ہورہی تھی جس سے بچنے کے لئے بےچاری یہاں بیٹھ گئی"

گلاب خان افراہیم کو بتاتا ہوا اب اپنی آنے والی شامت کا انتظار کرنے لگا

"تمہاری تو میں ساری خدا ترسی ابھی اچھی طرح سے نکالتا ہوں پہلے ذرا اس لڑکی کی خبر لےلو" افراہیم گلاب خان کو جھڑکتا ہوا دوبارہ اس لڑکی کی طرف بڑھا جو ابھی بھی گھٹنوں میں سر رکھے اسی پوزیشن میں بیٹھی ہوئی تھی

"اے لڑکی تم جو بھی کوئی ہو اب بارش تھم چکی ہے اس لیے فورا نکلو یہاں سے، یہ میرا گھر ہے کوئی پناہ گاہ نہیں۔۔۔۔ کیا تم بیٹھے سوگئی ہو سنائی نہیں دے رہا تمہیں میں کیا بک رہا ہوں"

وہ لڑکی جب اپنی جگہ سے ٹس سے مس نہیں ہوئی تب افراہیم نے آخری جملہ بڑے غصے میں تیز آواز میں بولا۔۔۔ ڈرتا ہوا گلاب خان ایک بار پھر گویا ہوا

"یہ بچی بےہوش ہوچکی ہے صاحب جی"

گلاب خان کی بات سن کر افراہیم حیرت سے دوبارہ گلاب خان کو دیکھنے لگا اور گلاب خان سر جھکاتا ہوا افراہیم سے بولا

"اس کو اپنے گھر پر کال کرنا تھی اپنی خیریت بتانے کے لئے تو میں نے اس کو اپنا موبائل دے دیا جس کے بعد یہ بچی امی امی بولتی ہوئی زور زور سے رونے لگی اور پھر بےہوش ہوگئی"

گلاب خان اسے مکمل بات بتاتا ہوا دوبارہ خاموش ہوچکا تھا وہ ایسے ہی افراہیم کے سامنے سر جھکائے ہوئے اپنی ڈانٹ پڑنے کا انتظار کرنے لگا

"تمہارا دماغ تو نہیں چل گیا ہے گلاب خان میرے پیچھے تم میرے گھر میں کیا تماشے کرتے پھر رہے ہو، کسی انجان لڑکی کو گھر میں داخل کرکے اس کو اپنے ہی موبائل سے کال کرنے دے رہے ہو تاکہ وہ یہاں اپنے ساتھیوں کو بلاکر پورے گھر کا صفایا کر ڈالے،، تمہیں اپنی نوکری سے پیار ہے کہ نہیں"

افراہیم غصے میں گلاب خان کو کھری کھری سناتا ہوا بولا کیونکہ اس طرح کی واردات عام ہوچکی تھی۔۔ یہ لڑکی جس کا چہرہ اس نے ابھی تک نہیں دیکھا تھا افراہیم کو کوئی مشکوک ہی لگ رہی تھی وہ گلاب خان کو اس کی بیوقوفی پر اسی وقت نوکری سے نکال دیتا مگر جانتا تھا نازنین بعد میں اس سے اس بات پر خفا ہوگی اور گلاب خان کے گھر کی مجبوریاں سناکر اسے دوبارہ نوکری پر رکھ لے گی

"تم ابھی تک یہاں پر بیٹھی ہوئی کیا کررہی ہو سنا نہیں تم نے، ڈرامہ بند کرو اور نکلو یہاں سے"

افراہیم نے صرف بولا ہی نہیں تھا بلکہ بازو سے پکڑ کر اس لڑکی کو کھڑا کرنے کی کوشش کی جس کے نتیجے میں وہ لڑکی فرش پر ایک طرف ڈھلک گئی،، وہ لڑکی ڈرامہ نہیں کررہی تھی بلکہ سچ میں بےہوش تھی افراہیم غور سے اس کا چہرہ دیکھنے لگا جو اس کو کچھ کچھ مانوس سا لگا

"کیا مصیبت ہے یار گلاب خان کس نمبر پر اس لڑکی نے کال ملائی تھی ملا کردو مجھے "

افراہیم بےہوش پڑے وجود پر بیزار سی نظر ڈالتا ہوا جھنجھلا کر بولا، جس پر گلاب خان جلدی سے وہی نمبر ڈائل کرنے لگا جس پر تھوڑی دیر پہلے اس لڑکی کی بات ہوئی تھی

