Chapter 22: عون کی ضرورت

"ارے بدبخت چھوڑ دے میرے لال کو، مار مار کے تو نے اس کا بھرتا بنا ڈالا ہے۔۔ اب کیا جان لے گا میرے بچے کی،، ارے احسان فراموش تیری ماں اور بہن دس سالوں تک اس چھت کے نیچے رہی ہیں یہ صلہ دے رہا ہے تو ہمارے احسانوں کا۔۔۔ میں کہتی ہو چھوڑ میرے عدی کو"

وہ شاید آج سچ میں عدنان کا گلا دبا کر اس کی جان لے لیتا غزل دہائیاں دینے کے ساتھ ازلان کو پیچھے ہٹاتی ہوئی بولی جبکہ گل سکتے کی کیفیت میں خاموش کھڑی کافی دیر سے عدنان کو بری طریقے سے ازلان کے ہاتھوں مار کھاتا ہوا دیکھ رہی تھی

"مار ڈالوں گا میں اسے۔۔۔ سچ میں جان لےلوں گا میں آج اس ذلیل انسان کی اپنے ہاتھوں سے، اگر مجھے میری بہن نہیں ملی تو۔۔۔ اس گھٹیا انسان کی وجہ سے میری بہن اپنی عزت بچانے کے لئے یہاں سے بھاگ گئی تھی،، چچا جان اور میری امی اس کمینے کی کمینگی کو دیکھ کر صدمہ برداشت نہیں کر پائے اور دنیا سے چل بسے آپ کو تو خود چاہیے کہ ایسی بدکردار اولاد کو خود اپنے ہاتھوں سے مار ڈالیں"

ازلان غصے میں غزل کو بولتا ہوا ایک بار پھر عدنان کو مارنا شروع کرچکا تھا

"جو خود دوسری لڑکیوں کی عزت اچھالتے ہیں پھر انکی اپنی بہنوں کے ساتھ ایسا ہوتا ہے"

گل کی بات سن کر ازلان عدنان کو چھوڑتا ہوا تیزی سے اس کی طرف بڑھا

"ایک بھی لفظ اگر تم نے اپنے منہ سے دوبارہ نکالا تو میں بھول جاؤں گا کہ تم لڑکی ذات ہو"

ازلان غصے میں انگلی اٹھا کر گل کو وارننگ دیتا ہوا بولا اتنے میں عدنان موقع دیکھ کر گھر سے نکل کر باہر بھاگ گیا اس سے پہلے ازلان اس کے پیچھے بھاگتا غزل اس کے آگے دیوار بن کر کھڑی ہوگئی جبکہ گل ازلان کا بازو پکڑتی ہوئی بولی

"عدی کو مارنے سے کوئی فائدہ نہیں، ببلی کے بھائی نے نوف کو اس دن ریلوے اسٹیشن میں کسی چلتی ٹرین میں دیکھا تھا وہ اس شہر اس علاقے میں موجود ہو ایسا ممکن نہیں"

گل کی بات سن کر ازلان حیرت سے اسے دیکھنے لگا پھر تھکے قدموں سے چلتا ہوا پلنگ پر بیٹھ گیا

وہ خوش تھا اور بےتاب بھی پورے چار سال بعد اپنے بتائے ہوئے آمد کے دن سے پہلے وہ رخشی اور نوف کو آکر سرپرائیز دے گا مگر جو حقیقت لیے رخشی اس کا انتظار کررہی تھی وہ سن کر ازلان کے پیروں تلے زمین نکل چکی تھی، اس کی بہن نہ جانے کہاں چلی گئی تھی۔۔۔ عدنان کی گری ہوئی حرکت پر نثار نے صدمہ لےکر اسی وقت اپنی جان دے دی تھی جبکہ رخشی ازلان کو عدنان کے نیچ حرکت کے بارے میں بتانے کے لیے اب تک سانسیں لے رہی تھی۔۔۔ آج صبح ہی اس نے ازلان کے سامنے دم توڑ دیا تھا، اس کی بہن کہاں تھی کس حال میں تھی ازلان کو کچھ خبر نہیں تھی۔۔۔ مگر اسے ہاتھ پر ہاتھ رکھ کر نہیں بیٹھنا تھا اپنی بہن کو ڈھونڈنا تھا

