Chapter 2: نیا افسر، نیا بنگلہ

"کھانا بھجوا دیا تھا عباد صاحب کے بنگلے پر "

قیوم تھوڑی دیر پہلے گھر میں داخل ہوا تھا ہاتھ منہ دھو کر کمرے میں بچھے دسترخوان پر بیٹھتا ہوا رخشی سے پوچھنے لگا

"ہاں نثار دے آیا تھا، بتارہا تھا کہ نیا افسر اپنی بیوی بچوں کے ساتھ آیا ہے ویسے کیسی ہے نئے افسر کی بیوی اور بچے کتنے بڑے ہیں ان لوگوں کے"

قیوم کے پوچھنے پر ٹرے میں کھانا لاتی ہوئی رخشی اپنے شوہر سے عباد کی بیوی اور بچوں کے بارے میں پوچھنے لگی

"کیسا ہونا ہے افسر کی بیوی کو، جیسے صاحب لوگوں کی بیویاں ہوتی ہیں پڑھی لکھی اور خوبصورت ویسی ہی ہے۔۔۔ اتفاق سے عباد صاحب کے بچے اپنے ازلان اور نوف کہ ہی ہم عمر ہیں۔۔۔۔ خیر ہمیں کیا لینا دینا ان لوگوں سے یا اُن کے بچوں سے۔۔۔۔ بس نثار کو اچھی طرح سمجھا دینا کہ عباد صاحب کو کوئی شکایت کا موقع نہ دے بہت مشکل سے اسکے لیے صفدر صاحب کی منت سماجت کرنے کے بعد اس نوکری کا بندوبست کیا ہے"

قیوم چنگیر سے روٹی نکالتا ہوا سامنے بیٹھی اپنی بیوی سے بولنے لگا جو پلاسٹک کے جگ سے اسٹیل کے گلاس میں اس کے لیے پانی بھر رہی تھی

"شکایت کا موقع نہ دے نثار، اچھا لطیفہ سنایا تم نے۔۔۔۔ تمہارا چھوٹا بھائی کوئی ایک جگہ ٹک کر نوکری کرلے تو بڑی بات ہے آج بھی میں نے ازلان کو مارکیٹ بھیج کر گوشت اور سبزی منگوائی تاکہ رات میں افسر لوگوں کا کھانا تیار ہوسکے کیونکہ تمہارا بھائی تو تھڑے پر بیٹھا ہوا اپنے ناکارہ دوستوں کے ساتھ پتے کھیلنے میں مصروف تھا۔۔۔ اور اُس کی بیوی کو اس عمر میں بھی سُرخی پاؤڈر لگا کر آئینے کے سامنے کھڑے رہنے سے فرصت ہی کہاں ملتی ہے جو عدنان اور گل پر نظر رکھ سکے"

رخشی سر جھٹک کر اپنے دیور کے ساتھ ساتھ اُس کی بیوی غزل کے بھی کرتوت اپنے شوہر کو بتانے لگی جسے سن کر قیوم کے ماتھے پر بل پڑے

"تمہیں نثار اور غزل کے بچوں میں کون سے گُھن نظر آنے لگے اِس سے بہتر یہ ہے کہ تم اپنے بچوں پر نظر رکھو"

نثار اور غزل کی لاابالی طبیعت کو نظر انداز کرکے قیوم الٹا رخشی سے بولا تو رخشی کھانے سے ہاتھ روک کر شوہر کو جتاتی ہوئی بولی

"قیوم صاحب تمہیں اپنے بچوں میں کون سے گُھن نظر آنے لگے ہیں جو تم اپنے چھوٹے بھائی کے بچوں کا میرے بچوں سے مقابلہ کررہے ہو۔۔۔ عدنان کو دیکھا ہے بالکل اپنے باپ کے نقش قدم پر چل رہا ہے کس طرح کے لڑکوں میں اٹھنا بیٹھنا شروع کردیا ہے اس نے اور وہ گل کتنی کم عمری میں کیسے فراٹے بھر کے زبان چلاتی پھرتی ہے،، نہ اسے بڑوں کا ادب کرنا آتا ہے نہ ہی کسی کا لحاظ کرتی ہے۔۔۔ میری نوف اس سے عمر میں دو سال چھوٹی ہونے کے باوجود کیسے سیدھی سادی سی ہے اور میرا ازلان وہ تو اپنی کتابوں سے مجال ہے جو نظریں اٹھاکر کسی کو دیکھ لے"