"میں نے تمہیں خالہ کے انتقال کی خبر اس لیے نہیں بتائی تھی کہ تم وہاں اکیلی پریشان ہوجاؤ،، تمہارا بھائی یہاں سے جاچکا ہے کاش کہ تم مجھ سے دوپہر میں رابطہ کرلیتی،، مگر اب کیا ہوسکتا ہے۔۔۔ اور وہ تمہارا لفنگا چچا زاد تمہارے یہاں واپس آنے پر تم ہرگز نہیں چھوڑے گا،، میری مانو تو تم جہاں پر ہو چند دنوں کے لیے وہی قیام کرلو تمہارے یہاں آنے پر تمہاری عزت بالکل محفوظ نہیں رہے گی ویسے بھی اب بچا ہی کیا ہے تمہارا یہاں پر"

کال ریسیو ہوتے ہی ایک لڑکی نے بولنا شروع کردیا جس کے بعد افراہیم نے بنا کچھ بولے کال کاٹ دی۔۔۔ وہ دوبارہ بےہوش ہوئی اس لڑکی کو دیکھنے لگا

کال والی لڑکی کی باتوں سے اسے کچھ کچھ قصہ سمجھ آرہا تھا۔۔۔ چند منٹ پہلے افراہیم کو وہ لڑکی مصیبت محسوس ہورہی تھی لیکن شاید وہ خود کسی مصیبت کا شکار تھی اور اس لڑکی کی ماں اب اس دنیا میں نہیں رہی تھی اور یہ لڑکی اسی غم میں بےہوش ہوچکی تھی

"اسے اٹھاکر گیسٹ روم میں لے آؤں"

افراہیم گلاب خان سے بولتا ہوا نازنین کے پاس چلا آیا جو ابھی تک کار میں خاموش بیٹھی ہوئی تھی۔۔۔ نازنین کو اس کے کمرے میں لٹانے کے بعد وہ دوبارہ باہر آیا تو گلاب خان ابھی بھی اس لڑکی کو ہوش میں لانے کی کوشش کررہا تھا

"اگر یہ اپنے حواسوں میں نہیں آرہی ہے تو اسے اٹھا کر گیسٹ روم میں لے جاؤ۔۔۔ کیا تم صبح تک یہاں کھڑے اس کا بازو ہلاتے رہوگے"

افراہیم گلاب خان کی حرکت پر چڑتا ہوا بولا

"اس بچی کو میں کیسے اٹھاسکتا ہوں صاحب جی"

گلاب خان کی بات سن کر افراہیم اس کو آنکھیں دکھاتا ہوا پوچھنے لگا

"تو کیا میں گود میں اٹھا کر گیسٹ روم میں لےکر جاؤ اس بچی کو"

افراہیم کی بات پر گلاب خان شرمندہ ہوا افراہیم بیزار ہوتا ہوا اس لڑکی کے معصوم چہرے کو دیکھنے لگا آخر کون تھی یہ؟؟

"آپ اٹھالیں گے تو مہربانی ہوگی صاحب جی۔۔۔ میرا مطلب ہے میرا دائیاں بازو بڑا درد کررہا ہے شام سے ہی، آپ اٹھالیں میں بھی مدد کیے دیتا ہو تھوڑی سی آپکی"

گلاب خان افراہیم کے چہرے پر بےزار تاثرات دیکھتا ہوا بولا

"اپنی مدد آپ اپنے پاس رکھو اور گیٹ پر جاؤ"

افراہیم گلاب خان سے کرخت لہجے میں بولتا ہوا اس کے بےہوش وجود کی طرف بڑھا جس کے کپڑے گیلے ہوکر بدن سے چپک چکے تھے

"مصیبت"

افراہیم بڑبڑاتا ہوا اس کے پھول جیسے نازک وجود کو بازوؤں میں اٹھاچکا تھا

ایک بار پھر وہ اس لڑکی کا چہرہ غور سے دیکھنے لگا جو کہ شناسا لگنے کے باوجود اس کو یاد نہیں پڑ رہا تھا کہ اس لڑکی کو پہلے کہاں دیکھا ہے۔۔۔ جب افراہیم نے اس کو بیڈ پر لٹایا تو افراہیم کی نظریں اس لڑکی کے خوبصورت سراپے پر پڑی،، شکل اور عمر سے وہ کم عمر اور ماڈرن لڑکی لگتی تھی۔۔۔ بغیر آستین کے اس کے سفید بازو اور گہرے گلے سے نظر آتے اس کے خوبصورت خدوخال اس کے حسن کو اور بھی زیادہ واضح کر رہے تھے افراہیم اس لڑکی کا چہرا دیکھتا ہوا کمرے کا دروازہ بند کرکے اپنے کمرے کی طرف چلاگیا

Novelzy · online novels

Stories you won’t put down

Romance, dark romance, mafia, werewolf, billionaire and more, released chapter by chapter. Start with free chapters on any device, unlock premium chapters with coins, and earn rewards as you read.