***

"مما کیا ہوا ہے آپ کو"

تھوڑی دیر پہلے نوری نے افراہیم کے کمرے میں آکر اس کو نازنین کی طبیعت خرابی کا بتایا تھا افراہیم فورا نازنین کے کمرے میں آتا ہوا نازنین سے پوچھنے لگا

"تم نے میری بات نہیں مانی نہ تمہارا گھر اپنی آنکھوں کے سامنے بستا ہوا دیکھ لیتی تو سکون آجاتا مگر اب وقت نہیں بچا میرے پاس، عباد کے پاس جانا ہے مجھے"

موسلا دھار بارش ہونے کی وجہ سے اچھی خاصی ٹھنڈک ہوچکی تھی مگر نازنین بیڈ پر پسینوں میں بھری لیٹی ہوئی افراہیم کو دیکھتی ہوئی بولی

"آپ پھر وہی باتیں کررہی ہیں جو مجھے ہرٹ کریں اچھا اٹھ کر بیٹھنے کی کوشش کریں"

افراہیم نازنین کو سہارا دیتا ہوا اسے بیڈ پر بٹھانے لگا وہ شروع سے ہی بہت نازک دل کی تھی ذرا سی طبیعت خراب ہونے پر بالکل ہی ہمت چھوڑ دیتی تھی اس وقت وہ یقینا گھبراہٹ محسوس کررہی تھی ایسا پہلی بار نہیں ہوا تھا افراہیم اس کو ڈاکٹر کے پاس لے جانے کا ارادہ رکھتا تھا

"میری بیلا کا بہت زیادہ خیال رکھنا"

نازنین بولتی ہوئی بند آنکھیں کھول کر افراہیم کو دیکھنے لگی اس وقت گھڑی رات کے تین بجا رہی تھی بیلا سوچکی تھی افراہیم نوری کو آواز دینے لگا تاکہ گلاب خان سے مین گیٹ کھولنے کا بول سکے

***

"جو کچھ ہوچکا ہے اس کے بارے میں اگر تم نے کسی سے بھی بات کی تو میں تمہارے ساتھ بار بار وہی کروں گا"

اپنے خواب میں بیلا کو وہی بھیانک آواز سنائی دی، ساتھ ہی دس سال پہلے والا منظر یاد آیا جب وہ اسے ہسپتال کے کمرے میں آکر دھمکا رہا تھا کہ اگر بیلا نے کسی کے سامنے اس کا نام لیا تو وہ بیلا کے ساتھ وہی سب کچھ دوبارہ کرے گا۔۔۔ اس وقت وہ ڈر گئی تھی تھوڑا بہت نہیں، بلکہ بہت زیادہ ڈر گئی تھی۔۔۔ اس تکلیف دہ عمل سے جو اس رات اس کے ساتھ کیا گیا تھا

"چھوڑ دو، چھوڑ دو مجھے میں نہیں بولو گے کسی سے کچھ بھی نہیں بولوں گی۔۔۔ پرامس نہیں بولوں گی مجھ سے دور رہو مجھے درد ہورہا ہے"

بیلا نیند سے جاگ کر بیڈ پر بیٹھتی ہوئی اس طرح چیخنے لگی جیسے وہ اس دن ہسپتال میں چیخ رہی تھی

"بھائی۔۔۔۔ بھائی پلیز مجھے بچالیں،، میرے پاس آجائیں۔۔۔۔ مما مما مما"

بیلا کے زور زور سے چیخنے پر جب اس کے پاس کوئی بھی نہیں آیا تو وہ ضرورت پڑنے پر عون کو کال ملانے لگی