رخشی آخر میں فخریہ انداز میں گردن اکڑا کر اپنے بچوں کی تعریف کرنے کے بعد آرام سے کھانا کھانے لگی جبکہ قیوم اپنا کھانا چھوڑ کر سامنے بیٹھی ہوئی بیوی کو گھورتا ہوا بولا

"اری نیک بخت مان لیا اس پورے علاقے میں تمہارے بچوں کے جیسے کسی دوسرے کی اولاد نہیں ہے، جاؤ اب بادام کا حلوہ لے آؤ جو تم نے صبح بنایا تھا"

قیوم اپنی بیوی کے سامنے ہار مانتا ہوا بولا کیونکہ وہ جانتا تھا اس کی بیوی اپنے اولاد کے بارے میں بالکل سچ بول رہی ہے

"دوپہر میں کھالیا تھا تم نے وہ حلوہ میں نے ازلان کے لیے بچا کر رکھا ہے"

رخشی کھانے کے جھوٹے برتن اٹھا کر کچن کا رخ کرتی ہوئی بولی

"یہ بھی صحیح ہے بادام کا شربت بھی روز روز بیٹے کو بناکر دو اور حلوہ بھی بیٹا ہی کھائے"

قیوم شکر ادا کرنے کے بعد دسترخوان سے اٹھ کر بڑبڑاتا ہوا بولا

"تو پڑھ لکھ کر بڑا افسر بھی اسی کو بننا ہے"

کچن سے آتی ہوئی رخشی کی آواز پر قیوم ہنستا ہوا بستر پر سونے کے غرض سے لیٹ گیا کیونکہ صبح آٹھ بجے اسے عباد کو افس چھوڑ کر آنا تھا

***

"کیا ہوا یہاں سے بھاگنے کے بارے میں سوچ رہی ہو، تھوڑا مشکل ہے یہاں سے فرار ہونا"

وہ بالکنی میں کھڑی وہاں سے چھلانگ لگانے کے بارے میں سوچ رہی تھی ایک دم کمرے میں سے آتی مردانہ آواز پر مڑتی ہوئی خوف کے مارے اسے دیکھنے لگی۔۔۔ 30 سال کی عمر کے لگ بھگ سوٹ بوٹ پہنا ہوا آدمی یقیناً روحیل چغتائی تھا۔۔۔ جس کے لئے آج اس کو یوں سجایا سنوارا گیا تھا، روحیل نے کمرے میں آنے کے ساتھ ہی کمرے کا دروازہ بند کر دیا تو وہ اپنا کندھے سے ڈھلکا ہوا دوپٹہ جلدی سے ٹھیک کرنے لگی

"دیکھئے میں ویسی لڑکی نہیں ہوں جیسا آپ سمجھ رہے ہیں میں ایک شریف گھرانے سے تعلق رکھتی ہوں۔۔۔ روبی نے مجھے زبردستی میری مرضی کے خلاف مجھے یہاں آپ کے پاس بھیجا ہے پلیز مجھے یہاں سے جانے دیں"

وہ بالکنی سے کمرے میں آتی ہوئی روحیل کو دیکھ کر بولی۔۔۔ روحیل اسے حلیے اور لب و لہجے سے پڑھا لکھا لگ رہا تھا۔۔۔ اسے لگا روحیل اس کی مجبوری سمجھے گا اور ترس کھاکر اسے یہاں سے جانے بھی دے گا

"میں بھی ویسا آدمی نہیں ہوں جیسا تم مجھے سمجھ رہی ہو میں بھی ایک شریف گھرانے سے تعلق رکھتا ہوں۔۔۔ ایک خوبصورت بیوی اور دو بچے ہیں میرے، ہر قسم کی لڑکی کے ساتھ رات گزارنا مجھے پسند نہیں ہے اور نہ ہی یہ سب میرا مشغلہ ہے بس مہینے دو مہینے میں ایک آدھ بار ہی۔۔۔۔ یو نو،،، روبی کو میرا مزاج اور اسٹینڈرڈ معلوم ہے اُسی کو مدنظر رکھتے ہوئے روبی نے تمہیں آج رات میرے لئے سلیکٹ کیا ہے اور ماننا پڑے گا اُس کا منتخب کردہ آج رات کا یہ سرپرائز،، تمہارا مدھوش کرنے والا یہ حُسن واقعی اِس قابل ہے کہ اس کو بہت نزدیک سے دیکھا جائے اس لیے وقت ضائع کئے بغیر یہاں میرے پاس آجاؤ،، نخرے مجھے بالکل بھی پسند نہیں ہیں اور صبح مجھے میٹنگ بھی اٹینڈ کرنا ہے"