"کیا ہوا بیلا تم ٹھیک ہو ناں"

پہلی ہی بیل پر کال ریسیو کرلی گئی تھی شاید عون پہلے سے ہی جاگا ہوا تھا

"ڈر لگ رہا ہے مجھے عون بہت زیادہ ڈر لگ رہا ہے۔۔۔ بھائی اور مما میرے پاس میرے کمرے میں نہیں آرہے ہیں۔۔۔ وہ آجائے گا دوبارہ،،،، مم۔۔۔ مار ڈالے گا مجھے گلا دبا کر"

بیلا موبائل کان سے لگائے ہوئے عون سے بولتی ہوئی باقاعدہ ڈر کے مارے کانپ رہی تھی۔۔۔ سالوں بعد آج پھر اس پر وہی کیفیت طاری ہو چلی تھی

"بیلا میری بات غور سے سنو تمہیں کوئی کچھ نہیں کہے گا،، نہ ہی تمہیں کوئی نقصان پہنچا سکتا ہے۔۔۔ بالکل ریلیکس ہوجاؤ اور میری بات پر بھروسہ کرو میں تمہیں کچھ بھی نہیں ہونے دوں گا آئی پرامس"

عون اس کی آواز سے اندازہ لگا سکتا تھا وہ اس وقت بری طرح ڈری ہوئی تھی جبھی وہ اپنی پریشانی تھوڑی دیر کے لئے فراموش کرتا ہوا بیلا کو یقین دہانی کرواتا ہوا بولا

"تم ایسے کیسے بول سکتے ہو، تم اس کو نہیں جانتے تم کچھ بھی نہیں کرسکتے۔۔۔ کوئی بھی کچھ بھی نہیں کرسکتا۔۔۔ وہ بہت ظالم ہے اسے مجھ پر ترس نہیں آیا تھا، اسے مجھ پر بالکل بھی ترس نہیں آیا تھا اس رات"

بیلا روتی ہوئی بولی عون اس کی باتیں سن کر بالکل خاموش ہوگیا وہ شاید اس وقت اپنے حواسوں میں موجود نہیں تھی اسے کیا بولنا چاہیے تھا کیا نہیں اسے خود بھی احساس نہیں تھا

وہ رات کے اس پہر بیلا کی روتی ہوئی آواز سن رہا تھا ساتھ ہی ڈرائیونگ بھی کر رہا تھا۔۔۔ عون نے اس کو رونے دیا تھا جب بیلا رو رو کر ہلکان ہوکر چپ ہوگئی تب عون اس سے بولا

"تمہیں میری ضرورت محسوس ہو یا نہ ہو میں پھر بھی تمہیں کبھی اکیلا نہیں چھوڑوں گا، میں نے تم سے وعدہ کیا ہے تمہیں میرے وعدے پر یقین کرنا پڑے گا پلیز آپ مزید رو رو کر خود کو ہلکان نہیں کرو اور سونے کی کوشش کرو"

عون نرمی سے بیلا کو سمجھاتا ہوا بولا

"اب نیند نہیں آئے گی مجھے"

بیلا کھوئے کھوئے لہجے میں حقیقت بیان کرتی ہوئی بولی۔۔۔ اب وہ آہستہ آہستہ تھوڑی دیر پہلے طاری اپنی کیفیت سے باہر نکل کر نارمل ہورہی تھی

"بےشک مت سوؤ مگر اپنی آنکھیں بند کر لو۔۔۔ ذہن سے ساری فضول سوچیں نکال کر اپنے مائنڈ کو ریلیکس کرو"

عون کار ڈرائیونگ کے دوران بیلا سے بولا

"یقینا تم کال رکھنا چاہتے ہوگے تاکہ سکون سے اپنی منزل تک پہنچ سکو "

بیلا اندازہ لگاچکی تھی وہ اس وقت کار ڈرائیو کررہا تھا مگر وہ نہیں چاہتی تھی کہ اس وقت عون رابطہ منقطع کرے کیونکہ اس وقت بیلا کو عون کی ضرورت تھی