روحیل اس سے بات کرنے کے ساتھ ہی شراب کی بوتل اور ایک گلاس سامنے میز پر رکھتا ہوا خود صوفے پر بیٹھ چکا تھا۔۔۔ وہ آنسو بہاتی ہوئی روحیل کو دیکھنے لگی

"تم ابھی تک وہی کھڑی ہو دیکھو میں جانتا ہوں یہ سب جو آج تمہارے ساتھ ہوگا وہ تمہارا پہلا تجربہ ہوگا۔۔۔ روبی کے پاس جتنی بھی نئی لڑکیاں آتی ہیں وہ پہلی دفعہ میں ایسے ہی ڈری سہمی ہوتی ہیں پھر آہستہ آہستہ انہیں اِس کام کی عادت ہوجاتی ہے تمہیں بھی ہوجائے گی۔۔۔ یوں رونا دھونا مچا کر تم کچھ ایکسٹرا ہی کررہی ہو،، میں آج رات تمہارے ساتھ گزارنے کی ایک اچھی اماؤنٹ روبی کو دے چکا ہوں اس لیے میرا ٹائم ویسٹ نہیں کرو"

روحیل اس کو روتا ہوا دیکھ کر بہت آرام سے سمجھانے لگا

"بغیر رشتے کے اس طرح کیسے،، پلیز آپ مجھ سے شادی کرلیں "

وہ اپنے آنسو صاف کرتی ہوئی روحیل سے بولی جس پر وہ قہقہہ مار کر ہنسا

"شادی کرلو تم سے،، وہ کیوں بھئی۔۔۔ تم میری تعریف کو غلط انداز میں لے رہی ہو میری بیوی بھی بہت خوبصورت ہے اور میں اپنی لائف میں اس کے ساتھ بہت خوش ہوں، تمہیں بتایا تو ہے یہ سب میرا مشغلہ نہیں ہے۔۔۔ کبھی کبھار روٹین لائف سے ہٹ کر یا تھوڑا سا ذائقہ بدلنے کے لیے میں روبی سے کانٹیکٹ کرلیتا ہوں اب تم میرا کافی وقت لے چکی ہو۔۔۔ جاؤ جاکر بیڈ پر لیٹ جاؤ"

روحیل شراب کا گلاس خالی کرچکا تھا۔۔۔ وہ خالی گلاس کو دوبارہ شراب سے بھرتا ہوا اس سے بولا۔۔۔ ایک بار پھر آنکھوں سے اُمڈ آنے والے آنسوؤں کو صاف کرتی ہوئی وہ بیڈ کی طرف دیکھنے لگی جس کی طرف قدم بڑھانا اسے دشوار لگ رہا تھا۔۔۔ اِس سے پہلے روحیل صوفے سے اٹھ کر اُس کے پاس آتا ہے نہ جانے کس خیال کے تحت وہ بیڈ کے برابر میں موجود کمرے کا دروازہ کھول کر تیزی سے اندر چلی گئی اور دروازہ اندر سے بند کر لیا

***

"او شٹ نونونو "

بیلا بنگلے میں موجود لان میں سائیکلنگ کررہی تھی بروقت بریک نہ لگنے کی وجہ سے سائیکل لان کے پاس پڑے گندے پانی کو اڑاتی ہوئی گیٹ سے اندر آنے والے لڑکے کے کپڑوں کو اچھا خاصہ خراب کرچکی تھی، جس پر وہ لڑکا اپنے کپڑوں کے بعد بیلا کو غصے میں گھورنے لگا

"آئی ایم ویری سوری یور ڈریس از اسٹینڈ میرا مطلب ہے میں معافی چاہتی ہوں میری وجہ سے تمہارے کپڑے داغدار ہوگئے "

بیلا اُس انجانے غصے میں گھورتے ہوئے لڑکے کو دیکھ کر شرمندہ ہوتی ہوئی بولی

"It's not your matter... Can you tell me about Mrs. Ibaat"

ازلان کو اپنے کپڑوں کے اوپر کیچڑ کے داغ دیکھ کر غصہ تو شدید آیا تھا مگر وہ اس چھوٹی سی سنہری بالوں والی گڑیا جیسی لڑکی کے معافی مانگنے پر اور شرمندہ ہونے پر نرم پڑتا ہوا اس سے بولا

"ارے تم تو پڑھے لکھے ہو میرا مطلب ہے تم پڑھتے ہو نا "

بیلا اپنی سائیکل سے اترتی ہوئی اذلان سے پوچھنے لگی کیونکہ بیلا نے اُس کے عام حلیے اور کپڑوں سے یہی اندازہ لگایا تھا کہ انگریزی میں کی گئی اُس کی معذرت یہ انجام لڑکا سمجھ نہیں پائے گا جبھی اس نے اپنی معذرت کا ترجمہ بھی ساتھ کیا تھا

"یہ ایک چھوٹا سا ٹاؤن ہے مگر یہاں کے اسکولز اور ٹیچرز کافی اچھے ہیں"

ازلان اس چھوٹی سی لڑکی کو سادہ سے انداز میں بتانے لگا کیونکہ وہ جانتا تھا کہ یہ چھوٹی سی لڑکی اس کے عام سے کپڑوں کو دیکھ کر اسے ان پڑھ سمجھ رہی ہوگی جبھی وہ بیلا کو انگریزی میں بتانے لگا

"کیا تم ازلان ہو تمہیں نثار نے بھیجا ہے "

نسوانی آواز پر ازلان نازنین کو دیکھنے لگا جو اس کے کیچڑ زدہ کپڑوں کو دیکھ کر اس سے سوال کررہی تھی

"جی میرا نام ازلان ہے، نثار میرے چچا جان ہیں انہوں نے مجھے یہاں بھیجا ہے۔۔۔ مسسز عباد کو کوئی کام تھا"

ازلان اپنی توجہ اس چوٹی سی لڑکی سے اب نازنین کی طرف مرکوز کرتا ہوا اعتماد سے بولا

"میں ہی مسسز عباد ہوں ازلان کیا تم مجھے قریبی مارکیٹ تک لے جاسکتے ہو دراصل میں اس جگہ سے بالکل ناواقف ہوں اور پینٹنگ میرا شوق ہے، مجھے افسوس کے ساتھ یہ بتانا پڑ رہا ہے کہ میں اپنے کینوس اور برش نہ جانے کہاں رکھ کر بھول گئی ہو دراصل صبح میں نے نثار کو اپنا مسئلہ بیان کیا تھا مگر اسے خود اپنی طبیعت خرابی کی وجہ سے اسپتال جانا تھا اس لیے اس نے کہا کہ آپ کو میرا بھتیجا ازلان مارکیٹ تک لے جائے گا ویسے اب کیسی طبیعت ہے نثار کی"

نازنین ازلان کو اپنا مسئلہ بتانے کے ساتھ ساتھ نثار کی طبیعت پوچھنے لگی جو اسے طبیعت خرابی کا بول کر چھٹی لےکر چلا گیا تھا

"جی اب کافی بہتر ہے ان کی طبیعت، کیا میں اپنا لباس تبدیل کرنے کے بعد آپ کو مارکیٹ لے جاؤ اگر آپ لیٹ نہیں ہورہی ہو تو"

اب ازلان اپنے چچا نثار کی سست طبیعت کے بارے میں نازنین کو کیا بتاتا جو اس وقت اسپتال کا بہانہ بنا کر تھڑے پر بیٹھا ہوا اپنے فارغ دوستوں کے ساتھ سٹےُ لگا کر مہنگائی اور غربت کا رونا رو رہا تھا۔۔۔ ازلان نازنین کو مارکٹ لے جانے پر آمادہ ہوچکا تھا

"بالکل تم اپنا لباس تبدیل کرکے آجاؤ، بیلا کیا تم نے اپنی غلطی کی ازلان سے معافی مانگی "

نازنین ازلان کو اجازت دیتی ہوئی ساتھ ہی اپنی بیٹی سے پوچھنے لگی کیونکہ وہ دور سے ہی بیلا کا کیچڑ اڑانے والا کارنامہ دیکھ چکی تھی

"شیور مما آپ ازلان سے پوچھ سکتی ہیں میں اس سے اپنی غلطی کی معافی مانگ چکی ہوں، ناصرف یہ مجھے معاف کرچکا ہے بلکہ ہم دونوں اچھے دوست بھی بن چکے ہیں ہے ناں ازلان "

خاموش کھڑی ہوئی بیلا ایک دم سے بولی اس کی بات پر نازنین کے ساتھ ازلان کے ہونٹوں کو بھی مسکراہٹ نے چھوا وہ اپنا لباس تبدیل کرنے کے غرض سے برابر میں بنے کواٹر میں چلا گیا

Novelzy · online novels

Stories you won’t put down

Romance, dark romance, mafia, werewolf, billionaire and more, released chapter by chapter. Start with free chapters on any device, unlock premium chapters with coins, and earn rewards as you read.