"میں تم سے بات کرنے کے ساتھ بھی اپنی منزل تک پہنچ سکتا ہوں، تم جب تک چاہو مجھ سے بات کرسکتی ہو"

عون بیلا سے بولا تو وہ ایک پل کے لیے خاموش ہوگئی دوسری طرف عون بھی خاموش تھا وہ بیلا کے بولنے کا انتظار کرنے لگا ورنہ اکثر باتوں کا سلسلہ ختم ہونے پر وہی نئی بات کا آغاز کیا کرتا تھا

"تم اتنی رات میں ڈرائیو کیو کررہے ہو میرا مطلب ہے تم کہاں جارہے ہو"

بیلا عون سے سوال کرتی ہوئی پوچھنے لگی موبائل کو کان پر لگائے وہ دوبارہ بیڈ پر لیٹ چکی تھی

"کہو تو تمہارے پاس آجاؤ،، اگر تم ایسا چاہو گی تو میں ایسا کرنے کے لئے تیار ہوں"

عون کے سنجیدگی سے بولنے پر بیلا کے ماتھے پر شکنیں پڑی

"شٹ اپ عون ہر وقت مذاق مت کیا کرو"

بیلا جانتی تھی وہ اس کے شہر کا رہنے والا نہیں ہے۔۔۔ وہ صرف مذاق میں ایسے بول رہا تھا اس لیے بیلا اس کو ٹوکتی ہوئی بولی

"تم میری ہر بات کو مذاق میں لیتی ہو تو اب کیا کیا جاسکتا ہے جبکہ میں نے تم سے بالکل بھی مذاق میں ایسا نہیں بولا"

عون بیلا سے بولا تو وہ اس کی بات سن کر چپ رہی

"کیا ہوا میری کسی بات کو برا لگ گیا"

جب بیلا کچھ بھی نہیں بولی تو تھوڑے وقفے کے بعد ڈرائیونگ کرتا ہوا وہ بیلا سے پوچھنے لگا

"ڈرائیونگ کا اصول یہ ہے کہ ڈرائیونگ خاموش رہ کر اور توجہ سے کرنی چاہیے چپ رہ کر کار ڈرائیو کرو"

بیلا کے ڈانٹنے والے انداز پر اس کے ہونٹوں کو مسکراہٹ نے چھوا

"ڈرائیونگ کے دوران تو موبائل بھی یوز نہیں کرنا چاہیے مجھے یاد پڑتا ہے میں نے ایسا اصول بھی پڑا ہے"

عون کل لہجہ بالکل سنجیدہ تھا وہ بیلا سے پوچھنے لگا

"اگر تم نے اس وقت میری کال کاٹی تو پھر آئندہ کبھی اپنا موبائل مجھے کال ملانے کے لیے یوز مت کرنا"

بیلا نے بہت سیریس ہوکر اس کو دھمکی دی

"شکریہ"

عون کے شکریہ بولنے پر بیلا پہلے کنفیوز ہوئی پھر اس سے پوچھنے لگی

"کس بات کا"

بیلا ناسمجھنے والے انداز میں عون سے پوچھنے لگی

"اس وقت مجھے اپنی ضرورت سمجھنے کے لئے۔۔۔ تم نہیں جانتی اس وقت میں خود کو کتنا اکیلا محسوس کررہا تھا، بالکل اکیلا ہوچکا ہوں میں بہت اکیلا"

اس کی آواز میں درد ہے جو بیلا محسوس کرسکتی تھی،، آج اس نے عون کو اپنی ضرورت نہیں بنایا تھا بلکہ خود اس کی ضرورت بن گئی تھی

Novelzy · online novels

Stories you won’t put down

Romance, dark romance, mafia, werewolf, billionaire and more, released chapter by chapter. Start with free chapters on any device, unlock premium chapters with coins, and earn rewards as you read.